ہفتہ، 9 جنوری، 2021

حالات سے آگاہی کے لیے علم الاعداد کا ایک قاعدہ(2)

سال، مہینہ، دن یا کوئی شخصیت آپ کے لیے کیسی ہے؟ 


نمبر5کے اثرات

اس سال اگر آپ کلیدی مقسومی عدد5 کے زیر اثر ہیں توسمجھ لیں کہ یہ ایک غیر یقینی کیفیت کا حامل سال ہے۔ بے شک آپ کے اردگرد حالات وواقعات میں تیز رفتاری نظرآئے گی اور آپ کو نئے مواقع بھی ملیں گے مگریہ مواقع ایسے ہوں گے جن سے آپ کی زندگی سنور بھی سکتی ہے اور بگڑ بھی سکتی ہے، اب یہ آپ پرمنحصرہوگا کہ آپ اپنی صلاحیتوں کا استعمال کس انداز میں کرتے ہیں، یہ سال زائد سفر بھی لائے گا گویا آپ کو سال کے بڑے حصے میں سفر سے متعلق مسائل کا سامنا رہے گا اور نئی تبدیلیوں کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔
نمبر5 کے تحت اس بات کا امکان موجود ہے کہ آپ کسی پرانی غلطی کو دوبارہ دہرائیں یا ماضی کے کسی ادھورے چھوڑے ہوئے کام یا منصوبے کی طرف متوجہ ہوجائیں، اس سلسلے میں آپ عملی قدم اٹھائیں گے۔ آپ نے اچھی طرح غوروفکر کے بعد قدم آگے بڑھایا اور ثابت قدمی سے مصروف عمل رہے تو یقیناً کامیابی آپ کے قدم چومے گی، یہ سال مقبولیت اور شہرت کے لیے بھی بہتر ثابت ہوگا۔ آپ عام لوگوں کے درمیان زیادہ وقت گزاریں گے لہذا خیال رہے کہ عوامی مصروفیات ایسی نہ ہوں جن کی وجہ سے آپ کا قیمتی وقت برباد ہوا اور ضروری کام پڑے رہ جائیں۔ دوسرے لوگ بھی چاہیں گے کہ آپ انہیں زیادہ سے زیادہ وقت دیں اور آپ کوا پنی تقریبات اور دلچسپیوں میں شامل کریں۔ ایسی صورت میں یہ آپ پر منحصر ہوگا کہ آپ کام اور تفریح میں کس کا انتخاب کرتے ہیں۔
اگر آپ کا شمسی برج جوزا یا سنبلہ ہے یا آپ کی تاریخ پیدائش5‘4 اور23ہے تو اس سال کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی اور یہ سال آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
دوسروں سے تعلقات
محبت یا منگنی کے حوالے سے یہ سال خاصا دلچسپ ثابت ہوسکتا ہے آپ کے حلقہ احباب میں اضافہ ہوگا اور لوگ آپ کی طرف خود بہ خود متوجہ ہوں گے جن غیر شادی شدہ لڑکے اور لڑکیوں کے رشتے میں رکاوٹ اور مسائل کا سامنا ہے ان کے رشتے طے ہوسکتے ہیں لیکن اس معاملے میں احتیاط کی ضرورت ہوگی کیوں کہ ایسے تعلقات میں خاصی جلد بازی کا مظاہرہ دیکھنے میں آئے گا لہٰذا کوئی غلط تعلق بھی قائم ہوسکتا ہے۔
تعلقات کے حوالے سے آپ کا رجحان زیادہ تر اپنے سے کم عمر یا برابر کی عمر کے افراد سے زیادہ رہے گا ممکن ہے اس سال کوئی ثور‘جوزا‘سنبلہ اور میزان شخصیت خصوصیت سے آپ کی توجہ کا مرکز بن جائے یا پھر جن لوگوں کی تاریخ پیدائش یا نام کا عدد2‘5یا6ہوں آپ زیادہ کشش محسوس کریں گے، تعلقات کے حوالے سے اس سال کے اہم مہینے جنوری‘مارچ‘جون‘اکتوبر اور دسمبر ہیں۔
کام اورکرئر
جیسا کہ ہم نے ابتدا میں بتایا ہے کہ اس سال بہترین مواقع آپ کے منتظر ہیں اور آپ بھی صرف اپنی ذات کی بہتری اور مفادات کی طرف توجہ دیں گے خاص کر پیشہ ورانہ معاملات میں، ممکن ہے آپ کا رویہ خاصا خود غرضانہ ہوجائے جس کی وجہ سے کچھ لوگوں کو آپ سے شکایت بھی پیدا ہوسکتی ہے، بہرحال اس سال آپ کو ایسے مواقع مل سکتے ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر آپ اپنے لیے بہتر مقام حاصل کر سکتے ہیں، لوگ آپ کی کامیابی کو دیکھ کر حیرت کا اظہار کریں گے۔گویا یہ سال آپ کے لیے اس اعتبار سے نہایت شان دار ہے کہ آپ خود کو دوسروں کی توجہ کا مرکز بنا سکیں اور انہیں متاثر کر سکیں۔
جمعہ اور بدھ کے دن کسی نئی مہم جوئی یعنی ملازمت کی تلاش یا ترقی کی کوشش کے لیے موافق ثابت ہوں گے،اس طرح مارچ‘مئی‘ستمبر اور دسمبر بھی موافق مہینے ہوں گے۔
آپ کی صحت
اچھی اور پرسکون نیند اس سال آپ کا سب سے بڑا مسئلہ ہوگا کیوں کہ مصروفیات کی نوعیت اور زیادہ غور و فکر کی وجہ سے آپ بے خوابی یا نیند میں خلل سے دوچار ہوسکتے ہیں، یہ بھی ممکن ہے کہ آپ جلد یا درست وقت پر نہ سو سکیں اور اس طرح ایک بھر پور نیند سے محروم رہیں جس کے نتیجے میں چڑچڑے پن اور کسی قسم کی الرجی وغیرہ کا شکار ہوجائیں لہٰذا بہتر ہوگا کہ بیک وقت دو تین سمتوں میں یا دو تین کاموں میں خود کا نہ الجھائیں بلکہ مرحلہ وار کسی ایک کام پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے اسے مکمل کرنے کی کوشش کریں، اپنے اوقات کار اور خوراک و آرام کے اوقات میں توازن کا خیال رکھیں یقیناََ یہ سال آپ کو بہت متحرک اور تیز رو بنائے گا مگر آپ کو توازن کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا ہے اس بات کا بھی امکان ہے کہ آپ اگ کوئی نشہ آور چیز مثلاََ سگریٹ‘پان یا مسکن دوا استعمال کرتے ہیں تو اس کی مقدار بڑھ جائے گی لہٰذا احتیاط کی زیادہ ضرورت ہو گی۔
نمبر 6کے اثرات
اگر اس سال آپ کا کلیدی مقسومی عدد 6ہے تو سمجھ لیں کہ آپ کی نجی زندگی زیادہ اہمیت کی حامل ہوگی اور آپ کا واسطہ نئی تبدیلیوں اور کچھ اضافی ذمہ داریوں سے پڑے گا آپ کی زندگی میں دوستوں‘عزیزوں اور محبت کرنے والوں کے مسائل اہمیت اختیار کریں گے اور آپ ان کی مدد کرنا اپنا فرض سمجھیں گے۔
اس سال آپ ایسی چیزوں کو اپنائیں گے جن کی طرف آپ کی دلی رغبت ہوگی اور جو آپ کی نظروں کو اچھی لگیں گی۔ دوسرے معنوں میں ان چیزوں یا شخصیات کی طرف آپ کا جھکاؤ ہوگا جو آپ کے لیے روحانی اور جذباتی سکون کا باعث ہو۔محبت‘زمین و جائداد‘رہائش اور خاندان کے معاملات زیادہ آپ کی توجہ کا مرکز رہیں گے۔
اس سال چوں کہ گھریلو معاملات پر زیادہ توجہ رہے گی لہٰذا اس بات کا بھی امکان موجود ہے کہ آپ رہائش کی جگہ تبدیل کریں یا پھر موجودہ رہائش گا کو زیادہ آرام دہ اور پر آسائش بنانے پر توجہ دیں،اعلیٰ تعلیم یا کوئی غیر معمولی کورس بھی آپ شروع کر سکتے ہیں جس سے آپ کی حیثیت و عزت میں اضافہ ہو اور آپ کے ذہن کو وسعت ملے۔
یہ سال سماجی مصروفیات میں بھی اضافہ لائے گا۔ آپ تقریبات یا تفریحات میں زیادہ شرکت کریں گے یا پھر سماجی نوعیت کے کاموں میں دلچسپی لیں گے۔بہرحال اس قسم کی دلچسپیاں اور مصروفیات آگے چل کر آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی، اگر آپ کسی بھی مہینے کی 6‘15 اور 24 تاریخ کوپیدا ہوئے ہیں یا آپ کا برج ثور‘ سرطان یا میزان ہے تو یہ سال آپ کے لیے توقع سے بڑھ کر مثبت تبدیلیاں لے کر آئے گا۔
دوسروں سے تعلقات
عدد 6 کے زیر اثر سال آپ کے لیے محبت‘ دوستی‘ منگنی یا شادی کی خوشیاں لارہا ہے مگر اس سال کا تعلقات کے حولے سے ایک منفی پہلو بھی ہے، اگر آپ محبت‘ دوستی یا ازدواجی زندگی میں اپنے موجودہ تعلق سے مطمئن نہیں ہیں اور متنازع مسائل کا شکار ہیں تو پھر یہ سال علیحدگی یا طلاق کے خدشات ظاہر کررہا ہے لہذا بہتر ہوگا کہ باہمی اختلافات کودور کرنے اور تعلقات کو مزید بہتر بنیادوں پر استوار کرنے کی کوشش کریں، اگر آپ اپنی فیملی میں اضافے کے خواہاں ہیں یعنی مزید اولاد چاہتے ہیں تواس سال آپ کی یہ خواہش پوری ہوسکتی ہے۔
فروری‘مئی‘ ستمبر اورنومبراس سال کے اہم مہینے ثابت ہوسکتے ہیں جن میں آپ کو اپنی شخصیت کونمایاں کرنے اور تعلقات کووسعت دینے کے مواقع مل سکتے ہیں۔
کام اور کرئر
یہ سال ماضی کی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی کے دروازے کھولے گا، ایسے کاموں کا صلہ ملے گا جو آپ نے گزشتہ سالوں میں انجام دیے تھے، ملازمت میں اگر آپ کی ترقی رکی ہوئی ہے تو اس سال آپ کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا، بہتر ہوگا کہ مایوسی اور نا امیدی کا شکار نہ ہوں جس طرح اب تک کام کرتے آئے ہیں اسی طرح اپنا کام جاری رکھیں اور اپنے فرائض کو پورا کرنے میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں، یقیناً آپ کے اعلیٰ افسران یا باس یاساتھ کام کرنے والے دوسرے افراد آپ کی کارکردگی اور ذمہ دارانہ رویے کو محسوس کریں گے اورسراہیں گے، اس کے نتیجے میں آپ کو اپنی محبت کا پھل ضرور ملے گا۔
اس سال کسی بھی مہینے کے پیر‘ جمعرات اور جمعہ موافق ترین دن ہوں گے، نئی ملازمت کی تلاش یاانٹرویو، اہم لوگوں سے ملاقات کے لیے ان دنوں کا انتخاب کریں، اسی طرح فروری‘ اپریل‘ا گست‘ ستمبر اورنومبر کے مہینے نئے مواقع لائیں گے۔
آپ کی صحت
اس سال ناک‘ حلق اور گلے کے غدودوں سے متعلق تکالیف آپ کو پریشان کرسکتی ہیں۔ متوازن غذا‘ ورزش‘ دھوپ اور تازہ ہوا اس سال آپ کے لیے ضروری ہے، اس کے علاوہ آؤٹ اور تفریحات سے بھی آپ کی صحت پر اچھا اثر پڑے گا اور صاف پانی کا زیادہ استعمال بھی آپ کے لیے مفید رہے گا کیوں کہ گردے اور مثانے سے متعلق شکایات بھی پیدا ہوسکتی ہیں، مارچ‘ جولائی‘ ستمبر اور دسمبرمیں صحت کے معاملات پرزیادہ توجہ دیں۔
نمبر 7کے اثرات
یہ باطنی فروغ کا سال ہے اور اس کا بھی کہ آپ کو کیا ناگوار گزرتا ہے اور آپ کس بات سے خوش ہوتے ہیں، اس انفرادی سال میں خود آگاہی اور دریافت پر بھی زور ہے،گویا اس سال آپ کو اپنے اندر کی آوازوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ آپ کی حقیقی رہنمائی ممکن ہو۔
آپ کو اپنی ذاتی زندگی اور اپنی بہتری پر زور دینے کا پورا پورا موقع ملے گا ایسے بہت سے مواقع آئیں گے جب آپ اپنے پیچھے محرکات اور افعال کا تجزیہ کرسکیں گے اور اپنی ذاتی ضروریات‘اہداف اور خواہشات پر بھی زیادہ توجہ دے سکیں گے اور ایسے بھی بہت سے مواقع آئیں گے جب آپ الجھنوں اور شور وغل سے نجات حاصل کرنا چاہیں گے، تنہائی میں گزارا جانے والا وقت رائیگاں نہیں جائے گا، یہ آپ کو سوچنے اور غور کرنے کا موقع دے گا، آپ اب تک ٹھیک ٹھیک کہاں تک پہنچے ہیں اور مستقبل میں کیا جانا چاہتے ہیں، یہ بہت اہم ہے کہ آپ اس کے بارے میں اپنا ذہن بنالیں کہ آپ اس مخصوص سال سے کیا چاہتے ہیں کیوں کہ آپ ایک مرتبہ ایسا کرکے اپنے وہ عزائم پورے کرسکتے ہیں، اس میں ناکامی کا مطلب یہ ہوگا کہ آپ اپنے ہی سائے کا تعاقب کرتے ہوئے انجام کو پہنچ گئے اور یہ وقت اور توانائی کا سراسرضیاع ہے، آپ پر اپنے راز بھی عیاں ہوں گے اور اس سال کے دوران دوسرے لوگ بھی نمودار ہو رہے ہوں گے، اگر آپ برج حوت یا سرطان کے تحت یا 7‘16یا 25تاریخ کو پیدا ہوئے ہیں تو یہ خاص طورپر ایک حیرت انگیز سال ہوگا۔
دوسروں سے تعلقات
یہ کہنا پڑتا ہے کہ محبت یاروحانی دلچسپی کے لیے یہ بہترین سال نہیں ہے،غوروفکر کرنے کی شدید ضرورت کا مطلب ہوگا کہ آپ کوتنہائی میں وقت گزارنا پڑے گا، اس سال اگرکوئی محبت پروان چڑھی بھی تو یہ آپ کی توقعات پرپوری نہیں اترے گی لیکن اگرآپ اچھنبے میں پڑے بغیر معاملات کوجوں کا توں قبول کرلیں گے تو آپ کودکھ نہیں ہوگا اورآپ لطف اندوز ہوں گے،فیصلہ کریں کہ آپ کے ذہن میں ٹھیک ٹھیک کیاہے اورپھر اس کے حصول کی کوشش کریں،اس سال رومانی دلچسپی کا امکان ان لوگوں کے لیے ہے جو4`2یا 7تاریخ کویا برج سرطان یاحوت کے تحت پیدا ہوئے ہوں۔ رومانی یا شادی کے مواقع کے لیے جنوری‘اپریل‘اگست اوراکتوبر کودھیان میں رکھیں۔
کام اورکرئر
جب ہم اس مخصوص انفرادی گردش سے گزرتے ہیں جونمبرسات کے زیراثر ہے توزندگی میں دوباتیں پیش آسکتی ہیں،شہرت سے کنارہ کشی اور عمومی سرگرمی میں کمی، لوگ یا توطویل رخصت پرچلے جاتے ہیں یا ازسرنو اپنی تربیت کرتے ہیں،اس کا بھی امکان ہے کہ آپ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اوراہلیت سے زیادہ آگاہ ہوسکیں گے، اپنی زندگی کے صحیح مقصد کوسمجھنے لگیں گے اوراپنے آپ کوپہلے سے زیادہ باشعور اورروشن خیال تصور کرنے لگیں گے،اگرآپ ادھر کچھ عرصے سے بھٹکتے رہے تھے تووہ اہداف ایک بارپھر جی اٹھیں گے جنہیں آپ حاصل کرنے کے آرزو مند تھے۔
اس پورے سال میں آپ کا رویہ چھان بین کرنے والا ہوناچاہیے، آپ کواپنے کام کے معاملے میں چھان بین کرنی پڑے گی، اگرآپ گفت وشنید یا انٹرویو یا میٹنگ کا اہتمام کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے‘سومواریاجمعہ کا دن مقررکریں۔یہ دونوں دن آپ کے لیے مبارک ہیں۔جنوری‘مارچ‘جولائی‘اگست‘ اکتوبر اوردسمبر ذاتی ترقی کیلئے بالخصوص اچھے مہینے ہیں۔
صحت کے مسائل
گزشتہ سالوں کے مقابلے میں یہ ایک پرسکون سال ہوگا،صحت کے معمولی مسائل درپیش ہوں گے۔ بعض مسائل پریشانی اورچڑچڑے پن سے پیداہوں گے اوران کے بچنے کا سب سے اچھا طریقہ یہ ہے کہ خاموش اور پرسکون رہیں،اس پرسکون ذہنی کیفیت سے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔اس میں ناکامی سے غیرضروری مسائل پیدا ہوں گے جس سے آپ کے تصورات قابو سے باہرہوجائیں گے۔ آپ کوغورو فکر کرنے اوراپنی صحت بحال کرنے کے لیے یہ سال مددگار ہے،اگرصحت میں کوئی تبدیلی واقع ہوئی تو فروری‘جون‘اگست اورنومبر میں ہوگی۔

نمبر8کے اثرات

یہ کامیابی حاصل کرنے‘اہم پیش رفت کرنے اور تبدیلیاں لانے کاسال ہے اوریہ ایک ایسا وقت بھی ہے جب آپ اختیارات حاصل کرسکتے ہیں اورآپ کی صلاحیتیوں کوبھی تسلیم کیاجائے گا۔
یہ انفرادی سال آپ کوسوچنے کا زیادہ موقع دیتا ہے۔ یہ ایک ایسا وقت ہے کہ جب آپ شہرت‘مقبولیت اورطاقت حاصل کرسکتے ہیں اگر آپ 8‘17 یا 26 تاریخ کوپیدا ہوئے ہیں یا برج جدی کے تحت آتے ہیں تو اس سال پرتوجہ دیجیے اوراس امرکویقینی بنائیے کہ اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکیں۔ آپ کوچاہیے کہ اپنے اندر اوربھی شعور اوراعتماد کا سچا احساس پیدا کریں وقت کی گردش کے اس حصہ کا تعلق کرئر‘عزم اورپیسے سے ہے لیکن پچھلے قرض بھی چکانے پڑیں گے۔ مثال کے طورپر کوئی پرانی ذمہ داری یاقرض جسے ادا کرنے سے آپ پچھلے کئی برسوں سے گریز کرتے رہے ہیں،اب آپ کوپریشان کریں گے۔ بہرحال آپ ان بارہ مہینوں کے درمیان کچھ بھی کریں۔ عزم بلند رکھیں‘اعلیٰ سوچیں‘کامیابی کاسوچیں اورسب سے بڑھ کر یہ کہ مثبت سوچیں۔

دوسروں سے تعلقات

یہ وہ مخصوص انفرادی سال ہے جوپیدائش‘طلاق اورشادی جیسی حقیقتوں سے جڑا ہواہے جن سے ہمیں گزرنا پڑتاہے۔ محبت کی فہم رکھنے والے آپ سے زیادہ تجربہ کار‘عمرکے لوگ یا اثرورسوخ کے مالک یااختیاراورطاقت وراوردولت مندحضرات آپ کے لیے بہت پرکشش ہوں گے۔اس سال ماضی کے پرانے دوستوں‘ساتھیوں‘شریک کاروں‘رفیقوں سے رابطہ ہوگا۔ یہاں تک کہ پرانی محبتیں بھی ایک بارپھرنمودارہوں گی اس سال رومانس کے حوالے سے آپ کوزیادہ پریشانیاں نہیں اٹھانی پڑیں گی۔ خاص طورسے اگرآپ کوبرج جدی یامیزان والوں سے یاان لوگوں سے معاملات کرناپڑیں جو17`8اور26تاریخ کوپیدا ہوئے ہیں۔محبت پروان چڑھانے کے لیے مارچ‘جولائی‘ستمبراوردسمبربہترین مہینے ہیں۔

کام اورکرئر

نمبر8کے تحت سال پیسے کے معاملے میں سب سے اچھا سمجھاجاتاہے۔یہ تنخواہ میں اضافے یا پروموشن یااختیارات کے مطالبے کے لیے بھی بہت اچھا ہے۔یہ ترقی اورکامیابی کے زینے پرقدم رکھنے کا بھی سال ہے جوغالباً آپ کی پچھلی کوششوں کا نتیجہ ہے۔آپ کوصلہ ملے گا،مالی کامیابی کی بھی ضمانت دی جاسکتی ہے بشرط یہ کہ آپ اپنے ارادوں پرقائم رہیں،یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے لیے اہم اہداف مقررکریں اورآہستہ آہستہ ان کی طرف بڑھیں،آپ یہ دیکھ کرحیران رہ جائیں گے کہ وہ منصوبے کتنی آسانی سے پورے ہورہے ہیں۔اگرآپ کام کی تلاش میں ہیں توانٹرویو یامیٹنگ وغیرہ کے لیے ترجیحاً سنیچر‘جمعہ یا جمعرات کا دن مقررکریں جوآپ کے لیے مبارک ترین دن ہیں۔فروری جون‘جولائی‘ستمبراورنومبربھی آپ کے لیے قدرے بہترہیں۔

صحت کے مسائل

آپ ڈپریشن اورتنہائی کے احساس کی طرف سے محتاط رہ کرصحت کے بہت سے مسائل خصوصاً سرکے درد‘قبض اورجگرکی شکایتوں سے بچ سکتے ہیں،اگرآپ ان مسائل سے دوچارہوں توضروری ہے کہ ان کی طرف سے دھیان ہٹانے کے لیے اپنے آپ کومصروف رکھیں۔سوچ سمجھ کرکھائیں اورزندگی کے بارے میں پرجوش اورمثبت نقطہ نظررکھیں،سب ٹھیک ہوجائے گا۔آپ کوجنوری‘مئی‘جولائی اوراکتوبر میں اپناخاص خیال رکھناپڑے گا۔

نمبر9کے اثرات

یہ کمرکسنے کا وقت ہے،آرزوؤں کے پورے ہونے کاامکان ہے۔ معاملات کا فوری نتیجہ برآمد ہوگا،زیادہ سفرکا بھی امکان ہے۔
9نمبر کے تحت سال شاید سب سے کامیاب سال ہے یہ معاملات کی تکمیل کی نمائندگی کرتاہے،چاہے ان کی نوعیت‘ کام‘کاروبار یا ذاتی معاملات کی ہو۔آپ میں عادتوں کو‘لوگوں کواورمنفی حالات یا صورت احوال کوجوآپ کوروکے ہوئے تھیں نظراندازکرنے کی اہلیت بہت پختہ ہے۔آپ کے کردارمیں ہمدردانہ اورانسانیت کا پہلو بھی ابھرتاہے اورآپ کسی صلے کی پرواکیے بغیر لوگوں کے کام آتے ہیں۔ آپ جوبھی نیک کام کرتے ہیں اس سے آپ کواطمینان قلب اورشاید مالی فائدہ بھی حاصل ہوگا۔اگرآپ برج حمل یا عقرب کے تحت یا مہینے کی18`9یا27تاریخ کوپیداہوئے تویہ آپ کے لیے بہت اہم سال ہوگا۔

دوسروں سے تعلقات

9نمبرکے تحت سال ایک ایسا چکر ہے جوکشش اور اس کے ساتھ ہی اثرپذیری عطا کرتاہے لہٰذا اس کے سبب آپ صنف مخالف کے کسی ایسے فرد سے جذباتی طور پر وابستہ ہوں گے جوآپ کی برادری یالسانی گروپ سے تعلق نہیں رکھتا اس کی وجہ یہ ہے کہ اس مخصوص عدد کا تعلق انسانیت سے ہے اورسوبات کی ایک بات یہ ہے کہ عشق نہ پوچھے ذات۔آپ پریہ بھی عیاں ہوگاکہ حمل‘ اسد اورعقرب والوں کا اوراس کے ساتھ ساتھ 1`3`9 تاریخ کوپیدا ہونے والوں کا آپ کے گھریلو معاملات میں عمل داخل رہے گا۔تعلقات کے لیiے فروری‘جون‘اگست اورنومبر اہم مہینے ہیں۔ یہ رومانی نقطہ نظر سے بہت مصروف اورمعنی خیز ہوں گے اوران اوقات میں آپ ہوش وحواس سے بے گانہ ہوجائیں گے یعنی رومانس کا جادو سرچڑھ کر بولے۔

کام اورکرئر

یہ وہ سال ہے کہ جب آپ کے بہت سے خواب اورارادے پایہ تکمیل کوپہنچیں گے۔ مزید یہ کہ اگرآپ مارکیٹنگ سے وابستہ ہیں تو یہ کامیابی کا وقت ہے جس میں آپ اپنی صلاحیتوں‘مہارتوں اوراہلیت کوبہت وسعت دے سکتے ہیں۔ مثال کے طورپر آپ بیرون ملک کاروبار کووسعت دینے کے بارے میں سوچتے رہے ہیں اور اگر ایساہے تواچھی بات ہے۔ آپ یہ دیکھیں گے کہ اپنے رفیق اورشریک کاروں سے آپ کی ہم آہنگی پہلے سے زیادہ اورآسان ہے اوریہ آپ کے خوابوں اورعزائم کی تکمیل میں معاون ہوگی۔ انٹرویو یامیٹنگ وغیرہ کے لیے منگل اورجمعرات بہت مبارک دن ہوں گے۔کوئی بھی کام شروع کریں تو ان 2دنوں کومدنظررکھیں، جنوری‘ مئی‘ جون‘اگست اوراکتوبر کے دوران ملازمت یا کاروبار میں تبدیلیاں واقع ہوسکتی ہیں۔

صحت کے مسائل

آپ کے ساتھ اس سال واحد جسمانی مسئلہ کسی حادثے کے نتیجے میں پیش آسکتا ہے۔لہٰذا احتیاط برتیں،, لوگوں سے خواہ مخواہ الجھنے اورذہنی تناؤکا شکار ہونے سے بچیں۔جب سڑک پرہوں تو اپنا خاص خیال رکھیں۔ آپ خود اپنے بدترین دشمن کا کردارادا کرکے ہی اپنے لیے مسائل کھڑے کرسکتے ہیں کچن اورباتھ روم میں ہوں تواپنا خاص خیال رکھیں۔ ان جگہوں پرتیز دھار آلوں سے آپ زخمی ہوسکتے ہیں لہٰذا احتیاط برتیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں