ہفتہ، 29 جنوری، 2022

غیر معمولی اثرات کا حامل قرانِ زہرہ و مریخ

 

ملکی ِ حالات میں کوئی ڈرامائی تبدیلی، ایک خاص عمل محبت

گزشتہ مضمون میں مارچ کی غیر معمولی صورت حال پر اظہار خیال ہوا تھا، فروری کے آخر میں ہونے والا سیاروی اجتماع اس حوالے سے نہایت اہم ہے، ہم نے عرض کیا تھا کہ کوئی بڑا آئینی بحران ،عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی غیر معمولی فعالیت اس عرصے میں نظر آتی ہے کیوں کہ یہ سیاروی اجتماع زائچے کے نویں گھر میں ہوگا، شمس اور مشتری پاکستان کے زائچے کے دسویں گھر میں قران کر رہے ہوں گے، مشتری غروب ہوگا جب کہ شمس کو بری طرح متاثر کرے گا،شمس کی خراب پوزیشن زائچے کے دسویں گھر میں حکومت اور وزیراعظم کے لیے ناموافق ثابت ہوسکتی ہے، مزید یہ کہ سیارہ زہرہ اور مریخ بھی اس وقت نویں گھر میں زائچے کے نہایت حساس مقام پر حالت قران میں ہوں گے، یہ اوضاع فلکی زائچہ پاکستان کے لحاظ سے نہایت نحس اثرات کی حامل ہے،ممکنہ اثرات پر زیادہ کھل کر گفتگو مناسب نہیں ہے،ہم نے عرض کیا تھا کہ مریخ اور زہرہ کا قران زائچہ پاکستان میں نہایت منحوس اثرات کا حامل ہے، بین الاقوامی اور ملکی اسٹیبلشمنٹ اس عرصے میں کوئی کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے جس کا نتیجہ حکومت کے خلاف بھی ہوسکتا ہے،شمس کی خراب پوزیشن اعلیٰ عہدہ و منصب کے حامل افراد کی تنزلی یا معزولی ظاہر کرتی ہے اور کسی ایمرجنسی کی صورت حال کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔
گزشتہ دنوں میں وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان نے عوامی سوالات کا جواب دیتے ہوئے اس خطرے کی تصدیق کردی ہے، انھوں نے کہا ”اگر مجھے نکالا گیا تو میں اور زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہوں“
اس کا مطلب ہے کہ سیاست کی فضا میں ایک غیر معمولی ہلچل شروع ہوچکی ہے جس کا اندازہ یقینا وزیراعظم کو بھی ہوچکا ہے، وہ اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کریں گے اس کے بارے میں تو ہم کچھ نہیں کہہ سکتے، البتہ اپوزیشن لیڈر لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد کی تیاری کر رہے ہیں، آج تک پاکستان کی تاریخ میں کوئی تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوئی، اس کی کامیابی کے لیے کچھ دیگر عوامل کا موافقت میں ہونا ضروری ہوتا ہے ورنہ گنتی پوری بھی ہو تو ادھوری رہ جاتی ہے، بہر حال اپوزیشن بہت پر امید ہے اور ان کی امیدیں بلاوجہ نہیں ہوسکتیں، دلچسپ صورت حال یہ ہے کہ شمس کی خرابی سے اگر حکومت و وزیراعظم کو خطرات لاحق ہیں تو اپوزیشن کے لیے بھی یہ صورت حال بہتر نہیں ہے اور پانسہ کسی ایسے رُخ پر بھی پلٹ سکتا ہے جس کی کسی کو توقع ہی نہ ہو، کوئی ایسا منظرنامہ سامنے آئے جو دیکھنے والوں کو حیران کردے، زہرہ اور مریخ کا قران تقریباً 8 مئی سے شروع ہوگا اور 19 مارچ تک جاری رہے گا، یہ وقت یقینا نہایت عجیب اور حیرت ناک حالات و واقعات سامنے لاسکتا ہے

ہر موڑ نئی اک الجھن ہے قدموں کا سنبھلنا مشکل ہے
وہ ساتھ نہ دیں پھر دھوپ تو کیا سائے میں بھی چلنا مشکل ہے

فروری کی سیاروی گردش

سیارہ شمس برج جدی میں حرکت کر رہا ہے، یکم فروری کو قمر اور شمس کا قران ہوگا، گویا نئے چاند کی پیدائش ہوگی، 2 فروری کو رویت ہلال کا امکان موجود ہے، شمس 13 فروری کو برج دلو میں داخل ہوجائے گا اور فروری میں اسی برج میں حرکت کرے گا۔
سیارہ قمر برج جدی میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے اور چار فروری کو مستقیم ہوگا اور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا۔
سیارہ زہرہ برج قوس میں حرکت کر رہا ہے،21 فروری کو برج جدی میں داخل ہوگا، اس برج میں اس کی پوزیشن بہتر ہوتی ہے۔
سیارہ مریخ بھی برج قوس میں ہے ،26 فروری کو برج جدی میں داخل ہوگا جو اس کا شرف کا برج ہے،مریخ اور زہرہ تقریباً ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ حالتِ قران میں گزاریں گے،اس حوالے سے دونوں کے باہمی قران کے اثرات پر علیحدہ سے گفتگو ہوگی۔
سیارہ مشتری برج دلو میں حرکت کر رہا ہے اور فروری میں اسی برج میں رہے گا، فروری کی 20 تاریخ سے غروب ہوجائے گا۔
سیارہ زحل اپنے ذاتی برج جدی میں حرکت کر رہا ہے اور شمس کی قربت کے سبب غروب ہے،21 فروری کے بعد طلوع ہوجائے گا۔
راہو اور کیتو بالترتیب برج ثور اور عقرب میں پورا مہینہ حرکت کریں گے۔

شرف قمر

قمر اپنے شرف کے برج میں اس ماہ 9 فروری 03:45 am پر داخل ہوگا اور 11 فروری 04:36 pm تک برج ثور میں شرف یافتہ رہے گا، یہ نہایت سعد وقت ہوتا ہے لیکن گزشتہ دو ماہ سے راہو اور کیتو کی برج ثور کے ابتدائی درجے پر موجودگی سیارہ قمر کے ساتھ قران کا باعث ہورہی ہے لہٰذا شرف کے اوقات کا انتخاب دیکھ بھال کر کرنا چاہیے، ہمارے نزدیک اس ماہ کے لیے شرف قمر کے موثر اورمناسب اوقات درج ذیل ہیں۔
10 فروری کو شب 01:27 am سے 02:33 am تک ۔
10 فروری 08:50 am سے 10:03 am تک۔
10 فروری 10:20 am سے 12:22 pm تک۔

قمر در عقرب

قمر اس ماہ اپنے ہبوط کے برج عقرب میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 23 فروری کو صبح 08:27 am پر داخل ہوگا اور 25 فروری صبح 11:37 am تک برج عقرب میں ہبوط یافتہ رہے گا، تمام وقت انتہائی منحوس اثرات کا حامل ہے، اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں خاص طور پر منگنی و نکاح وغیرہ سے گریز کریں، اپنے معمولات کے فرائض کی ادائیگی تک خود کو محدود رکھیں۔
قمر در عقرب میں بری عادتوں سے نجات ، کسی بھی نوعیت کی بندش ، مخالفین یا دشمنوں کی روک تھام وغیرہ سے متعلق عملیات کیے جاتے ہیں، مندرجہ بالا وقت میں اپنے مقصد کے مطابق ساعت کا انتخاب کرکے عمل یا نقش سے کام لیا جاسکتا ہے، اس حوالے سے ضروری معلومات ہماری ویب سائٹ پر جفر آثار کے لنک سے مل سکتی ہیں۔

قران زہرہ و مریخ

محبت کرنے والوں کے لیے عملِ محبت

جیسا کہ پہلے بھی ایک اہم ترین وقت کی نشان دہی کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ اس بار زہرہ و مریخ کا قران غیر معمولی نوعیت کا واقع ہورہا ہے، ایسا وقت سالوں میں کبھی دستیاب ہوتاہے یعنی مریخ اپنے شرف کے گھر میں ہوگا اور زہرہ بھی موافق گھر میں ،مزید یہ کہ دونوں سیارگان ایک طویل عرصہ حالتِ قران میں گزاریں گے، علم نجوم کے قواعد کی روشنی میں یہ دونوں سیارے عاشق و معشوق ہیں، مریخ مذکر ہے اور مرد سے منسوب ہے اور زہرہ مونث ، عورت سے منسوب ہے لہٰذا ان دونوں کے درمیان سعد نظر یعنی باہمی ملاپ معاملاتِ جذب و ربط اور دلوں میں گداز پیدا کرنے کے لیے معاون و مددگار ہوتی ہے، اس موقع پر محبت و دوستی سے متعلق عملیات و نقوش تیار کیے جاتے ہیں اور دو افراد مرد و عورت کو قریب لانے ، ایک دوسرے کی محبت میں پرجوش اور بے تاب کرنے کے لیے کوشش کی جاتی ہے، ہم اس موقع پر اپنا ایک مجرب عمل محبت پیش کر رہے ہیں، بے شک عمل کی تیاری آسان نہیں ہے لیکن جو لوگ محنت کرکے عمل کو درست طور پر تیار کرلیں گے وہ یقینااپنی مراد پالیں گے۔اس وقت میں جفری طریقے اختیار کرکے میاں بیوی کے درمیان یگانگت و اتحاد اور خلوص و محبت پیدا کی جاسکتی ہے یا پسند کی جگہ شادی کے لیے کوشش کی جاسکتی ہے، ناراض محبوب کو راضی کیا جاسکتا ہے کسی اجڑتے ہوئے گھر کو آباد کیا جاسکتا ہے۔
ہم عموماً ایسے عملیات و طریق کار عام کرنے سے گریز کرتے ہیں کہ نا اہل و ہوس کار خلق خدا میں فتنے و فساد پیدا نہ کریں یا نادان و جذباتی سوچ رکھنے والے ناپختہ ذہن ایسے اعمال کو کھیل نہ بنالیں لیکن اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کہ ایسے اعمال کے مثبت پہلو زیادہ اہمیت کے حامل ہیں، کسی کی ازدواجی زندگی اگر محبت و خلوص کے زیور سے آراستہ ہوجائے تو اس سے بہتر بات اور کیا ہوگی یا جائز حدود میں اس طریقے سے کوئی نیا گھر آباد ہوجائے تو یہ بھی کار خیر ہوگا، البتہ جو ناجائز اور منفی طور پر ایسے طریقوں سے روحانی مدد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ عموماً ناکام و نامراد ہی رہتے ہیں اور اکثر نقصان اٹھاتے ہیں۔
ہماری روایت کے خلاف عمل کچھ مشکل ضرور ہے مگر کوشش کریں گے کہ آسان انداز میں پیش کریں تاکہ عام افراد فائدہ اٹھاسکیں،ا س عمل کو اگر کسی مرد کے دل میں جذبات عشق پیدا کرنے کے لیے کیا جائے تو ساعت مریخ یا مشتری میں عمل کریں اور اگر عورت مطلوب ہو تو ساعت زہرہ یا قمر لی جائے گی۔
اگر میاں بیوی میں سے کوئی ایک خلاف رہتا ہے اور دوسرے فریق کو شکایت ہے کہ اسے نظر انداز کیا جاتا ہے یا اس سے نفرت کی جاتی ہے تو یہ عمل کام دے گا، اگر کسی خاص جگہ رشتہ مطلوب ہے اور لڑکی یا لڑکا راضی نہیں یا اگر کوئی فرد راضی نہیں تو اس صورت میں بھی یہ عمل کام دے گا، اب طریقہ کار کو سمجھ لیں۔
طالب وہ ہوتا ہے جو چاہتا ہے اور مطلوب سے مراد و ہ فریق ہے جسے چاہا جائے، اس عمل میں طالب و مطلوب دونوں کے نام مع والدہ لیے جائیں گے اور ان کے اعداد ابجد قمری سے حاصل کرنا ہوں گے، مثلاً سلیم بن زاہدہ چاہتا ہے کہ اس کی بیوی زکیہ بنت آمنہ اس کی محبت میں بے قرار رہے یا اس کے برعکس زکیہ چاہتی ہے کہ اس کا شوہر سلیم اس سے بے پناہ محبت کرے تو اب دونوں کے ناموں کے اعداد اس طرح لیں گے۔
س ل ی م ز ا ہ د ہ
162=5+4+5+1+7+40+10+30+60
ز ک ی ہ ا م ن ہ
138=5+50+40+1+5+10+20+7
اب طالب کے نام مع والدہ کے اعداد 162 حاصل ہوئے اور مطلوب کے نام کے اعداد 138 برآمد ہوئے، اس کے بعد دو آیات کے اعداد لیے جائیں گے، اول سورہ بقرہ کی آیت نمبر 165 کے اعداد اور دوم سورہ طحہٰ کی آیت نمبر 39 کے اعداد دونوں آیات یہ ہیں۔
والقیت علیک محبة منی ولتصنع علےٰ عینی
یحبونھم کحب اللہ والدین آمنو ا اشد حبا ً لللَّہ
پہلی آیت کے اعداد2123 اور دوسری کے اعداد 1493 ہیں۔ ان کے ساتھ لفظ محبت لیا جائے گا۔”محبت“ کے اعداد 450 ہیں، اب ہمارے پاس اس عمل کی تیاری کے چار اہم جز آگئے۔
1 ۔ طالب کے اعداد 162=
2 ۔ مطلوب کے اعداد 138=
3 ۔ مقصد مطلب کے اعداد 450=
4 ۔ آیات حب کے اعداد 3616=
ہم ان اجزا کی مدد سے ایسا نقش تیار کرسکتے ہیں جو اپنی اثر انگیزی میں بے مثال ہو،ا س کام کے لیے ہم سولہ خانوں کا مربع نقش لیں گے اور اسے اس طرح ترتیب دیں گے کہ وہ نقش اصل میں آیات کے اعداد کا نقش ہو یعنی اس کی چاروں طرف سے میزان 3616 ہی آئے مگر نقش کے اندر طالب و مطلوب اور مطلب کو شامل کردیاجائے اور ان کی اپنی حیثیت قائم رہے، دیکھیے اس کی مثال یہ نقش ہوگا۔

 

 

کسی بھی نقش کی ایک مخصوص چال ہوتی ہے جو اس میں اثر پیدا کرتی ہے چال کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ نقش کے خانے کس ترتیب کے ساتھ بھرے جائیں، مندرجہ بالا سولہ خانوں کا نقش مربع دی گئی چال سے مکمل کیا جائے گا اور چال کی مدد سے ہی ہم آپ کو اس نقش کا حساب سمجھائیں گے۔
اس نقش کی مخصوص چال بھی دی جارہی ہے کہ اس کے بغیر نہ تو نقش سمجھ میں آئے گا نہ دوست تیار ہوسکے گا، چال یہ ہے۔

 

 

چال کے نقش میں ایک سے لے کر 16 تک خانوں کی نشان دہی ہورہی ہے، اس چال کے مطابق خانہ نمبر ایک میں مطلوب کا نام مع والدہ ”زکیہ آمنہ“ درج ہے جس کے اعداد 138 ہیں اس میں دو عدد کا اضافہ کرکے خانہ نمبر 2میں 140 لکھا جائے گا پھر مزید دو عدد کا اضافہ کرکے خانہ نمبر تین میں 142 اور پھر خانہ نمبر چار میں 144 بھریں گے، اس طرح چال کا ایک دور پورا ہوا، اب خانہ نمبر 5 میں طالب کے نام مع والدہ کے اعداد 162 لکھیں گے اور پھر دو دو کے اضافہ سے خانہ نمبر 6,7,8 کو بھریں گے، خانہ نمبر 9 مطلب و مقصدسے متعلق ہے اس میں لفظ محبت کے اعداد 450 لکھ کر یا لفظ محبت لکھ کر پھر دو دو عدد کے اضافے سے خانہ نمبر 12,11,10 بھریں گے، اس طرح نقش کے تین دور مکمل ہوگئے چوتھے اور آخری دور میں آیت کے اعداد آئیں گے، اس دور کو مکمل کرنے کے لیے خانہ نمبر 7,4 او ر10 کے اعداد کو جمع کرلیں جو یہ ہیں۔
762=452+166+144
اب آیت کے کل اعداد 3616 میں سے 762 عدد تفریق کردیں تو باقی 2854 بچے یہ اعداد خانہ نمبر 13میں لکھ دیں اور پھر دو دو عدد کا اضافہ کرتے ہوئے خانہ نمبر 16,15,14 کو بھر لیں سمجھ لیں کہ نقش مکمل ہوگیا، اب یہ معلوم کرنے کے لیے کہ نقش درست ہے یا غلط نقش کے دائیں بائیں یا اوپر نیچے کے چار خانوں کے اعداد کو جمع کریں۔ اگر حاصل جمع 3616 آرہا ہے تو نقش درست مرتب ہوا ہے ورنہ غلط ہے، آپ نے کہیں کوئی غلطی کی ہے ،دوبارہ تمام حساب کو چیک کریں اور غلطی کو دور کرکے حساب درست کریں، مثلاً نقش کے پہلے چار خانوں کے اعداد کو ہم چیک کرتے ہیں۔3616=2854+452+166+144 اس طرح تمام خانوں کے اعداد کو جمع کرکے میزان معلوم کی جاسکتی ہے، ہر طرف سے جواب 3616 آنا چاہیے، تب ہی یہ اطمینان ہوگا کہ نقش درست ہے یا غلط، اکثر کتابوں اور رسالوں میں نقش غلط چھپ جاتے ہیں اور علم النقوش سے ناواقف لوگ انہیں نقل کرکے استعمال کرتے ہیں تو نتیجہ کچھ نہیں نکلتا اور ان کا اعتماد بھی ختم ہوجاتا ہے ،کسی بھی نقش کے درست ہونے کی پہچان اسی طرح کی جاسکتی ہے۔
عزیزان من! اس مشکل عمل محبت کو ہم نے جس قدر ممکن ہوسکا مثال کے ذریعے کھول کر بیان کردیا ہے پھر بھی کوئی الجھن محسوس ہو تو ہم سے براہ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے،وہ لوگ جو اس عمل کو اپنے مقصد کے موافق حل کرکے درست وقت پر تیار کرلیں گے، ان شاءاللہ نامراد نہیں رہیں گے، البتہ مقصد نیک اور جائز ہونا شرط ہے۔
نقش چاندی کے پترے پر یا ہرن کی جھلی پر یا کاغذ پر لکھا جاسکتا ہے ،نقش کی پشت پر اسمائے ملائکہ و موکلات لکھنا ہوں گے جس کا طریقہ یہ ہے۔
نقش کے کل اعداد 3616 ہیں، ان کے حرف بنائے تو و ی خ ج غ برآمد ہوئے، ان کے ساتھ کلمہ ائیل لگایا تو موکل نقش یہ بنا، یاویخ جغائیل، اگر مریخ کی ساعت میں نقش لکھ رہے ہیں تو مریخ کے ملائکہ و موکلات بھی شامل کریں اور زہرہ کی ساعت ہے تو زہرہ کے ملائکہ و موکلات کے نام لکھیں، مریخ کی ساعت کے لیے سمسائل الاحمر اور زہرہ کے لیے عینیائل زوبعہ ابیض کا نام لکھا جائے گا۔
رجال الغیب کا خیال رکھیں، خوشبو عطر سہاگ (حنا) کی استعمال کریں، صندل کی اگربتی جلائیں، اگر ہرن کی جھلی یا کاغذ پر لکھیں تو زعفران و عرق گلاب سے یا سبز روشنائی سے لکھیں۔
اگر نقش کاغذ پر لکھنا مقصود ہو تو عمدہ قسم کا روغنی کاغذ لیںیا پھر ہرن کی جھلی پر لکھیں ، نقش کی تیاری کے بعد اسے بازو پر باندھیں یا گلے میں پہن لیں، دونوں آیات مبارکہ 70مرتبہ پڑھ کر نقش پر دم کریں، نقش لکھتے ہوئے اپنے محبوب یا مطلوب کا تصور ذہن میں رکھیں، بعد ازاں دونوں آیات اگر3616 بار روزانہ کوئی ایک ٹائم مقرر کرکے پڑھیں اور پڑھنے کے دوران میں مطلوب کا تصور کریں تو مقصد کا حصول مزید آسان ہوجائے گا، اگر اتنی تعداد میں روزانہ پڑھنا ممکن نہ ہو تو 700 مرتبہ پڑھیں،یہ بھی ممکن نہ ہو تو روزانہ 70 مرتبہ پڑھیں اور اپنے مقصد کے لیے دعا کریں، اس دوران میں پابندی سے جمعہ اور منگل کے روز صدقہ دیا کریں۔
نوٹ: جو لوگ خود یہ عمل تیار نہ کرسکیں،وہ براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں