دائرئہ بروج کے بارہ برجوں کے لیے سیارہ مشتری کا ثمرہ
سیارہ مشتری ہماری کہکشاں میں ایک نمایاں مقام کا حامل سیارہ ہے، اسے وسعت و ترقی ، خوش حالی، مال و دولت اور علم و دانش سے منسوب کیا جاتا ہے، قدیم ایسٹرولوجی میں اس کی سعادت کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے لیکن خیال رہے کہ قدیم نظریات موجودہ دور میں تمام کے تمام قابل قبول نہیں رہے ہیں، ہمارے نزدیک اللہ تعالیٰ نے نظام کائنات تشکیل دیتے ہوئے فلکیاتی مظاہر کو اپنے خاص احکام کا پابند کیا ہے،چناں چہ یہ تصورات جو قدیم زمانے سے رائج ہےں، غلط ہیں کہ کوئی سیارہ مکمل طور پر سعد ہے یا کوئی منحوس ہے، قدیم نظریات کے مطابق سیارہ مشتری، زہرہ، قمر کو سعد اثرات کا حامل سمجھا جاتا رہا ہے جب کہ سیارہ زحل، مریخ اور شمس کو نحس یعنی تباہ کن خیال کیا جاتا رہا ہے، سیارہ عطارد کو نیوٹرل قرار دیا گیا ہے، اسی طرح عقدین القمر یعنی چاند کے سائے (راہو کیتو) نحس قرار دیے گئے ہیں، ماضی کے یہ تصورات ستارہ شناسی سے زیادہ ستارہ پرستی کی جانب لے جاتے ہیں، اسلام ان نظریات کی نفی کرتا ہے۔
علم نجوم کی جدید تحقیقات اس علم کو ایک سائنس قرار دیتی ہے اور سائنس میں سعد و نحس کا کوئی تصور نہیں ہے، ہاں! یہ ضرور ہے کہ سائنسی طور پر کسی چیز کا اگر مثبت استعمال موجود ہے تو منفی استعمال بھی ممکن ہے جیسے ایٹمی توانائی کا مثبت استعمال آج دنیا کو ترقی کی شاہراہ پر اوج کمال تک لے گیا ہے لیکن دوسری طرف ایٹم بم جیسی ایجاد کے نتیجے میں تباہی و بربادی کا نشان بھی ایٹمی طاقت ہے۔
بالکل اسی طرح علم نجوم میں بھی کوئی سیارہ نہ سعد ہے اور نہ نحس البتہ کسی بھی انفرادی پوزیشن میں اس کی اچھائی یا برائی طے کی جاتی ہیں، جب کسی ملک یا شخصیت کا اس کی پیدائش کے مطابق فلکیاتی زائچہ حسابی طریقہ ءکار کے مطابق تیار کیا جاتا ہے تو سب سے پہلے یہی دیکھا جاتا ہے کہ اس زائچے میں سیاروی پوزیشن کیا ہے اور کون سا سیارہ صاحب زائچہ کے لیے اچھا ہے اور کون سا برا اثر دے سکتا ہے، اس اصول کے تحت اگر کسی کا پیدائشی برج حمل ہے تو سیارہ مشتری اس کے زائچے میں سعد اثر دینے والا سیارہ ہے کیوں کہ برج حمل سے نویں گھر کا حاکم ہے اور نواں گھر خوش بختی کا گھر ہے (بھاگیا استھان) چناں چہ طالع برج حمل کے لیے مشتری ایک لکی سیارہ ہوگا۔
ذیل میں ہم بارہ برجوں کے حوالے سے کسی بھی شخص کے انفرادی زائچے میں مشتری کی سعادت و نحوست اثری کی نشان دہی کر رہے ہیں مگر خیال رہے کہ جو لوگ صرف اپنی تاریخ پیدائش کے مطابق اپنا برج یا (اسٹار) دیکھنے کے عادی ہیں وہ اس سے فائدہ نہیں اٹھاسکتے، انھیں چاہیے کہ پہلے اپنا برتھ چارٹ مکمل تاریخ پیدائش ، وقت پیدائش اور پیدائشی شہر کے مطابق بنائیں اور پھر دیکھیں کہ کون سا برج زائچے کے پہلے گھر میں طلوع ہے، وہی ان کا حقیقی پیدائشی برج ، برتھ سائن ہوگا اور اسی کا حاکم سیارہ ان کا ”اسٹار“ ہوگا۔
سعادت و نحوست مشتری
پیدائشی برج حمل: سعد اور خوش بختی کا باعث۔
پیدائشی برج ثور: نہایت منحوس اور نقصان دینے والا۔
پیدائشی برج جوزا: سعد اور فائدہ بخش۔
پیدائشی برج سرطان: نحس اثرات کا حامل۔
پیدائشی برج اسد: سعد ، زندگی میں خوشیاں لانے والا۔
پیدائشی برج سنبلہ: سعد، مبارک اثر دینے والا۔
پیدائشی برج میزان: سعد اور خوش قسمتی کا باعث۔
پیدائشی برج عقرب: سعد اور نہایت اہم۔
پیدائشی برج قوس: سعد اور مبارک۔
پیدائشی برج جدی: نحس، نہایت نقصان دہ۔
پیدائشی برج دلو: سعد اور منافع دینے والا۔
پیدائشی برج حوت: سعد اور پیشہ ورانہ امور میں مددگار۔
گویا دائرئہ بروج صرف تین برج ثور ، سرطان اور جدی ایسے ہیں جن کے لیے سیارہ مشتری کا اثر ناموافق یا نحس ہے، باقی تمام برجوں کے لیے یہ سعادت افروز ہوگا۔
سیارہ مشتری اپنی گردش کے دوران میں کسی ایک برج میں تقریباً 13 ماہ قیام کرتا ہے، اس دوران میں رجعت و استقامت کے علاوہ غروب بھی ہوتا ہے اور زائچے کے دیگر نحس اثرات سے متاثر بھی ہوتا ہے، برج سرطان میں اسے شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے اور برج جدی میں ہبوط ہوتا ہے یعنی اس کی پوزیشن نہایت کمزور ہوتی ہے، 5 نومبر 2019 ءکو سیارہ مشتری اپنے ذاتی برج قوس میں داخل ہوا اور یہاں 21 نومبر 2020 ءتک قیام کرے گا، اس قیام کے دوران میں 3 ماہ کے لیے یعنی 30 مارچ 2020 ءسے 30 جون 2020 ءتک اپنے برج ہبوط جدی میں رہے گا گویا یہ اس کی نہایت خراب حالت ہوگی ، ہم ذیل میں مختلف برجوں کے حوالے سے سیارہ مشتری کی اس سال کی پوزیشن اور اس کے اثرات دے رہے ہیں لیکن خیال رہے کہ کسی کے انفرادی زائچے میں ان اثرات میں کمی بیشی ہوسکتی ہے۔
برج حمل
جیسا کہ پہلے بتایا گیا کہ برج حمل کے لیے مشتری لکی سیارہ ہے لہٰذا برج حمل والوں کی خوش قسمتی کے دن شروع ہوچکے ہیں، تقریباً پورا سال اس کا مثبت اثر جاری رہے گا، البتہ درمیان کے تین مہینے جن کی نشان دہی کی گئی ہے جب یہ برج جدی میں ہوگا تو وہ یقیناً مسائل و مشکلات کا باعث ہوسکتے ہیں، اس دوران میں زندگی میں خوشیاں ، خوش قسمتی، خاص طور پر انعامی اسکیموں میں فوائد، مذہبی رجحانات اور سماجی مرتبے میں اضافہ، تعلیمی سرگرمیوں میں کامیابی، حج و عمرہ کی سعادت کا حصول یا بیرون ملک معاملات میں دلچسپیاں اور اس میں کامیابی،زندگی میں محبت ، شادی کے مواقع مل سکتے ہیں،اس سال 15 مارچ سے 15 اپریل اور 15 ستمبر سے 16 اکتوبر کا عرصہ برج حمل والوں کے لیے مشکل وقت لائے گا، اس عرصے کو صبروسکون کے ساتھ گزاریں اور کسی ایڈونچر سے گریز کریں۔
برج ثور
برج ثور والوں کے لیے مشتری زائچے کا سب سے زیادہ منحوس اثر دینے والا سیارہ ہے، اس کا قیام تقریباً پورا سال زائچے کے آٹھویں گھر میں رہے گا جہاں یہ طاقت ور اثر دے گا خصوصاً جب دیگر نحس اثرات سے پاک ہوگا، ثور مرد و خواتین کو اس کی موجودگی سے جو فوائد حاصل ہوسکتے ہیں ان میں باپ یا شریک حیات کی بہتر صحت اور مالی پوزیشن کا بہتر ہونا ہے، ان کے کاموں میں رکاوٹوں کا دور ہونا، اس کے برعکس مشتری کی طالع ثور کے لیے یہ پوزیشن ذہنی دباو ¿ اور نت نئے مسائل کا باعث ہوسکتی ہے، کاموں میں رکاوٹ پیدا ہونا ، مالی مسائل، قرض، پراپرٹی یا سواری سے متعلق مسائل، مستقبل کے خوف وغیرہ کا امکان رہے گا لیکن بہترین صورت یہ بھی ہوگی کہ سیارہ زحل 25 جنوری سے زائچے کے نویں گھر میں آجائے گا جس کی وجہ سے ان کی عزت ، شہرت اور پیشہ ورانہ معاملات میں انھیں آئندہ تقریباً ساڑھے سات سال تک نمایاں کامیابیاں حاصل ہوں گی، ایسے لوگوں کو چاہیے کہ پورا سال نہایت پابندی سے جمعرات کے روز اپنا صدقہ دیں، غریب اہل علم افراد کی مدد کریں، خصوصاً ان لوگوں کی جو بچوں کو تعلیم دیتے ہوں، برج ثور سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے اس سال 15 جنوری تک کا وقت اور 15 اپریل سے 15 مئی تک کا وقت پھر 16 اکتوبر سے 16 نومبر تک کا وقت مشکلات و مسائل لائے گا، اس وقت کو محتاط انداز میں گزاریں۔
برج جوزا
سیارہ مشتری زائچے کے ساتویں گھر میں قیام کرے گا اور اپنا سعد اثر ظاہر کرے گا، ساتواں گھر تعلقات ، پارٹنر شپ سے متعلق ہے، بیرون ملک قیام بھی اسی گھر سے وابستہ ہے، مشتری جب اچھی پوزیشن میں ہوگا تو تعلقات کے ذریعے فوائد اور خوشیاں لائے گا، غیر ملکی سفر ، نئے بزنس یا پارٹنر شپ یا شادی سے فوائد حاصل ہوں گے، نوجوان لڑکے لڑکیوں کی شادی میں آسانی ہوگی اور اچھی جگہ شادی ہوسکے گی، صاحب زائچہ کی سماجی حیثیت میں اضافہ ہوگا، خیال رہے کہ وہ لوگ جن کے زائچے میں پیدائشی طور پر مشتری کمزور ہے انھیں کم فائدہ ہوگا، ذاتی کاروبار یا ملازمت میں ترقی اور زیادہ فوائد حاصل ہوں گے، وہ اپنی ذاتی صلاحیتوں سے کام لے کر اہم ٹارگٹ حاصل کرسکیں گے لیکن خیال رہے کہ برج جوزا والوں کی قسمت کا ستارہ آئندہ ڈھائی سال تک خراب پوزیشن میں رہے گا لہٰذا کوئی کام بھی صرف قسمت کے بھروسے پر نہ کریں، 15 جنوری سے 15 فروری، 15 مئی سے 15 جون اور 15 نومبر سے 15 دسمبر کا وقت مسائل و مشکلات لاسکتا ہے، اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں اور اپنے معمولات پر ہی انحصار کریں۔
برج سرطان
سیارہ مشتری طالع سرطان سے چھٹے گھر میں ایک سال رہے گا ، زائچے کا چھٹا گھر صحت، کام اور دوسروں سے اختلافات، مقدمات وغیرہ یا قرض کا گھر ہے، جب یہ اچھی پوزیشن میں ہوگا تو اچھی صحت اور مالی پوزیشن میں بہتری ، کام کی زیادتی لائے گا، البتہ خراب پوزیشن میں نئے مسائل پیدا کرے گا، نئے تنازعات جنم لیں گے، پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں نت نئے مسائل پریشان کریں گے،ملازمت یا پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں بھی پریشانی کا سامنا ہوسکتا ہے، مالی پوزیشن اُتار چڑھاو ¿ کا شکار رہے گی، دوسروں سے اختلاف رائے اور حیثیت میں کمی واقع ہوگی، اس سال 15 جنوری تک ،15 فروری سے 15 مارچ تک اور 16 مئی سے 16 جون تک مشکلات اور مسائل میں اضافہ ہوگا، اس عرصے کو محتاط رہتے ہوئے گزاریں اور کوئی رسک نہ لیں، سرطانی افراد کو بھی جمعرات کے روز اپنا صدقہ بہت پابندی سے دینا چاہیے۔
برج اسد
طالع برج اسد کے حامل افراد کے زائچے میں اس سال سیارہ مشتری زائچے کے پانچویں گھر میں حرکت کرے گا، اس گھر کا تعلق زندگی کی خوشیوں، زائد آمدن، انعامی اسکیمیں، اولاد ، اعلیٰ تعلیم اور دانش مندی سے ہے، گویا اسدی افراد کے لیے یہ نہایت مبارک اور فائدہ بخش سال ہے، مشتری اپنی اچھی پوزیشن میں اعلیٰ تعلیم، بچوں کی پیدائش خصوصاً اولاد نرینہ کے حوالے سے خوشیاں دے گا، اسدی افراد کو کسی مبارک وقت پر انعامی بانڈ خرید کر رکھنا چاہیے،اس سال انھیں قانونی معاملات میں کامیابی ملے گی،صحت بہتر رہے گی، جذباتی خوشیاں حاصل ہوں گی،والدین سے بھی خوشیاں ملیں گی، نئی سرمایہ کاری منافع بخش رہے گی، اپنی ذاتی صلاحیتوں کی بنیاد پر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے،رہائشی امور میں اگر کوئی پریشانی ہے تو ، ختم ہوجائے گی، ترقی پروموشن وغیرہ جیسے معاملات میں بھی کامیابی ہوگی، خصوصاً جب مشتری اپنے سعد اثرات دے گا، البتہ ازدواجی یا کاروباری پارٹنر شپ میں اختلافات اور دیگر مسائل کا امکان موجود ہے، اس سال 15 جنوری سے 15 فروری، 15 مارچ سے 15 اپریل اور 15 جولائی سے 15 اگست کے دوران میں بعض مسائل پیدا ہوسکتے ہیں جو عارضی طور پر پریشانی کا باعث ہوں، ان اوقات میں صبروتحمل اور برداشت سے کام لیں۔
برج سنبلہ
طالع سنبلہ کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد کے زائچے میں سیارہ مشتری چوتھے گھر میں ہوگا جس کا تعلق والدین ، رہائش گاہ، پراپرٹی اور سواری یا جمع شدہ سرمائے سے ہے، اس گھر کو ”پناہ گاہ“ بھی کہا جاتا ہے یعنی ماں کی آغوش، مشتری کی یہاں موجودگی نہایت خوش بختی کی علامت ہے، جب یہ اچھی اور طاقت ور پوزیشن میں ہوگا تو ذہنی اور دماغی سکون دے گا، عمومی خوشیاں، اضافی فوائد اور اثاثوں میں اضافہ، پراپرٹی سے متعلق پہلے سے موجود مسائل کے حل میں مدد دے گا، کاروبار اور پیشہ ورانہ امور میں نئی کامیابیاں حاصل ہوں گی، اگر ذاتی رہائش نہیں ہے تو اس کا حصول بھی ممکن ہوسکے گا، فیملی یا دیگر لوگوں سے تعلقات بہتر ہوں گے، البتہ جب یہ کمزور پوزیشن میں ہوگا تو ذہنی تناو ¿، گھریلو مسائل اور اثاثوں یا بچوں سے متعلق مشکلات پیدا ہوں گی، اس سال برج سنبلہ والوں کو 15 فروری سے 15 مارچ ، 15 اپریل سے 15 مئی اور 15 اگست سے 15 ستمبر کے درمیان محتاط رہنا ہوگا، یہ وقت مسائل و مشکلات لاسکتا ہے۔
برج میزان
طالع میزان کے لیے سیارہ مشتری نہایت اہم اور خوش قسمتی کا باعث ہے، زائچے کے تیسرے گھر میں حرکت کرے گا، اس کا مثبت اثر تقریباً سارا سال جاری رہے گا، اپنی اچھی پوزیشن میں تقریباً تمام ہی امور میں مددگار ثابت ہوگا، چھوٹے بہن بھائیوں سے تعاون ، بزنس میں مالی فوائد، ملازمت میں ترقی، پبلک ریلیشن اور سماجی حیثیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آئے گا، اپنی ذاتی کوشش اور جدوجہد میں اس سال یہ لوگ تیزی لائیں گے، غیر شادی شدہ میزانی افراد کی شادی ہوسکتی ہے یا انھیں پسندیدہ لائف پارٹنر مل سکتا ہے، ان کی قسمت کا ستارہ سارا سال چمکتا رہے گا لیکن اپریل مئی اور جون میں خراب پوزیشن میں ہوگا، اس کے علاوہ 15 مارچ سے 15 اپریل، 15 مئی سے 15 جون اور 15 ستمبر سے 16 اکتوبر کے دوران میں انھیں مسائل اور مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، اس عرصے میں صبرواستقامت سے کام لیں اور جو کام اس دوران میں رکاوٹ کا شکار ہیں انھیں زبردستی آگے بڑھانے کی کوشش نہ کریں۔
برج عقرب
طالع برج عقرب والوں کے زائچے میں سیارہ مشتری دوسرے گھر میں رہے گا، یہ زائچے کا نہایت اہم گھر ہے لہٰذا مشتری کی سعادت اپنی اچھی پوزیشن میں زندگی میں خوشیاں، جاب میں ترقی، سماجی مرتبے میں اضافہ اور تعلقات کے ذریعے فوائد لائے گا خصوصاً پیشہ ورانہ امور اور ذاتی کاروبار میں ترقی ہوگی، وہ لوگ جو تبلیغی ، تربیتی یا معلوماتی شعبے سے وابستہ ہیں، وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے عزت اور شہرت حاصل کریں گے، بعض لوگ زیادہ بہتر جاب یا عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے، ازدواجی زندگی خوش گوار ہوگی، شادی اور نکاح کے سلسلے میں اگر پہلے سے کوئی رکاوٹ جاری تھی تو اب دور ہوجائے گی،اس سال برج عقرب والوں کی ذاتی کارکردگی بھی گزشتہ سالوں کی بہ نسبت بہتر ہوگی اور وہ کسی بڑے منصوبے کا آغاز کرسکتے ہیں،البتہ اس سال 15 مارچ سے 15 اپریل، 15 مئی سے 15 جون اور 15 اکتوبر سے 15 نومبر کا عرصہ مسائل اور مشکلات لاسکتا ہے، اس وقت صبروبرداشت سے کام لینا بہتر ہوگا، کوئی جلد بازی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، اپریل ، مئی ، جون کے مہینے مالی مشکلات لاسکتے ہیں۔
برج قوس
طالع برج قوس کے حامل افراد گزشتہ سال سے خاصی پریشانیوں کا شکار رہے ہیں، سیارہ مشتری ان کا حاکم سیارہ ہے اور اب زائچے کے پہلے گھر میں نہایت اعلیٰ پوزیشن میں سارا سال رہے گا، گویا نقصانات کے گھر سے نکل آیا ہے، چناں چہ اچھی صحت ، تعلیمی کامیابیاں، خوش قسمتی، والدین کی صحت میں بہتری، سماجی حیثیت میں اضافہ ہوگا، مذہب کی طرف رجحان بڑھے گا، انعامی اسکیموں میں کامیابی مل سکتی ہے، انعامی بانڈز کسی مبارک وقت پر خرید کر رکھنا چاہیے، زائد آمدن کے کاموں سے بھی فائدہ ہوگا، قوسی افراد اس سال بیرون ملک سفر کرسکتے ہیں یا حج و عمرہ کی سعادت بھی حاصل کرسکتے ہیں،یہ سال ان کی زندگی میں بہتر ذرائع آمدن اور فیملی سے متعلق خوشیاں لائے گا، اس سال انھیں 15 مئی سے 15 جون، 15 جولائی سے 15 اگست اور 15 نومبر سے 15 دسمبر کے درمیان بعض مسائل و مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، ان اوقات میں صبروبرداشت سے کام لینا بہتر ہوگا اور کسی جلد بازی یا رسک سے گریز کرنے کی ضرورت ہوگی۔
برج جدی
طالع برج جدی کے تحت پیدا ہونے والے افراد کے لیے موجودہ سال کسی حد تک مشکل ہوسکتا ہے، خاص طور سے جب سیارہ مشتری ناموافق نظرات کا شکار ہوگا، سارا سال بہت سے واہمے اور خوف پریشان کرسکتے ہیں، مستقبل کی فکر پریشان کرے گی، اگرچہ اس سال سیارہ زحل برج جدی میں آجائے گا لہٰذا ایک اضافی توانائی انھیں حاصل رہے گی،پیشہ ورانہ سرگرمیاں ، کاروباری امور اور ذرائع آمدن میں بہتری آئے گی،دوسروں سے تعلقات مستحکم اور خوش گوار ہوں گے، بعض نوجوان لڑکی اور لڑکیاں تعلیم کے لیے بیرون ملک جاسکیں گے، نئی سرمایہ کاری سے فوائد حاصل ہوں گے، غیر ملکی قیام کے دوران میں سہولتیں میسر ہوں گی لیکن جدی افراد اس کے باوجود بھی ایک عجیب طرح کے عدم اطمینان اور بے چینی کا شکار رہیں گے، بعض مواقع پر کسی بڑے مالی نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے، کوئی قانونی مسئلہ یا کوئی مقدمہ پریشانی کا باعث بن سکتا ہے، اسی طرح قرض کے حوالے سے بھی انھیں محتاط رہنا ہوگا، ماضی کا کوئی قرضہ بھی پریشانی لاسکتا ہے، امکان ہے کہ اس سال انھیں کسی نئی جاب کی ضرورت پیش آجائے، اسی طرح پراپرٹی کے اور گھریلو معاملات بھی انھیں فکر مند رکھیں گے، اس سال جدی والوں کو 15جنوری تک اور بعد ازاں 15 جون سے 15 جولائی اور 15 اگست سے 15 ستمبر کے درمیان زیادہ مسائل اور مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے،بہتر ہوگا کہ وہ پابندی سے جمعرات اور اتوار کے روز اپنا صدقہ دیا کریں۔
برج دلو
طالع دلو کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد کے زائچے میں سیارہ مشتری گیارھویں گھر میں ہوگا، یہ اس کی بہترین پوزیشن ہے، جب اچھی پوزیشن میں ہوگا تو زائد کاروباری فائدے حاصل ہوں گے، سرمایہ کاری بھی فائدہ بخش رہے گی، نئے بزنس یا نئی جاب کے مواقع سامنے آئیں گے، اولاد کے ذریعے خوشیاں حاصل ہوں گی اور بیرون ملک قیام کے خواہش مند اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے، لوگوں سے تعلقات فائدہ بخش رہیں گے، پارٹنر شپ سے بھی فوائد حاصل ہوں گے، دلو افراد اس سال اپنی کوششوں سے بہتر نتائج حاصل کرسکیں گے، غیر شادی شدہ افراد کی شادی کا امکان بھی موجود ہے،اس سال دلو افراد اپنے منصوبوں میں یا مستقبل کے پروگرام میں کوئی بڑی تبدیلی لاسکتے ہیں،وہ بیرون ملک جانے اور وہاں مستقل قیام کا پروگرام بھی بناسکتے ہیں،ذرائع آمدن سے متعلق معاملات اور فیملی کے مسائل انھیں پریشان کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ اپریل ، مئی اور جون کے مہینے ان کے لیے ناموافق اور نقصان دہ ہوسکتے ہیں، اس کے علاوہ15 جنوری سے 15 فروری ، 15 جولائی سے 15 اگست اور 15 ستمبر سے 16 اکتوبر کے دوران میں بھی انھیں خاصے صبر آزما مسائل و مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
برج حوت
طالع برج حوت کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد کے لیے مشتری کی دسویں گھر میں موجودگی خوش بختی کا باعث ہے، اپنی اچھی پوزیشن میں مشتری اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ کارکردگی ، بہتر جاب یا کاروبار میں ترقی کا باعث ہوگا، حیثیت اور ذرائع آمدن میں اضافہ لائے گا، تنازعات اور دوسروں سے اختلافات یا مقدمات کا خاتمہ ہوگا، نئی رہائش یا پہلے سے موجود رہائش زیادہ آرام دہ ثابت ہوگی، ذاتی سرمائے میں اضافہ اور پراپرٹی سے متعلق مسائل میں بھی بہتری آئے گی، والدین کی صحت بہتر ہوگی، گھریلو ماحول خوش گوار ہوگا، جب کہ مشتری کی خراب پوزیشن ان تمام امور میں مسائل و مشکلات لائے گی اور خیال رہے کہ برج حوت والے بعض ایسے غلط فیصلے بھی کرسکتے ہیں جن پر بعد میں پچھتانا پڑے، چناں چہ ان کو اہم فیصلوں میں مخلص اور تجربے کار افراد کی باتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہوگی، اپریل تا جون کاروباری لحاظ سے یا جاب کے حوالے سے سخت وقت ہوگا، اس کے علاوہ 15 اپریل سے 15 مئی، 15 اگست سے 15 ستمبر اور 15 اکتوبر سے 16 اکتوبر کا عرصہ صحت کی خرابی، مالی نقصانات اور کاموںمیں رکاوٹ لانے والا ہوسکتا ہے، اس عرصے میں محتاط رہیں اور صبروبرداشت سے کام لیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں