انعامی اسکیموں میں حصہ لینے والوں کے لیے خوش خبری
سینیٹ کے انتخابات حسب روایت ہوئے، بکنے والے بکے اور خریداروں کی تجوریاں بھی کھلی رہیں، وہ لوگ بھی جیت گئے جن کی جیت ممکن نہ تھی اور وہ ہار گئے جن کی جیت یقینی تھی، اب ایک نیا معرکہ درپیش ہے یعنی سینیٹ کے چیئرمین کا انتخاب، کہا جارہا ہے کہ اس عہدے کے لیے جناب یوسف رضا گیلانی امیدوار ہوسکتے ہیں، سینیٹ میں اب اکثریتی پارٹی پی ٹی آئی ہے اور اصولی طور پر سینیٹ کا چیئرمین وہ اپنا ہی لانا چاہے گی لیکن ماضی میں اس کے برعکس ہوچکا ہے جب مسلم لیگ اکثریتی پارٹی تھی لیکن وہ سینیٹ میں اپنا چیئرمین نہیں لاسکی، دیکھیے اس بار کیا ہوتا ہے؟
زائچہ پاکستان میں راہو اور مریخ پہلے گھر میں حرکت کر رہے ہیں، پیدائشی عطارد راہو کیتو سے شدید متاثر ہے، گویا میڈیا بے لگام رہے گا اور ایسی ایسی خبریں یا افواہیں گردش کریں گی جو حیران کن اور چونکا دینے والی ہوگی، پبلشنگ اداروں کا حال پہلے ہی تباہ ہے، رہی سہی کسر آنے والے دنوں میں پوری ہوجائے گی، اس دوران میں ممکن ہے بعض صحافیوں یا اداروں کے حالات مزید خراب ہوں۔
راہو اور مریخ کا قران نہایت منحوس ثابت ہوسکتا ہے، اس کے اثرات کے مطابق غیر ملکی سازشیں اور مداخلت بڑھ جائے گی، حکومت کے خلاف بیرونی ہاتھ مزید سرگرم ہوگا، حکومت کے خاتمے کے لیے اپوزیشن کی کوششوں میں معاون و مددگار کا کردار ادا کرے گا۔
15 اپریل سے 15 مئی تک کا وقت پاکستان کے لیے زیادہ مشکل اور سخت ثابت ہوسکتا ہے، اسی طرح 15 مئی سے 15 جون تک کا وقت وزیراعظم عمران خان کے لیے مشکل اور سخت ثابت ہوگا (واللہ اعلم بالصواب)
شرف قمر
قمر اپنے شرف کے برج ثور میں اس ماہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 18 مارچ کو بروز جمعرات شام 04:52 pm پر داخل ہوگا اور تقریباً 06:00 am کو 21 مارچ تک برج ثور میں رہے گا، یہ سعد اور مبارک وقت ہے، اس وقت میں نئے کاموں کا آغاز بہتر ہوتا ہے، مزید یہ کہ شرف قمر کی سعادت زندگی کے ضروری امور میں مددگار ثابت ہوتی ہے، شرف قمر سے متعلق اعمال و وظائف ہر ماہ دیے جاتے ہیں، اس بار برکاتی انگوٹھی کی تیاری کا طریقہ دیا جارہا ہے، اس حوالے سے خصوصی اوقات کی بھی نشان دہی کی جارہی ہے۔
19 مارچ بروز جمعہ دوپہر 01:30 pm سے 02:11 pm تک تقریباً 45 منٹ کا ٹائم ہوگا جس میں انگوٹھی پر یہ نقش کندہ کرنا مؤثر ہوگا، دوسرا مؤثر وقت 20 مارچ کو قبل طلوع آفتاب 03:45 am سے 04:25 am تک ہوگا، امید ہے کہ ان مؤثر اوقات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی، وہ لوگ جو اپنی کسی مجبوری کے سبب یہ انگوٹھی خود تیار نہ کرسکیں وہ براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔
برکاتی انگوٹھی کا راز
برسوں پہلے غالباً 1998 ء میں ہم نے برکاتی انگوٹھی کے راز کو عام کیا تھا اور بعد میں بھی کئی بار اس کا طریقہ کار شائع کیا گیا، اس انگوٹھی کی تیاری شرف قمر میں ممکن اور مؤثر ہوتی ہے اور ایسا شرف قمر جو عروج ماہ میں ہو یعنی نیا چاند ہونے کے بعد، عام طور پر ایسے مواقع ہر مہینے دستیاب نہیں ہوتے، اس بار شرف قمر کا وقت عروج ماہ میں ہوگا لہٰذا برکاتی انگوٹھی کی تیاری کا تفصیلی طریقہ کار دیا جارہا ہے، اس انگوٹھی کو اگر طلسمی انگوٹھی کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا، اسے پہننے والے کا ہاتھ کبھی پیسے سے خالی نہیں رہتا، گزشتہ 20,25 سال میں بے شمار لوگوں نے یہ انگوٹھی تیار کی ہے یا ہمارے دفتر سے حاصل کی ہے اور اس کے اثرات و نتائج خود ملاحظہ کیے ہیں، الا ماشاء اللہ۔
عزیزان من! یہ انگوٹھی علم جفر کے اہم رازوں میں سے ایک راز ہے، جفری اصولوں کے مطابق حروف ابجد کی ایک خاص قوت کو ”اعداد متحابہ“ کہا جاتا ہے، علمائے جفر کے درمیان ان اعداد کے سلسلے میں ایک دلچسپ اختلاف ہے یعنی بعض کے نزدیک 120 اعداد متحابہ ہیں اور بعض کے نزدیک 220۔ اس اختلاف سے قطع نظر دونوں کی اہمیت اپنی جگہ مُسلّم الثبوت ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ 120 کا مرکب عدد دولت کے لیے ہے اور 220 کا مرکب عدد محبت کے لیے، چناں چہ 120 کا نقش مثلث اگر اپنے نام کے پہلے حرف کی عنصری چال کے مطابق تیار کیا جائے اور انگوٹھی میں پہنا جائے تو یہ برکاتی انگوٹھی مالی فراوانی اور کشادگی رزق و روزگار کے لیے تیر بہ ہدف ثابت ہوگی، حضرت کاش البرنی ؒ اپنی کتاب ”عامل کامل“ حصہ اول میں لکھتے ہیں کہ اعداد 120 کا نقش مثلث چاندی کی انگوٹھی پر کندہ کرکے پہنا جائے تو ایسے شخص کا ہاتھ کبھی پیسے سے خالی نہیں رہے گا، بس یہی اس انگوٹھی کا خفیہ راز ہے جو سب سے پہلے برنی صاحب ؒ مرحوم نے منکشف کیا، اس انگوٹھی سے فائدہ اٹھانے والوں پر لازم ہے کہ ان کے لیے ضرور ایصال ثواب و دعائے خیر کریں۔
عزیزان من! ہر شخص کے نام کا پہلا حرف اس انگوٹھی کی تیاری میں معاون ہے، خیال رہے کہ حروف ابجد اپنی عناصری تقسیم کے مطابق چار عناصر میں بٹے ہوئے ہیں یعنی آتش، باد، آب اور خاک، ہم یہاں اس کی تفصیل دے رہے ہیں تاکہ آپ جان سکیں کہ آ پ کے نام کا پہلا حرف کس عنصر سے تعلق رکھتا ہے، واضح رہے کہ اس سلسلے میں پورے نام کو لیا جائے، مثلاً اگر نام محمد رفیع ہے اور رفیع کے نام سے پکارا جاتا ہے تو پہلا حرف ”ر“ نہیں ”م“ ہوگا، اسی طرح عبد الرحمن میں ”ع“ کو لیا جائے گا، پکارنے والے نام کی اہمیت نہیں ہوگی اور نام بھی وہ جو آپ کے سرکاری شناختی کارڈ میں لکھا گیا ہو۔
حروف ابجد کی عنصری تقسیم
ا، ہ، ھ، ط، م، ف، ش، ذ = آتشی حروف
ب، پ، و، ی، ن، ص، ت، ٹ، ض = بادی حروف
ج، چ، ز، ک، س، ق، ث ظ = آبی حروف
د، ڈ، ح، ل، ع، ر، ڑ، خ، غ = خاکی حروف
اعداد 120 کو مثلث 9 خانوں کے نقش میں بھرا جائے تو اس کی چار عنصری چالیں ہوں گی، ہر شخص اپنے نام کے پہلے حرف کے عنصر کے مطابق چال کا انتخاب کرکے اپنے لیے نقش منتخب کرسکتا ہے، اس طرح کل چار نقش تیار ہوں گے جو تمام ناموں کے لیے کار آمد ہوں گے، عام لوگوں کی سہولت کے پیش نظر چاروں چالوں کے عنصری نقوش یہاں دیے جارہے ہیں، آپ اپنے نام کے پہلے حرف کا عنصر معلوم کریں اور اس کے مطابق عنصری چال کا نقش اپنے لیے منتخب کرکے چاندی کی انگوٹھی پر کندہ کرلیں۔
آتشی عنصری چال
بادی عنصری چال
آبی عنصری چال
خاکی عنصری چال
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں