جمعہ، 1 اکتوبر، 2021

اکتوبر کی سیاروی رفتاریں،حالات و واقعات میں سختی کا مہینہ

5 اہم سیارگان کی خراب اور متاثرہ پوزیشن ،صورت حال میں نئی تبدیلیاں

وقت کا پہیہ بہ ظاہر نہایت آہستہ روی سے حرکت کرتا نظر آتا ہے لیکن درحقیقت اس کی تیزی اور تندی بلا خیز ہوتی ہے، ہمیں پتا بھی نہیں چلتا کب سال شروع ہوا اور کب ختم ہوگیا، کب نئے مہینے کی ابتدا ہوئی اور کب ایک اور مہینہ سر پر سوار ہوگیا، کسی شاعر نے برسوں پہلے کیسی سچی بات کہی تھی 

صبح ہوتی ہے شام ہوتی ہے

عمر یوں ہی تمام ہوتی ہے


2021 ءکے دسویں مہینے اکتوبر کا آغاز ہورہا ہے اور دلچسپ صورت حال یہ ہے کہ تقریباً تمام ہی اہم سیارگان کسی نہ کسی خراب پوزیشن میں ہیں یا جانے والے ہیں سیارہ مشتری اپنے ہبوط کے برج جدی میں ہے، سیارہ زحل اگرچہ اپنے ذاتی برج جدی میں ہے لیکن نوامسا چارٹ میں برج ہبوط میں ہے، یہ بھی کسی سیارے کی خراب پوزیشن تصور کی جاتی ہے، سیارہ مریخ شمس کے قریب حرکت کر رہا ہے، چناں چہ غروب ہے، یہی صورت حال سیارہ عطارد کی بھی ہے، گویا اکتوبر کے مہینے میں یہ اہم سیارگان مسلسل اپنی کمزور پوزیشن سے اپنی منسوبات کے حوالے سے معاون و مددگار ثابت نہیں ہوں گے۔

جب ہم زائچہ پاکستان پر نظر ڈالتے ہیں تو سیارہ زحل ، شمس اور عطارد زائچے کے سعد سیارے نظر آتے ہیں،زحل کا تعلق زائچے میں غیر ملکی تجارت ، حکومت ، پارلیمنٹ اور وزیراعظم سے ہے، زحل کی یہ حیثیت ان تمام امور میں معاون و مددگار نہیں ہوگی گویا حکومت کے لیے اور تجارتی معاملات کے لیے اکتوبر کامہینہ سازگار نہیں ہوگا، اسی طرح سیارہ شمس کا تعلق داخلی امور سے ہے، عوام اور اپوزیشن بھی زائچہ پاکستان میں سیارہ شمس ہی سے متعلق ہیں، شمس کا ہبوط یافتہ ہونا ان کے لیے بھی نامناسب ہوگا، مہنگائی میں پہلے بھی کوئی کمی نہیں تھی ، اس میں مزید اضافہ ہی ہوسکتا ہے، چناں چہ عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگا اور ہماری حزب اختلاف بھی اپنے ہی گوں نا گوں مسائل کا شکار رہے، اسی طرح سیارہ عطارد کی خراب پوزیشن میڈیا ، ٹرانسپورٹ سے متعلق معاملات کو متاثر کرے گی۔

سیارہ مریخ زائچے کے بارھویں گھر کا حاکم ہے، خفیہ معاملات اور خفیہ دشمنوں کی نمائندگی کرتا ہے،اس کی خراب پوزیشن ملک میں جرائم کی شرح میں اضافے کا باعث ہے، بہت سے خفیہ معاملات بھی سامنے آرہے ہیں، اہم شخصیات کی ویڈیوز منظر عام پر آگئی ہیں اور یہ سلسلہ مزید بھی بڑھ سکتاہے، ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے، سیارہ مشتری کا ہبوط یافتہ ہونا غیر ملکی سرمائے کی آمد میں رکاوٹ کا باعث بنے گا، ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور ملکی کرنسی کی قدر میں کمی اس کا شاخسانہ ہے۔

زائچہ پاکستان کے مطابق تقریباً 17 اکتوبر سے 16نومبر تک کا وقت ملک میں خلفشار اور انتشار کا باعث ہوسکتاہے،سیارہ شمس و مریخ زائچے کے چھٹے گھر سے گزر رہے ہوں گے اس دوران میں فوج اور بیوروکریسی میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آسکتی ہیں، بہت سے اعلیٰ عہدیدار یا صاحب اثر شخصیات تنزلی کا شکار ہوسکتے ہیں یا ان کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔

ایسی ہی صورت حال میڈیا کے حوالے سے بھی سامنے آسکتی ہے،میڈیا کی حالت پہلے ہی خاصی تشویش ناک ہے، امکان ہے کہ میڈیا کو لگام دینے کے لیے مزید حکومتی اقدام سامنے آسکتے ہیں، دوسری طرف مرکری کی خراب پوزیشن افواہوں اور میڈیا سے متعلق شخصیات کی غیر ذمے دارانہ حرکات کی بھی نشان دہی کرتی ہے۔

عزیزان من! ہم موجودہ سال کے اختتامی مہینوں کی جانب بڑھ رہے ہیں اور پاکستان کی تاریخ میں یہ مہینے ہمیشہ سے اہم واقعات اور حالات میں اُتار چڑھاو¿ لانے والے رہے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ زائچہ پاکستان میں سیاروی گردش 6,7اور 8 گھروں میں رہتی ہے، ماضی کی تاریخ گواہ ہے کہ ان مہینوں میں نئے گل کھلتے ہیں، نئی تبدیلیاں دیکھنے میں آتی ہیں، حادثات و سانحات کے اعتبار سے بھی سال کے آخری مہینے ہمیشہ نمایاں رہے ہیں، دعا کرنی چاہیے کہ اس سال کے آخری مہینے خیروعافیت سے گزریں اور کوئی بڑا حادثہ یا سانحہ پیش نہ آئے اور ہم بہ خیروعافیت سے نئے سال کے استقبال کے لیے تیار رہیں 

کیا ہورہا ہے جو کہ نہیں ہورہا تھا کل

کیا رہے تھے کل جو نہیں کر رہے ہیں ہم

رفتارِ سیارگان اکتوبر

سیارہ شمس برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے، 17 اکتوبر کو اپنے ہبوط کے برج میزان میں داخل ہوگا، حالت ہبوط میں شمس کی کمزوری شمس سے متعلق منسوبات کے لیے معاون و مددگار نہیں ہوگی،سیارہ شمس 17 نومبر تک برج میزان میں کمزور پوزیشن میں رہے گا، اس دوران میں سرکاری نوعیت کے کاموں میں رکاوٹ یا تاخیر ، صاحب حیثیت افراد سے تعاون و مدد میں مسائل ، صحت کے معاملات میں خرابی پیدا ہوسکتی ہے۔

سیارہ عطارد26 اگست سے اپنے شرف کے برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے، 22 ستمبر کو برج میزان میں داخل ہوا اور 27 ستمبر سے حالت رجعت میں ہے، 2 اکتوبر کو دوبارہ بحالتِ رجعت برج سنبلہ میں ہوگا، 18 اکتوبر کو مستقیم ہوجائے گا، اس دوران میں 3 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک غروب رہے گا، عطارد کی یہ پوزیشن سفر اور سفر سے متعلق امور کی انجام دہی میں رکاوٹ و تاخیر کا باعث ہوگی، لوگوں سے بات چیت میں یا رابطے میں دشواری پیش آئے گی، کاموں میں غلطیاں ہوسکتی ہیں، ٹرانسپورٹ سے متعلق کاروبار اور دستاویزی نوعیت کے معاہدات میں مسائل یا غلطیاں ہوسکتی ہیں، محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔

سیارہ زہرہ اپنے ذاتی برج میزان میں ہے، 2 اکتوبر کو برج عقرب میں داخل ہوگا اور 30 اکتوبر کو برج قوس میں چلا جائے گا، نومبر کے پہلے ہفتے میں راہو کیتو کے محور سے بری طرح متاثر ہوگا، اس وقت نکاح و شادی وغیرہ سے گریز کریں۔

سیارہ مریخ طویل عرصے سے خراب پوزیشن میں ہے، وہ لوگ جن کا پیدائشی برج حمل ہے تقریباً جون سے ان کے معاملات اورکاموں میں مسائل آرہے ہوں گے، کیوں کہ 3 جون سے 21 جولائی تک مریخ اپنے ہبوط کے برج میں رہا ہے، اس کے بعد 17 اگست سے شمس کی قربت کے سبب غروب ہوگیا ہے اور 29 نومبر تک اس کی غروب حالت جاری رہے گی، مریخ کی یہ پوزیشن ٹیکنیکل نوعیت کے کاموں اور مشینری سے متعلق خریدوفروخت کے کاموں میں ناموافق ہوتی ہے، مریخی توانائی سے محرومی بیماریوں کو جنم دیتی ہے، خصوصاً خون سے متعلق بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔

سیارہ مشتری اپنے ہبوط کے برج جدی میں بحالت رجعت ہے، پورا مہینہ 28 درجے پر اس کا ٹھہراو بعض لوگوں کے لیے فائدہ بخش اور بعض کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا، مشتری کی یہ کمزوری ترقیاتی معاملات ، کاروباری پھیلاو¿ ، علمی نوعیت کی سرگرمیاں اور عقل و دانش سے متعلق امور کے لیے نقصان دہ ہے، برج جدی میں مشتری 18 اکتوبر کو رجعت سے نکلے گا اور اس سال 22 نومبر تک برج جدی ہی میں رہے گا، یہ تمام وقت نکاح و شادی کے لیے بھی ناموافق ہے، مشتری کی خراب پوزیشن میں شادی یا نکاح شوہر کے لیے خرابیاں لاتا ہے۔

سیارہ زحل تقریباً پورا سال ہی راہو کی نظر کا شکار رہا ہے، اس نظر کی شدت اب کم ہوگئی ہے،زحل بحالت رجعت برج جدی میں حرکت کر رہا ہے اور 11 اکتوبر کو مستقیم ہوگا لیکن اکتوبر کا پورا مہینہ کیوں کہ یہ نوامسا چارٹ میں ہبوط یافتہ رہے گا لہٰذا کمزور ہوگا، چناں چہ سیارہ زحل سے متعلق منسوبات میں معاون ثابت نہیں ہوگا، اس دوران میں پراپرٹی سے متعلق معاملات ، کنسٹرکشن کے کاروبار یا دیگر تعمیراتی سرگرمیوں میں اس کے فوائد حاصل نہیں ہوسکیں گے، سیارہ زحل کا تعلق چوں کہ مزدور پیشہ طبقے سے ہے لہٰذا اس عرصے میں ایسے لوگوں کو کام دھندے میں دشواریوں اور پریشانیوں کا سامنا رہے گا، ایسے تمام افراد کے لیے جو مزدور پیشہ ہیں، محنت مشقت کے ذریعے روزی کماتے ہیں، ہمارا مشورہ ہے کہ وہ ہفتے کے روز کسی بوڑھے یا معذور شخص کو ایک وقت کا کھانا ضرور کھلادیا کریں۔

راہو کیتو اپنے شرف کے بروج میں حرکت کر رہے ہیںاور بالترتیب برج ثور اور عقرب میں ہیں، 20 اکتوبر سے راہو کیتو مستقیم پوزیشن میں چلے جائیں گے، گویا ایک ہی درجے پر طویل قیام کریں گے، راہو کیتو کی یہ پوزیشن 3 جنوری 2022 ءتک رہے گی۔

نوٹ: اکتوبر کا مہینہ سیارگان کی حیثیت و رفتار کے اعتبار سے خاصا ناموافق ہے، شمس ، عطارد ، مشتری اور زحل کی حیثیت نہایت کمزور اور ناموافق رہے گی، اس عرصے میں نہ صرف یہ کہ ان سیارگان کی منسوبات سے متعلق انجام دیے جانے والے امور ناموافق ہو ں گے بلکہ وظائف و عملیات کے شوقین حضرات کو بھی اپنا وقت اور پیسہ ضائع کرنے سے گریز کرنا چاہیے، اس عرصے میں نیک اعمال یا ترقی اور کامیابیوں سے متعلق نقش و طلسم تیار کرنا مناسب نہیں ہوگا، البتہ علاج معالجے یا منفی سرگرمیوں سے متعلق اعمال میں کامیابی ہوگی، دشمنوں سے نجات اور بندش کے عملیات و نقوش کیے جاسکتے ہیں۔

قمر در عقرب

قمر اپنے ہبوط کے برج میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 9 اکتوبربہ روز ہفتہ 10:52 am پر داخل ہوگا اور 12 اکتوبر 12:28pm تک برج عقرب ہی میں رہے گا، اس وقت میں سے 5 گھنٹے کم کرلیں تو جی ایم ٹی ٹائم نکل آئے گا، دیگر ممالک کے رہنے والے جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق اپنے ملک یا شہر کا فرق کم یا زیادہ کرکے قمر در عقرب کا درست وقت معلوم کرسکتے ہیں۔

قمر در عقرب کا وقت انتہائی نحوست کا ہوتا ہے، اس وقت میں کوئی نیا کام شروع کرنا کوئی معاہدہ کرنا ، نئی جاب شروع کرنا ، نکاح و شادی وغیرہ کرنا ناموافق ہوگا، اس کے نتائج بہتر نہیں ہوتے،البتہ علاج معالجہ کرانا دشمنوں سے نجات کے لیے کوشش کرنا ، بری عادتوں سے نجات کے لیے عمل و نقش کرنا فائدہ مند ہوتا ہے، ایسے عمل و نقش ہماری ویب سائٹ www.maseeha.com کے لنک ”جفر آثار“ پر موجود ہیں، اس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

شرف قمر 

قمر اپنے شرف کے برج ثور میں 23 اکتوبر بہ روز ہفتہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق رات 01:11am پرداخل ہوگا اور 25 اکتوبر دوپہر 02:09am تک شرف یافتہ رہے گا، اس دوران میں نیک اعمال کیے جاسکتے ہیں، یہ سعد وقت ہے، اس وقت میں نئے کاموں کی ابتدا ، نئے معاہدات، منگنی و نکاح وغیرہ کرنا موافق ہوگا، اپنے جائز مقاصد کے حصول کے لیے اس عرصے میں عملیات و وظائف کیے جاسکتے ہیں، خصوصی عملیات و نقوش کے لیے درج ذیل اوقات کو اہمیت دیں، یاد رکھیں، راہو کیتو بھی برج ثور اور عقرب کے ابتدائی درجات پر ہیں، قمر برج ثور میں داخل ہوتے ہی راہو کیتو سے بری طرح متاثر ہوگا، یونانی یا ویدک دونوں سسٹم کے مطابق ابتدائی درجات پر قمر کا راہو کے ساتھ قران روایتی شرف کے درجات کے قریب ہی ہوگا لہٰذا اس سے بچنا لازمی ہے۔

بہتر وقت :23 اکتوبر بہ روز ہفتہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق رات 22:45pm سے 23:24 pm تک نہایت مختصر لیکن باقوت وقت ہے، بعد ازاں 24 اکتوبر شب 12:50 am سے 01:50am تک مناسب وقت ہوگااور 24 اکتوبر ہی کو صبح 09:05 am سے 09:59 am تک بھی بہتر وقت ہوگا۔

اس ماہ شرف قمر عروج ماہ میں نہیں ہے لہٰذا بہتر ہوگا کہ نقش و طلسم کے بجائے صرف وظائف پر اکتفا کریں، اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم 556 مرتبہ اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ اپنے جائز مقاصد کے لیے دعا کریں، اللہ کامیابی دے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں