اگر آپ اس کے بارے میں نہیں جانتے تو آپ اندھیرے میں ہیں
برسوں گزر گئے لوگوں کو یہ سمجھاتے ہوئے کہ برج (Sign) اور ستارہ (Star) میں کیا فرق ہے لیکن عوام میں جب کوئی غلط بات عام ہوجائے تو آسانی سے ختم نہیں ہوتی بلکہ روز بہ روز پھیلتی چلی جاتی ہے، اچھے اچھے پڑھے لکھے لوگ بھی یہ کہتے نظر آتے ہیں ”ہمارا اسٹار حمل یا ثور ہے“وہ ایک منٹ کے لیے بھی یہ سوچنے سمجھنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے کہ حمل یا ثور یا دیگر تمام دائرۂ بروج میں شامل برج اسٹار نہیں ہوتے، اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں بھی انھیں بروج کہا ہے، اب اگر انگریزی دانی کا زیادہ ہی شوق ہے تو برج کو انگلش میں سائن کہا جاتا ہے، اسٹار کہنے کی حماقت نہ کی جائے مگر لوگ اس حوالے سے اپنی اصلاح پر کوئی توجہ نہیں دیتے۔
دوسری اور سب سے اہم ترین غلط فہمی عام لوگوں کو یہ ہے کہ وہ جس برج کے تحت پیدا ہوئے ہیں وہی سب کچھ ہے، ان کی زندگی کا ہر معاملہ اسی برج سے جڑا ہوا ہے چناں چہ اکثر لوگ جب کسی ایسٹرولوجر سے ملتے ہیں تو ان کے سوال کرنے کا انداز کچھ یوں ہوتا ہے”میرا اسٹار جدی ہے، اس سال میرے حالات میں کیا تبدیلیاں آرہی ہیں یا یہ سال میرے لیے کیسا ہے؟“
ہم عام طور سے ایسے لوگوں کو ایک ہی جواب دیتے ہیں کہ بھائی اول تو جدی ایک سائن ہے، اسٹار نہیں ہے دوم یہ کہ اس وقت بھی دنیا میں کئی کروڑ افراد جدی ہوں گے تو پھر آپ کیسے یہ توقع کرتے ہیں کہ ہر جدی مرد یا عورت کے حالات یکساں ہوں گے؟
اکثر اپنے مضامین میں ہم یہ وضاحت کرتے رہے ہیں کہ علم نجوم صرف کسی ایک برج پر انحصار نہیں کرتا اور اسی طرح ہر شخص کی زندگی کا انفرادی معاملہ بالکل ایک الگ موضوع ہے جس کے لیے اس کی مکمل تاریخ پیدائش، وقت پیدائش اور پیدائش کا علاقہ جاننا ضروری ہے،اس کے علاوہ بھی اس کے ذاتی اور انفرادی زائچے کے لیے بعض اوقات کچھ دوسری معلومات کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے، ہمارے ملک میں تو اکثر لوگوں کی تاریخ پیدائش ہی درست نہیں ہوتی اور وقت پیدائش اکثر لوگوں کا نامعلوم ہوتا ہے، چناں چہ ایک مکمل اور جامع برتھ چارٹ بنانا مشکل ہوجاتا ہے، دراصل ہمارے ملک کے لوگ پیروں فقیروں، جوگیوں، سادھوؤں یا نام نہاد روحانی بزرگوں کے بہت زیادہ زیر اثر رہنے کی وجہ سے اس غلط فہمی کا شکار ہوجاتے ہیں کہ بس صرف ہمارا نام یا تاریخ پیدائش سے کوئی ہماری صحیح اور مکمل رہنمائی کرسکتا ہے،روحانی بزرگوں کے بارے میں ان کا عقیدہ یہ ہوتا ہے کہ وہ بڑے اللہ والے ہیں اور سب کچھ جانتے ہیں، ان سے کچھ چھپا نہیں ہے، یہ عقیدہ بھی درست نہیں ہے۔
علم نجوم (Astrology) ایک سائنس ہے اور ہر سائنسی علم کچھ اصول و قواعد اور حدود و قیود رکھتا ہے،جب تک ان اصول و قواعد کی پابندی نہ کی جائے اور حدود و قیود کے اندر رہ کر بات نہ کی جائے، اس علم سے معقول رہنمائی ممکن نہیں ہوگی ؎ شاید کہ اتر جائے تِرے دل میں مری بات۔
برج،سیارے اور ستارے
جیسا کہ پہلے بھی اپنے مختلف مضامین میں ہم یہ سمجھانے کی کوشش کرتے رہے ہیں کہ برج، سیارے اور ستارے اپنی علیحدہ علیحدہ شناخت اور حیثیت رکھتے ہیں، ہماری کہکشاں میں دائرۂ بروج (Zodic Sign) کا ایک سلسلہ ہے جس کی ابتدا برج حمل سے ہوتی ہے اور اختتام برج حوت پر، ان کی تعداد 12 ہے، اسی طرح اب تک دریافت شدہ سیارگان کی تعداد بھی خاصی بڑھ چکی ہے، البتہ ان میں زیادہ مشہور سیارہ شمس، قمر، عطارد، زہرہ، مریخ، مشتری، زحل، یورینس، نیپچون اور پلوٹو ہیں، بعض اور بھی سیارے دریافت ہوچکے ہیں لیکن علم نجوم میں ان سیارگان کا استعمال مختلف اصول و قواعد کے مطابق ہے، یہ اصول و قوعد صدیوں پہلے مرتب کیے گئے تھے اور صدیوں سے ان کے بارے میں تحقیق جاری ہے، اس حوالے سے دنیا بھر میں علم نجوم کے مختلف اسکول آف تھاٹ وجود میں آئے اور آئندہ بھی مزید نظریات اور اصول سامنے آسکتے ہیں، کوئی بھی سائنسی علم محدود نہیں ہوتا، وقت کے ساتھ ساتھ اس میں ترمیم و اضافے ہوتے رہتے ہیں، ضروری نہیں ہے کہ برسوں پہلے کے نظریات آج بھی مستند مانے جائیں، جدید تحقیق اور مشاہدات و تجربات کی روشنی میں نئی تبدیلیاں ہمیشہ ممکن رہتی ہیں اور رہیں گی، البتہ مختلف اسکول آف تھاٹ کو برسوں یا صدیوں پہلے جن بنیادوں پر مرتب کردیا گیا تھا اس میں تبدیلی اس وقت ممکن ہوسکتی ہے جب کوئی بہت بڑا ماہر فلکیات دنیا میں نمودار ہوتا ہے، ایسا ماضی میں بھی ہوتا رہا ہے، تقریباً ہر سائنس میں ایسا ہی ہوتا ہے، نیوٹن نے کشش ثقل کی تھیوری پیش کرکے دنیا میں ایک انقلاب برپا کردیا اور اس سے پہلے کے تمام نظریات باطل ہوگئے، آئن اسٹائن نے اپنی تھیوری کے ذریعے دنیا کو ترقی کے ایک نئے راستے پر گامزن کردیا، اسی طرح دنیا کا ہر علم ترقی اور ترمیم و اضافے کے مرحلے سے گزرا اور گزر رہا ہے، ایسٹرونومی اور ایسٹرولوجی کی صورت حال بھی کچھ ایسی ہی ہے۔
جہاں تک ستارے {{(Star) کا تعلق ہے تو وہ بے شمار ہیں جن کی مکمل تعداد اب تک ہمارے علم میں نہیں ہیں، البتہ جن ستاروں کے بارے میں ایسٹرونومی یا ایسٹرولوجی کے ماہرین نے تحقیق کی ہے وہ مشہور ہیں اور تمام ہی مختلف بروج میں نظر آتے ہیں، انھیں ثابت ستارہ (Fixed Stars) کہا جاتا ہے، ان کا علم اپنی ایک الگ نوعیت رکھتا ہے، البتہ ویدک علم نجوم میں ان کی اہمیت تسلیم شدہ ہے مگر یونانی یا مغربی علم نجوم میں انھیں اہمیت نہیں دی جاتی، یہ ایک الگ ہی طولانی موضوع ہے، ہماری کتاب ”اک جہان حیرت“ میں اس پر کسی حد تک روشنی ڈالی گئی ہے کیوں کہ یہی وہ ستارے ہیں جنہیں قرآن کریم میں منازل قمری کہا گیا ہے۔
امید ہے کہ ہمارے قارئین برج، سیارے اور ستارے کا فرق سمجھ گئے ہوں گے۔
برج اور سیارے
دائرۂ بروج کے 12 برج ہمارے حالاتِ زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں، ہر برج کا اپنا دائرۂ کار ہے لہٰذا یہ کہنا تو بالکل ہی غلط ہے کہ ہم کسی ایک برج کے ذریعے خود سے اور اپنے حالات سے آگاہی حاصل کرسکتے ہیں، البتہ کسی بھی انفرادی زائچے کا پہلا برج سب سے زیادہ اہم اس لیے ہوتا ہے کہ وہ ہمارے کردار اور عمل، ہماری ذاتی زندگی کے معاملات کی نشان دہی کرتا ہے، باقی بروج اور ان کے اثرات اس کے طابع ہوتے ہیں اور یہ برج صرف تاریخ پیدائش کے ذریعے معلوم نہیں ہوتا بلکہ مکمل تاریخ پیدائش کے ساتھ وقت پیدائش اور پیدائش کے مقام سے معلوم کیا جاسکتا ہے، اس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے کیوں کہ باقی تمام بروج اس کے زیر اثر ہی اپنا اثر ظاہر کرتے ہیں۔
عام لوگ اس برج کی اہمیت سے بھی واقف نہیں ہوتے اور انھیں اس برج کے بارے میں معلوم بھی نہیں ہوتا، وہ صرف یہ جانتے ہیں کہ فلاں تاریخ سے فلاں تاریخ تک پیدا ہونے والے افراد کا برج کون سا ہے، وہ اسی کو اہمیت دیتے ہیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ اس کی اہمیت زیادہ نہیں ہے، وہ ہماری پوری زندگی اور حالات و واقعات پر اثر انداز نہیں ہے، اس کے ذریعے صرف ہماری شخصیت کے بعض پہلوؤں پر روشنی پڑتی ہے، اگر آپ اپنا حقیقی پیدائشی برج جسے طالع پیدائش یا ہندی میں لگن اور انگریزی میں برتھ سائن (Ascendent) کہا جاتا ہے معلوم کرنا چاہتے ہیں تو اپنے وقت پیدائش کے مطابق اپنا برتھ چارٹ بنائیں یا بنوائیں تب ہی آپ کو معلوم ہوگا کہ آپ کا حقیقی برج کون سا ہے اور اس برج کا سیارہ کون سا ہے، اس کے بغیر آپ کو علم نجوم سے درست رہنمائی نہیں مل سکتی، زیر نظر سلسلہ ء مضامین میں اسی برج کی اہمیت ہے، ہم قسط وار تمام برجوں کے بارے میں ضروری تفصیلات سے آگاہ کر رہے ہیں، اگر آپ کو اپنا طالع پیدائش معلوم کرنے میں دشواری ہے تو آپ ہمیں میسج کرسکتے ہیں، ہم بلامعاوضہ آپ کو آپ کا طالع پیدائش بتادیں گے لیکن شرط یہی ہے کہ تاریخ پیدائش کے ساتھ پیدائش کا وقت اور شہر بھی لکھیں۔
طالع حمل (Aries)
حاکم سیارہ مریخ
آپ کا طالع پیدائش اگر حمل ہے جو جسمانی حصوں میں سر، منہ اور دماغ (مغز) پر حکمرانی کرتا ہے تو آپ سیارہ مریخ کی ڈائنامک خصوصیات کے حامل ہیں لیکن خیال رہے کہ اگر سیارہ مریخ آپ کے زائچے میں کسی اعتبار سے بھی کمزور ہے تو برج حمل کی بھرپور خصوصیات آپ کو حاصل نہیں ہوں گی۔
جسمانی ساخت: آپ درمیانہ قد یا طویل قامت بھی ہو سکتے ہیں۔ گردن لمبی، چہرہ لمبوترا، پیشانی چوڑی، تنگ ٹھوڑی، بال پتلے اور سیدھے۔ اسمارٹ، کسرتی جسم۔ آپ نہ تو گٹھے ہوئے جسم کے ہوتے ہیں نہ ہی موٹے،نہایت چست اور پھرتیلے، کبھی کبھی زیادہ عمر میں موٹاپے کا رجحان ہو سکتا ہے لیکن بہت زیادہ نہیں۔ رنگت سرخ و سفید، بھویں بھری ہوئی اور کبھی کبھی آپس میں ملی ہوئی۔ چہرے پر عموماً مسکراہٹ۔ تیز تیز قدم چلنے والے لیکن عام طور سے چہرے سے غصہ یا آنکھوں سے تیزی جھلکتی ہے۔
فطرت و کردار: آپ اولو العزم، دلیر، جلد باز، من موجی اور بے صبرے ہیں اور روایات کے زیادہ پابند نہیں ہیں۔ سائنسی سوچ اور فلسفہ پسند کرتے ہیں،انجینئرنگ اور میڈیکل کے شعبے میں سرجری کی طرف جاسکتے ہیں، آپ کا صحیح اور غلط کا اپنا ہی فلسفہ ہوتا ہے اور ٹیکنیکل تعلیمی کاوشوں کی طرف جھکاؤ ہوتا ہے لیکن اگر آپ کا حاکم سیارہ مریخ کمزور یا خراب پوزیشن میں ہوگا تو صورت حال اس کے برعکس بھی ہوسکتی ہے۔
آپ کے اندر غضب کی خود اعتمادی موجود ہے اور آپ زبردست قوت ارادی کے مالک ہیں، چیلنجوں کو پسند کرتے ہیں۔ آپ کے اندر جذبے اور لگن کی کوئی کمی نہیں ہوتی کیونکہ آپ پیدائشی لیڈر ہیں۔ عام طور سے آپ پر مزاح اور فقرے باز، ہنس مکھ ہیں اور تفریحی ساز و سامان سے یا موسیقی وغیرہ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اگر چہ آپ کو غصہ دلانا آسان کام ہیں۔ تاہم آپ آسانی سے ٹھنڈے بھی ہو جاتے ہیں اور دل میں بغض و کینہ نہیں رکھتے،چیلنج قبول کرنا آپ کو پسند ہے۔
آپ پھرتیلے اور غیرمعمولی توانائی کے حامل ہیں۔ آپ کے مزاج میں جارحیت (Agressivness) بھی ہے اور حجت یا بحث کرنے کا رجحان بھی پایا جاتا ہے۔ آپ خاصے نڈر اور بے خوف ہیں اور اکثر ہچکچاہٹ کا شکار دوسرے لوگوں کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
آپ کا پیدائشی برج حمل دائرہ بروج کا پہلا برج ہے۔ لہذا آپ بچوں کو پسند کرتے ہیں اور زندگی میں بچگانہ رویے بھی اختیار کرتے ہیں، آپ زندگی میں ہمیشہ پہلی پوزیشن پر رہناپسند کرتے ہیں، آپ صرف اپنے آپ سے آگاہ ہوتے ہیں۔ عموماً دوسروں کے بارے میں یا دوسروں کے جذبات و احساسات سے بے خبر رہتے ہیں۔ اس اعتبار سے آپ کو کسی حد تک خود غرض بھی کہا جا سکتا ہے۔ آپ دوسروں کے لیے اپنی ذاتی خواہشات کو قربان نہیں کرتے۔ آپ کا ذہن تخلیقی آئیڈیاز سے لبریز ہوتا ہے اور آپ کی خواہش ہوتی ہے کہ ان آئیڈیاز کی جلد از جلد تکمیل کر لیں۔
آپ کسی کے حکم کی تعمیل پسند نہیں کرتے اور کسی کی ماتحتی میں کام کرنا نہیں چاہتے۔ ساتھ ہی آپ بہت خوش امید بھی ہیں یعنی کسی ناکامی کے بارے میں بہت کم سوچتے ہیں۔ کبھی کبھی آپ جھگڑے پر بھی آمادہ ہو جاتے ہیں۔ آپ کے ہاں مستقل مزاجی کی بھی کمی ہے اور ایک خرابی یہ بھی ہے کہ رواں منصوبوں کو مکمل کرنے سے پہلے ہی نئے منصوبوں پر کام شروع کر دیتے ہیں۔ اگرچہ آپ بڑے مضبوط اور بامقصد نظریات رکھتے ہیں لیکن آپ کی زندگی میں نمبر 1 بہت نمایاں ہے یعنی آپ جو کچھ بھی ہیں، اکیلے ہی ہیں۔
محبت اور رومانس: آپ محبت میں انتہائی بے تکلف اور پر جوش ہوتے ہیں۔ آپ کی نیک فطرت اور دلکشی جنس مخالف کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ آپ محبت میں عملی قدم اٹھانے کے قائل ہیں اور ایڈونچر کے ساتھ دائمی خلوص چاہتے ہیں لیکن آپ کی تحکمانہ اور جارحانہ فطرت میں نرمی آجائے تو یہ بہت اچھی بات ہو گی۔ اس طرح آپ بھی خوش رہ سکتے ہیں اور آپ کا پارٹنر بھی۔
بحیثیت شوہر: شادی شدہ زندگی میں آپ بہت گرم جوش، مغرور، حاکمیت پسند اور مردانہ طور طریقوں کی کشش کے حامل ہیں۔ اگر آپ کو سمجھنے والا شریک حیات مل جائے تو آپ بہترین شوہر ثابت ہوں گے لیکن اکثر اس کے برعکس ہوتا ہے کیونکہ آپ کی حاکمیت پسندی اور گرم جوشی ممکن ہے دوسرے برداشت نہ کر سکیں۔ بہرحال آپ وفادار، پر خلوص اور خیال رکھنے والے ہیں اور خاندان کے دیگر افراد سے یکساں طور پر ان ہی باتوں کی توقع رکھتے ہیں۔ آپ اپنے پسند کے شریک حیات میں اعلٰی اخلاقی ضابطے دیکھنا چاہتے ہیں۔ آپ کو عموماً خوبرو، ہوشیار اور باحوصلہ شریک حیات پسند ہوگا۔ آپ جب موڈ میں ہوتے ہیں تو بہت فیاض، سخی بلکہ دریا دل ہو جاتے ہیں۔ اکثر آپ اپنی ضرورت یا شوق کے تحت ادھار قرض بھی لے سکتے ہیں۔
حمل افراد کی بیویوں کو بچت کا عادی ہونا چاہیے۔
بحیثیت بیوی: ایک حمل بیوی کی حیثیت سے آپ کو خوش گوار ماحول، روشن خیالی اور کسی حد تک آزادی چاہیے۔ آپ ایک پر عزم اور باحوصلہ شریک حیات کو پسند کریں گی اور اس کی بہترین بیوی ثابت ہوں گی۔ حسد اور غرور آپ کی کمزوریاں ہیں۔ آپ اپنے شوہر سے یہ توقع رکھتی ہیں کہ وہ آپ پر بھرپور توجہ دے اور آپ کی خوب تعریف کرے۔ بلکہ آپ کی موجودگی میں کسی اور کی تعریف نہ کرے۔ آپ ایک اچھی میزبان بھی ہیں اور بہت پر عزم بھی۔ آپ کو بزنس کا اچھا شعور ہے۔ آپ اسمارٹ نظر آتی ہیں اور عام طور سے پر کشش ہوتی ہیں۔آپ ایسے مرد سے شادی کرنا پسند کریں گی جو بہر حال آپ پر حاوی نہ ہو سکے بلکہ آپ کا فرماں بردار رہے۔ آپ کے شوہر کو مالی اور جسمانی طور پر مضبوط اور طاقت ور ہونا چاہیے تب ہی آپ اس کا احترام کریں گی۔ کمزور مرد آپ کے لیے پسندیدہ نہیں ہو سکتا۔
مالی امور: آپ بنیادی طور پر دولت اکھٹی کرنے والوں میں سے نہیں ہیں۔ آپ زیادہ سے زیادہ کمانے اور اسی طرح خرچ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ آپ اکثر بے سوچے سمجھے ترنگ میں آکر خریداری اور سرمایا کاری کرتے ہیں اور پیسے ضائع کرتے ہیں۔ آپ آج کی سوچتے ہیں، کل کی نہیں اور اپنے بجٹ کو متوازن نہیں رکھ سکتے۔ اس کا بہترین علاج یہ ہے کہ آپ کرنے سے پہلے سوچیں۔ آپ دوسروں کو بچت کرنے کا مشورہ دیتے ہیں لیکن خود اس پر عمل نہیں کرتے۔
کاروبار:آپ جس پیشے کا انتخاب کرتے ہیں۔ اکثر اس کے سربراہ ہوتے ہیں۔ آپ بنیادی طور پر سمجھوتا کرنے والے نہیں ہوتے اور عمدہ انتظامی صلاحیتیوں کے حامل ہوتے ہیں۔ اپنی مضبوط ایگزیکیٹیو صلاحیتوں کی بنیاد پر آپ اپنے طور پر اچھا کام کرتے ہیں یعنی کوئی دوسرا آپ کے کام میں مداخلت نہ کرے یا آپ کو مشورے نہ دے، کسی کی ماتحتی یا پارٹنر شپ آپ کے لیے زیادہ موزوں نہیں ہوتی البتہ ایسی پارٹنر شپ بہتر ہو سکتی ہے جس میں آپ خود بگ باس ہوں۔
غصہ آپ کے لیے بدترین صفت ہے اور کسی پارٹنر پر گزارا کرنا مشکل کام ہے۔ آپ آزاد منش ہیں اور کام میں جٹے رہنا پسند نہیں کرتے تاہم دوسروں کے تعاون کے طلب گار ہوتے ہیں۔ آپ کو صبر کے ساتھ اپنے مقصد کو فروغ دینا چاہیے۔
پیشے: سیلز مین شپ، رئیل اسٹیٹ اور فنانشل فیلڈز، ایکٹنگ، وکالت، انجینرنگ، فوج، پولیس، انتظامی عہدے مثلاً ڈائریکٹر یا منتظم، موجد، سرجن، ماہر تعلیم، نیوز رپورٹر، کارپینٹر یا مکینک بننے کی اچھی صلاحیت ہے۔
صحت اور امراض: حمل افراد عام طور سے صحت مند لوگ ہوتے ہیں کیونکہ ان کے جسم میں بہت گرمی ہوتی ہے۔ جلدی امراض، کولک پین، آنتوں میں درد، آنتوں کی بیماریاں مثلاً السر، گیسٹرک، بینائی میں نقص، حادثات، اعصابی بے قاعدگیاں آپ کو لاحق ہو سکتی ہیں۔ آپ کے لیے اپنے حد سے بڑھے ہوئے جوش و جذبے کو اور اپنی ڈائٹ کو کنٹرول کرنا ضروری ہے۔ ٹھنڈی سوچ اور متحمل مزاجی بھی نہایت اہمیت رکھتی ہے۔
مندرجہ بالا تمام خصوصیات اور اثرات صرف آپ کے طالع پیدائش کے زیر اثر لکھی گئی ہیں۔ ان خواص و اثرات میں کمی و بیشی یا کچھ تبدیلی ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ آپ کے زائچے میں مختلف سیاروں کی پوزیشن ہے۔ سیارگان کی پوزیشن سعد ہو تو مندرجہ بالا تمام خصوصیات عمدہ طریقے سے ظاہر ہوتی ہیں اور اگر نحس ہوں تو ان میں کمی یا منفی اثرات شامل ہو جاتے ہیں۔
موافق دھات: فولاد اور تانبہ
ناموافق دھات: ایلمونیم
موافق پتھر: مرجان (Coral) روبی اور پیلا پکھراج۔
ناموافق پتھر: زمرد، فیروزہ، پیری ڈوٹ، دانہ ء فرہنگ
موافق رنگ: سرخ (Red) پیلا (Yellow) سفید (White) اور گلابی (Pink)
ناموافق رنگ: تیز سبز اور فیروزی
موافق دن: پیر، منگل، جمعرات اور اتوار۔
ناموافق دن: بدھ
موافق نمبر: 6,8,9
ناموافق نمبر: 5
ناموافق اوقات
ہر سال 15 مارچ سے 15 اپریل، 15 ستمبر سے 15 اکتوبر، 15 نومبر سے 15 دسمبر۔ان اوقات میں کوئی رسک نہ لیں اور کوئی نیا کام شروع نہ کریں، اپنی صحت کا خیال رکھیں۔(جاری ہے)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں