چاند کی منزلیں انسانی فطرت کے پوشیدہ گوشوں کی نقاب کشائی
کرتی ہیں
سال 2014 اگرچہ ہمارے لیے
خرابی صحت کے مسائل لایا لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ صحت کی خرابی کا یہ عرصہ ہماری تحریری
صلاحیت کو متاثر نہیں کر سکا اور گزشتہ سال ہمارے لکھنے کی رفتار خاصی تیز رہی چنانچہ
اس عرصے میں دو اہم کتابیں تحریر ہوئیں ”پیش گوئی کا فن“ اور ”اک جہانِ حیرت“ تیسری
کتاب ”پیش گوئی کا فن حصہ دوم“ بھی گزشتہ سال ہی نومبر تک مکمل ہوگئی تھی۔
پرنٹنگ کے بعض مسائل کی وجہ سے پیش گوئی کا فن جو اکتوبر
تک شائع ہونا تھی ‘ جنوری میں شائع ہوئی ‘ اک جہانِ حیرت کی ابتدا ہم نے جناب سید انتظار
حسین شاہ زنجانی کی فرمائش پر کی تھی اور اس کی اشاعت کی ذمہ داری بھی انہوں نے خود
قبول کی تھی‘ اللہ کے فضل و کرم سے یہ کتاب بھی ”مکتبہ آئینہ قسمت ‘ لاہور“ سے شائع
ہو کر مارکیٹ میں آ چکی ہے۔
پیش گوئی کا فن حصہ دوم اگرچہ
تیار ہے لیکن اس سے پہلے ایک اور کتاب جو بارہ برجوں کے اسرار و رموز پر روشنی ڈالتی
ہے‘ شائع کرنے کا ارادہ ہے اور امید ہے کہ اس سال رمضان سے پہلے یہ کتاب بھی بازار
میں دستیاب ہوگی اور اپنی نوعیت کے اعتبار سے منفرد بھی ہوگی۔
عزیزان من! عمر کی اس منزل
میں اب سب سے بڑی خواہش یہی ہے کہ زندگی میں جو کچھ سیکھا سمجھا ہے اسے کتابی شکل میں
محفوظ کردیا جائے تاکہ ہمارے مشاہدے‘ مطالعے اور تجربے سے شاید کچھ دوسرے لوگ کوئی
فائدہ حاصل کر سکیں ۔
”
اک جہانِ حیرت“ کا موضوع بھی ایسٹرولوجی ہے لیکن یہ کوئی
زائچہ پڑھنے کی کتاب نہیں ہے بلکہ چاند کی ان منزلوں کی سیر ہے جن کے بارے میں خود
قرآن کریم میں ارشادِ ربّانی ہے ۔ ترجمہ: ” اور ہم نے چاند کی
منزلیں مقرر کردی ہیں جن میں حرکت کرتے ہوئے وہ ہوجاتا ہے کھجور کی سوکھی شاخ کے مانند۔“
جس طرح دائرہ بروج کے بارہ
بروج مقرر ہیں اور ہر شخص عورت یا مرد جب پیدا ہوتا ہے تو کسی نہ کسی برج کے زیر اثر
ہوتا ہے جیسے حمل ‘ ثور‘ جوزا‘ سرطان وغیرہ۔
جب سورج کسی برج سے گزر رہا
ہو اور اس دوران میں کسی کی پیدائش ہو تو ہم کہتے ہیں کہ یہ فلاں برج کے زیر اثر پیدا
ہوا ہے ‘ مثلاً 21مارچ سے 20اپریل کے درمیان سورج برج حمل سے گزرتا ہے تو ایسے افراد
کا شمسی برج حمل سمجھا جاتا ہے‘ بالکل اسی طرح چاند بھی دائرہ بروج کے بارہ برجوں کا
دورہ ماہانہ بنیاد پر کرتا ہے(سورج کا دورہ سالانہ ہوتا ہے) لہٰذا ہر عورت اور مرد
اپنے قمری برج کے اثرات بھی قبول کرتے ہیں۔
چاند کی 27 یا 28 منزلیں بھی انہی بارہ بروج میںواقع ہیں
لہٰذا جب چاند کسی خاص منزل سے گزر رہا ہو اور اس وقت کسی عورت یا مرد کی پیدائش ہو
تو وہ چاند کی منزل کے گہرے اثرات کا حامل ہوگا ‘ یہی اس کتاب کا بنیادی موضوع ہے۔
عام طور پر جب لوگ اپنے برج
کے بارے میں پڑھتے ہیں تو انہیں ان کی شخصیت و کردار کے بارے میں آگاہی ہوتی ہے لیکن
قمر کی منزل کا تعلق انسانی فطرت سے ہے‘ اس کے اثرات نہایت گہرے اور دائمی ہوتے ہیں
جو عمر کے مختلف حصوں میں شخصیت و کردار کے اثرات کی طرح تبدیل نہیں ہوتے ‘ اس حوالے
سے اپنی قمری منزل کا مطالعہ نہایت دلچسپ ہی نہیں حیران کُن بھی ہے‘ شاید اسی لیے ہمارے
شاہ زنجانی صاحب نے اس کتاب کا نام ” اک جہانِ حیرت“ تجویز کیا‘ کتاب کا مطالعہ اپنی
ذات اور دیگر افراد کی زندگی کے ایسے خفیہ اور پُراسرار گوشوں کی نقاب کُشائی کرتا
ہے جو اکثر نگاہوں سے اوجھل رہتے ہیں یا ہم انہیں نظر انداز کر رہے ہوتے ہیں ، ہم نے
قارئین کی دلچسپی میں اضافے کے لیے سخت محنت اور جدوجہد کر کے دنیا کے ہر شعبہ سے متعلق
مشہور اور نامور افراد کی تاریخ پیدائش حاصل کی اور ان کی متعلقہ قمری منزل کی بھی
نشان دہی کردی ہے مثلاً ایک قمری منزل ایسی بھی ہے جس میں پیدا ہونے والے افراد کسی
نہ کسی قسم کی چوری کی عادت میں مبتلا ہوتے ہیں۔
اداکاری اور چوری
مشہور اور نامور بھارتی اداکار اوم پرکاش ایسی ہی منزل میں
پیدا ہوا تھا‘ اس نے ایک کامیاب اور کامران زندگی گزاری ‘ دولت کی بھی اسے کمی نہیں
رہی مگر ایک عجیب بیماری اسے لاحق تھی ‘ وہ اکثر بڑے ہوٹلوں میں رہائش کے دوران میں
عمدہ قسم کے چمچے چرانے کی عادت میں ساری زندگی مبتلا رہا اور ایک بار ٹوکیو کے ایک
ہوٹل میں اپنی اس کمزوری کی وجہ سے پکڑا گیا ۔
دولت کی ریل پیل
ایک اور قمری منزل جس کا نام
سنسکرت میں”دھنشٹھا“ ہے ‘ اس منزل میں پیدا ہونے والے افراد کے پیچھے دولت بھاگتی ہے
لیکن بے پناہ دولت کے باوجود یہ لوگ پیچیدہ نوعیت کے گو ناگوں مسائل کا شکار ہوتے ہیں‘
ایسے لوگوں میں شہزادی ڈیانا ‘ اداکارہ مارلن منرو‘ اداکار امیتابھ بچن‘ مغل اعظم شہنشاہ
اکبر‘ اداکارہ راکھی‘ اداکار سلمان خان‘ موسیقار اے آر رحمن اور بہت سے دیگر لوگ شامل
ہیں۔
قصہ مختصر یہ کہ کتاب کا مطالعہ قدم قدم پر اپنے پڑھنے والوں
کو حیران کرے گا‘ واضح رہے کہ قمری منزل کو قدیم سنسکرت میں ”نچھتر“ (NAKSHATRA) کا نام دیا گیا ہے جبکہ انگریزی
میں اسے لونر مینشن (LUNAR MENSIONS)کہا
جاتا ہے۔
یونانی یا ویدک ایسٹرولوجی
میں قمری منزل ایک بنیادی حیثیت رکھتی ہے‘ یہ انسان کے فطری رحجانات کی عکاسی کے علاوہ
مستقبل کے اچھے یا برے ادوار (Periods) کی
نشان دہی بھی کرتی ہے‘ اس کے علاوہ دو افراد کے درمیان محبت‘ ہم آہنگی ‘ کاروباری یا
ازدواجی پارٹنر شپ کی کامیابی یا ناکامی پر بھی روشنی ڈالتی ہے‘ ویدک ایسٹرولوجی میں
دو افراد کے درمیان ” میچنگ“ قمری منزل کی بنیاد پر ہی دیکھی جاتی ہے‘ کتاب میں اس
موضوع پر بھی ایک تفصیلی باب دیا گیا ہے۔
جیسا کہ پہلے عرض کیا کہ چاند کی منزلیں یونانی ، ویدک یا
چائنیز ایسٹرولوجی میں بھی اہمیت کی حامل سمجھی جاتی ہیں، اس حوالے سے مغرب اور مشرق
کے ماہرین فلکیات صدیوں سے تحقیق کر رہے ہیں، اہل اسلام نے تقریباً ایک ہزار سال قبل
اس حوالے سے نمایاں کام کیا اور چاند کی 28 منزلیں مقرر کیں،مشرق میں ہندو ماہرین فلکیات
کا دعویٰ ہے کہ منازل قمری ویدک ایسٹرولوجی میں تقریباً 3 ہزار سال سے مُروّج ہےں،
انہوں نے 27 منزلیں مقرر کی ہیں، ہم نے اس کتاب میں ویدک 27 منزلوں کے ساتھ مسلمان
ماہرین فلکیات کی مقرر کردہ 28 منازل اور اُن کے خصوصی اثرات کے ساتھ ان منازل کے مخصوص
طلاسم بھی شامل کردیے ہیں، اس طرح ویدک یا یونانی طریقہ کار سے متعلق افراد کو ایک
ہی کتاب میں دونوں مکتبہ ہائے فکر کے کام سے آگاہی ہوسکے گی۔
یہ کتاب عام بک اسٹالوں پر بھی دستیاب ہوگی اور براہ راست
مکتبہ آئینہ قسمت لاہور یا ہمارے کراچی آفس سے بھی منگوائی جا سکتی ہے۔
پیراسائیکولوجی
مشہور ہے کہ جہاں سائیکولوجی کی حدیں ختم ہوتی ہیں وہاں
سے پیراسائیکولوجی کی عظیم الشان سلطنت کا آغاز ہوتا ہے،اس موضوع پر ہماری کتاب ”مظاہر
نفس“ شائع ہوچکی ہے اور بہت سے لوگ اس سے استفادہ کرتے ہیں،ایسے لوگ ہم سے بھی رابطے
میں رہتے ہیں اور اپنی کوششوں یا کیفیات سے مطلع کرکے مشورہ لیتے رہتے ہیں، ایسا ہی
ایک خط آج ہم شاملِ اشاعت کر رہے ہیں جو پیراسائیکولوجی سے شغف رکھنے والے خواتین و
حضرات کے لیے یقیناً دلچسپی اور رہنمائی کا باعث ہوگا۔
ایم این، لکھتی ہیں”اللہ کے فضل و کرم سے میں بالکل خیریت
سے ہوں، آپ کی ہدایت کے مطابق شمع بینی اور متبادل طرزِ تنفس کی مشقیں کر رہی ہوں،اللہ
کا شکر ہے میری صحت اب پہلے سے بہت بہتر ہوگئی ہے،متبادل طرزِِ تنفس کی مشق کے دوران
میں میرا جسم ہلکا پھلکا سا ہوجاتا ہے جب کہ شمع بینی کے دوران میں میرا جسم پھیل سا
جاتا ہے، دماغ کے مختلف حصے متحرک ہوجاتے ہیں،کبھی کبھار میرا سر بھاری سا ہوجاتا ہے
اور کبھی چہرے کو کوئی مقناطیسی قوت اپنی جانب کھینچ لیتی ہے، کبھی کبھار ایسا بھی
محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی شے میرے چہرے کو سر سمیت دبا رہی ہو،گزشتہ دنوں ریڑھ کی ہڈی
میں تکلیف محسوس کر رہی تھی،چند روز بعد کان میں شدید چبھن محسوس ہوئی،جسم پھیل رہا
تھا،دماغ کے مختلف حصے متحرک محسوس ہوئے،ایک روز نیند کے دوران میں مجھے یوں لگا کہ
میرے چاروں طرف ایک لطیف سی قوت ہے اور میں اس قوت کے زیر اثر ہوں یعنی میں لیٹی ہوئی
تو ہوں مگر ساتھ ہی کوئی قوت میرے سارے وجود پر اثر انداز ہورہی ہیں اور میں اس قوت
سے اس طرح متاثر ہورہی ہوں جس طرح فرض کیجیے تنور کی تپش سے قریب بیٹھنے والا متاثر
ہوتا ہے،الغرض یہ کہ مجھے محسوس ہورہا تھا کہ جیسے کوئی قوت نرمی کے ساتھ میرے ارد
گرد موجود ہے،میں نے اپنی کیفیات کا کسی سے تذکرہ نہیں کیا، آپ سے مشورہ درکار ہے،میرے
ذہن میں بعد ازاں یہ خیال بھی آیا کہ کہیں کوئی ماورائی قوت تو مداخلت نہیں کر رہی،آپ
نے اپنے بعض مضامین میں اس قسم کی مداخلت کے بارے میں لکھا ہے،حیرت کی بات یہ ہے کہ
ان کیفیات کے دوران میں مجھے کوئی خوف محسوس نہیں ہوا بلکہ میرے احساسات خوش گوار تھے
اور میں بہت زیادہ ذہنی سکون محسوس کر رہی تھی،امید ہے آپ اس حوالے سے ضرور وضاحت کریں
گے“
جواب: سانس کی مشقوں یا مراقبہ وغیرہ کے دوران میں ایسی
کیفیات سے گزرنا ایک عام بات ہے جو لوگ معقول رہنمائی کے بغیرصرف کتابیں وغیرہ پڑھ
کر پیراسائیکولوجی کی مشقیں شروع کر بیٹھتے ہیں، وہ جب ایسی کیفیات کا سامنا کرتے ہیں
تو بوکھلا جاتے ہیں،تم چونکہ ابتدائی مرحلوں سے گزر چکی ہو اور لاشعوری کیفیات کو برداشت
کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو لہٰذا تمہیں کوئی خوف پیدا نہیں ہوا۔
یاد رکھیں سانس کی مشقیں یا مراقبہ وغیرہ ہمارے لاشعوری
احساسات کی بے داری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور لاشعور کی بے داری ہی کامیابی کی
نشانی ہے۔ لاشعور کی ایسی بے داری جس میں شعوری احساسات بھی موجود ہوں ورنہ ہم نیند
کی حالت میں بھی شعور سے ماورا ہوتے ہیں اور ہمارا لاشعور جاگ رہا ہوتا ہے،خواب کی
دنیا ہمارے لاشعور کی دنیا ہے۔
مختلف مشقوں کی ابتدا میں کیفیات کچھ ایسی ہی ہوتی ہیں،
خود کو ہلکا پھلکا محسوس کرنا یا کسی قسم کا دباؤ محسوس کرنا ، سر بھاری ہونا،شدید
سردی کا احساس ہونا یا شدید گرمی کا احساس ہونا وغیرہ مگر یہ سب کیفیات عارضی ہوتی
ہیں،جیسے جیسے مشقوں کے نتائج پختہ ہوتے جاتے ہیں ، ہم ان باتوں کے عادی ہوتے رہتے
ہیں،جہاں تک ماورائی نادیدہ قوتوں کی مداخلت کا سوال ہے تو بالکل ایسا ممکن ہے لیکن
اس صورت میں ایسی نادیدہ قوتیں مشق کرنے والے کو صحیح راستے سے بھٹکانے کی کوشش کرتی
ہےں، مزاحمت کرتی ہےں اور اسے اپنا آلہ کار بنا نے کے لیے زور لگاتی ہیں‘ اگر وہ روحانی
طور پر کمزور ہو یا کمزوری کا مظاہرہ کرے ، خوف زدہ ہوجائے تو وہ کامیاب ہوجاتی ہیں،دوسری
صورت میں وہ اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں،ہمارے نزدیک بہتر بات یہی ہے کہ ان مشقوں کے
دوران میں بھی طہارت وپاکیزگی کا خیال رکھا جائے ‘ مشق شروع کرنے سے پہلے حصار کرلیا
جائے جیسا کہ مختلف عملیات کے دوران میں حصار باندھا جاتا ہے‘ اس کے بعد کسی ماورائی
قوت کی مداخلت کا امکان باقی نہیں رہتا لیکن تمہارے ساتھ ایسا معاملہ نہیں ہے بلکہ
جو کچھ بھی ہو رہا ہے یا تم محسوس کر رہی ہو یہ روح کی بڑھتی ہوئی لطافت کا کمال ہے‘
اگر کسی نادیدہ قوت کی مداخلت ہوتی تو کیفیات مختلف ہوتیں‘ تم زیادہ سکون اور راحت
محسوس نہ کرتیں بلکہ الجھن اور پریشانی کا شکار ہوتیں۔
ایک اور اہم بات یہ ہے کہ ان مشقوں کے دوران میں زیادہ پروٹین
والی خوراک سے پرہیز کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے روح میں لطافت بڑھتی ہے اور کثافت دور
ہوتی ہے، جب روح زیادہ لطیف ہوتی ہے تو بعض اوقات ایسا بھی محسوس ہوتا ہے یا مشاہدے
میں آتا ہے کہ روح نے جسم کو چھوڑ دیا ہے اور پرواز کے لیے اوپر اٹھ رہی ہے‘ سانس کی
مشق یا مراقبہ کرنے والوں کے ساتھ ایسے واقعات پیش آتے رہے ہیں‘ بہتر ہوگا کہ صبح نہار
منہ ایک کپ عرق گلاب میں دو بڑے چمچے شہد ملا کر پی لیا کریں اور کھانے میں نمک کی
مقدار کم کردیں‘ ہماری دعا ہے کہ اللہ آپ کو اپنے مقصد میں کامیاب کرے۔
کام میں رکاوٹ
ایس ایم کے‘ لکھتے ہیں”میں
جو کام بھی کرتا ہوں ‘ ذاتی کاروبار ‘ اس میں نقصان ہوتا ہے ‘ اسی طرح آج تک کوئی مخلص
دوست بھی نہیں ملا جس کے ساتھ بھی بھلائی کرتا ہوں ‘ وہ مجھے دھوکا دیتا ہے‘ آپ میرا
زائچہ دیکھ کر بتائیں کہ میرے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟ میرے کاموں میں کوئی نہ کوئی رکاوٹ
ضرور آجاتی ہے جس کی وجہ سے میں منزل پر پہنچتے پہنچتے منزل سے دور ہوجاتا ہوں ‘ کیا
میرا ستارہ گردش میں ہے یا کوئی شیطانی رکاوٹ ہے؟ کافی لوگوں کو پیسے ادھار دیے ہوئے
ہیں ‘ وہ بھی واپس نہیں کرتے ‘ برسوں ہوگئے“
جواب : ہم نے اکثر لوگوں کی زبان سے یہ بات سنی ہے کہ جناب
جس کے ساتھ بھی بھلائی کرتے ہیں ‘ وہ ہمارے ساتھ اچھا نہیں کرتا یا یہ کہ کوئی مخلص
دوست نہیں ملتا وغیرہ وغیرہ ۔
ایسے تمام خواتین و حضرات
کہیں نہ کہیں غلطی پر ہوتے ہیں یقیناً ان کے کسی کے ساتھ بھلائی کرنے میں کوئی نہ کوئی
لالچ بھی پوشیدہ ہوتا ہے ‘ انہیں اپنے دل کو ٹٹولنا چاہیے کہ کہیں کوئی پوشیدہ خواہش
ایسی تو نہیں ہے جو ان کی بھلائی کے کام میں پس پردہ موجود ہو
ہاں مگر کوئی تمنا پسِ دامانِ وفا
مجھ سے پوشیدہ میرے پیشِ نظر ہوتی ہے
اسی طرح اپنی ناکامیوں پر
بھی ٹھنڈے دل و دماغ کے ساتھ غور کرنا چاہیے کہ ہم کوئی غلطی تو نہیں کر رہے اور جوش
میں ہوش تو نہیں کھو رہے۔
آپ کا سن سائن اور برتھ سائن
دونوں برج سنبلہ (VIRGO) ہیں
اور مون سائن برج اسد ہے ‘ شمس جو زائچے کے بارھویں گھر (نقصان کا گھر ) کا حاکم ہے‘طالع
کے درجات سے قریب تر ہے جس کی وجہ سے آپ ایسے ہی کاموں کا انتخاب کرتے ہیں جو بالآخر
نقصان کا سبب بنتے ہیں چونکہ شمس ساتویں (شراکت اور تعلقات) گھر کا بھی ناظر ہے لہٰذا
کوئی بھی پارٹنر شپ متاثر ہوتی ہے اور لوگوں سے تعلقات بھی مضبوط درجے کے نہیں ہوتے
‘ گیارھویں گھر (دوستی اور منافع)گیارھویں گھر کا حاکم قمر بارھویں گھر میں ہے جو نقصان
کا گھر ہے لہٰذا دوستوں یا بڑ ے بھائیوں سے بھی فوائد حاصل نہیں ہوتے اور ذاتی کاروبار
میں بھی نقصان ہی ہوگا ‘ آپ کے زائچے کی اچھی بات یہ ہے کہ دوسرے آمدن کے گھر کا حاکم
زہرہ دسویں گھر میں ہے لہٰذا آپ کی پروفیشنل خوبیاں اور صلاحیتیں عمدہ ہیں اور آپ کو
اپنی صلاحیتیوں کی بنیاد پر جاب وغیرہ میں اچھی پوزیشن حاصل رہے گی ۔
واضح رہے کہ برج سنبلہ ایک خاکی برج (EARTH SIGN)ہے جو مادّیت پر زور دیتا
ہے ‘ یہ لوگ زیادہ سوشل نہیں ہوتے ‘ کام ‘ کام اور صرف کام ان کی زندگی کا مقصد ہوتا
ہے ‘ پھر آپ کس طرح یہ شکایت کر سکتے ہیں کہ لوگ آپ سے مخلص نہیں ہوتے ‘ آپ دوسروں
سے کتنے مخلص اور کتنے سوشل ہیں؟ مسئلہ یہ نہیں ہے کہ آپ دوسروں کا خیال نہیں رکھتے
‘ حقیقت یہ ہے کہ اس حوالے سے آپ کی ترجیحات دوسروں سے مختلف ہیں‘ ممکن ہے آپ کسی مرحلے
پر لوگوں کے جذبات کو نظر انداز کرتے ہوں کیوں کہ بنیادی طور پر آپ ایک پریکٹیکل سوچ
رکھنے والے انسان ہیں اور یہی بات آپ کے ملنے جلنے والوں کی نظر میں آپ کو خود غرض
اور مطلبی ظاہر کرتی ہو حالانکہ آپ کی حقیقت پسندانہ سوچ حقیقی ضروریات میں لوگوں کی
مدد سے انکار نہیں کرتی ‘ آپ ان کے لیے جو ہو سکتا ہے‘ ضرور کرتے ہیں۔
برج اسد میں قمر فطری طور پر آپ کو شاہانہ مزاجی کے ساتھ
انانیت دیتا ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ لوگ آپ کی طرف متوجہ رہیں‘ آپ کی تعریف کی جائے
‘ آپ اکثر دوسروں کی مدد یا ان سے ہمدردی اس لیے بھی کرتے ہیں کہ آپ کی شاہانہ مزاجی
کو سراہا جائے اور لوگ آپ کے احسان مند ہو کر آپ کی اطاعت اور فرماں برداری کریں ۔
امید ہے کہ آپ کی سمجھ میں
آ گیا ہوگا کہ آپ کا مسئلہ کیا ہے ‘ آپ کو اتوار کے روز اپنا صدقہ پابندی سے دینا چاہیے
اور کسی غریب بال بچے دار کی مدد کرنا چاہیے ‘ اگر آپ ہفتہ اور منگل کو بھی صدقات دیا
کریں تو یہ بہترین بات ہوگی ‘ سچا موتی اور اوپل کا نگینہ کسی مناسب وقت پر پہننا آپ
کے اکثر مسائل کے حل میں مدد گار ہوگا ۔
گندی زبان
کے ایس ‘ نواب شاہ سے لکھتی
ہیں”میری شادی کو دو سال ہو گئے ہیں ‘ ساس کا انتقال شادی سے پہلے ہی ہوگیا تھا ‘ سسر
حیات ہیں اور دو نندیں بھی ساتھ رہتی ہیں جو تمام معاملات میں بہت زیادہ مداخلت کرتی
ہیں ‘ شوہر بھی بہت زبان کے خراب ہیں ‘ ایسی ہی ان کی بہنیں ہیں‘ ایک بہن غیر شادی
شدہ ہے اور دوسری نے خلع کے لیے مقدمہ کیا ہوا ہے‘ وہ ہر معاملے میں اپنی بہنوں کو
آگے بڑھاتے ہیں اور ان کی باتوں میں آکر غصہ کرتے ہیں ‘ بہت گندگی زبان استعمال کرتے
ہیں ‘ آپ کوئی ایسا وظیفہ بتادیں کہ وہ گندی زبان استعمال نہ کریں اور سب آپس میں میل
محبت کے ساتھ رہیں ‘ ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کریں اور میرا گھر بسا رہے ‘ شوہر
ہر تھوڑے دن کے بعد طلاق کی دھمکی دیتے ہیں ‘ کہتے ہیں ‘ تم کو چھوڑ دوں گا ‘ اپنی
ماں کے پیٹ کو نہیں چھوڑ سکتا ‘ پھر میری زبان سے بھی کوئی سخت بات نکل جاتی ہے تو
جھگڑا بڑھ جاتا ہے‘ آخر کہاں تک برداشت کروں؟“
جواب: ہر مہینے کی ابتدا میں
ہم شرف قمر اور قمر در عقرب کا وقت دیتے ہیں اور ایسے مسائل کے حل کے لیے نقش و وظائف
بھی بتائے جاتے ہیں‘ آپ کو ان پر عمل کرنا چاہیے‘ شرف قمر کا وقت اب آئندہ ماہ 12جون
کو رات 10:43 سے صبح 12:25
تک ہوگا ‘ اس وقت کچھ چینی پر 786 مرتبہ بسم اللہ الرحمن
الرحیم پڑھ کر دم کرلیں اور یہ چینی گھر میں استعمال ہونے والی چینی میں ملا دیں تاکہ
گھر کے تمام افراد کے استعمال میں آئے‘ جب چینی ختم ہونے لگے تو اس میں مزید چینی ملا
دیا کریں۔
شوہر کو کھانے پینے کی کوئی بھی چیز پانی‘ چائے‘ دودھ‘ پھل
‘ روٹی سالن وغیرہ جب دیں تو ایک بار پوری سورہ کوثر پڑھیں اور پھر زبان سے ان کا نام
مع والدہ لے کر کہیں ”فلاں بن فلاں کی بد زبانی ابتر ابتر ابتر “ اور کھانے پینے کی
چیز پر پھونک مار دیا کریں ‘ یہ عمل لمبے عرصے تک مسلسل کرتی رہیں ‘ انشأاللہ ان کی
بدزبانی ختم ہوجائے گی ‘ اگر ممکن ہو تو نندوں کے لیے بھی کریں ‘ اس کے علاوہ قمر در
عقرب میں جو اس مہینے 30مئی کو شام 6:30
سے رات 8:26تک ہوگا
‘ شمال یا مشرق کی طرف منہ کر کے باوضو بیٹھیں اور کسی صاف کاغذ پر یہ سطریں نیلے یا
کالے قلم سے لکھ لیںاور تہہ کر کے تعویذ بنالیں پھر اس تعویذ کو گھر میں کسی وزنی چیز
کے نیچے دبادیں۔
”احد
رسص طعک لموھ لادیا یا غفور یا غفور بستم بد گوئی و زبان درازی فلاں بن فلاںفی حق فلاں
بنت فلاںیا حراکیل العجل العجل العجل الساعتہ الساعتہ الساعتہ “
پہلی بار فلاں بن فلاںکی جگہ شوہر کا نام مع والدہ اور دوسری
بار اپنا نام مع والدہ شامل کریں ایسے ہی دو نقش اپنی نندوں کے لیے بھی بنالیں اور
بعدازں کسی بھاری چیز کے نیچے دبادیں‘ اس کام سے فارغ ہو کر کچھ مٹھائی پر فاتحہ دے
کر بچوں کو تقسیم کردیں اور 543روپے خیرات کردیں۔ انشا اللہ کچھ عرصے میں حالات میں
تبدیلی آئے گی ۔
حافظے کی کمزوری
اسرار الحق ‘ حیدرآباد سے
لکھتے ہیں ” کچھ عرصے سے میں یادداشت کی کمزوری کا شکار ہوں ‘ اکثر ضروری کام بھول
جاتا ہوں ‘ لوگوں کے نام یاد نہیں رہتے ‘ ضروری کاغذات یا دیگر چیزیں بھی بہت سنبھال
کر رکھتا ہوں اور بعد میں یاد نہیںآتا کہ کہاں رکھی تھیں ‘ کچھ پڑھتا ہوں تو وہ بھی
بعد میں یاد نہیں رہتا‘ اس سلسلے میں میری رہنمائی کریں ‘ اس کی کیا وجہ ہے حالانکہ
پہلے میرا حافظہ بہت اچھا تھا اور پرانی باتیں اب بھی مجھے سب یاد رہتی ہیں لیکن اب
روزانہ کے معاملات میں بھول کا شکار ہوں ‘ کوئی دوا یا کوئی روحانی عمل ضرور تجویز
کریں ‘ بہت نوازش ہوگی“
جواب : یادداشت کا تعلق ہماری دلچسپی سے ہے ‘ جن باتوں میں
ہماری دلچسپی شدید ہوگی وہ ہمیں یاد رہتی ہیں اور جن سے زیادہ دلچسپی نہ ہو وہ ذہن
سے نکل جاتی ہےں لیکن آپ کا مسئلہ کچھ مختلف معلوم ہوتا ہے اور اس کی وجہ آپ کی حد
سے بڑھی ہوئی مصروفیات ہیں جن کا آپ نے ذکر کیا ہے ۔
وٹامن بی کی کمی بھی یادداشت پر اثر انداز ہوتی ہے اور خون
کی کمی یا دوران خون کی کمزوری جس کی وجہ سے خون کا دورہ دماغ تک بھرپور طریقے سے نہیں
ہوتا ‘ آپ کو اس حوالے سے بھی اپنا ٹیسٹ وغیرہ کرانا چاہیے۔
ہومیو پیتھک دوا کالی فاس 6x
آپ کو پابندی سے استعمال کرنا چاہیے اور ساتھ ہی وٹامن بی
کا استعمال بھی کرنا چاہیے ‘ آپ نے وظیفے کی فرمائش بھی کی ہے تو ایک وظیفہ بھی ہم
لکھ رہے ہیں۔
ایک کپ عرق گلاب لے کر بسم
اللہ‘ سورہ فلق ‘ سورہ الناس‘ سورہ الم نشرح ایک ایک مرتبہ پڑھ کر دم کرلیا کریں اور
پی لیا کریں ‘ یہ کام صبح نہار منہ لمبے عرصے تک یعنی تقریباً تین ماہ تک جاری رکھیں،
انشا اللہ آپ کی یادداشت بہتر ہوجائے گی ۔
شوہر سے دوری
ف،ر کراچی سے لکھتی ہیں” میری شادی 12 سال پہلے ہوئی تھی،اللہ
کے فضل و کرم سے 2 بیٹے اور 1 بیٹی بھی ہے،بعض مجبوریوں کی وجہ سے شوہر کو 5 سال قبل
ملک سے باہر جانا پڑا اور اب اُن کی واپسی ممکن نہیں ہے،انہوں نے بہت کوشش کی کہ کسی
طرح مجھے بلالیں اور میرے گھر والوں کی بھی یہی کوشش رہی لیکن کسی طرح بھی یہ ممکن
نہیں ہوسکا،میں بہت مایوس ہوچکی ہوں، آپ صاحب علم ہیں ، میرا حساب لگائیں، کیا میں
کبھی اپنے شوہر کے پاس جاسکوں گی یا وہ پاکستان آسکیں گے؟“
جواب: آپ کا تفصیلی خط خاصا متاثر کن ہے، جو حالات آپ نے
لکھے ہیں، اُن کے پیش نظر شوہر کی واپسی آسان نہیں ہے،آپ کو چاہیے کہ پیلا پکھراج کسی
مناسب وقت پر پہن لیں اس کے علاوہ ایک وظیفہ بھی ہم لکھ رہے ہیں ، نیا چاند ہونے کے
بعد نوچندی جمعرات سے شروع کریں،اسمائے الٰہی یا علیُ یا جامعُ اول آخر گیارہ بار درود
شریف کے ساتھ روزانہ پڑھیں ،مکمل وظیفے کی تعداد سوا لاکھ ہے، اب یہ آپ پر منحصر ہے
کہ یہ تعداد 40 دن میں پوری کریں یا 80 دن میں یا 120 دن میں۔ انشاءاللہ کوئی نہ کوئی
صورت شوہر کے پاس جانے کی نکل آئے گی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں