اتوار، 9 مئی، 2021

برج جوزا،سرطان اور اسد سے تعلق رکھنے والی خواتین

 سُن تو سہی جہاں میں ہے تیرا فسانہ کیا

جوزا عورت

برج جوزا دائرۂ بروج کا تیسرا برج اور اپنے عنصر کے اعتبار سے ہوائی (Air) ہے، پل پل رنگ بدلتا سیارہ عطارد اس کا حکمران ہے، اس کا نعرہ ہے ”میں سوچتا ہوں“ لیکن در حقیقت یہ لوگ جیسے نظر آتے ہیں، ویسے نہیں ہوتے، ان کا حقیقی نعرہ یہ ہے ”میں جانتا ہوں“
ہالی ووڈ کی فلم انڈسٹری میں انقلاب لانے والی شہرہ آفاق اداکارہ مارلن منرو کا برج جوزا تھا، وہ کہتی ہے ”شوہر خاص طور سے اس وقت اچھے یار ثابت ہوتے ہیں جب وہ اپنی بیویوں سے بے وفائی کر رہے ہوں“
جوزا عورت نہایت ذہین و فطین، اڑتی چڑیا کے پر گننے والی اور مسلسل اضطراب و بے چینی کا شکاررہنے والی ہوتی ہے لیکن یہ اضطراب اوربے چینی کسی پریشانی کی وجہ سے نہیں ہوتی،نہ ہی وہ کسی دکھ تکلیف سے گھبراتی ہے اس کا یہ اضطراب اور بے چینی ہمیشہ کسی رفاقت کے لیے ہوتا ہے، وہ تنہا نہیں رہنا چاہتی،کسی تقریب میں آپ اسے کبھی کھانے کی ٹیبل کے پاس نہیں دیکھیں گے، وہ یقیناً کسی گوشے میں کسی سے گپ شپ کرتی نظر آئے گی، اسے باتیں کرنا اچھا لگتا ہے اور ذہین لوگ اچھے لگتے ہیں جن کے ذریعے وہ اپنی نالج میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرے اور پھر یہ نالج دوسروں تک منتقل کرے لہٰذا خبردار رہیے، جوزا خاتون کو راز کی بات نہ بتائیں ورنہ وہ سارے شہر میں پھیل جائے گی۔
برج جوزا ہوائی برج ہے، یہ لوگ عموماً ذہنی انتشار میں مبتلا رہتے ہیں کیوں کہ خیالات کی یلغار چوبیس گھنٹے انھیں اپنے نرغے میں رکھتی ہے، شادی سے پہلے ان کے لیے شریک حیات کا انتخاب ایک نہایت ہی مشکل ترین کام ہوتا ہے، وہ کسی پر مکمل بھروسا اور اعتماد نہیں کرسکتیں اور ان پر بھی دوسرے پوری طرح بھروسا نہیں کرسکتے کیوں کہ کچھ پتا نہیں وہ کب پٹری بدل لے۔
مرد جوزا حضرات کی طرح جوزا خواتین بھی حد سے بڑھی ہوئی پابندیوں کو قبول کرنے سے گھبراتی ہیں، بے شک وہ کسی کو پسند کرسکتی ہیں اور اس کے ساتھ مہینوں برسوں ان کی گفت و شنید جاری رہتی ہے لیکن شادی کی نوبت نہیں آتی کیوں کہ وہ قوت فیصلہ سے محروم ہیں، ان کے اکثر کام تاخیر کا شکار ہوتے رہتے ہیں، آپ ان سے محبت یا دوستی کے معاملے میں ایک طالب علم کی حیثیت سے رابطہ کریں اور ہر گز کبھی غالب ہونے کی کوشش نہ کریں ہمیشہ ایک شاگردانہ رویہ رکھیں،کوئی ہوشیاری اور چالاکی نہ دکھائیں کیوں کہ یاد رکھیں ہوشیاری اور چالاکی تو ان کے گھر کی لونڈی ہے، یہ کھیل وہ آپ سے بہتر انداز میں کھیلنا جانتی ہیں،کہا جاتا ہے کہ جوزا مرد اور خواتین فلرٹ ماسٹر ہوتے ہیں، جیسے ہی کسی جوزا کو یہ احساس ہوگا کہ آپ اسے زیادہ ہوشیاری یا چالاکی دکھارہے ہیں تو پھر صورت حال بدل جائے گی اور وہ آپ کو آپ کی ہی بساط پر شہ مات دے گی۔
ایک بیوی کی حیثیت سے جوزا عورت بہترین اور دانش مند شریک حیات ثابت ہوتی ہے لیکن اسے احمق لوگ سخت ناپسند ہوتے ہیں، اس کے لیے زیادہ پرکشش چیز ذہنی رفاقت ہے، دولت، آرام و آسائش، دنیا کی رنگینیاں اس کا خواب نہیں ہیں،وہ آپ کی برتری آپ کے علم و دانش ذہانت و فطانت کی بنیاد پر قبول کرے گی، اس کے نزدیک دنیا کی سب سے بڑی دولت علم ہے اور سب سے زیادہ پرلطف کام ذہانت و دانش سے بھرپور گفتگو کرنا ہے، اسے یہ احساس دلانا چاہیے کہ وہ رفیق حیات ہے، کوئی خادمہ نہیں ہے، امور خانہ داری کے لیے گھر میں ایک ملازمہ رکھنا جوزا عورت کی ضرورت ہے تاکہ وہ فضول قسم کے گھریلو کاموں سے نجات حاصل کرکے کوئی معقول ذہنی اور تخلیقی کام کرسکے، زندگی کے اہم پہلوؤں پر غوروفکر کرسکے، وہ گھر کی محدود فضا میں قید ہوکر نہیں رہ سکتی، اسے یہ آزادی حاصل ہونا چاہیے کہ وہ گھر سے باہر بھی اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے، اکثر جوزا خواتین نامناسب جوڑی میں بندھنے کے بعد شدید نوعیت کے ذہنی اور اعصابی مسائل کا شکار ہوتی ہیں جن کا نتیجہ ناکام شادی کی صورت میں بھی نکل سکتا ہے۔
اگر دونوں میاں بیوی میں ذہنی ہم آہنگی موجود ہو تو اس صورت حال پر قابو پایا جاسکتا ہے بعض حالات میں یہ بھی ہوتا ہے کہ جوزا عورت اپنی بہترین صلاحیت سے کام لے کر اپنے گھر اور کرئر دونوں کے ساتھ بڑی خوش اسلوبی سے انصاف کرتی ہے اور اس بات پر بہت زور دیتی ہے کہ اپنے گھر کو کس طرح چلایا جائے حالاں کہ وہ دوسری بیویوں کی طرح زیادہ وقت اپنے گھر میں نہیں گزارتی۔
جوزا خواتین کا ذہنی انتشار انھیں نت نئی دلچسپیوں کی طرف متوجہ کرتا رہتا ہے، ایک جوزا جوڑی بہت دلچسپ اور پرلطف وقت گزار سکتی ہے کیوں کہ دونوں ہی ایک جیسی خصوصیات کے حامل ہیں،دونوں ڈالی ڈالی چہکنے والے ایسے پرندے ہیں کہ ابھی ساتھ بیٹھے خوش گپیوں اور خوش فعلیوں میں مصروف نظر آئیں گے تو پلک جھپکنے کے دوران میں کوئی ایک سمت پرواز کرچکا ہوگا تو دوسرا دوسری سمت اور ضروری نہیں ہے کہ دونوں میں سے کوئی ایک دوسرے کا تعاقب کرے،یہ ابتدا اور اختتام کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہوسکتا ہے۔
جوزا خواتین کی مختلف موضوعات سے متعلق سوچ انھیں ہر مرحلے پر بے چین رکھتی ہے، وہ اپنے بیڈ روم میں بھی مکمل یکسوئی اور سکون محسوس نہیں کرتیں، ان کا ذہن بیڈ روم سے باہر کہیں بھٹک رہا ہوتا ہے۔
ہومیو پیتھک میڈیسن ایسڈ فاسفوریکم (Acid Phosphoricum) ان کے لیے مفید دوا ہے۔

سرطان عورت

برج سرطان دائرۂ بروج کا چوتھا برج ہے، تیز رفتار سیارہ قمر اس پر حکمران ہے، اس کا عنصر پانی اور فطرت تغیر پذیر ہے، احساس برج سرطان کی نمایاں خصوصیت ہے۔
18 جولائی کو پیدا ہونے والی جیسامین ویسٹ مشہور ادیبہ کہتی ہیں ”گھر کو سلیقے اور قرینے سے رکھنا میری عبادت ہے اور جب میں فارغ ہوجاتی ہوں تو میری عبادت پوری ہوجاتی ہے،گھر کا کام کاج میرے جسم کو ایسی پاکیزگی عطا کرتا ہے جو عبادت سے حاصل ہوتی ہے“
سرطان عورت کی زندگی اس کے گھر، اس کی ماں اور بچوں کے گرد گھومتی ہے، برج سرطان کو بین الاقوامی ماں (International Mother) کہا جاتا ہے، چناں چہ آپ کو سمجھ لینا چاہیے کہ اس کی زندگی کا محور اور مقصد صرف ماں بننا اور ماں کا کردار ادا کرنا ہے، شاید دنیا میں گڈے گڑیوں کے شادی بیاہ کا کھیل ایجاد کرنے والے بچے بھی ممکن ہے سرطانی ہی ہوں۔
ابتدا ہی سے سرطان عورت اپنی ماں سے شدت کے ساتھ وابستہ ہونے کے علاوہ اپنے گھر اور فیملی سے جڑے رہنا پسند کرتی ہے،وہ مستقبل کے خواب بھی ایسے شریک حیات کے بارے میں دیکھتی ہے جو اسے ایک شاندار تمام ضروریات کی اشیاء سے بھرے پرے گھر میں رکھے گا اور اس گھر میں اس کے بچے پھلیں پھولیں گے اور پروان چڑھیں گے۔
برج سرطان کا نشان ”کیکڑا“ ہے جو بہت کم اپنی جگہ سے کسی دوسری جگہ منتقل ہوتا ہے، ایک سرطان عورت بھی ہمیشہ تبدیلی سے خوف زدہ رہتی ہے اس کے ذہن میں ہمیشہ کوئی نہ کوئی خوف ضرور موجود ہوتا ہے، اسے یہ احساس رہتا ہے کہ کوئی تبدیلی میرے لیے کسی نئی مصیبت یا پریشانی کا باعث بھی بن سکتی ہے، چناں چہ وہ تبدیلی سے گھبراتی ہے، فطری طور پر وہ منکسر المزاج ہے، جب وہ سوچتی ہے کہ آپ کی خاطر اسے بننا سنورنا پڑے گا تو وہ ایک دم بے اطمینانی اور بے چینی کاشکار ہوجائے چناں چہ شادی کے بعد اکثر سرطان خواتین میں بننے سنورنے کا رجحان صرف تقریبات میں شرکت کی حد تک ہی رہ جاتا ہے،وہ خود کو گھریلو کاموں میں یا بچوں کی دیکھ بھال میں اس قدر مصروف رکھتی ہیں کہ شوہر کے لیے بننا سنورنا بھول جاتی ہیں۔
محبت کے معاملے میں سرطانی لڑکیاں روایتی افسانوی رومان کو پسند کرتی ہیں، نئے رنگ ڈھنگ یا طور طریقے انھیں کسی گھبراہٹ اور پریشانی کا شکار کرسکتے ہیں، وہ صرف اس لیے کسی رومانی تعلق سے نہیں جڑتیں کہ تھوڑے دن دلچسپ اور تفریحی انداز میں گزارے جائیں، وہ ہر صورت میں اپنے پہلے ہی رومانی تعلق کو شادی کے بندھن میں باندھنے کے لیے تیاری کرتی ہیں، اگر یہ تعلق کسی وجہ سے منقطع ہوجائے تو وہ شدید ترین مایوسی اور ڈپریشن کا شکار ہوسکتی ہیں، ان سے رومانی سلسلہ جوڑنے سے پہلے آپ کو یہ حقیقت اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ وہ ہر صورت میں شادی کے لیے زور دیں گی، اس سے کم پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ وہ یہ بھی ہر گز پسند نہیں کریں گی کہ ان کی شادی میں ان کی فیملی اور خصوصاً ماں باپ بہن بھائی شریک نہ ہوں، وہ ابتدا ہی میں یہ کوشش کرسکتی ہیں کہ فوراً آپ کو اپنے والدین سے ملائیں اور ان کی رضا مندی بھی حاصل کریں، ان کے والدین اور بہن بھائیوں کا بھی آپ کو خیال رکھنا پڑے گا، شادی کے بعد بھی، وہ ایسی کوئی بات برداشت نہیں کرسکتیں جو ان کے والدین یا بہن بھائیوں کے خلاف ہو۔
سرطان بیویاں بڑی جذباتی اور اپنائیت کا اظہار کرنے والی ہوتی ہیں اور خود کو خاندانی زندگی میں گم کردیتی ہیں، ان کی شخصیت میں نسوانیت کا بھرپور عنصر نظر آتا ہے، یہ ایک کامل عورت ہے جو مکمل ماں، بیوی، بہن،بیٹی ہے، اگر اس کے ذاتی زائچے میں دیگر سیارگان منفی اثرات کا اظہار نہ کر رہے ہوں تو وہ نہایت ہمدرد اور محبت کرنے والی شخصیت کی مالک ہیں، اس کا شوہر اسے جو کچھ مہیا کرتا ہے وہ اس پر صابر و شاکررہتی ہے لیکن شوہر کو چاہیے کہ وقتاً فوقتاً اسے اپنی محبت کا احساس دلاتا رہے، سرطان عورت وہم اور شک میں اکثر مبتلا رہتی ہے، اسے آسانی سے کسی کی بھی محبت کا یقین نہیں ہوتا اس لیے بار بار اسے اپنی محبت کا یقین دلاتے رہنا چاہیے، زبانی بھی اور عملی طور پر بھی، تب ہی وہ خوش اور مطمئن نظر آئے گی لیکن اس کے برخلاف صورت حال میں وہ ہمیشہ دل گرفتہ، مایوس اور ذہنی الجھن میں مبتلا رہتی ہے، اس کی زندگی کے تمام مسائل اس کے شوہر اور بچوں سے جڑے رہتے ہیں، اس حوالے سے کوئی بھی غیر معمولی صورت حال اسے پریشان کرسکتی ہے۔
تلوّن مزاجی سرطان عورت کا امتیازی نشان ہے، پل میں تولہ اور پل میں ماشہ کی مثال اس پر صادق آتی ہے،تیز رفتار قمر اس کا حاکم سیارہ ہے لہٰذا اس کے جذباتی موڈ جلدی جلدی تبدیل ہوتے رہتے ہیں یعنی ابھی خوش ہے تو چند لمحوں بعد ہی غم زدہ ہوجائے گی، ابھی ہنس رہی ہے تو اچانک ہی اسے رونا آسکتا ہے۔
سرطان عورت کے تصور میں شوہر کا رتبہ ایک دیوتا کے مانند ہوتا ہے جو قابل پرستش ہے، اگر وہ اسے مایوس کردیتا ہے تو اس ناکامی کا روحانی صدمہ اس کے لیے ناقابل برداشت ہوتا ہے۔
سرطان خواتین کے لیے ہومیو پیتھک میڈیسن نیٹرم میور (Natrum mure) اہم ترین دوا ہے۔

اسد عورت

دائرۂ بروج کا پانچواں برج اسد (Leo) ہے، سیارہ شمس یعنی سورج اس کا حکمران ہے، شاہ مزاجی اس سے منسوب ہے، اس کا نشان ببر شیر ہے،اپنی خصوصیت میں یہ غیرتغیر پذیر ہے، اس کا عقیدہ ہے کہ ”میں حق دار ہوں“ اپنے عنصر میں یہ آتشی ہے اور اپنی نفسیات میں وجدانی۔
22 اگست کو پیدا ہونے والی ڈورتھی پارکر کہتی ہے”عیش و عشرت کا خیال رکھیں، ضروریات خود اپنا خیال رکھ لیں گی“
اسد عورت کے خواب بہت رنگین اور خیالات بہت اونچے درجے پر پرواز کر رہے ہوتے ہیں، کسی اسد لڑکی کی طرف پیش قدمی کرنے سے پہلے آپ کو اپنے مالی حالات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے ورنہ ممکن ہے وہ آپ کو گھاس بھی نہ ڈالے۔
اسد عورت سیروتفریح کی دل دادہ، اعلیٰ درجے کے ریستوران میں کھانا کھانے کی شوقین، فلم تھیٹر وغیرہ سے دلچسپی رکھنے والی ہوگی، وہ چاہے گی کہ اس کی شادی بھی نہایت دھوم دھام سے ہو، آپ سے ملاقات کو وہ یادگار بنانے کی خواہش مند ہوگی، اگر پہلی ملاقات اس کی توقعات کے مطابق نہ ہو تو شاید دوسری ملاقات کی نوبت ہی نہ آئے۔
جس طرح اسد مرد کی زندگی میں کمتر اور گھٹیا درجے کی چیزوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہوتی بالکل اسی طرح ایک اسد عورت بھی یہی چاہتی ہے کہ اس کی زندگی میں جو کچھ بھی ہو وہ بہت شاندار اور اعلیٰ درجے کا ہو، ساتھ ہی اسد عورت کو اپنی عزت نفس کا بڑا خیال ہوتاہے، وہ بات چیت میں بھی کوئی کمتر درجے کی گھٹیا بات برداشت نہیں کرسکتی، آپ ہمیشہ اسے عزت و احترام سے مخاطب کریں اور یہ احساس دلائیں کہ اس سے زیادہ اہم اور نمایاں شخصیت کوئی دوسری نہیں ہے۔
اسد عورت اپنی شاہانہ مزاجی کے سبب نہایت فیاض، ہمدرد اور دوسروں کی مددگار ثابت ہوتی ہے لیکن شرط یہی ہے کہ آپ اس کے سامنے کوئی گھٹیا کام یا بات نہ کریں اور کسی طرح بھی اس کی انا کو ٹھیس نہ پہنچائیں، وہ چاہتی ہے کہ آپ عزت کریں اور عزت کرائیں،فطری طور پر وہ عمدہ قسم کی انتظامی صلاحیتوں سے مالامال ہے، وہ دوسروں سے کام لینا جانتی ہے لہٰذا صرف ایسے کاموں کے لیے موزوں ہے جن میں اسے مکمل اختیارات حاصل ہوں، آپ اسے نچلے درجے کی ملازمہ سمجھنے کی غلطی نہ کریں، وہ ان کاموں کے لیے پیدا نہیں ہوئی ہے، وہ ایک شاندار بیوی ہے،اسے اس کے شایان شان مقام ملنا چاہیے۔
برج اسد کی بادشاہ مزاجی اسد عورت میں بھی نمایاں ہوتی ہے، وہ حکم چلانا پسند کرتی ہے، آپ یا آپ کی فیملی کا کوئی بھی فرد اسے حکم دینے کی غلطی نہ کرے، اپنے ضروری کاموں کے سلسلے میں آپ اس سے درخواست کرسکتے ہیں، وہ بہت خوش ہوگی، اسی طرح اپنی ذات پر تنقید بھی وہ برداشت نہیں کرسکتیں، وہ اپنی تعریف سننا چاہتی ہیں، آپ اسے یہ احساس دلاکر کہ وہ آپ کے لیے بہت اہم ہے اور اس کے بغیر آپ ادھورے ہیں، اس کا دل جیت سکتے ہیں، بعض اسد خواتین کے ذاتی زائچے میں اگر سیارگان خصوصاً سیارہ شمس نحس اثرات سے متاثرہ ہو تو ایسی خواتین بہت نک چڑھی، مغرور، فضول خرچ اور منفی انانیت کا شکار ہوسکتی ہے، ان کے ساتھ گزارا کرنا خاصا مشکل کام ہوجاتا ہے، انھیں ایک فرماں بردار اور نہایت کمزور شخصیت کا حامل شوہر درکار ہوتا ہے۔
اسد اور اسد کی جوڑی اگرچہ اپنی یکساں خصوصیات کے سبب بہت فراخ دل، گرم جوش اور پیار کرنے والی ہوگی لیکن خرابی یہ ہے کہ دونوں ہر کامیابی کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کریں گے بلکہ ایک دوسرے کو یہ بھی جتانے کی کوشش کریں گے کہ ان کا حصہ زیادہ ہے،دونوں ہی پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے کے مقابل صف آرا ہوسکتے ہیں، دونوں اپنی پرستش چاہیں گے، دونوں کو ایک دوسرے سے اپنی تعریف کی خواہش رہے گی، ایسی صورت میں جو نتائج برآمد ہوں گے، ان کا اندازہ بہ خوبی لگایا جاسکتا ہے۔
اسٹیفی سیگیریا ایسی ہومیو پیتھک دوا ہے جو اسد افراد کے لیے مفید ثابت ہوتی ہے۔(جاری ہے)

 

1 تبصرہ:

  1. اسلام علیکم اگر ہمیں اپنی تاریخ پیدائش یاد نہ ہو تو ہم اپنا برج کیسے معلوم کریں

    جواب دیںحذف کریں