پیر، 2 مارچ، 2015

اسم اعظم

آیئے اپنے سوالات اور ان کے جوابات کی طرف:


اے، ایم، کے اپنی ای میل میں لکھتے ہیں ” میں آپ کے آرٹیکل شوق سے پڑھتا ہوں اور آپ کی ویب سائٹ پر بھی مختلف موضوعات کے حوالے سے آرٹیکلز کا مطالعہ کرتا ہوں، مجھے علم نجوم سے زیادہ دلچسپی نہیں ہے لیکن علم جفر اور علم الاعداد سے دلچسپی ہے۔ آپ کی ویب پر اسم اعظم نکالنے کا طریقہ بتایا گیا ہے ، میں نے اس طریقے سے اپنا اسم اعظم معلوم کرنے کی خاصی کوشش کی لیکن مجھے کامیابی نہیں ہوسکی، اب آپ سے درخواست ہے کہ میرا مسئلہ حل کریں اور طریق کار بھی وضاحت سے سمجھا دیں ، میرے نام کے اعداد مع والدہ 343 ہیں جب کہ مقصد رزق کی فراوانی اور کشادگی ہے لہٰذا مقصد کے مطابق اسم الٰہی رزاق لیا جس کے اعداد 308 ہوتے ہیں، اب باقی 35 بچتے ہیں، ایسی صورت میں اسم اعظم کیا ہوسکتا ہے؟دوسری بات یہ کہ اگر مطلوبہ اسم اعظم کو 343 مرتبہ روزانہ کسی مقررہ وقت میں پڑھا جائے تو یہ تقریباً 1 سال سے زیادہ وقت لے گا اور فائدہ بھی ایک سال بعد ہی ہوگا، ایسی صورت میں ایک ہی مقررہ وقت پر پڑھائی کیونکر ممکن ہوسکتی ہے؟



جواب:آپ نے پہلا اسم الٰہی رزاق لے کر اپنے نام کے اعداد سے نا انصافی کی ہے کیوں کہ اس کے اعداد بہت زیادہ ہیں، اگر مقصد رزق ہے تو رزاق کے علاوہ بھی کوئی دوسرا کم تعداد کا اسم الٰہی لیا جاسکتا ہے مثلاً باسط، وہاب، معطی، منعم وغیرہ۔ بہر حال آپ کے لیے اسم اعظم ہم نے ترتیب دے دیا ہے جو یہ ہے۔

یا حَکیمُ الَباسِطُ السلامُ

اب آپ اس کی میزان چیک کرلیں، یہ 343 ہوگی جو آپ کے نام کے اعداد ہیں، تینوں اسمائے الٰہی الف لام کے اضافے سے باہم متصل ہوگئے ہیں اور ان کے اعداد اسمائے الٰہی کے اعداد کے ساتھ مل کر 343 کی تعداد پوری کر رہے ہیں ، خیال رہے کہ اسمائے الٰہی کے درمیان الف لام کا اضافہ ضرور کریں کیوں کہ قرآن کریم میں بھی تمام اسمائے الٰہی اسی ترکیب سے آئے ہیں لہٰذا الف لام کے اعداد بھی شامل کیے جائیں گے البتہ ابتدا میں ”یا“ جو حرف ندا ہے، اس کے اعداد شامل نہیں کیے جائیں گے۔

دوسرا مسئلہ جسے آپ نے مسئلہ بنالیا ہے ، اتنا اہم نہیں ہے، وقت مقررہ کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ آپ گھڑی کے کانٹے پر نظر جمادیں بلکہ وقت مقررہ سے مراد یہی ہے کہ اگر بعد فجر کا وقت مقرر کریں تو پھر فجر کے وقت ہی پڑھا کریں یا عشأ کے بعد کا وقت رکھیں تو اس کی پابندی کریں ۔ آخری بات یہ کہ ایک سال تک یا اس سے زیادہ عرصے میں سوا لاکھ کی تعداد پوری ہوگی اور آپ اس بات سے بھی پریشان ہیں تو یہ آپ کی سوچ کا قصور ہے ، آپ جس دن سے اپنا اسم اعظم پڑھنا شروع کریں گے، اس کے فیوض و برکات حاصل ہونا شروع ہوجائیں گے۔اس فکر میں نہ رہیں کہ جب تک سوا لاکھ کی تعداد پوری نہیں ہوگی ، آپ کو اپنی پڑھائی کا کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا یا اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا،امید ہے اب آپ کی پریشانی دور ہوگئی ہوگی۔

رشتے نہیں آتے

محمد سعید ، حیدرآباد سے لکھتے ہیں ”میرا مسئلہ یہ ہے کہ کئی بیٹیوں کا باپ ہوں لیکن ایک بیٹی کا رشتہ نہیں آتا اور دوسری بیٹیوں کی رشتے آجاتے ہیں ، خواہ کہیں بات بنے یا نہ بنے ، آپ مہربانی کرکے ایسا وظیفہ بتادیں کہ یہ مسئلہ حل ہوجائے ، پہلے بھی بہت سے وظیفے پڑھے ہیں لیکن ابھی تک کوئی فائدہ نہیں ہوا

جواب: آپ کی بیٹی کے زائچے میں پیدائشی طور پر ایسی خرابی موجود ہے جو شادی میں تاخیر اور رکاوٹ کا باعث ہے ، حالاں کہ شادی کے بعد اس کی زندگی میں خوشیاں آئیں گی ، کچھ عرصہ پہلے ہم نے عمران خان کی شادی کے حوالے سے ایک تفصیلی مضمون شادی اور ازدواجی زندگی کے موضوع پر لکھا تھا اور ایسی خرابیوں کی نشان دہی کی تھی جو شادی میں تاخیر یا رکاوٹ کا باعث ہوتی ہیں، بیٹی کا پیدائشی برج سرطان ہے اور دوسرا گھر جو فیملی کی نشان دہی کرتا ہے اس کا حاکم زائچے میں بہت بری پوزیشن میں ہے،اسی طرح ساتویں اور آٹھویں گھر کے مالکان بھی خراب جگہ ہیں۔ اس صورت حال میں صرف وظیفے پڑھنے سے کام نہیں ہوگا، ساتھ ہی ضروری صدقات بھی دیے جائیں یعنی ہفتے کے روز کسی زیادہ عمر کے غریب آدمی یا کسی معذور کی مدد کی جائے ، خواہ اسے ایک وقت کا کھانا ہی کھلادیا کریں اور اتوار کے روز کسی غریب بال بچے دار کی مدد کریں تو ممکن ہے آپ یہ کہیں کہ ایک ایسا غریب بال بچے دار تو میں خود ہوں، غریب ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اللہ کی راہ میں صدقہ و خیرات کرنا ضروری نہیں رہا ، جو بھی توفیق ہوسکے کرنا چاہیے۔اگر آدھا کلو سرخ چاول پرندوں کو ڈال دیا کریں تو یہ بھی بہت ہوگا ۔دوسرے نمبر پر بیٹی کو سرخ یاقوت کا نگینہ مناسب وقت پر پہنایا جائے، یہ بھی شاید آپ کے لیے ممکن نہ ہو تو سرخ رنگ کا امریکن زرقون جو کافی سستا مل جاتا ہے ، پہنادیا جائے یا سرخ گومیدک بھی پہنایا جاسکتا ہے۔جہاں تک وظیفے کا تعلق ہے تو بہترین وظیفہ یہ ہوگا کہ سورۃ توبہ کی آیت نمبر 128 اور 129 روزانہ کسی مقررہ وقت پر 101 مرتبہ پڑھ کر حضور پاک ﷺ کے حوالے سے دعا کیا کریں اور اس وظیفے کو اس وقت تک جاری رکھیں جب تک مقصد حاصل نہ ہوجائے ، خیال رہے کہ پھر کوئی دوسرا وظیفہ ہر گز نہ پڑھیں ، خواہ کوئی کتنا بھی زور دے، ہم دیکھتے ہیں کہ لوگ بیک وقت ایک ہی مقصد کے لیے کئی کئی وظیفے پڑھتے رہتے ہیں ، جس نے جو بتادیا ، شروع کردیا ، یہ بہت غلط طریقہ ہے ، جب ہر وظیفے میں اللہ کے نام یا اللہ کا کلام ہی پڑھنا ہے تو اتنے سارے وظائف پڑھنے کی کیا ضرورت ہے؟ یہ تو کلام الٰہی کی توہین ہے اورآپ کے ایمان کی کمزوری کہ آپ کو کسی ایک اسم الٰہی یا آیت قرآنی پر بھروسا نہیں ہے۔

بندش ہے

رخسانہ ، حیدرآباد سے لکھتی ہیں”میری بہن کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ اس کا جہاں سے بھی رشتہ آتا ہے وہاں بات نہیں بنتی ، کبھی ہم منع کردیتے ہیں تو کبھی دوسری طرف سے انکار ہوجاتا ہے،ہم نے دو تین مولوی صاحبان کو دکھایا ہے تو انہوں نے بتایا کہ بندش ہے اور ہم نے بندش کا توڑ بھی کروایا ہے ، ساتھ ساتھ وظیفہ بھی پڑھا ہے لیکن ابھی تک کوئی رشتہ ایسا نہیں آیا جہاں بات بنی ہو، میری بہن کی وجہ سے میری امی بہت پریشان رہتی ہیں، مہربانی کرکے آپ اس کے لیے دعا کریں اور کچھ پڑھنے کے لیے بھی بتائیں کہ کہیں سے اچھا رشتہ آجائے

جواب: آپ کی بہن کے زائچے میں بندش تو ضرور ہے مگر یہ وہ بندش نہیں ہے جو مولوی صاحبان سمجھ رہے ہیں ، بہر حال ہم تو یہ بھی نہیں جانتے کہ انہیں اس معاملے میں کون سی بندش نظر آئی تھی جس کا آپ نے توڑ بھی کروالیا مگر کہیں رشتہ طے نہیں ہوسکا۔

علم نجوم میں سیارہ زہرہ کو شادی اور ازدواجی زندگی کا نمائندہ کہا جاتا ہے اور آپ کی بہن کے زائچے میں یہ اہم نمائندہ غروب ہے، یہی بندش کا باعث ہے ،ہمارے خیال میں اکتوبر 2009 ءسے ستمبر 2012 ءتک یقیناً ایسے رشتے آئے ہوں گے جو آپ لوگوں نے اپنی بے وقوفی کے باعث مسترد کردیے ہوں گے، ہمیں نہیں معلوم کہ آپ جن رشتوں کو منع کرتے ہیں اور جن پر آپ کی نظر ہوتی ہے، اس حوالے سے آپ کی سوچ کیا ہے ؟بہر حال اب 8 اپریل 2016 ءسے پھر ایسا وقت شروع ہوگا جس میں شادی کا قوی امکان موجود ہے لیکن اگر آپ اپنی مخصوص پسند نا پسند کو معیار بنائیں گے تو یہ وقت بھی نکل جائے گا، اکثر ہم لوگ بہت سی ظاہری باتوں کو اہمیت دیتے ہیں اور پسند نا پسند کا فیصلہ کرتے ہیں جب کہ ہماری آنکھیں تو کسی بھی رشتے کی اچھائی یا برائی نہیں دیکھ سکتیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ زہرہ کی خرابی کو دور کرنے کے لیے ڈائمنڈ کا نگینہ پہنایا جائے جو ظاہر ہے اکثر دولت مندوں کے لیے بھی ممکن نہیں ہے لہٰذا سفید امریکن زرقون کا نگینہ ایسے وقت پر پہنایا جائے جب سیارہ زہرہ اچھی اور باقوت پوزیشن میں ہو ، اگر لوح زہرہ نورانی یا طلسم زہرہ کی انگوٹھی پہنائی جائے تو وہ کسی اعلیٰ درجے کے ڈائمنڈ سے بڑھ کر ہوگی۔


اپنی بہن سے کہیں کہ اپنی نیت اور دل صاف رکھے کیوں کہ اس کے مزاج اور فطرت میں بعض خرابیاں موجود ہیں جن کی وجہ سے اس کے وظیفے بھی بے اثر ہورہے ہیں ، وہ بہت زیادہ منفی سوچ رکھتی ہے ، جیلیسی اور حسد کا شکار رہتی ہے ، جلتی کُڑھتی رہتی ہے،اس سے کہیں کہ ہر صورت میں اللہ کے حضور شکر گزاری کا اظہار کرے تو انشاءاللہ اس کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔پابندی سے اتوار کے روز گندم ، گڑھ یا سرخ چاول ملا کر صدقہ دیا کریں اور منگل کے روز آوارہ کتوں کو خوراک ڈلوایا کریں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں