جولائی کی فلکیاتی صورت حال، ایک سخت مہینے کا آغاز
وزیراعظم نواز شریف کے لیے ایک سخت اور ناموافق مہینہ
ایک طویل عرصے کے بعد پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے کرکٹ کے میدان سے جو خوشی کی خبر آئی ہے،اُس نے بلاشبہ رمضان کی سعادت اور عید کی خوشیوں میں اضافہ کردیا ہے، بہت بڑے بڑے بول بولنے والا انڈین میڈیا سناٹے میں آگیا ہے، اس کی سمجھ میں نہیں آرہا کہ یہ ہوا کیا ہے؟ انڈیا کی مضبوط ترین کرکٹ ٹیم جس کی بیٹنگ لائن پر انہیں ناز تھا، اس طرح ڈھیر ہوگئی جیسے ریت کے گھروندے، بلاشبہ محمد عامر کا پہلا اسپیل ایسا ہی تباہ کن تھا جس نے انڈین بیٹنگ لائن کی کمر توڑ کر رکھ دی اور حیرت انگیز طور پر پاکستانی بیٹنگ لائن نے اپنی روایت کے خلاف کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس موقع پر بلاشبہ پاکستان کرکٹ ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے اور قوم کے لیے سرمایہ ءافتخار ہے، برسوں پہلے رمضان المبارک کے مہینے ہی میں پاکستان نے ورلڈ کپ جیتا تھا اور اب چیمپئنز ٹرافی کا تحفہ بھی اسی مہینے میں حاصل ہوا، ہماری طرف سے بھی بہت بہت مبارک۔
جون سے شروع ہونے والا وقت کسی طور بھی وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے لیے موافق ثابت نہیں ہورہا، جیسا کہ ہم نے اپنے گزشتہ کالموں میں نشان دہی بھی کی تھی، جے آئی ٹی پر کی گئی چڑھائی پسپا ہوچکی ہے،سپریم کورٹ میں حسین نواز کی درخواست کو زیادہ اہمیت نہیں دی اور جے آئی ٹی کو بدستور اپنا کام وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کردی، سپریم کورٹ نے حکومت کو اور میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے کہ وہ اپنی حدود میں رہیں اور کسی ایک شخص کو بچانے کے لیے منفی طریقے اختیار کرنے سے گریز کریں، بہ صورت دیگر سپریم کورٹ کوئی ناخوش گوار حکم بھی جاری کرسکتی ہے۔
اس سخت تنبیہ کے بعد حکومتی حلقوں میں خاصی سراسیمگی نظر آتی ہے،جے آئی ٹی کے خلاف جو شوروہنگامہ برپا تھا، وہ کسی حد تک تھم گیا ہے،آخری حربے کے طور پر شاید پرانے مسلم لیگی رہنما جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس سامنے آئی ہے،خود مسلم لیگ کے اندر دو گروپ بن چکے ہیں، اندرونی انتشار عروج پر ہے،معروف صحافی حامد میر کے مطابق وزیراعظم ہاو ¿س میں آج کل صرف میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے احکامات جاری ہورہے ہیں، گویا حکومت کو نامعلوم اندیشوں نے گھیر رکھا ہے،اب جولائی میں آسمانی کونسل کے تیور مزید سخت نظر آرہے ہیں، راہو کیتو کی زائچہ ءپاکستان اور وزیراعظم کے زائچہ ءحلف میں اسٹیشنری پوزیشن اپنا رنگ دکھارہی ہے، مزید یہ کہ مریخ اور پلوٹو کا کایہ پلٹ منفی زاویہ ، پلوٹو اور شمس کا مقابلہ، عطارد اور یورینس کی تربیع ایسے نظرات ہیں جو عید کے فوری بعد حکومت کو مزید کسی سخت امتحان میں ڈال سکتے ہیں،وزیراعظم اس امتحان سے کس طرح سرخرو ہوکر نکلیں گے ، اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا
شام آرہی ہے ڈوبتا سورج بتائے گا
تم اور کتنی دیر ہو، ہم اور کتنی دیر
جولائی کے ستارے
حکومت و اقتدار کا سیارہ شمس اپنے برج اوج سرطان میں حرکت کر رہا ہے،22 جولائی کو برج اسد میں داخل ہوگا، برج سرطان ہی میں پیغام رساں منشیءفلک سیارہ عطارد بھی موجود ہے جو 6 جولائی کو برج اسد میں داخل ہوجائے گا،شمس سے قریب ہونے کی وجہ سے غروب ہے، 6 جولائی کو طلوع ہوجائے گا، توازن اور ہم آہنگی، محبت و دوستی کا سیارہ زہرہ اپنے ذاتی برج ثور میں حرکت کر رہا ہے،5 جولائی کو برج جوزا میں داخل ہوگا اور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا۔
سیارہ مریخ جس کا تعلق توانائی اور مہم جوئی سے ہے،اپنے ہبوط کے برج سرطان میں کمزور ہے اور شمس سے قریب ہونے کی وجہ سے غروب ہے، 20 جولائی کو برج اسد میں داخل ہوگا، عقل و دانش، وسعت و ترقی کا سیارہ مشتری برج میزان میں رہے گا،استاد زمانہ سیارہ زحل برج قوس میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں بحالتِ رجعت رہے گا،ایجادات و انکشافات کا سیارہ یورینس برج حمل میں ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا،پُراسرار نیپچون 16 جون سے بحالتِ رجعت اپنے ذاتی برج حوت میں رہے گا، کایا پلٹ کرنے والا پلوٹو برج جدی میں ہے اور بحالت رجعت پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا،راس و ذنب بالترتیب برج اسد اور دلو میں رہیں گے،6 جولائی سے 12 ستمبر تک ان کی پوزیشن اسٹیشنری ہوگی یعنی ایک ہی درجے پر قیام رہے گا۔
نظرات و اثراتِ سیارگان
جولائی کے مہینے میں اہم سیارگان کے درمیان قائم ہونے والے زاویے خاصے سخت نظر آتے ہیں،اس ماہ مقابلے کے چار زاویے، ایک قران، 5 تربیعات، 3 تسدیسات اور 3 ہی تثلیثات کے زاویے تشکیل پائیں گے، مقابلے اور تربیع کی نظر نحس یا نقصان دہ تصور کی جاتی ہیں جب کہ تسدیس اور تثلیث کے زاویے سعد اور مفید خیال کیے جاتے ہیں، چناں چہ اس ماہ مقابلے اور تربیع کے زاویے بہت زیادہ ہیں، یہ صورت حال حالات و واقعات میں اہم تبدیلیوں کے آغاز کی نشان دہی کرتی ہے،اس حوالے سے خاص طور پر سیارہ شمس ، مریخ، یورینس اور پلوٹو کے نظرات زیادہ اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جو اس ماہ موجود ہےں۔
2 جولائی: مریخ اور پلوٹو کے درمیان مقابلے کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے اور اہم بات یہ ہے کہ مریخ جو زائچہ ءپاکستان کے بارھویں گھر کا حاکم ہے اور تیسرے گھر میں ہبوط یافتہ ، غروب ہے،نویں گھر میں موجود پلوٹو کے ساتھ مقابلے کی نظر بنائے گا،نواں گھر عدلیہ کا ہے اور تیسرا گھر ملکی زائچے میں ذرائع ابلاغ سے متعلق ہے، یہ نظر اپنا اثر تقریباً 5 روز قبل اور 5 روز بعد تک دے گی،اس عرصے میں عدلیہ کی جانب سے کوئی اہم خبر آسکتی ہے جو بحث و مباحثے کے نئے مسائل سامنے لائے گی،عام افراد کے لیے یہ نظر زیادہ مو ¿ثر نہیں ہے۔
4 جولائی: پلوٹو اور شمس کے درمیان مقابلے کی نظر ہے،ابھی پہلی نظر یعنی مریخ و پلوٹو کے مقابلہ کے اثرات جاری ہوں گے کہ دوسری اہم نظر پلوٹو اور شمس کے درمیان قائم ہوجائے گی، یہ بھی 4 جولائی سے 5 روز قبل اور 5 روز بعد تک اثر دے گی،اس نظر کے تحت صاحب حیثیت اور کوئی عہدہ یا مرتبہ رکھنے والے افراد تنزلی یا عتاب کا شکار ہوسکتے ہیں، ملکی زائچے میں سیارہ شمس کا تعلق طبقہءاشرافیہ، حکومت اور سربراہِ حکومت سے ہے لہٰذا اس نحس نظر کا منفی اثر وزیراعظم جناب نواز شریف بھی محسوس کرسکتے ہیں، انہیں چاہیے کہ اس تمام عرصے میں زیادہ سے زیادہ صدقہ و خیرات کریں اور غریب و مظلوم طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے اقدام کریں،عام افراد اس نظر کے اثر سے گورنمنٹ سے متعلق کاموں میں رکاوٹ اور دشواری محسوس کریں گے،اس کے علاوہ اس نظر سے پیٹ کی بیماریاں وبائی صورت اختیار کرتی ہیں۔
5 جولائی: عطارد اور یورینس کے درمیان اسکوائر کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے،عطارد غروب ہے، اس وقت افواہیں اور غلط خبریں پھیل سکتی ہیں، پرنٹ یا الیکٹرونک میڈیا میں غیر ذمے دارانہ رویہ دیکھنے میں آسکتا ہے،سفر اور نقل و حمل کے معاملات میں بھی رکاوٹوں اور دشواریوں کا سامنا ہوسکتا ہے، اس وقت کوئی اہم سفر کرنا مناسب نہ ہوگا، ضروری معلومات کے حصول میں دشواری ہوسکتی ہے اور ادھوری یا کنفیوژ کرنے والی اطلاعات پریشان کرسکتی ہیں۔
6 جولائی: شمس اور نیپچون کے درمیان تثلیث کا زاویہ سعد اثر رکھتا ہے،ملکی اور سیاسی معاملات میں یہ نظر حکومت اور سربراہ مملکت کے لیے بہتر اثر رکھتی ہے،وزیراعظم کو درپیش مشکلات سے نکلنے میں مدد مل سکتی ہے، عام افراد اس دوران میں گورنمنٹ سے متعلق کاموں میں بہتری محسوس کریں گے لیکن خیال رہے کہ اس نظر کے تحت فوائد بہت ہوشیاری اور چالاکی کے ساتھ حاصل ہوتے ہیں۔
اسی تاریخ کو شمس اور مشتری کے درمیان تربیع کا زاویہ قائم ہوگا، یہ نحس نظر ہے اور حکومت کے لیے مالی مسائل لاتی ہے جن پر قابو پانے کے لیے نئے ٹیکسز یا اسی نوعیت کے دیگر اقدام دیکھنے میں آتے ہیں، عام افراد کے لیے یہ وقت گورنمنٹ سے مالی معاملات میں دشواری لاسکتا ہے،ضروری واجبات کا حصول مشکل ہوگا، کاروباری معاملات میں نئی انویسٹمنٹ وغیرہ کے لیے بھی یہ وقت موافق نہیں ہوتا۔
7جولائی: عطارد اور زہرہ کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ فائدہ بخش ہوتا ہے،اس وقت میں رکے ہوئے کاموں کو آگے بڑھانا ممکن ہوتا ہے، متنازع معاملات میں بات چیت کے ذریعے اچھے نتائج حاصل ہوسکتے ہیں، تعلقات میں مضبوطی پیدا کی جاسکتی ہے،محبت، دوستی، منگنی وغیرہ سے متعلق بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہوتی ہے،سفر یا ضروری معلومات کا حصول آسان ہوتا ہے۔
15 جولائی: عطارد اور مشتری کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ قائم ہوگا، یہ نظر بھی فائدہ بخش ثابت ہوتی ہے،ترقیاتی اسکیموں کو آگے بڑھانے اور مالی معاملات میں بہتری لانے کے لیے موافق وقت ہوگا، علمی اور معلوماتی کاموں میں کامیابی ہوگی،کسی امتحان یا انٹرویو وغیرہ کے لیے بھی اچھا وقت ہے،یہ وقت تخلیقی اور فنکارانہ نوعیت کے کاموں میں شاندار نتائج دیتا ہے۔
17 جولائی: زہرہ اور نیپچون کے درمیان اسکوائر کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے خصوصاً اس وقت خواتین کو محتاط رہنا چاہیے،وہ غلط سوچ یا غلط فیصلوں کا شکار ہوسکتی ہیں،جذبات کی رو میں بہہ سکتی ہیں،یہ وقت محبت کے معاملات میں بھی احتیاط کا متقاضی ہے،اس عرصے میں دھوکے اور فراڈ کا سامنا ہوسکتا ہے،مرد حضرات بھی محتاط رہیں، خواتین ان کے لیے مسائل پیدا کرسکتی ہیں۔
18جولائی: مریخ اور یورینس کے درمیان اسکوائر کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے اور نہایت اہمیت کا حامل ہے،خصوصاً زائچہ ءپاکستان میں اس کے نحس اثرات کسی حادثے یا سانحے کا باعث ہوسکتے ہیں، دہشت گردی کے واقعات رونما ہوسکتے ہیں، اس عرصے میں محتاط انداز میں گاڑی ڈرائیو کریں اور تیز رفتاری سے گریز کریں، فوج ، پولیس وغیرہ کے محکموں میں اس وقت نئی تبدیلیاں دیکھنے میں آسکتی ہیں یا حادثات پیش آسکتے ہیں۔
19جولائی: زہرہ اور مشتری کے درمیان تثلیث کی نظر سعد اکبر تسلیم کی جاتی ہے،دونوں سعد سیارے ہیں،اس نظر کے زیر اثر لوگوں کے درمیان باہمی محبت و خلوص میں اضافہ ہوتا ہے،دوسروں سے مددوتعاون حاصل کرنا آسان ہوگا،مالی اور ترقیاتی نوعیت کے معاملات میں بہتری آئے گی،انویسٹمنٹ کے لیے یا انعامی اسکیموں میں حصہ لینے کے لیے موافق وقت ہوگا، ملک میں نئی قانون سازی یا آئینی اقدام کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔
20جولائی: عطارد اور زحل کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ نہایت اہم ہوگا، اس وقت حکومت اور وزیراعظم کو سپورٹ ملے گی، اپنی پوزیشن کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا،عام افراد کے لیے یہ مستقبل کی پلاننگ کا وقت ہوگا، طویل المدت معاہدات یا منصوبہ بندی کرنا چاہیے، تحریری دستاویزات پر دستخط کرنے کے لیے اچھا وقت ہے،پراپرٹی سے متعلق معاملات میں تھوڑا سا محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، آپ جو پراپرٹی خرید رہے ہوں، اس کے بارے میں اچھی طرح معلومات حاصل کریں،ورنہ کوئی دھوکا بھی ہوسکتا ہے۔
21 جولائی: شمس اور یورینس کے درمیان تربیع کا زاویہ منحوس اثر رکھتا ہے،حکومت اور سربراہ مملکت کے حوالے سے منفی انکشافات یا خبر سامنے آسکتی ہے جو چونکا دینے والی ہوگی، عام لوگوں کو رہائش، ٹرانسپورٹ وغیرہ کے معاملات میں مسائل کا سامنا ہوگا، حکومت سے سپورٹ نہیں ملے گی، اعلیٰ افسران وغیرہ کا رویہ نامناسب اور حیران کن ہوگا۔
24 جولائی: زہرہ اور زحل کے درمیان مقابلے کی نظر نجی زندگی میں مسائل لاتی ہے،خصوصاً ازدواجی زندگی میں تناو ¿ پیدا ہوتا ہے،خواتین کا رویہ عدم تعاون اور گریز کا ہوتا ہے،وہ کاموں میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہیں،خود خواتین بھی ڈپریشن اور عدم اطمینان کا شکار ہوتی ہیں، انہیں اس وقت میں کثرت سے استغفار کا ورد رکھنا چاہیے، ملکی معاملات میں یہ نظر حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان تنازعات اور تناو ¿ کا باعث ہوگی۔
اسی تاریخ کو عطارد اور یورینس کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ قائم ہوگا جو مثبت اثر رکھتا ہے اور اس وقت اچھی خبریں سننے کو ملیں گی،نئی ایجادات اور اختراعات سامنے آتی ہیں ، الیکٹرونکس اور انٹرنیٹ کے کاروبار میں نئی پروڈکٹس متعارف ہوں گی،زندگی میں جدید سائنسی سہولیات کا اضافہ ہوگا، پیچیدہ یا نہایت گمبھیر نوعیت کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اس وقت بات چیت کرنا بہتر ثابت ہوتا ہے۔
27 جولائی: شمس اور مریخ کے درمیان قران کا نحس ترین زاویہ قائم ہوگا، یہ وقت بلاشبہ ملکی معاملات میں داخلی انتشار اور نقصانات لاتا ہے،خصوصاً سربراہِ مملکت اور کابینہ کے لیے بھی اچھے اثرات نہیں رکھتا،عام افراد بھی اس وقت مشکلات اور سختی کا سامنا کرسکتے ہیں، مختلف وبائی امراض پھیلتے ہیں، حکومت کی طرف سے عدم توجہ کی وجہ سے عام لوگ بھی مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔
30 جولائی: عطارد اور یورینس کے درمیان مقابلے کی نظر اس ماہ کا آخری سخت اور نحس زاویہ ہے،یہ نظر غیر متوقع نقصانات اور حادثات لاتی ہے، ہوائی یا زمینی حادثات کا اندیشہ رہتا ہے، ڈرائیونگ کرتے ہوئے محتاط رہیں، اس وقت لوگوں سے تنازعات، اختلافات اور بے مقصد بحث و مباحثہ پریشانی لاسکتا ہے،اپنے معمولات کے کاموں پر توجہ رکھیں، غیر ضروری معاملات میں پڑنے سے گریز کریں،یہ وقت الیکٹرونکس اور نیٹ سے متعلق خرابیوں کو جنم دے سکتا ہے لیکن بہرحال یہ خرابیاں عارضی ہوتی ہیں۔
اسی تاریخ کو زہرہ اور یورینس کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ قائم ہوگا، یہ وقت باہمی تعلقات میں حیران کن اور چونکا دینے والے مثبت واقعات لاتا ہے،ایسے لوگوں سے اچانک ملاقات ہوتی ہے جن سے ملنے کی امید نہ ہو، خواتین کی زندگی میں محبت اور منگنی کے معاملات رونما ہوتے ہیں۔
قمر در عقرب
قمر اپنے ہبوط کے برج میں اس ماہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 2 جولائی رات 09:59 pm سے 5 جولائی صبح 10:07 am تک رہے گا،اس تمام عرصے میں اپنے درجہ ءہبوط پر 3 جولائی 01:56 am سے 03:56 am تک رہے گا،یہی وقت زیادہ نحوست کا اثر رکھتا ہے اور اہم عملیات اسی وقت میں کیے جاتے ہیں۔
قمر در عقرب کا وقت اچھا نہیں خیال کیا جاتا، اس وقت نئے کاموں کی شروعات نہیں کرنی چاہیے،البتہ علاج معالجہ بہتر رہتا ہے، برائیوں اور بری عادات سے نجات کے لیے اس وقت عملیات کیے جاتے ہیں، دشمنوں سے نجات یا بدکردار افراد کو سزا دینے کے لیے بھی اس وقت عمل کرنا مناسب ہوتا ہے،اس حوالے سے ہر مہینے مختلف عملیات و وظائف دیے جاتے ہیں،ضرورت کے مطابق ان سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، کسی خصوصی معاملے کے لیے براہ راست رجوع کرسکتے ہیں۔
اوج شمس
شرف کے بعد اوج کا درجہ اہم ہے،سیارہ شمس کو برج حمل کے 19 درجے پر شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے جب کہ برج سرطان میں اوج کی قوت ملتی ہے،اس ماہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق سیارہ شمس 11 جولائی07:33 am سے اپنے اوج کے درجے پر آجائے گا اور 12 جولائی 08:44 am تک اوج یافتہ ہوگا۔
شرف کے بعد ماہرین جفر اوج شمس کو اہمیت دیتے ہیں، اس وقت میں فتح نامہ ، لوح اسم اعظم ، لوح شمس اور خاتم شمس وغیرہ تیار کی جاتی ہے، واضح رہے کہ شمس کی مثال تمام سیارگان میں ایک بادشاہ کی طرح ہے،قوت اقتدار اس کی خصوصیات میں شامل ہیں لہٰذا فتح نامہ یا لوح اسم اعظم اس وقت تیار کرنا مناسب ہوتا ہے،وہ لوگ جو اپنے پاس یہ الواح یا خاتم رکھتے ہیں، انہیں کبھی زوال کا سامنا نہیں ہوتا، دوسروں پر غالب رہتے ہیں اور کوئی ان پر غلبہ حاصل نہیں کرسکتا، گورنمنٹ سے متعلق معاملات میں کامیابی ملتی ہے،پروموشن میں آسانی ہوتی ہے، افسران بالا ان کا خیال رکھتے ہیں، کسی قسم کا سحروجادو اثر نہیں کرتا، صحت بہتر رہتی ہے، زندگی میں عروج اور شہرت حاصل ہوتی ہے۔
فتح نامہ ، لوح اسم اعظم یا خاتم اسم اعظم (اسم اعظم کی انگوٹھی) کی تیاری کا طریقہ ہم کئی بار دے چکے ہیں، ہماری ویب سائٹ سے بھی اس سلسلے میں مدد لی جاسکتی ہے لہٰذا اس موقع سے ضرور فائدہ اٹھائیں، مزید رہنمائی کے لیے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔
اوج زہرہ
جیسا کہ پہلے بتایا گیا ہے کہ شرف کے بعد اوج کی قوت کسی ستارے کے لیے اہم ہوتی ہے،سیارہ زہرہ کو شرف برج حوت میں اور اوج کی قوت برج جوزا میں حاصل ہوتی ہے،اس سال سیارہ زہرہ 24 جولائی کو 08:32pm سے 25 جولائی 05:33 pm تک اوج کی حالت میں ہوگا۔
زہرہ محبت، دوستی، ازدواجی زندگی ، توازن اور ہم آہنگی کا ستارہ ہے، عام طور پر جن لوگوں کے زائچے میں زہرہ ناقص یا کمزور ہوتا ہے وہ مندرجہ بالا معاملات میں عدم توازن کا شکار ہوتے ہیں، محبت میں ناکامی، لوگوں سے خراب تعلقات، شادی میں تاخیر خصوصاً لڑکیوں کی، ازدواجی زندگی میں مسائل اور ان کی اپنی شخصیت میں عدم توازن نظر آتا ہے،اس بار شرف زہرہ کے موقع پر لوح تسخیر اعظم متعارف کرائی گئی تھی، یہ لوح اوج زہرہ میں بھی تیار ہوسکتی ہے، اس وقت جو لوگ کسی وجہ سے حاصل کرنے میں ناکام رہے، وہ اس وقت کو ضائع نہ کریں ورنہ پھر آئندہ سال تک انتظار کرنا پڑے گا۔
اوج زہرہ کے موقع پر لوح تسخیر اعظم کے علاوہ لوح زہرہ نورانی ، خاتم زہرہ ، طلسم زہرہ وغیرہ بھی تیار کی جاسکتی ہیں ، اس وقت میں دو افراد کے درمیان محبت اور بہتر تعلقات کے لیے بھی عمل کیا جاسکتا ہے،یہ تمام عملیات اور نقوش ہماری ویب سائٹ پر دیکھے جاسکتے ہیں ، کسی خصوصی معاملے میں براہ راست رابطہ کریں۔
شرف قمر
قمر کو برج ثور کے 3 درجے پر شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے اور یہ وقت سعد مبارک خیال کیا جاتا ہے،اس ماہ قمر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 17 جولائی کو 01:30 pm سے 03:14pm تک درجہ ءشرف پر رہے گا،یہ وقت نیک مقاصد کے لیے فائدہ مند ہے،اس دوران میں اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم 556 مرتبہ اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے مقصد کے لیے دعا کریں، ان شاءاللہ مقصد کے حصول میں مدد ملے گی۔
آئیے اپنے سوالات اور ان کے جوابات کی طرف:
ہائے ری محبت
ع، ر شیخ لاڑکانہ سے لکھتے ہیں ”پہلے بھی آپ کو ایک خط تحریر کیا تھا،پتہ نہیں آپ کو ملا یا نہیں،اس خط کا جواب فوراً دیں ، میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں ایک لڑکی سے محبت کرتا ہوں اور اس سے شادی بھی کرنا چاہتا ہوں، میری کچھ غلطی تھی جو اس نے رابطہ بند کردیا،میں نے کافی کوشش کی ہے مگر رابطہ نہیں ہوتا، مجھے تعویذ دیں یا کوئی وظیفہ بتائیں“
جواب! اول تو ہم ایسی محبت کے قائل ہی نہیں ہیں جو یکطرفہ ہو اور عمل و وظیفے کی مدد سے کی جائے ، آپ نے کوئی غلطی کی اور نتیجہ بھی دیکھ لیا، اب اگر آپ کا عشق سچا ہے تو اللہ ضرور مدد کرے گا،آپ نے اپنی یا لڑکی کی تاریخ پیدائش وغیرہ نہیں لکھی،لڑکی کی ماں کا نام بھی نہیں لکھا، بہر حال ایک چھوٹا سا وظیفہ ہم آپ کو بتارہے ہیں، چاند کی پہلی تاریخ کے بعد کسی بھی جمعرات یا جمعہ سے شروع کریں مگر جمعرات یا جمعہ نوچندہ ہو، فجر کی نماز سے پہلے باوضو ہوکر 11 بار درود شریف پڑھیں اور پھر 386 مرتبہ یہ آیت پڑھیں ”صُم بُکم عُمی فَہُم لایرجِعُون“ پھر گیارہ بار درود شریف پڑھ کر آنکھیں بند کریں اور اس کا چہرہ تصور میں لائیں اور پیشانی پر پھونک ماردیں، خیال رہے کہ پڑھائی کے دوران میں اس کا تصور قائم کریں ، وظیفہ پڑھنے کے بعد اللہ سے دُعا کریں کہ وہ اپنی ناراضگی دور کرے اور آپ سے رابطہ کرے،اس وظیفے کو 17 دن تک کریں اور وظیفے کے دوران میں روزانہ کبوتروں اور چڑیوں کو دو کلو باجرہ یا چاول ڈالا کریں اور اس عرصے میں ہر قسم کا گوشت ، انڈہ اور دودھ سے پرہیز کریں، وظیفہ ختم ہونے کے بعد 8 فقیروں کو کھانا کھلائیں، آخری بات یہ بھی ذہن میں رکھیں کہ اگر اللہ نے آپ کو کامیابی دی تو اُس لڑکی کے ساتھ پوری طرح وفاداری کا ثبوت دیں گے اور شادی کے لیے جائز طریقے اختیار کریں گے ورنہ اس عمل کی رجعت بھی ہوسکتی ہے( یہ عمل عام لوگوں کے لیے نہیں ہے)
حافظہ کی کمزوری
ف،الف، میرپورخاص: آپ بہت حساس ہیں، آپ کے اردگرد کا ماحول آپ کو ذہنی طور پر انتشار کا شکار بنارہا ہے جس کی وجہ سے آپ کی دلچسپیاں پڑھائی کے علاوہ کچھ اور طرف بھی لگ گئی ہیں۔ اسی وجہ سے پڑھائی کے معاملات میں خرابی آگئی ہے۔ بہتر ہوگا کہ جب تک تعلیمی سلسلہ چل رہا ہے دوسرے غیر ضروری معاملات میں زیادہ دلچسپی نہ لیں اور سانس کی مشق نمبر 1 کریں جو ہماری کتاب ”مظاہرنفس“ میں مل جائے گی، بایوکیمک دوا کالی فاس 6X دن میں تین چار ٹائم چار چار ٹکیاں لیں۔
پتھر کون سا موافق رہے گا؟
فوزی، کراچی: پہلے سوال کا جواب تو یہ ہے کہ اس سال کے آخر تک منگنی یا شادی کا امکان ہے اور آپ کے لیے موافق پتھر نیلم، اگر نیلم میسر نہ آئے تو بلیو ترملین پہن لیں، بہتر تو یہ ہے کہ پتھر پہننے کا وقت فون پر معلوم کرلیں یا پھر کسی بھی ہفتے کے روز صبح سورج نکلنے کے فوراً بعد پہننا بھی مناسب ہوگا۔
ا پنا کاروبار شروع کرنا بہتر ہے یا نہیں؟
اعجاز، سکھر: آپ کے لیے فی الحال اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنا مناسب نہیں ہے ورنہ ناکامی ہوگی۔ البتہ سیلز مین شپ یا کوئی ایسا کام جس میں آپ کو کچھ سیکھنے سمجھنے کا موقع ملے کرنا بہتر ہوگا۔ ویسے بھی آپ کے اندر مستقل مزاجی کی کمی ہے۔ بنیادی طور پر آپ اصول پسند اور سچائی پسند انسان ہیں۔ موجودہ دور کی کاروباری پیچیدگیاں ابھی آپ کی سمجھ میں نہیں آئیں گی اگر آپ کو ایلو پیتھک شعبے میں کمپاﺅنڈر کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا ہے تو آپ میڈیسن کا کام آسانی سے کرسکتے ہیں دواﺅں کی سیلز مین شپ کا کام کریں۔ یا میڈیکل اسٹور کھولنے کیلئے مالی سہولت موجود ہے تو چھوٹے پیمانے پر کام شروع کریں۔
اچھی جگہ رشتہ
مسز م،الف کراچی: رشتے کے معاملے میں جلدبازی نہ کریں۔ ورنہ امکان ہے کہ کوئی غلط انتخاب کر بیٹھیں گی۔ سیارہ زحل لڑکی کے زائچے میں شادی کے خانے سے گزررہا ہے۔ اس دوران میں نامناسب رشتے آجاتے ہیں اور جلد بازی کا شکار لوگ غلط جگہ پھنس جاتے ہیں۔ ابھی اس کی عمر اتنی زیادہ نہیں ہوئی کہ آپ بہت زیادہ پریشان ہونے لگیں۔ انشاءاللہ اس کا رشتہ اچھی جگہ ہوگا۔ برج حمل، جوزا، اسد، قوس یا دلو والے لڑکے بہتر شریک حیات ثابت ہوسکتے ہیں۔ فی الحال اس کی تعلیم جاری رہنے دیں۔ 2007ءتعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں دے گا۔ اچھی تعلیم کے ساتھ، اچھے رشتوں کی توقع رکھنی چاہیے اور آخر اس میں کیا برائی ہے کہ مناسب تعلیم کے بعد اس میں اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کی صلاحیت بھی پیدا ہوجائے۔