اپنے حقیقی برج اور سیارے سے آگاہی حاصل کریں
اگر آپ کی پیدائش ایسے وقت پر ہوئی ہے جب اُفق شرقی پر برج دلو طلوع تھا تو آپ کا طالع پیدائش برج دلو ہے، اس کا حاکم سیارہ زحل اور نشان ایک بوڑھا مشکیزہ بردار ہے، برج دلو پنڈلیوں اور نظامِ دورانِ خون پر حکمرانی کرتاہے۔
جسمانی ساخت: دل کش چہرے کے ساتھ بھرا بھراجسم، کشیدہ قامت البتہ دانت کچھ بڑے اور ناہموار ہوسکتے ہیں۔
کردارو عمل: آپ ذہین ہیں، کوئی خوشامد اور چاپلوسی سے آپ کو بے وقوف نہیں بنا سکتا۔ آپ دوسروں کے کردار کو پڑھ سکتے ہیں اور ان کے ارادوں کے بھانپ کر ان کے محرکات سے واقف ہو سکتے ہیں۔ آپ ہر صورتِ حال یا شخصیت کی خوبیوں اور خامیوں پر دھیرے دھیرے غور کرتے ہیں تاکہ مشاہدہ کر سکیں کہ دوسرے کیا کررہے ہیں۔ پھر آپ نتیجہ دیکھتے ہیں اور اس کے بعد عمل کرتے ہیں۔ آپ کسی آئیڈیے کو گرفت میں لینے اور جذب کرنے میں سست واقع ہوئے ہیں لیکن آپ اسے بھولتے نہیں ہیں کیوں کہ آپ کا حافظہ بہت اچھا ہے۔
آپ کشادہ ذہن، صاف گو، ذہین، بے غرض، انسانیت نواز اور غیر جانبدار ہیں۔ ساتھ ہی آپ بے حد سوشل اور مجلسی بھی ہیں۔ دوست آپ کو پسند کرتے ہیں اور آپ بھی اپنے دوستوں میں خوش رہتے ہیں۔ آپ خاموشی سے اپنا کام کرتے ہیں اور ہمیشہ امن و آشتی کے خواہاں رہتے ہیں۔ آپ ناپسندیدہ حالات کو بدل دیتے ہیں۔ بہت زِیرک اور زُود فہم ہیں اور چاہتے ہیں کہ سب کی ذہنی سطح بلند ہو۔ نت نئے خیالات میں آپ سب سے آگے ہوتے ہیں۔ آپ کی اپروچ بھی بہت اعلی ہوتی ہے۔ آپ کی ذہنی رسائی بلا کی ہے۔ آپ کی دوستی مستقل ہوتی ہے اور پسند ناپسند شدید۔ آپ ایسے کاموں میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں جن میں انوکھا پن اور جدت موجود ہو۔ آپ ہمیشہ روایت سے ہٹ کر نئے راستوں پر چلنا چاہتے ہیں، ممکن ہے عام لوگ آپ کے آئیڈیاز یا راستوں پر اعتراض کریں کیوں کہ وہ آپ جیسی دور بینی اور دانش نہیں رکھتے، یہ بھی ضروری نہیں ہے کہ آپ کا ہر آئیڈیا کامیابی سے ہم کنار ہو مگر آپ کے آئیڈیاز یا کام کرنے کے طریق کار بہر حال کبھی نہ کبھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ تمام دائرۃ البروج میں روایت شکن خصوصیات کے حامل آپ ہیں، آپ کبھی اس راستے پر نہیں جاتے یا وہ طریقہ اختیار نہیں کرتے جو دوسرے اختیار کر رہے ہوں، آپ کی سوچ اور طریق کار یا اختیار کردہ راستہ ہمیشہ دوسروں سے کچھ مختلف ضرور ہوگا، خدمت خلق کا جذبہ آپ سے زیادہ کسی میں نہیں ہے اور وہ بھی بے لوث، آپ خلق خدا کے لیے جو کچھ بھی ممکن ہو کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں، خواہ اس میں آپ کو کوئی مالی فائدہ ہو یا نہ ہو۔
محبت ورومان: چوں کہ آپ ذہین ہیں لہذا اپنے مساوی ذہین اور عموماً تعلیم یافتہ ساتھی کو ترجیح دیتے ہیں۔ آپ بنیادی طورپرمضبوط اور مستقل وابستگی کے حامل اور سیدھے سادھے ہیں لہذا اپنے شریکِ حیات کے لیے پریشانی کا باعث نہیں ہیں۔ آپ آزادی چاہتے ہیں اور گھومنا پھرنا پسند کرتے ہیں لہذا ایسے ساتھی کو ترجیح دیتے ہیں جو مساوی سوشل،ذہین اور مطالعے کا شوقین ہو۔ دراصل آپ کو ایک دوست نما بے تکلف شریکِ حیات چاہیے۔ اگر کوئی شخص آپ کے معیار پر پورانہیں اترتا تو آپ آہستہ آہستہ کوئی وجہ بتائے بغیر اس سے اپنی دوستی ختم کر لیں گے۔
بحیثیت شوہر: دلو افراد سے شادی کرنے والی خواتین اس اعتبارسے خوش قسمت ہیں کہ یہ لوگ بے حد انسانیت نواز مہربان، ہمدرد اور بامروت ہوتے ہیں۔
آپ مطابقت، ہم آہنگی اور سکون چاہتے ہیں۔ آپ جذباتی سے زیادہ ذہین ساتھی کے لیے موزوں ہیں۔ آپ اچھے کفیل ہیں اور پیشہ وارانہ زندگی میں پختہ شعور کے مالک اور مستقل مزاج ہیں۔ آپ گرم جوش نہیں ہیں۔ آپ کا جھکاؤ جذبات سے زیادہ دانش مندی کی طرف ہوتاہے۔ آپ شادی کو ایک گھریلو منصوبے کے حصے کے طورپر قبول کرتے ہیں۔ آپ کی نمایاں خامی صرف ایک ہے کہ آپ اپنی بیوی میں کوئی دلچسپی نہیں لیتے اور وہ یہ محسوس کرتی ہے کہ آپ اسے نظرانداز کررہے ہیں۔ جب کہ آپ کی دلچسپیاں اور بہت سے لوگوں کی طرف بھرپور ہوتی ہیں،آپ کو اپنی آزادی بہت عزیز ہے جسے آپ کسی قیمت پر نظرانداز نہیں کرسکتے، اگر آپ کی بیوی جارحانہ مزاج اور شدت پسند رجحان کی مالک ہے وہ آپ پر قابضانہ رویہ اپناتی ہے تو آپ اسے برداشت نہیں کرسکتے اور راہ فرار ڈھونڈنا شروع کردیتے ہیں، اپنی بیوی کو ہر طرح کی آزادی دیتے ہیں اور خود بھی ایک آزاد زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔
بحیثیت بیوی: چوں کہ برج دلو ایک غیر روایتی برج ہے لہذا آپ بھی ایک غیر روایتی شخصیت اور کردار کی مالک ہیں۔ اگر آپ یہ دیکھیں گی کہ آپ کاشوہر آپ کے معیار پر پورا نہیں اتر رہا تو اسے بدلنے میں زیادہ ہچکچاہٹ سے کام نہیں لیں گی۔ ویسے بہرحال آپ ہرطرح اپنے شوہر سے تعاون کرتی ہیں اپنے فرائض انجام دیتی ہیں اور اپنی ذمے داریاں پوری کرتی ہیں۔ آپ شوہر کے کام میں بھی اس کا ہاتھ بٹاتی ہیں۔ البتہ آپ کے ساتھ بھی سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے کہ آپ کی سوشل سرگرمیاں اکثر شوہر کو یہ احساس دلا سکتی ہیں کہ آپ کو اس کی پروا نہیں ہے،ممکن ہے جذباتی لمحات میں آپ کی سرد مہری یا بے پروایانہ انداز بھی آپ کے شوہر کے لیے ناپسندیدہ ہو، آپ بہت مہمان نواز اور سماجی کاموں میں فعال ہیں، یہ بات بھی ممکن ہے شوہر کو یا سسرالی رشتہ داروں کو ناپسند ہو، آپ کھلے ہاتھ سے خرچ کرنا چاہتی ہیں لیکن آپ فضول خرچ بھی نہیں ہیں،آپ کے اخراجات اکثر دوسروں سے مددوتعاون کی وجہ سے ہوتے ہیں۔
گھریلو ماحول: آپ اپنے گھر کو صاف ستھرا اور فرنیچر سے آراستہ و پیراستہ رکھتے ہیں۔ آپ اپنے گھرمیں اینٹیک چیزیں رکھنے کے شوقین ہیں۔ آپ اپنے مخصوص دوستوں کی خاطر تواضع کرتے ہیں جو کثرت سے آپ سے ملنے آتے ہیں۔ آپ انہیں جمع کردہ نوادرات دکھاکر خوش ہوتے ہیں۔ آپ عموماً الٹرا ماڈرن الیکٹرونکس کی اشیاء خریدتے ہیں کیوں کہ آپ روایتی طورپر وقت اور پیسہ بچانے کے پرانے طریقِ کار پر عمل نہیں کرتے۔ آپ تنہائی بھی چاہتے ہیں اور مجلس بھی۔ اپنے رشتہ داروں کے معاملے میں آپ فرض شناس ہیں۔ آپ ان سے نہ تو زیادہ گھلتے ملتے ہیں اورنہ الگ تھلگ رہتے ہیں۔ اپنے بچوں سے بھی آپ سختی سے پیش نہیں آتے اور نہ حاکمانہ رویہ اختیار کرتے ہیں۔ بلکہ ان سے بزرگوں کی طرح پیش آتے ہیں جس کی وجہ سے بچے آپ سے بے حد پیار کرتے ہیں بلکہ بہت زیادہ احترام بھی کرتے ہیں۔ آپ اپنے بچوں کا رجحان دیکھتے ہیں، ان کی غلطیاں دور کرتے ہیں اور انہیں ہمہ گیر، فعال اور ہوشیار بناتے ہیں۔
مالی امور: آپ ہاتھ کے ہاتھ اپنے کام کا معاوضہ لینے پر یقین نہیں رکھتے،دوسرے آپ کی اس کمزوری سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں اور آپ کو مالی نقصان پہنچا سکتے ہیں، آپ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر پیسہ کماتے ہیں۔ آپ کبھی عزت کے متلاشی نہیں ہوتے بلکہ عزت خود چل کر آپ کے پاس آتی ہے۔ آپ دولت کو دنیاوی زندگی کے لیے ایک ضرورت سمجھتے ہیں، اس سے زیادہ پیسے کی اہمیت آپ کی نظر میں نہیں ہے۔ آپ اگر کفایت شعارنہیں ہیں تو فضول خرچ بھی نہیں ہیں۔ بہت سے لوگ آپ کا پیسہ دبالیتے ہیں اور آپ ان سے وصول کرنا ضروری نہیں سمجھتے یا یہ کہ خود کو کسی محاذآرائی کی الجھن میں نہیں ڈالتے۔ آپ مالی طورپر دوسروں کی مدد کرنے میں کبھی نہیں ہچکچاتے۔
کاروبار: آپ جدید مشینری، ایجادات اور دریافت کے ذریعے پیسہ کماتے ہیں۔ اور بے حد باصلاحیت اور اولوالعزم ہوتے ہیں۔ اپنے کاروبار کو ترقی دینے کے لیے جدید طریقے اپناتے ہیں۔
اصلاح ودرستی کی ضرورت: آپ کو صرف تاریک پہلو نہیں دیکھنا چاہیے اورنہ ہی گھبراہٹ کا شکار ہونا چاہیے، آپ کو تنہائی سے گزیز کرنا چاہیے۔ ان لوگوں سے سخت رویہ نہیں اپنانا چاہیے جنہیں آپ ناپسند کرتے ہیں۔ آپ کو پریشان یا اداس بھی نہیں ہونا چاہیے۔ اپنی محنت کا معاوضہ فوراً یا ایڈوانس لے لینا چاہیے۔ ادھار دینے سے گریز کرنا چاہیے کیوں کہ آپ کے لیے وصول کرنا مشکل کام ہے۔
پیشے: سائنس، موسیقی، سول انجینئرنگ، ٹیچر، پائلٹ، اناؤنسر، ایسٹرولوجر، ہیّت دان، سماجی بہبود کی سرگرمیاں، فنانس، میڈیسن، سیلز مین شپ، ہاتھوں سے متعلق کام، انشورنس اور کیمیکلز وغیرہ۔
صحت اور بیماریاں: آپ کو چھوت کی بیماریاں لگ سکتی ہیں۔ لہذا بیمار لوگوں سے دور رہیں۔ دانت کی تکلیف اور حلق کی خرابیاں ہو سکتی ہیں۔ چوں کہ آپ کا حاکم سیارہ زحل ٹھنڈا سیارہ اور آپ کا طالع برج ہوائی ہے لہذا دورانِ خون تسلی بخش نہیں ہوتا۔ آپ زیادہ سردی نہیں برداشت کرسکتے اور آپ کو ٹھنڈے موسم میں زیادہ حرارت کی ضرورت رہتی ہے۔
موافق نمبرز: 6
ناموافق نمبرز: 2,5
موافق پتھر: نیلم، ڈائمنڈ، سفید پکھراج، پیلا پکھراج، مرجان، روبی وغیرہ
ناموافق پتھر: سچا موتی، درّنجف، زمرد اور فیروزہ
موافق دھات: لوہا اور سیسہ
موافق رنگ: بلیک، نیوی بلیو، سرخ، آف وہائٹ، اورنج اور پیلا
ناموافق رنگ: چمک دار سفید اور گہرا سبز
موافق دن: ہفتہ، جمعہ،اتوار
ناموافق دن: پیر اور بدھ
ناموافق اوقات
ہر سال 15 جنوری سے 15 فروری، 15 جولائی سے 15 اگست اور 15 ستمبر سے 15 اکتوبر کے دوران میں آپ کو مشکلات اور مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے، اس دوران میں کسی نئے کام کا آغاز نہ کریں اور زیادہ سے زیادہ صدقہ و خیرات کیا کریں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں