جمعہ، 12 جولائی، 2019

زائچہ ءپیدائش میں ہر ماہ چاند کا دلچسپ سفر

ہمارے روز مرہ معمولات میں اتار چڑھاو کا چشم کشا ماجرا 

چاند جسے عربی میں قمر ، ہندی میں چندر، فارسی میں ماہ اور انگریزی میں مون کہا جاتا ہے،دیگر زبانوں میں بھی اس کے بے شمار نام ہوں گے، ہماری کائنات میں اس کی حیثیت و اہمیت اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی ہے، جدید سائنسی تحقیق کے بعد چاند کی زمین کے گرد گردش اپنی جگہ ایک حقیقت ہے اور اس کے اثرات بھی ظاہر ہیں، پہلا شخص جس نے چاند کے اثرات و مظاہر کی نشان دہی کی وہ شہرہ آفاق تصویر مونا لیزا کا خالق لیونارڈ ڈاو ¿نجی تھا، اس نے بتایا کہ سمندر میں مدوجزر چاند کی گردش سے پیدا ہوتا ہے، گزشتہ صدی میں چاند تک پہنچنے کی کوششیں بھی ہمارے علم میں ہیں اور غالباً 1969 ءمیں انسان نے چاند پر پہلا قدم بھی رکھ دیا تھا۔
علم نجوم میں ابتدا ہی سے چاند یعنی قمر کو بنیادی حیثیت و مرتبہ حاصل ہے، شاید ایسٹرونومی کے ماہرین بہت بعد میں چاند کے اسرار و رموز سے واقف ہوئے ہوں گے لیکن ایسٹرولوجی کے ماہرین و محققین ہزاروں سال قبل چاند کے رازوں سے واقفیت کے دعوے دار رہے ہیں، اس کی گردش کو اہمیت دی گئی اور اسے ایسٹرولوجی کے تمام تکنیکی امور میں اولیت دی گئی۔
الہامی کتابوں میں بھی چاند اور اس کی گردش کا تذکرہ موجود ہے، اللہ کی آخری کتاب میں چاند کی گردش اور اس کی مخصوص منزلوں کے بارے میں ارشار ربانی موجود ہے چناں چہ چاند کی گردش کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، اس حوالے سے ہم خاصے تفصیلی اور سیر حاصل مضامین پہلے بھی لکھ چکے ہیں، زیر نظر مضمون چاند کی کسی بھی زائچے میں گردش سے متعلق ہے ، کسی بھی معیاری جنتری کے ذریعے آپ معلوم کرسکتے ہیں کہ چاند آج کہاں ہے اور کل کہاں ہوگا،اس کے علاوہ ایسے سافٹ ویئرز بھی موجود ہیں جن کے ذریعے آپ چاند کی روزانہ یا صبح و شام کی درست پوزیشن معلوم کرسکتے ہیں، اگر آپ کے پاس اپنا زائچہ ءپیدائش بھی موجود ہے تو آپ زائچے میں چاند کی پوزیشن معلوم کرکے اندازہ کرسکتے ہیں کہ چاند حالات و واقعات پر کس طرح اثر انداز ہوسکتا ہے۔
علم نجوم میں اور بہت سی تہذیبوں میں چاند کو نسوانیت کا نمائندہ اور ماں کا متبادل سمجھا جاتا رہا ہے، اسے ہمیشہ چاہا گیا ہے اور اس کی پوچا کی گئی ہے۔ مصر کی قدیم تہذیب میں اسے مختلف ناموں سے پکارا جاتا رہا ہے، تقدیس کا نسوانی پہلو اس سے وابستہ ہے،اسے زراعت اور زرخیزی کی دیوی تسلیم کیا جاتا رہا ہے۔
جب چاند ہمارے پیدائشی زائچے میں اچھا اثر ڈال رہا ہو تو ہمارا ماضی اچھا گزرتا ہے، ایک اچھی پوزیشن والا قمر بہت سی سطحوں پر ہمارے لیے معاون و مددگار ثابت ہوتا ہے نیز ہمیں بے خوف، کشادہ دل اور جذباتی طور پر مستحکم بناتا ہے جب کہ دوسری طرف ایک متاثرہ یا خراب پوزیشن کا حامل قمر ہمارے اندر ایک انجانا اور بے نام خوف اور دہشت پیدا کرتا ہے۔ یہ ایسے احساس کو جنم دیتا ہے کہ کچھ ہونے والا ہے۔ یہ سوچ میں قنوطیت کو جنم دیتا ہے، واضح رہے کہ میڈیکل ایسٹرولوجی میں چاند کا تعلق ہمارے دماغ سے ہے اور جسم میں رطوبات زندگی بھی اس سے متعلق ہیں،دوران خون کا گھٹنا اور بڑھنا بھی اسے سے منسلک ہے، اکثر نفسیاتی مسائل کا تعلق بھی قمر سے اس وقت جڑ جاتا ہے جب سیارہ عطارد کی پوزیشن بھی ناقص ہو۔
چاند کا سفر دائرئہ بروج میں خاصا باقاعدہ ہے اور اس کی گردش یقینی ہے، چاند ہمارے پیدائشی زائچے کا ایک چکر 28 دنوں میں پورا کرتا ہے اور بارہ گھروں سے ہر گھر میں ڈھائی دن (60 گھنٹے) اوسطاً قیام کرتا ہے، آئیے دیکھتے ہیں کہ چاند کی یہ گردش مختلف اوقات میں ہمیں کون سے فوائد پہنچاتی ہے اور کیسے نقصانات یا مسائل لاسکتی ہے۔

پہلے گھر سے چاند کا گزر

جب چاند آپ کے زائچے کے پہلے گھر سے گزرتا ہے تو آپ اپنے ماحول اور گرد و نواح کی طرف سے بے حد حساس ہوجاتے ہیں۔ یہ بے حد ضروری ہے کہ دوسرے لوگ آپ کے احساسات سے باخبر ہوں یا انھیں آگاہ کیا جائے اور وہ آپ کے احساسات کو قبول کرتے ہوئے ان کی حمایت اور تائید کریں۔ گھریلو معاملات اور گھریلو حالات سے با خبر ہوں یا انھیں آگاہ کیا جائے اور وہ آپ کے احساسات کو قبول کرتے ہوئے ان کی حمایت اور تائید کریں۔ گھریلو معاملات اور گھریلو حالات کو بڑی آسانی سے اولیت حاصل ہو سکتی ہے۔ اس ٹرانزٹ کا ایک سب سے مثبت اثر یہ ہے کہ آپ اپنے رشتے یا تعلق کو اپنے ماحول میں ڈھال سکتے ہیں جو آپ کے لیے سب سے زیادہ اطمینان بخش ہو۔ اس کا ایک منفی اثر یہ ہو سکتا ہے کہ آپ اس احساس سے دوچار ہو جائیں کہ آپ کے قریب ترین لوگوں نے آپ کو غلط سمجھا ہے یا وہ آپ کی طرف سے غلط فہمی کا شکار ہو گئے ہیں،اگر کسی زائچے میں چاند بنیادی طور پر فعلی طور پر بداثر ہے تو آپ کو اس ٹرانزٹ سے کوئی اچھی امید نہیں رکھنی چاہیے، پہلا گھر برج اسد یا قوس ہو تو ایسی صورت ممکن ہے۔

دوسرے گھر سے چاند کا گزر

زائچے کا دوسرا گھر آپ کا خانہ ءمال کہلاتا ہے ، جب چاند اس گھر میں ہو تو اس وقت ذاتی نوعیت کے مالی مسائل نمایاں ہوں گے، آپ پر یہ بات عیاں ہو سکتی ہے کہ گھریلو اور فیملی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے۔ اگر ان دنوں میں قمر، مشتری، زہرہ، شمس کے ساتھ مثبت زاویے رکھتا ہو تو اکثر مالی معاونت حاصل ہوتی ہےِ، اس کے برعکس معاملہ ہو تو مالی نقصانات اور پریشانیاں پیدا ہوسکتی ہیں، ایسی صورت میں ترنگ میں آ کر فضول خرچی سے گریز کریں۔ دوسرے گھر میں نیو مون یا گہن جیسی صورت حال ہو تو بہت محتاط ہونے کی ضرورت ہے، بھاری اخراجات یا مالی نقصانات کا سامنا ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں آپ کی حیثیت متاثر ہوسکتی ہے، ممکن ہے آپ کو قرض کی ضرورت پیش آجائے۔

تیسرے گھر سے چاند کا گزر

تیسرا گھر بہت اہم ہے ،چاند کا اس گھر میں داخلہ آپ کو زیادہ متحرک اور فعال بناتا ہے، آپ چاہتے ہیں کہ بہت سے کام جلد از جلد انجام تک پہنچ جائیں، صورت حال میں کسی تبدیلی کے لیے بھی آپ بے چین نظر آئیں گے، دوسرے افراد سے بہت قریبی، جذباتی تعلقات کے مواقع فراہم ہوں گے۔ ان سے گھل مل کر ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں لیکن اگر اس پوزیشن میں سفر کرتے ہوئے چاند کو دوسرے سیارے متاثر کریں تو آزمائش اور مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں۔ ان چیلنجوں کو نظر انداز نہ کیا جائے جبکہ حقیقت پسندانہ طریقے سے انھیں حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ اس دوران آپ کی فیملی کا دوسروں کو وزٹ کرنا یا دوسری فیملی کا آپ کو وزٹ کرنا ایک عام سی بات ہو گی،یہ ایسا وقت ہے جب آپ کچھ نیا کرنے پر آمادہ ہوسکتے ہیں۔

چوتھے گھر سے چاند کا گزر

زائچے کا چوتھا گھر فطری طور پر چاند کا اپنا گھر ہے، اسے ایک پناہ گاہ کہا گیا ہے،آپ کے والدین اس گھر سے جڑے ہوئے ہیں، اپنے اندر جھانکنے اور اپنا جائزہ لینے کا یہ ایک اچھاموقع ہے۔ اس کا مطلب اپنا تنقیدی جائزہ لینا ہے، اس وقت چاند اپنے گھر آیا ہے۔ لہذا آپ کے لیے بھی بہتر ہے کہ آپ بھی ایسا کریں، آپ اپنے قریبی تعلقات کا جائزہ لیں اور اپنی حرکات پر غور کریں۔ اس سے آپ کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ اس وقت آپ کے جذباتی اور گھریلو زندگی کے علاقے بہت حساس ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ آپ اپنے "اندر کے بچے" کی بہت اچھی طرح دیکھ بھال کریں۔ یہ سیکھنا کہ خود کو کیسے نکھارا جا سکتا ہے، زندگی بھر آپ کے کام آئے گا،اپنی سواری ، جائیداد اور جمع شدہ سرمائے پر توجہ دیں، اگر آپ کے پاس یہ سب کچھ نہیں ہے تو سوچیں کہ اس کی کیا وجہ ہے؟

پانچویں گھر سے چاند کا گزر

ہم تفریح اور خوشیوںکے لیے کیا کرتے ہیں جس میں ہمارے جذبات شامل ہوں اور ہمیں زندگی کے تناو ¿ سے سکون ملے؟ اس گھر سے گزرتا ہوا چاند اس قسم کے سوال کا جواب دے سکتا ہے، واضح رہے کہ زائچے کا پانچواں گھر زندگی کی خوشیوں کا گھر ہے، ایسی خوشیاں جن کا تعلق آپ کی روح سے ہے، آپ کی تفریحی دلچسپیاں ، رومانی امور اور بچوں سے وابستہ خوشیاں قمر کی موجودگی سے متحرک ہوں گی، بشرط یہ کہ اس وقت قمر اچھی پوزیشن رکھتا ہو اور کسی قسم کے منفی زاویوں کا شکار نہ ہو، جو چیز آپ کو خوش کرتی ہے یا وہ شے جو آپ کے خیال میں آپ کو مسرت سے ہمکنار کرتی ہے، اس کے بارے میں مثبت رہیں۔ اگر اس پڑاو ¿ کے دوران چاند اچھا ناظر ہوا تو آپ دیکھیں گے کہ مہینے کہ یہ ایام آپ کے لیے بے حد مسرت انگیز ہو سکتے ہیں، اس عرصہ کے دوران محبوب اور بچوں کے ساتھ تعلقات پر بھی زور ہے۔

چھٹے گھر سے چاند کا گزر

زائچے کا چھٹا گھر عملیت اور فعالیت کا تقاضا کرتا ہے،آپ کی مصروفیات میں اضافہ ممکن ہے دوسروں سے تعلقات کی نوعیت اہمیت اختیار کرتی ہے،کسی سے اختلاف یا اتفاق ہوتا ہے، جذبات و احساسات پر دباو ¿ پڑتا ہے، اب یہ دیکھنے کا موقع ہے کہ آپ کے کام کے علاقہ میں آپ کی جذباتی ضروریات کیسے پوری ہو رہی ہیں یا کیوں نہیں ہوری ہو رہی ہیں؟ آپ زندگی کے اس حصے میں دوسروں کی کس طرح تائید کر رہے ہیں اور دوسرے کس طرح آپ کی تائید کر رہے ہیں؟اس پوزیشن میں صحت ایک اور علاقہ ہے جو متاثر ہوتا ہے،آپ محسوس کرسکتے ہیں کہ آپ نے اس دوران میں کچھ مشکل وقت گزارا ہے، بہتر ہوگا کہ اس دوران میں اپنے جذبات اور احساسات کو قابو میں رکھیں، کسی مرحلے پر بھی غصے یا اشتعال کا شکار نہ ہوں،پہلے سے جاری کاموں کو نمٹانے پر توجہ دیں، کوئی نیا کام شروع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ساتویں گھر سے چاند کا گزر

زائچے کے ساتویں گھر سے چاند کا گزر آپ کے مراسم و تعلقات کو متحرک کرسکتا ہے، یہ تعلقات نجی ہوں یا کاروباری، آپ کی توجہ کے متقاضی ہوں گے،اپنا مثبت یا منفی رنگ دکھائیں گے، یہاں چاند کی پوزیشن پر غور کرنے کی ضرورت ہوگی، اگر وہ اپنے ہبوط کے برج میں نہیں ہیں (طالع ثور) تو بہترین بات ہے،اس وقت میں لوگوں سے ملاقات اور ضروری امور میں بات چیت مفید اور نتیجہ خیز ہوسکتی ہے،جذباتی اور نفسیاتی مسائل، معائنہ کے لیے ابھر کر سامنے آتے ہیں۔ یہ ایک سودمند قمری گزرگاہ ہے جب چاند زائچہ کے دوسرے سیاروں سے مختلف زاویے بنارہا ہو تو آپ کے دوسروں سے مراسم بھی نئی کروٹ لیتے محسوس ہوں گے، اپنی ذات کے اندر کی کشمکش اور آزمائشوں کی عکاسی نمایاں ہوگی، ہم ہر ماہ چاند کی اس پوزیشن میں اپنی اور دوسروں کی جذباتی طلب اور ضروریات کو جتنا زیادہ سمجھنے کی کوشش کریں اتنا ہی بہتر ہے۔

آٹھویں گھر سے چاند کا گزر

یہ اکثر ہم سب کے لیے کوئی اچھا وقت نہیں ہوتا، سوائے برج قوس کے، کیونکہ چاند آٹھویں گھر میں خوش نہیں رہتا۔ یہ وہی گھر ہے جس میں اسے (اور ہمیں) جذباتی چیلینج پیش آتے ہیں۔ ہم دوسروں کی جذباتی اور مالی ضروریات اور خواہشات کی دنیا میں رہ رہے ہیں اور کس طرح ان باتوں سے نمٹتے ہیں اس کے لیے فہم اور ادراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر ہم دوسروں کا خیال کرنے کے بجائے اپنی ضروریات اور خواہشات کو سب سے مقدم سمجھیں تو تنازع پیدا ہو گا۔ چاند کے اس آٹھویں گھر میں ہونے کے دوران میں اگر ہم دوسروں کی جذباتی ضروریات اور خواہشات کو اولیت دیں اور انھیں پورا کرنے کے لیے بلکل چوکنا رہیں تو اچھے نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، اس دوران میں کسی کام یا مسئلے کو زبردستی انجام تک پہنچانے کی کوشش مناسب نہیں ہوتی،تھوڑا سا صبر اور انتظار کرلینا بہتر ہوتا ہے۔

نویں گھر سے چاند کا گزر

نویں گھر میں چاند کی آمد خوش گواری کا تازہ احساس لاتی ہے، ہم محسوس کرتے ہیں کہ گویا گزشتہ چند روز سے جن مسائل و مشکلات کا سامنا کر رہے تھے وہ اب ختم ہونے والے ہیں ،امید کی نئی کرنیں پھوٹنے کا وقت شروع ہوا چاہتا ہے،آئینی و قانونی ، مذہبی نوعیت کے معاملات اہم ہوسکتے ہیں، ہم زیادہ حوصلے اور جرا ¿ت کے ساتھ کوئی نئی منصوبہ بندی شروع کرسکتے ہیں، بیرون ملک سفر یا رابطے اس دوران میں اہم ہوسکتے ہیں، مزید یہ کہ ہماری قوت کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے،ہم آئندہ کے لیے کوئی نیا ٹارگٹ منتخب کر رہے ہوتے ہیں، اس دوران میں دیگر سیاروی اثرات اگر چاند کے ساتھ مثبت ہوں تو بہترین نتائج کی امید رکھی جاسکتی ہے، اس کے برعکس صورت حال میں قسمت کی کوئی خرابی کسی نقصان یا غلط فیصلے کا سبب ہوسکتی ہے۔

دسویں گھر سے چاند کا گزر

چاند زائچے کے اہم ترین مقام سے گزر رہا ہے، اس وقت ہمارے سماجی رتبے، کرئر کے علاقے چاند کی کرنوں سے جگ مگا رہے ہیں، ہمیں ان معاملات پر بھرپور توجہ دینا چاہیے، اس وقت کو ضائع نہیں کرنا چاہیے، ہم کیا چاہتے ہیں اور ہمارے کیا مقاصد ہیں؟یہ سوالات اس وقت نہایت اہم ہیں، ہمیں پیش رفت کرنا چاہیے، ہاتھ پر ہاتھ دھر کر بیٹھنا غلط ہے، کیا ہم ان لوگوں کو سپورٹ کر رہے ہیں جو ہمارے عزائم کو آگے بڑھا سکتے ہیں؟ کیا یہ مقاصد ہمارے لیے بہتر ہیں یا یہ کہ ہم محض جذباتی تحفظات کی خاطر اپنی بیرونی زندگی کی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں اور ہمیں باطنی گہری تسکین کی ضرورت نہیں ہے؟ اگر دسویں گھر پر برج عقرب قابض ہے تو محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی یا پہلا گھر قوس یا اسد ہے تو بھی احتیاط ضروری ہوگی،کوئی بات توقع کے خلاف بھی ہوسکتی ہے۔

گیارہویں گھر سے چاند کا گزر

ہماری کوششوں اور جدوجہد کا پھل پک چکا ہے، صلہ ملنے کا وقت شروع ہورہا ہے،ہم نے جو بویا ہے، اب وہی ہم کاٹیں گے، اس گھر میں چاند کی موجودگی کے دوران میں دوستی کو ایک خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب اپنے دوستوں کو سہارا دینا یا ان سے مدد طلب کرنا بہت اہمیت رکھتا ہے، اس عرصے میں اجتماعی سرگرمیوں میں اضافہ ہو سکتاہے، ہم کوئی مشترکہ پروگرام بناسکتے ہیں، اس وقت جو دوسرے حالات پیدا ہو سکتے ہیں، ان کا تعلق اس بات سے ہے کہ ہم مستقبل کے لیے اپنے وژن اور اپنی امیدوں کو کس طرح سپورٹ کر رہے ہیں۔ اپنے اہداف حاصل کرنے کے لیے ہمیں دوسروں کی کیسی سپورٹ چاہیے؟ یہ اس سوال کا جواب دینے کا بہت اہم وقت ہے تاکہ ہم یہ دیکھ سکیں کہ آیا ہم جو سماجی سیٹنگ چاہ رہے ہیں وہ درست بھی ہے یا نہیں۔

بارہویں گھر سے چاند کا گزر

بارھویں گھر میں چاند کا داخلہ ہمیں احساس دلاتا ہے کہ ہم کچھ تھکن محسوس کر رہے ہیں اور اب آرام کی ضرورت ہے، ایسے وقت میں ہم اپنے اردگرد کی دنیا سے تھوڑا لا تعلق ہوکر تنہائی اور تخلیے میں رہنے میں زیادہ راحت محسوس کرتے ہیں۔ آپ چاہتے ہیں کہ آپ اپنی ذمہ داریوں سے اور ساتھ ہی ان ذمہ داریوں سے تھوڑی فراغت حاصل کریں جو دوسروں نے آپ پر مسلط کر رکھی ہیں اور آپ سکھ کا سانس لیں سکیں لیکن ضروری نہیں ہے کہ ایسا ہی ہو، صورت حال اس کے برعکس بھی ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں آپ جھنجلاہٹ کا شکار ہوسکتے ہیں، چاند کی یہ پوزیشن کچھ لوگوں کو تحقیق کرنے اور گھر کی صفائی کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ آپ کچھ بھی کرنا چاہیں یا نہ کرنا چاہیے، یہ وقت بیرونی سرگرمیوں کے لیے یقیناً مناسب نہیں ہے،اس وقت کوئی منفی سوچ بھی عملی طور پر ذہن کو متاثر کرسکتی ہے۔

نوٹ: اگر آپ کے پاس اپنا درست زائچہ ئ پیدائش موجود ہے تو آپ بہتر طور پر اپنے روز مرہ کے حالات و واقعات کے بارے میں با آسانی جان سکتے ہیں، عام طور پر لوگ صرف اپنے شمسی برج (سن سائن) کو اپنا برج سمجھتے ہیں جو کہ غلط ہے، لہٰذا ہمارا مشورہ ہے کہ اپنا درست زائچہ ضرور بنواکر پاس رکھیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں