اکتوبر کی فلکیاتی صورت حال، پل پل رنگ بدلتا مہینہ
کہتے ہیں پاکستان ایک نہایت ہی سخت اور بحرانی دور سے گزر رہا ہے،ہم نے جب سے ہوش سنبھالا یہی سنا، گویا پاکستان کا مشکل وقت ختم ہونے ہی میں نہیں آتا، اب نئی حکومت آچکی ہے اور نئے اقدام یا فیصلے ہورہے ہیں، مشتری اور زہرہ کے ادوار جاری ہیں لہٰذا کسی بھی معاملے میں زیادہ خوش امید ہونے کی ضرورت نہیں ہے، خراب اوقات میں نیک نیتی ، لگن اور محنت سے کوششیں جاری رکھی جائیں تو حالات میں بہتری لائی جاسکتی ہے،پاکستان کے زائچے میں سیارہ زہرہ ایسی پوزیشن میں ہے کہ آئندہ تین ماہ تک سول و ملٹری سروسز کی اصلاح و درستی کے موقع فراہم کرے گا لیکن اکتوبر کے آخر میں بیوروکریسی میں پایا جانے والا اضطراب کوئی رنگ دکھا سکتا ہے،حکومت کو چاہیے کہ اہم عہدوں پر مشکوک افراد کو نہ رکھیں، خصوصاً جن کا ماضی کسی اعتبار سے بھی متنازع ہو۔
سیارہ مریخ طویل عرصہ برج جدی میں گزار کر نومبر کے آغاز میں دسویں گھر میں داخل ہوگا، یہ وقت سربراہ مملکت اور کابینہ کے لیے نئی مشکلات لاسکتا ہے،اگر کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو ان مشکلات پر قابو پانا زیادہ مشکل نہیں ہوگا، اسی طرح اکتوبر کے مہینے میں سیارہ مشتری بھی چھٹے گھر سے ساتویں گھر میں داخل ہوگا، اس وقت بیرون ملک تجارت کے معاملات متاثر ہوسکتے ہیں، مزید یہ کہ پارلیمنٹ میں تناؤ اور فتنہ فساد کی صورت پیدا ہوسکتی ہے،ہم نے وزیراعظم کے زائچہ ء حلف کے حوالے سے بھی اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ آئندہ سال مئی تک انھیں خاصے مشکل وقت سے گزرنا پڑے گا، خاص طور پر اکتوبر کا مہینہ بھی اس حوالے سے اہم ہے۔ن لیگ کے قائد جناب نواز شریف ضمانت پر رہا ہوکر اپنے گھر واپس آگئے ہیں، یہ تمام لیگی کارکنوں اور قیادت کے لیے نہایت خوش کن بات ہے لیکن ان کے مقدمے بدستور جاری ہیں، موجودہ رعایت کا سبب دوسرے گھر میں سیارہ زہرہ اور مشتری کی سعد پوزیشن ہے، مشتری اکتوبر میں گھر تبدیل کرے گا، یہ بھی ان کے لیے مشتری کی سعد پوزیشن ہوگی جس کی وجہ سے انھیں مزید سپورٹ ملے گی، البتہ نومبر میں جب سیارہ مریخ چھٹے گھر میں داخل ہوگا تو دوبارہ قیدوبند کا اندیشہ موجود ہے،فی الحال راوی چین ہی چین لکھتا ہے لیکن نومبر دسمبر اور نئے سال کے ابتدائی مہینے ان کے لیے بہتر نہ ہوں گے،انھیں چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ صدقہ و خیرات پر توجہ دیں اور کثرت سے استغفار پڑھا کریں، یہ خبر بھی سوشل میڈیا میں اور کمرشل میڈیا میں پھیل رہی ہے کہ ان کی رہائی کسی این آر او کی بدولت ہوئی ہے، ہمیں اس خبر کی صداقت مشکوک لگتی ہے۔
عزیزان من! جیسا کہ ہم بہت عرصے سے کہتے آرہے ہیں کہ دنیا بدل رہی ہے، پاکستان بھی بدل رہا ہے،اگر کچھ لوگ اس حقیقت کو نظرانداز کر رہے ہیں تو وہ غلطی پر ہیں، ہم اس بحث میں نہیں پڑتے کہ کیا ہوا اور کیسے ہوا؟ بہر حال جو کچھ بھی ہوا وہ اب ایک حقیقت ہے اور اسے کھلے دل سے قبول کرلینا چاہیے،اسی میں پاکستان کی اور قوم کی بھلائی ہے، وزیراعظم عمران خان اور ان کی پارٹی تحریک انصاف اگر ملک و قوم سے مخلص نہ ہوگی اور اپنے دورِ اقتدار میں وہی کرے گی جو ماضی میں ہوتا رہا تو اسے بھی نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
وزیراعظم کے زائچہ ء حلف پر روشنی ڈالتے ہوئے ہم نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ آئندہ سال مئی کے بعد وہ زیادہ جارحانہ انداز میں نظر آئیں گے،یہ بھی مناسب نہیں ہوگا، اپنے پیدائشی زائچے کے مطابق برج میزان کے زیر اثر اگر وہ مصلحت اور مصالحت پسند ہیں تو اپنے قمری برج کے مطابق ان کے اندر ایک جنگ جو بچہ چھپا ہوا ہے جو ہر چیلنج کو فوری قبول کرکے کارروائی کا آغاز کردیتا ہے،سیارہ مریخ ان کے زائچے کے تیسرے گھر میں انھیں ایک ڈائنامک سوچ اور شخصیت کا مالک بناتا ہے،چوں کہ پیدائش قمری منزل اشونی میں ہوئی ہے جس کا حاکم غضب ناک کیتو ہے لہٰذا انھیں غصہ جلدی آتا ہے اور جب آتا ہے تو فوری طور پر ٹھنڈا نہیں ہوتا، یہ اور بات ہے کہ اب وہ عمر کی اس منزل میں ہیں جب انسان تحمل و برداشت کا عادی ہوجاتا ہے۔
پیدائشی زائچے کے اثرات کی روشنی میں ہمیں یہ کہنے میں کوئی عار نہیں ہے کہ وہ جس ٹارگٹ کے پیچھے لگ جائیں اسے حاصل کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھتے، فی الحال ان کا اہم ترین ٹارگٹ کرپشن کا خاتمہ ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ وہ یہ کام کرسکتے ہیں، چاہے اس راستے میں انھیں اپنی حکومت کی قربانی ہی کیوں نہ دینا پڑے،اسی طرح ملک میں پانی کے مسائل کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے وہ ڈیم بنانے کے لیے بھی پرامید ہیں، بہت سے لوگ جو ڈیم کی مخالفت کر رہے ہیں اور اسے ایک خام خیالی کہہ رہے ہیں بہت ممکن ہے آئندہ دو تین سال بعد وہ اپنی رائے تبدیل کرلیں، بہر حال اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو، ہم نے بہت برا وقت دیکھ لیا ، آخر کوئی تو امید کی کرن بن کر سامنے آئے
کوئی تو پرچم لے کر نکلے اپنے گریباں کا جالب
چاروں جانب سناٹا ہے دیوانے یاد آتے ہیں
اکتوبر کے ستارے
اقتدار کا ستارہ شمس اپنے برج ہبوط میزان میں ہے، 23 اکتوبر برج عقرب میں داخل ہوگا، سیارہ عطارد کی برج میزان میں حرکت کر رہا ہے،10اکتوبر برج عقرب میں داخل ہوگا، یہاں اسے اوج کی قوت حاصل ہوتی ہے،سیارہ زہرہ برج عقرب میں ہے، 6 اکتوبر کو اسے رجعت ہوجائے گی، سیارہ مریخ اپنی سیدھی چال پر برج دلو میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا، سیارہ مشتری بھی برج عقرب میں ہے اور زحل جدی میں ، یورینس برج ثور میں جب کہ نیپچون حوت میں اور پلوٹو جدی میں حرکت کر رہا ہے،یکم اکتوبر کو اپنی سیدھی چال پر آجائے گا، راس و ذنب بالترتیب برج اسد اور دلو میں ہیں، سیارگان کی یہ پوزیشن یونانی ایسٹرولوجی کے مطابق ہیں۔
اکتوبر کے مہینے میں سیارگان کے درمیان بننے والے زاویے کم ہیں، ایک قران، ایک تثلیث، چار تسدیس اور تین تربیع کے زاویے تشکیل پائیں گے،ان کی تفصیل درج ذیل ہے۔10 اکتوبر: عطارد اور یورینس کے درمیان تربیع کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے،چونکا دینے والی خبریں اور غیر متوقع صورت حال اس زاویے کا نتیجہ ہوتی ہے،یہ وقت کسی تبدیلی کے لیے مناسب نہیں ہوتا، کاموں میں کسی اپ سیٹ کی نشان دہی ہوتی ہے،اس وقت بہتر ہوگا کہ متبادل طریق کار کو بھی مدنظر رکھا جائے،تحریری یا تقریری معاملات میں بھی محتاط روی اختیار کی جائے، اہم دستاویزات پر اچھی طرح غوروفکر کے بعد دستخط کریں۔
12 اکتوبر: شمس اور پلوٹو کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ قائم ہوگا، یہ وقت پاور پلے لاتا ہے،صاحب قوت و اقتدار افراد من مانی کرتے ہیں، عام افراد کو اس دوران میں اپنے باس یا اعلیٰ افسران سے دور رہنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
اسی تاریخ کو عطارد اور زحل کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ قائم ہوگا، یہ وقت کاموں میں بہتری لاتا ہے،ترقیاتی امور پر توجہ دیں، آپ کی کارکردگی پہلے سے بہتر ہوگی، تحریروتقریر کے لیے اچھا وقت ہے،بزرگ اور سینئر افراد سے مشورہ کرنا فائدے مند ہوگا۔
16 اکتوبر: عطارد اور زہرہ کے درمیان قران کا سعد زاویہ ہوگا، یہ وقت تمام ہی کاموں کے لیے مبارک ہوتا ہے،خصوصاً رشتے کی بات چیت ، نکاح وغیرہ اور لوگوں سے بہتر تعلقات قائم کرنے کے لیے اس وقت کوشش کرنا اچھا ہوگا، کاروبار یا جاب کے سلسلے میں کوئی نئی پیش رفت بھی کی جاسکتی ہے۔
19 اکتوبر: عطارد اور نیپچون کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ قائم ہوگا، پیچیدہ نوعیت کے معاملات پر غوروفکر کے لیے مناسب وقت ہے،الجھے ہوئے مسائل کو سلجھایا جاسکتا ہے،تخلیقی نوعیت کی سرگرمیاں عمدہ نتائج دیں گی،میوزک، شاعری، آرٹ کے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ ہوسکتا ہے۔
اسی تاریخ کو عطارد اور مریخ کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ بھی ہوگا لہٰذا غصے اور اشتعال پر قابو رکھیں، دوسروں کے بھڑکانے یا طنز وغیرہ کرنے کو نظر انداز کریں، اپنے کام سے کام رکھیں، اس وقت شرپسند اپنا کردار ادا کرتے ہیں،ڈرائیونگ میں محتاط رہیں اور ایسے کاموں میں دور رہیں جن میں حادثات کا امکان ہوتا ہے۔
23 اکتوبر: عطارد اور پلوٹو کے درمیان تسدیس کا زاویہ سعد اثر رکھتا ہے، اہم خبروں کے اصول کے لیے اچھا وقت ہے،اپنی معلومات میں اضافے کے لیے کوشش کریں، تھوڑی سی جرأت اور ہمت کا مظاہرہ کرکے آپ اپنے مطلوبہ ٹارگٹ کو حاصل کرسکتے ہیں۔
24 اکتوبر: شمس اور یورینس کے درمیان مقابلے کا نحس زاویہ صاحب حیثیت و اقتدار افراد کو متاثر کرتا ہے،وہ غلط فیصلے اور اقدام کرسکتے ہیں جن پر بعد میں پچھتانا پڑے، گورنمنٹ سے متعلق کاموں میں غلط اندازے آپ کو مایوس کرسکتے ہیں، بہت کچھ آپ کی توقع کے خلاف سامنے آسکتا ہے۔
26 اکتوبر: شمس اور زہرہ کا قران ایک نحس زاویہ ہے،اس دوران میں شادی بیاہ، محبت و دوستی کے معاملات متاثر ہوتے ہیں،زندگی میں عدم توازن پیدا ہوسکتا ہے،ازدواجی معاملات میں کوئی پریشانی سامنے آسکتی ہے،اس وقت جمعہ کے روز صدقہ دینا بہتر ہوگا، حکومت کے معاملات میں بیوروکریسی میں تبدیلیاں آسکتی ہیں یا نوکر شاہی پر عتاب نازل ہوسکتا ہے۔
28 اکتوبر: شمس اور زحل کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ مثبت اقدامات کے لیے بہتر ہے،اس وقت عام افراد خصوصاً مزدور طبقے کے مفادات کے لیے فیصلے ہوسکتے ہیں، نئی جاب کی تلاش یا انٹرویو وغیرہ کے لیے مناسب وقت ہوگا۔
29 اکتوبر: عطارد و مشتری کا قران ایک سعد زاویہ ہے،کاروباری ترقی کے لیے مواقع نکلتے ہیں، بات چیت کے ذریعے مسائل حل ہوسکتے ہیں، نئے معاہدے اور وعدے اس وقت بہتر رہیں گے، قرض لینے دینے کے لیے بھی سعد وقت ہوگا۔
قمر در عقرب
قمر اپنے درجہ ء ہبوط پر 10 اکتوبر کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 12:38 pm سے 02:22 pm تک رہے گا، جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق رات 02:38 am سے 04:22 am تک ہوگا، یہ وقت انتہائی نحوست کا شمار ہوتا ہے،اس وقت میں علاج معالجے یا بری عادتوں سے نجات اور ظالموں سے نجات کے لیے نقش و وظائف کیے جاتے ہیں۔
عشق بندی بذریعہ الحمد شریف
عموماً لڑکے لڑکیاں ایسے عشق و معاشقے میں مبتلا ہوتے ہیں جو سمجھ دار ماں باپ کے نزدیک نامناسب اور غلط ہوتا ہے، لڑکے لڑکیاں اندھے ہوکر ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوتے ہیں اور تعلیم و تربیت سے بے بہرہ ہوکر اپنا قیمتی وقت برباد کرتے ہیں، ایسی صورت حال میں سورۂ فاتحہ کے ذریعے بندش کی جاسکتی ہے لیکن یہ عمل بھی سورج یا چاند گہن میں یا قمر در عقرب میں کرنا چاہیے، عمل مجرب ہے، اس کی عام اجازت ہے۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم، الحمد اللہ بستم رویش رب العالمین بستم مویش و بستم دلش الرحمن بستم لبانش الرحیم بستم گوشش مالک یوم الدین بستم سینہ اش فلاں بن فلاں علی حب فلاں بن فلاں ایاک نعبدو بستم شکمش وایاک نستعین بستم زبانش اھدناالصراط المستقیم بستم دست ھاش صراط الذین بستم پائش انعمت علیھم بستم عقلش غیر المغضوب بستم ھوشش علیھم ولاالضالین آمین از ابلیس شیطان دیواں پریاں من بستم شمانیز بہ بندیدنامن نکشائم شماھم نکشائید بحرمت اھیاً اشراھیاً فلاں بن فلاں علی حب فلاں بن فلاں العجل العجل العجل الیوم الیوم الیوم۔دونوں میں سے کسی کا پہنا ہوا کپڑا لے کر کالی روشنائی سے لکھیں اور سرہانے تکیے میں رکھ دیں یا مسہری وغیرہ میں سرہانے کی طرف پوشیدہ کردیں، پہلی مرتبہ فلاں بن فلاں کی جگہ لڑکے کا نام پہلے لکھیں اور لڑکی کا بعد میں، دوسری مرتبہ لڑکی کا نام پہلے اور لڑکے کا نام بعد میں لکھیں ۔
شرف قمر
قمر اپنے شرف کے برج ثور میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 24 اکتوبر کو داخل ہوگا اور درجہ ء شرف پر رات 11:09 pm سے 25 اکتوبر رات 12:57 am تک رہے گا جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق دوپہر 01:09 pm سے 02:57 pm تک ہوگا، یہ سعد و مبارک وقت ہے، اس وقت نیک اعمال کرنے چاہئیں، خاص طور پر اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم 556 مرتبہ اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر کسی بھی نیک مقصد کے لیے دعا کریں، ان شاء اللہ کامیابی ہوگی۔
اوج عطارد
شرف کے بعد سیارہ عطارد کو اوج کی طاقت ور پوزیشن حاصل ہوتی ہے، گزشتہ دنوں شرف عطارد کے موقع پر لوح عطارد نورانی اور خاتم عطارد متعارف کرائی تھی، جو لوگ اس وقت فائدہ نہیں اٹھاسکے، اوج عطارد کے وقت یہ لوح یا خاتم تیار کرسکتے ہیں۔
پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق اوج عطارد کا وقت 12 اکتوبر کو 08:02 pm سے شروع ہوگا اور 13 اکتوبر 11:50 am تک رہے گا، اس عرصے میں عطارد کی ساعتیں کارآمد ہوں گی،باقی لوح یا خاتم بنانے کا طریق کار پہلے دیا جاچکا ہے،ہماری ویب سائٹ پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں