ہفتہ، 7 اگست، 2021

طالع پیدائش جدی، کردار و عمل

اپنے حقیقی برج اور سیارے سے آگاہی حاصل کریں


  اگر آپ کی پیدائش ایسے وقت پر ہوئی ہے جب اُفق شرقی پر برج جدی طلوع تھا تو آپ اپنے کردار و عمل میں برج جدی کی خصوصیات کے حامل ہیں، اس کا حاکم سیارہ زحل اور نشان پہاڑی بکرا ہے جو سر جھکا کر اپنی منزل کی طرف بڑھتا رہتا ہے اور بالآخر پہاڑ کی سب سے بلند چوٹی پر پہنچ جاتا ہے اور پھر مستقل مزاجی سے اپنے حاصل کردہ مقام پر قائم رہتا ہے۔

برج جدی کا تعقلق انسانی جسم میں گھٹنوں، ہڈیوں، جوڑوں اور دانتوں پر ہے۔

 جسمانی ساخت: نوجوانی میں دبلا پتلا جسم اور چھوٹا قدلیکن عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ قد اور صحت میں اضافہ ہوتاجاتاہے۔ بال گھنے اور سیاہ، ناک لمبی اور پتلی، گھٹنے کی کٹوری پر کوئی تل یا نشان آسکتا ہے۔ 

کرداروعمل: آپ نظم و ضبط کے پابند، کفایت شعار، معقول، عقلمند، پُر خیال اور عملی ذہن کے حامل ہیں۔ آپ ثابت قدم، صابر، سنجیدہ، پرعزم، باسلیقہ لیکن دوسروں پر شک کرنے والے ہیں۔ آپ کا ذہن کاروباری اور اپنے مفادات میں دلچسپی لینے والا ہے۔ اس حوالے سے آپ خود غرض بھی ہیں۔ آپ جلدی کام نمٹا لیتے ہیں اور احتیاط سے فیصلہ کرتے ہیں۔ آپ کے اندر نہایت صبر و تحمل، برداشت اور مستقل مزاجی سے منظم کرنے کی خاص صلاحیت موجودہے۔ آپ کسی خاص پروجیکٹ پر کام کرتے ہیں اور آپ کی حیثیت ایک سربراہ کی سی ہوتی ہے۔ چاہے وہ پروجیکٹ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو۔

    آپ کم گو فطرت کے مالک ہیں اور اس بات سے ڈرتے ہیں کہ آپ کا مذاق نہ اڑایا جائے۔ 

آپ دوسروں کے وعدوں پر امید کا محل تعمیر نہیں کرتے اور جب تک کامیاب نہیں ہو جاتے خوش فہمی کاشکار نہیں ہوتے، ایک مخصوص قسم کا مزاحمتی رویہ آپ کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، گویا فوری طور پر آپ کسی بھی بات کے لیے بلا سوچے سمجھے راضی نہیں ہوتے، آپ کو دھوکا دینا آسان نہیں ہے۔ آپ جلد بازی میں کسی کو دوست نہیں بناتے بلکہ پہلے ہر شخص کو جانچتے پرکھتے رہتے ہیں۔ اسی طرح آپ عام طورسے کسی کے خلاف فوری کاروائی نہیں کرتے بلکہ آخری وقت تک ٹالتے رہتے ہیں۔ رکاوٹیں تھوڑے عرصے کے لیے آپ کو دل گرفتہ اور مایوس کرتی ہیں لیکن آپ ہار نہیں مانتے۔ آپ کے اندر جذباتی اور روحانی پہلو کا فقدان ہوتاہے۔ کوئی بھی آپ کا منظورِ نظر نہیں ہوتا۔ آپ اخلاقی اصول پر کاربند رہتے ہیں۔ 

    آپ جس کام کا بیڑا اٹھاتے ہیں اس میں سست روی اور مستقل مزاجی سے ضرور کام لیتے ہیں لیکن بالآخر عظیم کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں۔ ذاتی مفاد کا عنصر آپ کے اندر بہت مضبوط ہے۔ ابتدائی عمر میں آپ کو حوصلہ افزائی کی بہت ضرورت ہوتی ہے تاکہ آپ اپنے اندر اعتماد پیدا کرسکیں اور اپنی طبیعت کی شوخی کو تقویت پہنچاسکیں۔ اپنے مفادات کی دیکھ بھال کا سلیقہ آپ کے اندر پوری طرح پختہ ہے لیکن اسے کسی طرح سے بھی خود غرضی نہیں کہا جاسکتا۔ 

محبت و رومان: اگرچہ آپ کے اندر خلوص پایا جاتاہے لیکن آپ کبھی بھی اس کا اظہارنہیں کرتے لہذا محبت اور رومانس کے لیے زیادہ موزوں نہیں ہیں۔ آپ جذباتی بھی نہیں ہوتے جنسِ مخالف کی طرف بڑھتے ہوئے بہت سست رفتار اور محتاط رہتے ہیں۔ آپ کے اندر اس حوالے سے جلد بازی اور جرأت نہیں ہوتی۔ حقیقت یہ ہے کہ آپ کی محبت کا انداز روایتی اور افسانوی نہیں ہوتا بلکہ اس کا اظہار آپ کے عملی رویے اور اقدام سے ہوتا ہے۔ آپ محبت کے کھلے اظہار کو پسند نہیں کرتے لہذا جذباتی لوگوں کے ساتھ آپ کی محبت زیادہ عرصہ نہیں چل سکتی۔ 

بحیثیت شوہر: آپ اگرچہ خوشی خوشی شادی کرتے ہیں لیکن اس کام کی آپ کو کوئی جلدی نہیں ہوتی اور اس معاملے میں جذبات اور رومانیت کا برائے نام ہی اضافہ کرتے ہیں۔ آپ عام طورسے اپنی بیوی کے لیے زیادہ اچھے جذباتی شوہر یا ساتھی نہیں ہوتے اور نہ ہی ایسی فضا تخلیق کرنے میں خوشی خوشی حصہ لینے کے اہل ہوتے ہیں جس سے لطف اٹھا سکیں۔ آپ کم آمیز اور کم سخن ہیں، اکثر طویل وقفے کے لیے خاموشی اختیارکرلیتے ہیں۔ آپ کی بیوی کو آپ کی رفاقت میں ایسا محسوس ہوسکتاہے جیسے وہ کسی پتھر کے انسان کے ساتھ زندگی گزار رہی ہو اور اکثر اسے ہر بات میں ”نہیں“ کا جواب ملتا ہے کیوں کہ آپ جب تک کسی معاملے کو اچھی طرح سمجھ نہ لیں آپ کا جواب ”ہاں“ میں نہیں ہوگا، یہ صورت حال آپ کے بیوی بچوں کو بھی پریشان کرسکتی ہے۔

    بے شک آپ اپنے خاندان کے بہت اچھے کفیل ہیں،  محنتی اور عمدہ کمانے والے ہیں کیوں کہ آپ پُر عزم اور اچھے کاروباری ہیں لیکن اپنی بیوی کو آزادی سے پیسے خرچ کرنے کی اجازت نہیں دیتے،حساب کتاب کے معاملے میں اس سے باز پرس کرسکتے ہیں اور ممکن ہے کہ حساب کتاب اور یہ باز پرس اس کے لیے پسندیدہ نہ ہو،یہی رویہ آپ کا بچوں کے ساتھ بھی ہوگا۔

 بحیثیت بیوی: بے شک آپ لائق، وفادار اور قابلِ بھروسا ہیں مگر مزاج اور ظاہری وضع قطع کے اعتبارسے نسبتاً مردانہ ہیں۔ آپ  محتاط اوربردبار ہیں لیکن زندگی میں آزادی سے دلچسپی لینے کی اہل نہیں ہیں۔ آپ بہت اچھی خاتونِ خانہ ہیں۔ ہمدردی اور خلوص آپ کے اندر موجود ہے لیکن اطاعت شعاری اور حسیت کی نسوانی خوبیوں کا فقدان ہے۔ آپ کی سردمزاجی آپ کے شوہر اور دیگر اہلِ خانہ کو شدت سے محسوس ہوسکتی ہے۔ جذباتی لمحات میں بھی آپ کی محتاط روی ایک سوالیہ نشان ہو گی۔ وہ لوگ جو بہت سنجیدہ فطرت کے مالک ہوتے ہیں اور بیوی میں زیادہ جوش و خروش کو پسند نہیں کرتے ان کے لیے آپ ایک اطمینان بخش شریکِ حیات ہوسکتی ہیں، برج جدی کا مزاحمتی کردار یہاں بھی نمایاں رہتا ہے، آپ اپنے بچوں کے لیے بھی سخت اصول و ضوابط کی پابندی چاہیں گی۔

گھریلو ماحول: جیسا کہ پہلے بھی بتایاگیا ہے کہ آپ کو شادی کی کوئی جلدی نہیں ہوتی اور نہ ہی آپ اس کے لیے بہت بے قرار یا پریشان ہو سکتے ہیں لیکن بہر حال آپ شادی کرتے ضرور ہیں۔ آپ زیادہ بچے نہیں چاہتے تاہم آپ بڑے خاندان کے سربراہ بن سکتے ہیں۔ آپ اپنے فرائض کی ادائیگی میں کبھی ناکام نہیں رہتے اور گھریلو ذمے داریاں پوری طرح ادا کرتے ہیں۔ آپ اپنے بیوی بچوں سے محبت کرتے ہیں لیکن اس کا اظہار نہیں کرتے لہذا بچے اس غلط فہمی میں مبتلا ہوجاتے ہیں کہ آپ ان سے محبت نہیں کرتے۔ یہی صورتِ حال جدی ماؤں کے ساتھ بھی پیش آتی ہے۔ وہ بھی اپنے بچوں سے اگرچہ بے حد محبت کرتی ہیں لیکن ان کا بظاہر سخت رویہ بچوں کو غلط فہمی میں مبتلا کردیتاہے۔ نتیجے کے طورپر بچے بھی سرد مہری کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اپنی محبت کی طلب کے لیے دوسرے ذرائع ڈھونڈتے ہیں۔ 

  آپ اپنے گھر میں خاموش ماحول اور پرائیویسی کو ترجیح دیتے ہیں۔ اگر شریکِ حیات جھگڑالو اور حجتی ہو تو آپ گھرسے باہر زیادہ وقت گزاریں گے لیکن بحیثیت بیوی صحت کی خرابیاں شروع ہوسکتی ہیں۔ آپ اپنے گھرمیں شورو ہنگامہ پسند نہیں کریں گے کیوں کہ آپ کو خاندانی عزت و وقار کا پاس ہوتاہے۔ 

   آپ کے بہت سے بچے ہو سکتے ہیں لیکن آپ کبھی ان سے محبت کا اظہارنہیں کرتے، کبھی ان کے ساتھ کسی کھیل میں شریک نہیں ہوتے اورنہ ہی انہیں گھرمیں اچھل کود کرنے یا شور مچانے کی اجازت دیتے ہیں۔ آپ اپنے بچوں کو کنٹرول میں رکھتے ہیں۔ البتہ اپنے بچوں کے آرام و آسائش کے لیے سخت محنت کرتے ہیں۔ 

مالی امور: آپ آہستہ آہستہ اور مستقل مزاجی سے پیسے جمع کرتے ہیں اور پیسے ضائع نہیں کرتے۔ ہمیشہ مستقبل کے بارے میں سوچتے ہیں اور غیر متوقع اخراجات پورے کرنے کے خیال سے بچت کرتے ہیں۔ آپ کی نظم و ضبط کی طاقت اور آپ کا عزم آپ سے بچت کراتا ہے۔ آپ کو شہرت، عزت اور دولت کی خواہش ہوتی ہے۔ آپ بے حد محنتی ہیں لہذا دیرسے سہی لیکن اپنی مالی پوزیشن کو محفوظ اور مضبوط بنا لیتے ہیں۔ 

اصلاح ودرستی کی ضرورت: آپ بہت زیادہ خود پسند، انا پرست اور خود غرض ہوسکتے ہیں لہذا اپنے رویوں کا احتسابی جائزہ لیتے رہنے کی ضرورت ہے۔ آپ رجعت پسند بھی ہوسکتے ہیں یعنی پرانی روایات اور اقدار کے پابند ہیں اور اس طرح دل شکستگی اور مایوسی بھی آپ کوگھیر سکتی ہے۔ آپ بہت زیادہ محنت کرکے اپنی توانائی خارج کرتے ہیں اور اس کے نتیجے میں زیادہ تھکن محسوس کرتے ہیں، عموماً آپ اپنی غلطیوں اور خامیوں سے بے خبر ہوسکتے ہیں۔ آپ کو بے اطمینانی اور گھبراہٹ سے پرہیز کرنا چاہیے اس کے علاوہ زندگی کے تفریحی اور جذباتی پہلوؤں پر بھی توجہ دینا چاہیے۔ 

پیشے: سیاست، کان کنی، سرکاری ملازمت، بڑے اداروں میں انتظامی عہدے، پلمبنگ، میو نسپلٹی، زمینوں میں سرمایہ کاری، کنسٹرکشن، ٹھیکیداری، زمین سے نکلنے والے تیل کا کاروبار یا ایسی کمپنیوں میں ملازمت جو زمین سے تیل نکالتی ہیں، زراعت، ناول نویسی، انجینئرنگ، وکالت، ٹیچنگ، سراغ رسانی اور سروئیر وغیرہ۔

صحت اور بیماریاں: سردی سے ہونے والی شکایات، جوڑوں کا درد، معدے کی خرابیاں، ذہنی ابتری، فالج، ہسٹیریا، بہرہ پن، نامردی، گھٹنوں کی کمزوری، سفرکے دوران لاحق ہونے والی بیماریاں، ہاضمے کی خرابی اور ہڈیوں سے متعلق بیماریاں وغیرہ۔

موافق نمبرز: 5

ناموافق نمبرز: 1,3

موافق پتھر: نیلم، زمرد، مرجان،سچا موتی، ڈائمنڈ یا اوپل

ناموافق پتھر: روبی اور پیلا پکھراج

موافق دھات: لوہا اور سیسہ

موافق رنگ: بلیک، نیوی بلیو، سرخ، سفید،گہرا سبز

ناموافق رنگ: پیلا اور اورنج

موافق دن: ہفتہ، جمعہ اور بدھ۔

ناموافق دن: جمعرات اور اتوار


ناموافق اوقات


ہر سال 15 دسمبر سے 15 جنوری، 15 جون سے 15 جولائی اور 15 اگست سے 15 ستمبر کے دوران میں آپ کو مشکلات اور مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے، اس دوران میں کسی نئے کام کا آغاز نہ کریں اور زیادہ سے زیادہ صدقہ و خیرات کیا کریں۔ 


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں