منگل، 1 اگست، 2017

اگست کی فلکیاتی صورت حال،جولائی کے بعد ایک اور سخت مہینہ

عمران خان پر لٹکتی نا اہلی کی تلوار ، سندھ انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں
ہم جس سے ڈر رہے تھے وہی بات ہوگئی، وزیراعظم اور ان کی کابینہ رخصت ہوئی، جناب نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دیا گیا اور ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا گیا،فیصلے کی مکمل تفصیلات سے پوری قوم آگاہ ہے۔
گزشتہ سال 27 دسمبر کو میٹروچینل کے ایک لائیو پروگرام میں ہم نے تفصیل کے ساتھ 2017 ءکے امکانات کا جائزہ فلکیاتی صورت حال کی روشنی میں پیش کیا تھا، اس کے علاوہ ہمارے قارئین جانتے ہیں کہ نئے سال کی ابتدا ہی میں ہم نے اپنے کالم میں اس سال کا یہ منظر نامہ پیش کردیا تھا، اس کے بعد بھی وقتاً فوقتاً ہم اپنے کالموں میں جون جولائی کی سختیوں کا ذکر کرتے رہے ہیں،جناب نواز شریف کے زائچے اور ان کے حلف کے زائچے کے حوالے سے بھی پیش آمدہ خطرات کی نشان دہی کرتے رہے ہیں،بہر حال جو ہونا تھا وہ ہوچکا، اب آئندہ کیا ہونے جارہا ہے، اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،جیسا کہ پہلے بھی بارہا ہم کہتے رہے ہیں کہ راہو کیتو تقریباً 9 ستمبر تک اسٹیشنری پوزیشن میں ہیں، اس پوزیشن کی ابتدا جولائی کے پہلے ہفتے میں ہوئی تھی،وزیراعظم کے زائچہ ءحلف کے علاوہ پاکستان کے زائچے میں بھی یہ پوزیشن نہایت خطرناک اور پریشان کن ہے،مزید یہ کہ اگست کے مہینے میں ایک چاند اور ایک سورج گہن بھی موجود ہےں، چاند گہن پاکستان کے زائچے میں تیسرے اور نویں گھر میں لگ رہا ہے، اس حوالے سے ہم نے پہلے بھی عرض کیا تھا کہ یہ عدالت عالیہ کی فعالیت اور آئینی و قانونی مسائل و پیچیدگیوں کی نشان دہی کر رہا ہے،گویا آنے والے دنوں میں آئین کی شق 62,63 جو ابھی سے ملک بھر کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی ہے،مزید شہرت حاصل کرے گی،اس مقدمے کے فیصلے کے بعد پوری قومی اسمبلی اور سینٹ اس تلوار کی زد میں ہیں۔
نئے وزیراعظم کے لیے دوڑ دھوپ شروع ہوچکی ہے،کہا جارہا ہے کہ پہلے 45 دن کے لیے ایک عبوری وزیراعظم لایا جائے گا اور پھر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو وزیراعظم بنایا جائے گا ،کیا یہ سب باآسانی ہوجائے گا؟آسمانی کونسل کے اشارے تو یہ کہہ رہے ہیں یہ سب بھی آسان نظر نہیں آتا، وفاق میں اقتدار کی جنگ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوتی نظر آتی ہے،کوئی نیا وزیراعظم عبوری مدت کے لیے آئے گا یا صورت حال نئے انتخابات کی طرف جائے گی، جیسا کہ ہم پہلے اس سال کو نئے انتخابات کا سال قرار دے چکے ہیں، یہ وہ موڑ ہے جہاں سے تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے راستے الگ ہوجاتے ہیں۔
تحریک انصاف
عدالتی فعالیت مزید بڑھے گی، وزیراعظم کی نااہلی پر جشن منانے والے اور مٹھائیاں باٹنے والے بھی 62,63 کی زد میں آسکتے ہیں، اس موقع پر ہم خاص طور سے تحریک انصاف کے سربراہ جناب عمران خان کے زائچے کے مطابق کچھ معروضات پیش کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان کا برتھ سائن میزان 25 ڈگری ہے، راہو کیتو ستمبر کے پہلے ہفتے میں گھر تبدیل کریں گے تو عمران خان کے لیے نئے مسائل جنم لے سکتے ہیں، مزید یہ کہ ان کے زائچے میں دسمبر تک کچھ دوسرے ناموافق اثرات بھی موجود ہیں جن کی وجہ سے انہیں سخت حالات کا سامنا ہوسکتا ہے،وہ بھی نا اہلی کی زد میں آسکتے ہیں جس کا امکان 60 فیصد تک ہے، قصہ مختصر یہ کہ پاکستان کا زائچہ بلاشبہ پاکستان کے لیے خاصی ناخوش گوار صورت حال کی نشان دہی کر رہا ہے،اندرونی و بیرونی خطرات بہت بڑھ چکے ہیں۔
عروس البلاد کراچی
کراچی کو اب عروس البلاد کہنا ایک مذاق لگتا ہے، اگست کے چاند اور سورج گہن کراچی کے زائچے میں بہت اہم نظر آتے ہیں، خاص طور پر 21 اگست کا سورج گہن زائچے کے چھٹے گھر میں ہوگا، راہو کیتو کی جولائی تا ستمبر اسٹیشنری پوزیشن بھی کراچی کے زائچے میں منفی رنگ بکھیر رہی ہے جس کے نتیجے میں صورت حال بد سے بدتر ہوتی چلی جاتی ہے،پیپلز پارٹی کی حکومت نے شاید نوشتہ ءدیوار پڑھ لیا ہے، اسے اندازہ ہوگیا تھا کہ پاناما کیس کا نتیجہ کیا برآمد ہوگا لہٰذا وفاق میں وہ تحریک انصاف کے ساتھ سپریم کورٹ میں نظر آنے لگے اور سندھ میں انہوں نے پیش بندی کے طور پر ایسی قانون سازی شروع کردی جس کی چھتری کے نیچے وہ وفاقی نیب سے محفوظ ہوسکیں کیوں بقول سندھ اسمبلی اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن ”اسمبلی میں موجود پوری قطار نیب کو مطلوب ہے“
سندھ کے آئی جی کو عضو معطل کردیا گیا، پولیس کے محکمے کا برا حال ہے، اسٹریٹ کرائم میں دوبارہ اضافہ ہورہا ہے،یہ تمام صورت حال کراچی کے زائچے میں راہو کیتو کی خراب پوزیشن کے سبب ہیں،اب سونے پر سہاگا 21 اگست کا سورج گہن ہوگا جس میں انتظامی سطح پر بہت بڑی تبدیلیوں کا امکان نظر آتا ہے، حالات و واقعات سندھ حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوسکتے ہیں، ممکن ہے ستمبر سے نومبر تک وزیراعلیٰ سندھ بھی کسی سخت مرحلے کا شکار ہوجائیں، قصہ مختصر یہ کہ آنے والے دنوں میں سندھ میں بھی بڑی تبدیلیوں کا امکان نظرانداز نہیں کیا جاسکتا (واللہ اعلم بالصواب)
اگست کے ستارے
سیارہ شمس اپنے ذاتی برج اسد میں حرکت کر رہا ہے،23 اگست کو برج سنبلہ میں داخل ہوگا، سیارہ عطارد بھی برج اسد میں ہے اور 13 اگست کو اسے رجعت ہوگی اور اپنی الٹی چال پر آجائے گا، سیارہ زہرہ برج سرطان میں ہے اور اس ماہ کی 26 تاریخ کو برج اسد میں داخل ہوگا، سیارہ مریخ برج اسد میں ہے اور پورا ماہ اسی برج میں حرکت کرے گا، سیارہ مشتری برج میزان میں اور سیارہ زحل بحالت رجعت برج قوس میں ہے ، 25 اگست کو زحل مستقیم ہوگا، سیارہ زحل برج حمل میں ہے اور 3 اگست کو رجعت میں چلا جائے گا جب کہ نیپچون اور پلوٹو بالترتیب برج حوت اور جدی میں حرکت کر رہے ہیں اور دونوں ہی رجعت میں ہیں،راس اور ذنب بالترتیب برج اسد اور دلو میں حرکت کر رہے ہیں۔
نظرات و اثراتِ سیارگان
اگست کا مہینہ قیام پاکستان کا مہینہ ہے، پاکستان کے فطری زائچے میں اکثر سیارگان اس ماہ میں پیدائش کے مقام پر آتے ہیں اور اپنے نئے سالانہ سفر کا آغاز کرتے ہیں گویا اسی ماہ سے پاکستان کا نیا سال شروع ہوتا ہے، تاریخ پاکستان کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ عام طور سے اسی مہینے سے ملک میں نئی تبدیلیوں کا آغاز ہوتا ہے جو دوسرے سال جولائی تک جاری رہتی ہےں،اس سال اگست میں دو گہن بھی لگ رہے ہیں پہلا 7 اگست کو اور دوسرا 21 اگست کو، اس اعتبار سے یہ مہینہ زیادہ اہمیت کا حامل ہوجاتا ہے،خیال رہے کہ چاند اور سورج گہن کے اثرات اصل وقت سے کچھ عرصہ قبل شروع ہوجاتے ہیں اور کچھ عرصہ بعد تک قائم رہتے ہیں۔
اگست کے مہینے میں اہم سیارگان کے درمیان 4 تثلیثات اور 3 تسدیسات کے زاویے قائم ہوں گے، یہ سعد اور مثبت اثر کے حامل تصور کیے جاتے ہیں جب کہ ایک مقابلہ اور 3 اسکوائر کے زاویے بھی قائم ہوں گے جنہیں نحس یا منفی اثر کا حامل کہا جاتا ہے،قران کا ایک زاویہ شمس اور عطارد کے درمیان ہوگا جو مختلف زائچوں میں مختلف اثر دیتا ہے لیکن مجموعی طور پر نحس ہوتا ہے کیوں کہ شمس کے قریب سیارہ عطارد تحت الشاع ہوجاتا ہے۔
آئیے ترتیب وار ان سیاروی زاویوں کے اثرات کا جائزہ لیتے ہیں۔
04 اگست: پہلا اہم ترین زاویہ مشتری اور پلوٹو کے درمیان اسکوائر کا ہوگا، یہ نحس اثر کا حامل ہے،مالیاتی ادارے، ترقیاتی منصوبے اور قانونی دباو ¿ اس زاویے کی بنیادی خصوصیات ہیں، پاکستان کے بینکنگ سیکٹر اور اسٹاک مارکیٹ متاثر ہوسکتی ہے،کرنسی کی قیمت میں کمی آسکتی ہے،آئین و قانون کے معاملات میں انتہاپسندانہ نظریات سامنے آسکتے ہیں،عام آدمی کی زندگی میں یہ نظر زیادہ اہم نہیں ہےں۔
10 اگست: عطارد اور زہرہ کے درمیان تسدیس کا زاویہ سعد اثر رکھتا ہے،یہ وقت تخلیقی اور فنکارانہ سرگرمیوں کے لیے معاون و مددگار ثابت ہوتا ہے، دوسروں سے تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے،محبت، دوستی اور منگنی یا شادی وغیرہ سے متعلق بات چیت کے لیے مبارک اثر رکھتا ہے۔
11 اگست: شمس اور مشتری کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ حکومت اور عدلیہ کے درمیان بہتر افہام و تفہیم کا ماحول پیدا کرتا ہے،آئین و قانون کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملتی ہے،ترقیاتی کام اور مالی امور میں پیش رفت ہوتی ہے،عام افراد کے لیے یہ وقت گورنمنٹ کے معاملات میں مددوتعاون لاتا ہے،رکے ہوئے کام آگے بڑھتے ہیں۔
12 اگست: زہرہ اور نیپچون کے درمیان تثلیث کا زاویہ سعد اثر رکھتا ہے،خصوصاً تفریحی اور رومانی معاملات میں معاون و مددگار ہوتا ہے،یہ وقت تخلیقی اور فنکارانہ سرگرمیوں کے لیے بھی موافق ہے، اس وقت محبت کے جذبات میں شدت نمایاں ہوتی ہے۔
14 اگست: شمس اور زحل کے درمیان تثلیث کا زاویہ سعد اثر رکھتا ہے،حکومت عام لوگوں کے مسائل پر توجہ دیتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدام کیے جاتے ہیں، زراعتی شعبے اور دیگر زمین سے حاصل ہونے والی اشیا کے لیے خصوصی فیصلے اور اقدام دیکھنے میں آتے ہیں، پراپرٹی سے متعلق کاموں میں فائدہ ہوتا ہے،پراپرٹی کا کاروبار بہتر پوزیشن میں آتا ہے،اس وقت جائیداد کی خریدوفروخت بہتر ہوتی ہے۔
15 اگست: زہرہ اور پلوٹو کے درمیان مقابلے کی نظر نحس اکبر ہے،یہ نئے حادثات و سانحات کی نشان دہی کرتی ہے،معاشی نقصانات حادثات کے سبب بڑھ جاتے ہیں، سیکس کرائم میں اضافہ ہوتا ہے۔
17 اگست: زہرہ اور مشتری کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ مالی اور بینکنگ سیکٹر میں نقصانات لاتا ہے، عام لوگوں کی زندگی میں دوسروں سے تعلقات میں خرابیاں جنم لیتی ہیں، کاروباری معاملات میں ذہنی تناو ¿ پیدا ہوتا ہے،پارٹنر شپ کے معاملات متاثر ہوتے ہیں۔
20 اگست: مریخ اور مشتری کے درمیان تسدیس کا زاویہ ایک سعد نظر ہے،ٹیکنیکل نوعیت کے معاملات اور مشینری سے متعلق امور میں معاون و مددگار ہوتا ہے،اس وقت ایسے کاموں میں انویسٹمنٹ کرنا بہتر رہے گا۔
21 اگست: شمس اور یورینس کے درمیان تثلیث کا زاویہ حکومت کی طرف سے چونکا دینے والے فیصلے اور اقدام لاتا ہے،عام آدمی کی زندگی پر زیادہ اثر انداز نہیں ہے،الیکٹرونکس سے متعلق اشیا کی قیمتوں میں اُتار چڑھاو ¿ آتا ہے۔
22 اگست: مریخ اور زحل کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ ارضیاتی تحقیق و ریسرچ میں مددگار ثابت ہوتا ہے،یہ وقت نئی کنسٹرکشن میں ٹیکنیکل نوعیت کے مسائل کو حل کرنے میں مدد دیتا ہے، انجینئرنگ کے اعلیٰ منصوبے سامنے آتے ہیں یا بہترین پیش رفت ہوتی ہے۔
25 اگست: زہرہ اور یورینس کے درمیان تربیع کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے،تفریحی و رومانی سرگرمیوں میں کوئی اپ سیٹ ہوسکتا ہے یا بدمزگیاں پیدا ہوسکتی ہیں، خواتین سے عدم تعاون اور اختلافات کا اندیشہ ہوتا ہے،ایسے انکشافات ہوتے ہیں جو باہمی تعلقات میں مسائل پیدا کرتے ہیں۔
27 اگست: شمس اور عطارد کا قران سعد اور نحس دونوں طرح کا اثر دے سکتا ہے،سعادت و نحوس کا انحصار ہر شخص کو اپنے زائچے کے مطابق ہوتا ہے،اس نظر کا عام اثر تحریر و تقریر میں غلطیوں کا امکان ، نامناسب خبروں کا میڈیا میں آنا ہے، یہ وقت بات چیت اور تحریری معاملات میں محتاط رہنے کا ہوگا، اہم دستاویزات پر دستخط کرتے ہوئے محتاط رہیں۔
شرف قمر
سیارہ قمر اس ماہ اپنے درجہ ءشرف پر 13 اگست کو شام 07:08 pm سے 08:53 pm تک رہے گا، یہ سعد و مبارک وقت ہے،اس وقت نیک اعمال کیے جاسکتے ہیں، اسمائے الٰہی یا رحمنُ یا رحیمُ 556 مرتبہ اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے جائز مقاصد کے لیے دعا کریں، اس کے علاوہ گھریلو ناچاقی اور باہمی فتنہ و فساد کو ختم کرنے کے لیے بھی بسم اللہ الرحمن الرحیم 786 مرتبہ پڑھ کر تھوڑی سی چینی پر دم کرلیں اور یہ چینی گھر میں استعمال ہونے والی چینی میں ملادیں تاکہ گھر کے تمام افراد استعمال کرسکیں، کوشش کریں کہ یہ چینی ایک ماہ سے پہلے ختم نہ ہو یا ختم ہونے لگے تو مزید چینی ملادیں، انشاءاللہ فتنہ و فساد ختم ہوگا اور باہمی طور پر دلوں میں محبت پیدا ہوگی۔
قمر در عقرب
چاند اس ماہ اپنے ہبوط کے برج عقرب میں ہفتہ 26 اگست کو داخل ہوگا لیکن درجہ ءہبوط پر شام 05:43 pm سے 07:39 pm تک رہے گا، یہ انتہائی نحوست کا وقت خیال کیا جاتا ہے،اس وقت کوئی نیا کام شروع کرنا مناسب نہیں ہوتا ہے،ایسے کاموں کے نتائج خراب نکلتے ہیں ، اس وقت میں علاج معالجہ کرانا بہتر ہوتا ہے یا برائیوں سے روکنے کے لیے عمل و نقش کیے جاتے ہیں،مختلف مقاصد کے لیے ہم ہمیشہ ایسے طریقے لکھتے رہے ہیں، ضرورت کے مطابق ان سے کام لیا جاسکتا ہے۔