پیر، 13 اپریل، 2015

جسمانی یا اعصابی نقص اور مبالغہ آمیز رویہ

احساس کمتری ایک ذہنی کیفیت ہے جس سے نجات ضروری ہے

سورج، چاند گہن اور شرف شمس وغیرہ گزر گئے،گہنوں کے اثرات جولائی تک جاری رہیں گے، عام طور سے گہن تبدیلیوں کی نشان دہی کرتے ہیں،دنیا میں آنے والی تبدیلیاں اور کسی ملک کے یا انسان کے ذاتی برتھ چارٹ میں اپنی مخصوص پوزیشن کے مطابق آنے والے تبدیلیاں ۔

بہت سے معاملات ایسے ہوتے ہیں جن پر ہم فیصلہ نہیں کرپارہے ہوتے،جب گہن لگتے ہیں تو ہم فیصلہ کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں،دوسر ے معنوں میں ایسی صورت حال سے دوچار ہوتے ہیں کہ نہ چاہتے ہوئے بھی کوئی فیصلہ کر بیٹھتے ہیں یا کوئی قدم اُٹھالیتے ہیں اسی لیے سورج یا چاند گہن کو ایسٹرولوجی میں ”ٹرائیگر پر دباؤ کہا گیا ہے، اس کی تازہ مثال مارچ کی دنیاوی اور پاکستان میں سیاسی صورت حال ہے، دنیا میں اچانک ساری دنیا کی نظریں یمن کی جانب اُٹھ گئیں اور پاکستان میں بھی بعض ایسے کام ہوگئے جو لوگوں کے گمان میں نہ تھے،مثلاً نائن زیرو پر رینجرز کا چھاپہ وغیرہ۔



بہر حال اب نیو مون 18 اپریل کو ہورہا ہے ، اسلام آباد کے وقت کے مطابق  pm 23:57 پر قران شمس و قمر ہوگا اور طالع برج قوس کے 12 درجہ 39 دقیقہ طلوع ہوں گے، طالع کا حاکم مشتری آٹھویں گھر میں، راہو کی نظر کا شکار ہے،آٹھویں اور نویں گھر کے مالکان پانچویں میں حالات قران میں ہیں،دسویں گھر کا حاکم عطارد غروب ہے، اس کے ساتھ مریخ بھی غروب ہے، گویا نیو مون چارٹ مجموعی طور پر کمزور اور نحس اثرات کا حامل ہے جس کے نتیجے میں حکومت کے لیے نئے مسائل اور چیلنج اور عوام کے لیے مشکلات واضح طور پر محسوس ہورہی ہیں، مزید یہ کہ آئینی طور پر نئی پیچیدگیاں سامنے آئیں گی جو بحث و مباحثے کا حصہ بنیں گی۔ملک کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے بھی جو فیصلے ہوں گے وہ ہدف تنقید بنیں گے ، اسمبلی میں تحریک انصاف واپس آچکی ہے اور اسمبلی کا ستارہ زائچے کے چھٹے گھر میں اختلافات اور تنازعات کے بیج بورہا ہے لہٰذا آئندہ ماہ کی 4 تاریخ تک اسمبلی اگر کسی مچھلی مارکیٹ کا منظر پیش کرے تو حیران ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، راہو کیتو محور زائچے کے بعض گھروں کو متاثر کر رہے ہیں جن کے نتیجے میں کاموں میں بگاڑ پیدا ہوگا ، اختلافات یا تنازعات کے نتیجے میں تصادم کی صورت حال پیدا ہوگی۔ اگر حکومت وقت سے پہلے ہی متنازع صورت حال میں معقول اقدام اور فیصلے کرلے تو ہر قسم کے حادثات اور سانحات سے بچا جاسکتا ہے (واللہ اعلم بالصواب)

خوابیدہ لوگ

ہمارے اکثر قارئین شاید حالت خواب میں زیادہ رہتے ہیں اور اُس وقت جاگتے ہیں جب کسی کام کا وقت بالکل سر پر آجاتا ہے پھر فون کالوں اور ای میلز کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، ہم پہلے بھی اس صورت حال کی شکایت کرچکے ہیں کہ عین وقت پر فون کرکے یا ای میل کے ذریعے سوال و جواب کے لیے ہمیں مجبور نہ کیا جائے کیوں کہ بعض اہم اوقات ہماری بھی خصوصی مصروفیات کے ہوتے ہیں، اس بار بھی یہی ہوا کہ گہن کے وقت سے کچھ پہلے اور گہن کے وقت بھی فون بجتا رہا ، کوئی رجال الغیب کی سمت معلوم کرنا چاہتا ہے اور کوئی کسی عمل کے بارے میں اپنی کوئی الجھن دور کرنا چاہتا ہے ، یہی صورت حال شرف شمس کے اوقات کے حوالے سے بھی پیش آئی۔ ہم وقت سے بہت پہلے ایسے اہم اوقات کی نشان دہی کردیتے ہیں اور متعلقہ اعمال و وظائف یا نقوش وغیرہ بھی دے دیتے ہیں،اگر وقت سے کچھ پہلے رابطہ کرکے جو کچھ بھی معلوم کرنا ہو، کرلیا جائے تو خود بھی پریشانی سے بچ سکتے ہیں اور ہمیں بھی سہولت ہوگی، بہر حال شرف شمس کا سنہرا موقع ایک سال کے لیے رُخصت ہوا، اب جو لوگ اپنی کسی غلطی ، بھول چوک یا زیادہ مصروفیت کے سبب لوح اسم اعظم یا اسم اعظم کی انگوٹھی وغیرہ تیار نہیں کرسکے ہیں، وہ براہ راست رابطہ کرکے حاصل کرسکتے ہیں۔

سوال و جواب

اکثر لوگوں کے سوالات اپنی شادی ، روزگار ، ازدواجی زندگی کے مسائل سے متعلق ہوتے ہیں،بہت کم لوگ اپنی خوبیوں یا خامیوں کے بارے میں جاننے کے خواہش مند ہیں ، شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ لوگ اپنی خامیوں یا کمزوریوں کے حوالے سے بہت خوش گمان ہوتے ہیں بلکہ بعض لوگوں کا تو خیال یہ ہوتا ہے کہ وہ کوئی غلطی کرتے ہی نہیں ، ہر خامی یا کمزوری سے پاک ہیں، دوسرے اُن کے کاموں میں بگاڑ اور راستے میں رکاوٹیں پیدا کرتے رہتے ہیں یا ان پر تعویذ گنڈے اور گندے عملیات کرکے انہیں نقصان پہنچاتے ہیں،اس حوالے سے کوئی بھی غوروفکر نہیں کرتا کہ ہماری اپنی کوتاہیاں ، کمزوریاں اور خرابیاں کیا ہیں جو دوسروں کے لیے بھی پریشانی کا سبب ہوسکتی ہیں ، آئیے دو ایسی تحریروں پر نظر ڈالتے ہیں جن میں اپنی کمزوری اور خامی کا احساس موجود ہے۔

 احساس کمتری کا شکار

 این، اے لکھتے ہیں ” جناب آپ کا کالم میرے ایک دوست نے مجھے پڑھنے کے لیے دیا تھا‘ وہ آپ کا پرانا قاری ہے اور آپ کی بہت تعریف کرتا ہے‘ اسی کے مشورے پر آپ کو لکھ رہا ہوں‘ میں اپنی پڑھائی پر کافی توجہ دیتا ہوں مگر میرا مسئلہ یہ ہے کہ کلاس میں استاد کے سامنے مجھ پر گھبراہٹ سوار ہوجاتی ہے اور میرے منہ سے درست الفاظ نہیں ادا ہوتے‘ اگر چہ سوال کا جواب میرے ذہن میں ہوتا ہے لیکن اسے بیان کرنا مشکل ہوجاتا ہے‘ کبھی کبھی تو مجھ سے بولا ہی نہیں جاتا اور پھر ٹیچر اور لڑکے لڑکیاں ایسی نظروں سے مجھے دیکھتے ہیں جن میں حقارت اور طنزیہ انداز ہوتا ہے حالانکہ میں اسکول کا کام بھی پابندی سے کرلیتا ہوں‘ بس جب مجھ سے کوئی سوال کیا جاتا ہے تو پتا نہیں کیا گڑ بڑ ہوجاتی ہے‘ میں ہر وقت اپنی اس خامی کے بارے میں سوچتا رہتا ہوں اور خواب میں بھی یہ خوف میرا پیچھا نہیں چھوڑتا کیوں کہ اپنے خوابوں میں بھی میں عموماً ایسے لوگوں سے بچ رہا ہوتا ہوں جو مجھ سے کوئی سوال کر سکتے ہیں،گھر میں والد صاحب کے سامنے آنے سے گھبراتا ہوں کہ وہ اچانک مجھ سے کوئی سوال نہ کرلیں جس کا میں جواب نہ دے سکوں‘ والد صاحب خاصے غصے کے تیز ہیں‘ بہن بھائیوں سے بھی زیادہ بے تکلفی نہیں ہے ان کے بارے میں بھی مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ مجھے کوئی اہمیت نہیں دیتے کیوں کہ اکثر معاملات میں ان کا رویہ جارحانہ اور سخت ہوتا ہے‘ مہربانی کرکے آپ میرے مسئلے کا کوئی حل بتائیں‘ کیا میں واقع نالائق ہوں جیسا کہ دوسرے سمجھتے ہیں؟

 اس خط کے ساتھ ساتھ ایک اور خط بھی ملاحظہ کیجیے کیوں کہ یہاں بھی مسئلہ احساس کمتری کا ہی ہے۔

ایم، ایس لکھتی ہیں” میں ہمیشہ احساس کمتری میں مبتلا رہتی ہوں اور اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ میری بہنیں مجھ سے صورت شکل میں زیادہ بہتر ہیں اور جسمانی طور پر بھی میں ان سے کمزور ہوں حالانکہ میری والدہ ہمیشہ سے مجھے اچھی خوراک کھانے کی ہدایت کرتی رہی ہیں لیکن باوجود اچھا کھانے کے جسم کمزور اور دبلا پتلا ہے‘ البتہ اللہ کے فضل و کرم سے میرا رنگ بہت صاف ہے جس سے میرا حوصلہ بندھا رہتا ہے‘ شاید اسی وجہ سے میری شادی میں بھی کافی تاخیر ہوئی ہے جب کہ مجھ سے بڑی بہنوں کے علاوہ ایک چھوٹی بہن کی بھی شادی ہو چکی ہے‘ بہرحال خدا کا شکر ہے کہ اب میری منگنی ہو چکی ہے لیکن منگنی کے بعد میری پریشانی اوربڑھ گئی ہے‘ یہ خیال ہر وقت پریشان کرتا رہتا ہے کہ سسرال جانے کے بعد کیا ہوگا ؟ میرا احساس کمتری مزید شدت سے ابھر آیا ہے‘ ہر وقت یہ فکر رہتی ہے کہ وہاں لوگ مجھے کس نظر سے دیکھیں گے اور میرے بارے میں کیا رائے قائم کریں گے خصوصاً شوہر کا رویہ کیسا ہوگا؟ وہ مجھے محبت اور پسندیدگی کی نظروں سے دیکھیں گے یا نہیں ؟ حالاں کہ وہ تصویر تو دیکھ چکے ہیں ‘ اسی طرح ساس اور نندیں بھی مجھے دیکھ کر میری تعریف کرتی رہتی ہیں مگر یہ سوچتی ہوں کہ ہو سکتا ہے کہ یہ تعریف محض رسماً کی ہوگی‘ بعد میں خدا معلوم کس قسم کی باتیں بنائی جائیں‘ آپ کہیں گے کہ میں بہت وہمی اور مایوسی کا شکار ہوں‘ اسی لیے آئندہ کے بارے میں ایسی باتیں سوچ رہی ہوں لیکن حقیقت یہ ہے کہ میری ان باتوں کے حوالے سے پریشانی کی ایک اور وجہ بھی ہے اور وہ یہ ہے کہ تقریباً دو سال پہلے میری تھوڑی اور ہونٹوں کے اوپر بال نکلنے شروع ہوگئے تھے‘ میری ایک شادی شدہ بہن نے ایک بیوٹی پارلر سے اس مسئلے کا حل کرادیا مگر یہ مسئلہ مستقل طور پر ختم نہیں ہوا بلکہ اب زیادہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، جسم کے بعض دیگر حصوں مثلا پنڈلیوں وغیرہ پر بھی زیادہ بال نکلنے لگے ہیں‘ اسی دوران جب میں نے ایک ڈاکٹر سے مشورہ کیا تو انہوں نے کچھ ٹیسٹ کرائے اور کچھ دوائیں بھی تجویز کیں مگر کچھ فائدہ نہیں ہوا ، اس مسئلے کی وجہ سے میں مزید پریشان ہوں‘ سسرال جانے کے بعد اس صورت حال کا کیا نتیجہ نکلے گا؟

جواب : احساس کمتری علم نفسیات کے اہم موضوعات میں سے ایک ہے‘ اس پر بہت لکھا جا چکا ہے‘ ماہرین نفسیات نے بھی اس موضوع سے پورا پورا انصاف کیا ہے اور مختلف زاویوں سے اس مسئلے کی تشریح و وضاحت کی ہے‘ مذکورہ بالا دونوں افراد کا مسئلہ احساس کمتری ہے۔ ایک ذہین اور محنتی لڑکا صرف اس احساس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے قدم قدم پر ناکامی کا شکار ہو رہا ہے اور ایک لڑکی کے ساتھ بھی یہی مسئلہ ہے جس کی وجہ سے وہ ڈپریشن میں مبتلا ہے ۔

 احساس کمتری درحقیقت ایک ذہنی کیفیت کا نام ہے‘ اس ذہنی کیفیت کا اظہار اس طرح ہوتا ہے کہ ہم اپنے کسی جسمانی یااعصابی نقص کو مبالغہ آمیز انداز سے دیکھنے لگتے ہیں‘ وہ نقص یا خرابی حقیقی ہو یا غیر حقیقی‘ اس سے بحث نہیں مثلاً دوسر ے مسئلے میں اپنی دیگر بہنوں کے مقابلے میں خود کو صورت شکل میں کمتر سمجھنا‘ بعض لوگ اپنے چھوٹے قد کو بھی اپنے لیے مسئلہ بنا لیتے ہیں‘ اسی طرح کچھ لوگ جسمانی طور پر بہت زیادہ کمزور یا جسمانی طور پر بہت زیادہ فربہ ہونے کو اپنے لیے مسئلہ بنا لیتے ہیں اور اپنا موازنہ دوسرے لوگوں سے کر کے احساس کمتری میں مبتلا ہوجاتے ہیں ‘ لڑکیوں میں اکثر کالا یا سانولا رنگ بھی احساس کمتری کا باعث بنتا ہے اور وہ اپنے سے زیادہ صاف اور گورے رنگ کی لڑکیوں کے مقابلے میں احساس کمتری کا شکار ہوجاتی ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ سب ہماری سوچ کا کرشمہ ہے‘ ایک سائنسی حقیقت یہ ہے کہ ہم وہی کچھ بن جاتے ہیں جو کچھ اپنے بارے میں سوچتے ہیں‘ انسان کا طرز فکر اور اس کے سوچنے کا ڈھنگ انسانی کردار‘ انسانی اعضا کی حرکات پر اس شدت سے اثر انداز ہوتا ہے کہ خدا کی پناہ‘ مذکورہ بالا دونوں افراد میں سوچ کے حوالے سے یہ شدت موجود ہے‘ دونوں کردار اپنی خامیوں کے بارے میں ہی منفی انداز سے سوچتے رہتے ہیں ‘ نتیجے کے طور پر ویسے ہی ہو کر رہ گئے ہیں جیسا اپنے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

 سوچ کی یہ بنیادی خامی کہیں ابتدائی تربیت یعنی بچپن کے ماحول اور تعلیمات سے تعلق رکھتی ہے تو کہیں اس کی وجوہات کا سبب بعض پیدائشی خرابیاں بھی ہوتی ہیں‘ دونوں کرداروں کے بھائی بہن موجود ہیں یقیناً بہت چھوٹی عمر میں ہی ان کے ہاں یہ احساس پیدا ہوگیا ہوگا کہ ہمارے ساتھ گھر والوں کاسلوک نامناسب ہے اور یہ کہ ہمیں نظر انداز کیا جا رہا ہے، دونوں کی تحریر میں یہ اعتراف موجود ہے کہ وہ اپنے گھر میں اور اپنے بہن بھائیوں میں کمتر درجے کی حیثیت رکھتے ہیں ‘ در حقیقت یہی اعتراف، یہی تصور اور یہی احساس ان کی موجودہ دماغی الجھنوں کا محرک ہے۔ اگر (ایم ایس) کو یہ اندازہ ہوتا کہ صورت شکل کا حسن آنی جانی اور عارضی چیز ہے‘ حقیقی اور دائمی حسن تو سیرت کا کہلاتا ہے جسے کبھی زوال نہیں ہے اور آپ نے دیکھا ہوگا کہ جو لوگ اپنی سیرت اور صلاحیتوں کے بارے میں پر اعتماد ہوتے ہیں‘ وہ اپنے معمولی شکل و صورت‘ قدوقامت، حلیے اور حیثیت کی زیادہ پروا نہیں کرتے اور معاشرے میںاپنا بھرپور کردار نہایت خوش اسلوبی سے ادا کرتے رہتے ہیں ‘ انہیں کبھی یہ فکر نہیں ہوتی کہ وہ کسی حسین ترین یا قد آور‘ جسمانی طور پر اسمارٹ شخصیت کے سامنے کیسے لگ رہے ہیں‘ وہ ہمیشہ اپنی صلاحیتوں پر فخر کرتے ہیں اور ان کے بل بوتے پر دنیا میں بلند مقام حاصل کرتے ہیں‘ اول ( این ایف) کو چاہیے کہ وہ اپنی سوچ میں تبدیلی لائیں‘ یہ سوچنا چھوڑ دیں کہ وہ نالائق ہیں یا ان میں جسمانی یا ذہنی طور پر کسی نوعیت کی کوئی کمی ہے‘ ان کا برج سنبلہ ہے جس کا تعلق ذہانت ‘ تربیت و سلیقے سے ہے‘ دوسروں سے اپنا موزانہ کرنا چھوڑدیں اور نہ ہی اس بات پر توجہ دیں کہ دوسرے انہیں کس نظر سے دیکھتے ہےں‘ ساتھ ہی اس بات کو اپنی اہلیت کا معیار نہ بنائیں کہ وہ دوسروں سے بات نہیں کر سکتے‘ بے شمار ذہین اور قابل لوگ ایسے بھی گزرے ہیں جو تقریر کے میدان میں نہایت پھسڈی تھے لیکن تحریر کے میدان میں غازی ٹھہرے، مشہور کلاسیکل گائیک استاد حامد علی خاں بچپن ہی سے ہکلاہٹ کا شکار تھے اور اب بھی انہیں رک رک کر گفتگو کرنا پڑتی ہے لیکن اپنی گائیکی کے دوران میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ وہ ہکلاہٹ کے مرض میں مبتلا ہیں۔

اپنی سوچ کو بدلنے کے لیے مستقلاً اس فقرے کو اپنے ذہن میں دہراتے رہا کریں کہ ”میں کسی سے کمتر نہیں ہوں‘ نہ ہی مجھے کسی کا کوئی خوف ہے‘ میں وہ سب کچھ کر سکتا ہوں جو دوسرے کر سکتے ہیں“ فارغ اوقات میں اپنے بہن بھائیوں یا کسی دوست سے دیر تک مختلف موضوعات پر بات چیت کیا کریں اور اس بات کی فکر نہ کیا کریں کہ وہ بات چیت کس نوعیت کی ہوگی‘ بہتر ہو گا کہ اسی موضوع پر بات کریں جس پر دوسرا فریق بھی بات کرنا چاہتا ہو‘ اس کے لیے ضروری ہوگا کہ آپ اپنی نصابی معلومات کے علاوہ دیگر دنیاوی اور تفریحی موضوعات سے بھی واقفیت حاصل کریں‘ ٹی وی کے دلچسپ اور معلوماتی پروگرام دیکھا کریں یا جو پروگرام آپ کے بہن بھائی دیکھتے ہوں‘ آپ بھی دیکھا کریں تاکہ ان سے گفتگوکا راستہ نکل سکے‘ ساتھ ہی آپ کو سانس کی مشق بھی کرنا چاہیے‘ ہماری کتاب ”مظاہرِ نفس“ کا مطالعہ کریں ۔

عزیزم ایم ایس! آپ کا احساس کمتری کا مسئلہ تو آسانی سے حل ہوجائے گا اور اس کے لیے اوپر دی گئی ہدایات پر عمل کریں اور آپ بھی یہ فقرہ بار بار ذہن میں دہراتی رہا کریں کہ میں کمتر درجے کی لڑکی نہیں ہوں‘ ہر وہ کام کرسکتی ہوں جو دوسری لڑکیاں کر سکتی ہیں‘ میں بدصورت بھی نہیں ہوں بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ میری خوبصورتی میں اضافہ ہو رہا ہے‘ میرے چہرے کے بال ایک عارضی بیماری ہیں جو بہت جلد ختم ہوجائے گی‘ اسی طرح آنے والے وقت کے حوالے سے بھی اپنے اندر مثبت سوچ پیدا کریں ‘ اپنے شوہر اور سسرال والوں کے بارے میں ابھی سے بدظن نہ ہوں بلکہ خوش امید رہیں کہ وہ اچھے اور معقول لوگ ہیں‘ انہوں نے آپ کو پسند کیا ہے اور آپ ان کے درمیان اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے اپنی حیثیت کو منوالیں گی‘ انہیں اپنی ضرورت کا احساس دلا کر ان کے دل میں اپنا مقام بنا لیں گی‘ یاد رکھیں ‘ صورت شکل کی پسندیدگی ایک عارضی چیز ہے، حسن سیرت کا تعلق ہمارے اعمال سے ہے‘ ایک خوش گفتار‘ ذمے دار‘ شوہر کے دکھ درد کا احساس رکھنے والی خدمت گزار بیوی اگر خوبصورت نہ بھی ہو تو شوہر کے لیے ناگزیر بن جاتی ہے بلکہ اکثر اس کی مجبوری بن جاتی ہے‘ آپ کے لیے شوہر کی نظروں میں یہ مقام حاصل کرنا مشکل نہ ہوگا کیوں کہ سنبلہ ہونے کی وجہ سے آپ مسلسل کام کرنے کا رجحان رکھتی ہیں، اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے آپ کو زمرد یا جیڈ کا نگینہ پہننا چاہیے، برج سنبلہ کا حاکم سیارہ عطارد ہے اور زائچے میں اگر عطارد کمزور ہو تو کئی قسم کی خرابیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔

 دوسرا مسئلہ جو زیادہ اہم ہے، وہ بالوں سے متعلق ہے، آج کل ایسے بالوں کو ختم کرنے کے لیے جدید لیزر ٹریٹمنٹ موجود ہے‘ آپ اس سے استفادہ کر سکتی ہیں تاکہ فوری طور پر اس سے نجات پا کر اپنا اعتماد بحال کر سکیں اور آپ کے ذہن پر اس پریشانی کی وجہ سے جو خوف مسلط ہوگیا ہے وہ بھی دور ہو سکے لیکن اصل مسئلہ اس بیماری کے جڑ سے خاتمے کا ہے کیوں کہ ظاہری صورت میں تو یہ آپ کے لیے ایک نفسیاتی مسئلہ بن گئی ہے لیکن باطنی طور پر یہ مرض بانجھ پن کی علامت ہے‘ اس کا تعلق ”ہارمونل ڈسٹربینس“ سے ہے‘ سادہ الفاظ میں اس بات کو یوں سمجھ لیں کہ آپ کے جسم میں فی میل (زنانہ) ہارمون کے مقابلے میں میل (مردانہ) ہارمون کی افزائش زیادہ ہو رہی ہے ‘ یہ بیماری بسا اوقات جب خطرناک صورت اختیار کرتی ہے تو شادی یا مخالف جنس سے بے زاری اورکبھی کبھی تبدیلی جنس تک لے جاتی ہے اور اکثر بے اولادی کے کیسوں میں یہ صورت حال موجود ہوتی ہے لہٰذا اس کے باقاعدہ علاج پر توجہ دیں ‘ ہمارے نزدیک تو اس کا ہومیو پیتھک علاج ہی بہتر ہے‘ ایلو پیتھک طریقہ علاج میں شاید ہارمونز سے متعلق انجیکشن وغیرہ دیے جاتے ہیں‘ ہمیں اس کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں‘ بہتر ہوگا کہ شادی سے پہلے ہی اس بیماری کا علاج کرالیا جائے۔

ناکامیاں مقدر

کے، جے، حیدرآباد سے لکھتی ہیں”میرے ساتھ بہت سی پرابلمز ہیں جس کے حل کے لیے آپ کو میل کر رہی ہوں،سب سے بڑا مسئلہ میری شادی کا ہے، عمر زیادہ ہوگئی ہے جس کی وجہ سے اب فکر ہونے لگی ہے، بہت سے وظائف بھی پڑھ چکی ہوں اور روحانی علاج بھی کرواچکی ہوں،سب یہی کہتے ہیں کہ بندش ہے لیکن کوئی فائدہ کسی علاج سے نہیں ہوا،کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ آخر پرابلم کیا ہے؟اور دوسری پرابلم یہ ہے کہ میں نے کینیڈا امیگریشن کے لیے اپلائی کیا ہوا ہے،اُس میں بھی رکاوٹیں آرہی ہیں اور کام اٹکا ہوا ہے، دو بار ایلیٹس کا ٹیسٹ دے چکی ہوں لیکن کامیابی نہیں ہورہی، محنت بھی کر رہی ہوں ، ٹیسٹ پاس کرنے کے لیے لیکن ہر بار ناکام ہوجاتی ہوں اور تیسری پرابلم یہ ہے کہ میں جاب کرنا چاہتی ہوں، جاب بھی نہیں مل رہی کیوں کہ اب گھر کے حالات ٹھیک نہیں ہیں جس کی وجہ سے میں جاب کرنا چاہتی ہوں ، آپ کو یہ بھی بتاتی چلوں کہ یہ ساری پرابلمز صرف میرے ساتھ ہی نہیں ہے، میری پوری فیملی کے ساتھ ہیں،ہم پانچ بہن بھائی ہیں ، ان میں صرف ایک سب سے چھوٹے بھائی کی شادی ہوئی ہے لیکن ان کو اولاد نہیں ہے اور باقی سب کنوارے ہیں،میری بڑی بہن کی بھی شادی نہیں ہوئی اور سب کے ساتھ جاب نہ ملنے کی پرابلم ہے جن بھائی کی شادی ہوئی ہے، صرف وہی گھر کو چلا رہے ہیں اور میرے گھر کا کوئی بھی فرد کام کرنے کی کوشش کرتا ہے تو کسی کا کوئی کام نہیں بنتا، ہر کام میں رکاوٹ آجاتی ہے ، ایسا لگتا ہے کہ ناکامی ہمارا مقدر بن چکی ہے جس کی وجہ سے ہم بہت پریشان ہیں،ناکامیوں کی وجہ سے سب کے مزاج میں چڑچڑاپن آگیا ہے اور سب کو غصہ بھی بہت جلدی آجاتا ہے،کوئی کہتا ہے کہ آپ کی پوری فیملی پر بندش ہے ، آپ ہماری مدد کیجیے،بتائیے آخر کیا مسئلہ ہے اور اس کا حل یا علاج بھی بتادیں؟

جواب: وقت کی گردش یا نحوست کبھی کبھی پوری فیملی کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے اور اگر بروقت معقول علاج یا حل نہ ہوسکے تو پوری زندگی تباہ ہوجاتی ہے،آپ کی فیملی کی بدبختی کا آغاز تو اسی وقت ہوگیا تھا جب چھوٹی سی عمر میں والد کا انتقال ہوگیا، یہ آپ کی والدہ کے لیے بھی ایک بہت بڑا المیہ تھا اور آپ کے بہن بھائیوں کے لیے بھی ، کیوں کہ اب والدہ کے سامنے آپ کی پرورش کا زبردست چیلنج موجود تھا،انہوں نے جیسے تیسے آپ کو جوان کیا ، اس صورت حال میں آپ کے گھر میں کون رشتہ لے کر آتا اور کون رشتہ دیتا؟ آپ کے بھائیوں کی نالائقی اس حوالے سے نمایاں ہے،ایک بھائی کے سوا کسی نے معقول کیرئر بنانے کی کوشش نہیں کی ، یہ کہہ دینا کافی نہیں ہے کہ جاب نہیں ملتی، اگر جاب نہیں ملتی تو اور بہت سے کام ہیں جو دو وقت کی روٹی کمانے میں مددگار ہوسکتے ہیں جس بھائی نے اپنا کیرئر بنایا، اُس کی شادی بھی ہوگئی اور اب بقول آپ کے وہ پورا گھر چلا رہا ہے، بہر حال آپ کے بھائیوں کے حوالے سے ہم کوئی بات نہیں کرنا چاہتے کیوں کہ اُن کے زائچے ہمارے سامنے نہیں ہیں اور یہی صورت بہن کے حوالے سے بھی ہے۔


آپ کا زائچہ شادی میں تاخیر اور کاموں میں رکاوٹ ظاہر کر رہا ہے اور اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ آپ ذہین ، سمجھ دار اور ترقی کرنے کی خواہش مند ہیں،آپ کا شمسی برج عقرب اور پیدائشی برج سرطان ہے جب کہ قمری برج جوزا ہے۔زائچے میں شادی کے ستارے اور فیملی سے متعلق ستارہ کمزور ہے، اسی لیے شادی میں تاخیر ہورہی ہے اور فیملی پرابلمز بھی چل رہی ہیں لیکن یہ پرابلمز اب حل ہونے کا وقت آگیا ہے، 7 جولائی 2015  کے بعد آپ کا اچھا وقت شروع ہوگا جو 16 مارچ 2018  تک جاری رہے گا،اس وقت میں شادی بھی ہوسکتی ہے ، اگر آپ کرنا چاہیں کیوں کہ یہ کام آپ کو خود ہی کرنا پڑے گا،کوئی موقع نکلے گا جسے آپ قبول کرنا چاہیں تو کرسکتی ہیں لیکن آپ کا مسئلہ یہ ہے کہ سرطان ہونے کی وجہ سے آپ اپنی فیملی سے بہت زیادہ کلوز ہیں اور جذباتی سوچ کی مالک ہیں، اپنے ذاتی مفادات کو فیملی کی خاطر نظر انداز کرسکتی ہیں،آپ کا بہتر مستقبل پاکستان سے باہر ہوگا، ایلیٹس میں ناکامی کی وجہ بھی آپ کی ایموشنل پوزیشن ہے جس کی وجہ سے آپ ذہنی انتشار میں مستقل مبتلا رہتی ہیں اور سخت محنت کے باوجود بھی امتحان میں ناکام ہوتی ہیں،آپ کو چاہیے کہ اپنے فیملی مسائل کو ذہن سے جھٹک کر صرف اپنے ذاتی مفاد کے لیے کوشش کریں، اگر آپ کامیاب ہوجائیں گی اور کوئی بہتر مقام حاصل کرلیں گی تو پھر فیملی کی بھی مدد کرسکیں گی ، آپ کے لیے ضروری ہے کہ لوح اسم اعظم اور سفید پکھراج کا نگینہ پہن لیں، یہ آپ کی شادی کی رکاوٹ کو دور کرے گا، اگر لوح زہرہ نورانی بھی پاس رکھیں تو بہت جلد نصیب کھل جائے گا، اپنا صدقہ پابندی کے ساتھ ہفتے کے روز دیا کریں اور بوڑھے ، معذور یا سخت بیماریوں میں مبتلا افراد کی حسب توفیق مدد کیا کریں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں