نیا سال دہشت گردی کی جنگ میں نئی قانون سازی یا کسی ایمرجنسی
کا متقاضی ہوگا
حسب روایت نئے سال 2015ءمیں گردش سیار گان اور عالمی وپاکستانی
حالات وواقعات پر اظہار خیال اب ایک معمول کی ذمہ داری ہے لیکن اس ذمہ داری کی ادائیگی
سے پہلے گزشتہ سال 2014 کے حوالے سے تھوڑی سی گفتگو ضروری ہے کیوں کہ اس حقیقت پر کسی کو شبہ نہیں ہونا چاہیے
کہ تمام سال ایک دوسرے سے اس طرح جُڑے ہوئے ہیں جیسے کسی طویل زنجیر کی کڑیاں ہر کڑی اپنا ایک مخصوص اثر اور عمل ظاہر کرتی ہے
جس سے بہر حال آنے والا سال کسی نہ کسی طور متاثر اور مہمیز ہوتا ہے۔
2014 کے آغاز میں ہم نے گردش سیارگان کی روشنی میں جو
گزارشات پیش کی تھیں ان میں سے چیدہ چیدہ نمایاں باتیں درج ذیل ہیں۔
ہم نے گزشتہ سال آبی بروج
میں بننے والے گرینڈ ٹرائن(Trine) کے حوالے سے عرض کیا تھا یہ
نظر اہم نوعیت کی نئی قانون سازی میں مدد گار ثابت ہوتی ہے لیکن ساتھ ہی سیلابی مسائل
اور سمندری طوفانوں کا باعث بھی بنتی ہے اس نظر کے زیر اثرمذہبی سیاسی حلقے تقویت پاتے ہیں
لیکن چونکہ ساتھ ہی مریخ، یورنس ‘ پلوٹو اور شمس کے درمیان اسکوائرکے زاویے بھی موجود
ہیں لہٰذا مذہبی انتہا پسندی کو بھی فروغ ملتا ہے‘ مشتری اور زحل کے درمیان تثلیث کا
زاویہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ملک میں قانون سازی جاری رہے گی اور ضرورت کے مطابق
نئے قوانین بھی بنائے جائیں گے
2014 میں تحفظ پاکستان آرڈیننس
جاری ہوا اور اب وہ اسمبلی سے منظور ہوکر ملک کاقانون بن چکا ہے یہ خاصا
سخت قانون ہے جسے ” کالاقانون“ بھی کہا جا رہا ہے ملک کی بعض سیاسی جماعتیں اس کی مخالفت کر رہی ہیں
کیوں کہ اس کا غلط استعمال انسانی بنیادی حقوق
کو معطل کر سکتا ہے اور حکومت اسے اپنے سیاسی حریفوں کے خلاف بھی استعمال کر سکتی ہے
جیسا کہ ماضی میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا انہوں نے ڈیفنس آف پاکستان
رولز
(DPR) کے نام سے ایک قانون بنایا تھا،اسی طرح سانحہ پشاور کے بعد سزائے موت پر
پابندی ختم کردی گئی ہے اور عدالت سے سزا پانے والے مجرموں کو پھانسی دی جارہی ہے،
تمام پارلیمانی جماعتیں فوجی عدالتیں بنانے اور تیزی سے مقدموں کے فیصلے کرنے پر متفق
نظر آتی ہیں، اسی طرح اور بھی بہت سے فیصلے کیے جارہے ہیں جو آئین سے ماورا ہیں اور
ان کے لیے مزید قانون سازی کی ضرورت ہے، ایسا ہی ایک معاملہ جوڈیشنل کمیشن کا بھی ہے
جو الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کرے گا اور اس حوالے سے تحریک انصاف اور عمران خان
ایک طویل دھرنا دے چکے ہیں۔
ہم نے عرض کیا تھا کہ ”آنے
والا سال ایک مثبت کے بجائے منفی سال کے طور پر یاد رکھا جائے گا‘ بین الاقوامی طور
پر بھی کافی ہنگامہ خیزی اور تبدیلیاں دیکھنے کو ملےں گی‘ اگر 2014ءنئی جنگ کے لیے
کوئی نیا میدان تیار کردے تو حیرت نہیں ہوگی کیوں کہ تقریباً جولائی تک اور اس کے بعد
بھی اکثر ممالک کے درمیان باہمی رسہ کشی اور تناؤ کی کیفیت رہے گی“
یوکرین اور روس کی محاذ آرائی‘ شام کی خانہ جنگی اور سپر
پاورز کی شاطرانہ چالیں‘ ایران اور سعودی عرب کی سرد جنگ ‘ عراق کی خانہ جنگی اور اسرائیل
کی غزہ میں جارحیت ہمارے سامنے ہیں ‘صدر بارک اوباما روس کے خلاف بعض سخت پابندیاں
عائد کرنے کا اعلان کرچکے ہیں، اس سال کے آخر تک جیسا کہ ہم نے عرض کیا تھا ”کوئی معمولی
سی چنگاری بھی ایک بھڑکتا ہوا شعلہ بن جائے گی جس میں سب کچھ جل کر خاک ہو سکتا ہے“
پاکستان کے حوالے سے ہم نے مریخ کے ایک ہی برج میں طویل
قیام اور راس و ذنب کے برج تبدیل کرنے کے حوالے سے عرض کیا تھا ”تبدیلی کی جو لہر گزشتہ
سالوں سے چل رہی ہے وہ 2014 ءمیں اپنے عروج پر پہنچ جائے گی،ایک نیا ٹرینڈ، ایک نئی
فکر اور سوچ 2014 ءمیں ہمیں دیکھنے کو ملے گی،مسائل کے حل کے سلسلے میں زیادہ شدت پسندانہ
رجحان اور رویّے سامنے آئیں گے اور خاص طور پر نوجوان نسل زیادہ مشتعل اور برہم نظر
آئے گی،پرانے طور طریقے اور اسٹرکچر تبدیل کرنے پر زور دیا جائے گا،دوسرے معنوں میں
قدیم روایات اور جدید نظریات کے درمیان تصادم کی فضاءپیدا ہوگی، نوجوان نسل کا احتجاج
کافی سنگین اور پرتشدد ہوگا“۔
عزیزان من! جون 2014 ءمیں مریخ اور راہو دوسری بار حالتِ
قران میں آئے اور یہ قران 14 جولائی کو مکمل ہوا، جون ہی سے ڈاکٹر طاہر القادری نے
نئی فکر اور نئی سوچ کے ساتھ انقلابی نعرہ لگایا اور عمران خان نے بھی لانگ مارچ کے
ساتھ اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کیا اور پھر جو کچھ ہوا وہ ہم سب دیکھ چکے ہیں۔
”میڈیا
وار“ کے عنوان سے ہم نے لکھا تھا کہ ”میڈیا میں تبدیلی کی لہر زیادہ تیز ہے ، سوشل
میڈیا زیادہ فعال ہوگا، اس شعبے میں بڑے پیمانے پر نئی انویسٹمنٹ کی نشان دہی ہورہی
ہے، میڈیا کا شعبہ دولت کمانے کی دوڑ میں سب سے آگے ہوگا،روایتی طور طریقے ناقابل اعتبار
اور محدود ہوتے جائیں گے، گویا ہم میڈیا کی ایک نئی شکل اور نیا انداز دیکھنے کے لیے
تیار رہیں،بہت بڑے بڑے میڈیا گروپس سامنے آئیں گے، پرانے میڈیا گروپس کے لیے اپنی بقاءکی
جنگ لڑنے کے لیے جدید طور طریقوں کو اپنانا ہوگا ورنہ وہ زوال کا شکار ہوں گے“۔
مئی کے آخر سے پاکستان میں ہونے والی میڈیا وار ہم دیکھ
چکے ہیں جو تاحال جاری ہے ، ایک نیا اور بہت بڑا میڈیا گروپ ”بول“ کے نام سے لانچنگ
پیڈ پر ہے۔
مریخ کی پوزیشن کے حوالے سے ہم نے نشان دہی کی تھی ”ہمارے
نئے سال کی ابتدا ہی خاصی تشویش ناک ہے، مریخ کی پوزیشن جلتی پر تیل چھڑکنے والی ہے
، 2 مارچ سے زحل کو بھی رجعت ہوجائے گی لہٰذا فلکیاتی صورت حال اندیشہ ہے کہ مزید خرابیوں
کو جنم دے جس کے نتیجے میں ملک کی داخلی صورت حال مزید انتشار زدہ ہوجائے اور مذاکرات
کے بجائے فوجی آپریشن ناگزیر ہوجائے“۔
قارئین! آپ نے دیکھا کہ مذاکرات کی بساط لپٹ گئی اور شمالی
اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن جاری ہے اور اب وزیر اعظم نواز شریف اسے پورے ملک میں
پھیلانا چاہتے ہیں ۔حکومت کے حوالے سے بھی عرض کیا تھا ”حکومت اور حکمران طاقت ور پوزیشن
میں نہیں ہوں گے ، نیپچون سے تعلق کی وجہ سے ان کے فیصلے اور اقدام واضح اور قابل اعتماد
نظر نہیں آتے،ایک گو مگو کی کیفیت انداز حکمرانی میں رہے گی،اپریل میں جب گرینڈ کراس
مکمل ہوگا تو انداز حکمرانی بھی مزید سخت ہوگا جس کی وجہ سے عوامی اضطراب میں اضافہ
ہوگا، حکومت اور حکمرانوں کے انداز اور طور طریقے متکبرانہ ہوں گے،اپوزیشن بھی سخت
رویہ اختیار کرے گی اور اس طرح حکومت اور اپوزیشن کے درمیان محاذ آرائی بڑھے گی،اپوزیشن
عوام کو سڑکوں پر لانے کی کوشش کرسکتی ہے“
گزشتہ سال کے حوالے سے ہمارے اندازے اور تجزیے کس حد تک
درست ثابت ہوئے ، اس کا اندازہ مندرجہ بالا اقتباسات سے لگایا جاسکتا ہے،آیئے اب نئے
سال 2015 ءکی طرف چلتے ہیں۔
سالانہ زائچہ پاکستان
خیال رہے کہ یونانی سسٹم اور ویدک سسٹم کے درمیان اصول و
قواعد میں بہت زیادہ فرق ہے اور اس بار ہم نے یونانی یا ویسٹرن سسٹم کے بجائے ویدک
سسٹم کو ترجیح دی ہے لہٰذا ممکن ہے وہ قارئین جو یونانی سسٹم کے عادی ہیں اس طریق کار
کو سمجھنے میں الجھن محسوس کریں خاص طور پر ویدک سسٹم میں سیارگان کے نظرات یونانی
سسٹم سے مختلف ہوتے ہیں،ان کے اثرات کا تجزیہ بھی مختلف ہوتا ہے ویدک علم نجوم پر انشاءاللہ
ہماری کتاب ”پیش گوئی کا فن“بہت جلد شائع ہونے والی ہے ،ایک دوسری کتاب ”اک جہان حیرت“
منازل قمری کے موضوع پر لاہور سے محترم شاہ زنجانی شائع کر رہے ہیں، امید ہے کہ شائقین
کے لیے یہ دونوں کتابیں بیش بہا تحفہ ثابت ہوں گی۔
یکم جنوری 2015 شب صفر بج کر صفر منٹ بمقام اسلام آباد طالع یا لگن
برج سنبلہ 12 درجہ 56 دقیقہ طلوع ہے،راہو اور کیتو زائچے میں بالترتیب پہلے اور ساتویں
گھر میں ہےں،طالع کا مالک سیارہ عطارد زائچے کے چوتھے گھر برج قوس میں کمزور ہے،دوسرے
اور نویں گھر کا مالک زہرہ پانچویں میں اگرچہ اچھے گھر میں ہے مگر کمزور اور منحوس
زحل کی نظر میں ہے،تیسرے اور آٹھویں گھر کا مالک مریخ بھی پانچویں گھر میں شرف یافتہ
ہے لیکن منحوس اثر رکھتا ہے،آٹھویں گھر میں قمر اور گیارھویں گھر میں مشتری کو اپنی
نحوست سے متاثر کر رہا ہے،شمس بارھویں گھر کا مالک ہوکر چوتھے گھر کے درجات سے اور
دسویں گھر کے درجات سے قریبی نظر رکھتا ہے جو نحس اثرات کی حامل ہے اور زحل پانچویں
، چھٹے کا مالک ہوکر تیسرے گھر میں بیٹھا ہے،پلوٹو سے قران اور یورینس سے تربیع کی
نظر رکھتا ہے۔
خرابی کا پہلا مرحلہ
طالع کے حاکم کی کمزوری نئے سال کے زائچے کے لیے نیک شگون
نہیں ہے،عطارد دسویں گھر کا بھی حاکم ہے جو حکومت اور سربراہِ حکومت سے متعلق ہے لہٰذا
ملکی حالات میں بہتری اور حکومت کا استحکام مشکوک نظر آتا ہے۔
بارھویںگھر کا حاکم شمس چوتھے گھر میں ہے اور درجاتی اعتبار
سے دسویں گھر سے ایک کمزور سی نظر رکھتا ہے،یہ پوزیشن حکومت اور وزیراعظم کے لیے ایک
مستقل سازشی صورت حال وقتاً فوقتاً پیدا کرنے کا باعث ہوگی،داخلی امور میں بھی کرپشن
، بدعنوانیاں اور عوامی مفادات سے روگردانی اس کا نتیجہ ہوسکتی ہے،ملکی دولت اور وسائل
کا نا مناسب یا ناجائز استعمال اور زیاں بھی شمس کے چوتھے گھر کے درجات سے قربت کا
ثمرہ ہے۔
معاشی امور
دوسرا گھر خصوصی طور پر ذرائع آمدن اور معاشی معاملات سے
متعلق ہے،زہرہ کی کمزور پوزیشن اور اس پر زحل کی نظر صورت حال کو مزید خراب کرنے کا
اشارہ ہے اگر ابھی تک موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر زیادہ تنقید اور اعتراضات
نہیں ہوئے ہیں تو 2015 اس حوالے سے نمایاں
سال ہوگا ہمارے وزیر خزانہ مستقبل کے جو سہانے خواب دکھا رہے ہیں نئے سال
میں یہ بکھرتے نظر آتے ہیں،زحل کی نظر عام لوگوں کی زندگی میں فیملی سے متعلق معاملات
میں اختلافات اور تنازعات کا باعث ہوگی خصوصاً 21 فروری کے بعد زیادہ اختلافی مسائل
جنم لیں گے معاشی طور پر مزید دباؤ بڑھے گا اور قرضوں میں اضافہ ہوگا۔
کوشش اور اقدام
تیسرا گھر جس کا حاکم مریخ ہے اور اپنے شرف کے برج میں ہے
لیکن یہ آٹھویں گھر کا بھی مالک ہے اور ویدک نجوم میں آٹھویںگھر کی نحوست اور مصیبت
مشہور ہے، مریخ چوتھے ، ساتویں اور گیارہویں گھر کے مالکان مشتری اور قمر کو متاثر
کر رہا ہے جب کہ قمر خود آٹھویں نحوست کے گھر میں ہے یعنی عام آدمی اور داخلی امور
(چوتھا گھر) فوائد اور ترقی (گیارھواں گھر) متاثر ہورہے ہیں،ملکی عوام کے بجائے غیر
اور دیگر حصہ دار فوائد حاصل کریں گے، پہلے ہی ملک کے بعض اہم ادارے فروخت کردیے گئے
ہیں اور اب پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ زیر غور ہے،یہ صورت حال عام طور پر غیر ملکی
انویسٹرز کے لیے فائدے مند ہوتی ہے لیکن وہ زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کے لیے عوام
کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں جیسا کہ کے الیکٹرک میں ہورہا ہے، قصہ مختصر یہ کہ نئے
سال میں اگرچہ ترقی اور فوائد حاصل کرنے کے مواقع بہت ہیں کیوں کہ مشتری گیارہویں گھر
میں شرف یافتہ ہے لیکن اس ترقی کا فائدہ بہر حال عوام تک پہنچنے کی امید نظر نہیں آتی
بلکہ ملک کو حاصل ہونے والے فوائد بھی غیروں کی جیب میں جاتے نظر آتے ہیں جس کی وجہ
گیارہویں گھر کے مالک قمر کا آٹھویں گھر میں قیام ہے،غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستان میں
انویسٹمنٹ کی دعوت دی جائے گی اور زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کے مواقع فراہم کیے جائیں
گے، اچھی بات یہ ہے کہ سیارہ مشتری گیارہویں گھر میں رہتے ہوئے تیسرے گھر کو ناظر ہے
جس کی وجہ سے خاص خاص مواقع پر جب مشتری دیگر سیارگان سے سعد نظرات قائم کرے گا تو
فائدہ بخش صورت حال پیدا ہوگی۔
تیسرا گھر کمیونیکیشن سے بھی متعلق ہے اور زحل کی اس گھر
میں موجودگی اور مریخ کی پوزیشن میڈیا پر اسٹیبلشمنٹ کا دباؤ ظاہر کر رہی ہے، اس کے علاوہ اظہار رائے
کے میدان میں ایسے لوگوں کو نمایاں کرے گی جو اپنے پیشے سے مخلص نہیں ہوں گے، بکاوؤ
مال ہوں گے، اسٹیبلشمنٹ کے حاشیہ بردار تصویر کا وہی رُخ دکھا رہے ہوں گے جس کا انہیں
حکم دیا جائے گا، دیانت دارانہ صحافتی سرگرمیوں کا فقدان ہوگا،ممکن ہے بعض صاحب کردار
صحافیوں کو قید و بند یا ملک چھوڑنے کی صورت حال کا سامنا ہو،اگرنیا قانون تحفظ پاکستان
آرڈیننس (ٹی پی او) میڈیا کے خلاف استعمال ہو اور اس کے نتیجے میں بعض اخبارات یا ٹی
وی چینلز بند کردیے جائیں تو تعجب نہیں ہونا چاہیے،وقت اور حالات نے ثابت کردیا ہے
کہ سول حکومتیں انتظامی معاملات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے سے عاجز ہیں اور
ہر قدم پر فوج کی طرف دیکھنے پر مجبور ہوتی ہیں، یہی سب کچھ دیکھتے ہوئے قائد تحریک
جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایک مارشل لا اور لگادیا جائے ، مرحوم عبدالحمید عدم
کا ایک شعر بڑا برمحل ہے.
اپنے مرکز کی طرف مائل پرواز ہے حسن
بھولتا ہی نہیں عالم تری انگڑائی کا
داخلی امور
زائچے کا چوتھا گھر برج قوس کے زیر اثر ہے جس کا حاکم سیارہ
مشتری گیارہویں گھر میں شرف یافتہ مگر رجعت میں ہے اور کمزور ہے‘ آٹھویں منحوس ترین
گھر کا حاکم مریخ سے مقابلے کی نظر بنا رہا ہے‘ یہ انتہائی تشویش ناک صورت حال ہے‘
فطری طور پر مشتری اور برج قوس کا تعلق آئین اور قانون سے ہے جبکہ مریخ فوج کا نمائندہ
ہے‘ یہ صورت حال کسی آئینی ایمرجنسی کی طرف اشارہ کرتی ہے‘ ملک میں پہلے ہی فوج کا
عمل دخل آئینی طور پر بڑھا ہوا ہے‘ کراچی میں رینجرز کا آپریشن جاری ہے اور اسلام آباد
میں آئین کی شق 245 کے تحت فوج کو اختیارات دے دیے گئے ہیں‘ کے پی کے اور بلوچستان
میں بھی فوج کا عمل دخل بھرپور ہے‘ گویا ایک ”منی مارشل لاء“ ملک میں موجود ہے‘ سال
2014ءمیں فوجی اثرو رسوخ میں اضافہ ہوا ہے‘ یہ صورت حال 2015 میں بھی نمایاں نظر آتی
ہے اور اس کی بنیادی وجہ چوتھے گھر کے حاکم مشتری پر مریخ کی نظر ہے۔
چوتھا گھر ملکی زائچے میں
اپوزیشن جماعتوں‘ داخلی صورت حال‘ ذرائع نقل وحمل‘ ملک کے بنیادی اثاثوں اور عوامی
آرام و سکون سے تعلق رکھتا ہے‘ چوتھے گھر کے حاکم مشتری کی کمزوری اور مریخ کی اس پر
نظر مزید بارہویں گھر کے حاکم شمس کا چوتھے
گھر کے درجات سے قریبی قران داخلی صورت حال کو خوش کن ظاہر نہیں کرتا‘ اپوزیشن جماعتیں
احتجاجی کیفیت میں ہوں گی اختلاف رائے بڑھے گا اندرون ملک حادثات اور سانحات میںاضافہ
ہو سکتا ہے عوام کی پریشانیاں اور تکالیف بڑھ سکتی ہیں ان کا آئین اور قانون سے اعتبار اٹھ سکتا ہے اگر وہ مدد کے لیے فوج کی طرف دیکھنے لگیں تو حیرت
نہیں ہونی چاہیے فوج بھی ملکی سلامتی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنے فرائض سے
غافل نہ ہوگی۔
ملکی اثاثہ جات کو نقصان پہنچنے
کا اندیشہ شمس کی پوزیشن سے ظاہر ہوتا ہے اس کے علاوہ مستقبل کے خوف اور اندیشوں میں
اضافہ ہوگا آئینی ترامیم ناگزیر ہوسکتی ہیں
جن کے تحت الیکٹورل ریفارم انتظامی طور پر
نئے یونٹوں کا قیام جیسے مسائل پر توجہ دی جا سکتی ہے‘ قصہ مختصر یہ کہ محو حیرت ہوں
کہ دنیا کیا سے کیا ہوجائے گی۔
انٹرٹینمنٹ انڈسٹری
تفریحات اور فنکارانہ سرگرمیوں کا نمائندہ بنیادی طور پر
سیارہ زہرہ ہے جس کی زائچے میں حالت اچھی نہیں ہے،اگرچہ وہ پانچویں انٹرٹینمنٹ کے گھر
میں موجود ہے لیکن زحل کے تیر نظر کا شکار ہے۔ امکان ہے کہ اس سال فلم اور ٹی وی سے
متعلق بہت سے لوگوں کے اختلافات اور تنازعات سامنے آئیں گے پروگراموں میں معیار کا
فقدان ہوگا صرف زیادہ سے زیادہ دولت کمانے کی ہوس نمایاں ہوگی شو بزنس سے متعلق بعض
خواتین ازدواجی مسائل کا شکار ہوں گی اور بعض کے معاملات طلاق تک جاسکتے ہیں لیکن مجموعی
طور پر انڈسٹری ترقی کرے گی۔
ملکی انتظامیہ
زائچے کا چھٹا گھر ملکی انتظامیہ‘ فوج ،پولیس، بیوروکریسی
اور عدلیہ کے فیصلوں کے ساتھ الیکشن کمیشن کے اقدامات سے متعلق ہے،زحل اس کا حاکم ہے
اور زائچے کے تیسرے گھر میں نہایت طاقت ور پوزیشن رکھتا ہے گویا تمام اقدام اور کوششوں
پر اثر انداز ہے،اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ 2015ءکا سال اسٹیبلشمنٹ کی حکمرانی
کا سال ہوگا‘ فطری طور پر زحل لیبر کلاس کا نمائندہ ہے لہذا زحل کی طاقت ور پوزیشن لیبر کلاس کے مسائل اور
مطالبات کو نمایاں کرتی نظر آتی ہے حکومت کوئی
بھی ہو اسے عام آدمی کے مسائل پر توجہ دینا پڑے گی۔
ہم پہلے بھی نئے قانون ٹی
پی او کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کرچکے ہیں، اس تناظر میں سیاسی اور جمہوری قوتوں
کا کردار کیا ہوگا؟
حکومت اسٹیبلشمنٹ کے سامنے بے بس نظر آتی ہے، وزیر اعظم
اور ان کے رفقاءسمجھوتے کرنے پر مجبور ہوں گے اپوزیشن کو اس صورت حال سے فائدہ اٹھانے
کا موقع ملے گا۔
وزیر اعظم کے زائچے کے حوالے سے ہم پہلے بھی عرض کرچکے ہیں
کہ ان کا اپنا مزاج اتنا جمہوری نہیں ہے جتنا کاروباری ہے قصہ مختصر یہ کہ زہرہ کے
دور اکبر میں نئے سال کا آغاز زحل کے دور اصغر (Sub Period) سے ہورہا ہے یعنی ہم اصولی
طور پر زحل کے زیر اثر (چھٹے گھر کا حاکم) نئے سال میں داخل ہوں گے، اگر نیا سال شروع
ہونے سے پہلے ہی چھٹے گھر کی منسوبات کا اثرورسوخ موثر و مقدم ہوجائے تو بھی حیرت نہیں
ہونی چاہیے کیوں کہ سال کے اختتام پر مریخ اور پلوٹو کا قران زائچے کے چوتھے گھر میں
ہوگا اور 2014 میں ستمبراوراکتوبر خاصے مخدوش مہینے تھے اس دوران میں کوئی سیاسی غلطی
یا حکومت کی کوئی محاذ آرائی جمہوری بساط کو لپیٹ سکتی تھی۔
سیارہ مریخ سال کے آغاز ہی سے چھٹے گھر میں ٹرانزٹ کر رہا
ہوگا زحل فروری سے زائچے کے تیسرے پانچویں‘
نویں اور بارہویں گھر سے ناظر ہوگا یہ نظر فروری سے ان گھروں پر اثر انداز ہونا شروع
ہوگی اور مندرجہ بالا گھروں کے معاملات کو ڈسٹرب کرے گی‘ جن میں آئین و قانون اور عدلیہ
بھی دباﺅ
میں ہوں گے۔
یکم مارچ سے مریخ زائچے کے ساتویں گھر میں ہوگا یہ خاصا خطرناک وقت ہو سکتا ہے پڑوسی ممالک بھارت
یا افغانستان سے تعلقات میں کشیدگی اور سرحدی جھڑپوں یا کسی بڑی جنگی مہم جوئی کے امکان
کو اس وقت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
اندرونی و بیرونی تعلقات
ساتویں گھر پر یورنس اور کیتو
قابض ہیں کیتو خاص طور پر دیگر ممالک یا پڑوسیوں سے تعلقات میں خرابی لاسکتا ہے اور
اس خرابی کا آغاز 15فروری کے بعد ممکن ہے‘ بھارت اور افغانستان سے تعلقات میں کشیدگی
یا کوئی جنگ جو یانہ مہم جوئی کا خطرہ جولائی تک رہے گا، خاص طور سے فروری کا آخری
ہفتہ اور مارچ کا پہلا ہفتہ پڑوسی ممالک سے کشیدگی کا کوئی معاملہ سامنے آسکتا ہے کیوں
کہ کیتو کے ساتھ مریخ بھی ساتویں گھر کے حساس درجات پر ہوگا،دونوں مارچ کے پہلے ہفتے
میں قران بھی کریں گے یہ وقت بیرون ملک تعلقات
میں مسائل اور کشیدگی لاسکتا ہے،ایسی ہی صورت حال دسمبر میں بھی پیدا ہوسکتی ہے۔
حادثات اور سانحات
زائچے کے آٹھویں گھر میں قمر
موجود ہے اچھی بات یہ ہے کہ راہو کیتو اس سال
چھٹے آٹھویں اور بارہویں گھر کو متاثر نہیں
کر رہے اسی طرح زحل کی نگاہوں سے بھی یہ گھر محفوظ ہے البتہ مریخ مارچ کے آخر میں آٹھویں گھر میں داخل
ہوگا یہاں وہ طاقت ور بھی ہوگا تقریباً 10اپریل سے آٹھویں گیارہویں دوسرے اور تیسرے گھر کو متاثر کرے گا زحل پر بھی اس کی نظر پڑے گی لہٰذا اپریل کا مہینہ
حادثات و سانحات کے حوالے سے خاصا مخدوش ثابت ہو سکتا ہے اس کے علاوہ مارچ اپریل کے مہینے مریخ اور شمس کے
نحس اثرات کی وجہ سے دیگر حادثات میں بھی اضافے کا باعث ہوسکتے ہیں۔
آئین و قانون
نئے سال 2015 ءمیں زحل کی زہرہ پر نظر کی وجہ سے جہاں معاشی
مسائل میں اضافہ ہوگا وہیں آئین و قانون کے حوالے سے بھی صورت حال اچھی نظر نہیں آتی،زہرہ
نویں گھر کا بھی مالک ہے ایک نیا قانون منظور
ہوچکا ہے،اگر اس کا غلط استعمال شروع ہوجائے تو تعجب نہیں ہونا چاہیے جس کی وجہ سے
اپوزیشن جماعتیں متحد ہوکر حکومت کے مقابل آجائیں گی،فی الحال پیپلز پارٹی ، اے این
پی، جے یو آئی وغیرہ جمہوریت کے نام پر حکومت کے لیے نرم گوشہ رکھتی ہیں لیکن نئے سال
کے آغاز میں فروری کے دوسرے ہفتے ہی سے صورت حال تبدیل ہونے لگے گی اور مارچ تک حکومت
کو خاصی مشکل صورت حال کا سامنا ہوگا اور ممکن ہے کسی ایمرجنسی کے نفاذ کا امکان پیدا
ہوجائے۔
ہم پہلے بیان کر چکے ہیں کہ
فروری کے تیسرے ہفتے سے زحل نویں گھر کے حساس درجات سے ناظر ہوگا یہ وقت کسی قانونی
ایمرجنسی کی صورت حال سامنے لا سکتا ہے عدلیہ
کا کردار بھی وہ نہیں ہوگا جو گزشتہ سالوں میں نظر آیا ہے، اس دوران میں اندرون ملک
آپریشن کی رفتار بھی تیز ہوگی۔
سیارہ مریخ تقریباً 15مئی کو زحل کے مقابل ہوگا ‘ یہ بہت
ہی خطرناک نظر ہے جو آئین وقانون سے متعلق امور پر ناخوش گوار اثرات مرتب کر سکتی ہے
چونکہ مریخ نویں گھر میں رہتے ہوئے بارہویں
تیسرے
اور چوتھے گھر کو بھی ناظر ہوگا لہٰذا آئین
کے معطل ہونے کے خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
حکومت
زائچے کا دسواں گھر حکومت
اور سربراہ حکومت کے علاوہ ملکی عزت و وقار سے بھی تعلق رکھتا ہے اس کا حاکم عطارد کمزور ہے ہم پہلے بھی حکومت کی کمزوری کے بارے میں بتا چکے
ہیں اس پر مزید اضافہ صرف اتنا ہی کریں گے کہ جلاد فلک مریخ برج جوزا میں 16جون تک
داخل ہوجائے گا اور دسویں گھر میں قیام کے دوران حکومت کو کم از کم دو بار زور دار
جھٹکے دے گا پہلی بار 28 جون سے 13 جولائی
تک کا وقت نہایت مخدوش ہے جس میں حکومت یا سربراہ مملکت کو خطرات درپیش ہوسکتے ہیں
اس وقت کابینہ میں بھی کوئی اکھاڑ پچھاڑ دیکھنے میں آسکتی ہے‘ تقریباً 10 جولائی ہی
سے مریخ اورپلوٹو کا مقابلہ شروع ہوجائے گا اور یہ نظر تقریباً 25جولائی تک قائم رہے
گی اس کے فوراً بعد مریخ اور یورنس کے درمیان
تربیع کا زاویہ قائم ہوگا جو کسی بڑی چونکا دینے والی خبرکا باعث بن سکتا ہے۔
عزیزان من! نئے سال کا فلکیاتی تجزیہ ایک ہی کالم میں ممکن
نہیں ہے اس کا بقیہ حصہ انشاءاللہ آئندہ ہفتے
پیش کیا جائے گا ہماری طرف سے نئے سال کی مبارک
باد قبول کیجیے نئے سال کا آغاز اس اعتبار
سے خوش آئند ہے کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوج کے ساتھ تمام سیاسی
پارٹیوں نے یک جہتی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس فتنہ پروری کو جڑ سے ختم کرنے کا ارادہ
کرلیا ہے دُعا کیجیے کہ اس ملک سے دہشت گردی اور قتل و غارت
گری کا یہ خونی کھیل ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں