خوش بختی لانے والا وقت اور لکی لوح یا انگوٹھی
سیارہ زہرہ توازن و ہم آہنگی ، محبت، دوستی ، شادی و ازدواجی زندگی پر اثر انداز ہے، عام طور سے کسی بھی زائچے میں سیارہ زہرہ کی پوزیشن ان ہی معاملات کے حوالے سے دیکھی جاتی ہے لیکن زہرہ سے متعلق کچھ اور معاملات بھی ہیں جن پر عام طور سے توجہ نہیں دی جاتی، اول یہ کہ فطری زائچہ جو برج حمل سے شروع ہوتا ہے اس کا دوسرا گھر برج ثور ہے اس کا حاکم سیارہ زہرہ ہے لہٰذا زہرہ کو ذرائع آمدن کا سیارہ بھی کہا جاتا ہے، انعامی مقابلوں سے متعلق سرگرمیاں بھی سیارہ زہرہ کے زیر اثر ہیں، گویا کسی بھی زائچے میں زہرہ کی پوزیشن مندرجہ بالاتمام امور میں اہمیت کی حامل ہوتی ہے، ہم سیارہ زہرہ سے متعلق محبت و شادی کے لیے ضروری اور موثر عمل و نقوش دے چکے ہیں لیکن زہرہ کی خصوصیات سے متعلق دوسرے اہم ترین پہلو کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
فی زمانہ ہر شخص مالی پریشانیوں کا شکار ہے جس کی وجہ سے ملک میں اکثر لوگ اپنی آمدن بڑھانے کے لیے انعامی بانڈ ز اور دوسری انعامی اسکیموں میں دلچسپی لیتے ہیں لیکن اکثر ناکام رہتے ہیں، انعامی اسکیموں میں خوش قسمتی کم ہی لوگوں کو ملتی ہے ورنہ اکثر لوگ ناکامی کا رونا روتے ہی نظر آتے ہیں اور اس چکر میں لکی نمبروں کی تلاش میں سرگرداں رہتے ہیں، ہم پہلے بھی اس موضوع پر اظہار خیال کرچکے ہیں اور ہمارا موقف یہ ہے کہ کوئی بھی نمبر اس وقت تک آپ کا ساتھ نہیں دے گا جب تک خوش قسمتی آپ کے ساتھ نہیں ہے، بعض لوگ پیدائشی طور پر خوش قسمت ہوتے ہیں، جب کہ بعض لوگوں کا قسمت ساتھ نہیں دیتی، وہ اپنی بہترین کوشش اور جدوجہد کرنے کے باوجود ناکام رہتے ہیں، ایسے ہی لوگوں کو ضرورت ہوتی ہے کہ وہ خوش قسمتی کے حصول کے لیے کوشش کریں، اپنے زائچہ پیدائش سے خرابی کی وجہ معلوم کریں اور پھر اس کا علاج کریں۔
جیسا کہ پہلے بھی نشان دہی کی گئی ہے کہ انعامی معاملات میں جہاں مقابلے کی کیفیت ہووہاں سیارہ زہرہ کو اہمیت دینا چاہیے، آپ کے پیدائشی زائچے میں اگر زہرہ کمزور ہے تو آپ کبھی انعامی مقابلہ نہیں جیت سکتے ، سیارہ زہرہ کا منسوبی پتھر ڈائمنڈ ہے جو فی زمانہ عام آدمی کی دسترس سے بہت دور ہے لہٰذا ہمیں علم جفر کی طرف توجہ دینا پڑتی ہے، یقینا ماہرین جفر نے ان مسائل کے حل کے لیے بہت کام کیا ہے اور ایسے خفیہ راز عام کیے ہیں جو عام آدمی کی نظر میں نہیں تھے۔
20 کا عدد تسخیر کی زبردست قوت رکھتا ہے جس طرح یہ شہرت و مقبولیت کو اپنی طرف کھینچتا ہے اسی طرح دولت کو بھی کھینچتا ہے، زمانہ ءقدیم سے لوگ 20 کے نقش کے لیے سرگرم نظر آئے ، بعض کا مقصد خلقت میں مقبول و معروف ہونا تھا اور بعض دولت کے حصول کے لیے 20 کا نقش اپنے پاس رکھتے تھے، وہ لوگ جو سیارہ مشتری کو دولت کا ستارہ سمجھتے ہیں وہ غلطی پر ہیں، مشتری علم اور اہل علم و دانش کا سیارہ ہے، اس کے علاوہ وسعت و ترقی اس سے منسوب ہے، اسی بنیاد پر لوح مشتری تیار کی جاتی ہے تاکہ انسان عقل و دانش سے کام لے کر وسعت و ترقی حاصل کرے لیکن ذرائع آمدن اور انعامی اسکیمیں سیارہ زہرہ کے زیر اثر ہیں۔
اگر بیس کا نقش سیارہ زہرہ کے سعد اوقات میں تیار کرکے پاس رکھا جائے تو ایسے لوگوں کے ذرائع آمدن میں اضافہ ہوتا ہے، خاص طور پر انعامی اسکیموں میں انھیں کامیابی ملتی ہے اور مختلف ذرائع سے پیسا ان کے پاس آتا رہتا ہے، سیارہ زہرہ برج جدی میں حرکت کر رہا ہے اور مارچ کے مہینے میں سیارہ مریخ کے ساتھ اس کا قران جاری ہے، برج جدی میں زہرہ کو خصوصی طاقت حاصل ہوتی ہے، جب کہ مریخ کو اس برج میں شرف کی طاقت ملتی ہے، 26 اپریل سے زہرہ اپنے شرف کے برج میں داخل ہوگا اور 23 مئی تک شرف یافتہ رہے گا،سیارہ مشتری بھی 13 اپریل سے اپنے ذاتی برج حوت میں آچکا ہوگا، گویا زہرہ اور مشتری دونوں نہایت باقوت اور سعد حالت میں ہوں گے، دونوں کے درمیان باہمی قران 28 اپریل ہی سے شروع ہوجائے گاجو تقریباً6 مئی تک جاری رہے گا، زہرہ اور مشتری کا قران ”قران السعدین “کہلاتا ہے، ماہرین جفر اس کی سعادت کے معترف ہیں اور اس موقع پر ایسے جفری اعمال کو اہمیت دیتے ہیں جو زندگی میں خوش قسمتی لانے کا باعث ہوں۔
اس عرصے میں 20 کا مخصوص نقش اصول و قواعد کے مطابق تیار کرکے انگوٹھی میں پہنا جائے یا چاندی کی گول لوح پر لاکٹ بناکر گلے میں ڈالا جائے تو یقینا مالی امور میں فائدہ بخش ثابت ہوگا، ہم یہاں 20 کا مخصوص نقش دے رہے ہیںجو اس حوالے سے مالی خوش بختی کے لیے مخصوص ہے۔
لکی لوح یا انگوٹھی
اس نقش کی اوپر سے نیچے اور دائیں سے بائیں اعداد کی میزان 20 ہے، اندر کے چار خانوں کی میزان بھی 20 ہے، نقش کی چال آسان ہے، خانہ نمبر 1 سے شروع کریں اور 9 تک بالترتیب تمام خانے بھرتے چلے جائیں، نقش مکمل ہوجائے گا، نقش کے چاروں کونوں پر سیارہ زہرہ کا مخصوص طلسمی لفظ ”ھے“ ہے۔اسے بھی چاروں کونوں پر لکھ لیا جائے ، اس نقش کو چاندی کی انگوٹھی پر بھی کندہ کیا جاسکتا ہے اور چاندی کی گول لوح پر بھی، دونوں صورتیں کارآمد ہوں گی اس کے علاوہ ہرن کی جھلّی پر زعفران اور مشک و عنبر کی روشنائی سے لکھ کر چاندی کی انگوٹھی میں رکھیں اور اوپر سفید عقیق کا نگینہ جڑوالیں۔
اس نقش کی تیاری کے لیے سعد اوقات زہرہ کی ہم نشان دہی کر رہے ہیں، خیال رہے کہ یہاں ایسے اوقات دیے جارہے ہیں جب زہرہ اور مشتری کا قران بھی جاری ہوگا، امید ہے کہ ضرورت مند اس تحفے سے فائدہ اٹھائیں گے اور ہمیں دعائے خیر سے یاد کریں گے، وہ لوگ جو نقش خود تیار نہ کرسکیں وہ براہ راست رابطہ کرکے ہمارے دفتر سے یہ نقش حاصل کرسکتے ہیں۔
سعد اوقاتِ زہرہ
پاکستان کے تمام شہروں کے لیے علیحدہ علیحدہ اوقات دینا ممکن نہیں ہے، دارالحکومت اسلام آباد کو مرکز مان کر ہم سعد اوقات اور ساعات کی نشان دہی کر رہے ہیں اسلام آباد کے ارد گرد موجود تمام شہروں کے درمیان دو سے تین منٹ کا عموماً فرق ہوتا ہے، البتہ صوبہ سندھ اور خاص طور سے کراچی کے وقت میں اسلام آباد سے تقریباً 30,32 منٹ کا فرق ہوگا، یعنی ہمارے دیے ہوئے اوقات میں سے تقریباً تیس منٹ نفی کرنا ہوں گے۔
2 مئی بہ روز پیر رات 10:11 pm سے 11:12 pm
3 مئی بہ روز منگل 07:58 am سے 08:42am، اس کے بعد 03:28 pm سے 04:35 pm
4 مئی بہ روز بدھ شب 04:25 am سے 05:18 am ، اس کے بعد 12:05 pm سے 01:12 pm
5 مئی بہ روز جمعرات شب 01:48 am سے 02:40 am ، اس کے بعد صبح 08:41 am سے 09:49 am ، پھر04:36 pm سے 05:44 pm اور رات 11:12 pm سے 12:56am ۔
6 مئی بہ روز جمعہ 05:16am سے 06:24am ، پھر 01:12 pm سے 02:21 pm پھررات 08:37 pm سے 09:28 pm ۔
گزشتہ دنوں ساعتوں سے واقفیت کے لیے ہم ایک روز و شب کی ساعتوں کا نقشہ بھی دے چکے ہیں، اگر آپ اپنے شہر کا طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کا وقت معلوم کرلیں تواس نقشے سے بھی کام لے سکتے ہیں اور سیارہ زہرہ اور مشتری کی ساعتوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں