پاکستان اگست سے سیارہ مریخ کے چیلنجنگ دور میں
خطے کی صورت حال امریکا کے افغانستان سے انخلا کے بعد رفتہ رفتہ نئی کروٹ بدل رہی ہے، اس حوالے سے ہمارے سیاسی دانش وروں کی اپنی اپنی جداگانہ رائے اور تجزیے ہیں، جن پر تبصرہ ہمارا کام نہیں ہے، ہم صرف زائچہ پاکستان میں ہونے والی سیاروی حرکت اور سیاروں کے درمیان قائم ہونے والے زاویوں پر ہی بات کرسکتے ہیں، ابھی حال ہی میں کسی سابق سفیر کی صاحب زادی کے ساتھ جو درندگی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا، اس نے روح میں ایسے زخم ڈال دیے جن کا علاج ممکن نہیں ہے، دولت مندوں کی اولادیں ماضی میں بھی ایسی ہی درندگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہیں اور پھر دولت کے بل بوتے پر وہ سزا سے بھی بچ جاتے ہیں، اس ملک میں ایسی بہت سی مثالیں موجود ہیں، ہماری نظر میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری رہنے والا زہرہ اور مریخ کا قران اور سیارہ مشتری کی زائچے کے مخصوص گھروں پر نظر اس کا سبب ہے، یہ تینوں سیارے زائچہ پاکستان کے فعلی منحوس سیارے ہیں۔
خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال میں بلاشبہ پاکستان کو آنے والے دور میں غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہوسکتا ہے کیوں کہ زائچہ پاکستان میں دور اکبر زائچے کے سب سے زیادہ منحوس سیارے مشتری کا جاری ہے اور 10 اگست سے بارھویں گھر کے حاکم سیارہ مریخ کا دور اکبر شروع ہوگا جو 17 جولائی 2022 ء تک رہے گا، ہماری نظر میں یہ انتہائی بدترین دور ہے، ملک معاشی طور پر یا دیگر حوالوں سے جس خراب صورت حال کا شکار ہے وہ اپنی جگہ لیکن مریخ کا دور غیر ملکی مداخلت میں اضافہ کرے گا،وہ پڑوسی ممالک ہوں (بھارت، افغانستان، ایران) یا بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ، آنے والے دنوں میں ان کی توجہ پاکستان پر زیادہ رہے گی، پاکستان کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ غیر ملکی مفادات کے مطابق راستہ اختیار کرے، اس صورت میں وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کو بہت زیادہ دباؤ کا سامنا ہوسکتا ہے جب کہ اپوزیشن پہلے ہی حکومت سے خوش نہیں وہ کسی مرحلے پر بھی ساتھ دینے کو آمادہ نہیں ہوں گے، گویا 17 جولائی 2022 تک جو نئے کھیل تماشے سامنے آئیں گے وہ کسی طور پر بھی خوش کن اور قابل برداشت نہیں ہوسکتے، اللہ ہمارے حال پر رحم فرمائے۔
رفتارِ سیارگان اگست
سیارہ شمس برج سرطان میں حرکت کر رہا ہے، 17 اگست کو اپنے ذاتی برج اسد میں داخل ہوگا،سیارہ عطارد بھی برج سرطان میں ہے، 9 اگست کو برج اسد میں داخل ہوگا، شمس کی قربت کے سبب غروب حالت میں رہے گا، سیارہ زہرہ برج اسد میں ہے، 11 اگست کو اپنے ہبوط کے برج سنبلہ میں داخل ہوگا اور 8 ستمبر تک ہبوط یافتہ رہے گا، سیارہ زہرہ کی ہبوط یافتہ پوزیشن نکاح و شادی وغیرہ کے لیے ناموافق ہوتی ہے، اس دوران میں ان کاموں سے گریز کرنا چاہیے۔
سیارہ مریخ برج اسد میں پورا مہینہ رہے گا، یہاں اس کی پوزیشن بہتر ہوتی ہے، سیارہ مشتری بحالت رجعت برج دلو میں سارا ماہ حرکت کرے گا، سیارہ زحل بحالت رجعت اپنے ذاتی برج جدی میں رہے گا، راہو اور کیتو بالترتیب برج ثور اور عقرب میں حرکت کریں گے، سیارگان کی یہ پوزیشن ویدک سسٹم کے مطابق دی گئی ہیں۔
شرف قمر
سیارہ قمر اپنے شرف کے برج میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 2 اگست شب 01:54 am پر داخل ہوگا اور4 اگست دوپہر 02:35 pm تک برج ثور میں رہے گا،اس دوران میں 2 اگست کو رات 10:41 pmسے 11:10 pm تک ایسا وقت ہوگا جس میں شرف قمر سے متعلق ضروری اعمال و وظائف کیے جاسکتے ہیں مگر خیال رہے کہ شرف قمر عروج ماہ میں نہیں ہے لہٰذا معمول کے وظائف کیے جاسکتے ہیں۔
قمر در عقرب
سیارہ قمر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق اپنے ہبوط کے برج عقرب میں اس ماہ 15 اگست رات 10:18pm پر داخل ہوگا اور 18 اگست شب 01:05 am تک برج عقرب میں رہے گا، یہ تمام وقت سخت نحوست کا ہوگا، اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں،اہم کاموں کوروک دیں، اپنی روز مرہ کی مصروفیات کو بھی جاری رکھیں۔
قمر در عقرب کے اوقات میں بندش، علاج معالجہ، بری عادتوں سے نجات اور دیگر اسی نوعیت کے اعمال وظائف کیے جاتے ہیں،مندرجہ بالا قمر در عقرب کے اوقات میں اپنے مقصد کے مطابق سیارگان کی ساعت میں کام کرنا افضل ہوگا۔
قمر در عقرب کا وقت انتہائی نحوست کا ہوتا ہے جس میں ہر قسم کے ایسے اعمال و وظائف کیے جاسکتے ہیں جس میں برائیوں، خرابیوں اور دشمن سے نجات جیسے معاملات شامل ہیں،اس بار ایک ایسا ہی عمل دیا جارہا ہے، اگر کوئی دشمن یا مخالف اس طرح آپ کی جان و مال کے پیچھے پڑا ہو تو اس سے بچنے کی کوئی صورت نہ ہو وہ زیادہ طاقت ور ہو اور آپ اس کے سامنے بے بس ہوں، یہ بات یقینی ہو کہ وہ آپ کو جانی یا مالی نقصان پہنچانے سے بعض نہیں آئے گا، تب ہی اس عمل کو کریں، عام نوعیت کی چھوٹی موٹی مخالفت یا دشمنی میں ہر گز نہ کریں۔
قمر در عقرب کے وقت کا آغاز ہو تو باوضو ہوکر ایسے رُخ پر بیٹھیں جب رجال الغیب سامنے نہ ہوں، ساعتِ زحل یا مریخ ہو، 13 عدد کالی مرچ کے دانے پاس رکھ لیں، پہلے ایک بار سورۂ فاتحہ اور سورۂ اخلاص پڑھ کر اللہ سے دعا کریں، ایک جائز مسئلے میں آپ کو کامیابی دے اس کے بعد کالی مرچ کا ایک دانا لیں اور اس پر 70 مرتبہ سورۂ فیل پڑھ کر دم کریں،اسی طرح ہر دانے پر 70 مرتبہ سورۂ فیل پڑھیں، جب سورۂ فیل پڑھ چکیں تو آخر میں ایک بار اپنے مخالف کا نام مع والدہ لیں اور ساتھ ہی زبان سے یہ الفاظ کہیں یا بدِیعُ الْعَجَائب بِاالقِھر یا بدیعُ
گویا 13 کالی مرچوں ہر مرتبہ 70 بار سورۂ فیل پڑھ کر دم کرنا ہے اور مخالف یا دشمن کا نام مع والدہ لے کر اسمائے الٰہی پڑھ کر دم کرنا ہے، اگر ماں کا نام معلوم نہ ہوسکے تو مخالف کے نام کے ساتھ اس کا عہدہ یا مرتبہ بھی لکھ سکتے ہیں۔
بعد ازاں یہ 13 دانے کالی مرچ کے اس کے گھر میں ڈال دیں یا دفتر ہے تو دفتر میں ڈال دیں، بعد ازاں روزانہ مندرجہ بالا اسمائے الٰہی 111 مرتبہ اول آخر درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے مقصد کے لیے دعا کریں، ان شاء اللہ 13 دن ہی میں نتائج سامنے آئیں گے۔
طالع پیدائش قوس،کردار و عمل
اگر آپ ایسے وقت میں پیدا ہوئے ہیں جب برج قوس افق شرقی پر طلوع تھا تو آپ کا پیدائشی برج یا لگن قوس ہوگا، اس کا تعلق انسانی جسم میں ران، اعصاب اور رگوں سے ہے ساتھ ہی جگر بھی اس کے دائرۂ اختیار میں ہے۔
جسمانی ساخت:طالع قوس کے تحت آپ کشیدہ قامت اور متناسب جسم کے مالک ہوسکتے ہیں۔ پیشانی چوڑی، بیضوی چہرہ، صاف اور چمکیلی آنکھیں اور ناک لمبی ہوسکتی ہے۔ آپ پرکشش اور دل آویز شخصیت کے مالک ہیں۔
کردارو عمل:آپ دلیر، جرأت مند، پر عزم، مہم جو، بلند حوصلہ اور حریص ہیں۔ آپ ہمیشہ روشن پہلو کو دیکھتے ہیں اور بزدل نہیں ہیں۔ آپ خراب حالات میں نہ تو ڈرتے ہیں نہ لڑکھڑاتے ہیں اور نہ ہی بے چین ہوتے ہیں۔ آپ ہر معاملے کی خوبیوں اور خامیوں کو تولتے ہیں اور پھر کوئی فیصلہ کرتے ہیں۔ آپ کوئی کام شروع کرنے میں دیر لگاتے ہیں۔ اسی طرح کسی کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بھی وقت لیتے ہیں۔
آپ لمبے سفر کے شوقین ہیں۔ آپ یہ دیکھے بغیر اپنے احساسات کا اظہارکر دیتے ہیں کہ دوسروں پر اس کا کیا اثر ہو گا؟ سچائی پسندی آپ کا طرۂ امتیاز ہے،سچ بولنا ضروری سمجھتے ہیں اور اکثر کسی مصلحت کو مدنظر رکھے بغیر سچ بولتے ہیں جس کی وجہ سے دوسروں کو اپنا مخالف بنالیتے ہیں، دوسرے معنوں میں آپ کے اندر مصلحت پسندی کی کمی ہے۔
آپ انتہائی فلسفیانہ، مذہبی ذہن کے مالک، خداترس ہیں۔ آپ کو جنس مخالف کے درمیان رہنے کا شوق بھی ہے اور آپ ایک لمحے میں دوست بنا لیتے ہیں۔ یہ دوستی لمبے عرصے تک برقرار رہتی ہے۔ آپ خوش باش اور جرأت مند ہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ آپ کے نزدیک لباس اور ظاہری وضع قطع اہمیت نہ رکھتی ہو۔
آپ بنیادی طور پر بے حد خوش امید ہیں اور ہمیشہ روشن پہلو کو دیکھتے ہیں۔ آپ کے لیے چیلنج قبول کرنا پسندیدہ کام ہے۔ زندگی کے بارے میں آپ کا اپنا ہی ذاتی فلسفہ ہے بلکہ یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا کہ تقریباً ہر معاملے میں ہی آپ کوئی نہ کوئی ذاتی فلسفہ اور نظریہ ہے جس پر آپ آسانی سے سمجھوتا نہیں کرتے اور ضروری نہیں ہے کہ دوسرے آپ کے فلسفے یا نظریے سے اتفاق کریں۔ آپ بھی دوسروں کے نظریات سے متفق ہونا ضروری نہیں سمجھتے۔ آپ خود تجربات کر کے سیکھنا چاہتے ہیں۔ دوسروں کے تجربات کی پیروی کرنا آپ مناسب نہیں سمجھتے۔
تبدیلی اور اندرونی بے چینی آپ کو متحرک رکھتی ہے، آپ بہت زیادہ دیر کسی ایک جگہ نہیں ٹکتے جس کی وجہ سے کرئر میں بھی اپ اینڈ ڈاؤن آتے جاتے رہتے ہیں، عام حالت میں بھی آپ کسی ایک جگہ زیادہ دیر بیٹھنا ضروری نہیں سمجھتے۔
محبت اور رومان:برج قوس کوآزادمزاج افراد کا برج بھی کہا جاتا ہے کیونکہ آپ آزادی کے متوالے بڑے مزے سے تنہا زندگی گزارسکتے ہیں لیکن بہرحال آپ خوش باش اور خیال رکھنے والے ہیں اور مل جل کر بوجھ اٹھانے سے نہیں گھبراتے لہذا اچھے شریک سفر ثابت ہو سکتے ہیں مگر آپ کے یہاں محبت کا فلسفہ بھی سب سے الگ اور جداگانہ ہے۔ آپ کی محبت "آنکھ اوجھل، پہاڑ اوجھل" کے مصداق ہے۔ کیونکہ آپ کسی جذبے کا بھی بہت زیادہ گہرا اثر نہیں لیتے۔
عام طور سے آپ اپنے قوسی برج کے زیر اثر محبت سے اس لیے گھبراتے ہیں کہ آپ کو اپنی آزادی خطرے میں نظر آتی ہے۔ البتہ شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد اگر مناسب و موافق لائف پارٹنر ملے تو آپ ایک ذمہ دار شریک حیات ثابت ہو سکتے ہیں،آپ کے فلسفیانہ نظریات و عقائد بعض اوقات ازدواجی زندگی میں بھی مسائل پیدا کرتے ہیں، ایسی صورت میں ازدواجی زندگی خطرات کا شکار ہوسکتی ہے۔
بحیثیت شوہر:جیسا کہ پہلے بھی بیان کیا گیا ہے کہ آپ مثالی طور پر گھریلو زندگی کے لیے موزوں نہیں ہیں۔ آپ اسپورٹس اور سماجی سرگرمیوں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ لہذا اپنا بیشتر وقت ایسی ہی سرگرمیوں میں گزارتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ گویا آپ کی نظر میں خاندان اور گھر کی کوئی اہمیت ہی نہیں ہے۔ بہت زیادہ محبت کرنے والے اور آپ کی زیادہ قربت چاہنے والے شریک حیات کے لیے آپ ایک مشکل شریک حیات ثابت ہوں گے۔ آپ ایماندار،سچائی پسند اور اچھے اخلاق کے حامل ہیں لیکن ذہنی بلوغت اور ذمہ داری کا احساس آپ کے اندر عمر کے ساتھ ساتھ آتا ہے۔
گھریلو ماحول:آپ اپنے قریبی رشتے داروں کو پسند نہیں کرتے۔ البتہ جنس مخالف کے معاملے میں بڑے فراخ دل ہیں اور ان سے مانوس ہوتے ہیں۔ آپ گھر میں ناکام رہتے ہیں کیوں کہ یہاں آپ کو وہ آزادی نہیں ملتی جو آپ چاہتے ہیں۔ آپ اپنے بچوں کی آزادی بھی سلب کرنا چاہتے ہیں اور ان پر بعض پابندیاں عائد کرتے ہیں۔ لہذا پابندیوں کے سبب آپ کے بچے ضدی اور ہٹ دھرم ہو سکتے ہیں۔
مالی امور: آپ کھلے ہاتھ سے خرچ کرنے والے اور فیاض ہیں۔ پیسہ جمع کرنا آپ کا شوق نہیں ہے بلکہ خرچ کرنا آپ کو زیادہ پسند ہے۔ آپ اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے کماتے ہیں۔ دولت جمع کرنے کے لیے نہیں۔
کاروبار:آپ ایسے ہر کاروبار میں کامیاب ہوسکتے ہیں جس میں گھومنے پھرنے سفر کرنے اور سیر و تفریح کرنے کی پوری پوری آزادی ہو۔ آپ یہ نہیں چاہتے کہ دوسرے آپ پر حکم چلائیں اور نہ ہی آپ اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ ایک جگہ بیٹھ کر کام کرتے رہیں۔ آپ تواتر سے تبدیلی چاہتے ہیں۔ گویا آپ کے پاؤں میں ایک چکر ہے جو آپ کو زیادہ عرصے تک کسی جگہ جم کر بیٹھنے ہی نہیں دیتا۔ آپ کو اپنی اس خامی پر قابو پانے کی کوشش کرنی چاہیے بصورت دیگر آپ کاروبار میں یا جاب کے معاملے میں زیادہ کامیاب ثابت نہیں ہوں گے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ زندگی میں ناکامیاں بڑھتی رہیں گی۔
پیشے:پبلیشنگ، اسپورٹس، فنانسنگ، انجینرنگ، امپورٹ ایکسپورٹ، ایجادات، سائنسی یا میکانکی فیلڈز، قانون،ایجوکیشن، سیاحت، بروکری، اسٹاک ایکسچینج، گائیڈ وغیرہ۔
صحت و بیماریاں:عام طور سے آپ صحت مند رہتے ہیں اور لمبی عمر پاتے ہیں۔ البتہ جو عام بیماریاں آپ کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ان میں غشی، کان، حلق اور جگر کی تکالیف، سانس کی تکلیف، شیاٹیکا، گنٹھیا، پاؤں میں موچ، اعصابی کمزوری، ذیابطیس، اعصابی تناؤ اور تپش سے پیدا ہونے والی بیماریاں اور پیچش وغیرہ۔
موافق و ناموافق
موافق نمبرز: 1,3,9
ناموافق نمبرز: 2
موافق دھات:سونا
ناموافق دھات: پلاٹینم
موافق اسٹون: یلو سفائر، بلیو سفائر،روبی،مرجان
ناموافق اسٹون: پرل، درنجف
موافق دن: اتوار، منگل اور جمعرات
ناموافق دن: پیر
ناموافق اوقات
ہر سال 15 نومبر سے 15 دسمبر، 15 مئی سے 15 جون، 15 جولائی سے 15 اگست، یہ وقت مسائل اور مشکلات لانے والا ہوگا، اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں۔