جمعہ، 18 دسمبر، 2020

 ایک سے نو تک عددی قوتیں ہمارے ناموں میں نت نئے رنگ بھرتی ہیں


کائنات میں کوئی جان دار یا بے جان ایسا نہیں ہے جس کا کوئی نام نہ ہو‘ نام ہر جان دار یا بے جان کی شناخت کا فرض ادا کرتا ہے‘ ہم معاشرے میں اپنے نام سے جانے پہچانے جاتے ہیں‘کوئی بھی نام انسان کی پیدائش کے بعد تجویز ہوتا ہے اور پھر اس کی ذات کا ایک لازمی حصہ قرارپاتا ہے‘ دنیا میں انبیاء کو یہ شرف حاصل ہے کہ ان کے نام کسی انسان نے نہیں بلکہ خود خالق کائنات اللہ جل جلالہ نے تجویز فرمائے جیسا کہ محمدﷺ۔مشہور شاعر محترم حنیف اسعدی نے کیا خوب صورت بات کی ہے ؎

نام نامی بھی صدا ہو جیسے
سب زمانوں نے سنا ہو جیسے

عام طور پر بچوں کے نام ان کے والدین یا دیگر اہل خانہ اپنی پسند کے مطابق رکھتے ہیں۔ قدیم زمانوں میں یہ فریضہ مذہبی یا بزرگ شخصیات کے ذمہ بھی رہا ہے‘ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا ”بچوں کے نام اچھے معنوں کے رکھے جائیں“ لیکن فی زمانہ معنویت پر توجہ کم ہو گئی ہے‘نام ہماری ذات سے منسلک ہونے کے بعد ہماری شخصیت پر اور ہمارے کردار پر اثر انداز ہوتا ہے اور اس کی وجہ نام کے حروف اور اعداد ہیں۔
ہمارے ہاں نام کے حوالے سے بہت سے غلط تصورات بھی رائج ہیں‘ مثلاً نام کے ذریعے قسمت کا حال معلوم کیا جاتا ہے یا حالات زندگی کا حساب کتاب کیا جاتا ہے اور یہ کام ہر ایسا شخص باآسانی نہایت ذوق وشوق سے کرتا ہے جس کی اپنی علمی سطح مشکوک ہوتی ہے‘ دلچسپ بات یہ ہے کہ اکثر نام نہاد روحانی علاج کا دعویٰ کرنے والے خواتین و حضرات‘ نام کے ذریعے جادو ٹونے‘ بندش‘ آسیب وجنا ت کے اثرات کی پیش گوئی کرتے نظر آتے ہیں۔ بہر حال یہ ہمارا موضوع نہیں ہے۔
جیسا کہ ہم نے عرض کیا کہ نام کی اہمیت کا ہمارے معاشرے میں غلط استعمال بھی مرّوج ہے اور اکثر نام نہاد ماہرین نجوم و جفر یا علم ا لاعداد صرف نام کی بنیاد پر بڑے بڑے دعوے کرتے اور مسائل حل کرتے نظر آتے ہیں لیکن انہیں خود بھی نہیں معلوم ہوتا کہ نام کی اصل حقیقت کیا ہے اور اس کا دائرہ کار کتنا وسیع یا محدود ہے‘ اس حوالے سے ہم پہلے بھی لکھ چکے ہیں کہ ہماری قسمت اور حالات زندگی کا راز ہماری درست تاریخ پیدائش‘ وقت پیدائش میں پوشیدہ ہے‘ نام کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے کیوں کہ تاریخ پیدائش اور وقت پیدائش اللہ کی طرف سے مقرر کردہ ہیں جبکہ نام ایک اختیاری شے ہے جو ابتدا میں ہمیں اپنے والدین کی طرف سے ملتا ہے اور بعد میں اکثر ہم اسے تبدیل بھی کرلیتے ہیں گویا نا م کے اثرات تبدیل ہو سکتے ہیں لیکن تاریخ پیدائش کے اثرات کبھی نہیں بدل سکتے کیوں کہ ہم دوبارہ اس تاریخ اور وقت پر پیدا نہیں ہو سکتے‘ یہی ہماری قسمت ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ نام اپنے حروف اور اعداد کی طاقت کے ساتھ ہماری شخصیت اور کردار پر اثر اندار ہوتا ہے اور یہ کام وہ ہماری تاریخ پیدائش کی عددی طاقت کے ساتھ مل کر انجام دیتا ہے‘ اگر تاریخ پیدائش اور نام کے اعداد باہمی طور پر ہم آہنگ نہ ہوں‘ ایک دوسرے سے متضاد ہوں تو شخصیت میں بگاڑ پیدا ہو سکتا ہے‘ ہم آہنگی کی صورت میں پیدائش کے اعداد مزید تقویت پاتے ہیں اور ان کی کارکردگی یا اثر بڑھ جاتا ہے‘ اس کے علاوہ نام کے حروف سے تشکیل پانے والا لفظ بھی اپنی معنوی حیثیت میں اثر انداز ہوتا ہے اور اسی لیے حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ ”اچھے معنوں کے نام رکھو“۔
بعض لوگوں نے نام کی تبدیلی کو عجیب تماشا بنا رکھا ہے‘ ذرا کسی بچے کو زیادہ سرکش‘ نافرمان یا شرارتی دیکھا یا صحت کی خرابی کے مسائل زیادہ نظر آئے فوراً نام کو مورد الزام ٹھہرا دیا گیا اور ایسے نام نہاد سیانے بھی موجود ہیں جو فوراً ایسی صورت حال میں فتویٰ جاری کردیتے ہیں کہ نام ”بھاری“ ہے۔ اس حوالے سے جومثالیں پیش کی جاتی ہیں وہ بھی کم فہمی اور کم علمی پر مبنی ہیں۔
نام کے حروف اور اعداد چوں کہ ہماری شخصیت اور کردار پر اثر انداز ہوتے ہیں اور تاریخ پیدائش سے ان کی ہم آہنگی بھی ضروری ہوتی ہے‘ لہٰذا کسی تضاد کی صورت میں نام اپنے ناقص اثرات شخصیت اور کردار پر ڈال رہا ہوتا ہے اس کی درستگی بہرحال ضروری ہوتی ہے۔
آئیے نام کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے چندبنیادی اصول آپ کے سامنے پیش کیے جائیں تاکہ آپ خود اپنے نام کے بارے میں جان سکیں کہ وہ کیسا ہے؟

آپ کا نام اورآپ

علم الاعداد اور علم الحروف ایک قدیم علم ہے جو برسوں کی تحقیق اور تجربے کے بعد آج بھی دنیا میں رائج ہے‘ اہل علم وعرفان اس سے رہ نمائی حاصل کرتے ہیں‘ہم یہاں جو طریقے کار دے رہے ہیں یہ انتہائی قدیم ہے‘ لہٰذا اردو حروف تہجی اور عربی ابجد کے اصول و قواعد اس طریقے کار میں استعمال نہیں ہوں گے بلکہ انگریزی حروف تہجی اور ان کی مقررہ قیمت استعمال کی جائے گی جس کی ٹیبل ہم ذیل میں دے رہے ہیں۔

 

 



  

نام خواہ کوئی بھی ہو‘حروف تہجی اور اعداد یہی رہیں گے‘ دنیا کے تمام نام ان حروف اور نمبروں کے محتاج ہیں‘ بنیادی اہمیت اعداد کو حاصل ہے اور اعداد ہی طاقت اور اثر رکھتے ہیں‘ ان کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں جیسا کہ قدیم دانشور اور ریاضی داں فیثاغورث کا قول ہے”دنیا اعداد کی قوت پر تعبیر کی گئی ہے“۔
ہر عدد یا نمبر اپنی مخصوص طاقت‘خصوصیت اور دائرہ اثر رکھتا ہے جس کے بارے میں جاننا ہمارے لیے ضروری ہے تاکہ ہم اپنے نام کے حروف کا درست تجزیہ کر سکیں‘ اس تجزیہ میں ہمیں یہ معلوم کرنا ہوگا کہ ہمارے مکمل نام میں موجود حروف کی قیمتیں کیا ہیں؟اور نمبر ہمارے نام کو کس نوعیت کی قوت اور خصوصیت سے نواز رہے ہیں‘ کون سے نمبر نام میں زیادہ ہیں اور کون سے کم ہیں یا کون سے نمبر ایسے ہیں جن کا ہمارے نام میں کوئی وجود ہی نہیں ہے۔
ہمیں ایک سادہ سے اصول کو ذہن میں رکھنا ہوگا‘ ان نمبروں پر خصوصی نظر رکھنا ہوگی جو ہمارے نام میں اکثریت رکھتے ہیں اور نا م کے حروف میں ان کی مسلسل تکرار موجود ہے‘ گویا یہ نمبر ہمارے نام کی زیادہ بااثر قوت ہیں‘ دوسرے نمبر پر ان نمبروں پر بھی نظر رکھنا ہوگی جو ہمارے نام میں موجود ہی نہیں ہیں‘ تیسرے نمبر پر وہ نمبر ہوں گے جو صرف ایک بار نام میں اپنا جلوہ دکھا رہے ہیں۔
آئیے ایک مثال کے ذریعے اس سارے عمل کا جائزہ لیا جائے۔ مثال کے طور پر ایک شخص کا نام ابرار علی(ABRAR ALI) ہے‘ نام میں موجود حروف کے اعداد کی تفصیل یہ ہوگی 1+2+1+1+1+1+3+1=11
اب غور کرنے کا مقام یہ ہے کہ نمبر 1 پورے نام میں غالب اکثریت کا حامل ہے اور اس کی تکرار یا ارتعاش بہت زیادہ ہے جبکہ نمبر2اور 3 صرف ایک مرتبہ جلوہ فرما ہیں۔اس کا مطلب یہ ہواکہ نا م کی حاکم قوت 1ہے جبکہ 4,5,6,7,8,9, نمبر نام سے خارج یاغائب ہیں‘ گویا نام ان غائب اعداد کی قوت اور خصوصیات سے محروم ہے‘2اور 3 نام میں موجود ہیں اور ان کے اثر سے انکار ممکن نہیں ہے‘نام میں موجود اکثریتی نمبر اپنے بھرپور اثر وطاقت کا مظاہرہ کرے گا جبکہ غائب اعداد کی قوت اور اثر سے محرومی اس نام میں کسی کمزوری یا خامی کا پتہ دیتی ہے اور اس کی وجہ سے بہت سے مسائل پیدا ہوتے ہیں‘ جن کا آگے چل کر جائزہ لیا جائے گا، مکمل نام کا مرکب عدد گیارہ ہے گویا یہاں بھی 1 نمبر کی تکرار ہے، 11 کے مرکب عدد کی تاثیر بھی پیش نظر رہنی چاہیے جب کہ نام مفرد عدد 2 ہوگا لہٰذا عدد 2 ظاہر کرے گا کہ ابرار علی کا کردار ظاہری طور پر کیسا ہے جب کہ نام کے دیگر اعداد ظاہرکریں گے کہ ابرار علی اپنے باطن میں کیسا کردار رکھتا ہے، اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ بعض لوگ اپنے باطن میں کچھ اور ہوتے ہیں اور ظاہر میں کچھ اور۔
مندرجہ بالا مثال میں بھی کچھ ایسی ہی صورت حال ہے، عدد2 ظاہر کرتا ہے کہ ابرار علی لوگوں سے اچھے تعلقات رکھتا ہے وہ ملن سار، خوش مزاج شخصیت کا مالک ہے لیکن اپنے باطن میں 1 نمبر کی تکرار اور اس سے پیدا ہونے والا ارتعاش اسے بہت زیادہ انانیت اور ذاتی غرور و مفادات کا حامل بناتا ہے، امید ہے کہ آپ اس طریقے سے اپنے نام کا تجزیہ کرکے اپنی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ ہوسکتے ہیں۔

نام اور نیا سال

اپنے گزشتہ مضمون میں ہم نے کسی بھی سال کی مجموعی کیفیت اور خصوصیت معلوم کرنے کا طریقہ بیان کیا تھا جس کے لیے تاریخ پیدائش اور پیدائش کے مہینے کا عدد معلوم کر کے مطلوبہ سال میں جمع کیا جاتا ہے اور پھر اس سال کا ذاتی نمبر حاصل کیا جاتا ہے جو سال کے بار ے میں ہماری رہ نمائی کرتا ہے۔ اگر ذاتی سال کا نمبر ہمارے نام کے حروف میں موجود نہیں ہوگا تو وہ سال ہمارے لیے ایک مشکل سال ثابت ہو سکتا ہے اس کے برعکس اگر سال کا ذاتی نمبر ہمارے نام میں موجود ہے تو اس عدد سے وابستہ فطری صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا اور اگر وہ عدد اکثریت رکھتا ہے تو یہ بات یقینی ہوجائے گی کہ ہم مطلوبہ سال میں اس عدد کے زیر اثر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور نہایت کامیاب رہیں گے۔
مثلاً موجودہ سال 2021ء در حقیقت 5 نمبر کا سال ہے اور تاریخ پیدائش‘ مہینے کے اعداد بھی اس میں جمع کردیے جائیں تو جو بھی ذاتی سال کا نمبر حاصل ہوگا وہ ہمارے نام میں ہونا چاہیے‘ بصورت دیگر موجودہ سال ایک مشکل سال ثابت ہو سکتا ہے لیکن اگر ذاتی سال کا نمبر نام میں موجود ہے تو یقیناً اس عدد کے حوالے سے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ سامنے آئے گا، اس حوالے سے علم الاعداد کے موضوع پر دوسرا مضمون ان شاء اللہ آئندہ ہفتے پیش کیا جائے گا۔

نام کے اعداد کا اثرو رسوخ

نمبر 1
اگر عدد ایک آپ کے نام میں موجود ہے یا ایک سے زیادہ مرتبہ اس کی تکرار موجود ہے تو آپ ان لوگوں میں سے ہیں جو اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے قابل ہیں‘ کم یا زیادہ عزت نفس کا احساس آپ کے اندر موجود ہے‘ جرأت اور مردانگی کے حامل ہیں‘ آزادی پسند ہیں‘ فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور دبنگ ہیں، انا کے مسائل کا شکار بھی ہوتے ہیں۔
بہتر ہوگا کہ حاکمیت پسندی‘ انا پرستی اور دوسروں پر دباؤ ڈالنے سے گریز کریں۔
غائب عدد: اگر نمبر 1 آپ کے نام میں موجود نہیں ہے تو آپ کی ذات اولین اہمیت کی حامل نہیں ہے‘آپ کے کردار میں لگن‘ پہل کرنے اور خود اعتمادی کا فقدان ہے‘ آپ دبنگ نہیں ہیں‘ جرأت کی کمی ہے‘ وقت کی مناسبت کا شعور نہیں رکھتے‘ فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے‘ آگے بڑھ کر نمایاں ہونا‘ اگلی صفوں میں رہنا‘ پہل کرنا نہیں جانتے‘ آپ حد سے زیادہ محتاط ہیں‘ رسک لینے سے ڈرتے ہیں اور یہ کمزوریاں یا خامیاں آپ کو بھرپور فوائد حاصل کرنے سے روک سکتی ہیں‘خاص طور پر ذاتی نمبر 1 کے سال میں۔
حاکم عدد: اگر نمبر 1 آپ کے نام کا اکثریتی عدد ہے تو ”حاکم عدد“ کہلائے گا اور ایسی صورت میں آپ کی خود اعتمادی بڑھ جائے گی‘ قائدانہ صلاحیتوں کا اعلیٰ اظہار ہوگا‘ آپ اپنی ذات سے اور اپنے کام سے لطف اندوز ہوں گے لیکن حد سے بڑھی ہوئی خود اعتمادی اور تکبر پر قابو رکھنے کی ضرورت ہوگی۔
نمبر 2
نمبر 2 کی نام میں موجودگی یا تکرار آپ کو ملن سار اور تعاون کرنے والا بناتی ہے‘ آپ دوسروں کا لحاظ کرتے ہیں‘ حساس ہیں‘ موقع شناس ہیں‘ شراکت میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں‘ تال میل کا شعور رکھتے ہیں اور کسی معاملت میں بہتر رویہ اپناتے ہیں‘ وقت کی مناسبت سے قدم اٹھاتے ہیں لیکن ڈر پوک ہیں۔
بہتر ہوگا کہ دوسروں کو بہت زیادہ خوش کرنے‘ نرم خُو ہونے اور حد سے زیادہ حساس ہونے سے گریز کریں۔
غائب عدد: اگر 2 نمبر آپ کے نام میں موجود نہیں ہے تو جذبات کو آسانی سے ٹھیس لگتی ہے‘ آپ تفصیلات کے معاملے میں بے پروا ہو سکتے ہیں‘ زود رنج ہو سکتے ہیں‘ صبر وتحمل‘ تدبیر اور حکمت عملی کا فقدان ہو سکتا ہے‘ شراکتی نوعیت کے معاملات میں پریشانی ہو سکتی ہے۔
حاکم عدد:اگر نمبر 2 آپ کے نام کا حاکم عدد ہے تو آپ دوسروں کے ساتھ کام کر کے لطف اندوز ہوتے ہیں‘ چیزیں جمع کرنے کا شوق رکھتے ہیں‘ شراکتی سرگرمیوں میں دلچسپی لیتے ہیں اور ان سے اچھے نتائج حاصل کرتے ہیں‘موسیقی‘ رقص اور شاعری سے شغف ہے‘ فن کارانہ قدردانی ہے،ساتھ ہی اس بات کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے کہ آپ زندگی کی رنگینیوں میں خود کو بہت زیادہ ملوث نہ کرلیں۔
نمبر 3
اگر نام میں عدد 3 موجود ہے یا اس کی تکرار ہے تو آپ اپنے آپ کو اور اپنے آئیڈیوں کو دوسروں کے ہاتھ فروخت کر سکتے ہیں‘بے فکر‘ تخّیل پرست اور ملن سار ہیں‘ رابطے کا ہنر جانتے ہیں اور تخلیق کار ہیں۔
اپنی توانائیوں کو بکھیرنے‘ فضول خرچ ہونے‘ باتونی ہونے‘ شیخی بگھارنے‘ بے صبری کا مظاہرہ کرنے اور خوش فہم ہونے سے گریز کریں۔
غائب عدد: اگر 3کا عدد نام میں موجود نہیں ہے تو آپ کو آگے بڑھنے میں دشواری ہو سکتی ہے‘ آپ احساس کمتری کا شکار ہو سکتے ہیں‘ اظہار ذات میں دشواری محسوس کر سکتے ہیں‘ ڈرپوک اور پست ہمت ہو سکتے ہیں۔
حاکم عدد: اگر نا م کا حاکم عدد 3ہے تو آپ تقریر اورتحریر کے ذریعے اظہار کر کے لطف اندوز ہوتے ہیں‘ خوش رہنا جانتے ہیں‘ اثر قبول کرتے ہیں‘ تخّیل پرست ہیں‘ پرجوش‘ خوش مزاج‘ تخلیق کار اور بے تکلف ہیں، آپ کو جنسی معاملات میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
نمبر 4
آپ سخت محنت‘ کاوش‘ توجہ مرکوز کرنے اور ارتکاز کو قائم رکھنے کی اہلیت رکھتے ہیں‘ ایک عملی‘ حقیقت پسند‘ منظم اور نظم و ضبط کے پابند انسان ہیں‘ تحمل اور برداشت رکھتے ہیں۔
سخت گیر‘ بے لچک‘ بے حس‘ ہٹ دھرم‘ تنگ نظر یا حد سے زیادہ لکیر کے فقیر ہونے سے گریز کریں۔
غائب عدد: اگر 4 نمبر آپ کے نام میں نہیں ہے تو آپ کے اندر بے صبری اور عاقبت نااندیشی پائی جاتی ہے‘ ترتیب اور سسٹم کا فقدان ہے‘آپ من موجی ہیں‘ روز مرہ کے امور پر پابند نہیں رہ سکتے‘ کام چور اور کاہل ہیں یا الٹا سیدھا کام کر کے جلد از جلد اپنی جان چھڑا لیتے ہیں یا سرے سے کام کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچاتے‘ آپ مکمل نہیں ہیں‘ شارٹ کٹ ڈھونڈنے اور محنت سے جی چرانے کا رحجان رکھتے ہیں۔
حاکم عدد:اگر آپ کے نام میں عدد 4 کی تکرار اور ارتعاش زیادہ ہے تو آپ کام کو کام سمجھ کر لطف اندوز ہوتے ہیں‘ اچھا کام کر کے فخر محسوس کرتے ہیں‘ سلیقہ مند‘ ترتیب اور سسٹم پسند ہیں‘محنتی‘ فرض شناس اور با ضمیر ہیں۔
نمبر 5
اگر آپ کے نام میں نمبر 5 ایک یا زیادہ بار موجود ہے تو آپ آزادی‘ تبدیلی‘ ایڈونچر‘ تفریح‘ اسپورٹس‘ آؤٹ ڈور سفر‘ سیکس اور لوگوں سے ملنے جلنے کے شائق ہیں۔ با تدبیر ہیں‘متجسس ذہن رکھتے ہیں اور خود کو ماحول کے مطابق ڈھالنا جانتے ہیں۔
حد سے زیادہ من موجی پن‘ بے چینی‘ عجلت پسندی‘ شہوانیت‘ اندھا دھند کام کرنے اور حد سے زیادہ رنگ رلیاں منانے سے پرہیز کرنا چاہیے‘ آپ کے ہاں پرانے دوستوں کو چھوڑ کر نئے دوست بنانے کا رحجان پایا جاتا ہے۔
غائب عدد:اگر پانچ نمبر آپ کے نام میں موجود نہیں ہے تو آپ کے لیے کسی تبدیلی کو قبول کرنا بہت مشکل ہے‘ ہجوم میں بے اطمینانی محسوس کریں گے‘ تجسس اور ماحول کے مطابق خود کو ڈھالنا یا ایڈجسٹ کرنا مشکل ہوگا‘ آپ دبے ہوئے یا آزادانہ جنسی تعلقات کے حامی ہو سکتے ہیں‘ زندگی کا تجربہ محدود ہوگا‘ آئین نو سے خوف محسوس کریں گے‘ عوامی آدمی نہیں ہوں گے اور تجربے سے سیکھنے میں ناکام رہیں گے‘ ماضی کی غلطیاں دھرا سکتے ہیں۔
حاکم عدد: اگر نمبر 5 آپ کا حاکم عدد ہے تو آپ زندگی سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے‘ آپ کی ورسٹائل خصوصیات آپ کو نت نئے تجربات سے آشنا کریں گی۔
نمبر 6
آپ کے نام میں چھ کا عدد آپ کو گھریلو‘ مہمان نواز‘ پروش کرنے والا‘ خیال رکھنے والا اور ذمہ دار بناتا ہے۔آپ دوسروں کے لیے خود کو وقف کر سکتے ہیں اور دوسروں کی ذمہ داریاں بھی اپنے سر لے سکتے ہیں‘ آپ کے لیے انکار کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔
مداخلت کرنے‘ اپنے آپ کو درست سمجھنے‘ خود کو دوسروں سے زیادہ نیک سمجھنے‘ ہٹ دھرمی‘ ملکیت جتانے‘ بے لچک ہونے‘ ناصح بننے سے گریز کریں۔
غائب عدد:عدد نمبر 6آپ کے نام سے غائب ہے تو آپ ذمہ داریوں سے بھاگنے والے ہوں گے‘ آپ کے مزاج میں بچگانہ پن ہو سکتا ہے‘ آپ کو ایک اچھا شریک حیات یا ماں باپ ہونا سیکھنا پڑے گا‘ اس کے علاوہ بھی بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہوگی‘ آپ کام شروع کرتے ہیں لیکن مکمل نہیں کرتے‘گھریلو مسائل آپ کے لیے پریشانی کا باعث ہیں‘ اس حقیقت سے آزردہ رہتے ہیں کہ دوسرے آپ پر تکیہ کرتے ہیں‘ آپ کو بندش یاپابندیوں کا خوف لاحق رہتا ہے۔
حاکم عدد: آپ کو گھر اور خاندان سے محبت ہے‘ اس بات سے مطمئن اور لطف اندوز ہوں گے کہ دوسرے آپ پر انحصار کرتے ہیں‘ وہ آپ کے بغیر نہیں رہ سکتے‘ آپ محبت کرنے والے اورقابل بھروسہ ہیں۔
نمبر7
عدد 7کی موجودگی یازیادتی آپ کو ایک تجزیہ کار بناتی ہے‘ آپ کا دماغ تیز اور متجسس ہے‘ آپ گُھنّے‘ انتخاب کے اہل‘ خلوت نشین‘ تحقیق کرنے والے اور مشاہدہ نفس کرنے والے ہو سکتے ہیں‘ اپنی ہی صحبت میں خوش رہ سکتے ہیں‘ تخلیہ اور سکوت پسند ہیں۔
کیڑے نکالنے‘ افسردہ رہنے‘ راز مخفی رکھنے‘ گوشہ نشینی‘ عیاری‘ منشیات یا الکوحل کا عادی ہونے سے پرہیز کریں۔
غائب عدد:آپ عدد 7 کی غیر موجودگی کے باعث پریشان ہوتے رہتے ہیں‘ آپ کے لیے یہ سیکھنا ضروری ہے کہ تنہا ہو ئے بغیر بھی تنہا کیسے ہوا جاتا ہے‘ روحانی آگہی کو ڈیویلپ کرنے کی ضرورت ہے‘ آپ کے ”فلسفہ حیات“ کی آزمائش 7سال میں ہوجائے گی۔
حاکم عدد: آپ ذہنی یا دانشورانہ دلچسپیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں‘ مطالعہ کرنے‘ زندگی کے اسرار و رموز کو کُریدنے‘ صلاح و مشورہ کرنے‘ غور و فکر کرنے اور سوچنے میں آپ کو لطف آتا ہے۔
نمبر 8
ایک یا زیادہ 8کا عدد آپ کو شاندار صلاحیتوں کا مالک بناتا ہے‘ آپ کامیابی حاصل کرنے اور پیسا کمانے کے اہل ہیں‘لائق‘ خطرہ مول لینے والے‘ باتدبیر اور منظم ہیں‘ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی اچھی صلاحیت رکھتے ہیں۔
حد سے زیادہ مادّہ پرست ہونے سے گریز کریں اور یاد رکھیں کہ زندگی کی تمام خوشیاں صرف اور صرف دولت کے ذریعے حاصل نہیں ہوتیں۔
غائب عدد: اگر 8نمبر نام میں موجود نہیں ہے تو عمدہ مالی سوجھ بوجھ کا فقدان ہوگا‘پیسہ آتا ہے مگر خرچ ہوجاتا ہے‘پیسے اور کامیابی کی یا تو بہت فکر رہتی ہے یا پھر اس طرف سے بالکل بے پروا اور بے فکر رہتے ہیں‘ عام طور پر معاملات کو سنبھالنے‘ مالی مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔
حاکم عدد:اگر آپ کے نام کا حاکم عدد 8 ہے تو آپ کی سوچ بڑی ہے اور آپ کسی بڑی مہم جوئی سے لطف اندوز ہوتے ہیں‘مادی کامیابی کے حصول کی شدیدلگن رکھتے ہیں‘ نمایاں مقام حاصل کرتے ہیں اور ہر اس شے سے لطف اندوز ہوتے ہیں جوپیسے سے خریدی جا سکتی ہے۔
نمبر 9
عدد 9کی موجودگی آپ کو انسانیت نواز بناتی ہے‘ آپ مہربان ہیں‘ آپ کی سوچ عالمی ہے‘ رحم دل‘ رومینٹک‘محبت میں پرتپاک‘ فراخ دل ہیں‘ آپ میں فنکارانہ صلاحیتیں ہیں اور آپ سیاست‘ تہذیبی وثقافتی معاملات اور سماجی مسائل میں دلچسپی لیتے ہیں۔
حد سے زیادہ جذباتی ہونے‘ دوسروں پرضرورت سے زیادہ اثر انداز ہونے ‘ خود کو قانون سمجھنے‘ سب پر چھا جانے یا چھائے رہنے اور طوفانی ہونے سے پرہیز کریں۔
غائب عدد:اگر 9 کا عدد نام میں موجود نہیں ہے تو آپ کو صرف اپنی ذات اور اپنے حلقے سے دلچسپی ہے‘ دنیاوی معاملات یا غیروں کی خوشی اور غم سے برائے نام سروکار ہے‘ آپ کے لیے دوسروں کے جذبات و احساسات اور ضروریات کو سمجھنا مشکل ہے‘ ہمدردی اوررحم دلی مفقودہو سکتی ہے‘ ایک نو سالہ چکر میں دنیا آپ کا دروازہ پیٹنے لگے گی کیوں کہ آپ کو بنی نوع انسان کے مسائل سے دوچارہونا پڑے گا اور آپ کے لیے صورت حال خاصی پریشان کن ہوجائے گی‘ زندگی آپ کو مجبور کردے گی کہ آپ انسانیت کے لیے کچھ کریں‘ سیکھنے کے لیے باہر ایک وسیع دنیا پھیلی ہوئی ہے‘ دنیا صرف وہی نہیں ہے جو آپ کے گرد صرف آپ کی خاطر گھومتی ہے۔
حاکم عدد: اگر 9 نمبر حاکم عدد کی حیثیت رکھتا ہے تو آپ دوسروں کے کام آ کر لطف اندوز ہوتے ہیں‘ آپ کو فن‘ تہذیب وثقافت اور سیاست سے دلچسپی ہے۔

 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں