ہفتہ، 1 فروری، 2020

سیارہ زحل کا برج جدی میں ڈھائی سالہ قیام

مختلف بروج کے لیے ایک نئے دور کا آغاز، اچھا یا برا ثمرہ؟


انڈوپاکستان میں جس سیارے کا نام بہت زیادہ مشہور ہوا وہ سیارہ زحل ہے،وہ لوگ بھی جنہیں علم نجومکے بارے میں کچھ نہیں معلوم” زحل کی ساڑھ ستی“ زحل کی نحوست وغیرہ کا رونا روتے نظر آتے ہیں، عام طور پر جب اپنی پریشانی میں لوگ کسی منجم سے رابطہ کرتے ہیں تو وہ انھیں اکثر یہی بتاتے ہیں کہ آپ کو زحل کی ساڑھ ستی لگی ہوئی ہے جس کا عرصہ ساڑھے سات سال ہوتا ہے، چناں چہ ہر شخص زحل کے نام اور کردار سے خوب واقف ہے۔
سیارہ زحل درحقیقت کیا ہے اور اس کا حقیقی کردار کیا ہے؟ یہ شاید بہت کم لوگوں کو معلوم ہے، بہر حال اس حوالے سے غلط فہمی اور گمراہی عام ہے، دیگر اجرام فلکی کی طرح سیارہ زحل بھی ہمارے نظام شمسی کا ایک اہم رکن ہے اور حکم قرآنی کے مطابق اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا ہے، اسے ایک منحوس یا نقصان دینے والے سیارے کا ٹائٹل دینا غلط اور جہالت پر مبنی بات ہے، ماضی میں قدیم فلکیاتی نظریات کے مطابق بعض سیاروں کو سعد و مبارک اور بعض کو منحوس اور تباہ کن قرار دیا گیا تھا اور اس بنیاد پر ان کی پرستش کی جاتی تھی، ان کے نام پر قربانیاں دی جاتی تھیں، آج بھی ہندو مذہب میں یہی طریقہ رائج ہے، دوسری طرف یونانی، مصری اور بابلی دیو مالا بھی ایسی ہی خرافات سے بھری پڑی ہے، سیارگان کے نام پر باقاعدہ طور سے معبد اور مندر بنائے جاتے تھے جہاں ان کی پوجا کی جاتی تھی، دین اسلام نے اس ستارہ پرستی کی مخالفت کی اور خود قرآن نے بتادیا کہ تمام سیارگان اپنے اپنے دائروں میں تیر رہے ہیں اور اللہ کے احکام کے پابند ہیں، انھیں جو ڈیوٹی سونپی گئی ہے وہ اسے انجام دے رہے ہیں۔
عزیزان من! ایسٹرولوجی ایک سائنسی علم ہے جس کے ذریعے سیاروں کی فلکیاتی پوزیشن معلوم ہوتی ہے اور ان کی گردش کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ارتعاشی عمل سے کائنات میں ہونے والی تبدیلیوں کا سراغ ملتا ہے لہٰذا شمس، قمر،عطارد، زہرہ، مریخ، مشتری، زحل، یورینس، نیپچون اور پلوٹو ایسٹرولوجی میں اپنی سالانہ، ماہانہ اور روزانہ گردش سے ہمیں رہنما اشارے مہیا کرتے ہیں مگر اس کے لیے علمی شعور کی ضرورت ہوتی ہے ورنہ بقول شاعر 

آنکھ والا تِری قدرت کا تماشا دیکھے
دیدئہ کور کو کیا آئے نظر، کیا دیکھیے

قدیم ستارہ پرستی کے نظریات کے تحت سیارہ زحل کو نحوست، تباہی و بربادی کا نشان سمجھا گیا تھا، حالاں کہ ایسا نہیں ہے، اسی بنیاد پر سیارہ زحل کی ساڑھ ستی کا نظریہ ہندی جوتش میں عام ہے جو کہ غلط ہے، جدید علم نجوم اس کی نفی کرتا ہے اور ہمیں بتاتا ہے کہ ہر شخص یا ملک کا انفرادی زائچہ ہی درحقیقت یہ نشان دہی کرسکتا ہے کہ اس کے لیے کون سا سیارہ موافق ہے اور کون سا ناموافق ہے، اس حوالے سے عمومی طور پر کوئی فتویٰ دینا غلط ہے۔

سیارہ زحل (Saturn)

دیگر سیارگان کی طرح سیارہ زحل بھی ہمارے نظام شمسی کا ایک متحرک رکن ہے، ہندی یا سنسکرت میں اسے ”شنی“ کہا جاتا ہے، اس کا تعلق زمینی حقائق اور مادّے سے ہے، دائرئہ بروج میں برج جدی اور دلو اس کے زیر اثر ہیں، گویا جدی اور دلو والوں کا حاکم سیارہ زحل ہے، برج جدی اس کا ذیلی اور دلو بنیادی برج ہے،کسی بھی برج میں اس کا قیام تقریباً ڈھائی سال یعنی تیس ماہ تک رہتا ہے، اس دوران میں یہ اپنی الٹی اور سیدھی چال کے ساتھ مستقیم حالت بھی اختیار کرتا ہے، زمین سے اس کا فاصلہ بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے یہ ایک سست رفتار سیارہ ہے،دائرئہ بروج کے بارہ برجوں کا چکر یہ تقریباً 29, 30 سال میں پورا کرتا ہے،گزشتہ تیس ماہ سے اس کا قیام برج قوس میں رہا، اس سال 24 جنوری بعد دوپہر سے یہ اپنے ذاتی ذیلی برج جدی میں داخل ہوگا اور 18 جنوری 2023 ءتک اسی برج میں حرکت کرے گا، اس دوران میں 30 اپریل 2022 ءسے 13 جولائی 2022 ءتک برج دلو میں رہے گا۔
سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ دائرئہ بروج کے بارہ برجوں کے لیے اس کی مثبت یا منفی حیثیت کیا ہے کیوں کہ دنیا کا ہر شخص یا ملک کسی نہ برج کے زیر اثر ہے لیکن ایک بار پھر ہم یہ وضاحت کردیں کہ وہی برج اس حوالے سے اہم ہے جو آپ کے پیدائشی وقت کے مطابق ہے، صرف تاریخ پیدائش سے اپنا برج معلوم کرکے خود کو اس سے منسوب کرنا غلط ہے، آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ اپنے پیدائشی برج کے مطابق سیارہ زحل آپ کے لیے موافق یعنی سعد ہے یا ناموافق یعنی نحس ہے، یہ سعادت و نحوست ہر شخص کے لیے اسی طرح انفرادی حیثیت رکھتی ہے جس طرح زندگی میں اور بہت سی چیزیں کسی شخص کے لیے موافق ہوتی ہیں یا ناموافق ہوتی ہیں۔
برج حمل: سیارہ زحل اس برج کے دسویں اور گیارھویں گھر کا حاکم سیارہ ہے لہٰذا حمل والوں کے کاروباری یا دیگر پیشہ ورانہ اور منافع بخش معاملات سیارہ زحل کے زیر اثر آتے ہیں، جب سیارہ زحل اچھی پوزیشن میں ہو ، پیدائشی زائچے میں بھی اور اپنی چلت (Transit) میں بھی تو برج حمل والے اعلیٰ درجے کے کاروباری مفادات حاصل کرتے ہیں اور زندگی میں عزت، شہرت اور دولت کا حصول ممکن ہوتا ہے، زحل کی ساڑھ ستی کا روایتی نظریہ ان پر قطعاً لاگو نہیں ہوتا، گویا برج حمل کو کبھی سیارہ زحل سے کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا، جب زحل برج حمل والوں کے زائچے کے چھٹے، آٹھویں یا بارھویں گھروں سے گزر رہا ہو یا کسی اور طرح اس کی پوزیشن خراب ہو تو یہ وقت ضرور ان کے لیے سختی اور مشکلات لاتا ہے، ان گھروں کا تعلق برج سنبلہ، عقرب اور حوت سے ہے۔
آئندہ تقریباً ڈھائی سال سیارہ زحل برج جدی میں حرکت کرتے ہوئے حمل والوں کے دسویں گھر میں ہے ہوگا تو پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں اضافہ اور عزت و شہرت کا باعث ہوگا، انھیں اپنے دوست احباب سے بھی مدد ملے گی اور کاروباری طور پر ترقی کریں گے، ساتھ ہی ان کے رہائشی معاملات، گھریلو زندگی اور پراپرٹی یا سواری سے متعلق امور، ازدواجی زندگی میں بہتری آئے گی، اثاثوں میں اضافہ ہوگا اور پارٹنر شپ سے فوائد حاصل ہوں گے۔
برج ثور: سیارہ زحل برج ثور کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد کے زائچے میں نویں اور دسویں گھر کا حاکم ہے، گویا برج ثور والوں کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں اور عزت و وقار سے متعلق امور زحل کے دائرئہ عمل میں آتے ہیں اور یہ گھر موافق اور سعد اثرات کے حامل ہیں، گویا زحل ان کے لیے مثبت یعنی سعد اثر رکھتا ہے، البتہ جب زحل کسی خراب پوزیشن میں ہو تو یقیناً ثور والوں کے پیشہ ورانہ معاملات اور شہرت و ساکھ سے متعلق امور متاثر ہوتے ہیں، پاکستان، بھارت کا پیدائشی برج بھی ثور ہے،گزشتہ تیس ماہ سے زحل زائچے میں خراب پوزیشن میں رہا ہے لہٰذا برج ثور والوں کے حالات میں پیشہ ورانہ مشکلات اور خرابیاں رہی ہیں، ان کی ساکھ اور شہرت بھی متاثر ہوئی ہے۔
آئندہ ڈھائی سال زحل زائچے کے نویں گھر میں حرکت کرے گا، برج ثور والوں کے لیے خوش خبری ہے کہ اب ان کے عروج کا دور شروع ہورہا ہے، یہ ان کی قسمت کا گھر ہے، آمدن میں اضافے کے آثار ظاہر ہونا شروع ہوجائیں گے،نئے مواقع حاصل ہوں گے اور وہ آہستہ آہستہ اپنی پوزیشن کو مستحکم کرسکیں گے، مذہبی اور روحانی طور پر بھی ان کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی، قانونی نوعیت کے مسائل کو حل کرنے میں آسانی ہوگی۔
برج جوزا: سیارہ زحل کا بنیادی برج دلو برج جوزا میں بہت اہمیت رکھتا ہے، اس کا تعلق قسمت سے اور مستقبل سے ہے، اس کے علاوہ مذہبی، روحانی اور قانونی نوعیت کے معاملات بھی اسی گھر سے متعلق ہیں، سیارہ زحل آئندہ ڈھائی سال برج جوزا والوں کے زائچے میں آٹھویں گھر میں رہے گا جس کی وجہ سے اس کی پوزیشن کمزور ہوگی، چناں چہ کاموں میں سست رفتاری اور رکاوٹوں کا سامنا رہے گا، جب یہ دیگر نحس اثرات سے متاثر ہوگا تو نت نئے مسائل پریشان کریں گے، پیشہ ورانہ امور اور اعلیٰ تعلیم سے متعلق معاملات میں بھی مشکلات پیش آئیں گی، البتہ جب بہتر پوزیشن میں ہوگا تو یقیناً مثبت اثرات دے گا، حیثیت اور دولت میں اضافے کا باعث ہوگا۔
برج سرطان: برج سرطان والوں کے لیے زحل بنیادی طور پر آٹھویں نحس گھر کا حاکم ہونے کی وجہ سے ناموافق یعنی خراب اثر رکھتا ہے،برج جدی میں اس کا قیام زائچے کے ساتویں گھر میں ہوگا جس کی وجہ سے سرطانی افراد کو قانونی نوعیت کے مسائل کا سامنا اور پراپرٹی کے معاملات پر توجہ دینا ہوگی، صحت بہتر ہوگی، البتہ کاروباری یا ازدواجی پارٹنر شپ میں مسائل پیدا ہوں گے،شریک حیات یا والدین کی صحت کے مسائل پریشان کرسکتے ہیں، انھیں کسی ایکسیڈنٹ یا زخمی ہونے کے خطرات سے بھی محتاط رہنا ہوگا، البتہ وراثتی نوعیت کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی، پہلی یا دوسری شادی کے سلسلے میں بھی معاون و مددگار ہوگا۔
برج اسد: اسدی افراد کے زائچے میں سیارہ زحل چھٹے اور ساتویں گھر کا حاکم ہے، اس کا بنیادی برج ساتویں گھر پر ہے، گویا اسد افراد کے لیے زحل موافق اور سعد اثر رکھتا ہے لیکن برج جدی میں زحل کی موجودگی نئے تنازعات، امراض اور قانونی مسائل لاسکتی ہے،سیارہ زحل کی چھٹے گھر میں موجودگی کے اثرات منفی ہوتے ہیں، شادی میں رکاوٹ یا ازدواجی زندگی میں تنازعات، طویل قانونی مقدمات ، شریک حیات کی صحت کے مسائل یا کاروباری پارٹنر شپ میں اختلافات کا سامنا ہوسکتا ہے، اسی طرح صحت کے معاملات میں بھی خرابیوں کا امکان موجود ہے خصوصاً ہڈیوں کے مسائل، کوئی فریکچر وغیرہ کا اندیشہ ہوسکتا ہے، ملک سے باہر رہنے والوں کے لیے یہ خطرات اور بڑھ جائیں گے۔
برج سنبلہ: سیارہ زحل برج سنبلہ کے زائچے کے مطابق چھٹے گھر کا حاکم ہوکر سنبلہ والوں کے لیے ناموافق اور نحس اثر رکھتا ہے، برج جدی میں اس کا قیام ان کے مزاج میں جارحیت اور سختی لائے گا، وہ نئے تنازعات میں ملوث ہوسکتے ہیں، یہ صورت حال زندگی کی حقیقی خوشیوں سے دور لے جاسکتی ہے، اولاد سے متعلق مسائل بھی اہمیت اختیار کریں گے، انھیں آنتوں ، جگر اور تلّی سے متعلق تکالیف اور بیماریاں پریشان کرسکتی ہیں، خصوصاً اس وقت جب زحل خراب پوزیشن میں ہوگا، بہتر پوزیشن میں صحت بہتر ہوگی اور کام یا مالی امور میں فوائد حاصل ہوں گے،قانونی نوعیت کے مسائل سے نکلنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
برج میزان: سیارہ زحل برج میزان والوں کے لیے ”یوگ کارک“ سیارہ ہے یعنی زائچے کے دو سعد گھروں کا حاکم ہونے کی وجہ سے نہایت فائدہ بخش ، چناں چہ برج میزان کے لیے اس کی اہمیت بہت بڑھ جاتی ہے، جنوری 2020 ءسے تقریباً ڈھائی سال کے لیے میزانی افراد کے چوتھے اور اپنے ذاتی گھر میں اس کا قیام نہایت فائدہ بخش ثابت ہوگا، اس کے بعد بھی یعنی 2023 ءکے بعد اس کا قیام زائچے کے پانچویں گھر میں رہے گا، اس طرح تقریباً پانچ سال کا عرصہ میزانی افراد کے لیے زندگی میں ترقی، خوش حالی اور خوشیوں کا باعث رہے گا۔
برج جدی میں قیام کے دوران میں پراپرٹی کا حصول، بہتر رہائش، والدین سے خوشیاں، تعلیمی سہولیات کا حصول ممکن ہوسکے گا، میزانی بچے اچھی تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، پیشہ ورانہ معاملات اور کاروباری امور میں ترقی ہوگی، غیر شادی شدہ افراد کو معقول لائف پارٹنر مل سکے گا، صحت بہتر رہے گی، الغرض میزانی افراد کی زندگی میں اس سال جنوری کے بعد سے ایک شاندار دور کا آغاز ہورہا ہے۔
برج عقرب: عقربی افراد کے لیے بھی سیارہ زحل ایک سعد اثر رکھنے والا سیارہ ہے،روایتی ساڑھ ستی کا نظریہ اس برج پر باطل ہے، زحل زائچے میں تیسرے گھر میں ہوگا جس کی وجہ سے یہ لوگ بہتر فیصلے اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے،اپنے قریبی رشتے داروں سے یا چھوٹے بہن بھائیوں سے انھیں مدد و تعاون ملے گا، قسمت ساتھ دے گی، اولاد کے ذریعے خوشیوں کا حصول ممکن ہوگا، یہ لوگ اس عرصے میں کسی نئے سیٹ اپ کی بنیاد ڈال سکتے ہیں، اگر تعمیری منصوبے شروع کریں تو وہ بھی پایہ ءتکمیل تک پہنچیں گے،نئے گھر کا خواب دیکھنے والوں کے لیے تعبیر کی خوش خبری ہے، اگر بیرون ملک رہائش اختیار کرنا چاہتے ہیں تو اس میں بھی کامیابی ہوگی، اکثر عقربی افراد کو اس عرصے میں بیرون ملک سیٹل ہونے میں مدد ملے گی۔
برج قوس: سیارہ زحل برج قوس کے لیے سعد اور فائدہ بخش اثر رکھتا ہے، روایتی ساڑھ ستی کا نظریہ برج قوس والوں کے لیے نہیں ہے، زحل زائچے کے دوسرے گھر میں رہتے ہوئے اپنی سعد پوزیشن میں نہایت فائدہ بخش ثابت ہوگا، ذرائع آمدن میں استحکام آئے گا، حیثیت میں اضافہ ہوگا، ان کی محنت اور جدوجہد کا معقول صلہ ملے گا، پہلے سے جاری منصوبے مکمل ہوں گے، قوسی افراد کی زندگی میں پیشہ ورانہ اور سوشل زندگی میں بہتری آئے گی، اس کے علاوہ ذاتی رہائش یا پراپرٹی سے متعلق کاموں میں بھی زحل کی یہ پوزیشن معاون و مددگار ثابت ہوگی، ان کے اثاثوں میں اضافہ ہوگا، نئی سواری کا بندوبست ہوسکے گا، اپنی خراب پوزیشن میں زحل مندرجہ بالا تمام معاملات میں عارضی رکاوٹ کا باعث ہوسکتا ہے۔
برج جدی: سیارہ زحل برج جدی والوں کا حاکم سیارہ ہے، چناں چہ ان کے لیے سعد اور فائدہ بخش اثر رکھتا ہے، ان پر بھی روایتی ساڑھ ستی کا اصول لاگو نہیں ہوتا، زائچے کے پہلے گھر میں زحل کا ڈھائی سالہ قیام زندگی میں سکون اور آزادی کی علامت ہے، گزشتہ تیس ماہ زحل زائچے کے بارھویں گھر میں رہا ہے جس کے نتیجے میں برج جدی والوں نے خاصا مشکل اور ناگوار وقت گزارا ہے، اب ماضی کی تلافی کا دور شروع ہورہا ہے، فیملی لائف بہتر ہوگی اور صحت بھی بہتر رہے گی، ساتھ ہی پیشہ ورانہ مسائل حل ہوں گے، اچھی جاب یا کاروبار میں ترقی کا امکان موجود ہے، برج جدی والے آنے والے سالوں میں اپنی جدوجہد اور کوشش میں تیزی لائیں گے، غیر شادی شدہ افراد کی شادی ہوسکے گی، عز و وقار میں اضافہ ہوگا لیکن انھیں محتاط رہنا چاہیے کہ نئی سرمایہ کاری یا سوشل پوزیشن متاثر ہوسکتی ہے،بے شک وہ خود بہت محتاط اور نظم و ضبط کے پابند لوگ ہوتے ہیں لیکن لالچ بری بلا ہے۔
برج دلو: یہ سیارہ زحل کا بنیادی برج ہے، زحل کا قیام آئندہ ڈھائی سال برج دلو والوں کے بارہویں گھر میں ہوگا، اپنے سیارے کی بارھویں گھر میں پوزیشن کوئی موافق صورت حال نہیں ہے لہٰذا دلو والوں کو آئندہ ڈھائی سال محتاط انداز میں گزارنا ہوں گے، زندگی میں نقصانات کا اندیشہ رہے گا، مستقبل کے خوف پریشان کریں گے، اس عرصے میں کسی عیب یا غیر اخلاقی سرگرمی میں مبتلا ہونے کا اندیشہ موجود ہے، خصوصاً بچوں یا نوجوانوں کے معاملات پر والدین کو خصوصی نظر رکھنا ہوگی، اگر پیدائشی زائچے میں زحل اور مریخ کمزور ہیں تو یہ صورت حال زیادہ تشویش کا باعث ہوسکتی ہے، پختہ عمر کے حامل دلو افراد روحانیت کی طرف متوجہ ہوسکتے ہیں، برج دلو سے تعلق رکھنے والے افراد ویسے بھی عجیب و غریب اور انوکھی چیزوں کی طرف جلد متوجہ ہوتے ہیں، اس وقت میں ایسی کسی صورت کا امکان بڑھ جاتا ہے، بعض افراد دنیاوی ترقی کے لیے روحانی یا سحری مشاغل میں مصروف ہوسکتے ہیں لیکن اس طرح سبز باغ دیکھنا مناسب نہیں ہوگا، اس عرصے میں معقول طریقے سے اپنی ذاتی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا بہتر طریقہ ہوگا تاکہ 2023 ءکے بعد جب زحل برج دلو میں آئے گا تو انھیں یقیناً بام عروج تک لے جائے گا، یہ عرصہ غیر معمولی اخراجات، سرمایہ کاری میں نقصان اور کسی نئی کرونک بیماری کی بھی نشان دہی کرتا ہے۔
برج حوت: سیارہ زحل برج حوت والوں کے بارھویں گھر کا حاکم ہے لہٰذا فعلی منحوس سیارے کا اثر رکھتا ہے، روایتی ساڑھ ستی کا نظریہ ان پر لاگو ہوتا ہے، زائچے کے گیارھویں گھر میں زحل کا ڈھائی سالہ قیام اچانک سامنے آنے والے اخراجات اور کسی بنتے کام کا بگڑنا ، امیدیں ٹوٹنا ظاہر کرتا ہے، یہ صورت حال برج حوت والے حساس لوگوں کے لیے اکثر شدید نوعیت کا ڈپریشن لاتی ہے،اس عرصے میں اپنے ہمدردوں اور دوستوں سے بھی دوری ہوسکتی ہے، کاروباری نقصانات ، پروموشن میں رکاوٹ یا مایوسی کا سامنا ہوسکتا ہے، کسی ایسی جگہ تبادلہ ہوسکتا ہے جو توقع کے خلاف اور ناپسندیدہ ہو، صحت کے مسائل بھی پریشان کریں گے، محبت اور اولاد سے متعلق مسائل میں پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، بعض افراد کی منگنیاں ٹوٹ سکتی ہیں، وہ ایسی غلطیاں کرسکتے ہیں جن کا نتیجہ لمبے عرصے تک کا پچھتاوا ہوگا، اس دوران میں کسی زخم یا آپریشن سے بھی واسطہ پڑسکتا ہے، بہر حال آئندہ تیس ماہ برج حوت والوں کے لیے احتیاط کے متقاضی ہیں، انھیں پابندی کے ساتھ ہفتے کے روز اپنا صدقہ دینا چاہیے اور بوڑھے یا معذور افراد کی مدد کرنا چاہیے۔
عزیزان من! جیسا کہ پہلے بھی نشان دہی کی ہے کہ اپنا درست برج اور سیارہ معلوم کرنے کے لیے مکمل تاریخ پیدائش، پیدائش کا وقت اور شہر ضروری ہے، اگر آپ اس سے واقف نہیں ہیں تو ایسٹرولوجی سے حقیقی رہنمائی کا حصول ممکن نہیں ہوتا، اگر آپ اپنا حقیقی برج اور سیارہ معلوم کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے براہ راست رابطہ کرکے معلوم کرسکتے ہیں جس کی کوئی فیس نہیں ہوگی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں