ہفتہ، 24 مارچ، 2018

نے ہاتھ باگ پہ ہے نہ پا ہے رکاب میں

اپریل کی فلکیاتی پوزیشن، بچوں سے متعلق جرائم میں اضافہ
گزشتہ سال نومبر ہی سے ہم مسلسل نشان دہی کر رہے ہیں کہ پاکستان کے زائچے میں راہو کیتو کی پوزیشن پانچویں گھر کے حاکم عطارد کو متاثر کر رہی ہے جس کے نتیجے میں بچوں سے متعلق جرائم میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے اور یہ سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، اسی طرح اعلیٰ تعلیمی اداروں کی صورت حال بھی اطمینان بخش نہیں ہے، چیف جسٹس صاحب نے اس سلسلے میں خصوصی نوٹس بھی لیا تھا لیکن شاید ان کی بے پناہ مصروفیت کی وجہ سے یہ معاملہ کچھ آگے نہیں بڑھ سکا، زائچے کا پانچواں گھر ملک کے دانش ور طبقوں اور اہل علم و صحافت سے بھی متعلق ہے لہٰذا ہم دیکھ رہیں ہے کہ نحس اثر دانش وروں اور اہل علم و صحافت کو بھی متاثر کر رہا ہے اور وہ اپنے کالموں یا ٹاک شوز میں جو گفتگو کرتے نظر آتے ہیں، اسے سن کر ہنسی آتی ہے، خود میڈیا کا جو حال ہے وہ بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے،سوشل میڈیا پر افواہوں کا زور رہتا ہے، ایک اینکر پرسن کے پروگرام پر تین ماہ کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے، مزید اخبارات و رسائل یا چینلز پر بھی برا وقت آسکتا ہے،راہو کیتو کی اسٹیشنری پوزیشن 20 مارچ کو ختم ہوگئی لیکن عطارد سے قائم نظر ابھی جاری ہے اور تقریباً مئی تک جاری رہے گی،سینیٹ کے الیکشن میں خریدوفروخت کا جو بازار گرم ہوا اس کی وجہ بھی راہو کے نحس اثرات ہیں۔
مارچ کا آخری ہفتہ اور اپریل کا پہلا ہفتہ بھی خاصا اہم ہے،اس دوران میں بہت سے نئے انکشافات سامنے آئیں گے اور اہم صاحب حیثیت و اقتدار شخصیات کے لیے اپنی عزت بچانا مشکل ہوگا۔
سال کی ابتدا ہی سے عدلیہ اور نیب کی فعالیت جس انداز میں جاری ہے،یہ سلسلہ آئندہ بھی مستقل چلتا رہے گا اور یہی صورت حال ہماری سیاسی اشرافیہ اور بیوروکریسی کے لیے ناپسندیدہ ہے،اگر مزید اہل سیاست نااہل ہوجائیں یا بیوروکریٹس قانون کی گرفت میں آجائیں تو تعجب نہیں ہونا چاہیے ؂
رو میں ہے رخشِ عمر کہاں دیکھیے تھمے
نے ہاتھ باگ پہ ہے نہ پا ہے رکاب میں
اپریل کے ستارے
حکومت و اقتدار کا ستارہ شمس اپنے شرف کے برج حمل میں شاداں اور فرحاں محو سفر ہے،20 اپریل کو برج ثور میں داخل ہوگا، آسمانی کونسل کا وزیر اطلاعات و نشریات سیارہ عطارد ایک لمبا عرصہ اپنے برج ہبوط میں گزارنے کے بعد برج حمل میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں گزارے گا، 24 مارچ کو اسے رجعت ہوگئی تھی، 16 اپریل کو اپنی سیدھی چال پر آجائے گا، توازن اور ہم آہنگی کا ستارہ زہرہ برج حمل میں ہے،31 مارچ کو اپنے ذاتی برج ثور میں داخل ہوگا، سیاروی سپہ سالار ستارہ مریخ اپنے شرف کے برج جدی میں ہے،اپریل کے مہینے میں اسی برج میں حرکت کرے گا، وسعت و ترقی کا ستارہ مشتری برج عقرب میں ہے اور 9 مارچ کو اسے رجعت ہوجائے گا، محنت اور تربیت کا ستارہ زحل اپنے ذاتی برج جدی میں حرکت کر رہا ہے،18 اپریل کو رجعت میں چلا جائے گا،ایجادات و اختراعات کا سیارہ یورینس برج حمل میں اپنے طویل سفر کے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے،پراسراریت کا حامل سیارہ نیپچون برج حوت میں پورا ماہ رہے گا اور کایا پلٹ کرنے والا پلوٹو برج جدی میں حرکت کر رہا ہے،22 اپریل سے اسے بھی رجعت ہوجائے گی،راہو اور کیتو 20 مارچ تک اسٹیشنری پوزیشن میں رہے، اب اپنی نارمل چال پر آچکے ہیں اور بالترتیب برج اسد اور دلو میں حرکت کر رہے ہیں، سیارگان کی یہ پوزیشن یونانی علم نجوم کے مطابق دی جارہی ہیں۔
نظرات و اثراتِ سیارگان
اپریل کا مہینہ سیاروی نظرات اور اثرات کے اعتبار سے ملے جلے سعد و نحس زاویے تشکیل دے رہا ہے،اس مہینے میں اہم سیارگان کے درمیان چار قرانات اور ایک مقابلے کی نظر قائم ہوگی، تثلیث کے پانچ زاویے اور تربیع کے چار زاویے ترتیب پائیں گے،تفصیل درج ذیل ہے۔
یکم اپریل: شمس اور عطارد کا قران ایک نحس زاویہ ہے،تحریری اور تقریری کاموں میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، اس وقت اہم دستاویزات پر دستخط کرتے ہوئے محتاط رہیں، بحث مباحثے اور تکرار سے گریز کریں، ملکی معاملات میں میڈیا کی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی،منفی سرگرمیاں سامنے آئیں گی۔
2 اپریل: مریخ اور زحل کا قران ایک نحس زاویہ خیال کیا جاتا ہے،حادثات و سانحات ، محاذ آرائی کی فضا پیدا ہوتی ہے،یہ وقت سول اور فوجی حلقوں کے درمیان کشیدگی لانے کا باعث ہوسکتا ہے،پراپرٹی سے متعلق کاروبار یا سودے متاثر ہوسکتے ہیں، زمین وجائیداد کی خریدوفروخت میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔
4 اپریل: عطارد اور مریخ کے درمیان تربیع کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے،یہ وقت بھی تحریروتقریر میں محتاط رہنے کا ہے،بات چیت یا بحث و مباحثہ فتنہ و فساد کو جنم دے گا، احمقانہ اور لاحاصل نظریات پر زور دیا جائے گا، حکومت کی طرف سے غلط فیصلے اور اقدام سامنے آسکتے ہیں۔
5 اپریل: عطارد اور زحل کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ عوامی مشکلات میں اضافہ لائے گا، اس وقت طویل المدت منصوبہ بندی مناسب نہیں ہوگی، پراپرٹی کے معاملات میں انویسٹمنٹ کرنا فائدہ بخش نہیں ہوگا، نئے معاہدات یا دستاویزات کی تیاری بھی اس وقت بہتر نہیں ہوگی۔
7اپریل: زہرہ اور زحل کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ کاموں میں موجود مشکلات کو کم کرنے میں مدد دے گا، توازن اور ہم آہنگی کی فضا پیدا ہوگی، اس وقت اپنے حق اور انصاف کے لیے کوشش کرنا چاہیے، ازدواجی معاملات میں بہتری لانے کے لیے بھی مناسب وقت ہوگا، اس وقت طے کیے گئے رشتے یا نکاح وغیرہ پائیدار ثابت ہوتے ہیں۔
11 اپریل: شمس و پلوٹو کے درمیان تربیع کی نظر نحس اثر رکھتی ہے،خاص طور سے عہدہ و مرتبہ رکھنے والے افراد کے لیے ایک سخت وقت ہوتا ہے،حکومت کو نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے،عام افراد اپنے مالکان یا اعلیٰ افسران کے نامناسب رویے کا شکار ہوتے ہیں۔
اسی تاریخ کو زہرہ اور مریخ کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ قائم ہوگا، یہ وقت عورت و مرد کے درمیان جذب و کشش لاتا ہے،اس وقت منگنی کرنا یا دیگر رومانی سرگرمیاں بہتر ثابت ہوتی ہیں، ماہرین جفر اس وقت میں حب و تسخیر کے نقش و طلسم تیار کرتے ہیں۔
12 اپریل: زہرہ اور نیپچون کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ جذبات و احساست میں خوش گوار کیفیات کا باعث بنتا ہے،یہ وقت بھی محبت اور دوستی کے جذبات کو ابھارتا ہے،خصوصاً اس نظر سے خواتین زیادہ متاثر ہوتی ہیں، وہ منگنی یا شادی کے لیے جلد تیار ہوسکتی ہیں، اس وقت میں بعض خواتین کی منگنی یا شادی کا امکان ہوگا۔
14 اپریل: مشتری اور پلوٹو کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ ترقیاتی کاموں میں مددگار ثابت ہوتا ہے لیکن اس زاویے کے اثرات فوری طور پر محسوس نہیں ہوتے بلکہ طویل عرصے تک محیط رہتے ہیں، قوموں اور ملکوں کے حالات میں غیر محسوس طریقے پر ترقی کا عمل شروع ہوتا ہے۔
اسی تاریخ کو مریخ اور نیپچون کے درمیان بھی تثلیث کا سعد زاویہ قائم ہوگا، یہ نظر خواتین کی بہ نسبت مرد حضرات کو زیادہ متاثر کرتی ہے،وہ جذباتی رویوں کا اظہار کرتے ہیں، کوئی نئی دھن یا نیا سودا سر میں سماتا ہے جو غلط بھی ہوسکتا ہے۔
17 اپریل: زہرہ اور مشتری کے درمیان مقابلے کی نظر زندگی کے کسی نہ کسی معاملے میں تناؤ لاتی ہے،خصوصاً کوئی پارٹنر شپ متاثر ہونے کا خطرہ ہوتا ہے،دو افراد وہ کاروباری پارٹنر ہوں یا ازدواجی باہم کھنچاؤ کا رویہ محسوس کرتے ہیں، ترقیاتی سرگرمیوں میں بھی کمی آتی ہے،پاکستان کے زائچے کے مطابق یہ نظر بہت زیادہ نحس اثرات ظاہر کرسکتی ہے،حکومت اور عوام دونوں دباؤ محسوس کرسکتے ہیں۔
اسی تاریخ کو زہرہ و پلوٹو کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ قائم ہوگا، یہ وقت خواتین کے لیے محتاط رہنے کا ہے،رومانی تعلقات میں زیادہ شدت اور جذباتیت ظاہر ہوسکتی ہے،ضد ، ہٹ دھرمی کا رجحان نمایاں ہوتا ہے،ازدواجی زندگی میں خوش گوار معاملات ظاہر ہوتے ہیں، ملکی معاملات میں یہ نظر عدلیہ کی فعالیت اور اہم فیصلوں کی آمد ظاہر کرتی ہے۔
18 اپریل: شمس اور نیپچون کے درمیان قران کا زاویہ ملکی سربراہ یا کسی اعلیٰ ترین عہدے پر فائز شخصیت کی تنزلی کا اندیشہ ظاہر کرتا ہے،عام افراد اس وقت اپنے افسران بالا یا مالکان کے ناجائز مطالبات یا کسی زیادتی کا شکار ہوسکتے ہیں۔
24 اپریل: مریخ اور مشتری کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ ترقیاتی امور میں مددگار و معاون ہوگا، خصوصاً مشینری سے متعلق امور فائدہ بخش ثابت ہوں گے،ٹیکنیکل نوعیت کے کاموں میں کامیابی یقینی ہوگی، ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی اور تحفظ پر زور دیا جائے گا۔
26اپریل: عطارد اور زحل کے درمیان تربیع کا زاویہ دوسری بار قائم ہورہا ہے،یہ وقت تحریری اور دستاویزی کاموں میں محتاط رہنے کا ہوگا، کوئی غلطی آئندہ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے،کسی معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے اچھی طرح سوچ سمجھ لیں، طویل المدت منصوبہ بندی کامیاب نہیں رہے گی،پراپرٹی کے معاملات میں رکاوٹ آسکتی ہے۔
اسی تاریخ کو مریخ اور پلوٹو کے درمیان قران کا زاویہ ہوگا، یہ نہایت منحوس نظر ہے،حادثات و سانحات کا اندیشہ رہتا ہے،خصوصاً پاکستان کے زائچے کے مطابق یہ نظر آٹھویں گھر میں بن رہی ہے، دہشت گردی کے خطرات کو نظرانداز نہیں کیاجاسکتا، سیکورٹی کے معاملات پرحکومت کو خصوصی توجہ دینا چاہیے، عام آدمی کو اس وقت ایسے کاموں سے دور رہنا چاہیے جن میں خطرات کا اندیشہ ہو۔
29 اپریل: شمس اور زحل کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ حکومت کو عوامی بھلائی کے کاموں کی طرف متوجہ کرتا ہے،اس وقت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے فیصلے یا اقدام ہوسکتے ہیں، عام افراد اس وقت میں طویل منصوبہ بندی کریں، نئے معاہدات ، پراپرٹی کی خریدوفروخت ، نئے کاروبار کی ابتدا کے لیے بہتر وقت ہوگا، یہ وقت کیے گئے کاموں میں استحکام لاتا ہے،اس وقت میں ماہرین جفر ’’لوح استحکام‘‘ تیار کرتے ہیں ، یہ لوح کاروباری معاملات میں یا ازدواجی زندگی میں استحکام کے لیے اور پائیداری کے لیے تیار کی جاتی ہے۔
قمر در عقرب
پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق قمر در عقرب کا نحس وقت 2 اپریل کو 07:35 am سے 09:24 am تک رہے گا، جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق 2 اپریل 02:35 am سے 04:24 am تک ہوگا، دیگر ممالک کے افراد جی ایم ٹی یعنی لندن ٹائم سے اپنے ملک کے فرق کو جمع یا تفریق کرلیں تو ان کا مقامی وقت نکل آئے گا، یہ وقت نہایت نحس ہوتا ہے،اس وقت علاج معالجے ، بیماریوں سے نجات اور بری عادتوں سے جان چھڑانے کے لیے عمل کیا جاتا ہے،مخالفت کو روکنے یا باہمی دشمنی کا خاتمہ کرنے کے لیے بھی اس وقت سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے لیکن اس بار ہم ازدواجی تعلقات میں خرابیوں کو دور کرنے اور میاں بیوی کے درمیان محبت کے لیے ایک عمل دے رہے ہیں، درج ذیل عزیمت کو قمر در عقرب کے مقررہ وقت میں باوضو قبلہ رُخ بیٹھ کر سفید کاغذ پر نیلی یا کالی روشنائی سے لکھ لیں ۔
بسم اﷲ لکھ کر سورہ الم نشرح پوری لکھیں پھر یہ آیت لکھیں۔
والقیت علیک محبۃ فلاں بن فلاں (یہاں مطلوب کا نام مع والدہ لکھیں) علیٰ محبۃ فلاں بنت فلاں (یہاں طالب کا نام مع والدہ لکھیں) کما الفت بین آدم و حوا و بین یوسف و زلیخا و بین موسیٰ و صفورا و بین محمدؐ و خدیجۃ الکبریٰ و اصلح بین ھما اصلاحاً فیہ ابداً
اب تمام تحریر کے ارد گرد حاشیہ ( چاروں طرف لکیر) لگا کر کاغذ کو تہہ کر کے تعویز بنا لیں اور موم جامہ کر کے بازو پر باندھ لیں یا پھر اپنے تکیے میں رکھ لیں۔
شرف قمر
قمر اپنے درجہ ء شرف پر پاکستان ٹائم کے مطابق 16 اپریل کو 05:18 pm سے 07:02 pm تک رہے گا جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق 16 اپریل کو 12:18 pm سے 02:02 pm تک رہے گا، یہ سعد اور مبارک وقت ہے، اس وقت نیک اعمال کرنے چاہئیں۔
شرف قمر کے سلسلے میں ہر مہینے مختلف عملیات دیے جاتے ہیں جو بہت سے لوگ کرچکے ہیں اور فائدہ اٹھاچکے ہیں، اس بار ایک ایسا عمل پیش کیا جارہا ہے جو ہر مشکل، مصیبت یا پریشانی سے نجات کے لیے مؤثر ہوگا، اپنے جائز مقاصد کے لیے ہر شخص کرسکتا ہے لیکن اس عمل کو شرف قمر کے وقت سے شروع کرکے 12 دن تک جاری رکھیں۔
یا بدیعُ العجائب بِالخیر یا بَدیعُ
شرف قمر کے وقت سے ایک گھنٹہ قبل عمل شروع کریں، ان اسمائے الٰہی کو اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ 800 مرتبہ پڑھ کر اللہ سے اپنے مقصد کے لیے دعا کریں۔
شرف شمس
سال بھر میں یہ وقت ایک بار آتا ہے،اس سال سیارہ شمس اپنے درجہ ء شرف پر پاکستان ٹائم کے مطابق 8 اپریل کو 02:23 am سے 09 اپریل 02:47 am تک رہے گا جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق شرف کا وقت 7 اپریل 09:23 pm سے 08 اپریل 09:47 pm تک رہے گا،اس وقت میں حصول اقتدار ، عزت و مرتبہ میں اضافہ، حادثات و سانحات سے حفاظت، عروج و ترقی کے لیے الواح و طلسم تیار ہوتا ہے،خصوصاً لوح شمس، لوح اسم اعظم یا فتح نامہ تیار کیا جاتا ہے،فتح نامے کی تیاری کا طریقہ ہم پہلے دے چکے ہیں،مقررہ اوقات میں سیارہ شمس کی ساعتیں کارآمد ہوں گی، انشاء اللہ وقت سے پہلے ساعتوں کی بھی نشان دہی کردی جائے گی، وہ لوگ جو نقش وغیرہ تیار کرنے یا فتح نامہ تیار کرنے کے بجائے اس مؤثر اور سعد وقت میں کوئی وظیفہ کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے سب سے بہتر وظیفہ اسمائے الٰہی یا حیُ یا قیوم کا ورد ہے، یہ دونوں اسمائے الٰہی ایک ہزار سات سو چالیس مرتبہ پڑھیں، اول آخر گیارہ بار درود شریف اور پھر اپنے جائز مقصد کے لیے مثلاً ترقی، پروموشن، اعلیٰ افسران یا مالکان کے ناجائز رویے اور سختی سے نجات وغیرہ کے لیے دعا کریں، اس عمل کے بعد روزانہ صبح گھر سے نکلنے سے پہلے 174 مرتبہ اسمائے الٰہی کا ورد کرنا اپنا معمول بنالیں، انشاء اللہ مقصد میں کامیابی حاصل ہوگی۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں