سُن تو سہی جہاں میں ہے تیرا فسانہ کیا
سنبلہ عورت
برج سنبلہ دائرۂ بروج میں چھٹے نمبر پر ہے، ذہانت کا سیارہ عطارد اس پر حکمران ہے، اس کا نشان دوشیزہ ہے اور عنصر مٹی ہے، یہ ایک تغیر پذیر برج ہے جو کہتا ہے ”میں تجزیہ کار ہوں“ اس کی نفسیات فہم و ادراک ہے۔
شہرہ آفاق نوبل انعام یافتہ مدر ٹیریسا کہتی ہے”ہم سب لوگ عظیم کارنامے انجام نہیں دے سکتے لیکن ہم چھوٹے چھوٹے کام تو بڑی محبت سے انجام دے ہی سکتے ہیں“
سنبلہ عورت مکمل طور پر عملیت پسند ہوتی ہے، سیارہ عطارد کی ذہانت اسے اعلیٰ درجے کی تجزیاتی خوبی سے نوازتی ہے، وہ زندگی کی حقیقتوں کا شاید سب سے زیادہ ادراک رکھتی ہے، خیالی اور افسانوی باتوں کی اس کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں ہے، کام، کام اور صرف کام اس کی زندگی کا مقصد ہے، اسے تفریحات میں بھی وقت ضائع کرنے سے الجھن ہوتی ہے، سوشل سرگرمیاں اس کے لیے ناگواری کا سبب ہوتی ہیں،شادی سے پہلے کی زندگی میں وہ کوئی رومانی خواب نہیں دیکھتی، نہ ہی کسی رومانی افیئر میں اپنا وقت ضائع کرنا پسند کرتی ہے، وہ شادی کو بھی زندگی کی ایک اہم ضرورت سمجھتی ہے مگر اس سے پہلے وہ اپنے دیگر اہداف کے حصول کے لیے کوشش اور جدوجہد ضرور کرتی ہے، اگر آپ کسی طرح کسی سنبلہ لڑکی کو پسند کرنے لگیں تو وہ یقیناً آپ کی پیشکش کا مثبت جواب دے گی اور آپ کی تعریف سے خوش ہوگی لیکن محبت کے کھلم کھلا اظہار یا بے تکلفانہ جوش و خروش کو سخت ناپسند کرے گی۔
سنبلہ افراد فطری طور پر شرمیلے ہوتے ہیں، آپ سنبلہ عورت سے رومانی معاملات میں بہت زیادہ امیدیں وابستہ نہ کریں، اپنی پہلی ملاقات کو سادہ رکھیں اور اس کے پسندیدہ موضوعات پر اسے بات کرنے کا موقع دیں تو اس کے پاس الفاظ کی کوئی کمی نہیں ہے۔
بہترین تجزیہ کاری کی صلاحیت اور سخت تنقیدی نظر سنبلہ خواتین کو شریک حیات کے انتخاب میں بھی بہت سے مسائل کا شکار کرتی ہے، وہ آپ کی شکل صورت سے زیادہ اس بات کو اہمیت دے گی کہ آپ کے ساتھ زندگی گزارنا اس کے لیے کیسا ہوگا، اگر وہ مطمئن ہوجاتی ہے تو ضرور شادی کے لیے تیار ہوجائے گی ورنہ فوراً ہی اپنا راستہ بدل لے گی۔
سنبلہ لڑکی شادی کے بعد ایک بہترین شریک حیات ثابت ہوتی ہے، ازدواجی زندگی کو وہ ایک قانونی شراکت سمجھتی ہے، کوئی جذباتی مسئلہ نہیں اور اس شراکت کے حوالے سے وہ اپنے حقوق سے بھی پوری طرح آگاہ ہوتی ہیں، اصلاح و درستگی کے نظریے سے سرشار سنبلہ عورت کوئی غلطی برداشت نہیں کرسکتی، وہ آپ کی اور اپنی فیملی کی ہر بات پر گہری نظر رکھتی ہے، اپنی ازدواجی اور گھریلو زندگی کے بارے میں اس کے احساسات نہایت ذمے دارانہ ہوتے ہیں، گھریلو کاموں اور خاندانی فرائض کی انجام دہی کو وہ بہت خوش اسلوبی سے اور مشینی انداز میں انجام دیتی ہے،اس کا گھر صاف ستھرا، حسن ترتیب کا آئینہ دار نظر آتا ہے اورگھر کی ہر چیز بے دار اور نئی معلوم ہوتی ہے۔
سنبلہ بیوی کو آپ اکثر گھر کے کسی نہ کسی کام میں مصروف ہی پائیں گے یا پھر وہ کسی نہ کسی گھریلو مسئلے یا دفتری کام کی وجہ سے فکر مند ہوگی،اس کے کام ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتے، حد یہ کہ شریک حیات کسی وقت سخت جھلاہٹ اور غصے کا شکار ہوجاتا ہے کیوں کہ گھر میں موجود کوئی خرابی یا خامی وہ نظرانداز ہی نہیں کرسکتی، بعض صورتوں میں ممکن ہے کہ وہ ہنگامہ پرور، حد سے زیادہ نکتہ چینی ہوجائے یا کفایت شعاری اور کنجوسی کی حدود میں داخل ہوجائے کیوں کہ وہ پیسے کی قدرو قیمت اچھی طرح جانتی ہے۔
اپنی جذباتی زندگی میں سنبلہ بیوی روایت پرست ہوتی ہے، گویا سب کچھ روایتی انداز میں انجام دیتی ہے،گہرے، پرجوش جذباتی اظہار کا فقدان اور دلی تعلقات میں سرد مزاجی کا عنصر سنبلہ عورت میں پایا جاتا ہے، وہ جذبات کے آزادانہ اظہار پر قابو رکھتی ہیں، ایک بہت ہوشیار اور فنکار شوہر ہی اس کے جذباتی رویوں میں تبدیلی لاسکتا ہے، اس حوالے سے اسے کسی پتھر کے بت سے تشبیہ دی جاسکتی ہے۔
اگر سنبلہ عورت کے انفرادی پیدائشی زائچے میں خاکی عنصر کا غلبہ ہو تو یہ سرد مزاجی اس قدر بڑھ سکتی ہے کہ شوہر اس سے بے زار رہنے لگے اور وہ خود بھی دوسروں سے تعلقات میں مشکلات محسوس کرے،اس کے برعکس اگر آبی یا آتشی عنصر کی زیادتی ہو تو صورت حال تبدیل ہوسکتی ہے۔
کالی سلفوریکم اور اولیم جیک سنبلہ خواتین کے لیے مفید دوائیں ہیں۔
میزان عورت
بارہ برجوں کے درمیانی سنگم پر واقع برج میزان دائرۂ بروج کا ساتواں برج ہے، توازن و ہم آہنگی اور حسن و خوبصورتی کا سیارہ زہرہ اس پر حکمران ہے، اس کا نشان ترازو ہے اور یہ واحد نشان ہے جو بے جان ہے، برج میزان کا عنصر ہوا ہے، اس کی بنیادی خصوصیت توازن ہے اور نفسیات خیال اور تصورات ہیں۔
مشہور اداکارہ برجی باردت کہتی ہے ”نہ چاہتے ہوئے بھی وفادار رہنے سے بے وفا ہونا بہتر ہے“
میزان عورت ایک پرکشش شخصیت کی مالک اور پہلی ہی نظر میں آپ کی توجہ اپنی طرف کھینچنے والی ہوگی، دوسرے معنوں میں وہ نادانستہ طور پر ایسے انداز میں آپ کے سامنے آئے گی کہ آپ اس پر توجہ دینے کے لیے خود کو مجبور پائیں، فوراً کسی غلط فہمی میں مبتلا نہ ہوجائیں، محتاط رہیں،مشہور شاعر ساحر لدھیانوی نے اپنے ایک شعر میں جس محبوب کا نقشہ کھینچا ہے وہ یقیناً کوئی میزان شخصیت ہوگی۔
میں جسے پیار کا انداز سمجھ بیٹھا تھا
وہ تبسم وہ تکلم تری عادت ہی نہ ہو
اگر آپ کسی میزانی لڑکی کے سحر میں گرفتار ہوگئے ہیں تو جلد ہتھیار مت ڈالیں،اسے کچھ عرصے کے لیے ناز و انداز دکھانے دیں، زیادہ سنجیدگی اختیار نہ کریں کیوں کہ ممکن ہے اس کی رومانی دلچسپیاں ایک سے زائد ہوں اور وہ ابھی فیصلہ نہیں کرپارہی ہو کہ کون اس کے لیے موزوں ہے۔
اگر اس کے ساتھ کسی ریستوران میں جائیں تو وہاں ماحول پرسکون ہونا چاہیے وہ کوئی ہنگامہ پسند نہیں کرتی، برج میزان امن و آشتی کا برج ہے، ماحول حسین اور خوش گوار ہے، ہلکی ہلکی موسیقی اور مدھم روشنی ہو، بنیادی طور پر میزان جسمانی لنکس کو پسند کرتے ہیں تو آپ کسی بہانے سے اسے چھوئیں تو وہ برا نہیں منائے گی۔
میزان عورت خوابوں اور خیالوں کی دنیا میں رہنے والی ایسی مخلوق ہے جو زندگی میں حد یہ کہ محبت جیسے نازک رشتے میں بھی توازن ڈھونڈتی ہے، وہ یہ حساب کتاب کرتی رہتی ہے کہ اس کی محبت کے جواب میں آپ اسے کتنی محبت دے رہے ہیں، اس حوالے سے کوئی کمی بیشی اسے برداشت نہیں ہے، وہ افسردہ ہوسکتی ہے، بلاشبہ حسن کی دیوی زہرہ کے زیر اثر وہ مکمل نسوانیت، محبت اور دل موہ لینے والی کشش کی حامل ہے،نازک و آرٹسٹک مزاج اور رومان پسند ہے۔
میزان بیوی شراکتی معاملات میں بڑی ذہانت اور سمجھ داری کا عملی مظاہرہ کرتی ہے،اس کی سب سے بڑی خوبی ہم آہنگی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے، وہ ایسی ناگوار بات یا ناگوار صورت حال بھی خاموشی سے برداشت کرلیتی ہے جو عام طور پر دوسری خواتین برداشت نہیں کرسکتیں کیوں کہ وہ تنازعات اور لڑائی جھگڑے سے بہت گھبراتی ہیں، حد یہ کہ گھر کے دوسرے افراد کے درمیان بھی اگر کوئی تنازع ہو یا لڑائی جھگڑا ہورہا ہو تو وہ بہت پریشان ہوجاتی ہے اور کوشش کرتی ہے کہ مخالف فریقین کے درمیان صلح صفائی ہوجائے، تب ہی وہ سکون سے سوسکے گی، وہ اپنے شوہر اور دیگر اہل خانہ سے اس ہم آہنگی کی خاطر اپنے مزاج اور پسند کے خلاف سمجھوتے بھی کرلیتی ہے تاکہ گھریلو ماحول میں کوئی عدم توازن پیدا نہ ہو، وہ اپنی گھریلو خوشیوں کا بے حد خیال رکھتی ہے اور انھیں برقرار رکھنے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتی، وہ ایسے رفیق حیات کی خواہش کرتی ہے جو اس سے عقیدت کی حد تک محبت کرتا ہو اور اس کے عزیزواقارب سے بھی بدظن نہ ہو یا ان کے لیے کسی تنگ دلی کا مظاہرہ نہ کرتا ہو۔
ایک میزان بیوی ایسا رفیق حیات چاہتی ہے جو اس کی خامیوں اور محرومیوں کو دور کردے، اگر وہ خود غریب گھرانے سے تعلق رکھتی ہے تو ایک دولت مند گھرانے کا شوہر اس کی ترجیحات میں شامل ہوگا، اگر وہ خود تعلیم کے میدان میں پیچھے رہ گئی ہو تو اعلیٰ تعلیم یافتہ شوہر کی خواہش کرے گی الغرض اپنی کمزوریوں کا متبادل اسے شوہر کی صورت میں درکار ہوتا ہے، اس میں جبر، دباؤ اور حالات کی سختی برداشت کرنے کے لیے بڑا حوصلہ اور ہمت ہوتی ہے۔
میزان عورت کے انفرادی زائچے میں اگر سیارہ زہرہ جو برج میزان پر حکمران ہے، نحس اثرات سے متاثر ہو یا کمزور ہو تو اس بات کا امکان رہتا ہے کہ وہ اپنے رومانی معاملات میں کسی بے راہ روی کا شکار ہوجائے، ایسی صورت میں میزان لڑکیوں کی شادی میں تاخیر یا ازدواجی زندگی میں تلخیاں بھی دیکھنے میں آتی ہیں، انھیں لازمی طور پر وائٹ سفائر یا اوپل کا نگینہ پہننا چاہیے۔
ہومیو پیتھک میڈیسن ایسڈ فاس اور نیٹرم فاس میزان عورتوں کے لیے مفید دوائیں ہیں۔
عقرب عورت
دائرۂ بروج کا آٹھواں برج عقرب شاید تمام دیگر بروج میں سب سے منفرد اور انوکھا ہے، ڈائنامک سیارہ مریخ کے زیر اثر عقربی مردوخواتین غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں، اس کا نشان بچھو ہے اور کہا جاتا ہے کہ عقربی افراد کے ڈنک سے بچنا چاہیے، برج عقرب کا عنصر پانی،خصوصیت احساس اور غیر تغیر پذیری یہ نہایت مستقل مزاج، اپنی دھند کے پکے ہوتے ہیں۔
شاید کم لوگ جانتے ہوں کہ برج عقرب کے دو نشان اور ہیں، عقاب اور ققنس جو ایک خیالی پرندہ ہے، بچھو کی طرح پوشیدہ رہنا، رازداری کو اہمیت دینا، عقاب کی طرح اپنے شکار پر جھپٹنا اور ققنس کی طرح خوشی خوشی جان دے دینا عقربی افراد کا خاصہ ہے۔
مشہور عقرب شاعرہ سلویا پاتھ اپنی ایک نظم میں کہتی ہے”مرنا ایک ہنر ہے دیگر تمام ہنروں کی طرح میں یہ کام غیر معمولی مہارت سے کرتی ہوں“
سلویا پاتھ نے شوہر کی بے وفائی کے بعد خود کشی کرلی تھی۔
عقرب عورت کو آپ بے حد حساس اور محتاط پائیں گے، وہ آپ کی چھوٹی چھوٹی باتوں اور حرکتوں پر بھی نظر رکھتی ہے، آپ کے ساتھ کسی تقریب میں جاتے ہوئے اسے آپ سے آگے ہونا چاہیے، وہ دکھاوے کی باتیں پسند نہیں کرتی، حسد اور جیلسی اس کا طرۂ امتیاز ہے، عقرب مرد کی طرح وہ بھی بھری محفل میں آپ پر مسلسل نظر رکھے گی، آپ کس سے بات کر رہے ہیں اور کس کے ساتھ ہنس بول رہے ہیں، رومانی معاملات میں یا زندگی کے دیگر معاملات میں بھی وہ رازداری کو پسند کرتی ہے، اگر آپ اس حوالے سے کوئی غلطی کرتے ہیں تو اس کا اعتماد کھودیں گے، فطری طور پر اس کی تجسس پسندی ہر معاملے میں نمایاں رہتی ہے، آپ کو آخر تک معلوم نہیں ہوگا کہ وہ آپ کی سالگرہ پر آپ کو کیا تحفہ دینے والی ہیں، آپ بھی اس بات کا خیال رکھیں، اچانک اپنی پسندیدہ چیز سامنے دیکھ کر اس کی خوشی دیدنی ہوگی،اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے اسے علیحدہ کسی تنہا گوشے میں لے جائیں اور اپنا لایا ہوا تحفہ پیش کردیں، اس سارے عمل کو وہ بہت پسند کرے گی۔
تحقیق اور تفتیش اس کے لیے پسندیدہ کام ہیں، اگر ایک بار آپ نے اس کا اعتماد کھودیا تو سمجھ لیں گھر سے آفس تک اس کی سراغ رسانی کا سلسلہ دراز ہوجائے گا، محبت میں بھرپور جوش و جذبہ اور دل کی گہرائیوں سے چاہنے اور چاہے جانے کی خواہش اس کی زندگی کا سرمایہ ہے۔
دائرۂ بروج کا آٹھواں برج عقرب روحانیت کے ساتھ سیکس کا برج بھی ہے، اسے نسلی ارتقاء اور تخلیقی صلاحیت کے ساتھ شراکتی مفادات سے منسوب کیا گیا ہے، ان لوگوں کے اندر لاشعوری طور پر کوئی صوفی چھپا ہوا ہوتا ہے، گویا سیکس کے علاوہ ان کا تعلق روحانیت سے بھی جڑا ہوا ہے،آپ اسے صرف گھریلو ذمے داریوں تک محدود نہ کریں،اس کی تخلیقی صلاحیتوں کو باہر آنے کا موقع دیں، وہ آپ کو یقیناً حیران کردے گی،یکسانیت اس کے لیے بوریت کا باعث ہے، آپ اسے مصروف رکھ کر زیادہ سکون اور اطمینان سے زندگی گزارسکتے ہیں، دوسری صورت میں وہ آپ کے لیے ایک ایسا مسئلہ بن سکتی ہے جس کا کوئی علاج آپ کے پاس نہیں ہوگا۔
عقرب عورت اگرچہ عیش و آرام کی طالب ہوتی ہے اور خوش مزاجی بھی اس کی فطرت میں شامل ہے لہٰذا ایک خوب صورت گھر کی آرزو کرنا اس کا حق ہے، وہ اپنے کردار میں صاف اور بے خوف ہوتی ہے، ہر کام نہایت دلچسپی اور دل جمعی سے کرتی ہیں، شوہر کی ہر طرح دل و جان سے وفادار ہوتی ہیں، محبت اور نفرت کے حوالے سے اس کے جذبات عقربی خصوصیات کے مطابق انتہا پسندانہ اور شدید ہوتے ہیں، وہ جس سے محبت کرتی ہے، اسے دیوتا بناکر دل کے مندر میں رکھتی ہے اور اس کی پوجا کرتی ہے لیکن یہ بھی چاہتی ہے کہ اس کا دیوتا اس کی محبت اور وفاداری کی قدر کرے، اس میں کسی اور کو اس کا شریک نہ بنائے، رقابت کا جذبہ اور قابضانہ فطرت کے تقاضے اس میں بھی شدید ہوتے ہیں،خیال رہے کہ عقرب بیوی شوہر کی کمزوریوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی، وہ اس کے اشاروں پر چلنے کے بجائے اسے اپنے اشاروں پر چلانے کی خواہش مند ہوگی مگر اس خواہش کی تکمیل وہ اعلانیہ طور طریقوں کے بجائے بڑے غیر محسوس انداز میں کرتی ہے، آپ کو پتا بھی نہیں چلے گا کہ اس نے کس طرح آپ کے ارد گرد ایک نادیدہ حصار قائم کردیا ہے جس سے باہر نکلنا آپ کے بس میں نہیں ہے لیکن اگر آپ اس حصار سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے تو سمجھ لیجیے محبت کا خاتمہ ہوگیا، وہ آپ کی کسی اور جانب دلچسپی کو ہر گز برداشت نہیں کرے گی،نظر انداز کیا جانا اس کے لیے زہر قاتل ہے ؎
جب کبھی ان کی محبت میں کمی پائی گئی
ازسر نو داستانِ عشق دہرائی گئی
بے شک عقرب اور عقرب کا ساتھ نہایت پرجوش اور شاندار ہوسکتا ہے مگر ایک جیسی خصوصیات رکھنے والے دو افراد ایک دوسرے کے حریف بھی بن سکتے ہیں، کسی بھی اختلاف کے نتیجے میں دونوں کی حساسیت اس حد تک بڑھ سکتی ہے کہ وہ ایک دوسرے کو کوئی رعایت دینے پر آمادہ نہ ہوں، ہر بات یا ہر معاملے کو مشکوک نظروں سے دیکھنے کی عادت ان کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن سکتی ہے اور انھیں ایک دوسرے پر بھروسا کرنے میں بھی بڑی مشکل پیش آسکتی ہے، کچھ نہ کچھ چھپانے کی عادت عقرب عورت اور مرد دونوں میں موجود ہوتی ہے اور دونوں اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہوتے ہیں کہ وہ ایک دوسرے سے کچھ نہ کچھ چھپارہے ہیں، چناں چہ اس جوڑی سے گریز کرنا ہی بہتر بات ہے۔
عقرب عورت اپنے بچوں کے لیے بہت مہربان ماں ثابت ہوتی ہے، اس کا طرز عمل دوستانہ ہوتا ہے، البتہ وہ کچھ زیادہ ہی توقعات بڑھالیتی ہے، اپنے بچوں سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مطالبہ کرتی ہے،اس میں مادرانہ غرور اور فخر زیادہ ہوتا ہے،ان کی تعلیم و تربیت کے معاملے میں ضرورت سے زیادہ سخت ہوجاتی ہے اور کبھی کبھی انتہا پسندانہ طرز عمل اختیار کرلیتی ہے، وہ یہ برداشت نہیں کرسکتی کہ اس کے بچے زندگی کے کسی معاملے میں بھی اسے نظرانداز کرکے کوئی فیصلہ کریں خصوصاً بیٹا بیٹی کی شادیوں کے معاملے میں وہ انھیں آزادانہ فیصلے کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی اور اگر بہو یا داماد اس کا پسندیدہ نہ ہو تو سمجھ لیں کہ پھر ایک نہ ختم ہونے والی جنگ شروع ہوسکتی ہے،معافی کا لفظ اس کے ہاں اپنی اولاد کے لیے بھی نہیں ہے۔
ہومیو پیتھک میڈیسن اسٹیفی سیگیریا اور بائیوکیمک سالٹ کلکیریا سلف عقربی خواتین کے لیے مفید دوائیں ہیں۔(جاری ہے)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں