الیکشن کے نتائج غیر متوقع اور متنازع ہوسکتے ہیں، ابتری و انتشار کا اندیشہ
رمضان المبارک اور عیدِ سعید کے بعد ملکی سیاست اور خصوصاً الیکشن کے حوالے سے حالات و واقعات میں گرم بازاری نمایاں ہے،پاکستانی تاریخ کے نہایت سنسنی خیز اور ناقابل یقین انتخابات کا وقت قریب آرہا ہے،الیکشن کمیشن کے اس اعلان کے بعد کے انتخابات مسلح افواج کی نگرانی میں ہوں گے،فوجی جوان پولنگ اسٹیشن کے باہر ہی نہیں اندر بھی موجود رہیں گے، یقین ہونا چاہییکہ الیکشن 25 جولائی کو ہی ہوں گے،یہ الگ بات ہے کہ الیکشن کے نتائج کے سلسلے میں کیسی ہاہاکار مچے گی اور نتائج کتنے حیران کن ہوں گے، اس کے بارے میں قبل از وقت کچھ کہنا قرین مصلحت نہیں ہوگا، عین 25 جولائی کو شمس اور نیپچون اور یورینس اور شمس کے زاویے ظاہر کر رہے ہیں کہ اس بار کے نتائج انتہائی چونکا دینے والے اور غیر متوقع ہوں گے،بڑے بڑے سیاسی تجزیہ کاروں کے اندازے غلط ثابت ہوجائیں گے لیکن بہر حال اب جو خدا دکھائے سو لاچار دکھیے۔
تقریباً جولائی کے تیسرے ہفتے سے سیارہ مریخ اور کیتو حالت قران میں ہوں گے،راہو کیتو اسٹیشنری پوزیشن میں ہیں اور پاکستان کے زائچے کے نویں گھر میں پیدائشی راہو سے قران کر رہے ہیں، یہ صورت حال انتہا پسندانہ حالات و واقعات کی نشان دہی کرتی ہے جس کے نتیجے میں کوئی بڑا حادثہ یا سانحہ بھی پیش آسکتا ہے،اگر ایسی صورت میں انتخابات کی تاریخ کچھ آگے کرنا پڑجائے تو تعجب نہیں ہوگا، دوسری صورت میں عین الیکشن کے روز جو سیاروی زاویے قائم ہورہے ہیں وہ منفی انرجی جنریٹ کریں گے چناں چہ الیکشن میں منفی رجحانات نقصان دہ صورت حال پیدا کرسکتے ہیں، کسی خوں ریزی کے امکان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ، مزید یہ کہ انتہائی کوشش یہ ہے کہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں لیکن ہماری ملکی روایت یہ ہے کہ ہارنے والی پارٹیاں ہمیشہ دھاندلی کا الزام لگاتی ہیں ، اس بار ضروری نہیں ہے کہ نتائج سب کے لیے قابل قبول ہوں چوں کہ سیاروی پوزیشن منفی اثرات کی حامل ہوگی لہٰذا نتائج کو تسلیم نہ کرنے کی صورت میں شدید بدنظمی اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش ہوسکتی ہے جس پر قابو پانے کے لیے بہر حال فوج موجود ہوگی لیکن صورت حال حد سے زیادہ بگڑ جائے تو کسی ایمرجنسی کے نفاذ کا اندیشہ بھی موجود ہے،بہر حال ہماری دعا ہے کہ یہ سب کچھ نہ ہو اور انتخابات خیروعافیت سے بروقت اور منصفانہ ہوجائیں۔صابر ظفر جدید اردو غزل کے اہم شاعروں میں شمار ہوتے ہیں، آج ان کا ایک شعر یاد آرہا ہے، آپ بھی سن لیں
اگر ہمارا وطن ہے تو ہم کو جینے دو
وہ صاف ہے کہ وہ گدلا ہے پانی پینے دو
جولائی کے ستارے
بادشاہِ فلک سیارہ شمس اپنے اوج کے برج سرطان میں حرکت کر رہا ہے،23 جولائی کو شاہانہ مزاج برج اسد میں داخل ہوگا، منشئ فلک سیارہ عطارد برج اسد میں ہے،پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا، 26 جولائی کو اسے رجعت ہوگی، گویا برج اسد میں اس کا قیام اپنے معمول سے زیادہ ہوگا، توازن و ہم آہنگی اور حسن و عشق کا ستارہ زہرہ برج اسد میں ہے،10 جولائی سے اپنے برج ہبوط سنبلہ میں داخل ہوگا اور مہینے کے آخر تک یہیں رہے گا، سپہ سالارِ فلک سیارہ مریخ برج دلو میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے،وسعت و ترقی کا نگراں سیارہ مشتری بحالت رجعت برج عقرب میں ہے،10 جولائی کو مستقیم ہوگا اور اپنی سیدھی چال پر آئے گا، استادِ زمانہ سیارہ زحل بحالت رجعت برج جدی میں پورا ماہ حرکت کرے گا، ایجادات کا سیارہ یورینس برج ثور میں اور پراسرار نیپچون بحالت رجعت برج حوت میں بدستور ہوں گے،سیارہ پلوٹو بحالت رجعت برج جدی میں اور راس و ذنب بالترتیب برج اسد اور دلو میں رہیں گے،یہ سیاروی پوزیشن یونانی علم نجوم کے مطابق ہے۔
نظرات و اثرات سیارگان
جولائی کے مہینے میں نہایت دلچسپ سیاروی زاویے ترتیب پارہے ہیں، اس ماہ تثلیث کے پانچ زاویے اور مقابلے کے 4 زاویے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں، تثلیث کا زاویہ سعادت اثر ہوتا ہے جب کہ مقابلے کی نظر نحس سمجھی جاتی ہے،دو تربیع کے زاویے اور صرف ایک تسدیس کا زاویہ ہوگا، بے شک یہ غیر معمولی حالات و واقعات کی نشان دہی کرنے والا مہینہ ہے جس میں سعادتیں بھی ہیں اور نحوستیں بھی،آئیے اس ماہ کے نظرات کے اثرات کا جائزہ لیتے ہیں۔
5 جولائی کو سیارہ شمس اور مشتری کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ قائم ہوگا جو اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی پاسداری اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام کیے جاسکتے ہیں، زائچہ ء پاکستان کے مطابق یہ نظر اہم عہدہ و مراتب کے حامل افراد کے لیے بہتر نہیں ہوگی، ان کے لیے نئے مسائل جنم لے سکتے ہیں، عام لوگوں کے لیے یہ ایک مبارک زاویہ ہے،انھیں قانونی امور میں تعاون ملے گا، ترقی کے نئے مواقع سامنے آئیں گے۔اسی تاریخ کو عطارد اور مریخ کا منحوس مقابلہ بھی ہوگا، زائچہ ء پاکستان کے مطابق یہ نظر نئے پنڈورا بکس کھولے گی،بچوں سے متعلق حادثات و سانحات میں اضافہ ہوگا، نوجوانوں میں غصہ و اشتعال کی لہر بڑھے گی،مستقبل کے حوالے سے خوف اور غیر یقینی کی کیفیت محسوس ہوگی، عام لوگوں کے لیے اس وقت سفر کرتے وقت محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی،ٹرانسپورٹیشن میں رکاوٹ اور مسائل کی نشان دہی ہوتی ہے،اس دوران میں جو کام الجھ جائیں گے یا تاخیر کا شکار ہوں گے،وہ بہت جلد کنٹرول میں نہیں آئیں گے،بہتر ہوگا کہ اس عرصے میں اہم معاملات میں کوئی رسک نہ لیں۔
8 جولائی: شمس اور نیپچون کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ آئل اور پانی سے متعلق معاملات کی اہمیت کو اجاگر کرے گا، اس سعد نظر کے اثر سے مستقبل میں پانی کے اہم منصوبوں کے بارے میں کوئی پیش رفت ہوسکتی ہے،عام آدمی کی زندگی میں یہ نظر کسی فوری اثر کی حامل نہیں ہوگی۔
9 جولائی: عطارد اور مشتری کے درمیان تربیع کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے،اس وقت اہم معلومات کے حصول میں دشواری ہوگی، سفر سے متعلق کاموں میں بھی دشواریوں کا سامنا ہوسکتا ہے،کاروباری معاملات میں کوئی رسک نہ لیں اور لوگوں کے زبانی وعدوں پر بھروسا نہ کریں، اس وقت قرض لینا اور دینا دونوں بہتر نہیں ہوں گے، غیر دانش مندانہ سوچ اور باتیں سامنے آئیں گی۔
12 جولائی: زہرہ اور یورینس کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ محبت، دوستی، منگنی یا شادی جیسے معاملات میں غیر متوقع اور اچانک خوش خبری لاسکتا ہے،اس وقت روایتی انداز میں سوچنا اور قدم اٹھانا بہتر نہ ہوگا بلکہ وقت کے تقاضے کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ضرورت ہوگی۔
اسی تاریخ کو شمس اور پلوٹو کے درمیان مقابلے کی نظر اہم شخصیات خصوصاً سیاست، مذہب، بزنس وغیرہ سے متعلق اہم افراد کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے،کوئی حادثہ کسی سانحے کو جنم دے سکتا ہے،کسی اہم شخصیت کے انتقال کی خبر ، کسی بڑے سوگ کا باعث بن سکتی ہے،عام افراد کے لیے یہ نظر زیادہ اہم نہیں ہے البتہ گورنمنٹ سے متعلق کاموں میں خرابی پیدا ہوسکتی ہے۔
14 جولائی: زہرہ اور زحل کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ حالات میں توازن اور پائیداری لاتا ہے،ملکی معاملات ہوں یا عام لوگوں کی زندگی سے متعلق امور ہوں، الجھے ہوئے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے مناسب وقت ہے،ازدواجی زندگی میں بھی یہ وقت خوش گوار اثرات لاتا ہے،اس وقت میں ایسے کام مناسب رہتے ہیں جن میں پائیداری اور استحکام کی ضرورت ہو، اس نظر کے آس پاس کی تاریخیں شادی و نکاح کے لیے بہتر ہوں گی لیکن مناسب ہوگا کہ نکاح کے وقت کے لیے کسی ماہر نجوم سے مشورہ کریں۔
22 جولائی: زہرہ و مشتری کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ کام اور کاروبار میں بہتری کے مواقع لاتا ہے،اس وقت سرمایہ کاری کرنا فائدہ بخش ہوسکتا ہے،دو افراد کے درمیان شراکت یا کوئی معاہدہ بہتر ہوگا، دوسروں سے خصوصاً مرد و زن کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کوششیں بارآور ثابت ہوتی ہیں۔
25 جولائی: زہرہ اور نیپچون کے درمیان مقابلہ ایک نحس نظر ہے،اس وقت خواتین کو بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی،وہ کسی فریب میں آسکتی ہیں یا کسی کو فریب دے سکتی ہیں، اس عرصے میں خواتین سے معاملات کرتے ہوئے محتاط رہیں، اس وقت کیے گئے عہد و پیمان حقیقی نہیں ہوں گے، زائچہ ء پاکستان کے مطابق یہ نظر الیکشن میں نہایت فنکارانہ انداز سے نتائج پر اثر ڈال سکتی ہے جس کے نتیجے میں الیکشن کے نتائج متنازع ہوسکتے ہیں۔
اسی تاریخ کو شمس اور یورینس کے درمیان تربیع کا زاویہ انتہائی نحس اثر کا حامل ہے،پاکستان میں الیکشن کے نتائج نہایت چونکا دینے والے اور غیر متوقع ہوسکتے ہیں، بہت سی قیاس آرائیاں باطل ثابت ہوسکتی ہیں، یہ وقت کسی تبدیلی کے لیے مناسب نہیں ہوتا، اپنے مؤقف یا فیصلے پر ڈٹ جانے کی ضرورت ہوتی ہے،بہ صورت دیگر نتیجہ پچھتانے والا ہوتا ہے۔
27 جولائی: شمس اور مریخ کے درمیان مقابلے کی نظر ملکی صورت حال میں انتشار اور بدنظمی کی نشان دہی کر رہی ہے اور یہ انتشار اگر فوری طور پر کنٹرول نہ کیا گیا تو ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے،خیال رہے کہ سیارہ مریخ زائچے کے بارھویں گھر کا حاکم ہے لہٰذا کسی غیر ملکی سازش کا امکان نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، عام افراد کے لیے بھی یہ اچھا وقت نہیں ہوگا، تمام امور میں بے چینی اور بے یقینی کی کیفیت کا امکان نظر آتا ہے۔
28 جولائی: زہرہ اور پلوٹو کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ محبت اور دوستی کے معاملات میں انتہا پسندانہ نظریات اور فیصلے لاتا ہے اور انتہا پسندی بہر حال مناسب نہیں ہوتی، اس وقت خواتین زیادہ ذہنی دباؤ محسوس کریں گی،ان پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جاسکتی ہے یا ان کی مرضی کے خلاف فیصلوں پر مجبور کیا جاسکتا ہے،ملکی معاملات میں انتظامی طور پر سختی کا ماحول پیدا ہوسکتا ہے۔
شرف قمر
اس ماہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق قمر اپنے درجہ ء شرف پر 09:26 pm سے 11:13 pm تک رہے گا جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق 04:26 pm سے 06:13 pm تک شرف یافتہ ہوگا، یہ سعد اور مبارک وقت ہے،اس وقت اپنے جائز مقاصد کے لیے دعا کرنی چاہیے اور اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم 556 مرتبہ اول آخر درود شریف کے ساتھ پڑھ کر مقصد کے لیے دعا کریں، ان شاء اللہ کامیابی ہوگی۔
قمر در عقرب
قمر اپنے ہبوط کے برج میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 20 جولائی 09:54 am سے 11:45 am تک رہے گا جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق 04:54 am سے 06:45 am تک ہوگا، یہ انتہائی خراب اور منحوس وقت ہے،اس وقت کوئی کام نہیں کرنا چاہیے اور کثرت سے استغفار کا ورد کرنا چاہیے،اس وقت میں علاج معالجے سے فائدہ ہوتا ہے،بیماریوں ، بری عادتوں اور دوسروں کے ظلم و زیادتی کو روکنے کے لیے عملیات و نقوش تیار کیے جاتے ہیں، اس حوالے سے ہم اکثر ایسے طریقے لکھتے رہتے ہیں ، اپنی ضرورت کے مطابق کسی بھی طریقے پر عمل کرسکتے ہیں، اگر پرانے کالم محفوظ نہ ہوں تو ہماری ویب سائٹ www.maseeha.com سے رجوع کریں۔
اوج شمس
سیارہ شمس کو شرف کی قوت اپریل میں حاصل ہوتی ہے جب کہ برج سرطان میں اوج کی قوت کا اظہار ہوتا ہے، یہ بھی ایک سعد اور باقوت وقت ہے،اس وقت فتح نامہ، لوح اسم اعظم یا لوح شمس وغیرہ تیار کی جاتی ہیں تاکہ مشکلات اور پریشانیوں سے نجات ملے اور عزت و وقار میں اضافہ ہو، مقدمات میں کامیابی ہو، صحت و تندرستی حاصل ہو، اس کا طریقہ بھی ہماری ویب سائٹ سے معلوم کیا جاسکتا ہے یا براہ راست رابطہ کریں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں