آگ تھے ابتدائے عشق میں ہمہوگئے خاک انتہا ہے یہ
اب تک ہم آبی اور ہوائی بروج کے انداز و اظہار محبت پر بات کر چکے ہیں۔ بے شک یہ دونوں عنصر رومان پسند ہیں اور ان کی زندگی میں اگر عشق و محبت کی دلچسپیاں نہ ہوں تو انہیں اپنی زندگی بے کار اور بور محسوس ہوتی ہے۔ بقول مرزا غالب، یہ وہی لوگ ہیں جو چاہتے ہیں بیٹھے رہیں تصور جاناں کیے ہوئے۔
ہم پہلے بھی عرض کر چکے ہیں کہ آبی یا ہوائی بروج کے ساتھ اگر آتشی یا خاکی بروج کا امتزاج ہو جائے تو صورت حال خاصی تبدیل ہو جاتی ہے پھر ان لوگوں کی محبت کے انداز اور اظہار میں جوش و ولولے کے ساتھ عملیت پسندی بھی نظر آتی ہے، یہ ایک علیحدہ موضوع ہے جو بہت زیادہ طوالت اختیار کر سکتا ہے کہ مختلف عناصر کے باہمی امتزاج کے نتیجے میں کس قسم کی شخصیت اور محبت وجود میں آتی ہے اور پھر اس کا انداز و اظہار کیا رنگ دکھاتا ہے۔ مغرب میں اس موضوع پر ضخیم کتابیں لکھی گئی ہیں جو انسانی نفسیات کے دلچسپ اور حیرت انگیز پہلوو ¿ں کو اجاگر کرتی ہیں۔
آتشی بروج کا انداز محبت
بارہ بروج میں تین برج آتشی عنصر رکھتے ہیں، ان تینوں برجوں کی تکون میں پہلے نمبر پر حمل (Aries)، دوسرے نمبر پر اسد (Leo) اور تیسرے نمبر پر قوس (Sagittarius) ہے۔ تینوں اگرچہ آتشی عنصر رکھتے ہیں لیکن اپنی ماہیت اور فطرت میں ایک دوسرے سے مختلف ہیں، حمل منقلب (Movable) ہے، اسد ثابت یعنی استقلال کا حامل ہے تو قوس ذوجسدین (ڈبل باڈی سائن) ہونے کی وجہ سے تغیر پذیر بھی ہے اور ٹھہراو ¿ کا حامل بھی، تینوں کے بنیادی نظریات اور دلچسپیوں میں بھی نمایاں فرق ہے۔ آئیے تینوں کی محبت کے رنگ ڈھنگ پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
برج حمل کا انداز محبت
برج حمل دائرہ بروج کا پہلا برج اور اپنی ماہیت کے اعتبار سے منقلب (Cardinal) ہے۔ اس کا حاکم سیارہ مریخ ہے۔ اپنی فطرت میں یہ مذکر اور تغیر پذیر ہے۔ اس کا حاکم مریخ طاقت و توانائی، جنگ اور جرا ¿ت و ہمت کا ستارہ کہلاتا ہے۔ حمل افراد کی بنیادی خصوصیات میں پہل کاری، قیادت اور بھرپور توانائی کا اظہار شامل ہے۔ یہ لوگ اپنی پہل کاری کی خصوصیت کی وجہ سے انتظار کرنے کے قائل نہیں ہوتے۔ محبت میں نہایت پرجوش اور سرگرم نظر آتے ہیں۔ جب یہ کسی کو پسند کر لیں تو اظہار محبت کرنے میں دیر نہیں لگاتے بلکہ باقی معاملات بھی جلد از جلد طے کر لینا چاہتے ہیں۔ برج حمل کو بے صبرا بھی کہا جاتا ہے۔ یہ اپنے عمل کا فوری نتیجہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ لہذا محبت کے معاملے میں ان کی سرگرمی اور جوش و خروش قابل دید ہوتا ہے۔ بقول شاعر
تیرے کوچے اس بہانے مجھے دن سے رات کرنا
کبھو اس سے بات کرنا کبھو اس سے بات کرنا
بے قراری اور جلد بازی برج حمل کا خاصا ہے اور اس حوالے سے یہ لوگ کوئی عملی قدم اٹھانے سے پہلے کچھ سوچنے سمجھنے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کرتے۔ ان کی خود اعتمادی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ لہذا ہر قسم کے خطرات کی پروا کیے بغیر ان کے قدم آگے ہی آگے بڑھتے رہتے ہیں۔
حمل مرد ہو یا عورت دونوں بہت جلدی فیصلہ کرتے ہیں۔ اگر آپ نے ان کے سامنے فیصلہ کرنے میں دیر کر دی تو وہ آپ کا انتظار نہیں کریں گے۔ گویا حمل افراد کی محبت میں ٹہراو ¿ اور گہرائی نہیں ہوتی جب انہیں جو چیز پسند آگئی، بس اسی وقت بچوں کی طرح اس کے حصول کے لیے مچلنے لگیں گے اور عموماً اسے حاصل کر کے ہی چھوڑیں گے۔ ایک مرتبہ جب وہ اپنی پسندیدہ چیز کو حاصل کر لیں تو پھر ان کی دلچسپی کم یا ختم بھی ہو سکتی ہے، وہ کسی دوسری انوکھی چیز کے لےے دلچسپی محسوس کر سکتے ہیں۔ برج حمل کی یہ تغیر پذیری کسی پائیدار محبت کا امکان کم کر دیتی ہے۔ البتہ حمل کے ساتھ اگر کوئی آبی (Scorpio) یا خاکی برج (Tauras)موجود ہو تو حمل کی تغیر پذیری میں کمی آسکتی ہے۔
برج حمل کا نشان مینڈھا ہے اور آپ نے دیکھا ہو گا کہ مینڈھے کو اگر چیلنج کیا جائے یعنی صرف ہاتھ کے اشارے سے اسے دعوت مبارزت دی جائے تو وہ فوراً اپنا سر نیچے جھکا کر پیچھے کی طرف ہٹنا شروع کر دیتا ہے تاکہ تیزی کے ساتھ آپ پر حملہ آور ہو۔ بس یہی خصوصیت حمل افراد میں بھی نظر آئے گی یعنی چیلنج قبول کرنا۔ اکثر یہ لوگ محبت کو بھی ایک چیلنج سمجھ کر قبول کرتے ہیں اور جب وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو پھر ان کی دلچسپی ختم ہو جاتی ہے۔ اب انہیں کوئی نیا چیلنج چاہیے ہوتا ہے۔ جوزا، اسد، قوس اور دلو ایسے برج ہیں جو حمل افراد کے لیے زندگی بھر ایک چیلنج بنے رہتے ہیں۔ لہذا ان لوگوں سے حمل افراد کے تعلقات لمبے عرصے تک چلتے ہیں اور ان کی دلچسپی کبھی کم نہیں ہوتی۔
برج حمل مریخی اثرات کی وجہ سے ایک جنگجو برج ہے۔ لہذا کسی بھی قسم کی پارٹنر شپ کے لیے زیادہ موزوں نہیں سمجھا جاتا۔ یہ لوگ مزاجاً سرکش، شعلہ صفت اور تند خو ہوتے ہیں۔ اسی لیے دوسروں کی سرکشی اور تند خوئی ان کے لیے ناقابل برداشت ہوتی ہے۔ ایسی صورت میں یہ فوراً مقابلے پر اتر آتے ہیں اورمینڈھے کی طرح جوابی کاروائی کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔ اگر کسی حمل شخصیت کے انفرادی زائچے میں کوئی نرم گوشہ موجود نہ ہو تو اس کے ساتھ تعلقات نبھانا بڑا ہی مشکل کام ہو گا۔
حمل مرد و خواتین کے تعلقات ان کی پسند کے مطابق ہوتے ہیں اور پھر مزید طرفہ تماشہ یہ کہ یہ لوگ اپنے محبوب یا شریک حیات یا شریک کار کو اپنا ماتحت دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس صورت میں محبت کے بنیادی اصول مجروح ہوتے ہیں۔ لہذا برج حمل کو ایک جنگجو برج تو کہا جا سکتا ہے لیکن لو سائن Love Sign نہیں کہا جا سکتا۔ بہرحال اس بات کا یہ مطلب بھی نہیں ہے کہ حمل افراد محبت نہیں کر سکتے لیکن یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب برج حمل کے ساتھ قمری یا پیدائشی برج آبی یا ہوائی ہو۔ حالانکہ ایسی صورت بھی محبت کے اعلٰی روایتی معیار کو جنم نہیں دے سکتی جو محبت کا طرہ ¿ امتیاز ہے۔ دوسرے معنوں میں یوں سمجھ لیں کہ حمل افراد قربانی دینے والے نہیں ہوتے۔ جبکہ محبت بہرحال قربانی مانگتی ہے۔
حمل افراد اسی تعلق کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں جو ان کی پسند کے مطابق ہو، مزید یہ کہ وہ اپنی پسندیدہ ہستی کی صحبت سے محظوظ ہوتے ہوں وہ ان کے لیے بوریت اور کسی پریشانی کا سبب نہ ہو۔ فرماں بردار اور اطاعت گزار ہو۔ محبت میں پر خلوص اور ایماندار ہو۔
حمل افراد کو محبت کے معاملے میں چیلنج دینے والی طاقتور شخصیات میں بڑی کشش محسوس ہوتی ہے اور ایسی شخصیات میں سر فہرست خود برج حمل ہے۔ لہذا دو حمل افراد خاص طور سے مرد و خواتین پہلی ہی نظرمیں ایک دوسرے سے متاثر ہو سکتے ہیں لیکن ان کی جوڑی سخت تباہ کن بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ کیونکہ"دو باس" ایک جگہ اکھٹا نہیں رہ سکتے اور یہ دونوں پیچھے ہٹنا یا ہتھیار ڈالنا بھی نہیں جانتے۔ جب ان کے درمیان کسی بات پر اختلاف شروع ہو گا تو پھر علیحدگی پر ہی ختم ہو گا۔ دوسرے نمبر پر حمل افراد کے لیے عقربی لوگ بڑی دلچسپی کا باعث ہوتے ہیں اور عقرب کو بھی حمل افراد میں بڑی کشش محسوس ہوتی ہے لیکن یہ جوڑی بھی بڑی خطرناک ہے۔ دونوں جنگجو برج ہیں اور دونوں زندگی بھر ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کی کوشش میں لگے رہیں گے جس کا نتیجہ مستقل خانہ جنگی کی صورت میں ظاہر ہو گا۔
حمل افراد کو کسی بھی قسم کی شراکت اور تعلقات میں بہت اچھے انداز میں ہینڈل کرنے والے برج جوزا، میزان اور دلو ہیں۔ جوزا کی ذہانت، ہوشیاری اور معاملہ فہمی، میزان کی توازن پسندی اور مصلحت اندیشی، برج حمل کو آسانی سے کنٹرول کر لیتی ہے جبکہ برج دلو کی بے نیازی اور جدت پسندی خود برج حمل کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ وہ اسے اپنے پیچھے لگانے کی فطری کوشش میں با لآخر خود اس کے پیچھے لگ جاتا ہے۔
برج اسد کا انداز محبت
دائرہ بروج کا پانچواں اور آتشی تکون کا دوسرا برج اسد ہے۔ فطری اور کسی بھی زائچے میں پانچواں گھر محبت، اولاد، اضافی آمدن، وجدانی توانائی،شعور اور خوشی سے منسوب ہے۔ گویا برج اسد محبت کا برج ہے۔ اس کا نشان شیر اور ماہیت ثابت (Fixed) ہے۔ حاکم سیارہ شمس یعنی سورج ہے جسے ہمارے نظام شمسی میں مرکزی حیثیت حاصل ہے یعنی تمام سیارے سورج کے گرد گھوم رہے ہیں لہذا شمس کو ایک حکمران کا درجہ حاصل ہے۔
برج اسد کو بادشاہوں کا برج کہا جاتا ہے۔ اسی لیے اسدی افراد کے طور طریقوں میں ایک شاہانہ رنگ جھلکتا ہے۔ ان کی انا کا پرچم بہت بلند رہتا ہے۔ ان کی زندگی میں کم تر اور گھٹیا چیزوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ یہ لوگ اعلٰی پوزیشن پر کام کرنا پسند کرتے ہیں۔
محبت کے معاملے میں بھی اسدی افراد کسی سے پیچھے نہیں رہتے مگر ان کی محبت کا انداز اور اظہار سب سے مختلف ہے۔ یہ لوگ بنیادی طور پر عاشق یعنی چاہنے والے ہوتے ہیں لیکن معشوق بننا ان کے مزاج کے خلاف ہے کیونکہ ان کی انا محبت میں بھی بلند رہتی ہے اور یہ کسی کے سامنے سر جھکانا پسند نہیں کرتے۔ گویا محبت میں بھی حاکمیت و اقتدار کا تصور موجود ہے۔
بندگی میں بھی وہ خود بین و خود آراءہیں کہ ہم
الٹے پھر آئے درِ کعبہ اگر وا نہ ہوا
اسد افراد جب کسی پر عاشق و فریفتہ ہوتے ہیں تو انہیں عموماً اس بات کی زیادہ پروا نہیں ہوتی کہ ان کا محبوب بھی انہیں چاہتا ہے یا نہیں یا وہ ان سے کتنی محبت کرتا ہے۔ دوسرے معنوں میں وہ بنیادی طور پر ایک جمال پرست ہیں یعنی حسن و خوب صورتی سے انہیں عشق ہے۔ یہ حسن و خوب صورتی جہاں بھی نظر آئے وہ اس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے، اس کی محبت میں گرفتار ہو سکتے ہیں، اگر مناسب جوابی توجہ نہ ملے تو ممکن ہے اس داغ کو دل پر لے کر آگے بڑھ جائےں لیکن جواباً محبت اور خلوص کا اظہار کیا جائے اور ان کے جذبات کو سراہا جائے تو بہت خوش ہوں گے۔ محبت میں کامیابی اور کسی بھی نوعیت کی رفاقت میں وہ یہ ضرور دیکھتے ہیں کہ ان کا شریک کار یا شریک حیات فرماں برادر اور اطاعت گزار ہے یا نہیں اور ان سے کس حد تک متاثر و مرعوب ہے، اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ سرکشی، بغاوت اور مخالفت کی وجہ سے ان کا عشق ختم ہو جاتا ہے اور وہ اس سے نفرت کرنے لگتے ہیں۔ محبوب کی سرکشی بھی انہیں محبوب ہوتی ہے۔ البتہ اس صورت میں اس پر ان کی عنایات اور مہربانیاں کم ہو جاتی ہیں۔
نیپولین اور جوزیفائن
اسد افراد کی مثالی محبت کا ایک شاندار کیس فرانس کے عظیم شہنشاہ نیپولین بوناپارٹ کا ہے۔ اس نے بادشاہ بننے سے قبل جوزیفائن سے محبت کی تھی اور اس کی یہ محبت یا پسندیدگی کبھی کم نہ ہوئی۔ اگرچہ بعد میں جوزیفائن نے اس کے ساتھ بڑی زیادتیاں کیں یہاں تک کہ بے وفائی کی بھی مرتکب ہوئی مگر نیپولین کی اس سے محبت اور دلچسپی اس وقت بھی قائم رہی جب ان دونوں کے درمیان علیحدگی ہو چکی تھی۔ نیپولین اور جوزیفائن کے عشق کا قصہ اب تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ اسد کی محبت کو سمجھنے کے لیے اس کا مطالعہ کرنا چاہیے۔
تینوں آتشی بروج میں برج اسد محبت کے معاملے میں جتنا گرم جوش اورسرگرم ہے، اتنا ہی مستحکم مزاج بھی ہے۔ یہ خصوصیت حمل اور قوس میں نہیں ہے۔ اسدی مرد و خواتین جب ایک بار کسی سے محبت کرتے ہیں تو دل کی گہرائیوں سے اور پوری سچائی کے ساتھ اس کا ساتھ دیتے ہیں لیکن جواباً ایسی ہی محبت اور سچائی مکمل وفاداری کے ساتھ انہیں چاہےے ہوتی ہے۔ ابتداءمیں ان کی محبت دیوانگی کی حد تک جا سکتی ہے جو کبھی کبھی ان کے محبوب کے لیے پریشانی کا باعث بھی بن سکتی ہے مگر پھر جب انہیں یقین آ جائے کہ ان کا محبوب ان کی دسترس سے باہر نہیں ہے اور بے وفائی نہیں کرے گا تو وہ نارمل ہو جاتے ہیں۔
محبت اور رفاقت میں اسد افراد کو اعلٰی معیار کے ساتھ ذاتی تعریف و توصیف کی بھی ضرورت ہوتی ہے یعنی وہ اپنے محبوب یا رفیق کار سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ ان کی تعریف کرے اور ان کی اعلٰی صفات کا برملا اظہار کرے۔ برج اسد تعریف اور خوشامد سے خوش ہوتا ہے اور تنقید برداشت نہیں کر سکتا لہذا اسدی افراد کی بیویوں اور شوہروں کو اس نکتہ پر توجہ دینا چاہیے تاکہ گھر کا ماحول خوش گوار رہے اور باہمی محبت میں اضافہ ہو۔
اسد افراد محبت کی ابتدا میں جتنے پرجوش اور سرگرم ہوتے ہیں، شادی کے بعد اتنے ہی محتاط اور بظاہر سردمزاج نظر آتے ہیں، دراصل وہ اپنی محبت کا اظہار بھی بڑے باوقار اور لیے دیے انداز میں کرنے کے قائل ہوتے ہیں، اسدی افراد کی محبت میں بچگانہ طور طریقے نہیں ہوتے بلکہ یہاں بھی وہ ایک شاہانہ انداز میں نظر آتے ہیں۔ اپنی محبت کا اظہار اپنی فیاضی اور دریا دلی کے مظاہروں سے کرتے ہیں۔ محبوب کے حسن و جمال کی تعریف میں بھی وہ بہت اختصار سے کام لیتے ہیں۔ اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا کہ اسد افراد دوسروں کی تعریف کرنے میں خاصے کنجوس واقع ہوئے ہیں۔ دوسرے معنوں میں صرف اپنی تعریف ہی ان کے پیش نظر ہوتی ہے ۔
کسی اسد مرد یا عورت کے دل میں جگہ بنانا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ یہ لوگ عام اور سطحی انداز سے متاثر نہیں ہوتے۔ آپ کو اپنی شخصیت اور کردار میں تمام اخلاقی اور معاشرتی اعلٰی معیارات پر توجہ دینا ہو گی اوراس سے بھی بڑھ کر یہ کہ اپنی مالی حیثیت کا بھی جائزہ لینا ہو گا کیونکہ اسد افراد کسی مرحلے پر بھی آپ کی کنجوسی یا کفایت شعاری کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔ اگر آپ ان کے ساتھ سیر و تفریح کا پروگرام بنائیں یا انہیں کھانے پر مدعو کریں تو کسی مرحلے پر بھی انہیں یہ محسوس نہ ہونے دیں کہ آپ نے کہیں کنجوسی سے کام لیا ہے۔ یہ ممکن ہے کہ ایسے کسی موقع پر وہ آپ سے بڑھ کر فیاضی کا مظاہرہ کریں تو آپ کو ان سے کسی طور پیچھے نہیں رہنا چاہیے ورنہ آپ ان کی نظر سے گر سکتے ہیں۔ دراصل اسد افراد عام لوگوں کے معاملے میں بہت بلند سوچ کے مالک ہوتے ہیں اور یہی صورت حال محبت کے میدان میں بھی ہوتی ہے۔ برج اسد کے ساتھ دوسرے عناصر اور بروج کا امتزاج اسدی افراد کی شخصیت اور کردار میں کوئی مثبت یا منفی تبدیلی لا سکتا ہے لیکن اس کا اندازہ کسی کے انفرادی زائچے سے ہی کیا جاسکتا ہے
برج قوس کا انداز محبت
آتشی تکون کا تیسرا اور دائرہ بروج کا نواں برج قوس ہے جس کا حاکم سیارہ مشتری ہے۔ قوس اپنی ماہیت میں ذو جسدین (Common Sign) اور فطرت میں مذکر ہے۔ چونکہ یہ فطری زائچے کا نواں برج ہے لہذا اس کا تعلق مذہب، آئین و قانون، فلسفہ اور بیرونی سرگرمیوں سے ہے۔ یہ لوگ کسی ایک جگہ ٹک کر بیٹھنے والے نہیں ہوتے۔ کہا جاتا ہے کہ ان کے پیروں میں کھجلی ہوتی رہتی ہے چنانچہ سیر و سیاحت، اسپورٹس اور ایڈونچر انہیں ہمیشہ اپنی طرف متوجہ رکھتے ہیں۔
محبت کے معاملات میں بھی قوسی افراد اپنا مخصوص فلسفیانہ نظریہ رکھتے ہیں اور اس نظریے کی تشریح بھی یہ خود ہی کر سکتے ہیں۔ ضروری نہیں ہے کہ آپ کو اس تشریح سے اتفاق ہو۔
ایک پرانی کہاوت ہے کہ مرد عورت کا اس وقت تک تعاقب کرتا ہے جب تک عورت اس کو پکڑ نہیں لیتی۔ قوس افراد کو تعاقب کی سنسنی بہت پسند ہے تاہم کبھی کبھی وہ بے خیالی میں کچھ اس طرح کسی تعلق کے اسیر ہو جاتے ہیں جیسے کوئی شکاری خود اپنے ہی لگائے ہوئے جال میں پھنس جائے۔
قوس افراد کے اندر ایک بامعنی ربط کی خواہش موجزن رہتی ہے لیکن بہر حال صورت حال کچھ بھی ہو قوس افراد محبت کے معاملے میں بھی عامیانہ پن سے گریز کرتے ہیں۔ ان کی فطری مثالیت پسندی یا فلسفیانہ سوچ اپنے ساتھی یا محبوب میں کوئی نمایاں خوبی تلاش کرتی رہتی ہے۔
مشہور ہے کہ مہم جو، نڈر اور خطرات سے کھیلنے والے افراد خواتین کی توجہ کا مرکز جلد بن جاتے ہیں۔ قوس افراد (مرد و خواتین) بھی کچھ اسی قسم کے مہم جو ہوتے ہیں جو دوسروں کو اپنی طرف جلد متوجہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان میں سے کچھ فلرٹ کرنے والے بے پروا بھی ہو سکتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ قوس افراد کسی ایسے شو کے میزبان ہوتے ہیں جو ایک ہجوم کی توجہ اپنی جانب کھینچ لیتا ہے۔ قوس مرد و خواتین بہت جلد اپنے چاہنے والوں کا ایک بڑا حلقہ پیدا کر لیتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ دائرہ بروج کے تمام برجوں میں سب سے زیادہ بے فکرے اور اکثر غیر شادی شدہ قوس افراد ہی ہوتے ہیں۔ ان لوگوں کو شادی کے بندھن میں بندھنے کی کوئی جلدی نہیں ہوتی۔ شاید اسی وجہ سے ان کے معاشقے خاصا طول کھینچتے ہیں اور شادیاں خاصی پختہ عمر میں ہوتی ہیں بلکہ کم عمری میں ہونے والی شادیوں کی ناکامی کا خطرہ رہتا ہے۔
قوس افراد محبت کے روایتی نظریات اور فلسفے پر ذرا کم ہی پورا اترتے ہیں۔ وہ اکثر ایک تعلق سے دوسرے تعلق کی طرف بھاگتے نظر آتے ہیں۔ ابتدا میں وہ بڑے پُر جوش اور سرگرم ہوتے ہیں لیکن برج دلو کی طرح جب شادی کے بندھن میں بندھنے کا مرحلہ قریب ہو تو یہ لوگ بوکھلا اٹھتے ہیں۔ سچی بات یہ ہے کہ قوس افراد دل کی گہرائیوں میں جھانکنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ یہ دل کھول کر محبت کرتے ہیں لہذا ان سے کھلے دل کے ساتھ ملنا جلنا بہتر رہتا ہے۔ وہ دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہو کر لطف اندوز ہوتے ہیں اور کسی بڑے گروپ کا حصہ بن کر انہیں مسّرت ہوتی ہے البتہ کسی سے گہرا تعلق قائم کرنے میں انہیں کچھ دقت کا سامنا ہوتا ہے۔ تنہائی میں یہ بے چینی اور اضطراب کا مظاہرہ کرتے ہیں مگر یہ جسم اور روح دونوں کو اپنی محبت میں شامل کرنے والے ہوتے ہیں۔ چنانچہ ایسی ہی محبت کی تلاش انہیں ایک تعلق سے دوسرے تعلق تک لے جاتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہر بار وہ یہی سمجھتے ہیں کہ جس جنت کی انہیں تلاش تھی وہ انہیں مل گئی ہے مگر جب کچھ وقت گزرتا ہے تو یہ خود کو پھنسا ہوا محسوس کرتے ہیں۔ انہیں اپنی آزادیاں ضبط ہوتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں اور اپنا ساتھی ایک بوجھ نظر آنے لگتا ہے چنانچہ پھر نئے امکانات کی طلب انہیں بے چین کرنے لگتی ہے۔ یہ وہ وجوہات ہےں جو انہیں کہیں رکنے کا موقع نہیں دیتیں۔ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ قوس کو برج دلو کی طرح آزادی درکار ہوتی ہے لہذا انہیں قید و بند کا احساس نہ دلایا جائے اس صورت میں بے شک یہ لوگ محبت میں وفادار ثابت ہو سکتے ہیں۔
قوس عورت محبت کے معاملے میں تھوڑی سی قوس مرد سے مختلف ہوتی ہے۔ وہ اسی صورت میں ساتھی بدلتی ہے جب وہ مطمئن اور آسودہ نہ ہو، اس کے بنیادی نظریات کو نہ چھیڑا جائے۔ تعلقات میں سچائی اور ایمانداری اس کے بنیادی نظریات میں شامل ہیں۔ باقی معاملات میں وہ مکمل قوسی صفات کی حامل ہوتی ہیں۔ اسپورٹس اور مہم جوئی کے شعبوں میں اکثر قوس خواتین نمایاں نظر آتی ہیں۔ محبت کے معاملات میں بھی ان کا رویہ بہت زیادہ اور بہت جلدی سنجیدہ نہیں ہوتا۔ شادی کی انہیں بھی کوئی جلدی نہیں ہوتی۔ قوس مرد و خواتین کو اپنا آئیڈیل ڈھونڈنے میں کوئی دشواری نہیں ہوتی لیکن اس تعلق کو مضبوط اور پائیدار بنانا ان کے لیے ایک مشکل کام ہوتا ہے۔
قوس ہیرو دلیپ کمار
برصغیر کے شہرہ آفاق اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کا شمسی برج قوس ہے۔ اگر ہم ان کے معاشقوں پر نظر ڈالیں تو قوسی رنگ ڈھنگ صاف نظر آتا ہے۔ اپنے کریئر کی ابتدا ہی میں وہ اداکارہ کامنی کوشل کے عشق میں دیوانے ہو گئے اور جب اس نے اپنے بہنوئی سے بحالت مجبوری شادی کر لی تو دلیپ صاحب نے خود کو غرق مے ¿ ناب کر لیا۔ یہ صدمہ ان کے لیے ناقابل برداشت تھا۔ اس کے بعد ان کا طوفانی عشق اداکارہ مدھو بالا سے شروع ہوا جس کا انجام بھی مدھوبالا کے لیے خاصا اذیت ناک رہا البتہ دلیپ صاحب بلاتکلف فوراً ہی اداکارہ وجنتی مالا کی زلف گرہ گیر کے اسیر بن گئے۔ اس کے بعد اداکارہ سائرہ بانو ان کی زندگی میں ایک چیلینج بن کرآئیں اور بالآخر ان کی شریک حیات بن گئیں مگر سائرہ بانو کی موجودگی ہی میں انہوں نے ایک اور شادی خفیہ طور پر کی جسے بعد میں طلاق دینا پڑی۔ ان کے ہم عصر اداکار اور ہدایت کار راج کپور کا شمسی برج بھی قوس ہے۔ راج کپور کے باپ پرتھوی راج کپور چونکہ خود فلمی دنیا کے کھلاڑی تھے لہذا بیٹے کی شادی کم عمری میں ہی کر دی تھی مگر اس کے بعد بھی راج کپور کی زندگی میں خواتین کی آمد کا سلسلہ نہیں رک سکا۔ قصہ مختصر یہ کہ برج قوس کو رومان پسند تو کہا جا سکتا ہے لیکن محبت کے تعلقات کی اعلٰی روایات کا حامل نہیں سمجھا جا سکتا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں