اپنے حقیقی برج اور سیارے سے آگاہی حاصل کریں
طالع ثور (Ascendent)
سیارہ زہرہ (Venus)
آپ کا طالع پیدائش برج ثور گردن، ہونٹوں، کانوں، صوتی اعضاء اور حرام مغز پر حکمرانی کرتا ہے۔
جسمانی ساخت: درمیانہ قد، جسم گداز ہو سکتا ہے۔ چوڑی پیشانی، مضبوط گردن، چمکیلی آنکھیں، گوری رنگت، دیکھنے میں جسم مضبوط اور گٹھا ہوا۔ بال سیاہ، شانے چوڑے، بھرپور عضلات، ثور افراد اکثر توانا اور تندرست ہوتے ہیں۔
کردار اور عمل: آپ اپنے مزاج و عمل میں دلیر، اکھڑ، ضدی، دور اندیش، خود پر انحصار کرنے والے اور مضبوط ارادے کے مالک ہیں۔ آپ جانتے ہیں کہ آپ کو کیا چاہیے اور آپ اس کے حصول کے لیے براہ راست طریقہ اپناتے ہیں حالاں کہ یہ طریقہ مشکل یا دشوار بھی ہو سکتا ہے۔ آپ عملی اور طاقتور ہیں۔ اگر زائچے میں نحس اثرات زیادہ ہوں تو بعض ثور افراد مزاجاً ناقابل برداشت ہوتے ہیں لیکن اس کے برعکس صورت حال میں مخلص اور ثابت قدم ہوتے ہیں۔
بہرحال آپ اپنی من مانی کرنے کی زبردست خواہش رکھتے ہیں۔ ایسے لوگ جنہیں واقعی مدد کی ضرورت ہو اور ان کے سامنے کوئی راستہ نہ رہ گیا ہو، وہ آپ سے اکثر مدد طلب کر سکتے ہیں۔ کیونکہ آپ بہرحال اتنے ضدی اور مستقل مزاج ہیں کہ ان کی ہاری ہوئی جنگ کو فتح میں بدل سکتے ہیں۔ آپ ایمان دار، ضبط نفس کے حامل اور بظاہر دھیمے، پرسکون اور ملنسار ہیں، لطف و سرور کے لیے آپ کی چاہت اور طلب حد سے زیادہ ہے جو آپ کے لیے اکثر نقصان دہ ہوتی ہے۔ آپ کا کردار اتنا پختہ ہے کہ اسے بدلنا ممکن نہیں۔ آپ صبر و تحمل سے کوئی نتیجہ برآمد ہونے کا انتظار کر سکتے ہیں اور برداشت کا مظاہرہ کر سکتے ہیں لیکن اگر آپ کو مشتعل کیا گیا تو آپ کے غیض و غضب سے دھرتی کانپ سکتی ہے، آپ کا غصہ وحشیانہ اور بے حد خطرناک ہو سکتا ہے۔
آپ روایت پرست، منہ پھٹ اور اپنی دھن میں مگن رہنے والے ہیں جب تک آپ برے بھلے پر غور نہ کر لیں فوراً کسی نتیجے پر نہیں پہنچتے، آپ دیانت دارانہ رائے دیتے ہیں اور پر عزم اور خوش باش ہوتے ہیں۔ آپ انتہائی ڈپلومیٹک ہو سکتے ہیں۔ آپ کو سمجھنا مشکل ہے۔ اپنی دولت اور مال و زر پر آپ کی نظریں نگراں رہتی ہیں۔ دولت آپ کی زندگی میں ایک اہم فیکٹر کی حیثیت رکھتی ہے جسے آپ کسی صورت نظر انداز نہیں کر سکتے بلکہ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ آپ کی ساری سرگرمیاں اور کوششیں دولت کمانے کے لیے ہی مخصوص ہیں کیوں کہ آپ جانتے ہیں کہ جو آسائشیں اور آرام آپ کو درکار ہے، وہ دولت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
محبت اور رومان: آپ جسے چاہتے ہیں اس سے لوگوں کی لاکھ مخالفت اور بہت سے نشیب و فراز کے باوجود وفادار رہتے ہیں۔ ابتدائی عمر میں آپ کو تھوڑی سی ضبط نفس کی ضرورت ہوتی ہے۔ محبت کے معاملات میں آپ آنکھیں بند کر کے چھلانگ لگانا پسند نہیں کرتے۔ اس راستے میں قدم آگے بڑھانے سے پہلے آپ کا اچھی طرح مطمئن ہونا ضروری ہے، محبت میں سیکس بھی آپ کے نزدیک ایک اہم حقیقت ہے جسے آپ کبھی نظرانداز نہیں کرسکتے۔
شادی: شادی کے معاملے میں بھی آپ من موجی نہیں ہیں۔ آپ شریک حیات کے انتخاب کے معاملے میں فیصلہ کرنے کے لیے وقت لیتے ہیں اور جب کوئی پسند آ جائے اور آپ کو محسوس ہو کہ وہ آپ کے لیے آئیڈیل ہے تو پھر اسے حاصل کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے۔ یہاں تک کہ کامیاب ہو کر رہتے ہیں۔ چونکہ ثور ایک خاکی برج ہے لہذا خاکی اور آبی بروج آپ سے موافقت رکھتے ہیں۔ آپ آخر تک وفادار رہتے ہیں اور آپ کے جذبات بہت گہرے ہوتے ہیں۔ آپ بہت پر خلوص، گرم جوش اور ہمیشہ محبت کرنے والے لوگوں میں سے ہیں، ازدواجی زندگی میں طلاق کی نوبت شاذ و نادر ہی آسکتی ہے۔ آپ کے اندر برداشت کا مادہ بہت ہے۔ بہت مصیبتیں جھیلتے ہیں لیکن کبھی اپنے محبوب یا شریک حیات سے بے وفائی نہیں کرتے۔
بحیثیت شوہر: ایک شوہر کی حیثیت سے ثور افراد کے احساسات اس نوعیت کے ہوتے ہیں کہ چاہے حالات کیسے بھی کیوں نہ ہوں، ان کی شریک حیات کے لیے کوئی پناہ گاہ ہونی چاہیے اور اس کی ضروریات پوری ہونا چاہیے، توجہ دینا اور تحفظ آپ ضروری سمجھتے ہیں۔ آپ اپنی شریک حیات کا بہت خیال رکھتے ہیں اور اس کی خواہش پوری کرنے کے لیے سو جتن کرتے ہیں۔ آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی شریک حیات عمدہ لباس پہنے، بناؤ سنگھار کرے اور پر کشش نظر آئے۔ آپ شادی کر کے کبھی نہیں پچھتاتے۔
بحیثیت بیوی: ایک بیوی کی حیثیت سے ثور عورت کا رویہ ایک بیوی اور ماں جیسا ہوتا ہے۔ وہ خاموش اور کم آمیز لگتی ہے اور اپنے شوہر کے خلوص اور محبت کو شک کی نظر سے دیکھتی ہے۔ ثور بیوی انتہائی خدمت گزار اور انحصار کیے جانے کے قابل عورت ہوتی ہے۔ اس کے جذبہ عشق میں مادہ پرستی کی حرص ہوتی ہے۔ وہ ایک خدمت گزار بیوی اور ایک محبت کرنے والی ماں ثابت ہوتی ہے۔
گھریلو ماحول: ایک ثور شخصیت ہونے کی وجہ سے آپ گھر چلانے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں یا رکھتی ہیں۔ آپ کو اپنے گھر میں عمدہ سامان آرائش اور آرام و سکون چاہیے۔ ازدواجی زندگی کا خوش گوار ہونا بھی ضروری ہے۔ شریک حیات سے مکمل ہم آہنگی انتہائی اہم ہے۔ آپ کو اپنا گھر اچھا لگتا ہے۔ آپ کے نزدیک سکون، خوشی، لطف و سرور، خوش حالی، جائیداد، مقبولیت اور پوزیشن کی بہت اہمیت ہے۔ آپ لوگوں کی شاندار دعوت کرنا چاہتے ہیں اور ان دعوتوں میں لذیز ترین ڈشیں فراہم کرتے ہیں۔ جواباً آپ بھی چاہتے ہیں کہ آپ کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیا جائے۔ آپ کا گھر صاف ستھرا اور قرینے سے سجا ہوا ہونا چاہیے۔ آپ اپنے بچوں کے سلسلے میں خاصے سخت گیر بلکہ ظالم تک ہو سکتے ہیں لیکن آپ کی نیت اچھی ہوتی ہے کیونکہ آپ ان کی بھلائی چاہتے ہیں لیکن اکثر بچے آپ کی بات نہیں سمجھتے۔ بہرحال! آپ کی سخت گیری سے ان کو فائدہ پہنچتا ہے لیکن آپ کے بچے والدین کی عزت کرنے والے ہوں گے اور آپ کے لیے خوشی اور طمانیت کا باعث بنیں گے۔
مالی امور: صبر اور ثابت قدمی آپ کو فائدہ پہنچاتی ہے۔ آپ دولت اکھٹی کرنے اور ذخیرہ کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ چاہے اس کام میں کچھ دیر ہی کیوں نہ لگے کیوں کہ آپ بہت زیادہ فضول خرچ نہیں ہیں۔ خرچ کرنے میں محتاط ہیں۔ آپ اپنے اطمینان اور تسلی کی حد تک خرچ کرتے ہیں اور کچھ نہ کچھ بچت کرنے کے عادی ہوتے ہیں۔ آپ کبھی غیر ضروری طور پر پیسہ برباد نہیں کرتے۔ آپ ہمیشہ اپنی بچت سے ہی اپنی کامیابی کو ناپتے ہیں۔
کاروبار: آپ قابل بھروسہ فطرت کے مالک ہیں اور اگر آپ کے مزاج و کردارکو سمجھ لیا جائے تو آپ کاروباری حلقے میں بہت اونچی پوزیشن پر پہنچ سکتے ہیں، چوں کہ آپ آرام و آسائش کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور زندگی سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ لہذا آپ ہیشہ ایسے پیشے کا انتخاب کرتے ہیں جس میں بہت اچھی تنخواہ ہو یا منافع ہو۔
اصلاح طلب خصوصیات: آپ اپنے احساسات میں زندہ رہتے ہیں۔ اگر آپ حقیقت کی دنیا میں زندہ رہیں تو یہ آپ کی صحت کے لیے اچھا ہوگا۔ آپ کو اپنے غصے پر قابو پانا چاہیے اور دوسروں کے مشوروں اور آرا کو سننا چاہیے، ضد اور اڑیل پن سے گریز کرناچاہیے، آپ عمدہ کھانوں کے شوقین ہیں لہٰذا بدپرہیزی سے بھی بچنا چاہیے۔
پیشے: تجارت، تعمیرات، کنٹریکٹر، لینڈ اسکیپ آرکیٹیکٹ، ڈیزائنر، کاسمیٹکس، معاشیات، اکاونٹینٹ، کیشئر، ٹیچر، فوٹوگرافر، میوزیشن، جیولری یا عورتوں کے استعمال کی اشیاء کا کاروبار۔
صحت اور بیماریاں: فطری اعتبار سے آپ لوگ صحت مند ہوتے ہیں اور آپ کی عمر لمبی ہوتی ہے۔ جسمانی اعتبار سے آپ کے اندر بیماریوں کے مقابلے کے لیے اچھی قوت مدافعت پائی جاتی ہے۔ تلی، گردے اور جگر آپ کے جسم کے نازک حصے ہیں۔ لہذا گردے میں پتھری، جگر کی خرابی اور گردے کی تکالیف جیسے مسائل سے دو چار ہو سکتے ہیں۔ آپ کو تیز دھار اوزار اور پالتو جانوروں سے خطرہ ہو سکتا ہے اور نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ایک خاتون کی حیثیت سے صحت کے معاملات میں شوگر نیز تولیدی اعضاء میں شکایات سامنے آسکتی ہیں یا ٹاونسلز، حلق کی تکالیف ثوری خواتین میں عام ہوتی ہیں۔ آپ کو اپنی ڈائٹ مناسب رکھنا چاہیے۔ خوراک کی خرابیاں یا زیادتی بھی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ آپ کو چاہیے کہ اپنی انا اور ہٹ دھرمی پر قابو پائیں جو اچھی صحت کے لیے ضروری ہے۔ آپ کے لیے ہرے پتے کی سبزیاں نہایت فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔
مندرجہ بالا تمام خصوصیات اور اثرات صرف آپ کے طالع پیدائش کے زیر اثر لکھے گئے ہیں۔ ان خواص و اثرات میں کمی و بیشی یا کچھ تبدیلی ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ آپ کے زائچے میں مختلف سیاروں کی پوزیشن ہے۔ سیارگان کی پوزیشن سعد ہو تو مندرجہ بالا تمام خصوصیات عمدہ طریقے سے ظاہر ہوتی ہے اور اگر نحس ہوں تو ان میں کمی یا منفی اثرات شامل ہو جاتے ہیں۔
موافق دھات: سونا، پلاٹینم، چاندی
ناموافق دھات: تانبا اور فولاد
موافق پتھر: زمرد، فیروزہ،پرل، درّنجف، روبی اور بلیو سفائر (نیلم)
ناموافق پتھر: ڈائمنڈ، اوپل، سفید پکھراج اور پیلا پکھراج، مرجان
موافق رنگ: چمک دار سفید، گہرا سبز، اورنج، بلیک، نیوی بلیو
ناموافق رنگ: سُرخ، آف وہائٹ اور پیلا
موافق دن: پیر، بدھ، ہفتہ اور اتوار
ناموافق دن: جمعرات،جمعہ اور منگل
موافق اعداد: 1,2,5,8
ناموافق اعداد:3,6,9
ناموافق اوقات
ہر سال 15 اپریل سے 15 مئی، 15 اکتوبر سے نومبر، 15 جنوری سے 15 فروری۔ان اوقات میں محتاط رہیں،کوئی رسک نہ لیں، کوئی نیا کام شروع نہ کریں۔
طالع جوزا (Ascendent)
حاکم سیارہ عطارد (Mercury)
آپ کا طالع پیدائش برج جوزا ہے جو انسانی جسم کے ہاتوں، پھیپڑوں، عمل تنفس اور خون پر حکمرانی کرتا ہے۔
جسمانی ساخت: طالع جوزا کے تحت پیدا ہونے والے افراد عموماً طویل قامت، متناسب جسم اور چھوٹے چھوٹے ہاتوں کے مالک ہوتے ہیں۔ ان کی ناک لمبی ہو سکتی ہے۔ چہرہ کچھ لمبوترا اور بال مٹیالے، رنگت گندمی، سانولی یا کالی۔ آنکھیں بادامی، تیز مستعد اور چست نظریں، اڑتی چڑیا کے پر گننے والے۔
کردار و عمل: برج جوزا کے تحت پیدا ہونے والے افراد دہری شخصیت کے مالک ہوتے ہیں۔ یہ لوگ متحرک، فعال، چالاک، ماہر، فقرے باز، ہمہ گیر ہوتے ہیں اور اکثر ان کے بارے میں کوئی حتمی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی کہ یہ کب کیا کر بیٹھیں گے۔ یہ ہمیشہ دوسروں سے لیکن کبھی کبھی اپنے سے بھی ایک قدم آگے رہتے ہیں اور ان کے بارے میں ہمیشہ یہ کہا جاتا ہے کہ آپ ان سے ان کی جلدبازی اور دہری شخصیت کی وجہ سے ہمیشہ یہ توقع کر سکتے ہیں کہ وہ کسی وقت بھی کوئی غیر متوقع حرکت کر بیٹھیں گے۔
اس برج کے زیر اثر آپ ہر معاملے میں طبع آزمائی کے خواہش مند رہتے ہیں یعنی ہر کام میں دلچسپی لینا ضروری سمجھتے ہیں مگر پھر فوراً ہی ہاتھ کھینچ لیتے ہیں۔ آپ بہت جلد دوست بنا لیتے ہیں کیونکہ آپ خاصے باتونی اور چرب زبان ہیں۔ آپ ہر نئی چیز میں دلچسپی لیتے ہیں اور ایک دفعہ کسی نئی چیز یا نئے کام میں مہارت حاصل کرنے کے بعد پھر اس کام سے آپ کی دلچسپی ختم ہو جاتی ہے۔ دوستوں کے معاملے میں بھی یہی بات ہے کہ آپ نئے دوست بناتے ہیں اور پرانے دوستوں کو بھول جاتے ہیں یا انہیں نظر انداز کرنے لگتے ہیں لیکن جب کوئی پرانا دوست دوستی کی تجدید کرنا چاہتا ہے تو اس میں بھی بہت تیزی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ یہ مقولہ کی آندھی کی طرح آنا اور طوفان کی طرح جانا جوزا افراد پر صادق آتا ہے۔ آپ خاصے بے فکرے، بے پروا، خوش باش، مضطرب، بے چین اور اکثر تبدیلی کی طرف مائل رہنے والے انسان ہیں،آپ کے بارے میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ ؎ تِرے مزاج سے پارہ بھی قول ہار گیا۔
نت نئی تبدیلیاں آپ کو پسند ہیں اور آپ صرف اس وقت خوش ہوتے ہیں جب کوئی غیر متوقع حرکت کر بیٹھتے ہیں۔ آپ کے اندر مختلف زبانیں سیکھنے کی اچھی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ آپ وقت کے بدلتے ہوئے موسموں کو خوب سمجھتے ہیں اور اس کے مطابق نئی حکمت عملی اختیار کرنا جانتے ہیں۔ دوسرے معنوں میں آپ موقعے سے فائدہ اٹھانا چانتے ہیں۔ آپ کا پورا کردار ہی خاصا انتہا پسندانہ ہے۔ آپ کو سیاحی کا شوق بھی ہوتا ہے اور کسی مہم جوئی میں حصہ لینا بھی پسند کرتے ہیں۔ آپ ظاہری وضع قطع کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ خوش لباس اور تفریح کے دلدادہ ہوتے ہیں۔ آپ ہمیشہ چوکنا رہتے ہیں اور بہت اچھے منصوبہ ساز ہوتے ہیں۔ آپ کے اندر لکھنے اور بحث و مباحثہ کرنے یا گلوکاری کی بھی اہلیت ہوتی ہے،آپ ایک ورسٹائل کردار کے حامل ہیں، سیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت آپ سے زیادہ کسی میں نہیں ہے لیکن یہ ایک الگ بات ہے کہ اپنی اس صلاحیت سے آپ کتنا فائدہ اٹھاتے ہیں کیوں کہ فائدے کا لفظ آپ کی لغت میں نہیں ہے، شاید آپ کوئی بھی کام صرف فائدے کے لیے نہیں کرتے، آپ ملنسار ہیں لیکن جب مسائل کا سامنا کرنا پڑے تو یہ ملنسار طبیعت بے اعتمادی میں بدل جاتی ہے۔ آپ خاصے روایت شکن اور شکی مزاج بھی ہے۔
محبت اور رومان
آپ بہت جلد دوست بنا لیتے ہیں لیکن اتنی ہی تیزی سے کیڑے بھی نکالنے لگتے ہیں۔ لہذا آپ کو کوئی اطمینان بخش دوست ڈھونڈنے میں بڑی مشکل پیش آتی ہے حالاں کہ آپ کی آرزو ہوتی ہے کہ آپ کو کوئی بہت اچھا دوست ملے۔ بنیادی طور پر آپ بندھے رہنا پسند نہیں کرتے بلکہ نئے پن اور تبدیلی کو ترجیح دیتے ہیں۔ آپ جتنا بھی رومانس کریں اتنا ہی خوش رہتے ہیں۔ محبت کے معاملات میں آپ کو سمجھنا مشکل کام ہے۔ آپ کے جذبات آپ کے خلوص کو کنٹرول نہیں کرتے بلکہ یہ کام آپ کا دماغ کرتا ہے۔ گویا آپ محبت میں بھی دل کے بجائے دماغ سے کام لیتے ہیں اور محبت کو کسی ذہنی زاویے سے دیکھتے ہیں۔ آپ اکثر خود غرضی اور نک چڑھے پن کا بھی مظاہرہ کرتے ہیں۔
شاید آپ رومانس کو ایک تفریح سمجھتے ہیں، اکثر جوزا افراد بیک وقت دو تین جگہ رومانی دلچسپیوں میں مصروف نظر آتے ہیں یا پھر کسی ایک رومانی تعلق سے بہت جلد اکتا جاتے ہیں اور پھر کسی دوسرے رومانی معاملے میں مصروف ہوجاتے ہیں، کسی بھی رومانی تعلق کو مضبوط بنیادوں پر شادی کے بندھن میں تبدیل کرنا آپ کے لیے مشکل ہوتا ہے، آپ فیصلہ نہیں کرپاتے، شاید آپ کو اپنی آزادی کا سودا کرنے سے خوف آتا ہے،شادی کا فیصلہ عموماً آپ کے لیے خاصا مشکل کام ہوتا ہے۔
شادی: شادی آپ کے لیے دلچسپی سے بھرپور اور نہایت پرجوش کام ہے مگر اس وقت جب آپ اس کے لیے تیار ہوجائیں، آپ کو کوئی ایسا شریک حیات منتخب کرنا چاہیے جو مستقل مزاج، صلح جو اور ذہین ہو۔ آپ کی گھریلو زندگی سرسری سی ہوتی ہے اور آپ کسی پرجوش عورت کا شوہر بننے کے اہل نہیں ہے جو آپ کو ہمیشہ اپنے دامن سے باندھ کر رکھنا چاہتی ہو۔ اپنی ازدواجی زندگی میں بھی آپ کو خود مختاری اور آزادی چاہیے، ہر کام کی یعنی اگر آپ شادی کے بعد بھی کسی رومانی تعلق سے جڑ جائیں تو اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے،اگر آپ کے زائچے میں قمر بھی جوزا،دلو یا میزان میں ہو تو پھر شادی کے بعد بھی آپ کی رومانی دلچسپیاں جاری رہیں گی۔
آپ کی ساخت میں جذبات کا دخل برائے نام ہوتا ہے۔ چونکہ آپ باصلاحیت اور دانشور ہیں لہذا آپ کی دلچسپیاں بھی بے شمار ہیں۔ آپ بحیثیت شوہر ایسی بیوی کو پسند کریں گے جو وقتاً فوقتاً آپ کی تبدیلیوں کی خواہش پر سرتسلیم خم کر لے اور آپ جب بھی جو کچھ کرنا چاہیں اس میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے۔ آپ شادی کے بعد بھی کسی رومانس میں ملوث ہو سکتے ہیں اور آپ کو یہ بھی توقع ہوتی ہے کہ آپ کا شریک حیات آپ کی ایسی سرگرمیوں کو نظرانداز کر دے گا۔
بحیثیت بیوی: بیوی کی حیثیت سے طالع جوزا کی حامل خواتین ذہین ہوتی ہیں۔ آپ کو سب سے زیادہ جو چیز اپیل کرتی ہے، وہ ہے ذہنی رفاقت۔ آپ کسی احمق، بد عقل شوہر کے ساتھ خوش نہیں رہ سکتیں۔ ساتھ ہی یہ بھی ہے کہ آپ ایک گھریلو بیوی بننا نہیں چاہتی۔ آپ کے لیے کچھ نہ کچھ بیرونی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں اور اگر شوہر آپ کو روکے تو آپ خوش نہیں ہوں گی۔ آپ کے لیے گفتگو کرنا اور اپنے خیالات کا اظہار کرنا بھی ضروری ہے۔ ورنہ آپ گھٹن محسوس کر سکتی ہیں۔ اسی طرح آپ نمایاں، باخبر رہنا چاہتی ہیں۔ دنیا داری، فقرے بازی اور حِسِ مزاح آپ کا خاصہ ہے۔ آپ انتہائی فضول اور بے معنی موضوع پر بھی دھواں دھار گفتگو جاری رکھ سکتی ہیں۔ کسی حد تک فلرٹ کرنے کا رجحان بھی آپ کے مزاج میں ہے اور آپ کے شوہر آپ کے کھلے اور بے تکلف انداز کو تشویش کی نظروں سے دیکھ سکتے ہیں۔
گھریلو ماحول: آپ کے گھر میں رشتے داروں، دوستوں اور کاروباری رفیقوں کی آمد رفت جاری رہتی ہے۔ آپ ان کی خاطر تواضع کر کے خوش ہوتے ہیں۔ اس معاملے میں آپ فضول خرچ ہو سکتے ہیں لیکن اپنی فیملی کا خیال رکھتے ہیں۔ اپنے گھر کی تزئین و آرائش کرتے ہیں اور اسے ماڈرن بناتے ہیں۔ آپ جب تک مطمئن نہیں ہو جاتے، گھر بدلتے رہتے ہیں۔ آپ اپنے بچوں سے محبت کرتے ہیں کیوں کہ بچے بھی آپ سے محبت کرتے ہیں لیکن آپ کے رویے میں بہت زیادہ شفقت پدری یا مادری نہیں ہو سکتی اور یہ بات ممکن ہے آپ کے بچے محسوس کریں، بعض اوقات آپ یہ بھی محسوس کرتے ہیں کہ بچے آپ کے لیے پریشانی کا باعث ہیں۔
مالی امور: مالی معاملات میں آپ کو اکثر بہت سی تبدیلیاں پیش آتی رہتی ہیں۔ آپ تیزی سے پیسہ کماتے ہیں اور عملی طور پر خوب اڑاتے ہیں بلکہ ضائع کرتے ہیں۔ دراصل آپ زندگی سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور اس کے لیے پیسہ خرچ کرنا ضروری ہے۔ ایسا بھی ہوتا ہے کہ مسلسل تنگ دستی آپ کو پریشان کرتی ہے۔ اس کا انحصار آپ کے شریک حیات پر بھی ہے کہ وہ کیسا ہے؟ کیونکہ جب آپ خود اپنی تباہی کا سامان کر رہے ہوں تو آپ کا شریک حیات آپ کو کنٹرول کر سکتا ہے کیوں کہ آپ تو کسی بھی وقت اچھا یا برا کچھ بھی کر سکتے ہیں۔
کاروبار: آپ ہر کاروبار میں، ہر جگہ فٹ ہو جاتے ہیں لیکن بہرحال آپ کو اپنے کاروباری معاملات میں استحکام لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ نئے دوستوں اور دلچسپیوں کی جستجو میں آپ اس اصول پر عمل کرتے ہیں "نظر سے دور، دل سے دور "جس کے نتیجے میں آپ اکثر کاروبار اور سماجی زندگی میں دوستوں کو کھو دیتے ہیں۔ آپ کا ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ کوئی مختلف نوعیت کا کام انجام دینے کی زبردست خواہش،اس چکر میں آپ ایک سے زیادہ کاموں میں خود کو الجھا لیتے ہیں، اگر جاب کر رہے ہوں تو آپ کو کوئی پارٹ ٹائم کام بھی چاہیے،ذاتی کاروبار ہو تو کوئی دوسرا کاروبار بھی شروع کرنا آپ کی خواہش ہوگی، شاید اسی وجہ سے بعد میں آپ اپنی جاب یا کاروبار سے مکمل انصاف کرنے کے قابل نہیں رہتے۔
آپ کو چاہیے کہ صرف ایک اہم منصوبے پر دھیان دیں اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ آپ کسی نتیجے کو جاننے کے لیے بہت بے چین ہوتے ہیں اور جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور ہمیشہ شارٹ کٹ کو ترجیح دیتے ہیں، آپ کے ہاں مستقل مزاجی اور ارتکاز کا فقدان ہے۔ آپ کو سطحیت سے گریز کرنا چاہیے۔
پیشے: ادیب، ماہر تعلیم، ٹیچر، لکچرار، پرنٹر، پبلشر، پوسٹ اینڈ ٹیلی گراف کا کام، ریلوے کا محکمہ یا کوئی سرکاری ملازمت، سلیز مین شپ، میڈیا، نیوز رپورٹر، اناؤنسر، خطیب، ایکٹر، ایڈورٹائزر، ٹراسپورٹر وغیرہ۔
صحت اور بیماریاں: آپ کو اعصابی امراض، بواسیر، ناسور، مختلف قسم کے بخار، مثانے کا متاثر ہونا، پھیپڑوں کا متاثر ہونا، ملیریا، زہریلے کیڑوں کا کاٹنا، خون اور پیشاب کی تکلیفیں لاحق ہوسکتی ہیں۔ اگر کوئی مرض لاحق ہوجائے تو اس کے ختم ہونے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ کیونکہ آپ لگ کر ذمہ داری سے علاج نہیں کرواتے اور پرہیز کے معاملے میں بھی زیادہ احتیاط نہیں کرتے۔ جنسی معاملات میں بھی زیادتی صحت کی خرابی کا سبب بن سکتی ہے، جلد بازی کے سبب آپ کو حادثے بھی پیش آسکتے ہیں۔
مندرجہ بالا تمام خصوصیات اور اثرات صرف آپ کے طالع پیدائش کے زیر اثر لکھے گئے ہیں۔ ان خواص و اثرات میں کمی و بیشی یا کچھ تبدیلی ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ آپ کے زائچے میں مختلف سیاروں کی پوزیشن ہے۔ سیارگان کی پوزیشن سعد ہو تو مندرجہ بالا تمام خصوصیات عمدہ طریقے سے ظاہر ہوتی ہے اور اگر نحس ہوں تو ان میں کمی یا منفی اثرات شامل ہو جاتے ہیں،اگر خصوصاً آپ کے سیارے عطارد کی کمزور یا خراب پوزیشن اہمیت کی حامل ہوگی۔
موافق پتھر: نیلم، سچا موتی، روبی،زمرد یا فیروزہ اور مرجان
ناموافق پتھر: کوئی نہیں، آپ جو اسٹون چاہیں پہن سکتے ہیں
موافق دھات: چاندی، پارہ اور پلاٹینیم۔
ناموافق دھات: سکہ یعنی سیسہ
موافق رنگ: تمام رنگ
ناموافق رنگ: کوئی نہیں
موافق دن: تمام دن
ناموافق دن: کوئی نہیں
موافق اعداد: 1,2,3,8,9
ناموافق اعداد: کوئی نہیں
ناموافق اوقات
ہر سال 15 جنوری سے 15 فروری، 15 مئی سے 15جون، 15 نومبر سے 15 دسمبر کا وقت ناموافق ہوسکتا ہے،اس عرصے میں محتاط رہیں، کوئی رسک نہ لیں، کوئی نیا کام شروع نہ کریں۔
اعلی انفارمیشن
جواب دیںحذف کریںاللہ آپ کو سلامت رکھے