ہفتہ، 24 جولائی، 2021

طالع پیدائش عقرب، کردار و عمل

اپنے حقیقی برج اور سیارے سے آگاہی حاصل کریں 


طالع عقرب(Scorpio)

حاکم سیارہ مریخ(Mars)


 اگر  آپ ایسے وقت میں پیدا ہوئے ہیں جب اُفق پر برج عقرب طلوع تھا تو آپ کا پیدائشی برج عقرب اور حاکم سیارہ مریخ ہے۔

  جسمانی ساخت: جسم گول لیکن کسرتی ہو سکتاہے۔ آپ کی جسمانی ساخت ٹھوس ہے۔ چہرہ چوڑا، آنکھیں چمکیلی اور بال گھنگریالے ہو سکتے ہیں۔ شخصیت بارعب ہوتی ہے،کم گو اور سوچ سمجھ کر بات کرنے والے۔

کردار و عمل: طالع پیدائش برج عقرب کے تحت آپ پرعزم ہیں۔ خاص طورسے جب آپ کوئی ہدف مقرر کرلیں تو پھر سیدھے اپنے کام میں لگ جاتے ہیں اور جب تک آپ اپنا ٹارگٹ حاصل نہ کر لیں، چین سے نہیں بیٹھتے اور نہ ہی وقت ضائع کرتے ہیں۔ آپ کی بہترین صلاحیتیں اس وقت نمایاں ہوتی ہیں جب رکاوٹیں اور مشکلات درپیش ہوں۔ آپ کبھی ہار نہیں مانتے اورنہ کبھی ہتھیار ڈالتے ہیں۔ کبھی کبھی ایسا بھی ہوتاہے کہ عقرب افراد اپنی بھرپور صلاحیتوں سے واقف ہی نہیں ہوتے اور وقت کے ساتھ ساتھ خود ان پر ان کی صلاحیتیں کھلتی ہیں خاص طور سے کسی آزمائش میں پھنس کر وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اپنی کارکردگی سے دوسروں کو بھی حیران کردیتے ہیں۔ 

   آپ زرخیز تخیل کے مالک ہیں اور متحرک توانائی سے بھرپور ہیں، سستائے بغیر اپنا کام مکمل کرتے ہیں۔ آپ کے جذبات و احساسات کی نوعیت شدید ہوتی ہے جو آپ کوغیرمعمولی وجدان عطاکرتی ہے۔ آپ خود کو منوانے، ترنگ میں آکر کچھ کر گزرنے، عزم، جرأت، آزادی اور طاقت کا اظہارکرنے کی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ 

   آپ ایک انتہا پسند ہیں اورجو کچھ بھی کرتے ہیں وہ انتہائی درجے پر ہوتاہے یا تو عملی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں یا پھر غیر محتاط عادات اپنا لیتے ہیں۔ آپ کی شخصیت وکردار میں مثبت اور منفی دونوں رخ موجود ہیں۔ آپ کے اندر دوسروں کو زیر کرنے اور انہیں اپنے کنٹرول میں رکھنے کا رجحان پایاجاتاہے۔ آپ فوراً طیش میں آجاتے ہیں اور کبھی کبھی بھڑک اٹھتے ہیں۔ نامناسب حالات میں بعض بری عادات بھی اپنا لیتے ہیں مثلاً عقربی افراد نشہ وغیرہ بھی کرنے لگتے ہیں یا کوئی بدنامی بھی ان کے سر آسکتی ہے۔ 

   چاہے آپ رسم ورواج کی پیروی نہ کرتے ہوں لیکن ان کا احترام کرتے ہیں۔ آپ اس وقت تک کسی بھی معاملے میں دلچسپی نہیں لیتے جب تک آپ کو اس میں کوئی فائدہ محسوس نہ ہورہاہو۔ آپ بے تکلف، اَکّھڑ مزاج اور گُھنّے ہیں، مشہور ہے کہ عقربی افراد کبھی دوسروں کے سامنے آسانی سے اپنے دل کی بات نہیں کرتے،اپنے جذبات و احساسات کو دوسروں سے چھپاتے ہیں اور کبھی کبھی اسی وجہ سے شدید جذباتی گھٹن کا شکار بھی ہوجاتے ہیں۔

 آپ معقول سوچ، قائل کردینے والی بحث اور سائنسی وضاحت چاہتے ہیں۔ اگر آپ یہ محسوس کریں کہ کوئی آپ کو ذلیل کرنے کی کوشش کررہاہے تو آپ انتقام لینے والے بے رحم بن جاتے ہیں،جو لوگ آپ کو تکلیف پہنچائیں یا دھوکا دیں، بے وفائی کریں، آپ انھیں آسانی سے معاف نہیں کرتے، موقع ملنے پر ان سے بدلا لینا بھی ضروری سمجھتے ہیں، شدت اور انتہا پسندی آپ کے کردار اور عمل میں نمایاں رہتی ہے۔

   کامیابی کارجحان: آپ خوشی یا غم میں انتہاؤں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ آپ کی کامیابی ذاتی برداشت کے ذریعے ہوتی ہے۔ عموماً مالی حالت متزلزل رہتی ہے۔ ابتدائی عمر میں کوئی بدقسمتی سامنے آسکتی ہے اور ادھیڑ عمر میں خوش قسمتی۔ آپ کی خوش قسمتی پیدائش کے محلے، شہر یا ملک میں مشکل ہوتی ہے بلکہ پیدائش کے مقام سے دور جاکرخوش قسمتی ملتی ہے۔ شادی کے ذریعے اثرورسوخ، رفقاکے ذریعے کاروباری کامیابیاں ملتی ہیں۔ آپ کے ہاں خفیہ معاشقے بھی پائے جاتے ہیں بلکہ یہ کہنا زیادہ بہتر ہوگا کہ آپ اپنی زندگی میں رازداری کو بہت اہمیت دیتے ہیں اوران لوگوں کو پسند نہیں کرتے جو رازکو راز نہ رکھ سکتے ہوں۔ 

   محبت و رومان: آپ کے مزاج میں ایک الجھاؤ ہوتاہے تاہم آپ محبت میں شدت پسند، متحرک اور توانائی سے بھرپور ہوتے ہیں۔ جب تک آپ کو مسلسل خلوص، ہمدردی اور اچھی طرح آپ کو سمجھنے والا ساتھی نہ ملے جسے آپ بھی خوب اچھی طرح سمجھتے ہوں، اس وقت تک جنسِ مخالف کے ساتھ ایک خوشگوار اور ہموار زندگی نہیں گزار سکتے۔ دراصل خود آپ کی شخصیت اور فطرت میں کچھ مشکل چیزیں موجود ہیں جو دوسرے فوری طورپر اور آسانی سے نہیں سمجھ پاتے اور آپ بھی آسانی سے فوری طورپر دوسروں پر بھروسانہیں کرسکتے۔ آپ کا ساتھی اگر آپ پر کوئی تنقید کرے یا آپ کی کسی حرکت کو پسند نہ کرے توآپ کو سخت صدمہ ہوسکتا ہے اور آپ اس سے متنفر ہوسکتے ہیں۔ مجموعی طورپر آپ اپنے ساتھی کو آرام پہچانا اور اسے خوش رکھنا چاہتے ہیں اور یہ کام آپ اچھے جذبے کے تحت کرتے ہیں۔ آپ بہت زیادہ محبت کا اظہار چاہتے ہیں۔

  بحیثیت شوہر: آپ ایک انتہائی پیچیدہ شوہر ہیں۔ آپ خالص شفقت اور گہری محبت کرنے والے ہیں۔ آپ کے اندر رعونت اور حاکمانہ فطرت کے جراثیم موجود ہیں جو کبھی کبھی خطرناک حد تک بڑھ سکتے ہیں اور اس کے نتیجے میں آپ خاصے بے رحم، ناقابلِ برداشت، بالادست اور زندگی کے ردِ عمل میں انتہا پسند ہوسکتے ہیں۔ آپ کے اندر شک اور وہم کا عنصر بھی موجود ہے۔ آپ کا انداز خاصا مشکوک اور گُھنّے پن کا ہو سکتا ہے جو آپ کے شریکِ حیات کے لیے پریشان کن ثابت ہوگا۔ آپ اس پربالادستی مسلط کرنے کی کوشش کریں گے۔ اگرچہ آپ کا اخلاقی پہلو مضبوط ہے لیکن پھر بھی جسمانی محبت کی خواہش غیر معمولی حد تک بڑھی ہوئی ہے۔ آپ اپنی خواہشات کی فوری تسکین چاہتے ہیں۔ کسی تاخیر کی صورت میں آپ مشتعل ہوسکتے ہیں۔ 

 بحیثیت بیوی: آپ وفادار، حوصلہ مند، کچھ مغرور اور حاکمیت پسند ہیں اور خود کو بے حد لیے دیے یعنی الگ تھلگ رکھتی ہیں۔ آپ کے جذبات اتنے شدید اور شعلہ صفت ہوتے ہیں کہ آپ کا شریکِ حیات بھی گھبراہٹ کا شکار ہوسکتا ہے۔ بیشتر موقعوں پر آپ کی حاکمانہ فطرت شوہر کو جورو کا غلام بننے پر مجبور کردیتی ہے۔ باصورتِ دیگر دونوں کے درمیان تنازعات جنم لینے لگتے ہیں۔ آپ کی محبت کی شدت برداشت کرنا ہر شخص کے بس کی بات نہیں۔ کمزور قسم کے شوہر اس شدت سے گبھرا کر علیحدگی کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔ 

   آپ بے خوف اور کسی حد تک اکھڑ مزاج ہیں اور اپنے شوہر کی حرکات و سکنات پر کڑی نظر رکھتی ہیں۔ آپ کے اندر شک، حسد اور وہم کا عنصر بھی بہت زیادہ ہے۔ کسی بھی معاملے میں آپ کو آسانی سے مطمئن نہیں کیاجاسکتا۔ حسد اور جیلسی بھی آپ کا ایک مسئلہ ہے۔ آپ ذمے داریوں سے لطف اندوز ہوتی ہیں اور گھر اور بچوں کی دیکھ بھال بہت اچھی طرح رکھتی ہیں۔ بہرحال یہ ضروری ہے کہ آپ کو میچنگ کا لائف پارٹنر ملے جو آپ کو سمجھ سکے اور آپ اس پر مکمل بھروساکرسکیں۔ بہ صورتِ دیگر ازدواجی زندگی جہنم کا نمونہ بھی ہو سکتی ہے۔ 

   گھریلو ماحول: آپ کی کامیابی اور اچھی زندگی کے لیے ماحول ایک اہم رول اداکرتاہے۔ آپ چاہتے ہیں کہ آپ چاہے کچھ بھی کہیں، لوگ اس پر عمل کریں، خواہ معاملہ کوئی بھی ہو۔ آپ کی مرضی کو مقدم رکھا جائے۔ آپ یہ پسند نہیں کرتے کہ دوسرے آپ پر حکم چلائیں بلکہ آپ دوسروں پر حکم چلانا اور باس بننا پسند کرتے ہیں اور خوش ہوتے ہیں۔ آپ اپنی حیثیت سے بڑھ کر خرچ کرتے ہیں۔ بڑا خاندان آپ کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ بہرحال اگر آپ کی پوزیشن گھرمیں نمایاں اور حاکمانہ رہے تو پھر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ گھر کا ماحول خوشگوار رہے گا۔ آپ چاہتے ہیں کہ تمام لوگ آپ کے زیرِ سایہ خوش رہیں۔ 

   مالی امور: آپ جانتے ہیں کہ پیسہ کیسے کمایا جاتاہے لیکن یہ نہیں جانتے کہ بچت کیسے کی جائے۔ آپ خاصے فضول خرچ ہیں اور اپنی آمدنی سے زیادہ خرچ کرتے ہیں بلکہ اکثر قرض لینے سے بھی نہیں ہچکچاتے اور یہ سوچتے ہیں کہ پیسے آجائیں گے لہذا قرض ادا کردیا جائے گا۔ چناں چہ رقم جمع کرنا خاصا مشکل ثابت ہوتاہے۔ 

   کاروبار: آپ کاروباری معاملات میں خاصے خوش نصیب ہیں کہ آپ جو چاہتے ہیں آپ کو حاصل ہوجاتاہے۔ یعنی گاڑی، بیوی، کاروبار گھر وغیرہ۔ آپ عملی طور پر کسی بھی لائن میں کامیاب رہتے ہیں۔ آپ چوں کہ اپنے پسندیدہ شعبے میں دل لگاکر اور انتھک محنت کے ساتھ کام کرتے ہیں لہذا جلد ہی کامیاب ہوجاتے ہیں۔ آپ کی کامیابی کو اس وقت خطرات لاحق ہوتے ہیں جب آپ کسی منفی سرگرمی میں مصروف ہوجائیں یا کوئی منفی مشغلہ اختیارکرلیں۔ اس بات کا خطرہ عقربی افراد کے ساتھ لگا رہتاہے۔ 

    اصلاح و درستی کی ضرورت: طنزیہ ریمارکس پاس کرنے سے گزیز کریں۔ اس طرح آپ اپنے لیے خفیہ دشمنی مول لیتے ہیں۔ اپنے تمام ماتحتوں، پارٹنرز سے یہ توقع نہ کریں کہ وہ آپ کی طرح محنتی ہوں گے اور انتھک کام کریں گے لہذا ہر وقت تنقید مت کیا کریں۔ جب آپ کو غصہ آئے تو اپنے آپ پر قابو رکھیں۔ خود غرض مت بنیں اور ہیراپھیری سے گریز کریں۔ 

    اگر عقربی افراد منفی سوچ اختیار کرلیں توماحول میں فتنہ و فساد برپا ہوسکتاہے۔ اکثر دوسروں کا مناسب یا نامناسب رویّہ عقربی افراد کو مثبت یا منفی ہونے پر مجبور کرتاہے۔ 

    آپ کو مقبولیت حاصل کرنے کے لیے اپنے اندر حسِ مزاح اور خود اعتمادی پیداکرنا چاہیے۔ 

   پیشے: فزیشن، سرجن، سیکرٹ سروسز، دانتوں کے ڈاکٹر، بیورو کے سربراہ، تفتیش کار، آرمی، نیوی، کیمسٹ، فوٹوگرافر، سراغ رساں، انشورنس ایجنٹ، مشروبات کا بزنس یا سیلز مین شپ، تحقیق اور تخلیق سے متعلق کام، تعمیرات وغیرہ۔

  صحت اور بیماریاں: بخار، ہسٹیریا کے دورے، ذہنی مسائل، سوزاک، جنسی اعضاء کی بیماریاں، سفلس، پائلز، گنٹھیا، گیسٹرک، ہڈیوں کا فریکچر، گردے مثانے کی پتھری، جلدی امراض وغیرہ۔ یہ وہ بیماریاں ہیں جو آپ کے  برج سے جڑی ہوئی ہیں لیکن یہ ایک توانا برج ہے لہذا جلد ہی آپ بیماریوں سے نجات پالیتے ہیں۔ 

لکی نمبرز:2,3,5

ناموافق نمبرز: 6,9

موافق پتھر: زرد پکھراج، پرل، روبی وغیرہ

ناموافق پتھر: ڈائمنڈ، سفید پکھراج، اوپل اور مرجان 

  موافق دھات: لوہا۔

ناموافق دھات: تانبا

  موافق رنگ: یلو، گرین، بلیو، بلیک، اسکائی بلیو، چمک دار وہائٹ

ناموافق رنگ: تیز سُرخ اور آف وہائٹ

  موافق دن: جمعرات، ہفتہ، اتوار، پیر

ناموافق دن: جمعہ اور منگل


ناموافق اوقات

ہر سال 15 اکتوبر سے 15 نومبر، 15 جون سے 15 جولائی، 15 اپریل سے 15 مئی کے دوران میں مختلف مسائل اور مشکلات کاسامنا ہوسکتا ہے، اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں، صحت کا خیال رکھیں اور صدقات پابندی سے دیں۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں