علم و دانش ، وسعت و ترقی کا ستارہ آپ کو کیسے متاثر کرے گا؟
اوج مشتری کا وقت گزر گیا ، یہ اب دوبارہ اپنے برج اوج تقریباً 12 سال بعد واپس آئے گا مگر اس سے پہلے تقریباً 2025 ءمیں اپنے شرف کے برج سرطان میں بھی آئے گا، اپنے گزشتہ مضامین میں مشتری کے حوالے سے خاصی تفصیلات ہم بیان کرچکے ہیں،علم نجوم میں سیارہ مشتری کو نہایت اہم مقام حاصل ہے،یہ علم و دانش ، فہم و فراست، وسعت و ترقی جیسی خصوصیات سے منسوب ہے،ہر برج میں اس کا قیام تقریباً 13 ماہ تک رہتا ہے اور 13 سال میں یہ دائرئہ بروج کا ایک چکر مکمل کرتا ہے،اس دوران میں حمل سے حوت تک 12 برجوں میں اس کی گردش ہمارے نظام شمسی میں نہایت اہمیت کی حامل سمجھی جاتی ہے،کہا جاتا ہے کہ مشتری کی گردش دنیا میں ترقیاتی عمل کو تیز کرتی ہے،مشتری کا تعلق مذہب اور آئین و قانون سے بھی ہے کیوں کہ فطری کائناتی زائچے میں یہ نویں گھر کا حاکم ہے جو مذہب ، آئین و قانون اور سرپرستِ اعلیٰ یعنی باپ کا گھر بھی ہے، انگریزی میں اسے جوپیٹر ، ہندی میں گرو، فارسی میں برجیس کہا جاتا ہے۔
سیارہ مشتری اس سال 9 ستمبر کو اپنے برج اوج میزان میں داخل ہوگیا ہے اور آئندہ سال ستمبر تک اسی برج میں اپنی الٹی اور سیدھی چال سے گردش کرتا رہے گا، آئندہ سال فروری کے پہلے ہفتے میں اسے رجعت ہوگی جو تقریباً جون کے دوسرے ہفتے تک جاری رہے گی۔
اوج مشتری کے موقع پر جن لوگوں نے لوح مشتری یا خاتم مشتری تیار کی ہے وہ اس مبارک لوح کے اثرات آئندہ زندگی میں ضرور محسوس کریں گے،ان کے کاموں سے رکاوٹیں دور ہوں گی اور ترقی کے نئے مواقع زندگی میں آئیں گے،انشاءاللہ، وہ لوگ جو اس موقع پر اپنی کسی مجبوری یا مصروفیت کے سبب لوح مشتری یا خاتم مشتری ہمارے بتائے گئے طریقے پر تیار نہیں کرسکے، وہ براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔
مختلف بروج پر مشتری کا اثر
مشتری چوں کہ ایک سال کے لیے برج میزان میں حرکت کرے گا، چناں چہ بہتر ہوگا کہ ہم اپنے قارئین کو مشتری کے موافق یا ناموافق اثر سے آگاہ کرتے چلیں، ہر برج سے مشتری کی پوزیشن ایک نیا رنگ زندگی میں ظاہر کرتی ہے اور یہ ضروری نہیں ہے کہ مشتری اگر سعد سیارہ ہے تو ہر برج کے لیے سعادت کا باعث ہوگا، بعض برجوں کے لیے یہ نحس اثر کا باعث بھی ہوسکتا ہے۔
برج حمل
حمل افراد دائرئہ بروج کے اولین لوگ ہیں، یہ جوشیلے اور سرگرم ہوتے ہیں،زندگی کے چیلنج کھلے دل سے قبول کرتے ہیں، جلد باز اور بے صبرے ہوتے ہیں لیکن صاف دل ، نیک نیت اور نڈر ، مشتری آئندہ ایک سال حمل افراد کے زائچے میں ساتویں گھر میں حرکت کرے گا، یہ بہت ہی موافق اور مبارک پوزیشن ہے،ساتواں گھر تعلقات، پارٹنر شپ، ازدواجی زندگی، بیرون ملک سفر سے متعلق ہے،ان تمام معاملات پر مشتری اچھے اثرات ڈالے گا، ان حوالوں سے جو مسائل پہلے سے موجود ہیں، حل ہوں گے، اس کے علاوہ اس گھر میں رہتے ہوئے مشتری آپ کے ذاتی برج حمل پر بھی اثر انداز ہوگا، صحت میں بہتری آئے گی، کچھ کرنے کا جذبہ اور لگن پیدا ہوگی، مشتری تیسرے اور گیارھویں گھر سے بھی اہم زاویے بنائے گا جس کے نتیجے میں آپ کی کارکردگی بہتر ہوگی، نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے آپ کی کوششیں تیز ہوں گی،خصوصاً آمدن میں اضافے کے لیے کوششیں کریں گے۔
برج ثور
یہ دائرة البروج کا دوسرا ہیوی ویٹ برج ہے جس کا نشان بیل ہے، ثوری افراد سخت محنت کرنے والے لیکن بنیادی طور پر آرام و آسائش پسند ہوتے ہیں، نہایت مستقل مزاج اور مستحکم شخصیت کے مالک ، اس حقیقت کو سمجھنے والے کہ دنیا میں تمام آرام و آسائش دولت کے ذریعے ہی حاصل ہوسکتی ہیں لہٰذا زیادہ سے زیادہ دولت کا حصول ضروری ہے، سیارہ مشتری آئندہ ایک سال برج ثور والوں کے زائچے میں چھٹے گھر میں حرکت کرے گا، چھٹے گھر کو اچھا تصور نہیں کیا جاتا، یہ صحت، کام، قرض، دوسروں سے اختلافات اور تنازعات ، مقدمات کا گھر ہے،مشتری برج ثور والوں کے لیے مبارک اور موافق سیارہ نہیں ہے،چھٹے گھر میں رہتے ہوئے صحت کے مسائل پیدا کرسکتا ہے،ان لوگوں کو بدپرہیزی سے گریز کرنا چاہیے،ثوری افراد عمدہ کھانوں کے شوقین ہوتے ہیں، کاموں میں رکاوٹیں اور تاخیر کا سامنا ہوسکتا ہے لیکن اچھی بات یہ ہوگی کہ وہ اپنے مخالفین اور دشمنوں کو نیچا دکھانے میں کامیاب رہیں گے،بہتر تو یہی ہوگا کہ کسی تنازع میں الجھنے سے گریز کریں، بعض ثوری افراد وراثتی نوعیت کے مسائل کا شکار ہوں گے جس کی وجہ سے خاندانی تنازعات کا سامنا ہوسکتا ہے،کوشش یہ ہونی چاہیے کہ باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کو حل کرلیا جائے اور کسی قانونی جنگ جوئی سے بچا جائے، ثوری افراد کے لیے اس عرصے میں جمعرات کے روز صدقہ دینا بہتر ہوگا، ایسے لوگوں کی مدد کریں جو اہل علم ہوں یا بچوں کو تعلیم دیتے ہوں۔
برج جوزا
ذہانت اور ہوشیاری اس برج کا امتیاز ہے لیکن بے فکری اور بے پروائی بھی جوزا افراد سے زیادہ کسی میں نہیں ہے،یہ لوگ کم ہی کسی پریشانی یا مصیبت کو خاطر میں لاتے ہیں، کسی شاعر کا یہ مصرع جوزا افراد کے لیے ہی کہا گیا ہے گردش شام و سحر سے ہیں قدح خوار بَری۔
جوزا افراد کے زائچے میں مشتری پانچویں دانش و حکمت کے گھر میں رہے گا، اس گھر کا تعلق اولاد ، زندگی کی خوشیاں، انعامی اسکیمیں یا دیگر آمدن میں اضافے سے متعلق کام لہٰذا جوزا افراد ایک سال کے لیے بہت سی خوشیاں اور کامیابیاں حاصل کرنے کے قابل ہوں گے،یہ الگ بات ہے کہ جوزا کی فطری بے پروائی بہت سے فائدہ بخش مواقعوں کو ضائع کرے، جوزا افراد کا بہت بڑا مسئلہ ”نالج“ ہے، مشتری کی پانچویں گھر میں موجودگی اکثر جوزا افراد کو زیادہ سے زیادہ حصول علم کی جانب راغب کرسکتی ہے،وہ اپنے پروفیشن سے متعلق مزید معلومات حاصل کریں گے، اپنی صلاحیتوں میں اضافے کو اہمیت دیں گے، پانچواں گھر چوں کہ محبت اور رومانی تفریحات کا بھی ہے لہٰذا اس نوعیت کی دلچسپیاں بھی زندگی میں نمایاں ہوں گی، بعض جوزا خواتین و حضرات کی زندگی میں نئے افیئرز کی گنجائش نکل سکتی ہے،یہ الگ بات ہے کہ جوزا افراد محبت میں اتنے سنجیدہ نہیںہوتے جتنے بعض دوسرے بروج ہوتے ہیں۔
برج سرطان
سرطانی افراد کے شمسی زائچے میں مشتری چوتھے گھر میں ایک سال رہے گا، چوتھا گھر پہلے سے جمع شدہ سرمایہ ، اپنا گھر یا پراپرٹی ، ماں، سواری وغیرہ سے متعلق ہے، مشتری کے اثرات ان معاملات پر گہرا اثر ڈالیں گے اور اکثر سرطانی افراد جو پہلے ہی اپنے گھر ، ماں وغیرہ کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں، اس جانب متوجہ ہوں گے،وہ پراپرٹی کے معاملات سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی جستجو کریں گے،ماضی سے جڑے ہوئے مسائل ان کے پیش نظر رہیں گے،اس کے علاوہ اپنی رہائش کو زیادہ بہتر بنانے کے لیے اخراجات کریں گے، اگر کوئی وراثتی مسئلہ موجود ہے تو وہ بھی اس دوران میں سر اٹھائے گا، گھر میں کسی نئے فرد یامہمان کا اضافہ ہوسکتا ہے، کاروباری معاملات کو بہتر بنانے کے لیے نئے اقدام کی ضرورت محسوس کریں گے، اگرچہ سرطانی افراد کسی تبدیلی سے گھبراتے ہیں ، وہ زیادہ بھاگ دوڑ یا تبدیلی کو ناپسند کرتے ہیں، اپنے جمعے جمائے حالات سے خوش رہتے ہیں، کسی بھی تبدیلی کا مرحلہ انہیں پریشان کرتا ہے، حالاں کہ تبدیلی ہی ترقی کے زینے کا پہلا قدم ہے، اس پر پاو ¿ں رکھنے سے پہلے وہ سو بار سوچتے ہیں کہ کہیں ان کا اٹھایا ہوا قدم ، ان کے لیے کوئی نیا مسئلہ نہ پیدا کردے۔
برج اسد
شاہانہ مزاج اسدی افراد کے زائچے میں مشتری ایک سال کے لیے تیسرے گھر میں آگیا ہے،یہ گھر قریبی عزیزوں، روزمرہ سرگرمیوں، کوشش، اقدام اور نئی مہم جوئی کے لیے مخصوص ہے، گویا برج اسد والے یہ سال بہت مصروف گزاریں گے، مشتری ان کے لیے خوش قسمت اثرات دینے والا سیارہ ہے،وہ کسی نئے کام یا ماحول میں کسی نئی تبدیلی کے لیے تیار ہوسکتے ہیں، تیسرے گھر میں حرکت کے دوران میں مشتری زائچے کے اہم ترین گھروں کو ایکٹیویٹ کرے گا، نئے تعلقات ، نئے منصوبے، بیرون ملک سفر، حج یا عمرہ، مالی فوائد، اسدی افراد کے منتظر ہےں، برج اسد سے تعلق رکھنے والے افراد اگر اس خوش قسمت سال سے فائدہ نہ اٹھاسکیں تو یہ ان کی اپنی ہی کمزوریاں ہوں گی، بعض غیر شادی شدہ اسدی مرد و خواتین کی شادیاں ہوسکیں گی۔
برج سنبلہ
دائرئہ بروج کا چھٹا برج جو فطری زائچے میں صحت اور کام سے منسوب ہے، سنبلہ افراد کو نہایت غیر سوشل بناتا ہے،ان کی زندگی ایک ہی سلوگن کے گرد گھومتی ہے،کام ، کام اور صرف کام، بے شک یہ بہت محنتی اور ذمے دار لوگ ہیں لیکن نہایت خشک طبیعت اور غیر رومانی ، سیارہ مشتری زائچے کے دوسرے گھر میں بے حد سعد پوزیشن میں ہے،دوسرا گھر اسٹیٹس ، ذرائع آمدن، فیملی وغیرہ سے متعلق ہے، اس سال مشتری کی اس گھر میں موجودگی آمدن میں اضافے کے لیے نئے مواقع پیدا کرسکتی ہے، فیملی سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملے گی،مالی امور میں مدد مل سکے گی، کوئی ڈوبی ہوئی رقم واپس مل سکتی ہے، نئی جاب یا کاروباری منصوبوں میں کامیابی ہوگی، سنبلہ افراد کو اپنے ماتحت یا ساتھ کام کرنے والوں سے مددوتعاون مل سکے گا، ان کی عزت و وقار اور پوزیشن میں اضافہ ہوگا، اگر کوئی وراثتی مسئلہ موجود ہے تو اسے حل کرنے میں مدد ملے گی، بعض غیر شادی شدہ سنبلہ افراد شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں۔
برج میزان
دائرئہ بروج کا ساتواں برج میزان توازن اور ہم آہنگی کا برج ہے،میزانی افراد صلح جو اور امن پسند ہوتے ہیں، ہمیشہ خوش امید رہتے ہیں، سیارہ مشتری ان کے زائچے کا نہایت اہم اور مبارک ستارہ ہے، برج میزان میں اس کی موجودگی نئی توانائی کا باعث ہوگی، صحت بہتر ہوگی، زندگی میں نئی خوشیاں آئیں گی، حج و عمرہ ، بیرون ملک تفریحی سفر، اولاد کی خوشیاں اور اولاد سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملے گی، میزانی افراد کچھ سست اور کاہل ہوتے ہیں، اکثر اہم معاملات کو نظر انداز کرتے رہتے ہیں، اگر وہ اس خرابی پر کنٹرول کرلیں تو یہ سال ان کے لیے نہایت فائدہ بخش ثابت ہوسکتا ہے،ضروری نہیں ہے کہ وہ اس سال دولت کمائیں لیکن وہ ایسے کام کرسکتے ہیں جو اس کے بعد آنے والے سالوں میں منافع بخش ثابت ہوسکتے ہیں،یہ لوگ اچھے منصوبہ ساز ہوتے ہیں، اس سال کسی نئے منصوبے کا آغاز کرنا بہتر ہوگا۔
برج عقرب
دائرئہ بروج کا آٹھواں برج عقرب بڑا ڈیمانڈنگ برج ہے،یہ لوگ اپنی خواہش کو بہت اہمیت دیتے ہیں، اسے ہر قیمت پر پورا کرنا چاہتے ہیں،سیارہ مشتری ان کے زائچے میں بارھویں گھر میں ایک سال رہے گا، بارھواں گھر فکر اور خوف لانے والا گھر ہے،خاص طور سے آمدن اور فیملی سے متعلق معاملات ، اسٹیٹس کے مسائل سارا سال برج عقرب والوں کو فکرمند رکھیں گے،اخراجات میں اضافہ، آمدن محدود رہے گی، محفوظ سرمایہ یا پراپرٹی کے معاملات پر خصوصی توجہ دینا پڑے گی، بعض ملازمت پیشہ افراد کو ناپسندیدہ حالات و واقعات سے واسطہ پڑسکتا ہے،بعض لوگ بیرون ملک جانے کی کوششوں میں مصروف ہوسکتے ہیں، صحت کے معاملات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہوگی، فیملی میں قریبی لوگ وائف یا بچے بھی صحت کی خرابیوں کا شکار ہوکر اخراجات میں اضافے کا سبب بنیں گے، اس سال عقرب والوں کو کوئی نئی انویسٹمنٹ یا مالی مہم جوئی سے گریز کرنا چاہیے۔
برج قوس
مشتری برج قوس والوں کا ذاتی سیارہ ہے،قوسی افراد ایک فلسفیانہ سوچ کے ساتھ نہایت خوش امید رہتے ہیں، مشتری کی سعادت انہیں خوش بخت بناتی ہے،اپنی فلسفیانہ مو شگافیوں کے سبب کبھی کبھی مسائل و مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، اپنے نظریات اور عقائد میں کٹّر ہوتے ہیں لیکن کھلے دل اور صاف ذہن کے مالک ، سیارہ مشتری ان کے زائچے کے گیارھویں گھر میں حرکت کرے گا جو کاروباری مفادات کا گھر ہے ، بڑے بہن بھائی اس گھر سے متعلق ہیں، ایسے قوسی افراد جنہوں نے گزشتہ سالوں میں نئے منصوبے یا کاروبار شروع کیا ہے ، وہ اب مالی فوائد حاصل کریں گے، کاروبار ترقی کرے گا اور منصوبے کامیابی سے ہم کنار ہوں گے، قوسی افراد کی ذاتی کوششیں نمایاں رہیں گی، وہ کوئی بڑا رسک لے کر صورت حال کو اپنے حق میں تبدیل کرسکتے ہیں، اولاد کی خوشیاں یا اولاد سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملے گی، غیر شادی شدہ قوسی افراد کی منگنی یا شادی کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں، یہ لوگ اپنے فلسفیانہ نظریات کی وجہ سے کبھی کبھی زندگی میں ملنے والے کسی بہترین موقع کو ضائع بھی کردیتے ہیں، بہر حال صورت حال جو بھی ہو یہ سال انہیں بے حد مصروف رکھے گا۔
برج جدی
مزاحمت اور احتیاط پسند جدی ہمیشہ اپنی دھن میں مگن رہتا ہے،اس برج کو ”مزاحمتی برج “ بھی کہا جاتا ہے،یہ مزاحمت ان کی اپنی زندگی میں بھی جاری رہتی ہے،نظم و ضبط کی خلاف ورزی انہیں پسند نہیں ہے، سیارہ مشتری ان کے زائچے میں دسویں پیشہ ورانہ امور کے گھر میں حرکت کرے گا لہٰذا پیشہ ورانہ معاملات میں اُتار چڑھاو ¿ کا سامنا ہوسکتا ہے،اس حوالے سے مثبت یا منفی اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، صحت کے معاملات ، ذرائع آمدن اور فیملی یا پراپرٹی کے معاملات اس سال اہم ہوں گے، ان پر خصوصی توجہ دینا پڑے گی، جدی افراد کی احتیاط پسندی اور نظم و ضبط کی پابندی ان کے کام آئے گی کیوں کہ مندرجہ بالا تمام امور کوئی بھی مثبت یا منفی رُخ اختیار کرسکتے ہیں لیکن بہر حال وہ اپنی محنت اور لگن سے ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنا جانتے ہیں اور نتائج بالآخر ان کے حق میں بہتر ہوں گے،انہیں چاہیے کہ اپنی ذات سے باہر نکل کر بھی دیکھیں، دوسروں کے جذبات اور احساسات کو سمجھیں، اس طرح وہ زندگی کے ہر چیلنج کا بہتر انداز میں مقابلہ کرسکتے ہیں، خیال رہے کہ جدی وہ برج ہے جس میں سیارہ مشتری کو ہبوط یعنی نہایت کمزور پوزیشن ملتی ہے لہٰذا مشتری کے فوائد کا حصول بعض اوقات جدی افراد ضائع کردیتے ہیں۔
برج دلو
اگر برج دلو والوں کے لیے کہا جائے ”انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند“ تو غلط نہیں ہوگا، ہم برج دلو کو دائرة البروج کا ”انوکھا لاڈلا“ کہتے ہیں کیوں کہ یہ لوگ اپنی غیر معمولی آئیڈیلوجی کے زیر اثر زندگی گزارتے ہیں، عجیب اور حیرت انگیز چیزوں میں انہیں کشش محسوس ہوتی ہے، انہیں روایت شکن بھی کہا جاتا ہے،ان کی سوچ اور ان کے کام کرنے کا انداز غیر روایتی ہوتا ہے،سیارہ مشتری آئندہ ایک سال تک ان کے زائچے میں ایک بہترین پوزیشن میں رہے گا، یعنی نویں گھرمیں جو قسمت ، نئی منصوبہ بندی اور نئے جہانوں کا گھر ہے، اگر دلو مرد و خواتین اس سال ہواو ¿ں میں اڑنے لگیں تو حیرت نہیں ہونی چاہیے، یہ لوگ بہت بلند پرواز اور خلا میں رہنے والی مخلوق ہیں لہٰذا تخت یا تختہ دونوں ہی چیزیں زندگی میں ساتھ ساتھ چلتی ہیں، بہر حال برج دلو والوں کے لیے یہ ایک خوش قسمت سال ہے، دیکھنا یہ ہوگا کہ وہ کس طرح اور کس انداز میں اپنے یونیک آئیڈیاز پر عمل پیرا ہوتے ہیں، بعض دلو مرد و خواتین کسی رومانی افیئر میں دیوانگی کی حد تک جاسکتے ہیں، بعض کی منگنی ہوسکتی ہے، تجربے کار اور سینئر دلو افراد یقیناً اس سال ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
برج حوت
آبی برج حوت احساسات سے بھرپور ہے، کہا جاتا ہے کہ یہ لوگ دماغ سے نہیں دل سے سوچتے ہیں اور دل تو دیوانہ ہے، پاگل ہے، سیارہ مشتری قدیم نظریات کے تحت برج حوت پر بھی حکمران ہے، شمسی زائچے میں آٹھویں گھر میں مشتری کا ایک سالا قیام کوئی خوش گوار اثر نہیں دے گا، حوت افراد پیشہ ورانہ اور کاروباری معاملات میں مشکلات محسوس کرسکتے ہیں، ایسا محسوس ہوسکتا ہے کہ جیسے کوئی بندش ہوگئی ہے، ہر معاملے میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں، بہتر ہوگا کہ وہ کسی وہم و گمان کا شکار ہوکر زبردستی کاموں کو آگے بڑھانے کی کوشش نہ کرےں، صبروسکون سے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں، لوگوں کی باتوں میں نہ آئیں، اخراجات بڑھیں گے، ان کی پوزیشن کمزور ہوگی لیکن یہ صرف تھوڑے دنوں کی بات ہوگی، ایسے اوقات میں صبروبرداشت سے کام لینا چاہیے مگر صبروبرداشت برج حوت میں کہاں؟
اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ پورا سال پریشانی ، رکاوٹ یا دیگر مسائل کا سامنا رہے گا، البتہ یہ ضرور ہے کہ آپ کے بڑے بڑے اہداف جو کاروباری یا دیگر معاملات سے متعلق ہوں گے، انہیں پورا کرنے میں دشواری ہوگی، اگر پابندی سے جمعرات کے روز صدقات دیتے رہیں تو مشتری کی خراب پوزیشن کا ناقص اثر دور ہوگا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں