ستمبر کی فلکیاتی پوزیشن اور زائچہ ء حلف وزیراعظم پر اظہار خیال
عام لوگ وقت کی اہمیت کا مکمل ادراک نہیں رکھتے بلکہ اس بات کی پروا بھی نہیں کرتے کہ کون سا کام کس وقت کرنا بہتر ہے، جب ذہن میں کوئی کام آگیا، اٹھ کھڑے ہوئے اور شروع کردیا، اسی وجہ سے اکثر ناکامیوں اور مایوسی سے سابقہ پڑتا ہے،خاص طور پر اہم کام کی انجام دہی کے لیے کسی مناسب اور سعد وقت کا انتخاب ضرور کرنا چاہیے، شادی بیاہ، کاروبار، جاب، سفر شروع کرنے کے لیے ہمیشہ کسی بہتر وقت کا انتخاب ضروری ہے۔
ہمارے قارئین کو یاد ہوگا کہ 2013 ء میں جناب نواز شریف نے جب بہ حیثیت وزیراعظم حلف لیا تھا تو ہم نے لکھا تھا کہ یہ وقت انتہائی نامناسب اور تباہ کن، کسی وزیراعظم کا حلف جیسے اہم معاملے کو خراب وقت میں انجام دینا خود اس کے لیے اور قوم و ملک کے لیے بھی نیک شگون نہیں ہوتا، چناں چہ ہم نے دیکھا کہ ان کا پانچ سالہ دور اقتدار کیسی کیسی ناگہانی آفات و مشکلات کا شکار ہوا، وہ خود بھی اب قید و بند کی تکلیف برداشت کر رہے ہیں۔موجودہ انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی اور پھر عمران خان کی بطور وزیراعظم نامزدگی کے بعد پہلے ایک خبر یہ آئی تھی کہ وہ گیارہ اگست کو حلف لیں گے، اس روز سورج گہن تھا چناں چہ ہم نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس غلط فیصلے کی نشان دہی کی پھر خبر آئی کہ وہ 18 اگست کو حلف لیں گے، اس روز تقریباً صبح 10:29 am سے قمر برج عقرب میں داخل ہورہا تھا، ہم نے دوبارہ سوشل میڈیا کے ذریعے اس خراب وقت کی نشان دہی کی اور پھر اپنے بعض ذرائع سے کوشش کی کہ اس خراب وقت سے بچا جائے ، اس خرابی کو دور کرنے کے لیے بہتر وقت کی بھی نشان دہی کی یا تو حلف صبح 10:29 سے پہلے مکمل ہوجائے یا پھر شام پانچ بجے کا وقت رکھا جائے، بہر حال ہمیں نہیں معلوم ہمارے ذرائع کس حد تک کامیاب رہے لیکن خوشی ہوئی جب ہمیں معلوم ہوا کہ حلف کا وقت صبح کا رکھا گیا ہے اور تقریباً 10:24 am پر حلف کی کارروائی مکمل ہوئی، یہ ایک مناسب وقت تھا حالاں کہ اگر یہ کارروائی شام پانچ بجے مکمل ہوتی تو مزید بہتر ہوتا۔
مندرجہ بالا وقت کے مطابق اسلام آباد کے اُفق پر برج میزان تقریباً دو درجہ طلوع تھا، برج میزان عمران خان کا ذاتی برج بھی ہے،بدقسمتی سے حلف کے وقت برج میزان کا حاکم سیارہ زہرہ زائچے کے بارھویں گھر میں ہبوط یافتہ ہے، یہ خرابی شام پانچ بجے کے وقت میں نہ ہوتی گویا اب زائچے کا حاکم سیارہ نہایت کمزور پوزیشن رکھتا ہے،یہ کمزوری صاحب زائچہ کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں پریشان کرے گی،صحت کے معاملات بھی تسلی بخش نہ رہیں۔
بعض دیگر حوالوں سے زائچہ بہتر ہے،پہلے گھر میں قمر اور مشتری موجود ہیں اور گج کیسری یوگ بنارہے ہیں، یہ یوگ جس زائچے میں ہو ، رفاہی اور اصلاحی کاموں میں مددگار ہوتا ہے،صاحب زائچہ ایسے کام کرجاتے ہیں جنھیں یاد رکھا جاتا ہے،دوسرا یوگ چندرمنگل یوگ ہے یعنی قمر سے چوتھے گھر میں شرف یافتہ مریخ براجمان ہے،اس یوگ کا حامل آمدن کے ذرائع ڈھونڈنے اور انھیں بہتر بنانے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے، تیسرا اہم ترین یوگ ’’رچاکا یوگ‘‘ ہے یعنی سیارہ مریخ چوتھے گھر میں شرف یافتہ اور نہایت طاقت ور پوزیشن رکھتا ہے، یہ تنہا راج یوگ کے برابر ہے کیوں کہ ایسے لوگ اقتدار حاصل بھی کرتے ہیں اور پھر آسانی سے اسے ہاتھ سے جانے نہیں دیتے،وہ اپنا اقتدار برقرار رکھنے کے لیے جائز ناجائز کی پروا بھی نہیں کرتے، ماضی میں رچاکا یوگ جرمنی کے چانسلر ایڈولف ہٹلر اور پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے زائچے میں موجود تھا۔
رچاکا یوگ کے حامل افراد اپنے مقاصد کے حصول کے لیے جبر سے بھی کام لے سکتے ہیں، وہ جو صحیح سمجھتے ہیں اسے ہر قیمت پر اور ہر صورت میں کرگزرتے ہیں، خواہ بعد میں اس کے نتائج کیسے بھی ہوں اس یوگ کا پہلا اثر تو یہ ہے کہ عوام کے حالات میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی، دوم یہ کہ اپوزیشن اپنا سخت کردار ادا کرے گی اور وزیراعظم کے لیے مشکلات پیدا کرنے کا اور ان کی حکومت پر تنقید و احتجاج کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کرے گی،یہ بھی ممکن ہے کہ کسی مرحلے پر اپوزیشن ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئے، جیسا کہ ماضی میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی پہلی حکومت میں ہوا تھا، اگرچہ وہ تحریک عدم اعتماد کامیاب نہ ہوسکی اور چھانگا مانگا سیاست کا ٹائٹل مشہور ہوگیا۔
تیسرا اہم اثر راج یوگ کا عمران خان کا سخت اور بے لچک رویہ ہوگا، وہ اپنے اصولوں پر سمجھوتا نہیں کریں گے، وقتاً فوقتاً بھرپور قوت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مخالفین کے لیے ایک دو دھاری تلوار ثابت ہوں گے،یہ بھی ممکن ہے کہ وہ اگر یہ دیکھیں کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام ہورہے ہیں اور اپوزیشن ان کے راستے میں رکاوٹ ڈال رہی ہے تو وہ وقت سے پہلے ہی اسمبلی توڑ کر نئے انتخابات کی کال دے دیں اور دوبارہ کامیاب ہوکر میدان میں آئیں۔
سوائے سیارہ زہرہ کے باقی تمام سیارگان زائچے میں مناسب پوزیشن رکھتے ہیں، ان کے ضعف و قوت سے قطع نظر وہ سعد گھروں میں قابض ہیں، حلف کے وقت قمر چاند کی منزل وشاکھا میں تھا، اس منزل پر سیارہ مشتری حکمران ہے،یہ نچھتر بھی کسی حد تک جارحانہ مزاجی کا مظاہرہ کرتا ہے اور اقتدار کو سپورٹ کرتا ہے،زائچے میں مشتری کا دور اکبر جاری ہے جب کہ دور اصغر سیارہ قمر کا ہے۔
اس زائچے کے مطابق مئی 2019 ء تک مشکلات کا سامنا رہے گا اور خاص طور پر 19 دسمبر 2018 ء سے فروری 2019 ء تک ایک نہایت سخت وقت کی نشان دہی ہورہی ہے،عمران خان کو اس عرصے میں اپنی سیکورٹی کے سلسلے میں بھی زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، امکان ہے کہ یہ وقت موجودہ کابینہ میں بھی ردوبدل کا باعث ہوسکتا ہے،اپوزیشن کا احتجاج بھی شدت اختیار کرے گا اور ملک میں ایسے حالات پیدا ہوسکتے ہیں جو عمران خان کے لیے زیادہ پریشانی کا باعث ہو، اس وقت ان کی ساکھ اور عزت و وقار کو بھی خطرہ ہوسکتا ہے۔
ایسے وقت کے لیے صدقات اور غریبوں کی بھلائی کے کام زیادہ سے زیادہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے،مئی سے زائچے میں سیارہ مریخ کا دور اصغر شروع ہوگا تو وزیراعظم ایسی پوزیشن میں آجائیں گے جب وہ سب کرسکیں گے جو کرنا چاہتے ہوں گے اور بالآخر اپنی مدت پوری کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے (واللہ اعلم بالصواب)
عمران خان کے زائچے اور تحریک انصاف کے زائچے پر ہم پہلے تفصیل سے لکھ چکے ہیں، اب مختصراً زائچہ ء حلف پر بھی کچھ گزارشات پیش کی ہیں، اس موقع پر جناب نصیر ترابی کا ایک شعر بھی قارئین کی نظر ہے
مرے موسموں کے بھی طور تھے، مرے برگ و بار ہی اور تھے
مگر اب روش ہے الگ الگ مگر اب ہوا کوئی اور ہے
ستمبر کے ستارے
حکمرانی اور اقتدار کا سیارہ شمس برج سنبلہ میں حرکت کررہا ہے،23 ستمبر کو اپنے ہبوط کے برج میزان میں داخل ہوگا، منشیِ فلک سیارہ عطارد برج اسد میں ہے، 6 ستمبر کو اپنے شرف کے برج سنبلہ میں داخل ہوگا لیکن سیارہ شمس کی اسی برج میں موجودگی کی وجہ سے غروب ہوجائے گا اور اکتوبر کی گیارہ تاریخ تک غروب رہے گا، توازن اور ہم آہنگی کا ستارہ زہرہ اپنے ذاتی برج میزان میں ہے، 9 ستمبر کو برج عقرب میں داخل ہوگا اور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا، قوت و توانائی کا ستارہ مریخ مستقیم ہونے کے بعد اپنی سیدھی چال پر شرف کے برج جدی میں ہے،گیارہ ستمبر کو برج دلو میں داخل ہوگا، سیارہ مشتری پورا مہینہ برج عقرب میں رہے گا جب کہ زحل بحالت رجعت برج جدی میں ہے، 6 ستمبر کو مستقیم ہوکر اپنی سیدھی چال پر آجائے گا، سیارہ یورینس برج ثور میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے جب کہ نیپچون بحالت رجعت برج حوت میں رہے گا، سیارہ پلوٹو بحالت رجعت برج جدی میں رہے گا، راس و ذنب بالترتیب برج اسد اور دلو میں حرکت کریں گے،یہ سیاروی پوزیشن یونانی علم نجوم کے مطابق ہے۔
نظرات و اثراتِ سیارگان
ستمبر کے مہینے میں سعد و نحس نظراتِ سیارگان میں تثلیث کے 6 سعد زاویے اور تسدیس کے چار سعد زاویے ہوں گے جب کہ مقابلے کے تین نحس زاویے اور تربیع کے چار نحس زاویے ہوں گے،دو قرانات ہوں گے جن میں ایک سعد اور دوسرا نحس ہوگا، تفصیل درج ذیل ہے۔
3 ستمبر: عطارد اور زہرہ کے درمیان قران کا سعد زاویہ قائم ہوگا، یہ وقت لوگوں سے میل ملاقات اور معاملات کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کے لیے موافق ہے، اس دوران میں فنکارانہ سرگرمیاں، اسپورٹس سے متعلق دلچسپیاں بہتر رہتی ہیں، کاروباری ترقی اور روزگار میں بہتری کے لیے کوشش کرنا مناسب ہوتا ہے۔7 ستمبر: عطارد اور پلوٹو کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ دوسروں سے اپنی بات منوانے اور ان پر دباؤ ڈالنے کے لیے بہتر ہے، اس وقت کو پبلسٹی سے متعلق کاموں میں بہتر طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اسی تاریخ کو عطارد ور زحل کے درمیان تثلیث کا زاویہ ہوگا، یہ وقت تحریری دستاویزات کی تیاری اور آئندہ کے منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لیے بہتر ہے،اس وقت پراپرٹی سے متعلق کام یا کنسٹرکشن وغیرہ کے کاموں میں آسانی ہوتی ہے۔
اسی تاریخ کو شمس اور نیپچون کے درمیان مقابلے کا نحس زاویہ ہوگا، اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد مشکلات اور سازشوں کا شکار ہوتے ہیں، اس وقت گورنمنٹ سے متعلق کام کرتے ہوئے محتاط رہا جائے، آپ کسی نئی الجھن یا دشواری کا شکار ہوسکتے ہیں۔
9 ستمبر: زہرہ اور مریخ کے درمیان اسکوائر کا زاویہ ایک نحس نظر ہے، یہ وقت عورت اور مرد کے درمیان کشیدگی اور تنازعات لاتا ہے لہٰذا دونوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، اس وقت میں منگنی یا نکاح وغیرہ بھی مناسب نہیں ہوتا۔
11 ستمبر: شمس اور مشتری کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ قائم ہوگا، اس موقع پر قانونی معاملات میں کامیابی ہوتی ہے،ماہرین قانون سے مشورہ کرنا بہتر ہوتا ہے،لون وغیرہ حاصل کرنے کے لیے کوشش کی جاسکتی ہے، گورنمنٹ سے متعلق معاملات میں مدد ملتی ہے، پروموشن کے لیے کوشش کرنا بہتر ہوگا۔
اسی تاریخ کو شمس اور پلوٹو کے درمیان بھی تثلیث کا زاویہ ہوگا،یہ بھی سعد وقت ہے،حکومت کی طرف سے بہتر اقدام سامنے آتے ہیں، عزت و وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔
13 ستمبر: زہرہ اور یورینس کے درمیان مقابلے کی نظر نحس اثر رکھتی ہے،اس وقت اچانک اور غیر متوقع صورت حال کا امکان رہتا ہے،پہلے سے مقرر پروگرام ڈسٹرب ہوتے ہیں، محبت، دوستی یا کسی ڈیل وغیرہ میں اچانک کوئی نئی بات یا واقعہ صورت حال کو تبدیل کرنے کا باعث ہوتا ہے۔
اسی تاریخ کو زہرہ اور زحل کے درمیان تسدیس کا زاویہ ہوگا، یہ سعد نظر ازدواجی زندگی میں استحکام اور دو افراد کے درمیان تلخی یا اختلافات کو ختم کرنے میں معاون ہوتی ہے،روز مرہ کے کاموں میں مددگار ثابت ہوتی ہے، رکے ہوئے کام آگے بڑھتے ہیں۔
14 ستمبر: عطارد اور نیپچون میں مقابلے کی نظر نحس اثر رکھتی ہے، افواہیں یا غلط فہمیاں اور بدگمانیاں جنم لیتی ہیں، اس وقت آنکھ بند کرکے دوسروں پر خصوصاً اجنبی یا غیر افراد پر بھروسا نہ کریں، کسی بھی معاملے میں اچھی طرح معلومات حاصل کرنے کے بعد کوئی فیصلہ کریں، تحریر و تقریر میں غلطیاں ہوسکتی ہیں، آپ کی زبان سے کوئی ایسی بات نکل سکتی ہے جو آئندہ مسئلہ بن جائے، میڈیا میں افواہوں اور غلط خبروں کا زور ہوگا۔
16 ستمبر: عطارد اور پلوٹو کے درمیان تثلیث اور اسی تاریخ کو عطارد و مشتری کے درمیان تسدیس کے سعد زاویے قائم ہوں گے،تقریباً تمام ہی ضروری معاملات میں یہ نظرات مددگار ہوسکتے ہیں،دوسروں سے ضروری معلومات کا حصول ، سفر سے متعلق امور اور تعلیمی نوعیت کی سرگرمیاں اس وقت بہتر ہوتی ہیں، کاروبار کو ترقی دینے کے لیے فیصلے یا اقدام کرنا چاہئیں۔
19 ستمبر: مریخ اور یورینس کے درمیان اسکوائر کا نحس زاویہ غیر متوقع اچانک حادثات لاتا ہے،اس دوران میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے محتاط رہیں، پاکستان میں یہ وقت سازشوں کے ذریعے نقصانات ظاہر کرتا ہے، اس دوران میں عام لوگوں کو ٹیکنیکل اور الیکٹریکل معاملات میں اچانک مسائل پیش آسکتے ہیں، مشینری کی خریدوفروخت یا الیکٹرونکس کی اشیا کی خریدوفروخت کے لیے اچھا وقت نہیں ہوگا۔
21 ستمبر: شمس اور عطارد کا قران ایک نحس نظر ہے،اس وقت غلطیوں کا امکان بڑھ جاتا ہے،اہم دستاویزات پر اس وقت دستخط نہ کریں یا اچھی طرح مطمئن ہوکر دستخط کریں، دستاویزی کاموں کے لیے بھی یہ وقت بہتر نہیں ہوگا، اس وقت میں سفر ملتوی ہوسکتا ہے یا دوران سفر میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
23 ستمبر: عطارد اور زحل کے درمیان تربیع کی نظر نحس اثر رکھتی ہے،ایسا وقت شروع ہورہا ہے جس میں اہم کاموں کو روک کر اپنے معمول کے کاموں پر توجہ دینا چاہیے،کسی نئے کام کی ابتدا نہ کریں، خاص طور پر طویل المدت منصوبوں کا آغاز یا ایگریمنٹ نہ کریں، عام لوگوں کو کاموں میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔
24 ستمبر: عطارد اور مریخ کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ ٹیکنیکل اور مشینری سے متعلق یا ٹرانسپورٹ سے متعلق کاموں میں مددگار ثابت ہوگی،یہ وقت مشینری کی خریدوفروخت کے لیے بھی بہتر ہے،مشکل اور رکے ہوئے کاموں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
26 ستمبر: شمس اور زحل کے درمیان تربیع کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے،گورنمنٹ سے متعلق کاموں میں رکاوٹ آئے گی،اس وقت پراپرٹی کے معاملات میں کوئی رسک نہ لیں، اعلیٰ عہدے دار یا صاحب حیثیت افراد تعاون نہیں کریں گے۔
28 ستمبر: شمس اور مریخ کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ گورنمنٹ سے متعلق ٹیکنیکل کاموں میں مددگار ہوگا۔
قمر در عقرب
اس ماہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 13 ستمبر کو 02:45am سے 04:31am تک رہے گا جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق 12 ستمبر کو 09:45 pm سے 11:31 pm تک رہے گا،یہ نحس وقت ہے اس وقت کیے گئے کاموں کے نتائج اچھے نہیں ہوتے، البتہ اس وقت علاج معالجہ بہتر رہتا ہے،بری عادات سے نجات، مخالفوں اور دشمنوں کو روکنے کے لیے جفری اعمال اور وظائف کرنا بہتر ہوتا ہے۔
شرف قمریکم ستمبر سے پہلے ہی یعنی 31 اگست کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 10:12 am سے 12:04 pm تک قمر اپنے درجہ ء شرف پر ہوگا، جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق 05:12 pmسے 07:04 pm تک قمر شرف یافتہ ہوگا۔
اس ماہ دوسری بار شرف قمر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 27 ستمبر کو 03:55 pm سے 05:45 pm تک قمر شرف یافتہ ہوگا جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق 10:55 am سے 12:45 pm تک۔
یہ سعد اور مددگار وقت ہے، اس وقت نیک اعمال فائدہ مند رہتے ہیں،ہم برسوں سے اس وقت پر گھر میں اتفاق اور محبت کے لیے بسم اللہ کا عمل دے رہے ہیں، اس سے فائدہ اٹھائیں، اس کے علاوہ اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم کا عمل بھی نیک مقاصد کے لیے دیتے رہے ہیں، آپ وہ بھی کرسکتے ہیں۔
شرف عطارد
شرف عطارد کا وقت سال میں ایک بار آتا ہے، جب سیارہ عطارد اپنے شرف کے برج میں 15 درجے پر پہنچتا ہے، اس سال سیارہ عطارد پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 13 ستمبر 7:07 pm سے 14 ستمبر صبح 07:42 am تک درجہ ء شرف پر ہوگا، اس وقت لوح شرف عطارد یا خاتم عطارد اور سیارہ عطارد سے متعلق دیگر الواح و طلسم تیار کیے جاتے ہیں۔
سیارہ عطارد کا تعلق ذہانت ، قوت حافظہ اور تعلیمی سرگرمیوں یا ٹرانسپورٹ سے متعلق کاموں سے ہے،جو لوگ ان معاملات میں ناکامی کا شکار ہوتے ہیں ان کے لیے لوح عطارد یا خاتم عطارد مددگار ثابت ہوتی ہے،اکثر بچے علم ریاضی میں کمزوری کے باعث سائنس کے میدان میں پیچھے رہ جاتے ہیں،ان کے لیے بھی یہ بہتر موقع ہوگا، بعض لوگوں کو حافظے میں کمزوری کی وجہ سے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے،ان کے لیے بھی یہ موقع بہتر ہوگا، لوح کی تیاری کا طریقہ ہماری ویب سائٹ پر موجود ہے یا براہ راست رابطہ کرکے ضروری معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔