کراچی کی سیاست کے نئے رنگ اور جناب الطاف حسین کے زائچے پر ایک نظر
پاکستان کی سالگرہ کا مہینہ اگست حسب روایت نئی ہنگامہ خیزیوں کے ساتھ شروع ہوا، میدان سیاست میں خاصی گرم بازاری دیکھنے میں آئی، البتہ عوام نے جشن آزادی نہایت جوش و خروش کے ساتھ بنایا، اہل سیاست اپنے اپنے نئے پینترے بدل رہے ہیں، پورے ملک کو اور خاص طور پر کراچی کو ایک زبردست جھٹکا جناب الطاف حسین کی ایک متنازع تقریر سے لگا اور نتیجے کے طور پر نائن زیرو کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ کے بہت سے دفاتر بند کردیے گئے،جناب فاروق ستار نے دوسرے روز اپنی پریس کانفرنس میں متنازع تقریب سے لاتعلقی کا اعلان کیا اور فرمایا کہ اب ایم کیو ایم کو مقامی رابطہ کمیٹی آزادانہ طور پر آپریٹ کرے گی لیکن فوراً ہی جوابی کارروائی لندن سیکریٹریٹ سے کی گئی اور بتایا گیا کہ مقامی رابطہ کمیٹی حسب سابق آئندہ بھی اپنے فیصلوں میں آزاد نہیں ہوگی، وغیرہ وغیرہ۔
کراچی اور پورے پاکستان کے لیے اگست کے مہینے میں یہ صورت حال خاصی دھماکہ خیز رہی، ہم بہت پہلے ایم کیو ایم کے اندرونی خلفشار اور تقریباً 2017 ءتک جاری رہنے والی انقلابی تبدیلیوں کی نشان دہی کرچکے ہیں،ایم کیو ایم ایک انقلابی عمل سے گزر رہی ہے اور اُس کی وجہ یہ ہے کہ ایم کیو ایم کے زائچے میں تیسرے گھر کا حاکم سیارہ زحل بارھویں گھر میں حرکت کر رہا ہے، 2017 ءمیں زحل برج تبدیل کرے گا، اُس وقت تک موجودہ اکھاڑ پچھاڑ جاری رہے گی،اب خود ایم کیو ایم کے سنجیدہ افراد یہ اعتراف کرنے لگے ہیں کہ پارٹی سے ناپسندیدہ عناصر کا انخلا ضروری ہوگیا ہے،وقت کے تقاضے تبدیل ہورہے ہیں،موجودہ دور میں جب کہ الیکٹرونکس میڈیا کے ساتھ سوشل میڈیا زیادہ فعال اور طاقت ور ہوچکا ہے،سیاست کے پرانے رنگ ڈھنگ بدلنے کی ضرورت ہے،صرف ایم کیو ایم ہی نہیں ، ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی پرانے فرسودہ طور طریقوں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے،الیکٹرونکس یا پرنٹ میڈیا بے شک چند ہاتھوں میں ہونے کی وجہ سے کسی حد تک کنٹرول ہوسکتا ہے لیکن سوشل میڈیا مادر پدر آزاد ہے، اسے لگام دینے کے لیے ہمارے اہل سیاست سائبر کرام بل لے آئے ہیں لیکن وہ یہ بھول گئے ہیں کہ عوام ایسے قوانین کو خاطر میں نہیں لاتے۔
اپنی پریس کانفرنس میں جناب فاروق ستار نے بتایا کہ جناب الطاف حسین کے ساتھ صحت کے مسائل نہایت سنجیدہ نوعیت کے ہیں جن کی وجہ سے انہیں اپنے اعصاب اور جذبات پر قابو نہیں رہتا، انہوں نے مشورہ دیا کہ سب سے پہلے ان مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔
الطاف بھائی کا شمسی اور پیدائشی برج سنبلہ ہے جب کہ قمری برج قوس ہے، وہ چاند کی منزل مُولا میں پیدا ہوئے ہیں، بہت پہلے جب ہم نے ان کا زائچہ بنایا تھا تو اسے شائع کرنے کا ارادہ تھا لیکن بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر یہ ارادہ ملتوی کرنا پڑا لیکن برسبیل تذکرہ ہم ان کی صحت کے حوالے سے نشان دہی کرتے رہے ہیں، تقریباً نومبر 2015 ءسے ان کے زائچے میں راہو کے دور اکبر میں سیارہ مریخ کا دور اصغر جاری ہے،مریخ ، زحل اور شمس ان کے لیے نہایت سخت اثر دینے والے منحوس سیارے ہیں، اس کے علاوہ راہو کیتو بھی منحوس اثر رکھتے ہیں، مریخ کا دور اصغر تقریباً نومبر 2016 ءتک جاری رہے گا، اس کے دور میں صحت کے مسائل ، ذہنی ٹینشن، لاشعوری خوف وغیرہ کی نشان دہی ہوتی ہے،مریخ زائچے کا سب سے منحوس سیارہ اور بارھویں گھر میں ہے،ٹرانزٹ پوزیشن میں مریخ اور زحل تیسرے گھر میں ہےں جو ذہن ، کوشش اور اقدام سے متعلق ہے، 24 اگست کو دونوں قران کر رہے ہیں،راہو کیتو کی اسٹینشری پوزیشن شروع اگست سے اکتوبر تک زائچے کے حساس مقامات کو متاثر کر رہی ہے،یہ تمام عوامل شدیدنوعیت کے مسائل اور ذہنی دباو ¿ کی نشان دہی کر رہے ہیں، اگر وہ پابندی کے ساتھ ہفتہ، اتوار اور منگل کو صدقات دیں تو بہت بہتر ہوگا۔
ہم نے سنا ہے کہ وہ قیمتی پتھروں کے شوقین ہیں، شاید فیروزہ بھی پہنتے ہیں، بے شک یہ ان کے لیے مفید پتھر ہے لیکن موجودہ صورت حال میں عمدہ قسم کا زمرد اور سچا موتی استعمال کرنا چاہیے، یہ انہیں اعصابی اور دماغی طور پر تقویت پہنچائے گا، بہتر یہ ہوگا کہ اسے کسی مناسب موقع پر پہنا جائے۔
کراچی اور سندھ کی بدلتی صورت حال کے بعد آئیے آنے والے ستم گر مہینے ستمبر کی مجموعی فلکیاتی صورت حال پر حسب روایت ایک نظر ڈال لی جائے۔
ستمبر کے ستارے
اقتدار کا ستارہ شمس برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے،22 ستمبر کو اپنے ہبوط کے برج میزان میں داخل ہوگا، خبر اور سفر کا سیارہ عطارد اپنے ذاتی برج سنبلہ میں بحالتِ رجعت حرکت کر رہا ہے،22 ستمبر کو سیدھی چال پر آئے گا، توازن اور ہم آہنگی کا سیارہ زہرہ اپنے ذاتی برج میزان میں ہے،23 ستمبر کو برج عقرب میں داخل ہوگا، قوت و توانائی کا سیارہ مریخ برج قوس میں ہے اور 27 ستمبر کو اپنے شرف کے برج جدی میں داخل ہوگا، سیارہ مشتری گزشتہ سال سے برج سنبلہ میں حرکت کررہا ہے، اس سال 9 ستمبر کو برج میزان میں داخل ہوگا، یہاں اسے اوج کی قوت حاصل ہوتی ہے،آئندہ سال تک مشتری اسی برج میں حرکت کرے گا، محنت اور جدوجہد کا سیارہ زحل برج قوس میں حرکت کر رہا ہے،ایجادات اور غیر متوقع صورت حال کا سیارہ یورینس برج حمل میں جب کہ پراسرار نیپچون بحالت رجعت برج حوت میں ، کایا پلٹ کا ستارہ پلوٹو برج جدی میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے،26 ستمبر کو اپنی سیدھی چال پر آئے گا، راس و ذنب بالترتیب سنبلہ اور حوت میں حرکت کر رہے ہیں،تقریباً اگست سے دونوں اسٹیشنری پوزیشن میں ہیں یعنی ایک ہی درجے پر موجود ہیں،یہ صورت حال اکتوبر تک جاری رہے گی، ایسی پوزیشن غیر معمولی اثرات کی حامل ہوتی ہے اور وہ لوگ یا ممالک اس صورت حال سے متاثر ہوتے ہیں جو اس کی زد میں آتے ہیں یعنی اُن کے طالع کے درجات یا کسی سیارے کے درجات وہی ہوں جو راس و ذنب کے اسٹیشنری پوزیشن میں ہیں۔
نظرات و اثراتِ سیارگان
ستمبر میں اہم سیارگان کے درمیان تربیع کے پانچ زاویے قائم ہوں گے، 2 مقابلے، 3 قرانات، تسدیس کے 2 اور تثلیث کے 3 زاویے ہوں گے،یہ صورت حال مجموعی طور پر مثبت نہیں ہے،تربیع اور مقابلے کے زاویے منحوس اثر رکھتے ہیں اور اس مہینے میں ان کی کثرت ہے،اسی طرح قرانات کا اثر مختلف زائچوں میں مختلف ہوسکتا ہے یعنی کہیں سعد تو کہیں نحس، البتہ تثلیث اور تسدیس کے زاویے ہمیشہ سعد اثر رکھتے ہیں جو اس ماہ بہت کم ہیں لہٰذا مجموعی طور پر ستمبر کو ایک منفی اثر رکھنے والا مہینہ کہنا پڑے گا، ترتیب وار تمام زاویوں کی تفصیل درج ذیل ہے۔
ایک ستمبر: شمس اور زحل کے درمیان تربیع کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے، خاص طور پر صاحبان اقتدار کے لیے یہ مشکل وقت ہوتا ہے، اس زاویے کے زیر اثر گورنمنٹ سے متعلق کاموں میں رکاوٹ یا التوا وغیرہ کا سامنا ہوتا ہے،پراپرٹی سے متعلق کام بھی متاثر ہوتے ہیں۔
اسی تاریخ کو شمس اور نیپچون کے درمیان مقابلے کی نظر بھی نحس اثرات کی حامل ہے،یہ بھی صاحب اقتدار اور باحیثیت افراد کے لیے کسی پریشانی یا بڑے نقصان کا اشارہ ہوتا ہے،گورنمنٹ سے متعلق معاملات میں الجھاو ¿ اور پیچیدگیاں جنم لیتی ہیں۔
دو ستمبر ہی کو ایک سعد نظر عطارد اور مشتری کے درمیان قران کی ہوگی جو سفر اور حصول معلومات یا تعلیمی سرگرمیوں کے لیے موافق و مددگار ثابت ہوگی لیکن خیال رکھنے کی ضرورت ہوگی کہ عطارد حالت رجعت میں ہے لہٰذا کنفیوژن اور گھماو ¿ پھراو ¿ کا شکار نہ ہوں، دوسروں کے مشوروں پر بھی آنکھیں بند کرکے عمل نہ کریں۔
سات ستمبر: شمس اور پلوٹو کے درمیان تثلیث کی سعد نظر بین الاقوامی یا ملکی معاملات میں اہمیت رکھتی ہے،عام آدمی کی زندگی پر اس کا کوئی فوری اثر دیکھنے میں نہیں آتا، ملکی اور بین الاقوامی معاملات میں یہ نظر کسی پاور پلے کا رجحان لاتی ہے۔
اسی تاریخ کو عطارد اور زحل کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ ہوگا، یہ سعد نظر ہے ، سفر سے فائدہ ، ٹرانسپورٹ یا پراپرٹی سے متعلق معاملات کو بہتر طور پر طے کرنے یا آگے بڑھانے میں مددگار ہوگی، اس وقت نئے معاہدات اور دیگر تحریری امور انجام دیے جاسکتے ہیں۔
دس ستمبر: زحل اور نیپچون میں تربیع کی نظر نہایت منحوس اثر رکھتی ہے،خاص طور پر عام محنت کش افراد اس سے متاثر ہوتے ہیں، وہ بالادست لوگوں کے ظلم و زیادتی کا نشانہ بنتے ہیں،یہ وقت حادثات ارضی و سماوی کی نشان دہی بھی کرتا ہے۔
گیارہ ستمبر: زہرہ اور پلوٹو کے درمیان تربیع کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے، منفی رجحانات اور شدت پسندانہ سرگرمیاں نمایاں ہوتی ہیں، خصوصاً خواتین سے متعلق جرائم میں اضافہ ہوتا ہے، معاشرے میں بے راہ روی کے رجحانات جنم لیتے ہیں۔
بارہ ستمبر: عطارد اور مریخ کے درمیان اسکوائر کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے،یہ وقت ٹرانسپورٹ سے متعلق حادثات اور بچوں سے متعلق ناخوش گوار واقعات لاتا ہے،ٹیکنیکل نوعیت کے کاموں میں الجھن اور پریشانی بڑھتی ہے، اس دوران میں مشینری سے متعلق خریدوفروخت نامناسب رہے گی۔
تیرہ ستمبر: عطارد اور شمس کا قران بعض لوگوں کے لیے نحس اثر رکھتا ہے جب کہ بعض کے لیے سعد، مجموعی طور پر یہ کاموں میں خرابی اور رکاوٹ لاتا ہے،بے وقوفی اور غیر دانش مندانہ فیصلے سامنے آتے ہیں، یہ وقت تحریری کاموں، دستاویزات کی تیاری، سفر یا کسی مذاکراتی عمل کے لیے ناموافق ہوتا ہے۔
چودہ ستمبر: شمس اور مریخ کے درمیان تربیع کی نظر نہایت سخت اور نحس اثر رکھتی ہے،حکومت کی جانب سے طاقت کا استعمال یا کالے قوانین کا نفاذ دیکھنے میں آتا ہے،ملکوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوتی ہے،فوج ، پولیس اور دیگر بااختیار ادارے عوامی حقوق اور خواہشات کے خلاف کام کرتے ہیں، عام افراد میں یہ نظر آمرانہ اور جارحیت پسندانہ رویے کو جنم دیتی ہے، لوگوں میں انا کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
سترہ ستمبر: مریخ اور یورینس کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ نئی ایجادات اور نئے آئیڈیاز کا باعث بنتا ہے،چونکا دینے والی خبریں سامنے آتی ہیں،ٹیکنیکل معاملات اور الیکٹرونکس سے متعلق معاملات غیر معمولی ترقی کرتے ہیں،سائنس کے میدانوں میں نئی کامیابیاں حاصل ہوتی ہیں، عام آدمی کی زندگی میں بھی نئے مواقع اور نئی پیش رفت کا امکان ہوتا ہے،یہ الگ بات ہے کہ بعض لوگ ایسے وقت سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور بعض اپنی فطری کمزوریوں کی وجہ سے ان مواقعوں کو ضائع بھی کردیتے ہیں۔
اٹھارہ ستمبر: زہرہ اور یورینس کے درمیان مقابلے کی نظر نحس اثر رکھتی ہے،خصوصاً خواتین کے لیے، انہیں محتاط رہنا چاہیے، کسی تبدیلی یا متنازع بحث مباحثے سے گریز کرنا چاہیے،ایسی صورت حال سے بچنا چاہیے جو نہایت جذباتی قسم کی ہو، رومانی معاملات یا ازدواجی زندگی سے متعلق امور میں اچانک کوئی نیا منفی موڑ سامنے آسکتا ہے جو سب کچھ تباہ کرسکتا ہے، مرد حضرات اس وقت میں خواتین کے حوالے سے کوئی غلط فیصلہ کرسکتے ہیں۔
انیس ستمبر: زہرہ اور مریخ کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ مبارک ہے جو فوری طور پر زہرہ اور یورینس کے نحس زاویے کی کاٹ کرنے میں مددگار ہوگا، زہرہ کو عورت اور مریخ کو مرد قرار دیا گیا ہے، چناں چہ یہ سعد زاویہ دونوں کے درمیان باہمی کشش اور رغبت پیدا کرتا ہے،اس وقت میں رومانی دلچسپیاں یا شادی وغیرہ سے متعلق معاملات طے کرنے میں آسانی ہوتی ہے،عموماً عورت و مرد کے درمیان جذب و کشش کے عملیات اس وقت میں کیے جاتے ہیں۔
اکیس ستمبر: عطارد و پلوٹو کے درمیان تثلیث کی نظر سعد اثر رکھتی ہے،یہ وقت بھرپور ذہنی قوتوں سے کام لینے کے لیے بہتر ہے،کسی سفر کی منصوبہ بندی یا حسب ضرورت معلومات کا حصول بہتر ہوتا ہے، 21 ستمبر کے بعد 23 ستمبر کو بھی یہ زاویہ بنے گا، اگر اپنے حالات یا معاملات میں کوئی تبدیلی لانے کا ارادہ ہو تو اس وقت کا انتخاب بہتر رہے گا، کوئی نئی منصوبہ بندی کی جاسکتی ہے۔
چھبیس ستمبر: شمس اور مشتری کا قران سعد اثر رکھتا ہے،گورنمنٹ سے متعلق معاملات بہتر ہوتے ہیں،عام افراد کے لیے مالی امور پر توجہ دینا ، آئندہ کا بجٹ یا حسابات چیک کرنا بہتر رہتا ہے لیکن کوئی نئی انویسٹمنٹ کرنا مناسب نہیں ہوگا، سرکاری حکام اور افسران بالا سے بات چیت یا معاملات طے کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
قمر در عقرب
ستمبر میں قمر برج عقرب میں پیر کی پانچ تاریخ کو پاکستان ٹائم کے مطابق5:38 pm پر داخل ہوگا اور جمعرات آٹھ ستمبر صبح 06:20 am تک رہے گا، اس دوران میں اپنے درجہ ءہبوط پر پانچ ستمبر کو رات 09:43 pm سے 11:43 pm تک رہے گا، جب کہ ٹورنٹو اور نیویارک ٹائم کے مطابق درجہ ءہبوط پر 11:43 am سے 01:43 pm تک ہوگا، جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ یہ انتہائی منحوس وقت شمار کیا جاتا ہے، اس وقت کوئی نیا کام شروع نہیں کرنا چاہیے،البتہ علاج معالجے ، بیماریوں سے نجات، دشمنوں اور مخالفین سے نجات کے لیے کوشش کرنا بہتر ہوتا ہے،اس وقت روک تھام اور بندش کے عملیات کیے جاتے ہیں، چاند اور سورج گہن میں جو اعمال و وظائف کیے جاتے ہیں وہ اس وقت بھی کرسکتے ہیں۔
شرف قمر
شرف قمر کا سعد وقت اس ماہ انیس ستمبر کو ہوگا، پاکستان ٹائم کے مطابق دوپہر 01:14 pm سے 02:50 pm تک قمر درجہءشرف پر رہے گا جب کہ ٹورنٹو اور نیویارک ٹائم کے مطابق انیس ستمبر کو 03:14 am سے 04:50am تک قمر کو شرف ہوگا، یہ مبارک اور سعد وقت ہے اس وقت نیک اعمال خصوصاً شفائے امراض، روزگار، ترقی اور جائز خواہشات کے حصول کے لیے عمل و وظائف کرنا چاہیے، اس وقت اسمائے الٰہی یارحمنُ یا رحیم 256 مرتبہ اول آخر درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے مقصد کے لیے دعا کریں، انشاءاللہ کامیابی ہوگی، اس وقت بسم اللہ الرحمن الرحیم 786 بار پڑھ کر چینی پر دم کرنے والا عمل بھی ہم کئی بار لکھ چکے ہیں، مزید میاں بیوی کے درمیان یا دو افراد کے درمیان اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کے لیے بھی یہ عمل کیا جاسکتا ہے اور اس کا طریقہ یہی ہوگا کہ بسم اللہ 786 بار پڑھ کر کسی میٹھی چیز مٹھائی وغیرہ پر دم کریں اور دونوں فریقین کو آدھی آدھی کھلادیں، بعد میں کامیابی نہ ہو تو تو دوسرے شرف قمر میں دوبارہ یہی عمل دہرائیں اور کم از کم 3 ماہ تک اس عمل کو دہراتے رہیں تو انشاءاللہ دونوں کے درمیان اتفاق و یگانگت پیدا ہوگی، عام طور پر میاں بیوی کے علاوہ لوگ شکایت کرتے ہیں کہ ان کے بچوں کے درمیان نا اتفاقی یا لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا ہے،یہ عمل ایسی صورت حال میں بہترین نتائج دے گا، انشاءاللہ۔
اوج مشتری
سیارہ مشتری کو برج سرطان میں شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے اور یہ وقت 2013 ءمیں آیا تھا، بے شمار افراد نے اس وقت لوح مشتری یا خاتم مشتری وغیرہ تیار کی ہوگی کیوں کہ مشتری کو ترقی ، وسعت اور خوش حالی کا سیارہ کہا جاتا ہے،لوح مشتری دولت کے حصول کے لیے تیار کی جاتی ہے، اس سال سیارہ مشتری نو ستمبر کو اپنے برج اوج میزان میں داخل ہورہا ہے،میزان کے تین درجے پر اسے اوج کی قوت حاصل ہوتی ہے،ستمبر میں سیارہ مشتری 14 ستمبر صبح 08:19:31 am سے درجہ ءاوج پر ہوگا اور انیسستمبر رات 12:08:52 am تک اسی درجے پر رہے گا۔
ٹورنٹو اور نیویارک ٹائم کے مطابق اوج مشتری کا آغاز تیرہ ستمبر 10:19:31 pm سے ہوگا اور اختتام انیس ستمبر 02:08:52 pm پر ہوگا۔تقریباً 6 روز تک مشتری درجہ ءاوج پر رہے گا، اس دوران میں مشتری کی ساعات میں لوح مشتری یا خاتم مشتری وغیرہ تیار کی جاسکتی ہیں،ا س سلسلے میں حسب سابق ”لوح مشتری نورانی“ اور خاتم مشتری کی تیاری کا طریقہ انشاءاللہ آئندہ ہفتے دیا جائے گا، مزید معلومات کے لیے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں