اپنے حقیقی برج اور سیارے سے آگاہی حاصل کریں
طالع برج سرطان(Cancer)
حاکم سیارہ قمر(Moon)
جسم کے حصّے: سینہ، پستان،پیٹ، نظامِ ہضم،رگیں
جسمانی ساخت: طالع سرطان کے زیرِ اثر آپ یا تو موٹے یا پھر بہت ہی ایتھلیٹک جسم کے مالک ہوسکتے ہیں۔ عام طور سے اس طالع کے زیرِ اثر پیداہونے والے لوگ کوتاہ قامت، دبلے پتلے ہاتھ پاؤں اور طاقت ور پنجوں کے حامل ہوتے ہیں۔ بھورے بال اور چہرے کا رنگ پیلا لیکن پُرکشش ہوتاہے، چہرہ گول پیشانی چوڑی،دہانہ بڑا، دانت چاک کی طرح سفید۔
کردار و عمل: آپ جذباتی،انتہائی حساس، ہمدرد، لطیف احساسات کے حامل اور باتونی ہیں۔ آپ کے خیالات بڑے زرخیز ہیں۔ آپ کا شمار وفاشعار، گھر سے محبت کرنے والے، شاذونادر ہی منصوبہ ساز یا سازشی لوگوں میں ہوتاہے۔ آپ کو آسانی سے متاثر اور استعمال کیا جاسکتاہے۔ آپ ایک روایتی (Tradtional)انسان ہیں اور روایتوں سے چمٹے رہتے ہیں۔ آپ کا موڈ حتیٰ کہ آپ کامقصد بھی اتنا ہی چیلنجنگ ہو سکتا ہے جتنا کہ خود چاند، چاند ایک تیز رفتار سیارہ ہے لہٰذا آپ کا موڈ اور مزاج بھی پل پل بدلتا رہتا ہے۔
آپ کا برج سرطان تمام برجوں میں سب سے زیادہ مادرانہ شفقت کا حامل ہے لہذا آپ محتاط، خود کو مٹا دینے والے اور شرمیلے ہیں۔ آپ وفاداری کے گہرے احساسات کے مالک، ذمے داراور مالی ذہن رکھتے ہیں۔ آپ کی جبلّتیں مضبوط ہیں۔ آپ حصول کے متمنی اور چمٹے رہنے والے ہیں لیکن ان دونوں خصوصیات کا سبب کھو دینے یا کچھ ضائع کردینے کا فطری خوف ہوسکتا ہے۔ آپ غربت، مصائب اور نظر انداز کیے جانے کے خیال سے بہت پریشان رہتے ہیں۔ آپ کی ساری توجہ مالی اور جذباتی تحفظ پر مرکوز رہتی ہے۔ آپ بہت ایماندار ہیں اور دوسرے لوگوں میں بے ایمانی کو ناپسند کرتے ہیں۔ آپ کسی ایک ذریعے سے کوئی بڑی رقم حاصل کرنے کے بجائے مختلف ذرائع سے چھوٹی چھوٹی رقمیں حاصل کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ آپ کا حافظہ بہت اچھا ہے چوں کہ آپ گُھنّے اور موڈی ہیں۔ آپ کا موڈ چاند کے گھٹنے اور بڑھنے کے ساتھ ساتھ بدلتا رہتاہے۔ تنقید کاخوف آپ کو ہوشیارو زیرک اور ڈپلومیٹک بنا دیتاہے۔ اپنی فیملی اور اپنے دوستوں سے آپ کارویّہ ماں جیسا ہوتاہے۔ آپ جسمانی خطرات سے ڈرتے ہیں لیکن ذہنی اور اخلاقی رویّے میں دلیر ہوتے ہیں۔
محبت اور رومان: ایک دفعہ محبت ہوجائے تو آپ مضبوط اور سچے ثابت ہوتے ہیں تاوقت یہ کہ آپ کا محبوب یا شریکِ حیات کوئی سخت قدم نہ اٹھالے۔ آپ کسی بھی قیمت پر اپنے ساتھی کادامن نہیں چھوڑیں گے اور کچھ بھی ہو آپ اس سے تاقیامت چمٹے رہیں گے۔ عام طور سے آپ ضرورت سے زیادہ اور بے زار کُن حد تک اپنی محبت اور چاہت نچھاور کرنے والے ہیں۔ رشتہ داروں اور دوستوں کو آپ کے زیرِ سایہ خوشیاں ہی خوشیاں ملتی ہیں اور وہ ان خوشیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں کیوں کہ آپ کے اندر وفاداری اور ذمے داری کا بہت گہرا احساس پایا جاتاہے۔
شادی: وہ خوش قسمت ہوگا جسے آپ جیسا سرطانی تخیل پرست اور رومینٹک پارٹنر ملے گا۔ آپ بڑی آسانی سے متاثر ہوجاتے ہیں اور خود کو بہت جلد حالات کے مطابق ڈھال لیتے ہیں۔ شادی کے لیے گھر سے آپ کی محبت بے حد اہم ہے۔ آپ گھر، خاندان بنانے والے انسان ہیں۔ آپ کی سچی روحانی خوشیاں گھر اور خاندان سے جڑی ہوئی ہیں۔ اسی طرح آپ کو اپنے وطن، اپنے علاقے یا محلے سے بھی بڑی محبت ہے۔ ماضی سے متعلق چیزیں بھی آپ کو بہت عزیز ہوتی ہیں لیکن اگر آپ کو نظر انداز کیا گیا توآپ زود رنج اور انتہائی حساس طبیعت کے سبب گھر کے ماحول کو شدید متاثر کر سکتے ہیں۔
بحیثیت شوہر: آپ شفیق اور محبت کرنے والے صلح جو، نرم طبیعت کے مالک ہیں لیکن کبھی کبھی کیڑے نکالنے، شورمچانے والے اور سخت گیر بھی ہوسکتے ہیں۔ شریکِ حیات کے لیے آپ گھریلو لڑکیوں کو پسند کریں گے۔ آپ خود کو اپنی بیوی کے لیے وقف کردینے والے، اسے خوش رکھنے اور اس کی ہرطرح سے دلجوئی کرنے والے ہیں۔ آپ دوسرے برج والوں کی بہ نسبت اپنا زیادہ وقت گھر میں گزارنا پسند کرتے ہیں۔ آپ مستقل گھر کے معمول کے کاموں میں مداخلت کرتے رہتے ہیں۔
بحیثیت بیوی: سرطان بیویاں اپنی محبت خلوص اور شوہر کی خدمت کرنے اور اپنے آپ کو ان کے لیے وقف کردینے میں سچی ہوتی ہیں۔ وہ مہربان، صابر، خوش رکھنے والی، ہمدرد اور شوہر کی دی ہوئی چیزوں سے تقریباً مطمئن ہوتی ہیں۔ وہ سب سے زیادہ مادرانہ اثرات کی حامل ہوتی ہیں لہذا آپ اپنے شوہر سمیت ایک ”جگت ماں“ ہیں۔ آپ اپنے شوہر کی پرستش کرتی ہیں اور وہی گھر آپ کا گھر ہے جہاں آپ کا شوہر رہنا چاہتاہے۔ آپ کے لیے شادی اور ازدواجی زندگی بہت آسان ہے کیوں کہ آپ گھر بنانا اور گھر کرنا جانتی ہیں۔ آپ کے فطری رجحانات اتنے ہمدردانہ ہیں کہ آپ شادی کو اپنی طرف کھینچ لاتی ہیں۔ آپ اپنے گھر سے محبت کرتی ہیں اور آرام دہ، خوشگوار بنانے کی حتی الامکان کوشش کرتی ہیں۔
گھریلو ماحول: آپ گھر بنانے اور گھر سے محبت کرنے والے لوگوں میں سے ہیں۔ آپ پرانی چیزیں اکٹھی کر کے انہیں اسٹورکر لیتے ہیں۔ آپ دوستوں کو مدعو کرتے ہیں اور ان کی تسلی بخش خاطر مدارات کرتے ہیں۔ آپ کا شمار عمدہ والدین میں ہے۔ آپ کے بچے فرماں بردار، فرض شناس، شکرگزار اور وفادار ہوں گے۔ آپ اپنی پرخلوص مہمان نوازی کے لیے مشہور ہیں۔ آپ اپنا کاروبار یا دفتر اپنی رہائش کے ایک حصے میں یا رہائش کے قریب رکھنا چاہتے ہیں تاکہ اپنی فیملی کی قربت حاصل رہے۔ آپ اپنی ذات کی قربانی دینے کے اہل ہیں۔ آپ ٹھنڈے مزاج کے مالک، بُردبار اور ذہین ہیں۔
مالی امور: آپ پیسے کی اہمیت کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں اور اس کے بارے میں تھوڑا ذاتی بھی ہو جاتے ہیں۔ پیسے کے مقابلے میں آپ بہت ہوشیار اور محتاط ہیں۔ آپ کاذوق کوئی خاص نہیں ہے لہذا آپ بے جا نمودو نمائش میں فضول خرچی نہیں کرتے۔ آپ پیسے کی اتنی ہی قدر کرتے ہیں جتنی اس کی قدر ہے اور اس معاملے میں بہت عقل مند ہیں۔ آپ اپنی شب وروز کی محنت سے دولت اکٹھی کرتے ہیں اور بلا ضرورت پیسہ برباد نہیں کرتے۔ اکثر دولت اور جائیداد سرطانی افرادکو ورثے میں بھی ملتی ہے۔
کاروبار: آپ کی ذات کا ایک اہم راز کامیابی ہے۔ اگر آپ اپنے موڈ کے رجحانات پر قابو پاسکیں تو اپنے کاروبار میں بلند ترین مقام حاصل کر سکتے ہیں اور دنیاوی آسائشیں آپ کے قدم چوم سکتی ہیں۔ آپ انتہائی محتاط ہیں اور کوئی قدم اٹھانے سے پہلے یہ سوچ لیتے ہیں کہ وہ غلط ہے یا درست اور جب آپ کوئی فیصلہ کرلیتے ہیں تو لاکھ مخالفت کے باوجود پیچھے نہیں ہٹتے۔
اصلاح و درستی کی ضرورت: آپ کو بد اعتمادی، مستقبل کے انجانے خوف اور حسد سے بچنا چاہیے۔ آپ کے لیے اپنے موڈ اور چڑچڑے پن پر قابو پانا بہت ضروری ہے۔ بعض سرطانیوں کو صبرو تحمل اپنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہیں اپنی بزدلی اور احساسِ کمتری سے نجات حاصل کرنا چاہیے۔ آپ کو چاہیے کہ مستقبل کے بارے میں پریشان ہونے سے بچیں۔
پیشے: ٹیچر، لائبریرین، مؤرخ، سائنس دان، ماہرِ تعمیرات، باورچی یا کیٹرنگ کا کام کرنے والے، نرسنگ، سیلز مین شپ، نیوی یا سمندری تجارت سے وابستہ لوگ،نئے علاقے دریافت کرنے والے۔ سرطانی افراد ادب وفن اور موسیقی کے میدان میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ وہ پانی میں ملنے والی چیزوں مثلاً موتی، سیپ،گھونگے اور مچھلی کا کاروبار کرسکتے ہیں۔ امپورٹ ایکسپورٹ، ٹرانسپورٹ سفرکرنایا دودھ سے تیار کی جانے والی اشیاء بھی ان کے کاروبار میں شامل ہیں۔
صحت اور بیماریاں: برج سرطان اعضائے جسمانی میں دل اور سینے کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ ایک آبی برج بھی ہے لہذا آپ برونکائیٹس، دمہ، پھیپھڑوں کی ٹی بی، سانس کی تکلیف، بلڈپریشر، خون کی خرابی یا کینسر جیسے موذی مرض سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ آپ کی صحت رہائش کی تبدیلی سے بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ زندگی میں آنے والی غیر متوقع تبدیلیاں بھی آپ کی صحت پر ناخوشگوار اثرات ڈالتی ہیں۔ لڑائی جھگڑے میں زخم وغیرہ لگنے کا بھی خدشہ رہتاہے۔ جب کبھی صفرا(تیزابیت) کا زور ہوتا ہے تو آپ زیادہ بیمار اور کمزور ہوجاتے ہیں۔ عموماً بچپن یا لڑکپن میں آپ دبلے پتلے اور کمزور ہو سکتے ہیں لیکن ایک خاص عمر کو پہنچ کر صحت مند اور موٹے ہو سکتے ہیں۔ موٹاپے سے بچنے کے لیے مناسب خوراک کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔
موافق ناموافق
موافق دھات: چاندی۔
ناموافق دھات: سیسہ، پلاٹینم اور ایلومونیم
موافق رنگ: چمک دار سفید، گرین، سرخ اور اورنج
ناموافق رنگ: پیلا اور بلیک
موافق پھول: کنول۔
موافق دن: پیر، منگل اور اتوار۔
ناموافق دن: جمعرات اور ہفتہ
موافق اعداد: 2,4,9
ناموافق عدد: 3,8
ناموافق اوقات
ہر سال 15 جون سے 15 جولائی، 15 دسمبر سے 15 جنوری اور 15 فروری سے 15 مارچ۔
طالع اسد (Leo)
حاکم سیارہ شمس(Sun)
آپ کا طالع برج اسدہے۔ یہ اعضائے جسمانی میں اسپائنل کورڈ، تِلّی دل اور کلائی پر حکمرانی کرتا ہے۔
جسمانی ساخت: طالع پیدائش اسد کے زیرِ اثر آپ کشیدہ قامت، صحت مند، کُسرتی جسم کے مالک ہو سکتے ہیں۔ آپ کبھی گُداز اور بے ہنگم جسم کے مالک نہیں ہوتے۔ آپ کی ہڈیاں چوڑی اور مضبوط ہیں۔ شانے چوڑے اور پیشانی کشادہ ہوگی۔ آپ کی جسمانی شخصیت شاندار، مرعوب کرنے والی، نمایاں، دبنگ اور باوقار ہوتی ہے۔ چہرے کی یا جسمانی رنگت مختلف ہو سکتی ہے۔
کردار و عمل: آپ عالی ظرف، کھلے دل کے مالک اور فیاض ہیں لیکن جب طیش میں آتے ہیں تو تخریب کار ہو سکتے ہیں،آپ انسانیت کے لیے معاون ومددگار ہیں۔ بہت جلددوست بنا لیتے ہیں لیکن اپنے معیار اور وقار کو مدِ نظر رکھتے ہوئے، آپ کو اپنی دوستی اور تعلقات پر پورا بھروسہ ہوتاہے اور دوستوں سے کچھ نہیں چھپاتے۔ آپ برداشت کا مادہ رکھتے ہیں اور بڑے صبر سے دوسروں کی شکایت سنتے ہیں۔ دوسروں سے اپنی تعریف سن کر خوش ہوتے ہیں۔ اگر کوئی آپ کی موجودگی میں آپ کی تعریف کرے تو وہ آپ سے کچھ بھی حاصل کرسکتاہے۔ آپ بنیادی طورپر حاکمیت پسند، اولوالعزم،پر جوش، خوش باش، شاداں و فرحاں، بالادست، مغرور، شاہانہ شان وشوکت اور رعب ودبدبے والے ہیں۔ آپ خوشامد پرست بھی ہیں جو آگے چل کر حد سے بڑھی ہوئی خودپسندی اور انا پرستی کا سبب بن جاتی ہے۔ آپ امید اور وفا سے بھرپور ہیں۔ بے تکلف، صاف گو، راست باز ہیں۔ گھٹیا اور چھچوری حرکتوں سے نفرت کرتے ہیں۔ قیادت اور راہنمائی بھی آپ کا ایک وصف ہے جسے آپ پسند کرتے ہیں۔ آپ لوگوں پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ آپ کی لیڈرشپ حاصل کرنے کی کوشش کبھی کبھی گھمنڈ اور غرور کا شاخسانہ ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں آپ سخت مزاج بن سکتے ہیں۔
آپ ہمیشہ دوسروں کا مرکز نگاہ بنے رہنا چاہتے ہیں اور تعیش کے سخت آرزو مند ہوتے ہیں۔ اپنی بات منوانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے طاقت استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ آپ اپنی غلطیوں کو اتنے فکری انداز میں پس پشت ڈال دیتے ہیں کہ اکثر آپ کو اپنی غلطیوں کا احساس تک نہیں ہوتا۔
آپ بیرونی سرگرمیوں سمیت ان تمام سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں جن میں جوش اورولولہ ہو۔ آرام طلبی آپ کے مزاج اور طبیعت کی سب سے بڑی خامی ہے۔
محبت اور رومان: محبت کے معاملات میں آپ کی زندہ دلی بھی عام طور سے مددگار ہوتی ہے۔ اگرچہ یہ ہمیشہ مطابقت نہیں رکھتی۔ آپ بہر حال رومینٹک ہیں اور تہہ دل سے محبت کرتے ہیں۔ محبت آپ کو اُڑا کر لے جاتی ہے اور بڑی مہارت سے اپنے محبوب یا شریک حیات کو خوش کرتے ہیں۔ آپ جتنے غضب ناک اور جتنے بے تاب ہوتے ہیں اتنے ہی آئیڈیل محبوب ہوتے ہیں۔ لیکن کبھی کھلِ عام محبت کا اظہار نہیں کرتے کیوں کہ آپ اسے اپنے وقار کے منافی سمجھتے ہیں۔ محبت کے اظہارمیں آپ کے ہاں بڑی جھجک پائی جاتی ہے۔
شادی: آپ کے ہاں جنسِ مخالف کے لیے بڑی کشش اور دلکشی ہوتی ہے لہذا یہ بالکل فطری بات ہے کہ آپ کے پارٹنر میں آپ سے حسد کا مادہ پیداہوتاہے۔ آپ کے پارٹنرکو چاہیے کہ وہ آپ کو اچھی طرح سمجھنے کی کوشش کرے۔
بحیثیت شوہر:آپ بہت اچھے شوہرہیں۔ آپ کی کشادہ دلی، رحم دلی، محبت کرنے والی طبیعت اور جذبہ وفاداری آپ کو ایک محفوظ اور تسلی بخش شوہر بنانے میں مدد دیتی ہے۔ آپ عام طور سے اچھے کمانے والے ہیں اور اپنی فیملی کی سماجی حیثیت سے اچھی طرح واقف ہوتے ہیں۔ آپ بلاشبہ گھر کے مالک و خود مختار ہوتے ہیں اور یہ توقع کرتے ہیں کہ آپ کی بیوی آپ سے ایک قدم پیچھے رہے گی۔ آپ مرکز میں رہنا چاہتے ہیں یعنی اپنے گھر میں بھی بنیادی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ آپ خواتین میں گھرے رہنا چاہتے ہیں لیکن اس کے برعکس صورتِ حال کو کبھی برداشت نہیں کر سکتے۔
بحیثیت بیوی: اسد خواتین بیوی کی حیثیت سے باوفا ہوتی ہیں۔ ان کی محبت میں بے تابی، برداشت اور ایثارِ ذات کا عنصر ہوتاہے لہذا آپ اپنی فیملی پر بھرپور توجہ دیتی ہیں۔ آپ کو بہت اچھی طرح گھر سنبھالنا آتا ہے۔ آپ سماجی تقریبات میں پیش پیش رہتی ہیں اور تفریح سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔ آپ کی چھا جانے کی فطرت شوہر سے اختلافِ رائے پیدا کرسکتی ہے یا سسرال میں مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ آپ چاہیں گی کہ آپ کا شوہر آپ کا غلام بن کر رہے۔ کمزورذہن اور فطرت کے مرد آپ کے لیے نہایت پسندیدہ شوہر ہوں گے جو آپ کی ہر بات پر سرِ تسلیم خم کردیں۔
گھریلو ماحول: آپ کو سستانے اور آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ خوش رہنے کے لیے ہم آہنگی اور سکون چاہتے ہیں۔ آپ گھر کا مالک ومختار بننا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ سب لوگ آپ کی اطاعت کریں، آپ کے احسان مند ہوں اور آپ سے تعاون کریں۔ آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے گھر کے افراد کشادہ ذہن، فراخ دل اور اعلٰی ظرف ہوں۔ آپ ہمیشہ اچھے دوستوں کا انتخاب کرتے ہیں اور اکثر ان کی خاطر تواضع کرتے ہیں۔ آپ کبھی اخراجات اور پیسے کے بارے میں نہیں سوچتے چاہے مالی حالت کتنی ہی کمزور کیوں نہ ہو۔ آپ ایک شاہانہ زندگی چاہتے ہیں اور اپنے گھر کو بھی شاہانہ انداز میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ آپ اپنے بچوں پر فخر کرتے ہیں اور ان سے بے انتہا پیار کرتے ہیں۔ آپ کے بچے مضطرب اور نروس بھی ہوسکتے ہیں۔ وہ آزادی کی جدوجہد کرتے ہیں چاہے نوجوان ہی کیوں نہ ہوں۔ وہ پابندیاں پسند نہیں کرتے۔
مالی امور: آپ غربت میں بھی فضول خرچ ہوتے ہیں۔ عام طورسے نوجوانی میں قسمت آپ پر مہربان ہوتی ہے۔ اپ کے وسائل تسلی بخش ہوتے ہیں چوں کہ آپ شاہ خرچ ہیں لہذا وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مالی حالت خراب ہونے لگتے ہیں۔ آپ انعامی اسکیموں یا جوئے وغیرہ کی طرف بھی راغب ہوسکتے ہیں۔
کاروبار: آپ بہت سے پیشوں میں کامیاب رہتے ہیں کیوں کہ آپ کے اندر شومین شپ ہوتی ہے جو آپ کے مؤکلوں یا گاہکوں کو یا آپ کے پارٹنر کو ڈگمگادیتی ہے اور آپ کی فطری جبلت سب سے اونچی پوزیشن کے حصول کی کوشش و جستجو ہے۔ آپ اکثر اس میں کامیاب بھی رہتے ہیں۔ آپ بڑے بڑے مسائل سے نمٹنے کی کوشش کرتے ہیں اور معمول کے چھوٹے موٹے کام اپنے ماتحتوں کے انجام دینے کے لیے چھوڑ دیتے ہیں۔
اصلاح ودرستی کی ضرورت: آپ کبھی کبھی کسی مسئلے کے دونوں پہلوؤں پر غور نہیں کرتے لہذا آپ کو یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ دوسروں کی رائے اور مشورے پر بھی کان دھریں۔ آپ جب بھی ناراض ہوتے ہیں تو پھٹ پڑتے ہیں اور سخت اشتعال میں آسکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں آپ پریشانی میں گِھر سکتے ہیں۔ آپ کو کسی ایسے شخص پر لال پیلا نہیں ہونا چاہیے جس کی آپ نے مدد کی ہو اور جو آپ کا احسان مانتا ہو۔کسی کو دبانے مجبور کرنے اور گھمنڈ کرنے سے پرہیز کریں۔ ان لوگوں سے ہوشیار رہیں جو صرف آپ کی تعریف کرتے ہوں اور غلطیوں کی کبھی نشاندہی نہ کرتے ہوں۔ خصوصاً خوشامد پیشہ ملازمین سے محتاط رہیں۔
پیشے: منیجمنٹ، ایڈ منسٹریشن، ہوٹل منیجر، رئیل اسٹیٹ کا کام، پبلشر، ایگزیکٹیو، اداکار، ڈائریکٹر، ڈرامہ نگار، فنکار، جیولر، اعلٰی آفیسر، سیلز منیجر، بزنس مین وغیرہ۔
صحت و بیماریاں: سورج آپ کے برج کا حکمران ہونے کی وجہ سے بیماریوں میں آپ کا ایک بڑا مددگار ثابت ہوتاہے۔ گویا آپ کے ہاں جسمانی قوتِ مدافعت بہت زیادہ ہے۔ آپ کو گنٹھیا، ڈپریشن، ہڈیوں اور گھٹنوں کا فریکچر، جلدی امراض، اختلاجِ قلب، پیٹ میں گڑ بڑ، بخار، آنکھوں کی تکالیف اور آنتوں کی تکالیف ہوسکتی ہیں لیکن کسی بھی مرض سے آپ جلد شفایاب ہوسکتے ہیں۔ مناسب اور موزوں خوراک، پھل اور سبزیوں کا استعمال، مرغن چیزوں سے پرہیز، آپ کو اچھی صحت اور لمبی عمر عطاکرے گا۔ آپ کو خون کی خرابی اور ہڈیوں میں نقائص سے بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ سفر کے دوران حادثات سے محتاط رہیں۔
موافق پتھر: روبی، یلو سفائر،بلیو سفائر،مرجان، ڈائمنڈ
ناموافق پتھر: سچا موتی، درّنجف
موافق دھات: سونا
موافق رنگ: سرخ، سبز، نارنجی، سنہرا
ناموافق رنگ: چمک دار سفید اور آسمانی
موافق دن: اتوار، منگل اور جمعرات۔
موافق اعداد: 1,3,9
ناموافق اعداد: 2
موافق و ناموافق
ہر سال 15 جولائی سے 15 اگست، 15 جنوری سے 15 فروری اور 15 مارچ سے 15 اپریل کا وقت مشکلات اور مسائل کا باعث ہوسکتا ہے، اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں اور کسی معاملے میں رسک نہ لیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں