ہفتہ، 5 فروری، 2022

قومی و ملکی زائچے کی منسوبات

 

دنیاوی علم نجوم کے حوالے سے شائقین کے لیے تحفہ

دنیاوی نجوم ، علم نجوم کی ایک شاخ ہے جو قوموں، شہروں، تنظیموں، کارپوریشنوں اور کاروباری تنظیموں وغیرہ کے زائچے میں برجوں اور سیاروں کے ادوار کے ذریعے سیاروں کے اثرات سے متعلق ہے، اس میں اقوام عالم کے مقاصد اور اہداف ، ان کی دولت ، سیاسی استحکام، مالی حیثیت، ترقی، دوسرے ممالک یا قوموں کے ساتھ تعلقات، قدرتی آفات، صحت عامہ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، قومی آمدنی اور اس کے لوگوں کے روحانی اعتقاد کا احاطہ کیا جاتا ہے۔
اثرات کا مشاہدہ ان گھروں سے کیا جاتا ہے جو قومی زندگی یا سماجی زندگی کے مخصوص پہلووں پر حاکم ہوتے ہیں، برجوں کے ذریعے جو اثرات کی سطح کو ظاہر کرتے ہیں اور سیاروں کی زائچے میں بیٹھک، قوت، ان کی عملی فطرت سے اور دوسرے سیاروں یا گھروں سے ان کے قران اور نظرات کے تعلق سے تمام سیارگان کے اثرات کا مشاہدہ کیاجاتا ہے، خاص طور پر ان کا جو دوسرے سیاروں یا مختلف گھروں کے موثر مقامات سے قریبی قران یا نظرات رکھتے ہوں اور مختلف سیاروں کے مول ترکون برج سے کہ وہ کس گھر میں قابض ہیں۔
ممالک کے لیے سیاروں کے اثرات کا مشاہدہ قوم کی زندگی کے مختلف اوقات میں ان کے حاکموں، سیاسی سربراہوں کے زائچے سے کیا جاتا ہے،در حقیقت قوموں کے زائچے اور حکمرانوں، سیاسی سربراہوں کے زائچے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں، یہ بھی مشاہدہ میں آیا ہے کہ اگر ملکوں اور قوموں کے زائچے اور ان کے سربراہان کے زائچے باہم موافقت نہ رکھتے ہوں تو ایسی صورت میں ملک گمراہی ، تباہی ، انتشار اور بدنظمی کا شکار ہوجاتا ہے۔

قومی یا ملکی زائچے میں گھروں کی منسوبات

قوم کے زائچے میں مختلف گھر قوموں کی زندگی کے مندرجہ ذیل پہلووں کو ظاہر کرتے ہیں۔
پہلا گھر (First house)
زائچے کے پہلے گھر کو اصطلاحاً طالع پیدائش ، لگن یا انگریزی میں ایسنڈنٹ (Ascendent) بھی کہاجاتا ہے، مجموعی طور پر ملک کے عام حالات، امن و امان کی صورت حال، عوام اور ان کے عمومی رجحانات، عوام کی صحت، حکومت کی ساکھ، بہادری اور دنیا میں اس کا مقام دیکھا جاتا ہے، پہلے گھر یا اس کے حاکم پر کوئی قریبی نحوست یا پہلے گھر میں کمزور سیارے کی موجودگی سے قومی تشخص کو درپیش مشکلات کی نشان دہی ہوتی ہے،دوسرے معنوں میں پہلا گھر اس ملک یا قوم کے وجود کی نشان دہی کرتا ہے۔
دوسرا گھر (Second house)
دوسرا گھر بنیادی طور پر قومی دولت،معیشت، ملکی حیثیت اور اس کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مراسم اور تعلقات سے متعلق ہے، یہ لوگوں کی قوت خرید، مالی استحکام، قومی آمدنی، کرنسی کی مضبوطی، بجٹ اور تجارت کے توازن پر بھی حاکم ہے، دوسرے گھر یا اس کے حاکم پر نحس گھروں یا نحس سیاروں کے اثرات یا دوسرے گھر میں نحس سیارے کی موجودگی یا نظر ساکھ کے نقصان اور مالی وسائل میں مشکلات کو ظاہر کرتی ہے۔
تیسرا گھر (Third house)
تیسرا گھر قیادت، عوام کے ساتھ حکومت کے رابطے، ملک میں ٹرانسپورٹ، میڈیا، ٹیلی مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مواصلات کے ذرائع پر حاکم ہے، یہ ملک کے مصنف، فلسفی، فلسفیانہ فکر، ادب اور تعلیم یافتہ افراد، تعلیم اور بنیادی سہولیات کے علاوہ جمہوریت اور امن کے مکالمے پر بھی حاکم ہے، تیسرے گھر یا اس کے حاکم پر پیدائش نحوست یا نحس سیاروی اثرات یا تیسرے گھر میں نحس سیارے کی موجودگی مواصلات کے ذرائع سے متعلق حادثات کی نشان دہی کرتے ہیں۔
چوتھا گھر(Forth house)
چوتھا گھر ملک کے قدرتی وسائل، زراعت، کان کنی، معدنیات، زمینی املاک، امن عمومی اور سیاسی استحکام، قدرتی آفات، تعلیمی اداروں، امن و امان، رہائش اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر حاکم ہے، چوتھے گھر یا اس کے حاکم پر انتہائی نحس سیارے کی یا کسی نحس گھر سے کسی سست رو سیارے کا قریبی تعلق، پیدائشی نحوست یا نحس سیاروی گردش، قدرتی آفات، رہائش کے مسائل اور ملک کے لیے مالی پریشانیوں کی نشان دہی کرتے ہیں۔
پانچواں گھر (Fifth house)
پانچواں گھر دانشوروں، جذباتی استحکام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، لوگوں کی قیاس آرائی کی فطرت، سرمایہ کاری، اسٹاک ایکسچینج، بچوں، آبادی، یونیورسٹیوں، اخلاقیات اور لوگوں کے اقدار پر حاکم ہے، پانچویں گھر یا اس کے حاکم پر انتہائی نحس سیارے کی یا کسی سست رو سیارے کا قریبی تعلق، نحوست یا نحس گردش ملک کے لیے جذباتی پریشانی اور ملک کی مالی منڈیوں کو درپیش مسائل کو ظاہر کرتی ہے۔
چھٹا گھر(Sixth house)
چھٹا گھر عوامی ہم آہنگی، ہمسایہ ممالک سے تعلقات، صحت عامہ، سیاسی استحکام، قوم کا مالی استحکام، قرضوں کا انتظام، قانونی چارہ جوئی، عدالتی کارروائی،الیکشن کمیشن کی فعالیت، ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مزدوروں کے معاملات پر حاکم ہے، چھٹے گھر یا اس کے حاکم پر انتہائی نحس سیارے کی یا کسی نحس گھر سے کسی سست رو سیارے کا قریبی تعلق، نحوست یا نحس گردش بڑی تعداد میں اموات دینے والے مہلک حادثات، قرضوں اور تنازعات سے دوچار ہونے کی نشان دہی ہے۔
ساتواں گھر (Seventh house)
ساتواں گھر عیش و آرام ، تفریحی مقامات، سیاحت، عوام کے مابین تعلقات، کاروباری ترقی، خارجہ امور اور معاہدوں پر حاکم ہے، ساتویں گھر یا اس کے حاکم پر انتہائی نحس سیارے کی نظر یا کسی سست روی سیارے کا قریبی تعلق ،نحوست یا نحس گردش عوام کے معیار زندگی اور ملک کی بین الاقوامی حیثیت خطرے میں ہونے کی نشان دہی ہے۔
آٹھواں گھر (Eight house)
آٹھواں گھر عوام الناس کے اعتقادات، سرخ فیتہ اقدامات، کاموں پر عملدرآمد کی رفتار، فوری نفع، تاخیر اور رکاوٹیں، حادثات، مہلک حادثات، وبائی امراض، سونے اور قیمتی پتھر، وراثت،بڑے فوائد، سیلاب، زلزلے، طوفان اور سمندری طوفان وغیرہ پر حاکم ہے، آٹھویں گھر یا اس کے حاکم پر انتہائی نحس سیارے کی یا کسی سست سیارے کی قریبی نحوست یا اس کے حاکم سیارے کی کمزوری اس کی علاقائی سالمیت اور وسائل سمیت ملک کے لیے خطرے کو ظاہر کرتی ہے۔
نواں گھر (Ninth house)
نواں گھر عدالتی نظام، الیکشن کمیشن ، اخلاقیات، مذہب، سفارت کاری، غیر ملکی مشن، تعمیر اور ترقی پر حاکم ہے، نویں گھر یا اس کے حاکم پر نحس سیاروں کے اثرات خاص طور پر راہو یا کیتو جیسے سیاروں کے اثرات ملک کے لیے بدعنوانی کے معاملات اور قسمت کی خرابی لاتے ہیں۔
دسواں گھر(Tenth house)
دسواں گھر اعلیٰ عہدے دار، پارلیمنٹ، انتظامیہ، غیر ملکی تجارت اور امن و امان پر حاکم ہے، دسویں گھر یا اس کے حاکم کی خراب پوزیشن یا اس پر نحس سیاروں کے اثرات اس کی ساکھ کو خراب کردیتے ہیں اور ملک کی بین الاقوامی حیثیت کو درپیش مشکلات کی نشان دہی کرتے ہیں۔
گیارہواں گھر(Eleventh house)
گیارہواں گھر آمدنی، نفع اور مستقبل کے منصوبوں پر حاکم ہے، یہ دوستانہ بین الاقوامی اتحاد پر بھی حکمرانی کرتا ہے، گیارہویں گھر یا اس کے حاکم پر نحس سیاروں کے قریبی برے اثرات معیشت اور ملک کے بین الاقوامی تعلقات میں رکاوٹوں کی نشان دہی کرتے ہیں۔
بارہواں گھر (Twelve house)
بارہواں گھر مالی نقصانات، اخراجات، حادثات و سانحات، لوگوں کے کثیر تعداد میں اسپتال پہنچنے، غیر ملکی قرضوں، جنگوں اور اسمگلنگ پر حاکم ہے، بارہویں گھر یا اس کے حاکم پر نحس سیاروں کے نحس گھروں سے برے اثرات ملک کے لیے نقصانات کی نشان دہی کرتے ہیں۔

سیاروی منسوبات

شمس: شمس حکومت یا ریاستی اختیارات،ریاستی یا عوامی شعبے کے صنعتی کاروباری اداروں سمیت بڑی سماجی نوعیت کی تنظیموں کو ظاہر کرتا ہے، یہ نصب العین، محرک، فنکشن اور کنٹرول ، حکومتی قائدین (وزیراعظم، صدر اور سیاستدان) اور پولیس سمیت دیگر خدمات کو بھی ظاہر کرتا ہے، دوسرے پیشے عدلیہ، بینکر، ٹھیکیدار، ڈاکٹر اور بیوروکریٹس بھی ہیں۔
قمر: قمر عوامی انتظامیہ خاص طور پر کھانے، مہمان نوازی اور شفایابی کو ظاہر کرتا ہے، عوام اور خواتین کی طاقت اور تربیت، تعلقات عامہ، انتظامیہ اور معالج جیسے پیشوں کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
مریخ: مریخ ذہنی اور جسمانی ہمت کو ظاہر کرتا ہے، یہ فوج، پولیس اور طاقت کے ذریعے احکامات، آگ اور دھات سے متعلقہ کام، انجینئرنگ، کیمیکلز، سرجن، دانتوں کے ڈاکٹروں اور ایگزیکٹو پوسٹوں پر حاکم ہے، یہ مردوں اور صنعت پر بھی حاکم ہے، جب راہو یا آٹھویں یا بارہویں گھر کے حاکم کے زیر اثر ہو تو سماج دشمن عناصر پر بھی حاکم ہوتا ہے، مریخ تیسرے اور دسویں گھر کے نمائندے(Significator) کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔
عطارد: عطارد تجزیاتی ادارے، مواصلات اور امتیازی سلوک اور اعتماد دینے کو ظاہر کرتا ہے، یہ ریاستی سربراہوں کے حکمت عملی طے کرنے والوں اور مشیروں پر حاکم ہے، یہ ریاضی دان، مشیر، کاروبار، شماریات، انجینئرنگ اور متعلقہ شعبوں، تحقیقی اسکالرز، ایڈیٹرز، مصنفین، وکلائ، تجزیاتی کاموں کے ماہر، سافٹ ویئر انجینئرز، دانشور، ٹرانسپورٹرز، پبلشرز، سیلز مین اور تاجر جیسے پیشوں پر حاکم ہے۔
مشتری: مشیر برائے سربراہ مملکت، وزرائ، تعزیر کار، سفارتکار، جج،خزانچی، اعلیٰ سیاسی اور انتظامی عہدیداروں، درس و تدریس، قانون، مالیاتی ادارے اور مشاورتی کردار، منجم، انتظامیہ کے ماہرین، کاروباری مشاورت اور مالی خدمات کو ظاہر کرتا ہے، یہ نویں گھر کے نمائندے (Significator)کے طور پر بھی کام کرتا ہے، جب مضبوط ہو تو پھیلاو اور خوش امیدی پر بھی حاکم ہوتا ہے۔
زہرہ: زہرہ مادی سہولیات ، خواتین کی طاقت، دنیاوی علم اور حصولیات، تخلیقی صلاحیتیں، فن اور بھرپور ذوق، وزرائ، زندگی بچانے والی ادویات، مالی انتظامیہ، تفریح، مصوری، موسیقی، فن تعمیر، آرائشی آرٹس، تفریحی ماڈل، ٹیکسٹائل، اشتہار، حقوق و انصاف، ہوٹلوں، ہوا بازی، طبی تحقیق، ڈیزائن،فیشن اور پرتعیش اشیائ، زنانہ ضروریات، سنیما انڈسٹری، آرٹس اور تفریحی صنعت کو ظاہر کرتی ہے، یہ ساتویں گھر کے نمائندے کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔
زحل: زحل نچلی ذات کے رہنما اور سرکاری ملازمین، سخت محنت اور کم معاوضے والی ملازمتیں، کارکنوں کی قیادت، حکومت میں عہدے حاصل کرنے کی کوشش، مزدوروں سے معاملات اور مزدوری والی صنعت، آئل ڈرلنگ اور ریفائننگ، زراعت، ماہی گیری، سامان کی تیاری، تعمیر، زمین کی نقل و حرکت، سڑک کی تعمیر، مزدور اور روزگار کو ظاہر کرتا ہے، یہ ہلکی ٹیکنالوجی کی صنعت اور کان کنی کا بھی حاکم ہے، یہ دسویں، چوتھے اور آٹویں گھر کے نمائندے کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔
راہو: سفارتی اقدامات، ہیرا پھیری اور دھوکہ دہی، شراب سازی اور نشہ آور چیزوں کی تیاری پر حاکم ہے، یہ زہر فروش، منشیات کی طرف دھکیلنے والے، شراب فروش، سیلز مین، سنسنی پھیلانے والے، اشکبار، خوشی کے متلاشی، ڈھونگ اور غیر اخلاقی حرکتیں کرنے والوں سے متعلق ہے۔
کیتو: کیتو قدرتی آفات، پر تشدد اقدامات یا واقعات، خوف اور حادثات کو ظاہر کرتا ہے، یہ غریب اور تنہا لوگوں پر حاکم ہے، یہ روحانی، مذہبی خدمات اور اداروں کو عروج دیتا ہے۔(جاری ہے)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں