ہفتہ، 20 اگست، 2016

سال کے آخری چاند اور سورج گہن اور متعلقہ اعمال و وظائف

حروف صوامت ، اسمائے الٰہی القابض اور سورئہ اخلاص کی زکات کا آسان طریقہ 
سورج یا چاند گرہن کا وقت مخصوص اثرات کا حامل ہوتا ہے، عموماً اس وقت میں حساسیت اور روحانیت اپنا گہرا اثر چھوڑتی ہے لہٰذا روحانی اعمال اس وقت زیادہ مو ¿ثر ثابت ہوتے ہیں، ہم برسوں سے ان اوقات سے متعلق عملیات و نقوش شائع کر رہے ہیں جن سے بے شمار افراد نے فائدہ اٹھایا ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی اٹھائیں گے۔
گرہن کے وقت حروف صوامت کی زکات ادا کی جاتی ہے، اس کا طریقہ بھی ہم تفصیل سے بہت پہلے لکھ چکے ہیں اور ہماری کتاب مسیحا حصہ دوم میں بھی موجود ہے، اعمال کے شوقین حضرات حروف صوامت سے متعلق دیگر کتب و رسائل سے بھی استفادہ کرتے ہیں۔
 حروف صوامت”گپ چپ“ کے حروف کہلاتے ہیں، اٹھائیس حروف تہجی میں یہ وہ حروف ہیں جن پر کوئی نقطہ نہیں ہوتا، ان کی تعداد تیرہ ہے اور ان تیرہ حروف کے اعداد ابجد قمری سے 543 ہیں اور حروف یہ ہیں۔
ا۔ح۔د۔ر۔س۔ص۔ط۔ع۔ک۔ل۔م۔و۔ہ۔اگر انہیں باہم ملاکر لکھا جائے تو مختلف کلمے یا لفظ بن سکتے ہیں، ایسے کلموں یا الفاظ کو طلسمی لفظ کہا جاتا ہے،مثلاً احد، رسص، طعک، لموہ وغیرہ۔
گرہن کے وقت خالی پینسل سے 543 مرتبہ شرائط و قواعد کے مطابق اگر ان حروف کو لکھ لیا جائے اور پھر لکھے ہوئے کاغذات کو قبرستان میں دفن کردیا جائے تو ان حروف کی زکاتِ اصغر ادا ہوجاتی ہے،اگر تین سال تک یہ زکاتِ اصغر پابندی سے ادا کی جائے تو خود بہ خود زکاتِ اکبر ہوجاتی ہے اور اس کے بعد روزانہ مداومت کی ضرورت نہیں رہتی، زکاتِ اصغر کی صورت میں ان حروف کو تیرہ مرتبہ روزانہ لکھتے رہنا لازمی ہے، اس طرح زکات کا اثر قائم رہتا ہے، یہ زکات ایک سال کے لیے ہوتی ہے۔
 زکات ادا کرنے کے بعد صاحب زکات حروف صوامت سے کام لے سکتا ہے اور ان حروف سے متعلقہ اعمال نقش و طلسم تیار کرکے دوسروں کو دے سکتا ہے، حقیقت یہ ہے کہ جو لوگ ان حروف کی زکات ادا کرنے کے بعد ان سے کام لینے کا درست طریقہ جان لیتے ہیں وہ حیرت انگیز کارنامے انجام دیتے ہیں، انسانی ضروریات کے ایک چوتھائی حصے سے متعلق کام حروف صوامت کی مدد سے انجام دیے جاسکتے ہیں، ایک بہت بڑی روحانی قوت ان حروف کے عامل کو حاصل ہوجاتی ہے۔
 عام لوگوں کی فوری ضرورت کے لیے سیدھے سادے عام فہم اور آسان اعمال ہی کافی ہیں لہٰذا ہم نے ایسے طریقوں کو فروغ دیا، لوگوں نے بھی اسے پسند کیا اور اس سے فائدہ اٹھایا، ہماری روایت بدستور قائم ہے۔
بہت سے لوگ حروف صوامت کی زکات کے لیے ہر گہن سے پہلے رابطہ کرتے ہیں اور زکات ادا کرنے کے لیے اجازت طلب کرتے ہیں، اس سلسلے میں صرف ایک فون کرنا کافی سمجھتے ہیں، ہمارے نزیک یہ طریقہ غلط ہے،ایسے کسی بھی شخص کو اتنے اہم اور نہایت سنجیدہ نوعیت کے معاملے میں فون پر کیسے اجازت دی جاسکتی ہے جس کے بارے میں ہم کچھ بھی نہ جانتے ہوں، اس کی تعلیم کتنی ہے؟ عمر کتنی ہے؟ عملیات و نقوش اور قواعد عملیات سے کس قدر واقفیت رکھتا ہے؟اس راستے پر قدم آگے بڑھانے کی اُسے کیا ضرورت درپیش ہے؟ دنیاوی طور پر اس کے حالات اور دیگر معاملات کیا ہیں؟ وغیرہ وغیرہ، جب تک یہ تمام معلومات نہ ہوں، کیسے کسی شخص کو اس راستے پر رہنمائی فراہم کی جائے، بہر حال یہ ایک برسبیل تذکرہ مسئلہ تھا جو ہمیں اکثر درپیش رہتا ہے،چناں چہ اس کا اظہار کردیا۔
سال کے آخری سورج اور چاند گہن
اس بار 2 ایسے سورج اور چاند گہن لگ رہے ہیں جو حروف صوامت کی زکات کے لیے موزوں ہیں لیکن ہم اس پر زور نہیں دیں گے کہ عام لوگ خود کو اس مشقت میں ڈالیں،اس کے بجائے ایک اور عمل کی زکات کا طریقہ دیا جارہا ہے جو عام آدمی کے لیے زیادہ مشکل بھی نہیں ہے اور اس کے فوائد بھی بے شمار ہیں، آئندہ تقریباً ڈیڑھ ماہ میں یکے بعد دیگرے 3 گہن لگیں گے۔
پہلا چاند گہن 18 اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق برج دلو کے 25 درجہ 52 دقیقہ پر لگے گا، اس گہن کی ابتدا دوپہر 12:33 pm پر ہوگی اور مکمل گہن دوپہر 02:25 pm پر ہوگا، گہن کا خاتمہ 03:21 pm پر ہوگا ،پاکستان میں نظر نہیں آئے گا، البتہ امریکا اور بحر الکاہل کے اردگرد کے علاقوں میں دیکھا جاسکے گا، یہ چاند گہن پاکستان میں زکات ادا کرنے کے لیے موزوں نہیں ہیں، البتہ امریکا اور کینیڈا میں اس سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے،نیو یارک اور ٹورنٹو ٹائم کے مطابق یہ گہن 02:33am پر شروع ہوگا، مکمل گہن 04:21 am پر ہوگا جب کہ اس کا خاتمہ 03:21 pm پر ہوگا۔
دوسرا ہالا دار سورج گہن یکم ستمبر کو برج سنبلہ کے 9 درجہ 21 دقیقے پر لگے گا، پاکستانی وقت کے مطابق اس کی ابتدا دوپہر 12 بجے ہوگی جب کہ مکمل گہن دوپہر 02:07 pm پر ہوگا،اس کا خاتمہ 03:05 pm پر ہوگا، ٹورنٹو اور نیو یارک ٹائم کے مطابق ابتدا 02:00 am پر ہوگی، مکمل 04:07 am پر ہوگا اور خاتمہ 05:05 am پر۔یہ گہن پاکستان میں نظر آئے گا اور زکات کی ادائیگی کے لیے موزوں ہوگا۔
 تیسرا چاند گہن 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی رات میں ہوگا، یہ مکمل گہن ہوگا اور مو ¿ثر ہوگا، اس کی ابتدا پاکستان ٹائم کے مطابق 16 ستمبر رات 10:08 pm پر ہوگی جب کہ مکمل گہن 11:53 pm پر ہوگا، اس کا خاتمہ 17 ستمبر رات 12:00:04 am پر ہوگا، ٹورنٹو اور نیو یارک ٹائم کے مطابق اس گہن کی ابتدا دوپہر 12:08 pm پر ہوگی، مکمل گہن 01:53 pm پر ہوگا، اس کا خاتمہ 16 ستمبر ہی کو 02:00:04 pm پر ہوگا، واضح رہے کہ امریکا اور کینیڈا بہت بڑے ملک ہیں،بعض حصوں میں گرین وچ مین ٹائم سے فرق 5 گھنٹے کا ہے اور بعض حصوں میں 6 گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ کا فرق ہے،اس فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے مطلوبہ ٹائم میں کمی بیشی کی جاسکتی ہے۔
دنیاوی ضروریات کے پیش نظر ہم بعض آیات اور سورتوں کی زکات ادا کرنے کا ایک مختصر اور آسان طریقہ لکھ رہے ہیں جو ایک سال تک کارآمد ہوگا یعنی جس آیت یا سورة کی زکات دی جائے گی وہ ایک سال تک کارآمد ہوگی، آئندہ سال پھر کسی گرہن کے وقت پر اسے دہرالیں گے تو پھر ایک سال کے لیے اس کا اثر قائم ہوجائے گا۔
آپ اپنی ضرورت کے مطابق جو زکات چاہیں ادا کریں اور بعد میں اس سے کام لیں مگر خیال رہے کہ آپ کے مقاصد جائز ہوں اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوں، زیادہ سے زیادہ خلق خدا کی بھلائی پیش نظر رہے، اپنے ذاتی مقاصد میں بھی اپنی بے جا خواہشات اور حرص و ہوس، نام و نمود،جذبہ ءانتقام یا اشتعال اور غصے کے زیر اثر کوئی کام نہ کریں، جہاں صورت حال ناقابل برداشت ہوجائے اور اصلاح و درستگی کا مادی طور پر کوئی چارہ نہ رہے، وہاں اپنی ضروریات کے لیے بھی کام لے سکتے ہیں۔
زکات سورة اخلاص
سب سے پہلے ہم سورة اخلاص کی زکات کا طریقہ لکھ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سورة کا موضوع”توحید“ ہے، علماءاور صوفیا اس سورة مبارکہ کی تعریف کرتے ہوئے کبھی نہیں تھکتے، اس کی اہمیت اور فضیلت اور اس کے فوائد ہم کیا بیان کریں گے، ہمارے خیال میں تو ہر مسلمان اس سورة کی عظمت سے خوب واقف ہے، ہم صرف اتنا ضرور عرض کریں گے کہ اس سورة میں صرف 4 حرف نقطے والے ہیں، باقی تمام حروف صوامت یعنی بغیر نقطے والے ہیں، اس کے علاوہ ایک دلچسپ اور حیرت انگیز بات یہ بھی ہے کہ پوری سورة اخلاص کے کل اعداد 1002 ہیں، اس کا مجموعہ بھی 12 ہی ہوگا اور 12 کا مفرد عدد 3 ہے، اسم ذات اللہ کے اعداد 66 ہیں، 66 کا مجموعہ 12ہوگا اور مفرد عدد 3 ہوگا،حروف صوامت کے کل اعداد 543 ہیں، انہیں باہم جمع کیا جائے تو مجموعہ 12 ہوگا جس کا مفرد عدد بھی 3 ہوگا، یہ سب اتفاقات نہیں ہیں ، بے شک یہ اُس عظیم و برتر ذاتِ باری تعالیٰ کی حکمت عظیم کے نمونے ہیں جن میں بڑے اسرار پوشیدہ ہیں اور وہی لوگ ان اسرار و رموز سے واقف ہوتے ہیں جنہیں وہ خود توفیق دے۔
سورة اخلاص کے جفری اسرارورموز کے بعد اس کی زکات کا آسان اور سادہ طریقہ سمجھ لیجیے، گہن شروع ہونے سے قبل غسل کرکے پاک صاف ہوجائیں اور سفید لباس زیب تن کریں، کپڑوں میں عمدہ خوشبو لگائیں اور علیحدہ کمرے میں پاک صاف جگہ پر رجال الغیب کو پشت کی جانب یا بائیں سمت میں رکھ کر بیٹھیں۔
سب سے پہلے دو رکعت نماز نفل بہ نیت زکات برائے سورة اخلاص ادا کریں، اس کے بعد 11 بار درود شریف پڑھ کر 313 مرتبہ سورة اخلاص پڑھ لیں پھر گیارہ بار درود شریف پڑھیں۔
بس اتنا ہی کام ہے، زکات کا عمل مکمل ہوا، اب کچھ مٹھائی پر جو پہلے سے ساتھ لے کر بیٹھے ہیں، فاتحہ دیں اور حضور اکرم ﷺ اور تمام انبیاء، اولیاءو بزرگان دین کو ایصال ثواب کرکے اللہ سے اپنے اس عمل میں تاثیر کے لیے دعا کریں، اب روزانہ سات مرتبہ سورة اخلاص کو کسی ایک وقت پر پڑھ لیا کریں، سال بھر تک اس زکات کا اثر قائم رہے گا جس دن زکات ادا کریں گے اس دن سے سات دن کے اندر سات فقیروں کو اپنی جیب سے کھانا بھی کھلادیں یا توفیق ہو تو اس سے زیادہ صدقہ و خیرات کریں، یہ کام اگر ایک دن نہ کرسکیں تو 7 دن تک ایک فقیر کو روزانہ کھانا کھلادیں۔
اس زکات کی ادائیگی سے آپ سورة اخلاص کے عامل ہوگئے، اب اس سے کام لینے کے جو طریقے ہیں وہ یہ ہیں کہ ہر قسم کے حصار میں سورة اخلاص سے کام لے سکتے ہیں، اگر اپنے گھر کو آفات و بلیات، سحروآسیب سے محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو رات کو سات بار پڑھ کر گھر کا انگلی کے اشارے سے حصار باندھ لیں، کوئی ماورائی یا مادی چیز بھی نقصان نہیں پہنچاسکے گی، گھر میں چوری ڈکیتی یا کسی حادثے کا خطرہ نہیں رہے گا، اگر گھر میں چیزیں چوری ہوتی ہیں یا جہاں آپ خفیہ پیسا رکھتے ہیں وہاں سے چوری کا خطرہ ہے تو تالا لگاتے ہوئے سات بار سورة اخلاص پڑھ کر تالے پر دم کردیا کریں، اگر سفر پر روانہ ہورہے ہیں تو سات بار پڑھ کر اپنے سینے پر دم کریں، دونوں ہتھیلیوں پر دم کرکے چہرے اور جسم پر ہاتھ پھیر لیں، حفاظت رہے گی، جسم کے کسی بھی حصے میں درد یا تکلیف محسوس ہو اپنے یا کسی دوسرے کے بھی تو سات بار پڑھ کر دم کریں تو تکلیف دور ہوگی۔
اگر آپ کا دشمن زبردست ہے،خطرہ ہے کہ وہ آپ کو نقصان پہنچائے گا تو اس کے سامنے جاتے ہوئے سات بار پڑھ لیں تو آپ اس کے شر سے محفوظ رہیں گے، شوہر یا بیوی میں سے کوئی بھی اگر کسی ایک فریق کے خلاف بدزبانی، زیادتی، مارپیٹ کرتا ہے تو اس کی زبان بندی یا مارپیٹ کو روکنے کے لیے ایک روٹی پر انگلی سے فرضی طور پر پوری سورةلکھیں، بعد میں اس کا نام مع والدہ بھی اسی طرح انگلی سے لکھیں اور اپنا مقصد لکھیں مثلاً زبان بندی، گالی گفتار کی پابندی، دست درازی، فضول خرچی، آوارہ گردی وغیرہ وغیرہ، پھر یہ روٹی اسے کھانے کے ساتھ کھلادیں، سات دن تک متواتر کھلائیں تو وہ اپنی بری حرکتوں سے انشاءاللہ باز آجائے گا، اسی طرح نافرمان اور سرکش بچوں کی اصلاح کے لیے بھی کرسکتے ہیں، روٹی کے علاوہ اگر زعفران وغیرہ سے کاغذ پر پوری سورة لکھ کر اپنا نام و مقصد لکھ کر اس کاغذ کو کسی پاک صاف پانی کی بوتل میں ڈال لیں اور وہ پانی پلائیں تو بھی یہ تمام فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں،ا گر کسی پر سحروجادو یا آسیب و جنات کے اثرات ہوں تو اس کو بھی نقش لکھ کر اور پانی میں گھول کر پلائیں، الغرض بے شمار مقاصد کے لیے اس سورة مبارکہ سے کام لیا جاسکتا ہے جو لوگ ہمارے طریقے کے مطابق سورة اخلاص کی زکات ادا کریں وہ ہمیں اس کی اطلاع اپنے نام مع والدہ کے ساتھ ضرور دیں اور اپنی ضرورتوں کے سلسلے میں اگر مزید اس سورة سے کام لینے کے طریقے سمجھنا چاہیں تو خط و کتابت کے ذریعے مشورہ کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر سورة فلق یا سورة ناس کی زکات بھی اسی طرح ادا کی جاسکتی ہے، جو لوگ سحروجادو، آسیب و جنات کے علاج کا کام کرتے ہوں، انہیں یہ زکات ادا کرنی چاہیے۔
اسم الٰہی القابض کی زکات
اسمائے الٰہی میں اسم الٰہی ”القابض“ کی زکات بھی گرہن میں دی جاسکتی ہے، اس اسم کے اعداد ابجد قمری سے 903 ہیں، اس کا مفرد عدد 3 ہے، روک تھام اور بندش کے معاملات میں یہ اسم الٰہی نہایت مو ¿ثر ہے ، بری عادتوں سے روکنے، ظالم سے محفوظ رہنے اور دشمن کو اس کے ناپاک اور ناجائز ارادوں سے باز رکھنے کے لیے اس اسم کی تاثیر سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے، گرہن کے وقت اوپر بیان کی گئی شرائط کے مطابق اس اسم کو 313 مرتبہ پڑھ لیں تو ایک سال کے لیے اس کی زکات ادا ہوجائے گی اور پھر اس اسم کی روحانیت سے کام لینا آسان ہوگا مگر خیال رہے کہ یہ اسم نہایت زبردست ہے، صاحب زکات کو ہمیشہ احتیاط و پرہیز کرنا لازم ہوگا، احتیاط و پرہیز میں سرفہرست ذہن و قلب کی صفائی ہے اور حقوق العباد کی ادائیگی ہے، ناجائز اور حرام امور سے گریز ، بصورت دیگر عامل خود نقصان اٹھاسکتا ہے، زکات کی ادائیگی کے بعد اس اسم کا نقش مثلث خاکی چال سے لکھ کر اور ساتھ ہی مقصد لکھ کر استعمال میں لایا جائے، ہمارا طریقہ یہ ہے کہ اسم الٰہی القابض کا مثلث نقش خالی البطن استعمال میں رکھا جائے اور درمیان کے خالی خانے میں نام و مقصد تحریر کردیا جائے، اس وقت مثال دے کر سمجھانے کی گنجائش نہیں ہے، جو لوگ زکات ادا کریں، نقش بھرنے کا طریقہ سیکھیں، اس کے علاوہ کسی بھی قسم کی روک تھام یا بندش کے لیے پڑھائی کے طریقے تقریباً وہی ہوں گے جو سورة اخلاص کے سلسلے میں بیان کیے گئے ہیں۔
ایک نادر عمل تسخیر
یہ عمل ان لوگوں کے لیے بیش بہا تحفہ ہے جن کا کوئی عزیز ، رشتے دار، بیوی یا شوہر ناراض ہو یا ان سے دور بھاگتا ہو اور کسی طرح واپس آنے کا نام نہ لیتا ہو یا پھر ملازمت پیشہ افراد اپنے کسی افسر اعلیٰ کی سختیوں اور زیادتیوں سے پریشان ہوں، وہ اس کی ترقی میں رکاوٹ بن رہے ہوں یا علاقے کا کوئی با اثر اور طاقت ور شخص مخالف ہوگیا ہو اور اس سے تعلقات بہتر کرنا مقصود ہوں تو ایسی صورت میں یہ عمل انشاءاللہ صورت حال کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا، اس عمل کو اس سورج گرہن کے علاوہ چاند گرہن یا ایسے قمر در عقرب میں کیا جاسکتا ہے جو چاند کی آخری تاریخوں میں رات کے وقت ہو۔
طریقہ عمل یہ ہے کہ علیحدہ پاک صاف کمرے میں رجال الغیب سے منہ پھیر کر بیٹھیں، کپڑوں پر خوشبو لگائیں اور بخور لوبان کا جلائیں، مٹی کا ایک پیالہ جو بالکل کورا ہو یعنی اسے پہلے قطعی استعمال نہ کیا گیا ہو، پہلے سے لاکر رکھیں اور ایک عدد لال اینٹ بھی مہیا کرلیں، گیارہ بار درود شریف پڑھنے کے بعد پیالے کو پانی سے بھرلیں اور اس کے بعد سات مرتبہ سورة واللیل اور ایک مرتبہ سورة اذا زلزت العرض پڑھ کر آہستہ آواز آواز میں کہیں ”بستم بستم خواب و خود فلاں بن فلاں (نام مطلوب مع والدہ فلاں بن فلان کی جگہ لیں) فی حق فلاں بن فلاں (اپنا نام مع والدہ لیں) جب تک میں نہ کھولوں کوئی نہ کھول سکے، بحق ایں سورة ہائے مبارکہ“
اب پانی پر دم کردیں اور تمام پانی خود ہی پی جائیں پھر اس پیالے کو اپنے سرہانے رکھ کر لال اینٹ اس کے اوپر رکھ دیں، گویا خالی پیالے پر ڈھکن رکھ دیا ہو، اس کے بعد سوجائیں، عمل کے بعد قطعی کسی سے بات چیت نہ کریں، انشاءاللہ وہ شخص آپ کی طلب میں بے قرار ہوگا اور ضرور آپ تک پہنچنے کی کوشش کرے گا، یا رفتہ رفتہ اس کے رویے میں مثبت تبدیلی ظاہر ہوگی۔
صبح اٹھ کر پیالے اور اینٹ کو کسی ایسی جگہ دفن کردیں جو نمناک ہو، ساحل سمندر کے کنارے یا کسی دریا یا نہر کے کنارے، یہ عمل گرہن کے دن سے شروع کرکے سات روز تک کرنا ہے، اس عمل کے لیے اس گہن کا انتخاب کریں جو رات میں لگ رہا ہو، اگر خواتین یہ عمل کریں تو وہ پیالے اور اینٹ کو کسی اور کے ہاتھ سے دفن کراسکتی ہیں، یہ بھی ضروری نہیں ہے کہ سوکر اٹھنے کے فوراً بعد ہی پیالہ اور اینٹ کو دفن کرنے کے لیے دوڑ لگادیں، انہیں اٹھاکر کسی کپڑے میں لپیٹ کر احتیاط سے رکھ دیں اور دوسرے دن کسی بھی وقت دفن کرادیں، اگر مطلوبہ شخص کا کوئی استعمال شدہ کپڑا میسر آجائے اور وہ پیالے پر پلیٹ دیں تو سونے پر سہاگا ہوگا، دوسرے دن سے رات کے وقت ہی کا انتخاب کریں یعنی یہ کام رات کو سونے سے پہلے کریں اور پھر صبح اٹھ کر اینٹ اور پیالے کو دفن کرادیا کریں، ساتویں دن جو آخری ہوگا، پیالے کو دفن کرانے کے بعد کچھ مٹھائی پر فاتحہ دیں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں یا غریبوں کو کھانا کھلائیں۔
عزیزان من! اس عمل میں معمولی سی مشقت، پابندی ضرور ہے مگر اس کا صلہ بھی بہت بڑا ہے، عمل میں دشواریوں کے پیش نظر ہم کچھ اور اوقات کی بھی نشان دہی کر رہے ہیں جو اس عمل کے لیے موزوں ہوں گے۔
عمل کے دوران کوئی خاص پرہیز نہیں ہے، سوائے اس کے کہ پاک صاف رہیں، مزید یہ کہ انتہائی شدید ضرورت اور جائز مقاصد کے لیے کریں، نجی نوعیت کی ایسی خواہشات کے لیے نہ کریں جن کے بغیر بھی بہر حال زندگی گزر سکتی ہے۔
تالے والا مشہور عمل
اس سلسلے میں نہایت مشہور ہمارا ”تالے والا“ عمل ہے جس سے ہزاروں افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں اور اس عمل کے لیے گہن کے وقت کا انتظار کرتے ہیں، اس کا طریقہ کئی بار لکھا گیا ہے، ہماری کتاب مسیحا میں بھی موجود ہے لیکن نئے قارئین کی سہولت کے لیے پُرزور فرمائش پر دوبارہ لکھ رہے ہیں۔ یہ عمل خاص طور سے دو افراد خصوصاً میاں بیوی کے درمیان اتفاق و محبت کے لیے نہایت پرتاثیر ہے اور ذہانت سے کام لیا جائے تو دیگر مقاصد کے لیے بھی کیا جاسکتا ہے‘ مثلاً کسی برائی سے روکنا یا کسی بری عادت کی بندش کے لیے بھی یہ عمل کیا جا سکتا ہے مگر اس کے لیے مقصد کو مناسب طریقے سے بیان کرنا ہوگا۔
گہن کے وقت سے پہلے ایک کورا یعنی نیا تالا جو استعمال شدہ نہ ہو، لا کر رکھ لیں، تالا اسٹیل کا ہو اور چابی سے کھلتا اور بند ہوتا ہو تو زیادہ بہتر ہے۔ 
گہن کے وسطی حصے سے کچھ پہلے با وضو علیحدہ کمرے میں بیٹھ جائیں ،تالا کھول کر ہاتھ میں رکھیں اور بسم اللہ کے بعد سات مرتبہ سورہ کوثر پڑھیں، بعدازاں زبان سے یہ جملہ ادا کریں۔
”بَستَم خواب و خود فلاں بن فلاں فی حق فلاں بن فلاں جب تک نہ دیکھے چین نہ پائے“
یہ جملہ سورہ کوثر پڑھنے کے بعد زبان سے ادا کریں اور تالے کے سوراخ میں پھونک مار کر تالا بند کر دیں، ذہن میں اپنے مقصد کا بھرپور تصور رکھیں اس کے بعد اگر مطلوب کا استعمال شدہ کپڑا میسر ہو تو تالے کو اس میں لپیٹ دیں اور گھر میں کسی ڈبے میں بند کر کے رکھ دیں یا کسی اندھیری جگہ تالے کو رکھ دیں۔ اس کے علاوہ تالے کو کسی قبرستان میں بھی دفن کر سکتے ہیں۔ تالے کی چابی ضائع کر دیں۔
 بس اتنا سا کام ہے‘ اس کام سے فارغ ہو کر کچھ مٹھائی پر فاتحہ دیں اور اللہ سے کامیابی کے لیے دعا کریں، مٹھائی خود بھی کھائیں اور بچوں میں یا احباب میں تقسیم کر دیں، تین کلو چاول اور تین کلو چینی کا صدقہ دیں یا 300 روپے خیرات کر دیں، انشاءاللہ اس شخص کے دل میں محبت اور نرمی پیدا ہو گی، اگر وہ کہیں دور ہے تو یقینا واپس آئے گا، خیال رہے کہ محض تفریحاً یا معمولی وجوہات کی بنیاد پر یہ عمل ہر گز نہ کریں، انتہائی شدید ضرورت اور مجبوری کے تحت کیا جائے جو لوگ معمولی معمولی باتوں پر جذباتی ہو کر عمل و وظیفے کرتے ہیں ‘ انہیں حقیقی استحقاق حاصل نہ ہونے کی وجہ سے ناکامی ہوتی ہے اور پھر وہ کہتے ہیں کہ عمل میں اثر نہیں تھا حالانکہ انہیں سوچنا چاہیے کہ وہ خود غلطی پر تو نہیں ہیں؟ 
جملے میں فلاں بن فلاں کی جگہ مطلوب کا نام مع والدہ مثلاً احمد بن فاطمہ لیا جائے گا، اگر مطلوب عورت ہے تو بن کی جگہ بنت کا لفظ استعمال ہو گا۔ دوسری جگہ فلاں بن فلاں کے بجائے طالب کا نام مع والدہ لیا جائے گا۔ امید ہے تمام طریقہ سمجھ میں آ گیا ہو گا۔
میاں بیوی میں محبت کے لیے عمل خاص
زن و شوہر میں اختلافات، مزاجی ناہمواری، باہمی لڑائی جھگڑا، محبت کی کمی وغیرہ کے لیے یہ ایک مجرب طریقہ ہے اور صرف شادی شدہ خواتین و حضرات ہی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ نہایت آسان بھی ہے۔ گرہن کے درمیانی وقت میں ایک سفید کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی سے پوری بسم اﷲ لکھ کر سورہ الم نشرح پوری لکھیں پھر یہ آیت لکھیں۔
والقیت علیک محبة فلاں بن فلاں (یہاں مطلوب کا نام مع والدہ لکھیں) علیٰ محبة فلاں بنت فلاں (یہاں طالب کا نام مع والدہ لکھیں) کما الفت بین آدم و حوا و بین یوسف و زلیخا و بین موسیٰ و صفورا و بین محمد و خدیجة الکبریٰ و اصلح بین ھما اصلاحاً فیہ ابداً
اب تمام تحریر کے ارد گرد حاشیہ ( چاروں طرف لکیر) لگا کر کاغذ کو تہہ کر کے تعویز بنا لیں اور موم جامہ کر کے بازو پر باندھ لیں یا پھر اپنے تکیے میں رکھ لیں۔
خیال رہے کہ مندرجہ بالا نقوش لکھتے ہوئے باوضو رہیں، پاک صاف کپڑے پہنیں، علیحدہ کمرے کا انتخاب کریں، لکھنے کے دوران مکمل خاموشی اختیار کریں اور اپنے مقصد کو ذہن میں واضح رکھیں کہ آپ کیا چاہتے ہیں، رجال الغیب کا خیال رکھیں کہ آپ جس طرف رخ کر کے بیٹھے ہوں وہ آپ کے سامنے نہ ہوں، رجال الغیب کا نقشہ کئی بار شائع کیا جاچکا ہے۔
ناجائزو ناپسندیدہ تعلق کا خاتمہ
اکثر والدین اپنے بیٹے یا بیٹی کی ایسی محبت یا وابستگی سے پریشان رہتے ہیں جو ان کے نزدیک ناپسندیدہ ہوتی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا لڑکا یا لڑکی ایک غلط راستے پر چل رہے ہیں۔ 
 ایسی صورت میں طریقہ یہ ہے کہ گہن کے وقت کسی علیحدہ کمرے میں باوضو بیٹھ کر مندرجہ ذیل سطور کسی سفید کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی سے لکھیں اور کا غذ کو تہہ کر کے تعویذ کی شکل بنا لیں اور پھر اس کاغذ کو کسی بھاری وزنی چیز کے نیچے دبا دیں یا قبرستان میں دفن کردیں، انشاءاللہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوجائے گی۔
”احد رسص طعک لموہ لادیا یا غفور یا غفور بستم تعلق فلاں بن فلاں و بین فلاں بن فلاں عَقدَت قُلوبِھم ابداً یا حراکیل بحق یا قابض یا مانع العجل العجل الساعة الساعة“

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں