پیر، 8 اگست، 2016

تاریخ ساز امریکی انتخابات، کامیابی و ناکامی کے امکانات

ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن کی شخصیت اور کردار زائچہ ءپیدائش کی روشنی میں
امریکا کے صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کی باہمی رسا کشی اپنے اختتام کو پہنچی اور بالآخر 2 امیدوار اب میدان میں آمنے سامنے ہیں، ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کے طور پر محترمہ ہیلری کلنٹن کا نصیب جاگ اُٹھا ہے، اس سے پہلے بھی وہ صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی حاصل کرنے کی کوشش کرچکی ہیں لیکن ان کے مقابلے میں بارک اوباما کامیاب رہے تھے اور وہ صدر اوباما کے پہلے دور میں وزارت خارجہ کا قلم دان حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ ہیلری کلنٹن ایک غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل خاتون ہیں اور ساتھ ہی خوش قسمت بھی ہیں، چناں چہ زندگی میں بہت سے اعزازات اب تک حاصل کرچکی ہیں اور اب امریکا کے سب سے بڑے اعزاز کی جانب پیش قدمی کر رہی ہےں، امریکا کی تاریخ میں اب تک کوئی خاتون یہ اعزاز حاصل نہیں کرسکی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخاب کے میدان میں قدم رکھتے ہی ایک متنازع شخصیت کے طور پر سامنے آئے ہیں، وقتاً فوقتاً وہ ایسے بیانات دیتے رہے ہیں جو کسی نہ کسی تنازع کا باعث بنے ہیں،اب جب کہ وہ باقاعدہ طور پر ایک ری پبلکن صدارتی امیدوار بن چکے ہیں، انہوں نے پھر ایک ایسا بیان دے دیا جس پر تمام امریکا میں چہ مہ گوئیاں ہورہی ہیں،کہا جاتا ہے کہ وہ ماضی میں بھی اپنی بعض غیر اخلاقی یا جنونی حرکتوں کے لیے مشہور رہے ہیں۔
امریکی انتخابات سے امریکیوں کی دلچسپی تو ایک فطری بات ہے لیکن پاکستانیوں کی دلچسپی بھی کسی طرح کم نہیں ہے، پاکستانی بڑی تعداد میں امریکا میں بھی مقیم ہیں اور پاکستان میں رہنے والے بھی ہمہ وقت کسی نہ کسی وجہ سے امریکا کی طرف دیکھنے پر مجبور ہیں ، چناں چہ اپنے قارئین کی دلچسپی کے لیے ہم یہاں دونوں صدارتی امیدواروں کی شخصیت و کردار اور آئندہ کامیابی یا ناکامی کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔
ہیلری کلنٹن
امریکا کی سابق خاتون اول اور وزیر خارجہ محترمہ ہیلری کلنٹن 26 اکتوبر 1947 کو شکاگو میں صبح 08:45 am پر پیدا ہوئیں، ایک مشہور شخصیت ہونے کی بناءپر دنیا بھر میں مختلف منجم ان کا زائچہ ءپیدائش بناچکے ہیں، ویسٹرن سسٹم کے مطابق بھی اور ویدک سسٹم کے مطابق بھی۔
محترمہ کا برتھ سائن ویدک سسٹم کے تحت عقرب 7 درجہ 26 دقیقہ ہے، سیارہ مشتری 7 درجہ 23 دقیقہ برج عقرب میں موجود ہے اور نہایت طاقت ور پوزیشن میں طالع کے درجات سے قران کر رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی پانچویں (شعور، خوشیاں، اولاد، محبت)، ساتویں (تعلقات، شریک حیات) اور نویں (قسمت، آئین و قانون، مذہب، بیرون ملک تعلقات) پر بھی نہایت سعد اثر ڈال رہا ہے،مشتری زائچے کے دوسرے گھر کی مول ترکون کا حاکم ہے جس کا تعلق اسٹیٹس اور فیملی سے ہے،اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ پورا زائچہ مشتری کی غیر معمولی سعادت کے سبب رنگین و پرلطف ہوگیا ہے کیوں کہ اس کے علاوہ باقی دیگر سیارگان اتنے اہم نہیں ہیں۔
 سیارہ زحل نویں گھر میں اچھی جگہ ہے مگر کمزور ہے،سیارہ قمر برج حوت میں کمزور ہے، حالاں کہ یہ نویں گھر کا حاکم ہے،سیارہ مریخ بھی نویں گھر میں اپنے برج ہبوط میں ہے،دسویں گھر کا حاکم شمس بارھویں گھر میں اپنے برج ہبوط میں ہے لیکن نواں گھر مشتری کی طاقت ور نظر سے تقویت پارہا ہے،بارھویں گھر کا حاکم زہرہ اپنے ہی گھر میں مضبوط پوزیشن رکھتا ہے،اس پر چھٹے گھر کے حاکم سیارہ مریخ کی نظر ہے جو ازدواجی زندگی کی خوشیوں میں کمی اور فتنہ و فساد کی نشان دہی ہے، گیارھویں گھر کا حاکم عطارد بھی بارھویں گھر میں ہے،راہو ساتویں ، کیتو پہلے گھر میں ہے اور کمزور قمر پر نظر ڈال رہا ہے،اس تمام صورت حال میں صرف مشتری ہی ایسا سیارہ ہے جو زائچے کے نہایت اہم اور فائدہ بخش گھروں کو مکمل سپورٹ دے رہا ہے،اگر یہ صورت نہ ہوتی تو ہیلری کلنٹن ایک عام سی مصیبت کی ماری خاتون ہوتیں،مشتری عورت کے زائچے میں شوہر کا نمائندہ بھی ہے لہٰذا مشتری کی بھرپور پوزیشن سے ہیلری کو ایک شاندار کرئر رکھنے والا شوہر ملا جو امریکا کا دو بار صدر بنا اور ہیلری کو وہائٹ ہاو ¿س جیسی شاندار تاریخی عمارت میں 8 سال گزارنے کا موقع مل سکا، اپنی تمام خوبیوں کے باوجود ہیلری کے شوہر ایک دل پھینک عاشق کے طور پر مشہور ہوئے،اس کی وجہ چھٹے اور بارھویں گھروں کے حاکموں یعنی مریخ اور زہرہ کا باہمی تعلق ہے۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ ایک عقرب عورت کسی صورت بھی بے وفائی برداشت نہیں کرسکتی،برج عقرب ایک نہایت حساس اور گہری جذباتیت کا حامل سائن ہے،عقربی افراد محبت و نفرت میں خاصے شدید ہوتے ہیں،مزید یہ کہ قمری برج بھی حوت ہے اور زائچے میں کثرت کواکب واٹر سائن میں ہے،اس کا مطلب یہ ہے کہ ہیلری بنیادی طور پر نہایت شدت پسندانہ جذبات و نظریات کی حامل ہیں،ہمیں یقین نہیں ہے کہ انہوں نے مسٹر کلنٹن کی بے وفائیوں کو دل سے معاف کیا ہوگا۔
ایک عقرب عورت تن، من، دھن سے اپنے محبوب یا شوہر کی وفادار ہوتی ہے اور وقت پڑنے پر وہ شوہر کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کرتی لیکن اگر شوہر کی بے وفائی کا سامنا ہو تو پھر وہ اسے معاف نہیں کرتی اور اپنے لیے بھی دوسرے راستے کھولنے کے بارے میں سوچ سکتی ہے،ممکن ہے ہیلری کی سیاسی میدان میں سرگرمیاں (صدر کلنٹن کی ریٹائرمنٹ کے بعد) ایسی ہی کسی خلش کا نتیجہ ہوں 
سوز غم دے کے مجھے اُس نے یہ ارشاد کیا
جا تجھے کشمکشِ دہر سے آزاد کیا
قمر زائچے کے پانچویں گھر میں واٹر سائن برج میں ہے اور پیدائشی نچھتر (قمری منزل) پرو بھدرپد ہے، اس نچھتر پر بھی سیارہ مشتری حکمران ہے جو ایک دانش مندانہ شعور عطا کرتا ہے،اس نچھتر کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد کا بنیادی محرک مادّی ترقی ہے ، ان لوگوں میں مستقبل کے لیے ایک آئیڈیل یا وژن پر فوکس کرنے کی مضبوط خواہش موجود ہوتی ہے،یہ لوگ عالمی اہداف کے لیے کام کرنا پسند کرتے ہیں تاکہ انسانیت کا بول بالا ہو، بہت آزاد اور خود انحصار ہوتے ہیں، ایک گہری فلسفیانہ دانائی اور سوچ کی اوریجنلٹی کے حامل ہوتے ہیں،سماجی اصولوں، بندشوں سے دور بھاگنا پسند کرتے ہیں،یہ لوگ اپنے ہی طبلے کی تھاپ پر رقصاں رہتے ہیں اور اپنی ہی دھن میں مگن، اپنے ہی راستے پر گامزن، اپنی ہی منزل کی جانب سفر کرنا پسند کرتے ہیں اور اس خیال پر یقین رکھتے ہیں کہ ”شکست خوردہ راستے، شکست خوردہ لوگوں کے لیے ہوتے ہیں“۔
ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہیلری کلنٹن کی پرو بھدر میں پیدائش انہیں تھوڑا سا پیچیدہ بناتی ہے،ایسے لوگوں کو ”دو چہرہ“ بھی کہا جاتا ہے،وہ مسائل کو مختلف نکتہ نظر سے دیکھنے کے قائل ہوتے ہیں جس کی وجہ سے دوسروں کو دو چہرہ لگ سکتے ہیں۔
یہ لوگ آسانی سے ذہنی دباو ¿ کا شکار ہوسکتے ہیں لیکن ایمانداری اور خلوص ان کی اہم خصوصیات ہیں، آپ ان کا شمار ان لوگوں میں کرسکتے ہیں جو راست بازی اور اصولوں پر یقین رکھتے ہیں،خداداد قائدانہ صلاحیتوں کے مالک دوسروں سے کام لینے کے اہل ہوتے ہیں،اگرچہ یہ لوگ عالمی انسانیت کے علم بردار ہوتے ہیں لیکن اُس وقت تک کسی کی مدد کرنے کے لیے آگے نہیں بڑھتے، جب تک کہ قائل نہ ہوجائیں کہ دست سوال دراز کرنے والا واقعی مہربانی اور ہمدردی کا حق دار ہے۔
اس نچھتر کے زیر اثر پیدا ہونے والے دنیا کے دیگر مشہور افراد میں عظیم پیش گو ناسٹرا ڈیمس، مارٹن لوتھر کنگ جونیئر، سائنس داں مادام میری کیوری، ہیلن کیلر، پاپ سنگر مائیکل جیکسن، کھلاڑی و ادکار اوجے سمپسن وغیرہ شامل ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ
موجودہ صدارتی انتخاب کی متنازع شخصیت مسٹر ڈولنڈ ٹرمپ 14 جون 1946 ءکو جمیکا میں صبح 10:54 am پر اس جہان فانی میں تشریف لائے، ویدک سسٹم کے مطابق ان کا شمسی برج ثور ہے اور برتھ سائن اسد (Leo) ہے جب کہ قمری برج عقرب اور پیدائشی نچھتر جیشیٹھا ہے۔
برج اسد کو بادشاہوں کا برج کہا جاتا ہے،طالع کے درجات 6 درجہ 51 دقیقہ ہیں اور سیارہ مریخ برج اسد میں طالع کے درجات سے قران کر رہا ہے،مشتری دوسرے گھر میں برج سنبلہ میں ہے اور راہو کی نظر کا شکار ہے،چوتھے گھر میں کیتو اور قمر حالت قران میں ہےں،دسویں گھر میں راہو اور شمس حالت قران میں ہیں گویا راہو کیتو محور کے ساتھ زائچے کے دو اہم سیارگان قمر اور شمس بری طرح متاثرہ ہیں، دوسرے گھر کا حاکم سیارہ عطارد گیارھویں گھر میں طاقت ور پوزیشن رکھتا ہے،گویا اس زائچے کا سب سے زیادہ سعد و باقوت سیارہ عطارد ہے،زہرہ اور زحل بارھویں گھر میں ہےں۔
بے شک اسد افراد شاہانہ مزاج ، فیاض، بالغ نظر اور بہت سی دیگر اعلیٰ صفات کے حامل ہوتے ہیں،خاص طور پر انتظامی صلاحیتیں بھرپور ہوتی ہیں، یہ لوگ اپنے ذاتی بزنس میں بہت ترقی کرتے ہیں لیکن کسی بھی زائچے میں کسی بھی برج کی بنیادی خصوصیات میں منفی یا مثبت اثرات کا جائزہ لینے کے لیے اس برج کے حاکم کی پوزیشن دیکھی جاتی ہے،مزید یہ کہ اس برج پر دیگر سیارگان کے اثرات کس نوعیت کے ہیں، چناں چہ ہم دیکھتے ہیں کہ برج اسد کا حاکم سیارہ شمس کمزور ہے اور راہو کیتو محور میں پھنس کر برج اسد کی مثبت خصوصیات کو تباہ کر رہا ہے،راہو سے قران اور کیتو سے مقابلہ ، بالغ نظری کے بجائے کینہ پروری اور دیگر منفی کمزوریوں کی نشان دہی کر رہا ہےگویا وہ حصول مقاصد کے لیے جائز و ناجائز کی پروا کرنے والے نہیں ہیں، راہو کی مشتری پر بھی نظر ہے جو پانچویں شعور کے گھر کا حاکم ہے لہٰذا ہم کہہ سکتے ہیں کہ صاحب زائچہ کا شعور بھی منفی اثرات سے پاک نہیں ہے، البتہ راہو اور مشتری کی نظر ایسے بزنس میں بے پناہ کامیابی کا باعث ہوسکتی ہے جو اسلامی نظریات کے مطابق ناجائز قرار پاتے ہیں، مثلاً شراب کا کاروبار، جوئے سٹے کا بزنس وغیرہ جو بہر حال امریکا میں ناجائز کاروبار کے زمرے میں نہیں آتا۔
مریخ نویں گھر کا حاکم ہوکر طالع کے درجات سے قران کر رہا ہے،جس کے نتیجے میں مذہبی اور نظریاتی انتہا پسندی نمایاں ہوتی ہے،اس کی ایک وجہ قمر اور شمس کے ساتھ کیتو کے نظرات بھی ہیں۔
قمر برج عقرب میں ہبوط یافتہ اور راہو کیتو سے متاثرہ ہوکر فطری طور پر حسد ، جیلسی ، تنگ نظری اور دیگر اخلاقی برائیوں کو جنم دیتا ہے،چوں کہ برج عقرب ایک واٹر سائن ہے اور قمر یہاں ہبوط کا شکار ہوتا ہے،قمر کا تعلق دماغ سے ہے لہٰذا ایسے افراد راہو، کیتو کے اثرات کی وجہ سے اگر ذہنی اور نفسیاتی مریض بن جائیں تو حیرت نہیں ہونی چاہیے، اب تک اخبارات میں موصوف کے بارے میں جو جنونی نوعیت کے قصے سامنے آئے ہیں وہ قمر کی اس خرابی کی وجہ سے ہےں۔
سونے پر سہاگا یہ کہ قمر چاند کی منزل جیشٹھا میں ہے،یہ بڑا ہی جارحیت پسند اور جنونی نچھتر ہے جو انسان کو خواہشات کا غلام بناتا ہے، اگرچہ اس پر ذہانت کے سیارے عطارد کی حکمرانی ہے لیکن زائچے کی دیگر آراستگی کا رُخ منفی ہے لہٰذا غیر معمولی ذہانت کا رُخ بھی منفی ہوگا، مشہور امریکی ارب پتی ہاورڈ ہیوز کی پیدائش بھی اسی نچھتر میں ہوئی تھی جو ”خبطی ارب پتی“ کے نام سے مشہور ہوا، ان لوگوں میں منفی اثرات کی وجہ سے عجیب و غریب عادتیں یا رجحانات پیدا ہوتے ہیں جو ابتدائی زندگی میں ہی نمایاں ہونے لگتے ہیں، ان کا حلقہ ءاحباب محدود ہوسکتا ہے یا وہ تنہائی پسند اور دوسروں سے الگ تھلگ رہنے لگتے ہیں،ایک گُھنی یا منافقانہ فطرت کا مشاہدہ اس نچھتر کی خصوصیات میں کیا جاسکتا ہے،ایک عجیب تضاد یہ بھی ہوسکتا ہے کہ سختی سے مذہب کی پیروی کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی مادّی آسائشوں کے متوالے بھی ہوتے ہیں،اس نچھتر کا بنیادی محرک مادّی ترقی اور فطرت راکھشس ہے، یہ لوگ خود خیالی اور خود توقیری کے مابین ایک باطنی جنگ میں مصروف رہتے ہیں،ایسٹرولوجی ایسے لوگوں کو گھمنڈ ، تکبر اور انانیت کی روک تھام کرنے کا مشورہ دیتی ہے،یہ لوگ چڑچڑے، بدمزاج اور جھگڑالو فطرت کے ہوسکتے ہیں،بے شک یہ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے سبب اعلیٰ مقام تک رسائی حاصل کرلیتے ہیں۔
اس نچھتر کے زیر اثر پیدا ہونے والی دیگر مشہور شخصیات میں عیسائی فرقے کا بانی مارٹن لوتھر، ماہر فلکیات کوپر نیکس، اطالوی فلسفی نطشے، جرمن موسیقار موزارٹ، عظیم مصور ونسٹ وین گوگ، خبطی ارب پتی ہاورڈ ہیوز، بدنام زمانہ لارنس آف عربیہ،جرائم پیشہ الپسینو، بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واج پائی،پاکستانی سیاست داں اور دانش ور رسول بخش پلیچو وغیرہ شامل ہیں۔ 
شکست و فتح
حسب دستور امریکا میں الیکشن کا آخری معرکہ 4 نومبر کو ہوگا، مسٹر ڈونلڈ کے زائچے میں راہو کا دور اکبر جاری ہے،راہو سیاست کا ستارہ ہے،شاید اسی وجہ سے وہ میدان سیاست میں ایک طویل عرصے سے سرگرم ہےں، سب پیریڈ سیارہ مریخ کا جاری ہے جو نویں گھر کا حاکم اور قسمت کا ستارہ ہے،بے شک زائچے میں اچھی جگہ واقع ہے لیکن کمزور ہے، اچھی جگہ واقع ہونے کی وجہ سے وہ مسٹر ڈونلڈ کو الیکشن کے فائنل مرحلے تک لے آیا ہے،مریخ کا سب پیریڈ 29 اکتوبر 2015 ءسے شروع ہوا تھا اور 16 نومبر 2016 ءتک جاری رہے گا، اس کے بعد زائچے میں مشتری کا مین پیریڈ اور سب پیریڈ شروع ہوجائے گا، ٹرانزٹ کرتے ہوئے سیارے عین وقت پر کرشمہ سازی دکھاتے ہیں، قسمت کا ستارہ مریخ جو سب پیریڈ کا بھی حاکم ہے،4 نومبر کو زائچے کے چھٹے گھر میں ہوگا لہٰذا خوش قسمتی مسٹر ڈونلڈ سے دور ہوگی، زائچے کا سب سے منحوس سیارہ قمر پانچویں اور گیارھویں کو ناظر ہوگا، اس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں وہ خوشیاں نہیں مل سکیں گی جن کی وہ توقع کر رہے ہیں یا وہ اپنا مطلوبہ ہدف حاصل نہیں کرسکیں گے۔
دوسری طرف ہیلری کلنٹن کی پوزیشن زیادہ مضبوط نظر آتی ہے،ان کے زائچے میں دسویں گھر کے حاکم سیارہ شمس کا مین پیریڈ چل رہا ہے اور سب پیریڈ سیارہ مشتری کا 26 ستمبر 2016 ءسے شروع ہوگا، مشتری ان کے زائچے کا گولڈن اسٹار ہے اور زائچے میں طاقت ور پوزیشن رکھتا ہے، جیسا کہ پہلے بیان کیا گیا ہے کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں ، زائچے میں مشتری کی اچھی پوزیشن کے باعث ہیں،4 نومبر کی صبح تقریباً 8 بج کر کچھ منٹ پر طالع برج عقرب طلوع ہوگا، یہ اُن کا ذاتی برج ہے،قمر جو اُن کی قسمت کا ستارہ ہے، زائچے کے دوسرے گھر میں ہوگا اور گھر کے درجات سے ناظر ہوگا، دوسرا گھر اسٹیٹس کا ہے،گویا وہ اپنی زندگی کا ایک نیا اسٹیٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہیں اور امریکا کی تاریخ بدل سکتی ہیں جس میں آج تک کوئی خاتون ملک کی صدر نہیں بنی ۔
عزیزان من! دونوں صدارتی امیدواروں کے زائچوں کا تجزیاتی جائزہ آپ کے سامنے پیش کردیا گیا ہے اور وضاحت کے ساتھ ٹیکنیکل معاملات کی بھی نشان دہی کردی گئی ہے جو بہر حال ہیلری کلنٹن کی کامیابی کا امکان ظاہر کر رہے ہیں،دونوں افراد کے زائچوں کی روشنی میں اُن کی شخصیت اور کردار پر بھی بات کی گئی ہے،اس اعتبار سے ہیلری کا صدارتی الیکشن جیتنا صرف امریکا کے لیے ہی نہیں ، باقی دنیا کے لیے بھی ایک نیک شگون ہوگا(واللہ اعلم بالصواب)۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں