ہفتہ، 28 اپریل، 2018

اب جو خدا دکھائے سو لاچار دیکھیے


مئی کی فلکیاتی پوزیشن، دھلائی، صفائی اور لڑائی کا عمل تیز
گزشتہ سال 2017 ء کو ہم نے ایک نئے آغاز اور تبدیلی کا سال قرار دیا اور موجودہ سال 2018 ء کو دھلائی، صفائی اور پاکستان مخالف قوتوں سے لڑائی کا سال قرار دیا ہے،شاید یہ صفائی اور دھلائی سپریم کورٹ کے ہاتھوں جاری ہے،جناب نواز شریف، جہانگیر ترین اور اب خواجہ آصف اس کا ہدف بن چکے ہیں، شیخ رشید کے کیس کا فیصلہ محفوظ ہوچکا ہے، بہت سے دیگر کیسز بھی اپنے انجام کی جانب بڑھ رہے ہیں، نیب کا ادارہ جسٹس جاوید اقبال کی آمد کے بعد نہایت فعال کردار ادا کر رہا ہے ورنہ اس سے پہلے سابق چیئرمین نیب کی سربراہی میں سپریم کورٹ نے نیب کو ایک مردہ گھوڑا قرار دیا تھا، موجودہ چیئرمین وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی باہمی مشاورت سے مقرر ہوئے، یہ الگ بات ہے کہ اب مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں ہی ان کی موجودہ کارکردگی سے پریشان ہیں، موجودہ چیف جسٹس بھی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی رضا مندی سے ہی اپنے عہدے پر تعینات ہوئے تھے، اب نواز شریف صاحب ان کی تعیناتی کو ہی چیلنج کر رہے ہیں، بظاہر یہ ساری باتیں عجیب سی معلوم ہوتی ہیں لیکن درحقیقت یہی فطرت کے وہ راز ہیں جو ظاہری اور سطحی فکر رکھنے والے نہیں سمجھ پاتے، جنرل قمر باجوہ بھی جناب نواز شریف کا انتخاب ہیں اور یہ انتخاب بعض سینئر جنرلز کو نظرانداز کرکے عمل میں لایا گیا، ہم ایک بار پھر ارشاد ربانی کو دہرائیں گے،اللہ فرماتا ہے ’’وہ اپنی چالیں چل رہے تھے اور ہم اپنی چالیں چل رہے تھے‘‘
پاکستان میں دھلائی، صفائی اور لڑائی کا عمل جاری ہے، اس میں مزید شدت مئی سے آرہی ہے،سیارہ مریخ جو زائچہ ء پاکستان کے بارھویں گھر کا حاکم ہے،نویں آئین و قانون ، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کے گھر میں دو مئی سے داخل ہورہا ہے،اس گھر میں اس کا قیام معمول سے زیادہ طویل ہوگا یعنی تقریباً ستمبر تک، فوری طور پر عدلیہ اور دیگر اہم اداروں کی کارکردگی میں تیزی آئے گی،نہایت اہم فیصلے اسی ماہ میں متوقع ہیں، اسی ماہ کے آخر میں موجودہ حکومت اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مدت بھی پوری ہورہی ہے ؂ اب جو خدا دکھائے سو لاچار دیکھیے۔
مئی کے ستارے
سیارہ شمس برج ثور میں حرکت کر رہا ہے،21 مئی کو برج جوزا میں داخل ہوگا، سیارہ عطارد برج حمل میں ہے اور 13 مئی کو برج ثور میں اور 30 مئی کو برج جوزا میں داخل ہوگا، اس ماہ عطارد کی رفتار تیز ہے،سیارہ زہرہ اپنے اوج کے برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے،12مئی کو درجہ ء اوج پر باقوت پوزیشن میں ہوگا 19 مئی کو برج سرطان میں داخل ہوگا ، سیارہ مریخ اپنے شرف کے برج جدی میں ہے، 9مئی کو شرف یافتہ ہوگا جب کہ 16 مئی کو برج دلو میں داخل ہوجائے گا۔
سیارہ مشتری برج عقرب میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے،پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا، سیارہ زحل بحالت رجعت برج جدی میں پورا مہینہ حرکت کرے گا۔
اہم سیاروی تبدیلی
سیارہ یورینس برج حمل میں ہے اور سات سال بعد برج ثور میں 15 مئی کو داخل ہوگا، ایجادات و اختراعات اور اچانک غیر متوقع تبدیلیاں لانے والا سیارہ یورینس گزشتہ سات سال سے برج حمل میں حرکت کر رہا تھا جو آتشی برج ہے اور اس کا حاکم سیارہ مریخ ہے،ان سات سالوں میں دنیا بھر میں نئی اور روایت شکن قیادتیں نمودار ہوئی ہیں،پاکستان میں عمران خان اور تحریک انصاف اسی عرصے میں ایک تیسری سیاسی قوت بن کر ابھری، انڈیا میں نریندر مودی اور بی جے پی جیسے متنازع لیڈر اور متنازع جماعت نے عروج پایا، کوریا میں بھی نئی قیادت زیادہ جارحانہ انداز میں سامنے آئی، امریکا میں پہلی مرتبہ ایک سیاہ فام صدر کو وہائٹ ہاؤس نے قبول کیا اور بعد ازاں ڈونلڈ ٹرمپ جیسے متنازع کردار سامنے آئے، انہی سات سالوں میں مراکش، لیبیا، مصر، یمن، سعودیہ عربیہ، شام، عراق، مڈل ایسٹ کے دیگر ممالک بھی انقلابی تبدیلیوں سے گزرے، داعش کا وجود بھی اسی دوران میں نمایاں ہوا، الغرض دنیا کے اکثر ممالک میں خاصے غیر متوقع اور جارحانہ طور طریقے دیکھنے میں آئے۔
ٹیکنالوجی میں دنیا بہت آگے گئی ہے،بہت سی روایات ختم ہوگئیں اور ان کی جگہ نئی روایات اور نئے طور طریقے سامنے آئے، آئندہ سات سال یورینس خاکی برج ثور میں گزارے گا، دنیا بھر میں حقیقت پسندی اور استحکام پر زور دیا جائے گا، ارضیاتی تبدیلیوں واقع ہوں گی،بعض ممالک کی سرحدیں بھی تبدیل ہوسکتی ہیں،دنیا بھر میں ذرائع آمدورفت کے زمینی راستوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی،مالیاتی نظام کو مزید بہتر بنانے پر غوروفکر ہوگا، جوائنٹ فیملی سسٹم جو مغرب میں بہت کم رہ گیا ہے، مشرق میں بھی اپنے اختتام کو پہنچے گا۔
سیارہ نیپچون برج حوت میں حرکت کرے گا اور پلوٹو برج جدی میں، 22 اپریل سے پلوٹو کو رجعت ہوچکی ہے،راس اور ذنب بالترتیب ، برج اسد اور دلو میں حرکت کریں گے، دائرۂ بروج میں سیارگان کی نقل و حرکت یونانی سسٹم کے مطابق ہے۔
نظرات و اثرات سیارگان
مئی کے مہینے میں اہم سیارگان کے درمیان تثلیث کے چار زاویے اور تسدیس کے تین زاویے قائم ہوں گے جب کہ ایک قران، تین مقابلے اور تربیع کے چار زاویے بنیں گے جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔
6 مئی: شمس اور نیپچون کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ ہوگا لیکن یہ وقت خوش فہمیاں، زیادہ خود اعتمادی لاتا ہے،اس وقت کامیابی کے لیے اپنے اندازوں میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، حکومتی سطح پر بہتر فیصلے اور اقدام سامنے آسکتے ہیں۔
7 مئی: عطارد اور پلوٹو کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ ٹریفک حادثات لاسکتا ہے،ڈرائیونگ میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی،اس وقت دوسروں کا ناجائز دباؤ بھی محسوس ہوگا، ملکی سطح پر میڈیا پر زیادہ دباؤ آئے گا۔
8 مئی: زہرہ و نیپچون کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ ، محبت، دوستی اور باہمی تعلقات میں غلط فہمیوں ،بدگمانیوں کا باعث ہوسکتا ہے لہٰذا محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، اس وقت ایسے وعدے نہ کریں جو آپ آئندہ پورے نہ کرسکیں، بے وفائی ، منگنی ٹوٹنے کے واقعات ہوسکتے ہی۔
9 مئی: شمس اور مشتری کے درمیان مقابلے کی نظر قائم ہوگی، یہ وقت اسٹاک ایکسچینج میں مصنوعی تیزی یا مندی لاسکتا ہے اور اس کی وجہ کوئی حکومتی فیصلہ ہوگا، ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے اور سونے کے بھاؤ بھی بڑھ سکتے ہیں، عام آدمی کے لیے یہ نظر سرکاری کاموں سے نقصان اور رکاوٹ کی نشان دہی کرتی ہے،آئینی اور قانونی معاملات اس نظر کے تحت متنازع ہوتے ہیں، اس دوران میں آنے والے عدالتوں کے فیصلے سخت ہوں گے۔
12 مئی: عطارد اور مریخ کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ حادثات کو جنم دیتا ہے، خصوصاً ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوگا، سفر میں التوا یا دوران سفر میں مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں، میڈیا میں بھی اس نظر کے منفی اثرات دیکھنے میں آئیں گے،بعض میڈیا ہاؤسز اور صحافی حضرات وقت کی سختی کا سامنا کرسکتے ہیں،عام افراد کو اس دوران میں مشینری کی خریدوفروخت میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، ٹیکنیکل نوعیت کے کاموں میں رکاوٹیں اور الجھنیں پیدا ہوں گی۔
13 مئی: عطارد اور یورینس کا قران ایک پٹاخا ہے،اچانک غیر متوقع طور پر کوئی چونکا دینے والا واقعہ یا خبر سامنے آسکتی ہے،نئے انکشافات یا اعترافات لوگوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنیں گے،عام افراد کے لیے یہ وقت تحریروتقریر میں محتاط رہنے کا ہوگا، اہم دستاویزات پر کسی جلدبازی کا شکار ہوکر دستخط نہ کریں،پہلے اچھی طرح اطمینان کرلیں کہ جس دستاویز پر آپ دستخط کر رہے ہیں،اس میں کوئی بات مستقبل میں پریشان کرنے والی تو نہیں ہے۔
16 مئی: مریخ اور یورینس کے درمیان تربیع کا زاویہ اچانک کسی لڑائی جھگڑے یا جنگ و جدل کا آغاز لاسکتا ہے،دنیا میں ایسے واقعات ہوسکتے ہیں جو لوگوں کو چونکنے پر مجبور کردیں اور نہایت شدید نوعیت کے ہوں،زائچہ ء پاکستان کے مطابق یہ واقعہ چونکا دینے والے عدالتی فیصلے لاسکتا ہے،نئے آئینی مباحث جنم لے سکتے ہیں، آئینی ترامیم پر زور دیا جائے گا، عام افراد کے لیے یہ نظر کوئی اپ سیٹ لاسکتی ہے جس کی کوئی توقع نہ ہو، انٹرنیٹ سے متعلق نئے مسائل جنم لے سکتے ہیں، الیکٹرک کا کوئی بڑا بریک ڈاؤن سامنے آسکتا ہے۔
18 مئی: عطارد اور زحل کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ قائم ہوگا، یہ وقت تعمیری کاموں کے لیے بہتر ہوگا، اہم دستاویزی کام اور طویل المدت معاہدات کے لیے موزوں وقت ہے،پراپرٹی کی خریدوفروخت سے فائدہ ہوگا، ٹرانسپورٹیشن سے متعلق امور آسانی سے طے پائیں گے،ٹرانسپورٹ کا کاروبار بھی بہتر ہوگا۔
19 مئی: زہرہ اور یورینس کے درمیان تسدیس کی سعد نظر نئے رشتوں کی تلاش میں مددگار ہوگی، منگنی و شادی کے معاملات آسانی سے طے ہوں گے،رومانی اور تفریحی دلچسپیاں خوش گوار رہیں گی،ملکی سطح پر صحت و تندرستی سے متعلق امور میں بہتری لانے کی کوشش ہوسکتی ہے۔
23 مئی : عطارد اور نیپچون کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مددگار ہوگا،باہمی میل ملاقات یا بات چیت سے دلوں کی صفائی ممکن ہوتی ہے،اس وقت ذہنی اور تخلیقی سرگرمیاں اعلیٰ نتائج دیتی ہیں، بیرون ملک سفر سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے،کسی سفر کا پروگرام بن سکتا ہے، اسی تاریخ کو عطارد اور زحل کے درمیان مقابلے کی نظر ہوگی لہٰذا تمام امور میں زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر قدم اٹھایا جائے اور حقیقت پسندی سے کام لیا جائے ورنہ کوئی کام بری طرح الجھ سکتا ہے،پراپرٹی کی خریدوفروخت یا دستاویزی امور میں محتاط رہا جائے یا اسے کسی اور وقت پر ٹال دیا جائے۔
24مئی: شمس اور مریخ کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ قائم ہوگا، یہ وقت حکومت سے فوائد کے حصول میں مددگار ہوگا، اس وقت حکومتی فیصلے اور اقدام بھی اہم ہوں گے،عام آدمی کے لیے اپنے کاروبار کو ترقی دینے کے لیے ٹیکنیکل نوعیت کے معاملات پر توجہ دینی چاہیے،نئی ٹیکنالوجی سے استفادے پر زور دینا چاہیے۔
25 مئی: مشتری اور نیپچون کے درمیان تثلیث کی سعد نظر قائم ہوگی،یہ طویل المدت اثرات رکھتی ہے اور فوری طور پر اس کے اثرات واضح نہیں ہوتے،عام طور پر آئینی و قانونی تبدیلیوں کا آغاز ہوتا ہے،عام آدمی پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوگی۔
اسی دن عطارد اور پلوٹو کے درمیان بھی تثلیث کا زاویہ قائم ہوگا، یہ نظر بھی عام آدمی کے لیے اہم نہیں ہے لیکن ملکی معاملات میں اس کے اثرات میڈیا کے حوالے سے نمایاں ہوں گے،بے باک اور حقیقت پسندانہ تبصرے و تجزیے سامنے آئیں گے۔
26 مئی: زہرہ اور زحل کے درمیان مقابلے کی نظر ایک نحس زاویہ ہے،ملکی سطح پر اشرافیہ اور مقتدر شخصیات متاثر ہو گی،عام افراد کی زندگی میں عدم توازن پیدا ہوگا خصوصاً ازدواجی زندگی میں کھچاؤ اور بدمزگی پیدا ہوسکتی ہے،خواتین سے تعلقات میں رکاوٹ اور بندش پیدا ہوسکتی ہے۔
شرف قمر
قمر اس ماہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق اپنے شرف کے برج ثور میں 13 مئی کو 11:13 pm پر داخل ہوگا لیکن درجہ ء شرف پر 14 مئی قبل طلوع آفتاب 02:41 am سے 04:25 am تک رہے گا۔
جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق قمر اپنے درجہ ء شرف پر 13 مئی کو 09:41 pm سے 11:25 pm تک رہے گا، دیگر ممالک کے قارئین جی ایم ٹی ٹائم سے اپنے شہر کا فرق معلوم کرکے درست وقت کا اندازہ کرسکتے ہیں۔
شرف قمر کے موقع پر ہر ماہ مختلف وظائف دیے جاتے ہیں، اس بار ایک عمل محبت پیش کیا جارہا ہے،اگر آپ چاہتے ہوں کہ کسی کے دل میں آپ کے لیے محبت اور خلوص پیدا ہو یا کوئی شخص آپ سے ناراض ہو اور اس سے تعلقات بحال نہ ہوتے ہوں یا کسی شخص سے کوئی حاجت ہے اور وہ پوری کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیتا ہو تو یہ عمل کام دے گا۔
شرف قمر کے وقت سے پہلے غسل کرکے باوضو ایک علیحدہ کمرے میں قبلہ رُخ بیٹھ جائیں، کمرے میں لوبان کی اگربتیاں جلاکر خوشبو کا اہتمام کریں، اپنے لباس کو بھی معطر کریں، اپنے بنیادی مقصد کو ذہن میں اچھی طرح واضح کرلیں، پہلے 11 بار درود شریف پڑھیں اور پھر درج ذیل اسم اعظم 298 مرتبہ پڑھیں، پڑھنے کے دوران بھی مطلوبہ شخص کا تصور اور اپنا مقصد ذہن میں رکھیں ، آخر میں پھر گیارہ بار درود شریف پڑھیں اور اللہ سے اپنے مقصد کے لیے دعا کریں ، کوئی سفید رنگ کی مٹھائی پاس رکھیں، عمل ختم ہونے کے بعد اس پر فاتحہ دے کر مٹھائی بعد میں تقسیم کردیں،اسم اعظم یہ ہے۔
یا رَحمٰنُ کُلِّ شَیً وَّوَاَرِثَہْ وَراحِمَہُ یا رَحمٰنُ
اس عمل کو شرف قمر کے وقت کرنے کے بعد 19 روز تک جاری رکھیں، پہلی بار شرف کا وقت ضروری ہے،اس کے بعد عشا کے بعد کا وقت مقرر کرلیں،انشاء اللہ مطلوبہ شخص کا دل نرم ہوگا ۔
قمر در عقرب
قمر اپنے ہبوط کے برج میں اس ماہ پاکستان ٹائم کے مطابق 26 مئی کو داخل ہوگا لیکن درجہ ء ہبوط پر 26 مئی کو رات 10:22 pm سے12:14 am تک رہے گا، گویا 27 تاریخ شروع ہوجائے گی۔
جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق قمر 26 مئی کو شام 05:22 pm سے 07:14 pm تک ہبوط یافتہ رہے گا،یہ وقت نحوست کا ہے،اس وقت ایسے اعمال کیے جاتے ہیں جو روک تھام اور بندش سے متعلق ہوتے ہیں، ہر ماہ مختلف ضروریات کے تحت ایسے عمل دیے جاتے ہیں لیکن اس بار ہم کوئی نیا عمل نہیں دے رہے بلکہ مشہور تالے والا عمل کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں، یہ عمل کئی بار دیا جاچکا ہے اور ہمارے قارئین بے شمار مرتبہ اس سے فائدہ اٹھاچکے ہیں، ہماری ویب سائٹ پر دیکھا جاسکتا ہے۔
اوج زہرہ
سیارہ زہرہ کو شرف برج حوت میں ہوتا ہے جب کہ اوج کی قوت برج جوزا میں حاصل ہوتی ہے،اس ماہ سیارہ زہرہ پاکستان ٹائم کے مطابق 12 مئی 06:11 am سے 13 مئی 02:08 am تک درجہ ء شرف پر رہے گا،اس دوران میں سیارہ زہرہ سے متعلق اعمال کیے جاسکتے ہیں، وہ لوگ جو شرف زہرہ کے موقع پر اپنی ضرورت کے مطابق کام انجام نہیں دے سکے وہ اس وقت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق شرف کا وقت 12 مئی کو 01:11 am پر شروع ہوگا اور 12 مئی ہی کو 09:08 pm تک رہے گا۔
اس موقع پر لوح زہرہ نورانی ، لوح تسخیر خاص، اسمائے الٰہی العلی کا نقش، خاتم زہرہ وغیرہ تیار کیے جاسکتے ہیں، ان کی تیاری کا طریقہ ہم اپنے گزشتہ کالموں میں دے چکے ہیں اور ہماری ویب سائٹ پر بھی موجود ہے، ضرورت مند براہ راست بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔
شرف مریخ
تقریباً ڈیڑھ سال بعد شرف مریخ کا وقت آگیا ہے،سیارہ مریخ جو قوت و توانائی سے متعلق ہے، اس ماہ پاکستان ٹائم کے مطابق 9 مئی 03:13 am سے اپنے درجہ ء شرف پر آئے گا اور 11 مئی 11:39 am تک شرف یافتہ رہے گا، ماہرین جفر اس وقت میں لوح شرف مریخ تیار کرتے ہیں، یہ لوح برج حمل اور عقرب والوں کی ذاتی لوح ہے، اس کے علاوہ کسی معرکہ آرائی یا دشمن سے مقابلے میں کامیابی اور جسمانی قوت میں اضافے کے لیے بھی استعمال ہوتی ہے،ایسے لوگ جن کے زائچہ ء پیدائش میں سیارہ مریخ کمزور ہو وہ کم ہمت ، بزدل، کام چور اور آرام طلب ہوتے ہیں، مریخ کی کمزوری خون سے متعلق خرابیاں بھی لاتی ہے اور مردانہ کمزوری کا سبب بنتی ہے، ان خرابیوں کو دور کرنے کے لیے بھی لوح مریخ استعمال کی جاتی ہے، ہمارے مجرب طریقے کے مطابق لوح مریخ کا مکمل نقش یہاں دیا جارہا ہے۔

شرف کے اوقات میں سیارہ مریخ کی ساعات کارآمد ہوں گی،اس نقش کو تانبے یا چاندی کی تختی پر یا ہرن کی جھلی پر لکھا جاسکتا ہے،ساعت مریخ میں سُرخ کپڑا فرش پر بچھالیں اور کوئی سُرخ رومال بھی سر پر باندھ لیں ، رجال الغیب کی سمت کا خیال رکھیں کہ وہ سامنے یا دائیں طرف نہ ہوں، کوئی عمدہ تیز خوشبو استعمال کریں، سیارہ مریخ کے بخورات عام افراد کے لیے حاصل کرنا اور پھر انہیں استعمال کرنا ، مشکل کام ہوگا لہٰذا کوئی تیز خوشبو والی اگر بتی جلائیں، نقش لکھنے سے پہلے سات بار یا حافظُ یا حفیظُ یا رقیبُ یا وکیلُ پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرلیں اور پھر نقش کی چال کے مطابق نقش تیار کرلیں، سُرخ رنگ کی کوئی مٹھائی پاس رکھیں اور کام مکمل ہونے کے بعد فاتحہ دیں اور بعد ازاں مٹھائی تقسیم کردیں۔
سیارہ مریخ کے اسمائے الٰہی یا مالکُ یا قدوسُ ہیں، ان کے اعداد 261 ہیں، اسی تعداد کے مطابق اسمائے الٰہی کا ورد کریں اور لوح پر دم کردیں، اس کے بعد کسی بھی نوچندے منگل کے روز صبح سورج نکلنے کے فوراً بعد اس لوح کو خوشبو لگاکر کسی سُرخ ریشمی کپڑے میں لپیٹ لیں اور بازو پر باندھیں یا گلے میں پہن لیں، اگر جیب میں رکھنا چاہیں تو یہ بھی مناسب ہوگا، خواتین گریبان میں بھی رکھ سکتی ہیں، خیال رہے کہ یہ لوح وہ لوگ استعمال نہ کریں جو پہلے ہی ہائی بلڈ پریشر کے مریض ہیں کیوں کہ دوران خون میں تیزی لاتی ہے۔
خاتم مریخ
مخصوص جفری طریقے کے مطابق یہ انگوٹھی تیار کی جاتی ہے،خصوصاً ان لوگوں کے لیے جو خون کی کمی اور مردانہ قوت میں کمزوری محسوس کرتے ہیں، حروف ابجد میں ’’ج‘‘ اور ’’غ‘‘ دو حرف اس مقصد کے لیے استعمال ہوتے ہیں، اپنے نام مع والدہ کے اعداد میں ان حروف کے اعداد شامل کرکے 28 پر تقسیم کریں اور جو باقی بچے اس کے مطابق حرف تہجی کا انتخاب کرکے اس کے ساتھ لفظ ’’طیش‘‘ لگالیں اور پھر شرف کے وقت مریخ کی ساعت میں لوہے یا اسٹیل کی انگوٹھی پر یہ لفظ کندہ کرلیں، یہ انگوٹھی آپ کی قوت میں اضافہ کرے گی اور خون کی کمی کو بھی دور کرے گی، چوں کہ تمام طریقہ ء کار مثال کے ذریعے یہاں واضح نہیں کیا جاسکتا، اس سلسلے میں ہماری کتاب مسیحا حصہ دوم کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے،ضرورت مند براہ راست بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں