نومبر کی فلکیاتی صورت حال، موجودہ حکومت اور اپوزیشن کی محاذ آرائی
سال کے آخری مہینے خصوصاً اگست سے شروع ہونے والا وقت عموماً پاکستان کے لیے مشکل اور چیلنجنگ رہا ہے، اکثر اہم واقعات انہی مہینوں میں پیش آئے ہیں، اس سال اکتوبر کے دوسرے ہاف سے سیارہ شمس اپنے برج ہبوط میں چلا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی سیارہ زہرہ بھی اپنے برج ہبوط میں ہے، خیال رہے کہ شمس زائچہ ء پاکستان میں چوتھے گھر کا حاکم ہے اور زہرہ چھٹے گھر کا حاکم ہے، شمس تقریباً 16 نومبر تک ہبوط یافتہ رہے گا اور یہ وقت اکثر اعلیٰ عہدے اور مرتبے رکھنے والے افراد کے لیے مشکل اور پریشان کن ثابت ہوگا، جیسا کہ ہم دیکھ رہے ہیں، سیارہ زہرہ 17 نومبر تک اپنے برج ہبوط میں رہے گا، گویا سول و ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی کارکردگی متاثر اور متنازع رہے گی اور ان کے لیے نئے مسائل اور چیلنج درپیش رہیں گے، سیارہ عطارد جو زائچے کا اہم سیارہ اور پانچویں گھر کا حاکم ہے، گزشتہ ماہ سے مسلسل زائچے کے چھٹے گھر میں حرکت کر رہا ہے، اس دوران میں اسے رجعت بھی ہوئی اور وہ شمس کی قربت کے سبب غروب بھی رہا، 3 نومبر سے طلوع ہوگا لیکن پاکستان کے زائچے میں بدستور چھٹے گھر میں ہی رہے گا، عطارد کی یہ پوزیشن ملک کے دانش ور طبقے کی عقل کو خبط کردینے والی رہے گی جس کا مظاہرہ آج کل دیکھنے میں آرہا ہے، ایسے ایسے بیانات اور تبصرے سامنے آرہے ہیں جنہیں سن کر حیرت ہوتی ہے، خاص طور سے حکومتی اور ن لیگی رہنما جن میں خود میاں نواز شریف سرفہرست ہیں، ملکی و قومی مفاد کی پروا کیے بغیر بیانات دے رہے ہیں، شاید وہ فرسٹریشن کی آخری حدوں کو چھو رہے ہیں۔
ہماری تحقیق کے مطابق میاں نواز شریف کا برتھ سائن سنبلہ ہے اور زائچے میں سنبلہ کے تقریباً تین درجے طلوع ہیں، گویا زائچے کا ہر گھر تین درجے سے شروع ہورہا ہے، سنبلہ افراد کام اور مسلسل کام کرنے والے اور بہت زیادہ مادّی سوچ کے حامل (بزنس مین) ہوتے ہیں، سونے پر سہاگا ان کا قمری برج بھی سنبلہ ہے لہٰذا کاروباری سوچ ہمیشہ ذہن پر غالب رہتی ہے اور ایسے لوگ اپنا کاروباری نقصان برداشت نہیں کرسکتے، صاف ظاہر ہے کہ مقتدر حلقوں سے مثبت رسپانس نہ ملنے کی وجہ سے وہ فرسٹریشن کا شکار نظر آتے ہیں، ہمارے قارئین کو یاد ہوگا کہ ہم نے 2016 ء میں ان کے زوال اور وزیراعظم کے عہدے سے برطرفی کی پیش گوئی کی تھی، اس کی وجہ یہ تھی کہ برج سنبلہ کے لیے سیارہ مریخ، شمس اور زحل فنکشنل منحوس سیارے ہیں اور گزشتہ تقریباً ڈھائی سال زحل ان کے زائچے کے چوتھے گھر میں رہا، اس سال جنوری سے پانچویں گھر میں داخل ہوچکا ہے، اسی طرح زائچے میں دور اصغر بھی سیارہ زحل ہی کا جاری ہے، یہ وہ صورت حال ہے جو ان کے زوال کا باعث بنی ہے اور تاحال جاری ہے، گزشتہ دنوں ستمبر میں سیارہ زحل زائچے کے پانچویں گھر میں ابتدائی درجات پر رہا اور اب تک ہے، جس کی وجہ سے پانچواں گھر جو شعور اور دانش کا ہے متاثر ہوا، اسی طرح ساتواں گھر، گیارھواں گھر اور دوسرا گھر متاثر ہیں، سیارہ زحل ان کے زائچے میں اختلاف اور تنازعات کا سیارہ ہے، چناں چہ موصوف نے اختلافات کی تمام حدیں پار کرلی ہیں اور یہ کوئی معاون و مددگار صورت حال نہیں ہے، ان کی پارٹی کا زائچہ بھی اچھی پوزیشن میں نہیں ہے، چناں چہ ن لیگ اور میاں نواز شریف جس مہم جوئی میں مصروف ہیں اس کے نتائج بہتر نظر نہیں آتے۔
وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان کا برتھ سائن میزان ہے، ان کا سیارہ زہرہ ہے جو اپنے برج ہبوط میں ہے، ان کے مفادات کا حاکم سیارہ شمس بھی برج ہبوط میں ہے، ان کے زائچے میں بھی خراب دور کا آغاز ہوچکا ہے، چناں چہ بلاشبہ اپوزیشن جماعتیں اور ملکی صورت حال ان کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے لیکن امکان ہے کہ 17 نومبر کے بعد سے صورت حال بہتر ہوجائے گی، جب سیارہ زہرہ ان کے پہلے گھر برج میزان میں داخل ہوگا اور شمس بھی زائچے کے دوسرے گھر میں آجائے گا۔
زائچہ پاکستان کے مطابق پاکستان ایک مشکل وقت میں داخل ہوچکا ہے، جیسا کہ پہلے بھی نشان دہی کی گئی ہے، شمس اور زہرہ کی پوزیشن تو بہر حال جلد بہتر ہوجائے گی یعنی 17 نومبر کے بعد لیکن اس سے زیادہ اہم اور چیلنجنگ دور موجودہ حکومت کے لیے 20 نومبر سے شروع ہوگا جب سیارہ مشتری اپنے ہبوط کے برج جدی میں داخل ہوگا، یہاں پہلے سے دسویں گھر کا حاکم زحل موجود ہے، جس کا تعلق حکومت اور خود وزیراعظم سے ہے، مشتری پاکستان کے زائچے کا سب سے زیادہ منحوس اثر رکھنے والا سیارہ ہے جو برج جدی میں داخل ہوتے ہی سیارہ زحل سے حالت قران میں آجائے گا اور یہ صورت حال حکومت وقت کے لیے شدید نوعیت کے نئے چیلنج سامنے لائے گی جن کے نتیجے میں ترقیاتی امور بری طرح متاثر ہوں گے اور کوئی نیا آئینی بحران جنم لے گا، حکومت اس سے کس طرح نمٹے گی اور اپوزیشن اس کا کس طرح فائدہ اٹھائے گی اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا، خیال رہے کہ سیارہ مشتری اور زحل کا یہ قران جنوری 2021 تک جاری رہے گا، دو بڑے سست رفتار سیارگان کا نحس اثر رکھنے والا قران اکثر حالات و واقعات میں نمایاں طور پر نئی تبدیلیوں کا باعث بن سکتا ہے (واللہ اعلم بالصواب)
اماں کیسی کہ موجِ خوں ابھی سر سے نہیں گزری
گزر جائے تو شاید بازوئے قاتل ٹھہر جائے
نومبر کی سیاروی پوزیشن
حیثیت و اقتدار کا سیارہ شمس اپنے برج ہبوط میزان میں حرکت کر رہا ہے، یہ اس کی انتہائی کمزور اور ناقص پوزیشن ہے، اس وقت میں صاحبان اقتدار اور اعلیٰ پوزیشن پر فائز افراد پریشانیوں کا شکار ہوتے ہیں،17 نومبر سے سیارہ شمس برج عقرب میں داخل ہوگا تو اس کی پوزیشن بہتر ہوجائے گی۔
سیارہ عطارد بھی بحالت رجعت برج میزان میں حرکت کر رہا ہے اور شمس کی قربت کے سبب غروب ہے، 2 نومبر کو طلوع ہوگا اور 3 نومبر کو مستقیم ہوجائے گا،عطارد کی کمزور اور خراب پوزیشن تحریر و تقریر یا دیگر دستاویزی نوعیت کے کاموں میں مسائل لاتی ہے، سفر سے متعلق امور میں بھی الجھن اور پریشانیوں کا باعث بنتی ہے۔
سیارہ زہرہ برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے، اس برج میں زہرہ کو ہبوط ہوتا ہے، چناں چہ زہرہ کی پوزیشن بھی نہایت خراب اور ناقص ہے، زہرہ توازن اور باہمی تعلقات پر اثر انداز ہے، اس کے علاوہ محبت کے معاملات، منگنی، شادی و نکاح وغیرہ یا ازدواجی زندگی کی خوشیاں بھی اس سے متعلق ہیں، زہرہ کی موجودہ پوزیشن ان تمام معاملات کے لیے ناموافق ہے، اس دوران میں منگنی و نکاح وغیرہ سے گریز کرنا چاہیے، 17 نومبر سے زہرہ اپنے ذاتی برج میزان میں داخل ہوگا، یہ زہرہ کے لیے اچھی پوزیشن ہوگی،17 نومبر سے 19 نومبر تک شادی و نکاح کے لیے موافق وقت ہوگا۔
سیارہ مریخ بدستور بحالت رجعت برج حوت میں حرکت کر رہا ہے، کیتو کی اس پر نظر ہے جو اکثر حادثات اور تنازعات کا باعث ثابت ہوتی ہے، 15 نومبر سے سیارہ مریخ مستقیم ہوگا اور اپنی سیدھی چال پر آجائے گا لیکن کیتو کی نظر سے نجات نہیں ملے گی، تقریباً 25 دسمبر تک کیتو کی نظر میں رہے گا، اس دوران میں غصے اور اشتعال پر کنٹرول رکھیں، ڈرائیونگ میں محتاط رہیں اور کسی مہم جوئی سے اجتناب کریں۔
سیارہ مشتری برج قوس میں حرکت کر رہا ہے، 20 نومبر کو اپنے برج ہبوط جدی میں داخل ہوگا اور تقریباً آئندہ سال 2021 ء میں مارچ کے آخر تک اسی برج میں حرکت کرے گا، یہ مشتری کی انتہائی ناقص اور خراب پوزیشن ہے، اس سال اپریل سے جون تک مشتری اپنے برج ہبوط میں رہا، اب دوبارہ یہ صورت حال سامنے آرہی ہے، مشتری کی خراب پوزیشن ترقیاتی امور میں رکاوٹ، مالی معاملات میں پریشانی لاتی ہے، مزید یہ کہ اس عرصے میں نکاح و شادی سے بھی گریز کرنا چاہیے کیوں کہ مشتری کی ہبوط یافتہ پوزیشن شوہر کے لیے خرابی کا باعث ثابت ہوتی ہے۔
سیارہ زحل برج جدی میں پورا ماہ رہے گا، مشتری جدی میں داخل ہوکر سیارہ زحل سے قران کرے گا، یہ قران طالع برج ثور، جوزا، سرطان، اسد، سنبلہ، دلو اور حوت والوں کے لیے مختلف نوعیت کے مسائل اور چیلنج لائے گا، خیال رہے کہ اس قران کا دورانیہ تقریباً جنوری 2021 ء تک ہوگا، مندرجہ بالا بروج سے تعلق رکھنے والے افراد کی زندگی میں اہم نوعیت کی تبدیلیاں آئیں گی، اس قران کے نتیجے میں آنے والی تبدیلیوں سے حقیقی اور درست آگاہی کے لیے اپنے انفرادی زائچہ ء پیدائش سے مدد لینی چاہیے۔
راہو اور کیتو اپنے شرف کے برج ثور اور عقرب میں حرکت کررہے ہیں، 14 نومبر 2020 سے 18 جنوری 2021 تک راہو کیتو مستقیم پوزیشن میں رہیں گے یعنی 26 درجہ ثور و عقرب پر مستقل قیام رہے گا، راہو کیتو کی یہ پوزیشن نہایت اہمیت کی حامل ہوتی ہے،وہ لوگ اور ممالک جن کے زائچہ ء پیدائش میں پیدائشی برج کے درجات 21 سے تقریباً 30 کے درمیان ہیں، وہ راہو کیتو کی اس ناقص پوزیشن سے بری طرح متاثر ہوں گے، اس صورت حال سے درست آگاہی حاصل کرنے کے لیے بھی اپنے انفرادی زائچہ ء پیدائش کا جائزہ لینا چاہیے۔
مندرجہ بالا سیاروی پوزیشن ویدک سسٹم کے مطابق دی گئی ہیں۔
قمر در عقرب
سیارہ قمر اپنے برج ہبوط عقرب میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 15 نومبر بہ روز اتوار 11:30am پر داخل ہوگا اور 17 نومبر بہ روز منگل دوپہر تقریباً 12 بجے تک برج عقرب میں رہے گا، یہ تمام عرصہ نحوست آثار ہے،اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں کیوں کہ اس وقت میں کیے گئے کاموں کے بہتر نتائج سامنے نہیں آتے، البتہ اس وقت علاج معالجہ کرانا مخالفین کے خلاف کارروائی وغیرہ بہتر ہوتی ہے، مزید یہ کہ اس وقت ایسے اعمال کرنا فائدہ بخش ہوتا ہے جن کے ذریعے دوسروں کو بری عادتوں سے یا ظلم و ستم سے روکا جاسکے، اس حوالے سے ہم ضرورت کے مطابق مختلف عملیات و وظائف دیتے رہے ہیں، ان سے استفادہ کیا جاسکتا ہے، فی الحال دو عمل یہاں دیے جارہے ہیں، وہ لوگ جو جفری عملیات کا شوق رکھتے ہیں، انھیں چاہیے کہ ہماری کتابوں، مسیحا حصہ اول، دوم اور سوم کا مطالعہ کریں، ان کتابوں میں ایسے تمام اہم نوعیت کے عملیات دیے گئے ہیں۔
عداوت و دشمنی کا خاتمہ
اکثر دو افراد کے درمیان عداوت یا دشمنی اس قدر بڑھ جاتی ہے اور پورے خاندان کے لیے عذاب بن جاتی ہے،اس کا خاتمہ ضروری ہے، اکثر تو اس بنیاد پر باہمی قریبی رشتوں میں دراڑیں پڑجاتی ہیں، ایسی صورت حال کے لیے درج ذیل عمل مفید ثابت ہوگا، دیکھنا یہ ہوگا کہ دونوں میں سے حق پر کون ہے اور ناحق کون کر رہا ہے؟ لہٰذا نقش لکھتے ہوئے پہلے اُس فریق کا نام مع والدہ لکھیں جو ظلم و زیادتی کر رہا ہو اور بعد میں اس کا نام لکھیں جو حق پر ہو اور اس ساری دشمنی میں اپنا دفاع کر رہا ہو، یہ عمل قمر در عقرم کے دوران میں قمر کی ساعت میں کیا جائے یا پھر خواتین کے درمیان مخالفت ہو تو زہرہ کی ساعت لی جائے اور اگر مرد افراد کے درمیان مخالفت ہو تو مشتری کی ساعت لی جائے۔
احدرسص طعک لموہ لادیایا غفور یا غفور بستم اختلاف و عداوت فلاں بن فلاں و بین فلاں بن فلاں بحق صمُ بکمُ عمیُ فہم لایعقلون یا حراکیل العجل العجل العجل الساعۃ الساعۃ الساعۃ الوحا الوحا الوحا
کسی صاف کاغذ پر نیلی یا کالی روشنائی سے دو نقش گہن کے وقت لکھیں اور موم جامہ یا اسکاچ ٹیپ لپیٹ کر اُس راستے میں دائیں بائیں کسی سائیڈ دفن کردیں، جہاں سے اُن کا گزر ہوتا ہو، زمین میں دفن کرنے سے پہلے نقش پر کوئی وزنی پتھر بھی رکھ دیں، اگر دونوں فریق ایک ہی گھر میں مقیم ہیں تو گھر میں کسی وزنی چیز کے نیچے یہ نقش اس طرح دبائے جائیں کہ دونوں فریقین کے کمروں میں ہوں، بعد ازاں 5 کلو چینی اور سوجی صدقے کے طور پر کسی قبرستان میں چیونٹیوں یا دیگر حشرات الارض کے لیے ڈال دیں۔
مخالف کی زبان بندی
عین گہن کے وقت مندرجہ ذیل سطور کالی یا نیلی روشنائی سے لکھیں یا سیسے کی تختی پر کسی نوکدار چیز سے کندہ کریں اور پھر کسی بھاری چیز کے نیچے دبا دیں یا کسی نم دار جگہ دفن کر دیں، یہ عمل قمر در عقرب کے دوران میں عطارد کی ساعت میں کرنا چاہیے، انشاء اللہ وہ شخص آپ کی مخالفت سے باز آجائے گا۔
ا ح د ر س ص ط ع ک ل م و ہ لا د یا یا غفور یا غفور عقد اللسان فلاں بن فلاں فی الحق فلاں بن فلاں یا حراکیل
اکثر دیکھا گیا ہے کہ دفتر یا روزگار کی جگہ پر کچھ شرپسند طبیعت کے افراد پریشانی کا باعث بنتے ہیں اور اپنی خباثت کے سبب دوسروں کے خلاف بدگوئی، چغلی یا بدزمانی کرتے ہیں مندرجہ بالا نقش ایسے لوگوں کے لیے کارآمد ہوگا، نقش کو دفتر میں یا روزگار کی جگہ پر پوشیدہ طور پر کسی وزنی چیز کے نیچے دبادیں، مزید یہ کریں کہ جب بھی اس شخص سے سامنا ہو تو دل ہی دل میں اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم لاحولہ ولا قوۃ الا باللہ العلی العظیم کا ورد شروع کردیں۔
شرف قمر
سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں ہے، پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 29 نومبر بہ روز اتوار صبح 09:35 am پر داخل ہوگا اور یکم دسمبر بہ روز منگل صبح 09:10 am تک برج سنبلہ میں رہے گا، یہ نہایت مبارک اور سعد وقت ہے، اس وقت میں نئے کاموں کا آغاز بہتر ہوتا ہے، خیروبرکت اور ترقی یا باہمی محبت و یگانگت کے لیے اہم اعمال کیے جاسکتے ہیں۔
30 نومبر بروز پیر سیارہ قمر شرف یافتہ ہوگا اور پیر کا دن قمر ہی کا دن ہے، اس روز صبح پہلی ساعات قمر کی ہوگی جو تقریباً 06:57 am سے 07:57 am تک رہے گی،قمری پوزیشن نہایت عمدہ ہوگی، اس وقت میں اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم 556 مرتبہ اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر رزق میں کشادگی یا حصول ملازمت اور کاروبار میں ترقی کے لیے دعا کریں، ان شاء اللہ عمدہ نتائج کا حصول ممکن ہوسکے گا۔
اس کے علاوہ وہ لوگ جو باہمی ناچاقیوں کا شکار ہیں، گھر میں یا خاندان میں اختلافات بہت ہیں، انھیں چاہیے کہ اس وقت میں 786 مرتبہ بسم اللہ الرحمن الرحیم اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر کچھ چینی پر اور سفید رنگ کی مٹھائی پر دم کرلیں، چینی کو گھر میں استعمال ہونے والی چینی میں ملادیں ِ تاکہ پورے گھر کے استعمال میں آسکے، مٹھائی کو ان لوگوں کے گھر بھیج دیں جن سے اختلافات یا تنازعات ہیں، ان شاء اللہ اس کے نتائج مثبت ظاہر ہوں گے۔
اگر میاں بیوی کے درمیان یا دو محبت کرنے والوں کے درمیان کسی وجہ سے اختلافات ہوگئے ہوں تو انھیں بھی یہ مٹھائی کھلائی جائے، ان شاء اللہ مثبت نتائج ظاہر ہوں گے۔