پاکستان اورکراچی کے زائچے پر ایک نظر
رمضان المبارک کی برکتیں جاری ہیں، پاکستان میں عام مسلمانوں کے لیے ان برکتوں کے ساتھ مہنگائی کی زحمتیں بھی شامل ہوجاتی ہیں اور اس ماہ میں تو بجٹ کی بجلیاں بھی خصوصی طور پر عوام پر ہی گری ہیں، گزشتہ ماہ جون کی فلکیاتی صورت حال کے حوالے سے ہم نے عرض کیا تھا کہ یہ مہینہ بھی مئی کے مہینے کا تسلسل ہی ہوگا، بجٹ عوامی امیدوں کے خلاف رہا، پانامہ لیکس کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی ”نشستند، گفتند، برخاستند“ کی مثال ثابت ہوئی، وزیراعظم کی غیر حاضری بھی خاصا طول پکڑ چکی ہے، اگرچہ موصولہ اطلاعات کے مطابق وہ تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں، ہماری دعائیں بھی ان کے ساتھ ہیں۔
جون کا مہینہ اپنے اختتام کو پہنچا اور جولائی کا آغاز ہونے والا ہے، حسب دستور اس ماہ کے نشیب و فراز پر ایک تجزیاتی نظر ہمارا برسوں کا معمول ہے، گزشتہ مہینے میں خاصے سخت نظرات موجود تھے جن کی وجہ سے منفی رجحانات اور سرگرمیاں پورا مہینہ جاری رہیں، حکومت اور اپوزیشن کی باہمی آنکھ مچولی سے قطع نظر ملک میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے،کراچی میں جون کا تیسرا ہفتہ خاصا قیامت خیز رہا، محترم چیف جسٹس کے صاحب زادے کو اغوا کرلیا گیا اور دیگر جرائم میں بھی اضافہ ہوا، 22 جون کو بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکار امجد صابری کو دن دیہاڑے گولیاں مار کر شہید کردیا گیا، قصہ مختصر یہ کہ اس مقدس اور مبارک مہینے کی حرمت کا بھی جرائم پیشہ افراد نے کوئی لحاظ نہیں کیا۔
جولائی میں اگرچہ نحس نظرات کے مقابلے میں سعد نظرات زیادہ ہیں اور اس بات کی نشان دہی ہورہی ہے کہ مئی سے شروع ہونے والی آسمانی کونسل کی نگاہِ غضب میں کمی آئے گی، جولائی کا مہینہ مثبت اثرات کا حامل اور اہم معاملات میں پیش رفت لانے والا ہوگا، حکومت کو خواب خرگوش سے جگانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
جولائی کے پہلے پندرہ دن عیدالفطر کی دلچسپیوں کے باعث سیاسی بیانات تک ہی محدود رہیں گے لیکن اس کے بعد سیاسی گرم بازاری کا آغاز ہوگا، عمران خان کے تیور بدلے ہوئے نظر آتے ہیں، وہ سڑکوں پر آنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں،محترم طاہر القادری بھی میدان میں آچکے ہیں، دیگر سیاسی جماعتیں فی الحال رنگِ محفل کا جائزہ لے رہی ہیں، سب سے زیادہ مشکل میں پاکستان پیپلز پارٹی نظر آتی ہے کیوں کہ ایک طرف اُس کی جمہوری ساکھ داو ¿ پر لگی ہوئی ہے ، وہ فرینڈلی اپوزیشن کے داغ سے جان چھڑانا چاہتی ہے تاکہ پنجاب میں اپنی پوزیشن بہتر بنائے تو دوسری طرف اُسے موجودہ سسٹم کی بھی فکر لاحق ہے۔
زائچہ ءپاکستان میں اس ماہ بھی سیارہ مریخ کا کردار اہم ہے کیوں کہ مستقیم ہونے کے بعد ایک بار پھر وہ زائچے کے ساتویں ، دسویں ، پہلے اور دوسرے گھر کو متاثر کرے گا گویا باہمی کشیدگی میں اضافہ ہوگا، بہت زیادہ دباو ¿ وزیراعظم اور اُن کی کابینہ پر رہے گا، ملک اور عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگا، معاشی صورت حال اطمینان بخش نہیں رہے گی،جولائی کا آخری ہفتہ اور اگست کا پہلا ہفتہ بعض غیر معمولی منفی واقعات و حادثات کی نشان دہی کر رہا ہے، وزیراعظم جناب محمد نواز شریف کے لیے جولائی اور اگست کے مہینے بہر حال خوش گوار نظر نہیں آتے۔
کراچی کی سالگرہ
جون کے آخری عشرے میں ہونے والے واقعات میں کراچی ہی نہیں پورے ملک میں تشویش کی ایک نئی لہر پیدا کردی ہے،یکم جولائی کراچی کی سالگرہ ہے کیوں کہ ون یونٹ کے خاتمے کے بعد یکم جولائی 1970 ءکو کراچی صوبہ سندھ میں شامل ہوا اور اسے سندھ کے دارالحکومت کا درجہ دیا گیا، اس سے پہلے کراچی وفاق کے زیر انتظام تھا گویا کراچی کے نئے سال کا آغاز یکم جولائی سے ہوتا ہے۔
کراچی کا طالع پیدائش (Birth Sign) 7 درجہ 12 دقیقہ برج حوت ہے جو ایک انتہائی حساس آبی برج (Water sign) ہے، اس برج کو اعلیٰ تخلیقی صلاحیتوں کا حامل اور ایک روحانی برج بھی کہا جاتا ہے،کراچی کے زائچے میں راہو کیتو کے علاوہ سیارہ زحل ، شمس اور زہرہ فعلی منحوس سیارے ہیں، جون کے آخری عشرے سے سیارہ زحل نویں گھر میں ٹرانزٹ کرتے ہوئے پیدائشی قمر کو متاثر کر رہا ہے،قمر زائچے میں پانچویں گھر کا حاکم ہے جس کا تعلق بچوں اور انٹرٹینٹمنٹ سے ہے،نتیجے کے طور پر نوجوان چیف جسٹس کے صاحب زادے کا اغوا اور ایک نامور فنکار کی شہادت کا سانحہ سامنے آیا، جولائی کے مہینے میں ایسے مزید سانحات سے بچنے کی ضرورت ہے،خصوصاً اسکولوں کی سیکورٹی پر توجہ دی جائے۔
سیارہ مشتری راہو کیتو کے ساتھ چھٹے گھر میں حرکت کر رہا ہے،اس بات کا امکان موجود ہے کہ موجودہ صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے جولائی میں مزید سخت اقدام کیے جائیں گے، مذہب کے نام پر یا سیاست کی آڑ میں جرائم کرنے والوں سے زیادہ سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا، اس حوالے سے جولائی کا مہینہ مثبت اثرات کا حامل ہوگا۔
ہمارے قارئین کو یاد ہوگا ، ہم نے گزشتہ سال کراچی کے زائچے کے حوالے سے نشان دہی کی تھی کہ 2 مارچ 2015 ءسے زائچے میں قمر کا دور اصغر شروع ہوگا تو کراچی کے حالات میں نمایاں بہتری آئے گی اور ایسا ہی ہوا، اس سال قمر کا دور ختم ہوا اور یکم جولائی سے زائچے میں مریخ کا دور اصغر شروع ہورہا ہے، مریخ زائچے کا سعد سیارہ ہے لیکن زائچے میں غروب ہے، دوسرے گھر کا حاکم ہے جس کا تعلق ذرائع آمدن اور اسٹیٹس سے ہے،چناں چہ مریخ کا دور جو آئندہ سال 6 جون تک جاری رہے گا، کراچی کے نئے اسٹیٹس کی نشان دہی کر رہا ہے،ٹرانزٹ میں سیارہ مریخ نویں گھرمیں اچھی پوزیشن رکھتا ہے البتہ اگست میں یہ منحوس سیارہ زحل سے قران کرے گا، یہ منحوس قران تقریباً 24 اگست کو ہوگا اور اس کے نتیجے میں کراچی اور سندھ پر کوئی کالا قانون یا نامناسب حکومتی اقدام سامنے آسکتا ہے جو بہر حال قابل قبول نہیں ہوگا، اس قران کے نتیجے میں سندھ میں گورنر راج بھی آسکتا ہے جس کے نتیجے میں شدید نوعیت کی احتجاجی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے گویا اگست کا مہینہ کراچی اور سندھ کے لیے ایک مشکل مہینہ ثابت ہوسکتا ہے۔
جولائی کے ستارے
سیارہ شمس کا سفر برج سرطان میں جاری ہے،22 جولائی کو اپنے ذاتی برج اسد میں داخل ہوگا، آسمانی کونسل کا وزیراطلاعات سیارہ عطارد برج سرطان میں حرکت کر رہا ہے،ابتدا ہی سے غروب رہے گا، 7 جولائی کو شمس سے قران کرے گا تو تحت الشعاع ہوجائے گا اور 20 جولائی کی صبح تک غروب رہے گا گویا اپنی اصل قوت کھودے گا، 14 جولائی کو برج اسد میں داخل ہوجائے گا،ایسے معاملات جن کا تعلق سیارہ عطارد سے ہے، اس دوران میں کسی رکاوٹ یا الجھن کا باعث ہوں گے۔
سیارہ زہرہ بھی برج سرطان میں حرکت کر رہا ہے اور شمس سے قریب ہونے کی وجہ سے غروب ہے،12 جولائی کو برج اسد میں داخل ہوجائے گا اور 13 جولائی سے طلوع ہوگا، سیارہ مریخ 20 جون کو مستقیم ہوکر اپنی سیدھی رفتار پر برج عقرب میں ہے اور پورا مہینہ یہیں رہے گا، سیارہ مشتری برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے جب کہ زحل برج قوس میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے،یورینس برج حمل میں ہے اور 30 جولائی کو اسے رجعت ہوجائے گی جو سال کے آخر تک جاری رہے گی، سیارہ نیپچون برج حوت میں ہے اور بحالتِ رجعت حرکت کر رہا ہے،سیارہ پلوٹو بھی بحالتِ رجعت برج جدی میں ہے، جب کہ راس اور ذنب بالترتیب برج حوت اور سنبلہ میں حرکت کر رہے ہیں۔
نظرات و اثراتِ سیارگان
جولائی میں اہم سیارگان کے درمیان تثلیث کے 8 زاویے اور تسدیس کے 4 زاویے ہوں گے،یہ سعد اثرات کے حامل ہیں جب کہ تربیع کے تین زاویے اور مقابلے کی ایک نظر قائم ہوگی جو نحس اثرات کی حامل ہے،اس کے علاوہ دو قرانات بھی ہیں، تفصیل درج ذیل ہے۔
دو جولائی زہرہ اور مشتری کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ اچھے اثرات کا حامل ہوگا، یہ وقت تعلقات کو بہتر بنانے اور ترقیاتی امور پر توجہ دینے کے لیے بہتر ہے، اس دوران میں جو کام لیے جائیں گے، ان کے بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔
تین جولائی شمس اور نیپچون کے درمیان تثلیث کا زاویہ عام آدمی کی زندگی پر فوری نوعیت کا کوئی اثر نہیں ڈالتا، البتہ بین الاقوامی معاملات میں ایسے زاویے اہم کردار ادا کرتے ہیں،روحانیت کا شعور بیدار ہوتا ہے،اہم افراد خصوصاًمذہب یا روحانیت سے متعلق افراد جو اعلیٰ حیثیت رکھتے ہوں، اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
چھ جولائی: عطارد اور نیپچون کے درمیان تثلیث کی نظر نہایت اہم ہے،سمندر کے ذریعے تجارت سے فائدہ پہنچاتی ہے،روحانی علوم کے حصول میں مددگار ہوتی ہے،ذہنی رجحانات روحانیت یا پُراسراریت کی جانب مائل ہوتے ہیں اور اس حوالے سے زندگی میں نئے تجربات و مشاہدات ہوتے ہیں۔
سات جولائی: زہرہ اور مریخ کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ ہوگا، زہرہ کو عورت اور مریخ کو مرد تسلیم کیا گیا ہے،یہ نظر عورت اور مرد کے تعلقات میں بہتری لاتی ہے،محبت ، منگنی یا شادی کے معاملات میں معاون ثابت ہوتی ہے، گزشتہ ماہ ایک جفری طلسم کا طریقہ دیا گیا تھا، عورت اور مرد کے درمیان بہتر تعلقات اور محبت کے لیے وہ طلسم اس وقت میں تیار کیا جائے تو تیر بہ ہدف ثابت ہوگا۔
اسی تاریخ کو عطارد اور شمس کے درمیان قران کا زاویہ اور زہرہ اور یورینس کے درمیان تثلیث کا زاویہ ہوگا، اندھی اور پہلی نظر کی محبت اس زاویے کا شاخسانہ ہوتی ہے،چٹ منگنی اور پٹ بیاہ بھی دیکھنے میں آتا ہے،قصہ مختصر یہ کہ عورت اور مرد کے درمیان باہمی کشش پیدا ہونا اس وقت کی نمایاں خصوصیات ہیں۔
آٹھ جولائی: شمس اور پلوٹو کے درمیان مقابلے کی نظر ہوگی، یہ نحس نظر ہے لیکن عام آدمی اس سے متاثر نہیں ہوتا،صاحب حیثیت افراد یا عہدہ و منصب پر فائز افراد متاثر ہوتے ہیں، ان کے ساتھ حادثات پیش آسکتے ہیں یا کسی معزولی و تنزلی کا اندیشہ ہوسکتا ہے۔
اسی تاریخ کو عطارد اور مشتری کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ ہوگا جو سفر یا تعلیمی امور میں مددگار ثابت ہوگا، سفر سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی اور تعلیمی نوعیت کی سرگرمیوں میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے، اس وقت میں اہل علم افراد سے مشورہ بھی مفید ثابت ہوگا۔
دس جولائی: شمس اور مشتری کے درمیان تسدیس کی سعد نظر ہوگی، یہ نظر خاص طور پر گورنمنٹ سے متعلق کاموں میں مددگار ثابت ہوتی ہے،ایسے کام جو رکے ہوئے ہوں یا گورنمنٹ سے تعاون کی ضرورت ہو، ان کے لیے کوشش کرنا چاہیے، پروموشن سے متعلق معاملات میں بھی اعلیٰ افسران یا حکام بالا کا تعاون حاصل ہوسکتا ہے۔
گیارہ جولائی: عطارد اور مریخ کے درمیان تثلیث کا زاویہ ہوگا، یہ نظر مشینری اور ٹرانسپورٹیشن کے معاملات میں مددگار ہوگی، ٹیکنیکل نوعیت کے کاموں میں بھی بہتر کارکردگی سامنے آئے گی، اسی طرح ٹیکنیکل تعلیم سے متعلق معاملات بہتر طور پر آگے بڑھ سکیں گے، اس نظر کے تحت کسی فوری اور تیز رفتار سفر کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
اسی تاریخ کو عطارد اور یورینس کے درمیان تربیع کا زاویہ محتاط روی اور جلد بازی سے گریز کا مشورہ ہے،اچانک کوئی نئی صورت حال ڈسٹرب کرتی ہے جس کے لیے ہم پہلے سے تیار نہ ہوں، کسی بڑی تبدیلی کا امکان پیدا ہوتا ہے، لوگ اپنا مو ¿قف بدل لیتے ہیں یا وعدے سے پھر جاتے ہیں۔
سولہ جولائی: شمس اور یورینس کے درمیان تربیع کی نحس نظر کوئی بڑا اپ سیٹ لاسکتی ہے لیکن صاحب حیثیت افراد اس سے متاثر ہوتے ہیں یا صاحب حیثیت افراد اور افسران بالا کا رویہ نامناسب ہوتا ہے جو ہمیں حیران کردیتا ہے، یہ نظر حکومتی معاملات میں بھی غیر معمولی تبدیلیوں اور کسی اپ سیٹ کی نشان دہی کرتی ہے۔
سترہ جولائی: عطارد اور زہرہ کا قران اور ساتھ ہی شمس اور مریخ کے درمیان تثلیث کی نظر ، سعد اثرات کی حامل ہیں ، یہ وقت تقریباً تمام نوعیت کی سرگرمیوں اور دلچسپیوں کے لیے بہتر ہے۔
اٹھارہ جولائی: عطارد اور زحل کے درمیان تثلیث کا زاویہ ہوگا، یہ سعد اثرات کا حامل ہے،خصوصاً عام افراد کو فوائد حاصل ہوں گے،عوامی نوعیت کے مسائل پر بات ہوگی، اس وقت طویل المدت معاہدات یا منصوبے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
بیس جولائی: زہرہ اور زحل کے درمیان تثلیث کا زاویہ مبارک ہے، دوسروں سے تعلقات خواتین سے رشتے ناطے مضبوط کرنے میں آسانی ہوگی، نکاح وغیرہ کے لیے اچھا وقت ہوگا، ایسے تمام کام جن میں استحکام کی ضرورت ہو، بہتر رہیں گے۔
ستائیس جولائی: عطارد اور یورینس کے درمیان تثلیث کی نظر غیر متوقع طور پر کسی کامیابی کی نشان دہی کرتی ہے،سرپرائز لاتی ہے، اچانک سفر یا تعلیمی سرگرمیوں میں کوئی نمایاں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے،اس وقت ضروری معلومات کا حصول ممکن ہوگا، الیکٹرونکس ذرائع ابلاغ ترقی کرتے ہیں، انٹرنیٹ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔
تیس جولائی: عطارد اور مریخ کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ کسی بنے بنائے کام کو بگاڑنے کا باعث ہوسکتا ہے،دو افراد کے درمیان کوئی تنازع یا تلخ کلامی اس دوران میں ممکن ہے، ٹھنڈے دل و دماغ سے معاملات کو نمٹانا چاہیے، غصے اور اشتعال سے گریز کریں، یہ وقت ٹریفک حادثات کا اندیشہ بھی لاتا ہے، ڈرائیونگ وغیرہ میں محتاط رہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں