ہفتہ، 27 مارچ، 2021

نوروز، تحویل آفتاب عالم تاب، ایک مؤثر وقتِ دُعا

نئے فلکیاتی سال کا آغاز اور شرف شمس و قمر کے اوقات


 پاکستان میں کوویڈ 19 اس مرتبہ انگلینڈ سے آیا ہے اور خاص طور پر پنجاب میں اپنا رنگ دکھا رہا ہے، حالاں کہ اب اس کی ویکسین بھی دستیاب ہے، اس بات کا امکان موجود ہے کہ کورونا کی وبا دنیا بھر میں بدستور اپنے نت نئے رنگ مزید دکھاتی رہے گی، پاکستان اور بھارت بھی اس کا شکار رہیں گے، علم نجوم کی روشنی میں وبائی امراض خصوصاً راہو کیتو کے نحس اثرات کی وجہ سے پھلتے پھولتے اور پھیلتے ہیں، گزشتہ سال سیارہ زحل مسلسل کیتو کے ساتھ قران میں رہا اور اس سال راہو کے ساتھ اس کی نظر تقریباً پورا سال رہے گی لہٰذا اس سال بھی وبائی امراض اور دیگر حادثاتِ ارضی و سماوی سے نجات ممکن نظر نہیں آتی۔

٭٭٭
پاکستان میں سینیٹ کے انتخابات ہوچکے، اپوزیشن فی الوقت انتشار اور باہمی اختلاف رائے کا شکار ہے گویا حکومت کو اپوزیشن کی طرف سے کوئی چیلنج درپیش نہیں ہے،البتہ وزیراعظم اور ان کی بیگم کوویڈ 19 کا شکار ہیں، اللہ انھیں جلد صحت یاب کرے۔

بھارت

بھارت کا پیدائشی زائچہ آنے والے دنوں میں کچھ نئے سیاروی نظرات کا شکار نظر آتا ہے جس کے نتیجے میں بھارت جون سے جولائی تک ایک نہایت سخت اور مشکل ترین وقت کا سامنا کرسکتا ہے،خیال رہے کہ زائچے کا سب سے منحوس اثر رکھنے والا سیارہ مشتری 5 اپریل کو برج دلو میں داخل ہوگا،برج دلو بھارت اور پاکستان کے زائچے کا دسواں یعنی سب سے اہم گھر ہے، اس گھر کا تعلق حکومت، کابینہ، پارلیمنٹ، عزت و وقار اور بین الاقوامی تجارت سے ہے، سیارہ مشتری جون تا جولائی 7 درجہ پر مستقیم پوزیشن میں رہے گا اور بھارتی زائچہ بھی 7 درجہ ثور ہے جس کی وجہ سے مشتری زائچے کے دوسرے (معیشت) چوتھے (داخلہ امور)،چھٹے (انتظامی امور) اور دسویں (حکومت اور تجارت) سے متعلق معاملات کو متاثر کرے گا جس کی وجہ سے ملک شدید انتشار اور بدامنی کا شکار ہوسکتا ہے، مزید یہ کہ دسویں گھر کا حاکم زحل چوں کہ مسلسل راہو کی نظر میں ہوگا اور سیارہ مشتری کی نظر پیدائشی زائچے کے مریخ پربھی ہوگی جس کے نتیجے میں اموات، حادثات ارضی و سماوی، عدلیہ کے حوالے سے تنازعات سامنے آسکتے ہیں (واللہ اعلم بالصواب)
٭٭٭
موسم بہار کا آغاز ہوچکا ہے، خزاں کے سائے رخصت ہورہے ہیں، اپریل سے نئی سیاروی سالانہ گردش کا آغاز ہورہا ہے، تیزرفتار سیارگان شمس، زہرہ اور عطارد دائرۂ بروج کے پہلے برج حمل میں داخل ہوں گے اور اپنے نئے سفر کا آغاز کریں گے،گویا دنیا بھرمیں نئی تبدیلیوں کا آغاز ہوگا۔
عزیزان من! ہم پہلے پابندی کے ساتھ تحویل آفتاب یعنی نوروز کا وقت دیا کرتے تھے جو پرانے سسٹم کے مطابق عموماً 20 یا21 مارچ کو مقرر ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جدید سسٹم کے تحت پرانا طریقہ کار ہمارے نزدیک زیادہ مؤثر نہیں ہے، اسے تبدیل کرنا اس لیے آسان نہیں ہے کہ نوروز سے اکثر مسلمانوں کے مذہبی اور مسلکی عقائد بھی وابستہ ہیں، اس لیے اس موضوع پر ہم مزید کوئی بات نہیں کرنا چاہتے لیکن دعا کے لیے کسی زیادہ موزوں وقت کی نشان دہی بھی ضروری سمجھتے ہیں، چناں چہ اس سال سے حسب روایت نوروز تحویل آفتاب کا وقت دینا ضروری ہے،ہمیں یقین ہے کہ بہت سے لوگ اس سے اتفاق نہیں کریں گے سو یہ ان کی مرضی و منشا پر منحصر ہے، ہم جو درست سمجھتے ہیں اس کا اظہار کرتے رہیں گے، وما توفیقیٰ الا باللہ۔

شمس در حمل تحویل آفتاب

اس سال 2021 میں 14 اپریل بہ روز بدھ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق سیارہ شمس برج حمل کے پہلے درجے پر شب 02:11 am پر پہلا قدم رکھے گا جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق 13 اپریل بہ روز منگل شب 09:11 pm پر تحویل آفتاب کا عمل ہوگا،دیگر ممالک کے ہمارے قارئین جی ایم ٹی ٹائم سے اپنے ملک کے وقت کا فرق نفی یا جمع کرکے درست وقت حاصل کرسکتے ہیں۔
سورج کے برج حمل میں داخلے کو تحویل آفتاب کہتے ہیں اور جس دن سے یہ داخلہ ہوتا ہے اس دن کو فلکیاتی سال کا پہلا دن قرار دیا جاتا ہے۔ قدیم زمانے میں اسے اسی مناسبت سے نوروز یعنی نیا دن کہا گیا، قدیم ایرانی کیلنڈر کی ابتدا بھی اسی دن سے ہوتی ہے، ماہرین فلکیات و روحانیات کا نظریہ ہے کہ اس لمحے میں نظام کائنات ایک نہایت قلیل ترین وقت کے لیے ساکت ہو کر دوبارہ متحرک ہوتا ہے لہٰذا اس وقت کو قبولیت دعا کا لمحہ بھی کہا جاتا ہے،فقہء جعفریہ کے مطابق اس دن کی اہمیت بہت زیادہ ہے،اس روز خصوصی عبادات کی تاکید کی جاتی ہے اور تحویل کے وقت کو قبولیتِ دعا کا وقت تسلیم کیا جاتا ہے۔
منجم اس وقت کو بنیاد بنا کر پورے سال کے لیے حسابات تیار کرتے ہیں اور ان کی روشنی میں نئے سال کے لیے پیش گوئیاں کی جاتی ہیں، دنیا بھر میں موسم بہارکا آغاز ہوتا ہے، سورج اپنے نئے سالانہ سفر کی ابتدا کرتا ہے کیوں کہ برج حمل دائرہ بروج کا پہلا برج ہے، اسی برج میں 19 درجے پر شمس کو شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے اور علمائے جفر اس موقع پر اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے طلسم و نقش تیار کرتے ہیں، خصوصاً لوح شمس، لوح اسم اعظم اور خاتم اسم اعظم کی تیاری کے لیے شمس کے اس باقوت وقت کو نہایت اہمیت حاصل ہے۔
چونکہ اس وقت کو نہایت سعد اور موثر مانا گیا ہے لہٰذا اس وقت دعا کرنا نہایت مستجاب خیال کیا جاتا ہے۔ ماہرین جفر و عملیات اس لمحے کو پانے کے لیے مختلف تدابیر اختیار کرتے ہیں مثلاً کسی برتن میں معمولی سا سوراخ کر کے پانی بھر دیا جاتا ہے اور پانی کی دھار پر نظر جما دی جاتی ہے جب تحویل کا وقت آتا ہے تو پانی کی دھارپل بھر کے لیے رک جاتی ہے۔
ایران میں اس مقصد کے تحت ایک مخصوص قسم کی مچھلی گھروں میں پالی جاتی ہے، اسے شیشے کے مرتبان یا ایکیوریم میں رکھا جاتا ہے۔ تحویل آفتاب کے وقت وہ مچھلی تیزی سے حرکت کر کے پانی سے باہر چھلانگ لگاتی ہے۔ یہاں ہم اپنا مجرب اور ایک سادہ طریقہ لکھ رہے ہیں۔ قارئین اس پر عمل کر کے اس سعد وقت سے فیض یاب ہو سکتے ہیں۔

دعائے مستجاب اور طریق کار

تحویل آفتاب کے وقت سے کچھ پہلے پاک صاف لباس پہن کر باوضو قبلہ رخ بیٹھ جائیں، کوئی سرخ کپڑا یا جائے نمازپچھالیں، ممکن ہو تو سرخ رنگ کی شال یا کوئی سرخ رومال یا سرخ ٹوپی سر پر رکھ لیں، کسی بڑے پیالے یا برتن میں پانی بھر لیں اور اس پانی میں سرخ گلاب یا گیندے کا زرد پھول ڈال دیں۔ اگر کوئی پھول میسر نہ ہو تو کوئی بھی ایسی سرخ یا زرد رنگ کی چیز ڈال سکتے ہیں جو پانی میں ڈوبنے کے بجائے اس کی سطح پر تیرتی رہے۔ خیال رہے کہ اگر کمرے میں پنکھا تیزی سے چل رہا ہو تو اس کی ہوا سے بھی پانی کی سطح پر ارتعاش پیدا ہو گا اور پانی میں ڈالا ہوا پھول متحرک ہو جائے گا۔ اس لیے پنکھا وغیرہ بند کر دیں تاکہ پانی ساکت رہے اور پھول وغیرہ میں حرکت نہ ہو، اس کے بعد اللہ رب العزت کو یاد کریں۔ اس کی حمد و ثنا کریں، جس طرح بھی کر سکتے ہیں، پھر 11 مرتبہ درود شریف پڑھیں اور اس کے بعد مندرجہ ذیل دعا پڑھنا شروع کر دیں۔ اس دعا کو 366 مرتبہ اس طرح پڑھیں کہ اوپر دیا گیا تحویل آفتاب کا وقت درمیان میں آجائے، بعد ازاں پھر 11 بار درود شریف پڑھ کر اس عمل کو اختتام تک پہنچائیں۔ دعا یہ ہے۔
یَا اَللّٰہُ یَا مُقَلِبُ القُلُوبِِ وَ الاَبَصار یَا مُدَبِّرُ اللَیلِ وَالنَّھَارِ یَا مُحَولِ الحَولِ وَالاَحوَالِ حَوِّل حَالنَا اِلٰی اَحسَنُ الحَال یَا عَزِیزُ یَا غَنِیٍ
ترجمہ:۔ اے اللہ، اے دلوں اور نگاہوں کو بدلنے والے، اے رات اور دن کی تدبیر کرنے والے، اے حال اور احوال کو بدلنے والے تو ہمارے حال کو بہترین حال سے بدل دے۔ اے غالب، اے بے نیاز۔
وہ لوگ جو طویل عرصے سے خراب حالوں میں رہ رہے ہیں اس سعد وقتِ دعا میں یہ دعا ضرور مانگیں۔ انشاء اللہ اس سال وہ اپنے حال میں تبدیلی محسوس کر لیں گے۔ پڑھتے ہوئے گلاب کے پھول پر توجہ مرکوز رکھیں جس وقت پھول متحرک ہو گا آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ تحویل آفتاب کا عمل مکمل ہو گیا ہے اور آپ نے یقینا قبولیت دعا کا لمحہ پا لیا ہے۔

آب شفا

اس موقع پر ”آب شفا“ بھی تیار کیا جاتا ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ 7 کنوؤں کا پانی یا بارش کا پانی جو پہلے سے حاصل کر کے رکھا گیا ہو کسی بوتل میں بھر کر رکھیں اور تحویل کے وقت 7 سلام پڑھ کر اس پر دم کر لیں۔ یہ پانی مریض کو صبح شام تھوڑا تھوڑا پلاتے رہیں۔ اگر آب زم زم مہیا ہو تو اس پر بھی ساتوں سلام پڑھ کر دم کر سکتے ہیں، اگر یہ بھی دستیاب نہ ہو تو صاف پانی ابال کر کسی بوتل میں بھرلیں اور اس پر دم کرلیں دیگر ضروری علاج کے ساتھ ساتھ اس پانی کا استعمال مرض کی شدت کو کم کرے گا اور شفایابی کے عمل میں مددگار ثابت ہو گا۔ ساتوں سلام یہ ہیں۔
سلام علیٰ نوح فی العالمین۔ سلام قولاً من رب الرحیم۔ سلام علیٰ ابراہیم۔ سلام علیٰ موسیٰ و ہارون۔ سلام علیٰ اِل یٰسین۔ سلام علیکم طبتم فادخلوھا خٰلدین۔ سلام ِھیَ حتیٰ مطلع الفجر
آب شفاکی تیاری کے سلسلے میں اکثر لوگ یہ سوال بھی پوچھتے ہیں کہ ہم اس خاص وقت میں اپنے لیے دعا کریں یا آب شفا تیار کریں تو ظاہر ہے دعا کرنا افضل ہے، آب شفا بعد میں بھی تیار کیا جاسکتا ہے، کیو ں کہ سورج حمل کے پہلے درجے پر 24 گھنٹے تک رہتا ہے، اس دوران میں جو شمس کی ساعات دستیاب ہوں ان میں آب شفا تیار کیا جاسکتا ہے۔

اپریل کی سیاروی رفتاریں

سیارہ شمس برج حوت میں حرکت کر رہا ہے، 14 اپریل کو اپنے شرف کے برج حمل میں داخل ہوگا،سیارہ عطارد بھی برج حوت میں ہبوط یافتہ ہے، 16 اپریل کو برج حمل میں داخل ہوگا۔
سیارہ زہرہ جو توازن، ہم آہنگی، محبت، دوستی، شادی اور ازدواجی زندگی کے حوالے سے نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے، اپنے شرف کے برج حوت میں حرکت کر رہا ہے لیکن سیارہ شمس کی قربت سے غروب ہے، گزشتہ ماہ ہم نے نشان دہی کی تھی کہ زہرہ کا شرف قابل بھروسا نہیں ہے، سیارہ غروب ہو تو اپنی قوت کھودیتا ہے، البتہ برج شرف میں ہو تو تھوڑی بہت قوت اسے حاصل رہتی ہے، خیال رہے کہ سیارہ زہرہ تقریباً پانچ مئی تک غروب رہے گا۔
زہرہ کی موجودہ پوزیشن کو دیکھتے ہوئے ہم نے خواتین کے لیے خصوصی احتیاط کا مشورہ دیا تھا اور اس بات کا اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ اس دوران میں خواتین زیادہ حساس اور جذباتی انداز اختیار کرسکتی ہیں،ان کی ازدواجی زندگی میں بھی نئے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، اس عرصے میں نکاح و شادی سے بھی گریز کرنا چاہیے کیوں کہ سیارہ مشتری بھی 5 اپریل تک برج ہبوط میں ہے۔
سیارہ مریخ برج ثور میں حرکت کررہا ہے، 14 اپریل کو برج جوزا میں داخل ہوگا، سیارہ مشتری اپنے ہبوط کے برج جدی میں حرکت کر رہا ہے، 5 اپریل کو برج دلو میں داخل ہوگا،سیارہ زحل بھی جدی میں ہے جب کہ راہو کیتو بالترتیب اپنے شرف کے بروج ثور اور عقرب میں حرکت کررہے ہیں۔

شرف قمر

اس ماہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 14 اپریل کو 11:42 pm پر داخل ہوگا اور 17 اپریل 12:41 pm تک برج ثور میں رہے گا، چوں کہ چاند کی پہلی تاریخ ہوگی لہٰذا اس شرف قمر کو بھی عروج ماہ کا شرف کہا جائے گا اور یہ نہایت موثر ہوگا، اس وقت میں برکاتی انگوٹھی، لوح قمر یا طلسم قمر وغیرہ کی تیاری موزوں ہوگی،ہم یہاں شرف کے خصوصی اور موثر اوقات کی نشان دہی کررہے ہیں۔
پہلا موثر وقت 15 اپریل 11:21 am سے 12:22 pm تک ہوگا، اس وقت ساعتِ قمر بھی ہوگی۔
دوسرا موثر وقت 15 اپریل ہی کو شام 04:32 pm سے 05:07 pm تک ہوگا۔
تیسرا اور ہمارے نزدیک انتہائی موثر ترین وقت رات کو 09:18 pm سے شروع ہوگا اور 10:05 pm تک رہے گا،ان اوقات میں آپ جو بھی ورد و وظائف کرنا چاہتے ہیں کرسکتے ہیں، کوئی نقش یا طلسم تیار کرنا ہو اور اگر وقت ختم ہوجائے تو اسے بند کرکے محفوظ کردیں اور کسی دوسرے وقت میں مکمل کرلیں، البتہ اگر کوئی وظیفہ پڑھ رہے ہیں اور وہ مقررہ وقت میں ختم نہ ہوسکے تو کوئی حرج نہیں ہے، اپنا وظیفہ جاری رکھیں اور اسے مکمل کریں۔

قمر در عقرب

اس ماہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں یکم اپریل کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق قبل طلوع آفتاب 01:28 am پر داخل ہوگا اور 3 اپریل 03:15 am تک برج عقرب میں رہے گا، دوسری مرتبہ اسی مہینے میں 26 اپریل کو 11:28 am پر داخل ہوگا اور 30 اپریل 11:41 am تک اپنے ہبوط کے برج میں رہے گا، گویا اس ماہ قمر در عقرب کے دو نحس اوقات موجود ہیں، اس وقت کوئی نیا کام شروع کرنا مناسب نہیں ہوتا، خصوصاً نئے کاروبار کا آغاز، کوئی نیا معاہدہ، نکاح و منگنی وغیرہ سے گریز کرنا چاہیے۔
اس نحس وقت میں بندش اور روک تھام سے متعلق یا بری عادات سے نجات کے لیے اعمال و وظائف کیے جاتے ہیں، ہم برسوں سے ایسے وظائف و نقوش دے رہے ہیں اور ہماری ویب سائٹ پر پرانے آرٹیکلز میں بھی موجود ہیں، اس سلسلے میں ہماری کتابیں مسیحا حصہ اول، دوم اور سوم بھی دیکھی جاسکتی ہیں، ہم پہلے بھی وضاحت کرچکے ہیں کہ یہ تمام وقت نحوست کا ہے، اس وقت میں کسی خاص درجے کے بجائے مقصد کے موافق ساعت کا انتخاب کریں اور اس ساعت میں اپنا کام کریں، مثلاً کسی بھاگنے والے کو روکنا یا کسی معاملے میں استحکام اور پائیداری مقصود ہو تو قمر در عقرب کے وقت میں ساعت زحل کا انتخاب کریں، عادات بد سے نجات کے لیے ساعت قمر لیں، زبان بندی وغیرہ کے لیے ساعت عطارد لیں، اسی طرح مقصد کے مطابق ساعت کا انتخاب کریں اور رجال الغیب کا خیال رکھیں۔

شرف شمس

عزیزان من! روایتی اور یونانی طریق کار کے مطابق عام طور سے شرف شمس عموماً 7,8 اپریل کو مقرر کیا گیا ہے لیکن جدید ویدک سسٹم کے مطابق ہم نے اسے زیادہ مؤثر اور مفید پایا، چناں چہ ہم اپنے طریق کار کے مطابق شرف شمس کے اوقات کی نشان دہی کر رہے ہیں،یقیناً روایتی یونانی روش پر کاربند حضرات اس سے اختلاف کریں گے لیکن ہم جودرست سمجھتے ہیں اسی کی دعوت دیں گے، خیال رہے کہ اس حوالے سے ہماری زندگی کے تجربات کانچوڑ تقریباً چالیس سالہ ہے، وما توفیقیٰ الاباللہ۔
پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق سیارہ شمس اپنے شرف کے برج حمل میں 14 اپریل کو داخل ہوگا اور 14 مئی تک اسی برج میں شرف یافتہ رہے گا، ہمارے طریق کار کے مطابق ہر سیارہ اپنے برج کے ابتدائی پانچ اور آخری پانچ درجات پر کمزور تصور کیا جاتا ہے گویا ابتدائی پانچ درجات ”طفولیت“ کے ہیں اور آخری پانچ درجات ”ضعیفی“ کے ہیں چناں چہ ہم کسی بھی سیارے کے ضعف و قوت کو اسی پیمانے پر پرکھتے ہیں، قدیم زمانے سے سیارگان کے شرف کے لیے مخصوص درجات مقرر ہیں،یہ طریق کار یونانی سسٹم کے زیر اثر ہے جو اب ہمارے نزدیک معتبر نہیں رہا ہے، ذیل میں ہم شرف شمس کے موثر اوقات لکھ رہے ہیں، آپ ان سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
شمس اپنی باقوت پوزیشن میں 23 اپریل بہ روز جمعہ ہوگا، اس وقت شمس کے علاوہ قمر اور مریخ بھی باقوت پوزیشن رکھتے ہوں گے،خیال رہے کہ شمس کو مریخ کے برج حمل میں شرف ہوتا ہے،اس لیے ایک موثر وقت پر مریخ کا باقوت ہونا بھی ضروری ہے، اسی طرح کسی بھی لوح یا طلسم کی تیاری کے وقت سیارہ قمر کا بھی باقوت پوزیشن میں ہونا ضروری ہے، قمر 23 اپریل کو شمس کے برج اسد میں ہوگا۔

23 اپریل کو اسلام آباد ٹائم کے مطابق 08:47 am تا 09:30 am شرف کاسعد وقت ہوگا۔
اسی روز 11:02 pm سے 11:43 pmتک سعد وقت ہوگا۔
24 اپریل بہ روز ہفتہ مندرجہ ذیل اوقات ہوں گے۔
08:48 am سے 09:31am تک۔
اسی روز 01:32 pm سے 02:18 pm تک
06:18 pmسے 07:18 pm تک۔
25 اپریل بہ روز اتوار اوقات درج ذیل ہیں
02:35 am قبل طلوع آفتاب سے 03:01 am
05:16 am سے 05:43 am
01:33 pm سے 02:18 pm
11:03 pm سے 11:43 pm
26 اپریل بہ روز پیر اوقات درج ذیل ہیں
08:20 am سے 09:32 am
01:35 pm سے 02:20 pm
عزیزان من! شرف شمس کے مؤثر اوقات خاصی تعداد میں دے دیے گئے ہیں اگر کام کسی ایک وقت میں مکمل نہ ہو تو اسے دوسرے وقت میں یا تیسرے وقت میں مکمل کیا جاسکتا ہے، خیال رہے کہ یہ اوقات اسلام آباد ٹائم کے مطابق دیگر شہروں میں رہنے والے افراد اسلام آباد سے اپنے شہر کا فرق معلوم کرکے مندرجہ بالا اوقات میں کمی بیشی کرلیں۔
شرف شمس کے ضروری اعمال خصوصاً لوح شمس، لوح اسم اعظم یا خاتم اسم اعظم کی تیاری کا طریقہ اگرچہ ہماری ویب سائٹ پر علم جفر کے لنک میں موجود ہے،اس سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں،اس کے علاوہ ان شاء اللہ آنے والے ہفتے میں اس حوالے سے مزید مضمون بھی پیش کیا جائے گا۔

 

3 تبصرے:

  1. نہایت اعلی بہت خوب جناب عالی سلامت رہیں

    جواب دیںحذف کریں
  2. السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ
    بہت معلوماتی تحریر آپ نے پوسٹ فرمائی. اللہ تعالیٰ آپ کے علوم میں مزید اضافہ فرمائے آمین ثم آمین. گزارش ہے کہ کیا کوئی ایسی ایپ ہے جس سے ویدک علم نجوم کی رو سے نظرات سیارگان کا علم ہو سکے.؟ امید ہے جواب سے مستفید فرمائیں گے. شکریہ

    جواب دیںحذف کریں
  3. مجھے اس بات کو سمجھائیں۔۔۔ کیا 7 8 April کو ساری دنیا نے شمش کو شرف میں سمجھا۔۔۔ اور اس وقت کو سعد سمجھ کر۔ اعمال کئے۔ نقوش لکھے۔۔ اب ان نقوش کا کیا ہوگا۔۔۔ آیا وہ نقوش پر شرف کا اثر ہوگا یا نہیں۔۔ اور ایک بات۔۔ آپنے جو شرف شمش ٢٣ april کو بتائ۔۔ اسکی کوئ ٹھوس دلیل عطا فرمائیں۔۔۔

    جواب دیںحذف کریں