شاید مسئلہ کشمیر کے منطقی حل کا وقت قریب آگیا ہے
دنیا بھر میں تبدیلی کی لہر کا اشارہ ہم 2010 ءسے دے رہے ہیں جب سیارہ یورینس اور سیارہ پلوٹو نے گھر تبدیل کیا تھا، بیرونی سیارے جو پلوٹو ، یورینس اور نیپچون ہیں، علم نجوم میں زمانوں کی تبدیلیاں ظاہر کرتے ہیں، چوں کہ یہ ایک ہی برج میں طویل عرصہ قیام کرتے ہیں اور اس طویل عرصے میں ایسے حالات و واقعات جنم لیتے ہیں جو دنیا میں نئی رجحان سازی ، روایات کی تبدیلی ، طور طریقوں میں ردوبدل کا باعث ہوتے ہیں، سال 2000 ءمیں سات سیارگان کا قران ایک ہی برج میں ہوا ،اس کے بعد دنیا نے دیکھا کہ بہت کچھ تبدیل ہوگیا، نائن الیون ہوا، افغانستان میں اور عراق میں امریکی مداخلت نے نقشہ ہی بدل دیا، تقریباً آدھی سے زیادہ دنیا یکسر تبدیل ہوگئی، اس بار بھی ایسی ہی صورت حال ہمارے سامنے ہے ، موجودہ سال میں جو کچھ ہوا اس پر کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے اور جو کچھ ہورہا ہے وہ بھی ہم دیکھ رہے ہیں، ستمبر کے مہینے سے ہم ایک نئے دنیاوی سیٹ اپ کی طرف بڑھیں گے، بہت کچھ ہمیں عجیب لگے گا،بہت سی باتیں ناگوار محسوس ہوں گی مگر قدرت کا نظام اپنی جگہ اٹل ہے، ہم سب اس کا حصہ ہیں، وقت کا دھارا ہمیں کس سمت میں لے جاتا ہے اس پر ہمارا کوئی اختیار نہیں ہے، ہمارے نظام شمسی میں حرکت کرتے سیارے اللہ کے حکم سے اس نظام میں ایک سسٹم کے تحت تبدیلی اور اُتار چڑھاو ¿ کا عمل انجام دیتے ہیں، شاید ایساوقت اب قریب آچکا ہے جب 70 سال پرانا مسئلہ کشمیر کسی منطقی انجام تک پہنچ جائے، یہ پاکستان اور بھارت دونوں کے لیے بہتر ہوگا۔
عزیزان من! دسمبر کے آخر میں کثرتِ سیارگان آئین و قانون اور مذہب سے متعلق برج قوس میں ہوگی، تقریباً 5 سیارگان ہمراہ کیتو اس گھر میں ہوں گے، عطارد ، مشتری ، شمس ، زحل، پلوٹو اور کیتو ، بین الاقوامی زائچے میں یہ صورت حال ارضیاتی تبدیلیوں کے ساتھ ہی سرحدی تبدیلیوں کی بھی نشان دہی کر رہی ہے، بہت سے آئینی اور قانونی اصول تبدیل ہوسکتے ہیں، مذہبی نظریات میں بھی آنے والے سالوں میں غیر معمولی ردوبدل ممکن ہے، ان شاءاللہ اس حوالے سے ہم مکمل تفصیل کے ساتھ نئے سال2020 ءکے امکانات پر بات کریں گے۔
ستمبر کے ستارے
ستمبر اس بار بھی خاصا ستم گر مہینہ نظر آتا ہے، اس ماہ سیاروی صورت حال خاصی پیچیدہ اور الجھی ہوئی رہے گی جس کے نتیجے میں بین الاقوامی طور پر بھی اور ملکی سطح پر بھی غیر معمولی واقعات کا ظہور اور مستقبل کے حوالے سے نئے امکانات واضح ہوں گے۔
سیارہ شمس اقتدار اور اعلیٰ عہدہ و مرتبہ کا نمائندہ ہے، برج سنبلہ میں حرکت کرے گا اور 23 ستمبر کو اپنے ہبوط کے برج میزان میں داخل ہوگا۔
آسمانی وزیراطلاعات و نشریات سیارہ عطارد غروب کی حالت میں ہے اور اپنے شرف کے برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے، 14 ستمبر کو برج میزان میں داخل ہوگا۔
توازن اور ہم آہنگی ، محبت و دوستی کا سیارہ زہرہ اپنے برج ہبوط میں حرکت کر رہا ہے، یہ سیارہ زہرہ کی انتہائی ناقص پوزیشن ہے، خیال رہے کہ اس دوران میں زہرہ بری طرح غروب حالت میں بھی ہے لہٰذا دوسروں سے محبت و دوستی کے معاملات ، منگنی و نکاح وغیرہ کے سلسلے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے، یہ وقت ایسے کاموں کے لیے سخت ناموافق ہوگا۔
قوت و توانائی کا سیارہ مریخ بھی کمزور اور غروب حالت میں برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے۔
آئین و قانون اور علم و دانش کا سیارہ مشتری بھی اچھی پوزیشن میں نہیں ہے، اگرچہ مستقیم ہوچکا ہے لیکن مجموعی طور پر کمزور پوزیشن رکھتا ہے۔
سیارہ زحل برج جدی میں حرکت کر رہا ہے اور تاحال راہو کیتو سے متاثرہ ہے گویا ارضیاتی اور آفاتی حادثات و سانحات کا جو سلسلہ اس سال مارچ اپریل سے شروع ہوا ہے وہ ابھی جاری ہے،اکتوبر کے بعد ہی سیارہ زحل کو اس نحوست سے نجات ملے گی۔
سیارہ یورینس برج ثور میں حرکت کر رہا ہے اور رجعت میں ہے جب کہ نیپچون برج حوت میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے،پلوٹو برج جدی میں بحالت رجعت ہے، راس و ذنب بالترتیب برج سرطان اور جدی میں ہیں، سیارگان کی پوزیشن یونانی علم نجوم کے مطابق دی گئی ہےں۔
نظرات و اثراتِ سیارگان
جیسا کہ پہلے عرض کیا ہے کہ ستمبر خاصا مشکل اور پیچیدہ مہینہ ہے، اس ماہ کے دوران میں تشکیل پانے والے سیاروی زاویے بھی حال و مستقبل کے نئے امکانات اور رجحانات کی نشان دہی کر رہے ہیں، ستمبر میں تثلیث کے 8 زاویے قائم ہوں گے اسی طرح تربیع کے بھی 8 زاویے بنیں گے، چار قرانات ، چار مقابلے اور تسدیس کے صرف دو زاویے ہوں گے، تفصیل درج ذیل ہیں۔
یکم ستمبر: عطارد اور یورینس کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ اور اس کے ساتھ ہی زہرہ اور زحل کے درمیان بھی تثلیث کا سعد زاویہ دنیا کے لیے بہت نئے اور چونکا دینے والے انکشافات آنے والے مہینوں میں سامنے لائے گا، گویا مستقبل کے حوالے سے ہمارے بہت سے اندازے اور نظریات غلط ثابت ہوسکتے ہیں، عام افراد کے لیے بھی حالات و واقعات کوئی ایسا نیا رُخ اختیار کرسکتے ہیں جس کی ہم پہلے سے توقع نہ رکھتے ہوں، بے شک ایسی صورت حال مثبت اور مستقبل میں فائدہ بخش ہوگی، ضرورت اس بات کی ہوگی کہ ہم لکیر کے فقیر نہ بنیں ، نئی تبدیلیوں کو قبول کریں اور وقت کے تقاضوں کو سمجھنے کی کوشش کریں۔
2 ستمبر: شمس اور مریخ کے درمیان قران کا زاویہ اور اس کے ساتھ ہی زہرہ اور مشتری کے درمیان تربیع کا زاویہ کسی پاور پلے کی نشان دہی کر رہا ہے، خاص طور پر پاکستان اور بھارت اس صورت حال سے متاثر ہوں گے،داخلی صورت حال دونوں ملکوں کی پریشان کن ہوسکتی ہے، دیگر ممالک بھی اپنے اپنے زائچوں کے مطابق متاثر ہوں گے، عام افراد کو انا اور ذاتی پسند نا پسند کے معاملات میں انتہا پسندانہ رویے اور رجحان سے گریز کرنے کی ضرورت ہوگی، قانونی نوعیت کے مسائل و معاملات میں نئی الجھنیں اور دشواریاں سامنے آسکتی ہیں جنھیں دانش مندانہ طور پر حل کرنے کی ضرورت ہوگی۔
3 ستمبر: عطارد اور مریخ کے درمیان قران کا زاویہ میڈیا پر مزید دباو ¿ اور سختی لاسکتا ہے، یہ زاویہ عام لوگوں کو مختلف اینگل سے فوائد یا نقصانات دے گا جس کا اندازہ ان کے انفرادی زائچے کی روشنی میں ہی ممکن ہے ، جرنل اثر اس نظر کا ذرائع ابلاغ اور ٹرانسپورٹ کے معاملات میں بے چینی اور انتشار ظاہر کرتا ہے۔
4 ستمبر: شمس اور عطارد کا قران ، عطارد اور نیپچون کے درمیان مقابلہ، یہ دونوں زاویے نحس اثر رکھتے ہیں، رابطے اور سفر سے متعلق امور میں دشواریاں ، مشکلات ، دھوکا ، فراڈ، چوری ، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں اضافہ ، بہت محتاط رہ کر دوسروں سے معاملات کریں، افواہوں پر دھیان نہ دیں، ہر بات کی پہلے اچھی طرح تحقیق ضرور کرلیں، آنکھیں بند کرکے کوئی فیصلہ نہ کریں۔
5 ستمبر: عطارد اور زحل کے درمیان تثلیث کا زاویہ اگرچہ سعد اثر رکھتا ہے لیکن عطارد کی اپنی پوزیشن کمزور ہے لہٰذا تحریری اور تقریری معاملات میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، اس وقت کیے گئے معاہدات اگرچہ دیرپا ہوں گے لیکن کوئی غلطی یا کمزوری بعد میں پریشان کرسکتی ہے، خصوصاً زمین و جائیداد سے متعلق کاموں میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوگی۔
6 ستمبر: عطارد اور نیپچون کے درمیان مقابلے کی نظر افواہیں اور غلط فہمیاں یا بدگمانیاں لاتی ہے، کسی بات پر بھی مکمل بھروسا اور اعتماد نہ کریں، تحریری طور پر دستاویزات کی تیاری میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوگی، اس موقع پر غلط مشورے اور رہنمائی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے، اسی روز عطارد اور مشتری کے درمیان تربیع کا زاویہ بھی ہے جو قانونی معاملات میں الجھن اور پیچیدگی کا باعث ہوسکتا ہے،سفر کے لیے بھی یہ ناموافق وقت ہوگا۔
7 ستمبر: شمس اور زحل کے درمیان تثلیث اور اسی روز زہرہ اور پلوٹو کے درمیان بھی تثلیث کا زاویہ قائم ہوگا، دونوں سعد زاویے ہیں، بین الاقوامی سطح پر یہ نظرات اہم افراد کی غیر معمولی فعالیت اور کارکردگی کی نشان دہی کر رہے ہیں، عام افراد گورنمنٹ کے مثبت فیصلوں اور اقدام سے فائدہ اٹھائیں گے۔
8 ستمبر: شمس اور مشتری کے درمیان تربیع کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے، آئینی و قانونی نوعیت کے مسائل اس وقت پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں، عام افراد کو بھی قانونی نوعیت کے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
9 ستمبر: شمس اور نیپچون کا مقابلہ اعلیٰ اور بلند مقام کے حامل افراد کے لیے نحس اثر رکھتا ہے، انھیں تنزلی یا کسی معاملے میں ناکامی کا سامنا ہوسکتا ہے، عام افراد اس نظر سے متاثر نہیں ہوں گے۔اسی روز عطارد و پلوٹو اور مریخ و زحل کے درمیان بھی تثلیث کے سعد زاویے ہوں گے، یہ عام لوگوں کے کاموں میں پیش رفت لائیں گے، رکے ہوئے کاموں کو آگے بڑھانا ممکن ہوگا۔
12 ستمبر: مریخ و مشتری کے درمیان تربیع کا زاویہ مالیاتی اداروں کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے،بھارت اور پاکستان کے زائچوں کے مطابق یہ نظر باہمی کشیدگی میں مزید اضافہ کرے گی، نئے حادثات جنم لے سکتے ہیں، عام افراد کو مشینری سے متعلق خریدوفروخت میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، ٹیکنیکل نوعیت کے کام الجھاو ¿ اور پریشانی کا باعث بنیں گے، اخراجات میں زیادتی ہوگی۔
13 ستمبر: عطارد اور زہرہ کا قران اگرچہ ایک سعد زاویہ ہے لیکن دونوں سیارگان غروب حالت میں ہیں لہٰذا اس نظر کے مثبت اثرات زیادہ فائدہ بخش نہیں ہوں گے۔
14 ستمبر: شمس اور پلوٹو کے درمیان تثلیث کا زاویہ ہے، طاقت اور اثرورسوخ کا بھرپور اظہار ظاہر کرتا ہے ، کمزور کو طاقت ور کے سامنے سرجھکانا ہوگا، طاقت ور ممالک اپنی من مانی کریں گے، عام افراد اس نظر سے متاثر نہیں ہوں گے۔اسی تاریخ کو مریخ اور نیپچون کے درمیان مقابلے کی نظر فتنہ و فساد اور دہشت گردی جیسے واقعات کی نشان دہی کرتی ہے، بھارت اور پاکستان نامناسب فیصلے اور اقدام کرسکتے ہیں۔
19 ستمبر: مریخ و پلوٹو کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ ملک اور قوموں کے درمیان پاور پلے کا سگنل ہے، اس مہینے میں اقوام متحدہ کا خصوصی اجلاس بھی متوقع ہے جس میں پاور پلے کا تماشا دیکھنے میں آسکتا ہے۔
21 ستمبر: مشتری اور نیپچون کی تربیع ترقیاتی اور مالی امورمیں دھوکے اور فراڈ کی نشان دہی کرتی ہے، اس وقت کوئی نئی انویسٹمنٹ یا قرض کا لین دین نامناسب ہوگا۔
22 ستمبر: عطارد اور زحل کے درمیان تربیع کا زاویہ کاموں میں رکاوٹ اور دشواری لائے گا، خاص طور سے زمین و پراپرٹی کے معاملات میں نئے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، اس وقت کو نظر انداز کرنے کی ضرورت ہوگی۔
25 ستمبر: عطارد اور مشتری کے درمیان تسدیس کا زاویہ سعد اثر رکھتا ہے لیکن زیادہ فائدہ بخش نہیں ہوگا۔
26 ستمبر: زہرہ اور زحل کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ خواتین کے لیے ازدواجی مسائل اور عام لوگوں کے لیے دوسروں سے معاملات طے کرنے میں دشواری لاسکتا ہے۔
27 ستمبر: عطارد اور پلوٹو کے درمیان تربیع کا زاویہ ، سفر میں التوا یا سفر کے دوران میں مشکلات کی نشان دہی کرتا ہے، آپ کو اپنے اعلیٰ افسران کی طرف سے ناجائز دباو ¿ کا خطرہ ہوسکتا ہے۔
29 ستمبر: عطارد اور مشتری کے درمیان تسدیس کا زاویہ سعد اثر رکھتا ہے،بہت سے رکے ہوئے کام آگے بڑھ سکیں گے اور سفر سے متعلق مسائل حل ہوں گے، ضروری معلومات کا حصول آسان ہوگا۔
قمر در عقرب
قمر اپنے درجہ ءہبوط پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 3 ستمبر صبح 07:54 am سے 09:34 am تک رہے گا جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق 02:54 am سے 04:34 am تک ہوگا، دیگر ممالک میں رہنے والے افراد اپنے ملک کا پاکستان یا جی ایم ٹی ٹائم سے فرق معلوم کرکے درست وقت کا اندازہ کرسکتے ہیں۔
قمر در عقرب ایک نحس وقت ہے اس وقت کوئی نیا کام شروع نہیں کرنا چاہیے،اپنے ہبوط کے برج عقرب میں قمر اگرچہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 03 ستمبر کو صبح 04:34 am پر داخل ہوگا اور 5 ستمبر 08:07 am تک رہے گا، یہ تمام وقت نحوست اثر ہے لیکن خصوصی عملیات وغیرہ کے لیے وہی وقت زیادہ بہتر ہوگا جو درجہ ءہبوط کا ہے، اس وقت بندش ، رکاوٹ اور بری عادتوں یا بیماریوں وغیرہ سے نجات کے لیے عملیات کیے جاتے ہیں۔
شرف قمر
قمر اپنے درجہ ءشرف پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 17 ستمبر کو 07:28 pm سے 09:27 pm تک رہے گا، یہ سعد وقت ہے اور اس وقت جائز ضروریات کے لیے نیک اعمال کیے جاسکتے ہیں، جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق قمر شرف کے درجے پر 02:28 pm سے 04:28 pm تک ہوگا، اس موقع پر اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم کا ورد 556 مرتبہ اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ کرکے اپنے جائز مقصد کے لیے دعا کریں۔
شرف عطارد
سیارہ عطارد کو اپنے ذاتی برج سنبلہ میں شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے، 29 اگست کو عطارد برج سنبلہ میں داخل ہوا ہے، 15 درجہءسنبلہ پر اسے شرف ہوتا ہے، ستمبر میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق سیارہ عطارد 15 درجہ سنبلہ پر 5 ستمبر شام 05:04 pm پر پہنچے گا اور 6 ستمبر صبح 05:44 am تک شرف یافتہ رہے گا۔
شرف عطارد کے موقع پر لوح عطارد نورانی ، خاتم عطارد اور دیگر الواح و نقوش تیار کیے جاتے ہیں، امتحان میں کامیابی، سفر کی مشکلات کو دور کرنے، حافظے کی بہتری ، تعلیمی امور میں دلچسپی اور خاص طور پر علم ریاضی میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے کے لیے لوح عطاد یا خاتم عطارد فائدہ بخش ثابت ہوتی ہے، اس سلسلے میں مزید رہنمائی کے لیے ہماری ویب سائٹ www.maseeha.com پر علم جفر کا لنک دیکھ سکتے ہیں۔
ہبوط زہرہ
سیارہ زہرہ کا تعلق توازن ، ہم آہنگی ، محبت، دوستی، شادی اور ازدواجی زندگی کی خوشیوں سے ہے،وہ لوگ جن کے زائچوں میں سیارہ زہرہ کی پوزیشن اچھی ہوتی ہے، ان تمام معاملات میں خوش بخت ثابت ہوتے ہیں، اس مہینے زہرہ اپنے برج ہبوط سے گزرے گا، بہ حساب یونانی 21 اگست سے 14 ستمبر تک برج سنبلہ میں قیام کرے گا جب کہ ویدک سسٹم کے مطابق زہرہ کا برج سنبلہ میں قیام11 ستمبر سے 5 اکتوبر تک ہوگا، گویا یہ تمام عرصہ شادی بیاہ اور محبت و دوستی کے معاملات کے لیے مناسب نہیں ہے، محتاط رہنے کا مشورہ ہے، اس وقت میں اگر کوئی تعلق یا منگنی بھی قائم ہو تو پائیدار ثابت نہیں ہوگی۔
زہرہ اپنے درجہ ءہبوط پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 11 ستمبر 01:23 pm سے 12 ستمبر 08:43 am تک رہے گا،یہ وقت عملیات جفر کے لیے موزوں ہے، اس وقت نحس عملیات کیے جاتے ہیں، عورت و مرد کے درمیان جدائی، کسی بدکار عورت کو سزا دینا یا اسے بدکاری سے روکنے کے لیے عمل ، دو افراد کے درمیان جدائی اور نفاق پیدا کرنا وغیرہ۔
ہم عام طور پر اس قسم کے عملیات سے گریز کرتے ہیں کیوں کہ لوگ جذبات میں اندھے ہوکر ، دوسروں کو ناجائز طور پر بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں، بہر حال مناسب وقت کی نشان دہی کردی گئی ہے، کسی انتہائی جائز معاملے میں مزید رہنمائی کے لیے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔