سیاست میں محاذ آرائی عروج پر، نقشِ جمعتہ الوداع
پاکستانی سیاست آج کل جے آئی ٹی کے گرد گھوم رہی ہے،ماضی میں وزیراعظم نواز شریف اور چیف جسٹس سجاد علی شاہ کے درمیان محاذ آرائی ہوئی تھی جس کے نتیجے میں سجاد علی شاہ کو عہدہ چھوڑنا پڑا تھا، ن لیگ کے کارکنوں نے عدالتِ عالیہ کا گھیراو ¿ کیا اور خاصی ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی، اس بار عدالت عالیہ کی مقرر کردہ جے آئی ٹی سے معرکہ درپیش ہے ،ن لیگ نے جے آئی ٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے لیکن مجبوری یہ ہے کہ عدالت عالیہ نے جے آئی ٹی کو اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے اور وہ اپنا کام کر رہے ہیں،وزیراعظم بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ن لیگ کی نظر میں یہ قانون کی بالادستی اور وزیراعظم کی اعلیٰ ظرفی کا نمونہ ہے،اپوزیشن اس صورت حال کو دوسرے رنگ میں پیش کر رہی ہے، قصہ مختصر یہ کہ اس وقت پرنٹ اور الیکٹرونکس میڈیا کا من پسند موضوع جے آئی ٹی اور اس میں ہونے والی کارروائیاں ہیں، حکومت کے وزراءکی اچھی خاصی تعداد اسی مہم جوئی میں مصروف ہے اور ان کی باتوں سے صاف نظر آرہا ہے کہ وہ جے آئی ٹی کی تحقیق و تفتیش کے نتیجے میں تیار ہونے والی رپورٹ کو تسلیم نہیں کریں گے۔
ایک بالکل ہی مختلف نقطہءنظر جناب ڈاکٹر طاہر القادری صاحب کا ہے، وہ اسے حکومت ہی کا اسٹیج کردہ ڈراما قرار دے رہے ہیں، ان کے خیال میں یہ بھی آئندہ الیکشن جیتنے کے لیے وزیراعظم اینڈ کمپنی کی ایک چال ہے،پاکستانی سیاست کے ایک اور مقبولِ عام کردار شیخ رشید احمد حسب سابق حکومت کے خاتمے کا اعلان کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کا کردار اس ساری صورت حال میں خاصا پراسرار نظر آتا ہے،ان کی اعلیٰ قیادت یعنی زرداری صاحب ملک سے جاچکے ہیں، بلاول بھٹو کے روایتی بیانات وقتاً فوقتاً نظر آجاتے ہیں، تمام تر سیاسی بوجھ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ صاحب کے کاندھوں پر ہے لیکن یہ سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ کیا چاہتے ہیں؟
عزیزان من! اس منظر نامے کو سامنے رکھ کر اگر آپ ہمارے پچھلے کالموں پر نظر ڈالیں تو صورت حالات نئے انتخابات یا کسی عارضی سیٹ اپ کی جانب بڑھتی نظر آتی ہے،ہم نے پاکستان کے زائچے اور جناب نواز شریف صاحب کے زائچہ ءحلف کے حوالے سے عرض کیا تھا کہ جون سے حکومت اور وزیراعظم کے لیے ایک نہایت سخت وقت شروع ہورہا ہے جو ستمبر تک جاری رہے گا، ہمارے وزیراعظم یقیناً ایک خوش قسمت انسان ہیں، تین بار پاکستان کی وزارت عظمیٰ ان کے حصے میں آئی، پاکستان کے خوش حال ترین افراد میں ان کا شمار ہوتا ہے،ممکن ہے اس بار بھی ان کی خوش قسمتی ان کا ساتھ دے اور وہ اس مشکل مرحلے سے سُرخرو ہوکر نکلیں، بظاہر سب کچھ ان کے کنٹرول میں ہے، ان کے رفقاءسر دھڑ کی بازی لگانے کو تیار ہیں، جے آئی ٹی کی رپورٹ کو دیکھتے ہوئے عدالت عالیہ کیا فیصلہ دے گی، اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا، بہر حال فیصلہ جو بھی ہو ، اسے ماننے یا نہ ماننے کا اختیار بہر حال وزیراعظم کے پاس ہے
دام ہر موج میں ہے حلقہ ءصدکامِ نہنگ
دیکھےں کیا گزرے ہے قطرے پہ گہر ہونے تک
سپریم کورٹ کا فیصلہ خواہ کچھ بھی ہو ، جولائی، اگست اور ستمبر کی فلکیاتی صورت حال ملک میں شدید نوعیت کے سیاسی انتشار اور ابتری کی نشان دہی کر رہی ہے جس کے نتیجے میں کسی بڑی تبدیلی کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،حکومت اور اپوزیشن کے درمیان محاذ آرائی اپنی انتہا پر پہنچ جائے گی اور اس کی وجہ عدلیہ اور الیکشن کمیشن سے محاذ آرائی ہوسکتی ہے،وزیراعظم کو عدلیہ سے خدشات لاحق ہیں، وہ جج صاحبان ان کے خلاف پہلے ہی فیصلہ دے چکے ہیں، عمران خان الیکشن کمیشن سے نبردآزما ہیں، الیکشن کمیشن پر پہلے ہی سیاسی پارٹیوں کو اعتراضات ہیں، الیکشن کے قوانین میں اور طریقہ ءکار میں مناسب تبدیلیوں پر زور دیا جاتا رہا ہے،شاید اب ایسا وقت آرہا ہے جب ہمارے الیکٹرورل سسٹم کو مزید بہتر بنانا ضروری قرار پائے اور اس سلسلے میں عملی قدم اٹھایا جائے، عدلیہ کو بھی بہت زیادہ دباو ¿ کا سامنا کرنا پڑے، یہ ساری صورت حال بہر حال ملک میں بہتر پیش رفت کا باعث ہوگی (واللہ اعلم بالصواب)
نقشِ جمعتہ الوداع
عوام کے مسائل اگرچہ بے پناہ ہےں لیکن سب سے بڑا مسئلہ روزگار کا ہے کیوں کہ اس کے بغیر کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا ، بے روزگاری سب سے بڑا جہنم ہے جس کی آگ میں ہمارا ملک جل رہا ہے اور ملک سے باہر مقیم پاکستانی بھی روزگار کے حوالے سے کسی نہ کسی مسئلے کا شکار رہتے ہیں، انسان کی زندگی میں اچھے اور برے اوقات آتے رہتے ہیں بعض لوگ اپنی بہترین کوششوں کے باوجود روزگار کے معاملات میں کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرپاتے ، ایسے افراد کے لیے ہم پہلے بھی مخصوص اوقات کی مناسبت سے ورد و وظائف، عملیات و نقوش کی نشان دہی کرتے رہے ہیں ، اسی مناسبت سے رمضان المبارک کے مقدس ترین مہینے میں جمعتہ الوداع سے متعلق ایک وظیفہ اور ایک نقش پیش کیا جارہا ہے جو مجرّب ہے اور انشاءاللہ تمام مسلمانوں کے لیے فائدہ بخش ثابت ہوگا ۔
وظیفہ جمعتہ الوداع
وظیفہ بہت آسان ہے اور صرف تھوڑی سی دیر کی محنت ہے ، اس محنت کے صلے میں ایک قیمتی تحفہ ہاتھ آجائے گا،یہ وظیفہ ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو نزلہ و زکام یا جوڑوں کے درد میں مبتلا رہتے ہیں۔
عمدہ خالص چنبیلی یا زیتون کا تیل حاصل کرلیں اور جمعتہ الوداع کی صبح فجر کی نماز کے بعد اول آخر سات بار درود شریف کے ساتھ سورہ والعادیات سات بار پڑھ کر چنبیلی کے تیل پر دم کرلیں اور اسے محفوظ رکھیں ، تمام اقسام کے جسمانی درد اور نزلے کے لےے مفید ہے ، اکثر آرتھرائیٹس کے مریضوں کو بھی جوڑوں کے درد میں آرام ملا ہے ، پرانے نزلے کی صورت میں اس تیل کی سر پر مالش مفید ثابت ہوگی ۔
دوسرا عمل تھوڑا سا مشکل ضرور ہے لیکن اس کی افادیت بھی کم نہیں ہے ، جمعتہ الوداع کی صبح فجر کی نماز کے بعد سورج طلوع ہونے سے پہلے سورہ الاعراف کی آیت نمبر 10 کا نقش ہرن کی جھلّی یا عمدہ سفید کاغذ پر عرق گلاب میں زعفران ملاکر لکھ لیں ، اگر زعفران نہ مل سکے تو عرق گلاب میں ہلدی ملاکر روشنائی بنالیں بعد ازاں نقش کو عمدہ خوشبو سے معطر کریں اور اپنی دکان ، دفتر یا کاروبار و ملازمت کی جگہ پر رکھیں تو انشا اللہ بے انتہا خیر و برکت ہوگی ، کاروبار ترقی کرے گا ، اگر ملازمت ہے تو پائیدار ہوگی اور ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے ، اگر گھر میں رکھیں تو بے برکتی ختم ہوجائے گی ، قرض ہے تو اس کی ادائیگی میں آسانی ہوگی ، فی الواقع نہایت موثر اور مجرب المجرب عمل ہے ۔
نقش لکھنے کے بعد زرد رنگ کی مٹھائی پر فاتحہ دے کر ایصال ثواب کریں اور حضرت کاش البرنی ؒ کے لےے بھی دعائے خیر کریں ، نقش پاس رکھنے کے بعد حسب توفیق صدقہ وخیرات کریں ، اس نقش کو تعویذ کے طریقے پر تہہ کرکے موم جامہ کرلیں اور گلے میں پہنیں یا بازو پر باندھیں تو آپ کی ذاتی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا ، اگر چاہیں تو فریم کراکے دکان یا دفتر میں یا گھر میں مغرب کی سمت دیوار پر آویزاں کرلیں ، اگر نقش کو پوشیدہ رکھنا چاہیں تو چار تہہ کرلیں اور موم جامہ یا پلاسٹک کوٹڈ کرکے کاروبار کی جگہ یا گھر میں کسی محفوظ مقام پر رکھیں، ہم یہ نقش ہر سال سفید کاغذ پر لکھتے ہیں اور ضرورت مندوں میں بلا ہدیہ تقسیم کردیتے ہیں لیکن ظاہر ہے کہ بہت زیادہ نقش لکھنا ممکن نہیں ہوتا، آپ سے درخواست ہے کہ خود ہی کوشش کریں اور کسی انتہائی مجبوری کے سبب اگر خود نہ لکھ سکتے ہوں تو ڈاک خرچ بھیج کر ہمارے ہاں سے منگوالیں، نقش درج ذیل ہے ۔
نقش بھرنے کے لےے مناسب ہوگا کہ نقش کے خانے پہلے سے تیارکرلیے جائیں اورعین وقت پر بسم اللہ پڑھ کر نقش مکمل کیا جائے ، سب سے پہلے نقش کی پیشانی پر 786 لکھیں پھر نقش کے چاروں کونوں پر قولہ الحق ولہ الملک اور چاروں ملائکہ کے نام ، کٓھٓیٰعٓصٓ اور حٰمٓعٓسٓقٓ لکھیں ، پھر نقش کے بیرونی خانوں میں پوری آیت اسی طرح نقل کرلیں جیسے کہ لکھی ہوئی ہے ، آخر میں درمیانی نقش مثلث بھریں ، یہ مثلث اسی آیت شریف کا ہے ، کیوں کہ آیت کے کل اعداد 2199 ہیں جس خانے میں 729 کے اعداد ہیں، یہ نقش کا پہلا خانہ ہے اس کے بعد ترتیب وار 730 ، 731 ، 732، 733، 734، 735، 736 اور آخری خانے میں 737 لکھ کر نقش مکمل کرلیں ، خیال رہے کہ نقش کے خانے بھرنے کی ترتیب یہی رہے گی ، بس کام مکمل ہوگیا ۔
آئیے اپنے سوالات اور ان کے جوابات کی طرف:
بھائی کی پریشانی
محمد ناصر خان، ٹنڈوالہٰیار سے لکھتے ہیں” میں اپنے بھائی کی وجہ سے بہت پریشان ہوں،ایک تو وہ بات نہیں مانتا ، جس کام کا کہتے ہیں کرتا نہیں ہے،چڑچڑا اور غصے میں رہتا ہے، غلط لڑکوں کے ساتھ اٹھتا بیٹھتا ہے،کچھ بولتے ہیں تو لڑنے کو آتا ہے، پڑھائی کے اندر بھی دلچسپی نہیں لیتا، جسمانی طور پر بھی کمزور ہے، آنکھوں میں الرجی رہتی ہے، جلن اور خارش بھی ہوتی ہے، برائے مہربانی زائچہ بناکر اس کے متعلق بتائیں کہ اسے تعلیم کا کون سا شعبہ موافق ہوگا یا پھر کسی مناسب ہنر پر لگایا جائے تاکہ پڑھائی کے ساتھ کوئی ہنر بھی سیکھ جائے، آگے جاکر اپنی زندگی میں پچھتاوا نہ ہو اور یہ شکایت نہ ہو کہ کسی نے میری طرف دھیان نہیں دیا“
جواب: ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ کی اور آپ کے بھائی کی باہمی طور پر اچھی انڈراسٹینڈنگ نہیں ہے لہٰذا وہ آپ کی بات نہیں سمجھتا اور آپ اس کی بات نہیں سمجھتے، یہ درست ہے کہ آپ اس سے مخلص ہیں اور اس کی بہتری چاہتے ہیں لیکن آپ کو یہ بھی خیال رکھنا چاہیے کہ وہ عمر کی جس منزل میں ہے وہ نادانی کی منزل ہے،ابھی اسے دنیا کا حقیقی شعور نہیں ہے، سختی سے یا زور زبردستی سے کام نہیں چلے گا، پیار محبت سے کام لینے کی ضرورت ہے۔
اس کے زائچے کے مطابق اس کا شمسی برج جدی ہے،یہ لوگ سخت مزاج اور محنتی ہوتے ہیں، پیدائشی برج دلو ہے اور یہ بہت ہی انوکھا برج ہے،یہ لوگ مکمل آزادی چاہتے ہیں، کسی قسم کی پابندی اور ذمے داری قبول نہیں کرتے، البتہ جو ذمے داری یہ اپنی مرضی سے قبول کرلیں اسے پورا کرتے ہیں، مزید یہ کہ برج دلو والے بہت آگے کی بات سوچتے ہیں ، وہ حال سے بے خبر یا لاتعلق رہتے ہیں، ان کے دماغ میں بہت آگے کے پروگرام یا منصوبے چل رہے ہوتے ہیں، یہ لوگ بہت یونیک اور غیر معمولی آئیڈیاز کے حامل ہوتے ہیں جن پر عمل کرنا بظاہر ناممکن نظر آتا ہے، انوکھی اور عجیب و غریب چیزوں کی طرف ان کا رجحان ہوتا ہے،دنیا کو ہر پہلو سے دیکھنا اور سمجھنا چاہتے ہیں لہٰذا اچھے بری کی تمیز انہیں فوراً نہیں ہوتی،آپ کے بھائی کا قمری برج سنبلہ ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ فطری طور پر ذہین اور زندگی میں کچھ کرنے کی خواہش رکھتا ہے،ہر معاملے کو سخت تنقیدی نظر سے دیکھتا ہے،ممکن ہے آپ کے اور دیگر گھر والوں کے بعض معاملات یا نظریات سے وہ مطمئن نہ ہو لہٰذا اس کی باتوں پر بھی توجہ دینے اور غور کرنے کی ضرورت ہے،ہمارے نزدیک یہ ایسا بچہ نہیں ہے جو آسانی سے بگڑ جائے یا غلط راستہ اختیار کرے، اگر وہ غلط لوگوں کی صحبت میں بیٹھنے لگا ہے تو بہت جلد ان سے دور بھی ہوجائے گا، جہاں تک تعلیمی دلچسپی کا سوال ہے تو یہ لوگ اپنی مرضی اور موڈ سے کام کرنے والے ہوتے ہیں، ان کو اسی طرح چلائیں، زیادہ زور زبردستی نہ کریں، کوئی ضروری نہیں ہے کہ امتحان میں اچھی پوزیشن حاصل کرے،دوست اور خدمت خلق کے معاملات اس کی زندگی میں بہت اہم ہیں، اسے اپنی مرضی سے زندگی گزارنے دیں، بے شک گزشتہ سالوں میں خاص طور پر اکتوبر 2015 ءسے اکتوبر 2016 ءتک اس کی دوستیاں تھوڑے سے غلط لڑکوں میں اور لڑکیوں میں ہوسکتی ہے لیکن اب وقت تبدیل ہوگیا ہے،اس کی زندگی میں اچھا دور شروع ہوچکا ہے جس میں یہ تعلیمی کامیابیاں حاصل کرے گا۔
سائنس اور آرٹ کے شعبے اس کے بہتر ہیں، قانون کی تعلیم بھی بہتر رہے گی لیکن اگر آپ سے محاذ آرائی جاری رہی تو صورت حال زیادہ خراب ہوسکتی ہے، آپ اسے اپنی مرضی اور اپنی سوچ کے مطابق چلانے کی کوشش نہ کریں، بری صحبت سے روکنے کے لیے بھی نرمی سے سمجھائیں، اس کے زائچے کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ جنس مخالف یعنی عورت کی جانب اس کا رجحان بہت زیادہ ہے، اگر آپ ابھی سے اس کی کسی جگہ منگنی وغیرہ کردیں تو بہتر ہوگا تاکہ جنس مخالف کے سلسلے میں وہ دائیں بائیں ہاتھ پاو ¿ں نہ چلائے، بہتر ہوگا کہ اس کی شادی بھی جلد کردی جائے، بہ صورت دیگر آگے چل کر مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
زیادہ مصروف رکھنے کے لیے کمپیوٹر کی فیلڈ میں ڈال دیں، اس طرح اُسے بری صحبت سے بھی نجات ملے گی اور کمپیوٹر کی تعلیم آئندہ بھی کام آئے گی۔
مزاج میں غصہ اور چڑچڑاپن دور کرنے کے لیے اسے مرجان کا نگینہ پہنائیں، ہفتہ اور بدھ کے روز اس کا صدقہ دیا کریں، ہفتے کے روز بوڑھے، معذور افراد کی مدد کریں اور بدھ کے روز سبز رنگ کی چیزوں کا صدقہ دیں، باقی آپ کا حد سے زیادہ پریشان ہونا مناسب نہیں ہے،ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ اس معاملے میں کچھ زیادہ ہی حساس اور جذباتی ہورہے ہیں۔
مسلسل بیماری
سلمان، لطیف آباد سے لکھتے ہیں ” میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں کافی عرصے سے بیمار ہوں اور مسلسل بیمار ہی ہوں ، مثلاً میرے پیروں میں اور پنجوں میں شدید درد رہتا ہے اور میں بچپن سے اداس اور پریشان رہتا ہوں ، کسی کے سامنے بول نہیں پاتا ، پریشانی اور غم کے سوا زندگی میں کچھ نہیں ہے ، سب مجھ سے آگے نکل چکے ہیں اور میں سب سے پیچھے ہوں ، کوئی کام سیکھ پاتا ہوں نہ کر پاتا ہوں ، عید بقرعید بھی اداسی میں گزر جاتی ہے ، کھانے پینے کی کوئی پریشانی نہیں ہے ، اپنا خود خیال رکھتا ہوں ، سب گھر والے میرے پیچھے لگے رہتے ہیں اور والد تو مجھے دشمن کی طرف مارتے ہیں ، گھر میں مجھے کچھ نظر آتا ہے ، کبھی کوئی آدمی ہنستا ہوا نظر آتا ہے ، گلے پر چھری رکھ دیتا ہے ، میرا جسم سوتے میں سن ہوجاتا ہے جیسے میں ہاتھ پیر چلا بھی نہیں سکتا ، چلّاتا ہوں تو پوری آواز میں چیخ رہا ہوتا ہوں مگر میری آواز اور کوئی نہیں سن پاتا ، عجیب طریقے سے کوئی پریشان کرتا ہے ، سینے پر گدگدی کرتا ہے ،کوئی اور نظر بھی نہیں آتا ، میں اسے روک نہیں پاتا ہوں ، جس گھر میں ہم رہتے ہیں یہ گھر پہلے برسوں تک بند رہا ہے ، میں آپ کا کالم بہت شوق سے پڑھتا ہوں خدارا میرے مسئلے کا کوئی حل نکالیں ، مجھے بتائیں میرا مسئلہ کیا ہے اور مجھے اپنا پیدائشی ، شمسی اور قمری برج بھی معلوم کرنا ہے ، ہوسکے تو موافق پتھر بھی بتا دیں ، آپ کا بہت شکر گزار رہوں گا ، میرا نام صحیح ہے یا نہیں ۔“
جواب : عزیزم ! حیرت ہے کہ آپ کے گھر والے آپ کے علاج سے اس قدر غافل ہیں اور آپ کے ساتھ بقول آپ کے انتہائی خراب سلوک کرتے ہیں ، اگر والد دشمن ہیں تو کیا والدہ کو بھی آپ کا خیال نہیں ہے یا پھر کوئی اور ہی بات ہے جو آپ بھی نہیں جانتے ، اچھا ہوا آپ نے اپنی تاریخ پیدائش لکھ دی اس طرح ہمیں صورت حال کو سمجھنے کا موقع مل گیا ، حقیقت یہی ہے کہ آپ بھی نہیں جانتے کہ آپ کے ساتھ کیا معاملہ ہے اور آپ کے گھر والے بھی نہیں جانتے کہ آپ کا مسئلہ کیا ہے ، بلکہ وہ تو شاید اب تھک چکے ہوں گے اور آپ کی طرف سے مایوس ہوچکے ہوں گے ، ان کے خیال میں تو آپ ان کے لئے ایک پریشان کن مسئلہ ہیں ۔
آپ کا شمسی برج جدی اور قمری برج حوت ہے جبکہ پیدائشی برج ثور ہے ، بلاشبہ یہ ایک انتہائی مشکل اور بہت سخت کمبی نیشن ہے ، آپ کے دو برج جدی اور ثور خاکی ہیں جبکہ برج حوت آبی ہے ، سونے پر سہاگہ یہ کہ قمری برج حوت ہے ، گویا آپ احساسات اور تصورات کے بادشاہ ہیں جب ذرا گردن جھکائی دیکھ لی تصویر یار
ہمیں نہیں معلوم کہ آپ کے والدین نے آپ کے علاج معالجے کے سلسلے میں کیا کوششیں کی ہیں ، یقینا اپنی حد تک تو وہ سب کچھ کرچکے ہوں گے مگر آپ بھی کوئی معمولی چیزتو نہیں ہیں ، بڑے بڑے عامل کامل ، پیر فقیر بالآخر ہاتھ جوڑتے ہوئے بھاگ کھڑے ہوئے ہوں گے ، ایسا آسیب زدہ انہوں نے کہاں دیکھا ہوگا یا پھر ماہرین نفسیات نے آپ پر ایلو پیتھک دوائیں آزمائی ہوں گی مگر آپ نے اپنے خط میں اپنے کسی علاج معالجے کا ذکر نہیں کیا اور نہ ہی اپنی کسی دلچسپی ، کسی سرگرمی یا مصروفیت کا ذکر کیا ، آخر ایسا کیوں ہے ، آپ ہم سے یہ سب باتیں کیوں چھپا رہے ہیں اور سارا زور اپنے گھر میں موجود کسی نادیدہ قوت پر دے رہے ہیں جس کی موجودگی کا ثبوت بھی صرف آپ کی گواہی ہے اور دلیل یہ ہے کہ مکان برسوں تک بند رہا ہے ، آخر اس مکان میں آپ کے دیگر اہل خانہ بھی تو رہائش پذیر ہیں ان کے ساتھ یہ سب کچھ کیوں نہیں ہوتا جو آپ کے ساتھ ہو رہا ہے ؟
ہمارے لئے بہت مشکل ہے کہ ہم آپ کو سمجھا سکیں کہ آپ کا مسئلہ کیا ہے ؟ عام فہم انداز میں ہم یہی کہہ سکتے ہیں کہ آپ کے گھر میں کوئی نادیدہ مخلوق نہیں ہے اور آپ کو جو نادیدہ مخلوق پریشان کرتی ہے وہ خود آپ کی پیدا کردہ ہوتی ہے ، آپ جب چاہیں ایسی مخلوقات پیدا کرسکتے ہیں ، اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا علاج ہوجائے تو آپ کو کھانے میں نمک بلکل بند کردینا چاہئے اور صبح شام عرق گلاب میں شہد ڈال کر پینا چاہئے ، تمام مرغن غذائیں بند کردینی چاہئیں ، خصوصاً گوشت، انڈا ، مچھلی ، ماش کی دال ، پھول گوبھی ، اروی ، بیگن وغیرہ۔ پانی زیادہ سے زیادہ پینا چاہئے ، اپنی سوچ کو مثبت بنانا چاہئے ، خوش امید رہنا چاہئے ، آپ کے علاج کے سلسلے میں یہ ابتدائی بنیادی اصول ہیں ، اس کے بعد کسی قابل اور تجربے کار ہومیو پیتھ سے رجوع کرنا چاہئے جو اس قسم کے کیسوں کا تجربہ رکھتا ہو۔ یاد رکھیں ، ہر ڈاکٹر آپ کا علاج نہیں کرسکتا ، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ فون پر ہم سے مشورہ کرکے دوا دریافت کرلیں اور بازار سے خرید کر استعمال کریں ، آپ یقینا ٹھیک ہوسکتے ہیں۔آپ کے لئے موافق پتھر لہسنیا ہے،اسے جمعہ کے دن پہن سکتے ہیں۔
کامرس بہتر ہے یا سائنس؟
جنید، حیدرآباد سے لکھتے ہیں ”میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں سائنس لینا چاہتا ہوں لیکن میرے والد کہتے ہیں کہ سائنس بہت مشکل ہے لہٰذا تم کامرس لے لو اور بینک میں جاب بھی مل جائے گی۔ وہ خود بھی بینک میں جاب کرتے ہیں۔ آپ مشورہ دیں کہ میرے لئے کیا بہتر رہے گا؟“
جواب:عزیزم! آپ کا شمسی برج ثور اور قمری برج سرطان ہے۔ آپ کو کامرس ہی لینا چاہیے اور آپ اس شعبے میں بہت آگے جاسکتے ہیں یعنی سی اے بھی کرسکتے ہیں۔ برج ثور کا تعلق اکنامکس سے ہے اور اکاو ¿نٹ کے شعبے میں بھی یہ لوگ غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ آپ مستقل مزاج بھی ہیں اور محنتی بھی۔ برج ثور کا تعلق مالیاتی اداروں اور دولت سے بھی ہے لہٰذا آگے چل کر آپ کا رجحان دولت کمانے پر زیادہ رہے گا۔ممکن ہے آپ کے والد سائنس کے شعبے میں آپ کے تعلیمی اخراجات کی وجہ سے پریشان ہوں اور اسی لئے کامرس پر زور دے رہے ہوں تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔ہمارا مشورہ بھی یہی
ہے کہ آپ پہلے بی کام کریں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں