جمعہ، 20 اگست، 2021

طالع پیدائش حوت، کردار و عمل

اپنے حقیقی برج اور سیارے سے آگاہی حاصل کریں


اگر آپ کی پیدائش ایسے وقت پر ہوئی ہے جب طالع برج حوت اُفق پر طلوع تھا تو آپ کا تعلق اپنے کردار و عمل میں برج حوت سے ہے، اس کا حاکم سیارہ مشتری ہے اور نشان مخالف سمت میں حرکت کرتی ہوئی دو مچھلیاں ہیں۔

برج حوت کا عنصر پانی ہے اور یہ ایک ذوجسدین برج ہے، دائرۂ بروج میں آخری یعنی بارھواں برج شمار ہوتا ہے جو انسانی جسم میں نظامِ ہضم، پاؤں اور نلوں پر حکمرانی کرتاہے۔ 

جسمانی ساخت: آپ کوتاہ قامت اور بھرے بھرے جسم کے مالک ہوسکتے ہیں۔ ہاتھ پاؤں چھوٹے، آنکھیں موٹی اور نمایاں، چہرہ زرد، بال نرم اور سیاہ ہوتے ہیں،شانے کسرتی۔

کردار و عمل: آپ فلسفی ٹائپ، بے آرام، بے چین، خواب دیکھنے والے، غوروفکر کرنے والے، تخیل پرست اورایک رومینٹک زندگی بسر کرنے والے انسان ہیں۔ آپ ایماندار، منہ پھٹ، مددگار اور انسانیت نواز ہیں۔ آپ دوسروں کی پریشانیوں کے سبب پر غور نہیں کرتے بلکہ ایک لمحے کے نوٹس پر ان کی مدد کو پہنچ جاتے ہیں۔ آپ کسی کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ یہ بات نہیں ہے کہ آپ کسی کو نقصان پہنچانے کے اہل نہیں ہیں بلکہ آپ اتنے اچھے انسان ہیں کہ کفایت شعاری کرکے بنک میں اتنی رقم جمع نہیں کرتے جتنے اچھے کام جمع کرتے ہیں۔

   آپ مستقل مزاج نہیں ہیں،آپ کے خیالات بہت تیزی سے تبدیل ہوتے رہتے ہیں، بہت حساس اور جذباتی ہیں، آپ اپنی سوچ اور خیالات کو حقیقی شکل دینے کی وجدانی قوت رکھتے ہیں، اکثر ایسا ہوتا ہے کہ آپ جو سوچ رہے ہوں وہی آپ کی آنکھوں کے سامنے آجاتا ہے،  شرمیلے ہیں اور خلوت یعنی تنہائی اور آئیڈئیل کے متلاشی ہوتے ہیں۔ آپ ایک سسپنس کی فضا برقرار رکھتے ہیں۔ آپ خیالی پلاؤ پکانے والے اور مروت میں دوسروں کی مدد کرنے والے ہیں۔ نئے آئیڈیے اور خیالات آپ کو اڑا کر لے جاتے ہیں۔ آپ خوش مزاج اور گھلنے ملنے والے ہیں۔ آپ کی کمزوری یہ ہے کہ آپ کے اندر خود اعتمادی نہیں ہوتی اور کمزور دل کے مالک ہیں۔ آپ سفرکرنے کے شوقین ہیں۔ دوستوں پر بھروسا کرتے ہیں اور بعد میں آپ کو یہ احساس ہوتاہے کہ دنیا نے اچھے اور بدمعاش لوگ پیدا کیے ہیں۔ آپ کو دیر سے عقل آتی ہے۔

ایک فطری روحانی قوت ہمیشہ آپ کے ساتھ رہتی ہے لیکن آپ کو اس کا شعور نہیں ہوتا، آپ جو خواب دیکھتے ہیں وہ اکثر سچ نکلتے ہیں، منفی سوچ آسانی سے آپ کے ذہن پر اثر انداز ہوسکتی ہے لہٰذا آپ کو ہمیشہ مثبت انداز میں سوچنے کی عادت ڈالنا چاہیے، یاد رکھیں آپ جیسا سوچیں گے، آپ کے ساتھ ویسا ہی ہوگا، آپ کو ہر صورت میں خوش امید رہنا چاہیے، اسی میں آپ کی کامیابی کا راز ہے۔ 

محبت ورومان: آپ حسین، ذہین اور فنونِ لطیفہ میں دلچسپی لینے والے ساتھی کوتر جیح دیتے ہیں لیکن کبھی کبھی اپنے ساتھی کی یہ خوبیاں آپ کو حسد میں مبتلا کردیتی ہیں اور آپ اپنے ساتھی کو شک و شبہے کی نظر سے دیکھنے لگتے ہیں جس کی وجہ سے آہستہ آہستہ آپ کی محبت ہلاک ہوجاتی ہے۔ آپ ہمیشہ محبت کے خواب دیکھتے ہیں لیکن اسے فروغ دینے کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کرتے یا بہت تاخیر کر دیتے ہیں، محبت آپ کے لیے بہت ضروری ہے، آپ کبھی محبت کے بغیر خوش نہیں رہ سکتے، آپ ایسی محبت چاہتے ہیں جو نہایت شدید اور گہری ہو، خود محبت کے معاملے میں آپ بالکل اندھے ہوجاتے ہیں، اس وقت آپ یہ تمیز بھی کھودیتے ہیں کہ آپ کا محبوب کن کمزوریوں یا خامیوں کا شکار ہے، اگر محبت میں کامیابی ہوجائے اور شادی ہوجائے تو آپ کو فریق ثانی کی خوبیوں اور خامیوں کا ادراک ہوتا ہے اور آپ مایوسی کا شکار ہوتے ہیں، اس طرح ایک نئی محبت کی تلاش دوبارہ شروع ہوجاتی ہے۔

 بحیثیت شوہر: ازدواجی ساتھی کے لیے آپ کا انتخاب خاصا مشکوک ہے۔ آپ کی سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ مضبوطی، استحکام اور حقیقت پسندی کا آپ کے اندر فقدان ہے۔ آپ اپنے ہی تخلیق کردہ خواب وخیال کی دنیا میں رہتے ہیں۔ ایک طرف آپ بہت محبت کرنے والے، بامروت پرخیال اور مہذب انسان ہیں تو دوسری طرف فعالیت، عزم اور پہلا قدم اٹھانے سے عاری، متذبذب اپنی ہی ذات کی نفی کرنے والے غیر حقیقت پسند ہیں۔ آپ میں قوتِ ارادی یا قوتِ فیصلہ کا فقدان ہے اور زندگی میں کوئی درست یا مناسب سمت نہیں ہے۔ آپ کو زیادہ عملی انسان بننے کی ضرورت ہے۔ اپنے خیالات اور آئیڈیاز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے زیادہ بھاگ دوڑکرنی چاہیے،ازدواجی زندگی میں اپنی ذمے داریوں نبھانے میں آپ کو عموماً مشکلات کا سامنا رہتا ہے، آپ اپنی دھن اور دلچسپیوں میں مگن رہنے والے انسان ہیں، ایسی صورت میں گھرداری، بیوی بچے آ پ کے لیے ایک اضافی بوجھ بن جاتے ہیں۔

بحیثیت بیوی: آپ گھریلو زندگی میں خود کو ڈھال لینے کی کمال صلاحیت رکھتی ہیں البتہ آپ کے اندر قوتِ فیصلہ کی زبردست کمی ہے اور فطرتاً موم کی ناک ہوتی ہیں کہ اسے جس طرف چاہیں موڑاجاسکتاہے۔ آپ نیک، تسلیم ورضا کا پیکر اور اپنے شوہر کی خدمت کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتی ہیں۔ ازدواجی زندگی میں آپ کا صرف ایک ہی نصب العین ہوتاہے کہ اپنے آپ کو مٹا کر اپنے شوہر کی خدمت کرنا۔ آپ ایک پرسکون اور آرام دہ گھر فراہم کرتی ہیں لیکن آپ کو صحت کے مسائل متواتر پریشان کرسکتے ہیں۔ اسی طرح بہت سے شکوک و شبہات اور وہم آپ کو گھیر سکتے ہیں۔ آپ اپنے شوہر کے معاملے میں کسی حسد اور جیلسی کا شکار بھی ہوسکتی ہیں۔ آپ ہرصورت میں اپنے شریکِ حیات سے وابستہ رہنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ اس کی بعض زیادتیاں بھی آپ برداشت کرلیتی ہیں۔ آپ کا رجحان مذہب اور روحانیت کی طرف زیادہ ہوسکتاہے۔ آپ کو پراسرار اور اندیکھی چیزوں سے بھی دلچسپی ہے،شوہر کی بھرپور توجہ اور محبت آپ کی ضرورت ہے، اس کے بغیر آپ کبھی خوش نہیں رہ سکتیں۔

گھریلو ماحول: آپ گھرمیں بہت مشفق و مہربان ہیں اور ایک خوش وخرم گھریلو زندگی چاہتے ہیں۔ آپ تمام عمر محبت کرنے والوں کے رومینٹک لیجنڈ کی تکمیل کرتے نہیں تھکتے لیکن ہر حسین صورت کو دیکھ کر پھسل جاتے ہیں اور تصور کی رنگین دنیا بسالیتے ہیں جس میں بھٹکتے رہتے ہیں۔ آپ عام طور سے بہت سے دوستوں کی پزیرائی کرتے ہیں جو صبروتحمل سے آپ کی پریشانیوں کی تفصیل سنتے رہتے ہیں۔ آپ اپنے بچوں سے بہت پیار کرتے ہیں اور اس کے جواب میں بچے بھی آپ کو بہت چاہتے ہیں۔ آپ کو اپنے بچوں پر زیادہ سختی نہیں کرنی چاہیے۔ انہیں ڈرانے دھمکانے کے بجائے سمجھانے کی ضرورت ہے۔ آپ کے بچے عام طور سے ذہین اور اپنی زندگی میں کامیاب رہتے ہیں۔ وہ اچھے فنکار ہوسکتے ہیں۔ 

مالی امور: آپ کے اندر اچھی کاروباری صلاحیت ہے۔ آپ بڑھاپے میں اولاد کا محتاج ہونا نہیں چاہتے لہذا اپنے پیسے سے ایسی سرمایہ کاری کرتے ہیں کہ وہ محفوظ رہے اور زندگی میں بعد میں کام آئے لیکن آپ کوئی زیادہ کفایت شعار بھی نہیں ہیں۔ آپ اپنی ضروریات پر دل کھول کر خرچ کرتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر مالی مسائل کاشکار ہوتے ہیں اور پیسہ جمع کرنا مشکل ہوجاتاہے۔ 

 کاروبار: آپ اگر ذہنی انتشار کا شکار ہوں تو پوری توجہ اور تفصیل کے ساتھ کوئی کام نہیں کرسکتے لیکن اگر کوئی محنت طلب کام کرنا ہوتو طریقے سے، ثابت قدمی، محنت، خلوص اور ایمانداری سے کرتے ہیں۔ آپ اس وقت بہت خوش ہوتے ہیں جب آپ کے پیشے کی نوعیت میں اچھے ایکشن کی وسعت اور گنجائش ہو، آپ ایسے کاروبار میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے جس میں زمانہ سازی ضروری ہو۔

اصلاح ودرستی کی ضرورت: آپ کو زیادہ پریشان نہیں ہوناچاہیے۔ اپنی متولون مزاجی پر کنٹرول کرنا چاہیے۔ آپ کو فراخ دل ہونا چاہیے لیکن حد سے زیادہ لبرل نہیں ہونا چاہیے۔ اپنے آپ کو چھوٹا نہیں کرنا چاہیے اور دوسروں کے وعدوں پر امید کے محل تعمیر نہیں کرنا چاہیے۔ خواب دیکھنے اور استغراق سے پرہیز کریں۔ 

پیشے: سمندر اور پانی سے متعلق اشیاء کا کاروبار، کپڑے، اون، تمباکو،تیل، پرفیوم، شہد، مذہبی ٹرسٹ، اسپتال، ویلفیئر سرگرمیاں، نرسنگ، یتیم خانے سے متعلق پیشے وغیرہ۔

صحت اور بیماریاں: پیر اور ٹخنے کی تکلیف، پیٹ میں دردِقولنج، آنکھوں کی بیماریاں، خواتین میں ماہانہ نظام کی بے قاعدگیاں، شدید سردی سے بخار، ڈراپسی، ہرنیا، ٹائیفائیڈ اور شراب اور منشیات کے استعمال  سے پیدا ہونے والی بیماریاں، آنتوں کی خرابیاں، کان کی تکلیف وغیرہ۔

موافق نمبرز: 2,5,3,9

ناموافق نمبرز: 1,6,8

موافق پتھر: زمرد، مرجان، یلو سفائر، پرل، درنجف

ناموافق پتھر: بلیو سفائر (نیلم)، روبی، ڈائمنڈ، اوپل، سفید پکھراج

موافق دھات: سونا

موافق رنگ: چمک دار سفید، پیلا، سرخ اور سبز

ناموافق رنگ: بلیک، آف وہائٹ، اورنج

موافق دن: منگل،بدھ اور جمعرات 

ناموافق دن:  اتوار، جمعہ اور ہفتہ


ناموافق اوقات

ہر سال 15 فروری سے 15 مارچ، 15 اگست سے 15 ستمبر اور 15 اکتوبر سے 15 نومبر کے دوران میں آپ کو مشکلات اور مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے، اس دوران میں کسی نئے کام کا آغاز نہ کریں اور زیادہ سے زیادہ صدقہ و خیرات کیا کریں۔ 


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں