ہفتہ، 1 ستمبر، 2018

نئی حکومت کو ابتدا ہی میں شدید تنقید کا سامنا

شرف عطارد کے وقت کی نشان دہی اور لوح عطارد نورانی کے فوائد
تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کو ابھی ایک مہینہ بھی نہیں ہوا ہے لیکن میڈیا کے تیور خاصے تیکھے نظر آتے ہیں، مختلف سیاسی پارٹیاں اور ان کے فالورز کی تو مجبوری ہے کہ وہ حکومت پر اپنے اپنے انداز میں تنقید کریں لیکن میڈیا کو ہر چھوٹے بڑے مسئلے پر طوفان کھڑا نہیں کرنا چاہیے، بہر حال ان کا جو کام ہے وہ اہل صحافت جانیں، حکومت کے قیام سے پہلے ہی ہم نے اس امر کی نشان دہی کردی تھی کہ فوری طور پر بہت سے چیلنجز پیش آسکتے ہیں،ایک ایسی جماعت کے لیے جو حکومت کا سابقہ تجربہ بھی نہیں رکھتی۔
اس ملک میں گزشتہ تقریباً تیس سال سے یعنی 1989 ء سے جمہوری اور غیر جمہوری ادوار میں جو کچھ ہوا ہے وہ بہر حال تباہ کن ثابت ہوا ہے، ادارے کمزور ہوئے، بیوروکریسی کرپٹ ہوئی اور اسے مزید کرپٹ فوجی یا جمہوری حکمرانوں نے کیا، گویا تیس سال کا بگڑا ہوا ڈھانچہ نئی حکومت سامنے ایک اتنا بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے جسے سنبھالنا مہینہ دو مہینہ نہیں کئی سال کا کام ہے،دلچسپ صورت حال یہ ہے کہ وزارتوں یا بیوروکریسی یا پولیس ، غرض یہ کہ کسی بھی شعبے میں ایسے افراد کا کال ہے جو ہر اعتبار سے صاف ستھرے ماضی کے ساتھ بہترین اہلیت بھی رکھتے ہوں چناں چہ کسی پرانے کی جگہ جب کسی دوسرے کی تعیناتی ہوتی ہے تو میڈیا اس کا ماضی دکھانا شروع کردیتا ہے، یہ صورت حال بیوروکریسی میں کچھ زیادہ ہی ہے۔
عزیزان من! پاکستان کے زائچے میں کسی اچھی صورت حال کا فی الحال کوئی امکان نظر نہیں آتا، جیسا کہ پہلے بھی کئی بار ہم لکھ چکے ہیں کہ پاکستان دو منحوس سیاروں کے دور اکبر اور دور اصغر سے گزر رہا ہے،مزید یہ کہ زائچے کے منحوس سیارگان بھی اپنا ناقص اثر ڈال رہے ہیں، جب کہ دسویں گھر کا حاکم سیارہ زحل زائچے میں آٹھویں گھر میں گزشتہ سال اکتوبر سے آئندہ ڈھائی سال کے لیے مقیم ہے،یہ بہت ہی تشویش ناک صورت حال ہے کیوں کہ زحل زائچے میں وزیراعظم اور ان کی کابینہ کا نمائندہ ہے،اس تمام وقت میں کوئی بھی حکمران وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا وہ پریشان اور سختی میں ہی رہے گا،کابینہ کو بھی مستقل دشواریوں کا سامنا ہوگا، دوسری طرف سیارہ مریخ جو زائچے کا ایک اور منحوس سیارہ ہے،مئی سے نویں گھر میں مقیم ہے اور فی الحال چند دنوں سے ایسی پوزیشن میں ہے جس کی وجہ سے بہتر فیصلوں میں دشواری، ملک میں بے چینی اور اضطراب ، عدم استحکام کی کیفیت نظر آتی ہے، یہ صورت حال تقریباً ستمبر کے دوسرے ہفتے تک جاری رہے گی اس کے بعد یقیناً بہتری آئے گی اور حکومت کو سکون اور اطمینان کے ساتھ مثبت کارکردگی دکھانے کا موقع ملے گا۔
لوح شرف عطارد نورانی
سیارہ عطارد جب اپنے ذاتی برج سنبلہ کے پندرہ درجے پر پہنچتا ہے تو اسے شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے ، اس سال پاکستان ٹائم کے مطابق عطارد 13 ستمبر بہ روز جمعرات 07:07 pm سے 14 ستمبر بہ روز جمعہ 07:42 am تک اپنے درجۂ شرف پر رہے گا ، عاملین و کاملین سال بھر اس وقت کا انتظار کرتے ہیں اور عطارد کی ساعتوں میں اپنی اپنی ضرورت کے مطابق الواح و طلاسم تیار کرتے ہیں ۔
سیارہ عطارد کو منشئ فلک کہا جاتا ہے اور اس کا تعلق ذہانت ، قوت حافظہ ، علمی سرگرمیوں ، کمیونی کیشن ، پرنٹنگ ، نشر و اشاعت ، محکمہ ڈاک و ٹیلی فون ، سفر اور ذرائع سفر ، ٹرانسپورٹ کے کاروبار وغیرہ سے ہے ‘ اس وقت لوح شرف عطارد تیار کی جاتی ہے جو تسخیر اہل قلم ‘ قوت حافظہ‘ مباحثہ علمی میں برتری کا حصول ‘ حصول علم وحکمت‘ فصاحت وبلاغت ‘ امتحان میں کامیابی‘ بچوں کی کند ذہنی یا علمی بے رغبتی کو دور کرنے کے لیے اور دماغی کمزوری سے نجات کے لیے موثر ہوتی ہے‘ اس کے علاوہ یہ لوح ان ملازمین کے لیے بھی مفید ثابت ہوتی ہے جن کی ترقی رکی ہوئی ہو یا کسی افسر سے کوئی کام اٹکا ہوا ہو‘ کسی وزیر یا مشیر سے غرض ہو‘ عہدے اور مرتبے سے تنزلی ہو گئی ہو‘ ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد بھی اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کی گاڑیاں حادثات کا شکار ہوتی ہوں یا انہیں اس کام سے خاطر خواہ مالی فوائد حاصل نہ ہو رہے ہوں‘ انشاء اللہ اس لوح کی برکت سے انہیں ضرور فائدہ ہوگا، وہ لوگ جو بے روزگاری کا شکار ہیں اور مناسب روزگار کے حصول میں دشواریاں یا رکاوٹ کا سامنا ہو وہ بھی اس باسعادت لوح کو اپنے پاس رکھیں تو ان شاء اللہ اس کے فوائد محسوس کریں گے۔
بعض پے چیدہ ذہنی امراض بھی سیارہ عطارد کے حلق�ۂ اثر میں آتے ہیں ، خاص طورپر یادداشت کی کم زوری ، ذہنی قوت کی کمی اور زیادہ پے چیدہ امراض میں مرگی ، مالی خولیا ، ہسٹیریا یا دیگر نفسیاتی بیماریاں ، چناں چہ شرف عطارد کے وقت ان امراض سے نجات کے لیے بھی نقش و طلسم تیار ہوتے ہیں۔
لوحِ شرفِ عطارد کی تیاری کے بہت سے طریقے مروج ہیں اور مخصوص ضروریات کے تحت سیارہ عطارد سے متعلق اعمال کی بھی کمی نہیں ہے لیکن ہم اس لوح مبارک کو حروف مقطعات یعنی حروف نورانی سے تیار کرتے ہیں یہ ہمارا مخصوص طریق کار ہے جو آپ کو کہیں اور نہیں ملے گا ۔
تیاری کا طریقہ
واضح رہے کہ قرآن کریم میں حروف مقطعات کی اصل تعداد 14 ہے اور یہی حروف نورانی ہیں ، اللہ رب العزت نے ان حروف سے قران کریم کی حفاظت فرمائی ہے، 14 حروف نورانی میں سے 2 کا تعلق سیارہ عطارد سے ہے ، طٰہٰ اور قٓ ، اس کے علاوہ دو حروف مقطعات سیارہ شمس کے ہیں اور ہم نے ان حروف نورانی کی روحانی توانائی سے مدد لی ہے ، اس لوح میں دیگر بھی بہت سے راز پوشیدہ ہیں جنہیں اہل علم و نظر ہی سمجھ سکتے ہیں ۔
برج جوزا اور سنبلہ والوں کے لیے تو یقیناًیہ ’’ لوح عروج و ترقی ‘‘ ہے مگر دیگر افراد بھی جو اپنی ذہنی صلاحیتوں میں کمی یا زائچے میں عطارد کی کم زوری سے پیدا ہونے والی خرابیوں سے پریشان ہیں اس لوح مبارک سے فیضیاب ہو سکتے ہیں، خصوصاً وہ لوگ جن کے جاب یا کاروبار میں مستقل اُتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور سال میں کئی بار وہ پریشانیوں کا شکار ہوتے ہیں، اس لوح کو پاس رکھنے سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں، یاد رہے کہ سیارہ عطارد تیز رفتار سیارہ ہے، 12 بروج کا دورہ سال بھر میں مکمل کرلیتا ہے اور اس دوران میں کم از کم تین یا چار مرتبہ رجعت یعنی الٹی چال میں بھی آتا ہے، مزید یہ کہ سیارہ شمس سے قریب رہنے کی وجہ سے اکثر غروب ہوجاتا ہے، ہر سال کے ابتدائی مہینوں فروری مارچ میں اپنے برج ہبوط سے گزرتا ہے، چناں چہ اکثر لوگ اس کی خراب پوزیشن کی وجہ سے مختلف نوعیت کے مسائل اور پریشانیوں کا شکار ہوتے ہیں، اس لوح کو پاس رکھنے سے ان تمام خرابیوں سے نجات مل سکتی ہے اور ہر طرح کا تحفظ حاصل ہوسکتا ہے۔
’’ لوح مبارک ‘‘ یہاں دی جا رہی ہے ۔

لوح کی پیشانی پر حروفِ نورانی طٰہٰ، حٰمٓ، آآآرٰ اور قٓ قائم ہیں،نقش کی میزان 433 ہے جو اسم الٰہی ’’اسمع السامعین‘‘ اور ’’محی الباقی المنعم‘‘ کے اعداد ہیں،نقش کی چال ذوالکتابت ہے، شرف کے اوقات میں سیارہ عطارد کی ساعات کارآمد ہوں گی جو اپنے شہر کے طلوع و غروبِ آفتاب کو مدنظر رکھ کر استخراج کی جائیں، عام لوگوں کی سہولت کے لیے ہم عطارد کی موثر ساعتوں کی نشاندہی کی جارہی ہے۔
ساعاتِ عطارد
شرف کا وقت شروع ہونے کے بعد پہلی ساعت عطارد رات 12 بجے کے بعد یعنی 14 ستمبر کو شب 12:28 am سے شروع ہوگی اور 01:26 am تک رہے گی جب کہ دوسری ساعت جمعہ کی صبح 14 ستمبر کو 07:19 am سے 08:20 am تک رہے گی،دیگر ممالک اور شہروں کے لوگ اگر ساعت معلوم کرنے کا طریقہ جانتے ہیں تو خود یہ کام کرسکتے ہیں یا پھر براہ راست رابطہ کرکے معلوم کرسکتے ہیں، یہاں جو ساعتیں دی گئی ہیں یہ سندھ کی حد تک کام دیں گی۔
رجال الغیب
شرف کے اوقات میں رجال الغیب مشرق میں ہوں گے لہٰذا مغرب کی طرف رُخ کرکے بیٹھنا درست ہوگا۔

ساعتِ عطارد میں باوضو ہوکر چاندی کی پلیٹ پر کندہ کریں یا ہرن کی جھلّی یا عمدہ سفید کاغذ پر بھی زعفران ، عنبر اور عرقِ گلاب کی روشنائی سے لکھ سکتے ہیں ،عمدہ قسم کے عطرِ مجموعہ کی خوشبو سے معطر کریں، نقش لکھتے ہوئے لوبان یا صندل کی اگر بتی جلائیں ، رجال الغیب کی سمت کا خیال رکھیں کہ وہ پُشت پر یا بائیں ہاتھ پر ہوں۔نقش کی پُشت پر مؤکلاتِ علوی و سماوی و ارضی کے نام لکھیں ۔
’’اَقسمتُ عَلَیکُم یا جبرائیل یا نوائیلُ، ابوالعجائب، برقانُ،بحق طٰہٰ،حٰمٓ، اآآرٰ،آ، ترقی و عروج، صحتِ کاملہ وحل المشکلات، العجل الساعۃ‘‘
نقش کی تیاری کے بعد قاعدے کے مطابق کچھ سبز شیرینی پر فاتح دیں اور نقش پہننے کے بعد حسبِ توفیق صدقہ و خیرات کریں خصوصاً معصوم بچوں کو،سمجھ لیں ایک ایسا تحفہ آپ نے پالیا ہے جو زندگی بھر معاون و مددگار رہے گا،نقش کو پہلی بار پہننے یا پاس رکھنے کے لیے نوچندے بدھ کی پہلی ساعت کا انتخا ب کریں یعنی سورج نکلنے کے بعد ایک گھنٹے کے اندر پہن لیں، اپنے روزانہ کے ورد و وظائف میں اسمائے الٰہی یا اسمع السامعین اور یا محی الباقی المنعم 433 مرتبہ پڑھا کریں،انشاء اللہ کوئی مسئلہ ، مسئلہ نہیں رہے گا۔
خاتم عطارد
عطارد ذہانت ‘ قوت حافظہ اور تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق ہے‘ سفر اور نشرو اشاعت کے معاملات بھی اس کے زیر اثر ہیں‘ وہ لوگ جو کند ذہنی‘ کمزور حافظہ اور تعلیمی امور میں عدم دلچسپی کی شکایات رکھتے ہیں،لازمی طور پر ان کے پیدائشی زائچے میں سیارہ عطارد کمزور ہوتا ہے،بعض لوگ غبی اور کم عقلی یا کم فہمی جیسی کمزوریوں میں مبتلا ہوتے ہیں،وہ بھی عطارد کی کمزوری ہے،عام طور پر جن لوگوں کے زائچے میں عطارد کمزور ہو وہ علم ریاضی میں ہمیشہ کمزور رہتے ہیں،بعض بچے سائنس کے سبجیکٹ میں اپنی ریاضی کی کمزوری کے سبب آگے نہیں جا پاتے، ان کے لیے یہ وقت نہایت فائدہ بخش ہے‘ اس وقت میں لوح عطارد نورانی کے علاوہ ’’خاتم عطارد‘‘ بھی تیار ہوتی ہے یعنی عطارد کا مخصوص نقش انگوٹھی پر یا کسی موافق اسٹون پر کندہ کرلیا جاتا ہے‘خاتم عطارد کا خصوصی نقش اس بار دیا جا رہا ہے‘ جو لوگ تیار کرنا چاہیں ‘ کر سکتے ہیں‘ یہ 9 خانوں کا مثلث نقش ہے‘ اسے چاندی کی انگوٹھی یا کسی ایسے پتھر پر لکھیں جو سبز یا فیروزی رنگ کا ہو‘ پتھر کو بعد میں انگوٹھی میں جڑوا لیں یا اس کا لاکٹ بنوا کر گلے میں بھی پہن سکتے ہیں‘ نقش یہ ہے ۔


عطارد سال میں کم از کم تین مرتبہ رجعت میں ہوتا ہے یا شمس کے قریب ہونے کی وجہ سے غروب رہتا ہے جیسا کہ 13 اگست سے 5 ستمبر تک رہا، خاتم عطارد اس صورت حال میں معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے، برج جوزا اور سنبلہ والوں کا ستارہ عطارد ہے،وہ بھی اس نقش سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو لوگ خود تیار نہ کر سکیں وہ براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
نقش عطارد بہت سادہ اور آسان ہے ، نقش کا پہلا خانہ وہ ہے جس میں 4 کا عدد ہے، اسی خانے سے نقش کی چال کا آغاز ہوگا اور پھر بالترتیب 4 سے 11 تک نقش بھرا جائے گا، اوپر دیے گئے اوج کے وقت میں عطارد کی ساعت اس کام کے لیے مناسب ہوگی، نقش کندہ کرتے ہوئے باوضو ہوکر قبلہ رُخ بیٹھیں تاکہ رجال الغیب سامنے نہ ہوں، لوبان کی اگربتی جلائیں اور چنبیلی کا عطر استعمال کریں، کام مکمل ہونے کے بعد سبز رنگ کی مٹھائی پر فاتحہ دے کر چھوٹے بچوں میں تقسیم کریں اور پھر نوچندے بدھ کے روز صبح پہلی ساعتِ عطارد میں پہن لیں۔
عطارد سال میں کم از کم تین مرتبہ رجعت میں ہوتا ہے یا شمس کے قریب ہونے کی وجہ سے غروب رہتا ہے جیسا کہ 13 اگست سے 5 ستمبر تک رہا، خاتم عطارد اس صورت حال میں معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے، برج جوزا اور سنبلہ والوں کا ستارہ عطارد ہے،وہ بھی اس نقش سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو لوگ خود تیار نہ کر سکیں وہ براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں