جمعہ، 9 جولائی، 2021

طالع پیدائش سنبلہ، کردار و عمل

  

طالع برج سنبلہ(Virgo)
حاکم سیارہ عطارد(Mercury)

اگر آپ کسی ایسے وقت پر پیدا ہوئے ہیں جب برج سنبلہ طلوع تھا تو آپ کا طالع پیدائش سنبلہ ہے جس کا تعلق انسانی جسم میں پیٹ، ریڑھ کی ہڈی کے نچلے حصے، آنتوں اور انگلیوں سے ہے۔
جسمانی ساخت: آپ دبلے پتلے مناسب قدوقامت کے مالک، چوڑی پیشانی اور مضبوط جبڑوں کے حامل ہیں۔ آپ کے بال اور آنکھوں کا رنگ سیاہ ہوسکتاہے۔ بھنویں گھنی اور خمیدہ ہوسکتی ہیں۔ آواز باریک یا چیختی ہوئی ہو سکتی ہے۔ آپ اکثر اپنی عمر سے کم نظر آتے ہیں۔ آپ کی چال میں تیزی ہے۔ آپ کی آنکھوں کا تاثر ایماندارانہ اور راست باز ہوتاہے۔ آپ کی ناک ستواں اور بھنووں کے پاس پیشانی نمایاں ہے، پیدائشی زائچے میں سیاروی نشست اور ان کے درمیان قائم ہونے والے زاویے بھی آپ کے قدوقامت اور جسمانی خطوط پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
کردار و عمل: طالع پیدائش سنبلہ کے تحت آپ تجزیاتی ذہن کے مالک ہیں اور ہر معاملے کی بڑی باریکی سے چھان پھٹک ضروری سمجھتے ہیں، آپ فوراً حقیقتوں کو بھانپ لیتے ہیں اور انہیں برقرار رکھنے کے اہل ہیں لیکن خرابی یہ ہے کہ پھر اِنھیں تفصیلات کی بُھول بھلیوں میں گم کر دیتے ہیں۔
عملی طور پر آپ بے حد سلیقہ مند ہیں۔ ہر شے کو اس کی مناسب جگہ پر رکھنا پسند کرتے ہیں۔ آپ کی اصلاح و درستگی کی عادت ایک خبط کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔ آپ دوسروں کو تفصیلات اور جزیات بیان کرکے اپنی اہمیت جتانے کی کوشش میں بور کرسکتے ہیں۔ آپ ہوشیار ہونے کے ساتھ ایک ناقد، ایک نکتہ چیں بھی ہیں اور حالات کے تحت حکمتِ عملی طے کرسکتے ہیں۔ آپ کاملیت پسند (Perfectionist) ہیں۔ آپ جتنی خوشی سے تنقید کرتے ہیں اتنی ہی خوشی سے تنقید قبول بھی کرتے ہیں اور فوراً اپنی غلطی تسلیم کر لیتے ہیں۔ اکثر آپ دوستوں کے درمیان بھی تمسخر اڑاتے ہیں۔ آپ اپنے آپ کو خوش فہم ہونے پر مجبور کرتے ہیں۔ آپ کے اندر چھپاہوا کاملیت پسند اکثر عدم اطمینان کی صورتِ حال پیدا کرتاہے اور اکثر آپ خود اپنے کیے ہوئے کاموں سے بھی مطمئن نہیں ہوتے۔ نفاست اور سلیقہ مندی آپ کا طرہئ امتیاز ہے۔
آپ کے اندر تجزیہ کرنے کی بلا کی صلاحیت موجودہے۔ آپ کا ذہن تفتیشی ہے اور جب تک آپ بال کی کھال نہ نکال لیں اور مکمل معلومات حاصل نہ کرلیں تب تک چین سے نہیں بیٹھتے۔ آپ کا حافظہ بھی بہت اچھا ہے۔ ایک سنبلہ شخصیت کے لیے ترتیب اور موافقت بے حد ضروری ہے۔ آپ لوگوں سے معلومات حاصل کرنے میں ماہر ہیں۔ آپ کے ذہن پر تصور کی حکمرانی ہے جو آپ کو حادثات، بیماریوں اور مالی مسائل سے خوف زدہ رکھتی ہے۔ آپ ان کے بارے میں اکثر سوچتے ہیں۔ آپ دکھ درد اور تکلیف کے معاملے میں بہت حساس ہیں لہذا دوسروں کی مصیبت آپ سے دیکھی نہیں جاتی۔
محبت اور رومان: محبت آپ کے لیے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے کیوں کہ آپ کے معیار پر پورا اترنا بڑا مشکل کام ہے۔ آپ کی سخت گیری، تنقیدی رویے اور کبھی کبھی حد سے زیادہ توجہ چاہنے کی فطرت کے باعث محبت ایک مسئلہ بن سکتی ہے۔ آپ کے اپنے آئیڈیل ہیں اور آپ کے آئیڈئیل پر پورا اترنا کسی کے لیے بھی آسان نہیں ہے۔ آپ جب بھی کوئی ساتھی یا محبوب ڈھونڈتے ہیں تو جذبات سے زیادہ ذہانت سے کام لیتے ہیں لہذا محبت کا خون ہوتے دیر نہیں لگتی کیوں کہ محبت کا تعلق دل سے ہے، دماغ سے نہیں جب کہ آپ محبت میں بھی دماغ سے کام لیتے ہیں۔ مزید یہ کہ آپ اپنی چاہت کا اظہار نہیں کرتے۔ آپ کو یہ سمجھنا چاہیے کہ محبت تنقید کا نہیں ایک دوسرے کو سمجھنے کے عمل کا نام ہے۔ آپ کے جذبات میں شاذونادر ہی ہلچل ہوتی ہے۔
شادی: آپ شادی کو سماجی حیثیت کے منصوبے کی ایک کڑی کے طور پر قبول کرتے ہیں۔ ورنہ اکثر سنبلہ افراد اپنی شادی کو ملتوی کردیتے ہیں اور کنوارا رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ شاید اسی لیے برج سنبلہ کو دوشیزگی یا کنوارے پن کی علامت ٹھہرایا گیا ہے۔ دنیا میں زیادہ تر غیر شادی شدہ افراد کا تعلق برج سنبلہ سے ہے۔
بحیثیت شوہر: ایک مرتبہ شادی کرنے کے بعد آپ اچھے کمانے والے اور خیال رکھنے والے ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔ آپ بہ حیثیت شوہرخاصے بردبار، مطمئن، مہربان، بامروت، صاحبِ فکر اور صاحبِ ضمیر ہوتے ہیں۔ آپ اپنی ازدواجی زندگی میں جذباتی جوش وخروش، بے تابی اور شریکِ حیات کو اپنی ملکیت سمجھنے کے خبط سے دور رہتے ہیں۔ آپ جذباتی نوعیت کی محبت سے دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ اس قسم کے جذبات کے اہل بھی نہیں ہیں۔ ایسی صورتِ حال کو آپ جذباتی حماقت سمجھتے ہیں،اپنے بیوی بچوں کے ساتھ بھی آپ کا رویہ کچھ ایسا ہی ہوتا ہے جیسا گھر سے باہر دوسروں کے ساتھ، کیوں کہ اپنے گھر میں بھی آپ کی کاملیت پسندی عروج پر ہوتی ہے، آپ کیسے برداشت کرسکتے ہیں کہ آپ کی بیوی یا بچے کوئی غلطی کریں؟
بحیثیت بیوی: سنبلہ بیوی بہت ہی لائق، فرض شناس ہوتی ہے۔ اس کا گھر بے داغ، صاف ستھراہوتاہے۔ گھر یلو سامان ترتیب اور قرینے سے سجا ہوا نظر آتا ہے۔ اس کے گھر میں اس کی فطری نفاست کا رنگ نمایاں ہوتاہے۔ وہ کسی کام کو ادھورا نہیں چھوڑتی اور اپنی ذمے داریاں وقت کی پابندی کے ساتھ ادا کرتی ہے۔
آپ سنبلہ بیوی کی حیثیت سے فضول خرچ بھی نہیں ہیں لیکن جذباتی معاملے میں آپ خاصی سرد مزاج ہیں اور آپ کو سمجھنا مشکل ہے۔ رومانی رفاقت جو ایک بیوی کی حیثیت سے ضروری ہے آپ کے ہاں ناپید ہے۔ آپ روایتی رومانس کے بجائے زندگی کے عملی پہلوؤں کو اہمیت دیتی ہیں۔ یہ صورتِ حال ایک رومان پسند، جذباتی شوہر کے لیے ناپسندیدہ ہوسکتی ہے اور وہ گھر سے باہر کسی اور عورت کے چکر میں پڑسکتاہے۔ اکثر سنبلہ خواتین کے شوہر دوسری عورتوں کے عشق میں مبتلا پائے جاتے ہیں جس کی وجہ سنبلہ خواتین کا غیر جذباتی اندازِ محبت ہے۔
آپ مادہ پرستی کی حد تک انتہائی غیر رومانی اور عملیت پسند ہو سکتی ہیں۔ آپ کو ذاتی گرم جوشی کا مطالبہ کرنا اچھا نہیں لگتا۔ فطری طورپر بھی آپ بہت شرمیلی ہیں۔ ایک سنبلہ مرد کی طرح آپ بھی شادی کو محض سماجی اسکیم کا حصہ سمجھتی ہیں اور اس کے جذباتی پہلوؤں پر زیادہ توجہ نہیں دیتیں۔ اس سلسلے میں آپ کو اصلاح و درستگی کی ضرورت پر دھیان دینا چاہیے۔
گھریلو ماحول: سنبلہ عورت یا مرد اپنے گھر میں ہر شے سلیقے اور ترتیب سے دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ لوگ جو ان سے وابستہ ہیں ہر کام میں سلیقہ مندی کا مظاہرہ کریں۔ آپ دوسروں کو اپنے گھر مدعو کرنے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن خود بہت کم ہی ان کے ہاں جاتے ہیں۔ آپ کے بچوں کی تعداد محدود ہوتی ہے اور آپ بچوں سے اپنی محبت اور شفقت ظاہر نہیں کرتے لیکن اپنے فرض کی ادائیگی سے کبھی غافل نہیں رہتے۔ آپ ان کی تربیت میں بھی کوتاہی نہیں برتتے۔ آپ کے بچوں میں پہلا بچہ محنتی ہو سکتاہے۔ جب کہ دوسرا اورتیسرا اچھی صحت برقرار رکھتے ہوئے کم محنت سے زیادہ پیسے کمائے گا۔
مالی امور: آپ کی کاروباری جبلّت قوی اور مضبوط ہے لہذا آپ عام طورسے اپنے پیسوں کے بارے میں محتاط رہتے ہیں۔ آپ مالدار بننے کی بڑی خواہش رکھتے ہیں لہذا پیسے کی بہت قدر کرتے ہیں۔ آپ کو دولت آسانی سے ہاتھ نہیں لگتی اس کے لیے آپ کو سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔ آپ کی محنت کا معاوضہ تسلی بخش نہیں ہوتا۔ آپ کی زندگی میں بڑے نشیب وفراز آئیں گے۔ کاروباری معاملات میں آپ تقریباً تمام دیگر برج والوں کے ساتھ اچھے رہتے ہیں لیکن دوسرے لوگ آپ سے بہت زیادہ منافع کماتے ہیں یا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ چناں چہ آپ کو اپنے کاروباری پارٹنر کے انتخاب کے سلسلے میں بے حد محتاط رہنا چاہیے،خیال رہے کہ طالع پیدائش سنبلہ کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد عام طور پر دوسرے بعض برجوں کے مقابلے میں زیادہ سخت اور مشکل زندگی گزارتے ہیں،سیارہ شمس،زحل اور مریخ ان کے زائچے میں فعلی منحوس سیاروں کا کردار ادا کرتے ہیں، چناں چہ ان کی زندگی کے مسائل اور پریشانیاں کبھی کم نہیں ہوتے۔
اصلاح و درستی کی ضرورت: آپ دوسروں کے صبرو برداشت کاامتحان لیتے ہیں اور آپ کو اس کا احساس بھی نہیں ہوتا۔ خاص طورسے محبت کے معاملے میں آپ کی محتاط روی اور غیر جذباتی، بے پروایانہ انداز آپ کے محبوب کے لیے بے زار کن اور ناقابلِ برداشت ہو سکتا ہے۔ جب آپ دوستوں پر تنقید کرتے ہیں اور ان کی غلطیون کی نشاندہی کرتے ہیں اور اپنا دکھڑا روتے ہیں تو خود کو غیر مقبول بنا لیتے ہیں۔ آپ کے لیے دوسروں سے مشورہ لینا بہت مشکل ہے کیوں کہ آپ تو خود مشورے دینے کے ماہر ہیں۔ اس اعتبار سے آپ خاصی ٹیڑھی شخصیت کے مالک ہیں۔ آپ کو اپنی خامیوں پر قابو پانے کی عادت ڈالنا ہوگی۔
پیشے: سرکاری ملازمت، انجینئرنگ، ایڈیٹر، قلم کار، قانون دان، پروفیسر، ٹیچر، موسیقار، آرٹسٹ، ماہرِ تعمیرات، ڈیزائنر، پینٹر، پریس، پرنٹنگ اور پبلشنگ کے شعبے، بک کیپر، رجسٹرار، جرنلسٹ، اداکار، ترجمان، بروکر، ریسرچ کرنے والے وغیرہ۔
صحت اور بیماریاں: عام طورسے آپ بیمار نہیں پڑتے کیوں کہ نظم و ضبط کے تحت زندگی گزارتے ہیں۔آپ صحت کے اصولوں کی پیروی کرتے ہیں اور اپنی خوراک اور ورزش کا خیال رکھتے ہیں لیکن آپ کو خواب آور دواؤں کا عادی نہیں ہونا چاہیے کیوں کہ ان سے آپ کی عمومی صحت پر خراب نوعیت کے شدید اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ آپ کو جو بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں ان میں اعصابی، جلدی، ذہنی بیماریاں، السر، معدے اور آنتوں کی بیماریاں، بدہضمی، گیسٹرک، پیچش، یوٹرائن انفیکشن، ایگزیما، پیٹ کے کیڑے، مراق اور اینیمیا شامل ہیں،اس کے علاوہ آپ کے انفرادی زائچے میں سیاروی نشست اور زاویے بیماریوں اور تکالیف پر تفصیلی روشنی ڈال سکتے ہیں۔
موافق پتھر: ڈائمنڈ، اوپل، سفید پکھراج، زمرد، فیروزہ، پیری ڈوٹ، یلو سفائر، سچا موتی وغیرہ
ناموافق پتھر: نیلم (بلیو سفائر)، روبی، مرجان۔
موافق دھات: چاندی اور پلاٹینم۔
ناموافق دھات: گولڈ اور لوہا
موافق رنگ: سبز، پیلا، سفید، اسکائی بلیو، بلیو
ناموافق رنگ: بلیک، اورنج اور سُرخ
موافق دن: پیر، بدھ، جمعہ
ناموافق دن: ہفتہ، اتوار اور منگل
موافق اعداد: 2,3,5
ناموافق اعداد: 1,8,9

 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں