ہفتہ، 24 ستمبر، 2016

اکتوبر کی فلکیاتی صورت حال، دھماکہ خیز مہینہ

اہم سیاروی زاویے کوئی چونکا دینے والا منظر دکھا سکتے ہیں
ہمارے قارئین کو یاد ہوگا کہ ہم جولائی ہی سے اگست تا اکتوبر غیر معمولی سیاسی اُتار چڑھاؤ اور محاذ آرائی کی نشان دہی کرتے رہے ہیں، یہ اُتار چڑھاؤ صرف وفاقی امور ہی میں نہیں، خاص طور پر صوبہ سندھ اور کراچی کے حوالے سے نمایاں ہے، اگست اور ستمبر نت نئی ہنگامہ خیزیوں کے ساتھ گزر گئے، اس دوران میں ایسے ایسے تماشے چشم فلک نے دکھائے جن کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا، خصوصاً ایم کیو ایم کے معاملات میڈیا پر چھائے رہے، ایم کیو ایم کے زائچے کے حوالے سے بھی ہم نے تفصیلی تجزیہ پیش کیا تھا اور تقریباً ہمارے ایسٹرولوجیکل اندازے درست ہی ثابت ہورہے ہیں، کل تک جو بات ناممکنات میں سے تھی، آج ممکن دکھائی دے رہی ہے،ہم نے 2013 ء میں الیکشن سے پہلے جو کچھ عرض کیا تھا، تمام منظر نامہ اس کے مطابق ہے یعنی ایم کیو ایم اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے اور ایک انقلابی عمل سے گزر رہی ہے،یہ الگ بات ہے کہ اس انقلابی عمل کے نتیجے میں تقسیم در تقسیم کا جو عمل شروع ہوچکا ہے ، وہ بہر حال کراچی اور کراچی کی اُردو اسپیکنگ آبادی کے لیے تکلیف دہ ہے،فی الحال اس موضوع پر زیادہ تفصیلی بات کرنے کی گنجائش نہیں ہے کیوں کہ ہمارا یہ کالم پہلے کے مقابلے میں خاصا محدود ہوچکا ہے،صرف اتنا کہنا کافی ہوگا کہ آئندہ سال فروری کے بعد صورت حال تبدیل ہوگی، ایم کیو ایم مزید بہتر خدوخال کے ساتھ منظر عام پر آئے گی۔حسب روایت کسی نامعلوم شاعر کا ایک شعر ہدیہ ء قارئین کرنے کی اجازت دیجیے ؂
یہ ممکن ہے کہ محور سے زمین اپنے کھسک جائے
یہ ناممکن کہ ترے بے قراروں کو قرار آئے
اکتوبر کے ستارے
اقتدار کا ستارہ شمس اپنے برج ہبوط میں حرکت کر رہا ہے، 22 اکتوبر کو برج عقرب میں داخل ہوگا، آسمانی کونسل کا وزیر اطلاعات سیارہ عطارد اپنے شرف کے برج سنبلہ میں ہے،یہاں اس کی پوزیشن سب سے زیادہ طاقت ور ہوتی ہے، توازن اور ہم آہنگی کا سیارہ زہرہ برج عقرب میں ہے اور 18 اکتوبر کو برج قوس میں داخل ہوگا، توانائی کا سیارہ مریخ اپنے شرف کے برج جدی میں حرکت کر رہا ہے، وسعت اور پھیلاؤ کا نمائندہ سیارہ مشتری اپنے برج اوج میزان میں ہے، استاد زمانہ سیارہ زحل برج قوس میں، چونکا دینے والا یورینس برج حمل میں بحالت رجعت، پراسرار نیپچون بحالت رجعت اپنے ذاتی برج حوت میں حرکت کر رہے ہیں جب کہ کایا پلٹ سیارہ پلوٹو بحالتِ رجعت برج جدی میں ہے، راس و ذنب بالترتیب سنبلہ اور میزان میں بدستور ایک ہی درجے پر حالت استقامت میں ہیں۔
نظرات و اثراتِ سیارگان
اکتوبر کے مہینے میں اہم سیارگان کے درمیان قائم ہونے والے زاویے ملے جلے اثرات رکھتے ہیں، اس ماہ دو تثلیثات اور پانچ تسدیسات کے سعد زاویے ہوں گے جب کہ پانچ تربیعات اور دو مقابلے نحس اثر رکھتے ہیں، قران کے چار زاویے ہوں گے جن میں سے دو سعد اور دو نحس ہوں گے۔
دو اکتوبر: زہرہ اور نیپچون کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ رومانی اور تفریحی دلچسپیوں میں معاون ثابت ہوگا، یہ وقت تخلیقی اور فنکارانہ نوعیت کے کاموں کے لیے نہایت موزوں ہے، اس وقت فنون لطیفہ سے متعلق تخلیق کار غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں اور رومانی تعلقات میں نہایت شدت و جنون نمایاں ہوسکتاہے۔
چار اکتوبر: شمس اور زحل کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ ہوگا، یہ وقت ایسے کاموں میں معاون و مددگار ہے جن میں پائیداری اور استحکام مطلوب ہو، تعمیرات کا آغاز ، گورنمنٹ کے ساتھ معاہدات ، پراپرٹی کی خریدوفروخت سے متعلق دستاویزاتی کام اس وقت میں بہتر رہتے ہیں، یہ وقت عام پبلک اور حکومتی اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی لاتا ہے۔
چھ اکتوبر: زہرہ اور پلوٹو کے درمیان تسدیس کا زاویہ اگرچہ سعد ہے لیکن جذباتی شدت پسندی اور خواتین کے معاملات میں بے راہ روی کا باعث ہوسکتا ہے۔
اسی تاریخ کو مریخ اور مشتری کے درمیان اسکوائر کا نحس زاویہ مالیاتی معاملات میں اُتار چڑھاؤ کی نشان دہی کرتا ہے، مشینری سے متعلق اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس دوران میں کوئی نئی انویسٹمنٹ کرتے ہوئے محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، مالیاتی امور میں دوسروں سے اختلافات پیدا ہوسکتے ہیں۔
گیارہ اکتوبر: عطارد اور مشتری کے درمیان قران کا زاویہ ہوگا، یہ سعد اور مبارک زاویہ ہے، ترقیاتی امور میں تیزی آتی ہے، لوگوں سے معاملات طے کرنا آسان ہوتا ہے، سفر اور تعلیمی نوعیت کی سرگرمیاں بہتر طور پر انجام پاتی ہیں، کاروباری معاملات میں مستقبل کے بہتر پروگرام بنائے جاسکتے ہیں۔
اسی تاریخ کو مریخ اور نیپچون کے درمیان تسدیس کی نظر ہوگی، اگرچہ یہ ایک سعد زاویہ ہے لیکن ہوشیاری اور چالاکی پر زور دیتا ہے،طاقت کے توازن کو بگاڑ دیتا ہے،مشینری سے متعلق کاموں اور ٹیکنیکل معاملات میں نہایت معاون و مددگار ثابت ہوتا ہے، مشکل اور پیچیدہ مسائل کا حل ممکن ہوگا۔
چودہ اکتوبر: عطارد اور مریخ کے درمیان اسکوائر کا زاویہ انتہائی نحس ہے، یہ وقت حادثات لاسکتا ہے، خصوصاً ڈرائیونگ کرتے ہوئے محتاط رہیں، بحث اور تکرار لڑائی جھگڑے میں تبدیل ہوسکتی ہے،مزاج میں تیزی اور بددماغی کے مظاہرے دیکھنے میں آتے ہیں، مشینری سے متعلق ٹیکنیکل کاموں میں پریشانی ہوتی ہے۔
اسی تاریخ کو عطارد اور زحل کے درمیان تسدیس کی سعد نظر ہوگی، یہ وقت تحریر معاہدات کے لیے سعد ہے، ٹھوس بنیاد پر کیے گئے فیصلے اور اقدام طویل عرصے تک قائم رہتے ہیں اور فائدہ بخش ثابت ہوتے ہیں، یہ وقت علاج معالجے کے لیے بھی بہتر ہوتا ہے خصوصاً گہری اور مہلک بیماریوں کے علاج میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
پندرہ اکتوبر: شمس اور یورینس کے درمیان مقابلے کا نحس زاویہ غیر معمولی منفی اثرات کا حامل ہے،عہدہ و منصب رکھنے والے صاحب حیثیت افراد اس وقت میں غیر معمولی حادثات یا تنزل کا شکار ہوتے ہیں، حکومت وقت کے لیے ایسے مسائل پیدا ہوتے ہیں جن کی توقع بھی نہ ہو۔
انیس اکتوبر: مریخ اور پلوٹو کا قران ایک نہایت سخت اور نحس زاویہ ہے،عام آدمی اس سے متاثر نہیں ہوتا لیکن ملکوں اور قوموں کے معاملات پر اثر انداز ہوتا ہے،دو ملکوں یا قوموں کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ جاتی ہے جس کے نتیجے میں جنگ جویانہ رجحان پروان چڑھتا ہے۔
بیس اکتوبر: عطارد اور یورینس کا مقابلہ ایک اور خطرناک زاویہ ہے، حیران کردینے والی اور چونکا دینے والی خبریں سامنے آتی ہیں، نئے اسکینڈل بے نقاب ہوتے ہیں، میڈیا کا رویہ منفی رجحانات کا آئینہ دار ہوتا ہے،کسی عام سے معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاسکتا ہے،عام افراد کو اس دوران میں اپنے پروگراموں کو لچک دار رکھنا چاہیے تاکہ متبادل راستہ کسی گھبراہٹ اور پریشانی کے بغیر اختیار کیا جاسکے۔
چھبیس اکتوبر: زہرہ اور نیپچون کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ رومانی معاملات میں شدت پسندی لاتا ہے،انسان اندھا ہوکر فیصلے یا اقدام کرتا ہے،خواتین کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، وہ اچھے اور برے میں تمیز نہیں کرسکیں گی، مرد حضرات بھی خواتین کی شاطرانہ چالوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔
اسی تاریخ کو زہرہ اور مشتری کے درمیان تسدیس کی نظر ہوگی، یہ سعد زاویہ باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار ہے،اس کے علاوہ مالی امور یا کاروباری ترقیاتی امور کے لیے بھی بہتر وقت ہے، اس وقت کوئی نئی انویسٹمنٹ کرنا بہتر ہوگا،محبت یا دوستی کے معاملات معقولیت کے ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں۔
ستائیس اکتوبر: عطارد اور شمس کا قران ایک نحس زاویہ ہے،یہ وقت تحریر و تقریری معاملات میں محتاط انداز اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے،سفر سے متعلق امور میں رکاوٹ یا التوا کا سامنا ہوسکتا ہے،اس دوران میں سفر کرنا نئے مسائل کو جنم دیتا ہے، دوسروں سے خاطر خواہ اور ضرورت کے مطابق معلومات نہ مل سکیں گی۔
انتیس اکتوبر: مریخ اور یورینس کے درمیان تربیع کا زاویہ اس مہینے کی ایک اور نحس ترین نظر ہے،یہ اچانک لڑائی جھگڑا ، تصادم یا جنگ و جدل کی صورت حال پیدا کرسکتی ہے،خواہ وہ دو افراد کے درمیان ہو یا دو ملکوں کے درمیان ، یہ نظر حادثات اور دہشت گردی کے غیر متوقع واقعات کی بھی نشان دہی کرتی ہے،چناں چہ 29 اکتوبر سے چند روز پہلے یا بعد احتیاط کو مدنظر رکھا جائے۔
تیس اکتوبر: زہرہ اور زحل کا قران ایک سعد اور مبارک زاویہ ہے،ایسے کاموں میں استحکام دیتا ہے جو باہمی تعلقات سے متعلق ہوں، نکاح ، منگنی، محبت کے قول و قرار وغیرہ اس وقت میں پائیدار ثابت ہوتے ہیں، ازدواجی زندگی میں باہمی نااتفاقیوں اور ناچاقیوں کے خاتمے کے لیے روحانی یا سماجی کوششیں مفید رہتی ہیں۔
اسی تاریخ کو عطارد اور نیپچون کے درمیان تثلیث کا زاویہ ہوگا، یہ وقت تحریر و تقریر کے لیے معاون و مددگار ہے،اہم معاملات میں بات چیت اور گفت و شنید کے مثبت نتائج نکل سکتے ہیں، سفر سے متعلق منصوبہ بندی بہتر انداز میں کی جاسکتی ہے۔
قمر در عقرب
پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق قمر اپنے برج ہبوط عقرب میں 3 اکتوبر رات 12:43 am پر داخل ہوگا اور 5 اکتوبر دوپہر 01:26 منٹ تک برج عقرب میں رہے گا لیکن اپنے درجہ ء ہبوط پر تین اکتوبر کو صبح 04:47 am سے 06:47 am تک ہوگا، جب کہ نیو یارک اور ٹورنٹو ٹائم کے مطابق درجہ ء ہبوط پر 2 اکتوبر 06:47 pm سے 08:48 pm تک ہوگا، یہی درجہ انتہائی نحس اثرات رکھتا ہے،اہم عملیات اسی وقت میں کیے جاتے ہیں، گزشتہ ماہ سورج اور چاند گہن کے حوالے سے جو عمل و نقش دیے گئے تھے ، اس وقت بھی کیے جاسکتے ہیں۔
شرف قمر
قمر اپنے درجہ ء شرف پر اس ماہ 16 اکتوبر کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 11:16 pm سے 17 اکتوبر 12:49am تک ہوگا جب کہ نیویارک اور ٹورنٹو ٹائم کے مطابق دوپہر 01:16 pm سے49 pm 02: تک رہے گا، یہ سعد اور مبارک وقت ہے، اس وقت باہمی اتحاد و اتفاق اور دیگر رزق و روزگار میں برکت کے لیے وظائف کیے جاسکتے ہیں۔
شرف عطارد
سیارہ عطارد اپنے شرف کے برج سنبلہ میں ہے، اس برج کے 15 درجے پر عطارد کو شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے،27 اکتوبر پاکستان ٹائم کے مطابق 11:43 am سے 28 اکتوبر 02:15 am تک سیارہ عطارد اپنے درجہ ء شرف پر ہوگا، اس دوران میں لوح عطارد نورانی ، خاتم عطارد یا دیگر ضروری اعمال سیارہ عطارد کی ساعت میں انجام دیے جاسکتے ہیں، ٹورنٹو اور نیو یارک ٹائم کے مطابق شرف کا وقت 27 اکتوبر رات 01:45 am پر شروع ہوگا اور 04:15 pm تک رہے گا۔
اوج زحل
جیسا کہ ہمارے قارئین جانتے ہیں کہ سیارہ زحل کو شرف کی قوت برج میزان میں حاصل ہوتی ہے جو 2011 ء میں تھا جب کہ اوج کی قوت برج قوس میں ہے، اس سال کی ابتدا میں بھی سیارہ زحل اپنے درجہ ء اوج پر آیا تھا، اس کے بعد اسے رجعت ہوئی، اگست میں مستقیم ہوا اور اب ایک بار پھر درجہ ء اوج پر 6 اکتوبر صبح 06:43 am پر پہنچے گا اور اسی درجے پر 18 اکتوبر رات 12:39 am تک رہے گا۔
عزیزان من! زحل کے شرف یا اوج کے سعد اور باقوت اوقات برسوں میں ہاتھ آتے ہیں کیوں کہ یہ دائرۂ بروج کا ایک دورہ تقریباً 30 سال میں مکمل کرتا ہے گویا اپنے شرف یا اوج کے برج میں بھی 30 سال بعد ہی آتا ہے، ماہرین جفر اس وقت کی اہمیت کو سمجھتے ہیں لہٰذا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، اس وقت میں لوح شرف زحل یا خاتم زحل وغیرہ تیار کی جاتی ہیں، وہ لوگ جن کے پیدائشی زائچے میں سیارہ زحل کمزور ہو یا ناقص اثر دے رہا ہو، یہ الواح یا خاتم اس سلسلے میں مددگار ہوتی ہے،اگر حال کے زائچے میں زحل زائچے کے کسی خراب مقام سے گزر رہا ہو اور اسے تقویت دینے کی ضرورت ہو تو بھی یہ الواح کام دیتی ہیں، اس سلسلے میں پہلے لوح یا خاتم بنانے کا طریقہ کار دیا جاتا رہا ہے ، اگر پرانے کالم ریکارڈ میں نہ ہوں تو ہماری ویب سائٹ www.maseeha.com پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں