سُن تو سہی جہاں میں ہے تیرا فسانہ کیا
دلو عورت
برج دلو گیارھواں برج ہے، اس پر حکمران سیارہ زحل ہے اور نشان ایک مشکیزہ بردار ہے، اس کا عنصر ہوا اور خاصہ غیر تغیر پذیر، سوچنا اور غوروفکر کرنا اس کی نفسیات ہے، یہ لوگ عام طور سے غیر روایتی یا دوسرے معنوں میں روایت شکن ہوتے ہیں، اس طرح کبھی کام نہیں کرتے یا زندگی نہیں گزارتے جس طرح سب گزار رہے ہیں، ان کی زندگی میں عجیب اور انوکھی چیزوں کے لیے خصوصی دلچسپی پائی جاتی ہے، بامروت، بے تکلف، کھلے ذہن والے، کسی مقصد کے لیے خود کو وقف کردینے والے، روشن خیال، سمجھ دار، برداشت کرنے والے اور فائدہ پہنچانے والے ہوتے ہیں۔
مشہور ایکٹریس تامولا بینک ہیڈ کہتی ہے ”ہمیں سخن سازی نہیں کرنی چاہیے، میں اعتدال پسندی کی دشمن اور انتہا پسندی کی چیمپئن ہوں، میں تھوڑا درست ہونے کے بجائے بالکل غلط ہوسکتی ہوں“
ایک اور دلو خاتون جرمین گریر کی کتاب ”زنانہ ہیجڑا“ نے 1970 ء میں ایک نیا طوفان کھڑا کیا اور خواتین کی سوچ میں انقلاب برپا کردیا، یہ الگ بات ہے کہ اس انقلاب کے نتائج بعد ازاں عالمی خواتین کو کس مقام تک لے گئے۔
ایک دلو لڑکی محبت کے روایتی یا افسانونی انداز سے کبھی متاثر نہیں ہوتی، اسے براہ راست متاثر کرنے کی آپ کی کوششیں ناکامی کا شکار ہوسکتی ہیں، اس سے بات چیت یا ملاقاتوں میں محتاط رہیں، زیادہ کھل کھیلنے کی ہر گز کوشش نہ کریں، وہ حواس باختہ ہوسکتی ہے،اس کے لیے خود کو تھوڑا سا پراسرار اور عجیب بنانے کی ضرورت ہوگی، کوئی انوکھا پن اور غیر روایتی انداز اس کی دلچسپی کا باعث ہوسکتا ہے، کوئی بھی نہیں جان سکتا کہ ایک دلو لڑکی محبت میں کیا چاہتی ہے؟ چناں چہ کوئی تیز رفتار پیش قدمی آپ کا کھیل بگاڑ سکتی ہے، آپ بہت آہستہ آہستہ اس کے پہلو بہ پہلو قدم سے قدم ملائے چلتے رہیں اور انتظار کریں کہ آپ کی کون سی بات اسے چونکاتی ہے یا اس کی دلچسپی کا باعث بنتی ہے، یہی آپ کی جیت یا کامیابی کا نشان ہوگا۔
محض تفریح یا وقت گزاری اسے ناپسند ہے،وہ بالکل غیر روایتی انداز میں پہلا جملہ یہی سننا چاہتی ہے ”مجھ سے شادی کروگی؟“
اگر آپ نے زیادہ گھماؤ پھراؤ کی باتیں کرکے اسے ہم خیال بنانے کی کوشش کی تو وہ اسے اپنی توہین سمجھے گی اور اپنی سہیلیوں میں آپ کا مذاق اڑارہی ہوگی، اگر آپ فوراً ہی اسے شادی کی پیشکش کرنے کی ہمت نہیں رکھتے تو اس کے دوست بنے رہیں، ذہانت اور بزلہ سنجی کا مظاہرہ کرتے رہیں اور تھوڑے سے پراسرار ہوجائیں گویا یہ ایک بلی اور چوہے کا کھیل ہوگا، اسے یہ سمجھنے دیں کہ یہ کھیل وہ کھیل رہی ہے اور آپ اسے سمجھنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، آپ کو قدم قدم پر اس کی رہنمائی اور ہمدردی کی ضرورت ہے، وہ کبھی آپ کو مایوس نہیں کرے گی۔
ملاقاتوں میں وقفہ ضرور دیں، اچانک غائب ہوجائیں اور پھر اچانک سامنے آجائیں، کبھی کبھی اسے کوئی چھوٹا سا تحفہ بھیجیں، بالکل اچانک جو تھوڑا سا منفرد یا کچھ عجیب ہو لیکن اس پر کوئی رومانی جملہ ہر گز نہ لکھیں۔
اہم ترین بات یہ ہے کہ دلو عورت ہو یا مرد اس کی محبت کے پیچھے ہمدردی کا جذبہ کارفرما ہوتا ہے، آپ بھی اس سے روایتی قسم کی یا افسانوی محبت کی امید نہ رکھیں۔
ایک دلو بیوی کے مشاغل اور دلچسپیاں بڑی رنگ بہ رنگ اور وسیع ہوسکتی ہیں، یہ ایک ہوائی برج ہے اور دلو افراد عام طور سے خلا میں رہتے ہیں، وہ خود زمین پر ہوتے ہیں لیکن ان کا دماغ خلا کی وسعتوں میں بھٹکتا رہتا ہے، شاید اسی لیے انھیں 24 گھنٹے میں کسی وقت تنہائی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے، اپنی آزادی دلو عورت کو بھی بہت عزیز ہے لہٰذا انھیں شادی کے بندھن میں بندھنے کی کوئی جلدی نہیں ہوتی اور وہ تنہا زندگی گزارنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے بلکہ اکثر دلو خواتین کی شادی اسی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوتی ہے کہ وہ اپنی دیگر دلچسپیوں اور مصروفیات میں الجھ کر شادی کے معاملے کو نظرانداز کرتی رہتی ہیں یا زیادہ اہمیت نہیں دیتیں، قید و بند اور پابندی سے یہ لوگ عموماً کتراتے ہیں۔
دلو بیویاں شاید دنیا بھر میں سب سے زیادہ مہربان و فراخ دل ہوتی ہیں، شادی کے بعد وہ اپنے شوہر کے کاموں کو کسی شک و وہم کی نظر سے نہیں دیکھتیں، نہ ہی ان کے بارے میں زیادہ چھان بین کی ضرورت محسوس کرتی ہیں کہ وہ گھر سے باہر کیا کرتے پھر رہے ہیں؟وہ مزاجاً شوہر پر بھروسا کرنے والی ہوتی ہیں اور شوہر سے بھی اسی رویے کی توقع رکھتی ہیں کہ وہ ان کی آزاد روی، سوشل سرگرمیوں، دوسروں سے میل جول پر پابندی عائد نہ کرے، ان کی مصروفیات اوردوسروں سے تعلقات کو شک کی نظر سے نہ دیکھے کیوں کہ خود ان کا کردار ہر قسم کے شک و شبے سے بالاتر ہوتا ہے، وہ خود ہر تکلیف برداشت کرلیتی ہیں لیکن ایسے حالات پیدا نہیں کرتیں جن سے کسی کو تکلیف پہنچے، اگر وہ یہ محسوس کریں کہ ان کا گزارا اپنے شریک حیات کے ساتھ نہیں ہوسکتا اور دونوں کے درمیان نمایاں طور پر حقیقی تضادات موجود ہیں تو وہ کوئی افسوس یا صدمہ کیے بغیر ازدواجی شراکت کا خاتمہ قبول کرکے اپنے لیے دوسرا شریک حیات منتخب کرسکتی ہیں۔
دنیاوی طور پر دلو خواتین ازدواجی تعلقات میں بھی دوستانہ اور خوش گوار رویے اور طرز عمل کی خواہش مند ہوتی ہیں، روایتی ازدواجی طور طریقے انھیں ناپسند ہوتے ہیں۔
دلو اور دلو کی جوڑی اپنے عنصر اور دیگر خصوصیات میں یکسانیت کے سبب نہایت شاندار ثابت ہوتی ہے،دونوں میں کبھی کوئی اختلاف نہیں ہوتا، ہاں ایسی زبردست ہم آہنگی کے باوجود جو دیکھنے والوں کے لیے حیران کن ہو، ممکن ہے کبھی کوئی ایسا حیران کن منظر سامنے آئے جو نہایت دلچسپ ہو یعنی دونوں خوشی خوشی بہ رضا و رغبت علیحدہ ہوکر اپنے لیے کوئی نیا پارٹنر منتخب کر رہے ہوں۔
دلو خواتین اپنے بچوں کی گہری دوست ثابت ہوتی ہیں لیکن کبھی کبھی ان کا برتاؤ کچھ سرد سا ہوتا ہے اور یہ بچے ان کی محبت میں کمی محسوس کرنے لگتے ہیں یا وہ یہ خیال کرنے لگتے ہیں کہ ماں کو ہماری کوئی پروا ہی نہیں ہے، اس کی وجہ ان کی سوشل دلچسپیاں یا کسی اور نوعیت کی انوکھی مصروفیات بھی ہوسکتی ہیں، دلو خواتین کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ممکن ہے آپ خود جذباتی نہ ہوں مگر آپ کے بچے تو جذباتی مسائل رکھتے ہیں جن کا خیال رکھنا آپ کے لیے ضروری ہے، آپ خود چوں کہ بالغ اور خود مختار ہیں اور شاید یہ بھی خواہش رکھتی ہوں کہ آپ کی اولاد بھی جلد ہی خود مختار ہوجائے تاکہ اپنی انفرادی زندگی کے معاملات کو خود ہی طے کرے تو یہ خواہش ان سے ضرورت سے زیادہ توقع ہی کہلائے گی، عام طور سے دلو خواتین کے بچے دوسروں کی نگرانی میں پرورش پاتے ہیں،وہ ان کے لیے زیادہ وقت نہیں نکال پاتیں مگر کبھی انھیں اس غیر ذمے داری کا احساس بھی نہیں ہوتا۔
ہومیو پیتھک میڈیسن ایلومینا اور بائیو کیمک سالٹ نیٹرم میور دلو افراد کے لیے مفید ہیں۔
حوت عورت
دائرۂ بروج کا آخری برج حوت سیارہ مشتری کے زیر اثر ہے، اس کا نشان دو مختلف سمت میں حرکت کرتی ہوئی مچھلیاں ہیں، اس کا عنصر پانی اور عقیدہ ”یقین“ ہے، احساس ان کی زندگی کا اہم ترین پہلو ہے، ان کا یقین بھی اسی احساس کا مرہون منت ہوتا ہے، یہ منفی، مؤنث اور تغیر پذیر برج ہے۔
اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ بارہ بروج میں سب سے زیادہ حساس اور نازک مزاج یہی برج ہے، یہ لوگ بڑی سحر انگیز شخصیت کے مالک، محبت کرنے والے، جانثار، صوفی منش، تخلیقی، بے لوث اور ایثار پیشہ ہوتے ہیں لیکن دوسری طرف فرار پسندی کا شکار، غیر واضح اور مبہم، کمزور ارادے کے مالک، ہمیشہ تعریف سننے کے خواہش مند اور کسی الجھن یا پریشانی میں مبتلا نظر آتے ہیں۔
شہرہ آفاق اداکارہ الزبتھ ٹیلر ڈائمنڈ کے بارے میں کہتی ہے ”یہ برف کی واحد نوعیت ہے جو کسی لڑکی کو گرم رکھتی ہے“
حوت خواتین روایت کو اہمیت دیتی ہیں، گویا پرانے فیشن کی ہوتی ہیں، اگرچہ بہ ظاہر ماڈرن بننے کی کوشش کرتی ہیں لیکن ان کے اندر کوئی پرانی روح موجود ہوتی ہے، احساس اور نازک مزاجی ان کی زندگی کا سرمایہ ہے، اگر آپ نے ان کے احساسات کو سمجھنے کی کوشش نہیں کی تو آپ کو ان کے قریب رہنے کا کوئی حق نہیں ہے، آپ ان سے اس طرح پیش آئیں جیسے وہ دنیا کا سب سے نازک اور نہایت بیش قیمت پھول ہیں، وہ وہیں آپ کے سامنے موم کی طرح پگھل جائیں گی، پہلی ملاقات کو نارمل رکھیں، انھیں بننا سنورنا پسند ہے لیکن اگر وہ آپ کو اپنے کپڑوں اور میک اپ سے متاثر نہ کرسکی تو اسے بے حد مایوسی ہوگی، وہ جتنی پرسکون ہوگی،اتنا ہی بہتر ہے۔
ایک حوت لڑکی آپ کے مطابق خود کو ڈھالنے کے لیے کچھ مہلت چاہتی ہے، یہ مہلت اسے ملنی چاہیے، ہوسکتا ہے وہ تھوڑا نروس ہو لہٰذا ابتدا میں آپ کو بات چیت کا زیادہ بوجھ خود اٹھانا پڑے گا لیکن ضروری نہیں ہے تمام حوت لڑکیاں ایک جیسی ہوں، یہ ایک بڑا ہی پراسرار سا برج ہے جس سے آپ کوئی بھی توقع رکھ سکتے ہیں، ممکن ہے رومانی معاملات میں وہ بہت بے باکی کا مظاہرہ کریں اور گفتگو میں پہل کرنے میں ذرا نہ گھبرائیں لیکن بہتر یہی ہے کہ مرد کو ہمیشہ پہل کرنی چاہیے، شائستگی کے ساتھ چھونا اسے ناگوار نہیں ہوگا، آپ کے ہاتھ کا خفیف سا دباؤ گرم جوشی کا اظہار کرتا ہے، وہ پگھل جائے گی لیکن جیسے جیسے وہ کھلنا شروع ہوگی پھر آپ کو خود کو سنبھالنے کی ضرورت ہوگی۔
برج حوت کا عنصر پانی ہے اور وہ پانی کی طرح پھیلتی چلے جائے گی، پھر آپ کو وہی کچھ کرنا ہوگا جو وہ چاہے گی اور آپ اس کے لیے مجبور ہوں گے کیوں کہ اس کی شخصیت کا سحر آپ کو اپنی گرفت میں لے چکا ہوگا، بلاشبہ وہ کسی ساحرہ سے کم نہیں ہے۔
حوت عورت محبت، شائستگی اور نرم رویے کی بھوکی ہے، وہ اشک شوئی چاہتی ہے کیوں کہ اس کے خیال میں یہ دنیا بڑی ظالم ہے اور وہ جب سے پیدا ہوئی ہے، اس دنیا کے ظلم و ستم برداشت کر رہی ہے، چناں چہ اسے ایسا کاندھا چاہیے جس سے سر ٹکا کر وہ آنسو بہاسکے، کوئی اس کی بات سننے اور سمجھنے والا ہو، اسے حقیقی محبت دے سکے، محبت کے معاملے میں اس کی بھوک کبھی ختم نہیں ہوتی، عام طور پر حوت عورت کو محبت مل بھی جائے تو وہ شادی کے بعد ختم ہوجاتی ہے کیوں کہ شادی ایک ذمہ دارانہ عمل کا نام ہے اور آپ حوت عورت سے زیادہ ذمے داری کی توقع نہ رکھیں یا یوں کہہ لیں کہ آپ جس قسم کی ذمے داری چاہتے ہیں اس کی توقع نہ رکھیں، وہ اپنے خوابوں کی شہزادی ہے، روحانی طور پر نہایت افضل و اعلیٰ مقام پر فائز ہے، اس سے ایسی دنیا داری کی توقع نہ رکھیں جس کی وہ اہل نہیں ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ حوت بیوی گھریلو زندگی کے لیے نہایت موزوں ہوتی ہے کیوں کہ یہ دوسری بیویوں کی طرح تیز و طرار نہیں ہوتی، اس کی روحانی خوبیاں اور سادگی اس کا سرمایہ ہے، اپنی سادگی میں اس سے غلطیاں ہوسکتی ہیں، وہ کسی قسم کی چالاکی یا مکاری دکھانے سے قاصر ہے، چناں چہ اسے اپنی ان خصوصیات کا الاؤنس ملنا چاہیے، اس کا جذباتی اور احساساتی ردعمل بہت عمدہ ہوتا ہے، اس لیے اس کی رفاقت بہت سکون بخش ہوتی ہے، وہ ایک شاندار ازدواجی شریک حیات ہے، بڑی باصلاحیت اور دوسروں کا خیال رکھنے والی ہے،اپنے گھر کو پرسکون اور شاندار بناتی ہے لیکن جیسے ہی اس کے احساسات کو ٹھیس پہنچتی ہے، وہ بھڑک اٹھتی ہے اور پھر وہ کچھ بھی کرسکتی ہے،بعض اوقات اس کی منفی صفات ابھر آتی ہیں اور وہ آپ کے لیے عذاب بن سکتی ہے،خاندانی جھگڑوں سے اسے دور رکھیں،دیگر خواتین کے ساتھ ضروری نہیں ہے کہ وہ خود کو ایڈجسٹ کرسکے، اپنی حد سے بڑھی ہوئی حساسیت کے سبب اسے صحت سے متعلق مسائل ہوسکتے ہیں جنہیں مثبت انداز میں سنبھالنے کی ضرورت ہوتی ہے، ایسی صورت میں ایسے شوہر کی بھرپور توجہ درکار ہے،بہ صورت دیگر وہ یہ محسوس کرے گی کہ شوہر اس سے بے پروائی کا مظاہرہ کر رہا ہے، اس کا پوری طرح خیال نہیں رکھ رہا، جیسا کہ شادی سے پہلے رکھتا تھا، اسے حوصلہ افزائی اور دل جوئی کی ضرورت ہوتی ہے،وہ حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ازدواجی زندگی یا محبت کے حوالے سے اس کے خیالات بہت بلند و پاکیزہ اور بہت خوب صورت ہوتے ہیں، اکثر مرد انھیں پوری طرح سمجھنے کی صلاحیت سے محروم ہوتے ہیں جس کا نتیجہ ایک تلخ ازدواجی زندگی کی صورت میں نکلتا ہے اور پھر محبت ختم ہوجاتی ہے مگر یاد رہے کہ ایک حوت بیوی پھر بھی وفاداری کا مظاہرہ کرتی ہے اور اپنی فیملی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار رہتی ہے۔
ایک حوت ماں کی حیثیت سے ممکن ہے وہ اپنی ذمے داریاں پوری طرح سے ادا نہ کرسکے،بچوں کے مسائل کو سمجھنے میں اسے دشواری پیش آسکتی ہے، اس صورت میں شوہر کو اس کی مدد کرنی چاہیے۔
حوت اور حوت کا ساتھ اگرچہ یکساں خصوصیات کی وجہ سے نہایت جذباتی اور شاعرانہ نوعیت کا ہوتا ہے کیوں کہ دونوں ہی ایک خیالی دنیا میں رہتے ہیں اور ٹھوس مادی مسائل کو بھی اپنے احساسات کے ذریعے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں، اصل زمینی حقائق کیا ہیں، دونوں اس معاملے میں بے خبر رہتے ہیں، حوت مرد اور حوت عورت کا ساتھ ایسا ہی ہے جیسے ایک اندھا دوسرے اندھے کی رہنمائی کر رہا ہو، درحقیقت دونوں ہی کو درست راستے کا علم نہیں ہوتا۔
ہومیو پیتھک میڈیسن نیٹرم کارب اور بائیو کیمک سالٹ میگنیشیا فاس حوت عورت کے لیے مددگار ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں